خبرنامہ نمبر 3181/2026
کوئٹہ، 19 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کی سربراہی میں اپوزیشن اراکین نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی امور، آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے مابین اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی ترجیحات کو عوامی ضروریات اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ ٹریژری اور اپوزیشن دونوں ایوان کے منتخب نمائندے ہیں اور عوامی مفاد میں پیش کی جانے والی ہر مثبت اور تعمیری تجویز کا خیرمقدم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا خوبصورت امتزاج ہے، جہاں باہمی احترام، برداشت اور اعلیٰ اخلاقی روایات کو ہمیشہ مقدم رکھا گیا ہے انہوں نے اپوزیشن اراکین کے پارلیمانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ صبر و تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باہمی احترام اور بھائی چارے کی یہی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مفاد سے متعلق قابلِ عمل اور منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا تاکہ صوبے میں متوازن اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور دیگر اراکین نے وزیر اعلیٰ کے مثبت طرزِ عمل، پارلیمانی روایات کے احترام اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا اپوزیشن اراکین نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اپوزیشن کے آئینی و پارلیمانی کردار کا احترام کرتے ہوئے مثبت تنقید کو کشادہ دلی سے قبول کرتے ہیں، جو جمہوری عمل کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔
خبرنامہ نمبر 3182/2026
کوئٹہ، 19 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کے روز پولیس لائن کوئٹہ میں شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل رحمت اللہ خلجی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیاں صوبے میں امن و امان کے قیام کی بنیاد ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی مکمل کفالت اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان مقامی اسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا و نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 3183/2026
استامحمد: ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال نے سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ کے ہمراہ کیرتھر کینال نظام کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے فیض آباد ڈسٹری پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے پیش رفت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔دورے کے موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر کیرتھر کینال محمد یار مگسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیض آباد ڈسٹری سے پانی کی ترسیل میں طویل عرصے سے مسائل درپیش تھے جس کے باعث کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ان مسائل کے مستقل حل اور شکایات کے ازالے کے لیے کام تیزی سے جاری ہے اور جلد بہتری متوقع ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے موقع پر جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ انجینیئرز کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ذرعی ایک اہم زرعی اور گرین بیلٹ علاقہ ہے جہاں کی معیشت کا بڑا انحصار زراعت پر ہے، اس لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے خصوصی احکامات کے تحت مفاد عامہ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کر رہی ہے اور انجینیئرز پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ منصوبوں کو برق رفتاری سے مکمل کریں تاکہ خریف سیزن کے آغاز سے قبل پانی کی ترسیل کے تمام نظام کو فعال اور معیاری بنایا جا سکے اور علاقے کے کاشتکار اس منصوبے سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔
خبرنامہ نمبر 3184/2026
گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے وومن مارکیٹ کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ گوادر میں قائم اس جدید وومن مارکیٹ کا افتتاح بہت جلد متوقع ہے، جو خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز سرفراز رحمدل، طارق بلوچ، شاہان دشتی اور فوکل پرسن برائے وومن مارکیٹ انیتا جلیل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا بنیادی مقصد منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ میں قائم دکانوں، جاری مرمتی کاموں، وائٹ واش، تزئین و آرائش اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام کام اعلیٰ معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ خواتین کے لیے ایک باوقار، محفوظ اور مثالی کاروباری ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وومن مارکیٹ میں دکانوں کی مرمت، دلکش سجاوٹ، جدید طرز پر اسٹالز کی ترتیب اور مختلف تجارتی شعبوں کے لیے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق تنظیمی امور تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی ماندہ کام بھی برق رفتاری سے جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وومن مارکیٹ خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی خودمختاری اور خود انحصاری کی جانب گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے عملی ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔مزید برآں، انہوں نے ہدایت دی کہ مارکیٹ میں صفائی، سیکورٹی، پارکنگ، روشنی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں، بالخصوص خواتین کو ایک پُرسکون، محفوظ اور جدید شاپنگ ماحول میسر آ سکے۔
واضح رہے کہ وومن مارکیٹ کا افتتاح جلد متوقع ہے، جس کے بعد یہ نہ صرف خواتین تاجروں کے لیے ایک مضبوط اور بااعتماد پلیٹ فارم فراہم کرے گی بلکہ شہری خواتین کو بھی اپنی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء ایک باعزت اور محفوظ ماحول میں دستیاب ہوں گی۔






