
خبرنامہ نمبر 4714/2026
کراچی، 07 جون 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کے روز آغا خان اسپتال کراچی پہنچ کر کوئٹہ میں تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں متاثر ہونے والی زیر علاج لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز سے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد اور اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے نے پوری قوم کو افسردہ کیا ہے اور حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے میر سرفراز بگٹی نے زیر علاج لیڈی ڈاکٹر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان علاج معالجے کے تمام مراحل میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ اور معالجین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ان کی بہادری اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا، “آپ بلوچستان کی بہادر بیٹی ہیں، آپ تنہا نہیں ہیں پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پوری قوم متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے اور ان کے عزم و حوصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، تاہم اس واقعے سے پیدا ہونے والے دکھ اور تکلیف کا مکمل ادراک ہے انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور خصوصاً پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والی خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مکمل صحت یابی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور علاج، بحالی اور دیگر تمام ضروری معاملات میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں خواتین کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 4715/2026
کراچی، 07 جون 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں متاثر ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ صحت یابی کی جانب گامزن ہیں جبکہ حکومت بلوچستان ان کے علاج، بحالی اور مستقبل کی تمام طبی ضروریات کی مکمل ذمہ داری اٹھائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آغا خان اسپتال کراچی میں زیر علاج لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت کی ان کی خیریت دریافت کی اور معالجین سے ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی اس موقع پر انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے والد اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر سے تفصیلی بات چیت کی ہے اور ان کے حوصلے نے انہیں متاثر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، “جس طریقے سے انہوں نے مجھ سے بات کی ہے اور جس عزم کے ساتھ وہ اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کر رہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹرز نے بھی ہمیں تسلی دی ہے کہ ان کی حالت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور ان شاء اللہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آغا خان اسپتال کے طبی ماہرین نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بروقت پیپلز ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیے جانے کے باعث ایک بڑے طبی نقصان سے بچایا جا سکا۔ ماہرین کے مطابق تیزاب سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں وقت انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور فوری طبی مداخلت کے باعث کسی اہم عضو کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے سے بچایا گیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز ہی ایسے ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا تھا اور آج اس سروس کے مثبت نتائج واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ اگر طبی ماہرین کی رائے میں مستقبل میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بیرون ملک علاج کی ضرورت پیش آئی تو حکومت بلوچستان اس سلسلے میں بھی ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا، “دنیا کے کسی بھی کونے میں اگر علاج کی ضرورت پڑی تو حکومت بلوچستان تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ پلاسٹک سرجری، بحالی اور چہرے پر پڑنے والے اثرات کے علاج سمیت ہر مرحلے پر حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حکومت سندھ اور بالخصوص محترمہ فریال تالپر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی تعاون فراہم کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے نامزد خاتون رکن اسمبلی مسلسل اسپتال آکر مریضہ کی عیادت اور معاونت کر رہی ہیں، جس پر بلوچستان کے عوام ان کے شکر گزار ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، تاہم حکومت اس واقعے سے حاصل ہونے والے اسباق کی روشنی میں خواتین کے تحفظ اور ان کے محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بیٹی کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مکمل صحت یابی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔






