خبرنامہ نمبر 4287/2025
کوئٹہ 6 جون: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل 7 جون بروز ہفتہ صبح اٹھ بجے گورنر ہاؤس کی جامع مسجد میں نمازِ عید الاضحیٰ ادا کر کے ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کرینگے۔
خبرنامہ نمبر 4288/2025
: کوئٹہ 6 جون: گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس روزی خان بڑیچ بلوچستان ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ان سے حلف لیا۔ مذکورہ تقریب میں سابق گورنرز صاحبان جسٹس ر امیرالملک مینگل، امان اللہ خان یاسین زئی، بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز صاحبان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر روف عطا، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ عطاء اللہ لانگو اور سینئر وکلاء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی.
خبرنامہ نمبر 4289/2025
کوئٹہ, 06 جون : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر صوبے کے عوام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے، جس کا مقصد صرف اور صرف اللہ کی رضا اور فرمانبرداری کا اظہار تھا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں ایثار، اخوت، تقویٰ اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ یہ موقع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی ذاتی خوشیوں کو دوسروں کی بھلائی اور ضرورت مندوں کی مدد کے ساتھ جوڑیں، تاکہ معاشرے میں عدل، محبت اور بھائی چارے کو فروغ ملے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ صبر، قربانی اور یکجہتی کی مثالیں قائم کی ہیں اور آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ ہم ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر کے لیے متحد رہیں گے۔وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے دوران مذہبی جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے غرباء، یتامیٰ، مساکین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں قربانی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ صحت عامہ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے ایام میں عوامی سہولیات، صفائی، سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پورے عزم اور اخلاص سے انجام دیتی رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 4290/2025
کوئٹہ، 06 جون :محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کے اسٹینڈنگ کمیٹیز کے دفاتر، نئے آڈیٹوریم ہال اور کانفرنس رومز کا منصوبہ اعلیٰ تعمیراتی معیار اور قلیل ترین مدت میں مکمل کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اس کامیاب منصوبے نے نہ صرف ادارے کی فنی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ بلوچستان اسمبلی میں ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم بھی ثابت ہوا اسمبلی کے احاطے میں اسٹینڈنگ کمیٹیز کے دفاتر، آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کی جدید خطوط پر تعمیر، پارلیمانی امور کے مؤثر اور باوقار انعقاد کے لیے ایک نیا باب ہے، جو آئندہ قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر اور مربوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹری لعل جان جعفر اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار پر مبنی کام قابل تحسین ہے اور یہ ٹیم ورک اور دیانتداری کا عکاس ہے۔
خبرنامہ نمبر 4291/2025
کوئٹہ: سی ایس ایس امیدواران کے آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی (CSA) لاہور فرحان عزیز خواجہ، ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر سید شبیر احمد زیدی کے ہمراہ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی (BCSA) کوئٹہ کے دورے پر پہنچے۔معزز مہمانوں کا استقبال ڈائریکٹر جنرل BCSA ڈاکٹر حفیظ احمد جمالی اور چیف انسٹرکٹر ڈاکٹر خالد خان نے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمالی نے اکیڈمی کے قیام، مقاصد اور گزشتہ دو برسوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران فرحان عزیز خواجہ نے دوسری پری سروس ٹریننگ کے شرکاء سے ملاقات کی، ان کے جذبے کو سراہا اور سول سروس میں شمولیت کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے علاوہ دونوں ڈائریکٹر جنرلز نے فیکلٹی ممبران سے بھی تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں CSA لاہور اور BCSA کوئٹہ کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دورے کا اختتام دونوں اداروں کے درمیان خیرسگالی کے اظہار کے طور پر یادگاری تحائف کا تبادلہ سے کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 4292/2025
لورالائی۔ 05 جون: ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے گزشتہ دنوں تحصیل میختر زڑہ تھانہ کے ایریا میں پیشں أنے والے ناخوشگوار واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے زژہ تھانہ کے لیویز الکاروں کو غفلت برتنے پرانچارج سمت تمام لیویز اہکاروں کو معطل کر کے 14 دن کے لیے جیل میں قید کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واقعے میں شہید بچی اور زخمی ہونے والے عورت کے ملزمان کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جاۓ گیا ان کو ہر صورت میں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جاگی۔انہوں نے کہاکہ قانون سب کے لیے برابر ہے کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ ،اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم بلوچ،اسسٹنٹ کمشنر تحصیل میختر یحیی خان کاکڑ و مختلف تھانوں کے لیویز انچارج سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مذید کہاکہ علاقےمیں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے دن اور رات کو سخت سیکورٹی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ذمہ داری اور ترجیحات میں شامل ہےاس مقصد کیلئے انہوں نے اے سی میختر یحیی خان کاکڑ،میختر انچارچ فاروق کھتیران ناٸب رسالدار محمود ناصر اور لیویز و کیو آر ایف فورسز کوعلاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلے شہر کے مختلف علاقوں اور ناکوں پر اچانک سینپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں اور تمام اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ دار یوں کو ایمانداری دیانتداری اور فرض شناسی سے ادا کریں بصورت دیگر سخت تادبیی کارروائی کاسامنا کرنا پڑۓ گا انہوں نے کہاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا اور جو بھی ملازم کسی سفارش کا سہارالے گا اس کے خلاف لیویز ایکٹ اور لیویز ڈسپیزی رولز کے تحت کاروائی کی جاۓ گی انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جاۓ گا اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاۓ گا.
خبرنامہ نمبر 4293/2025
گوادر6جون : عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ضلع گوادر میں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے جانوروں پر ٹک مار اسپرے مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر صابر علی کی نگرانی میں یہ مہم گوادر، پسنی، جیونی، پیشکان، اورماڑہ سمیت ضلع بھر کی تمام بڑی اور چھوٹی مویشی منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ڈاکٹر صابر علی نے اس موقع پر بتایا کہ کانگو وائرس ایک جان لیوا بیماری ہے جو چیچڑ (ٹِک) کے ذریعے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہے، اور قربانی کے موقع پر اس کے پھیلنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اسی خطرے کے پیش نظر حکومت بلوچستان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے ضلع کے تمام علاقوں میں جانوروں پر اسپرے کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے جانور خریدنے سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ جانوروں پر ٹک مار اسپرے کیا گیا ہو۔ ساتھ ہی شہریوں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف مشترکہ کوششوں سے اس مہلک وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔یہ احتیاطی مہم نہ صرف صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ عیدالاضحی کے دوران محفوظ قربانی کو یقینی بنانے کے لیے بھی ایک بنیادی اقدام ہے۔
خبرنامہ نمبر 4294/2025
کوئٹہ: 6 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کولپور ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں بھارتی ایما پر سرگرم دہشت گردوں کا واصلِ جہنم ہونا ریاست پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کی کامیابی کا مظہر ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الہند” کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی منطقی انجام تک جاری رہے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، اور قوم اس حوالے سے متحد اور یکجہت ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل کاوشیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زور دیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ریاستی ادارے مکمل طور پر فعال ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور بیرونی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 4295/2025
کوئٹہ، 06 جون:صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے مقدس موقع پر صوبے بھر میں عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی و تحصیل اسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور ریسکیو اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، خون کی منتقلی، ایمرجنسی سروسز اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جامع پلان تیار کیا گیا ہے، جس کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ جانوروں کی قربانی کے دوران ممکنہ حادثات اور وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے طبی ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں گے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں اسپرے مہم، طبی آگاہی اور تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی مرکز صحت سے رجوع کریں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عید کے موقع پر بھی عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے، اور عوامی صحت کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 4296/2025
کوئٹہ،06جون: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے عید الاضحیٰ کے مقدس موقع پر پوری قوم اور خصوصاً بلوچستان کے باہمت، محنتی اور ترقی پسند عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ یہ موقع ہمیں ایثار، ہمدردی، اخوت اور قربانی جیسے عظیم اوصاف کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا درس دیتا ہے یہ وقت ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر دوسروں کی بھلائی کے لیے سوچیں اور عمل کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ جب ہم یہ خوشیاں مناتے ہیں تو ہمیں ان افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مشکلات کا شکار ہیں۔ ہماری حقیقی خوشی تب ہی مکمل ہو سکتی ہے جب ہم اپنے وسائل اور خوشیاں دوسروں کے ساتھ بانٹیں،بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، معیشت کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان پاکستان کا معاشی مستقبل ہے، اور یہاں کے عوام کی قربانیاں اور محنت اس حقیقت کا عملی ثبوت ہیں۔عید الاضحیٰ کا پیغام ہمیں ہمارے ادارے کے مشن کی یاد دلاتا ہے ایک ایسا مشن جو شفافیت، ترقی، شمولیت، اور معاشی خوشحالی پر مبنی ہے۔ ہم بلوچستان کو سرمایہ کاری کا مرکز بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں،انہوں نے ان تمام شراکت داروں، سرمایہ کاروں اور اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بلوچستان پر اعتماد کیا اور BBoIT کے وژن میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے ہم بلوچستان کو ترقی، جدت، اور مواقع کا مرکز بنا سکتے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 4298/2025
کوئٹہ۔ 06 جون: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے عید الاضحی’ کے مبارک موقع پر پورے امت مسلمہ اور خصوصاً پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک پیغام میں میر محمد صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ عید الاضحی’کا مبارک دن ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوکر اللّٰہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں، انہوں نے کہا کہ اسلام میں قربانی کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنی ذات، اپنے مفاد اور اپنے خواہشات سے بالاتر ہوکر اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوششیں کریں، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ عید الاضحی’کے مبارک دن ہم اپنی خوشیوں میں غریب نادار لوگوں بھی ضرور شریک کریں تاکہ وہ لوگ بھی عید کی خوشیوں شامل ہوکر اللّٰہ پاک کی عطاء کردہ نعمتوں سے مستفید ہوں، صوبائی وزیر نے کہا کہ عید کے مبارک ساعتوں میں ہم اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے علاؤہ فلسطین، کشمیر و دیگر محکم قوموں کی سلامتی اور آزادی کیلئے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔