خبرنامہ نمبر6773/2026
نیویارک 16 اگست: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے امریکہ کے سرکاری دورے کے موقع پر گزشتہ رات ہوسٹن شہر جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آباد تمام پاکستانیوں اور پاکستانی ڈائسپورا کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دی۔ وطنِ عزیز سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود آپ کے دلوں میں پاکستان کی محبت اور جذبہ حب الوطنی میں کوئی کمی نہیں آئی جو یقیناً قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل شہرت یافتہ پاکستانی بزنس مین تنویر احمد، طاہر بھٹی، ڈاکٹر آصف قدیر اور میکسم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عذیر حسن سمیت مردوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں اپنے دورہ امریکہ کے دوران اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ “یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ” میں شرکت کیلئے آیا جہاں ہم نے پاکستان بھر کے نوجوانوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ مجھے امید ہے کہ اس عالمی پلیٹ فارم پر ہونے والی ہماری کوششوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ ہوسٹن شہر میں پاکستانی کمیونٹی بالخصوص پاکستانی کاروباری حضرات اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ آپ نہ صرف اپنی محنت اور کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ وطنِ عزیز کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور مضبوطی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر، مقامی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نہ صرف اپنے خاندانوں کی مالی معاونت کرتے ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کے استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ ان کی مہارت، تجربہ، سرمایہ کاری اور عالمی کاروباری روابط بھی پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہمیں آپ سے بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔ میری خواہش ہے کہ آپ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے سرمایہ، تجربے اور کاروباری صلاحیتوں کو وطنِ عزیز کی پیداواری معیشت سے جوڑنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ بالخصوص امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کا تعاون پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ آخر گورنربلوچستان نے اپنے وطن سے ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود پاکستان کی محبت آپ کے دلوں میں اسی طرح زندہ ہے جس پر تمام منتظمین اور تقریب میں شریک ہر فرد خراجِ تحسین کا مستحق ہے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے ہوسٹن شہر کے سنڈی محل بینکوئٹ ہال میں آمد پر پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا پرتپاک استقبال کیا۔پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے میں گورنر جعفرخان مندوخیل نے فرداً فرداً تمام معزز مہمانوں سے ملاقات کی، ان سے خیالات کا تبادلہ کیا اور شرکاء نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔ عشائیہ کا اہتمام خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوا جس میں پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
خبرنامہ نمبر6774/2026
کوئٹہ، 16 اگست: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے جذب? انسانیت، ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور مشکل گھڑی میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کے لیے فوری اقدام کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عبدالرازق خلجی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی، ایسے باہمت، فرض شناس اور انسان دوست نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عبدالرازق خلجی جیسے نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں، نوجوان نسل کو بھی ایسے باہمت اور انسان دوست کرداروں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ایسے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے جو انسانی جان بچانے اور مشکل میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے بروقت اور مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور جذب? انسانیت معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔ اس موقع پر عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت بہتر علاج و معالجے کی فراہمی، حوصلہ افزائی، داد رسی اور سرکاری ملازمت کے اعلان پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ عزت ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد اور بروقت داد رسی کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
خبرنامہ نمبر6775/2026
کوئٹہ 15 اگست : حکومت بلوچستان کی جانب سے حملہ زیارت اور اس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت سے متعلق قائم کردہ انکوائری کمیشن جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا نے ملک شعیب سلطان ایڈیشنل رجسٹرار (بی- 20) عدالت عالیہ کو انکوائری کمیشن کا رجسٹرار؍ سیکرٹری مقرر کر دیا ہے.
خبرنامہ نمبر6776/2026
ہرنائی : ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ہرنائی میں شعبہ طبِ نسواں اور زچگی کی سہولیات کو مزید جدید اور بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر سیف اللہ خان مری نے لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کے نام سے منسوب نئے اور آراستہ گائنی وارڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد ایم ایس ڈاکٹر سیف اللہ خان مری نے ہسپتال کے دیگر شعبہ جات کے ہمراہ نئے وارڈ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔نئے گائنی وارڈ کی تعمیر و فعال سازی کے نتیجے میں مقامی خواتین مریضوں کے لیے ایک بہترین، پاکیزہ اور باعزت طبی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ اس نئے بلاک میں دورانِ حمل باقاعدہ معائنہ، نارمل ڈیلیوری، پیچیدہ زچگی کے کیسز، اور خواتین کے مختلف امراض کی درست تشخیص و علاج کی تمام جدید سہولیات یکجا کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ قبل از پیدائش (Antenatal Care) اور بعد از پیدائش (Postnatal Care) کی مکمل دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ نومولود بچوں کی ابتدائی حفاظت کے لیے بھی خصوصی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔وارڈ میں چوبیس گھنٹے ماہر لیڈی ڈاکٹرز، تربیت یافتہ نرسنگ سٹاف اور معاون طبی عملہ تعینات رہے گا۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کے لیے پرسکون بستروں کا نظم، تمام ضروری طبی آلات، ایمرجنسی ادویات اور کسی بھی غیر متوقع طبی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنا دیا گیا ہے۔گائنی وارڈ کے اس باقاعدہ قیام سے ضلع ہرنائی اور اس کے گردونواح کے تمام دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین کو اپنے ہی ضلع کے اندر معیاری طبی علاج و معالجے کی سہولت میسر آئے گی۔ اس اہم اقدام کی بدولت علاقے کی غریب اور نادار عوام کو زچگی کے موقع پر کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کے کٹھن اور مہنگے سفر کی زحمت سے نجات ملے گی، جبکہ بروقت اور بہترین نگہداشت کے باعث زچگی کے دوران ماں اور بچے دونوں کی سلامتی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
خبرنامہ نمبر6777/2026
نصیرآباد:صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی سے سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر و چئرمین مارکیٹ کمیٹی نصیرآباد میر بلال صادق عمرانی اور سب ڈویژنل آفیسر امان اللہ گاجانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن مدثر ظفر کھوسہ نے صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی کو محکمہ ایریگیشن کی جانب سے کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات، نصیرآباد ڈویژن میں زرعی پانی کی منصفانہ و شفاف تقسیم، نہروں میں پانی کی روانی، آبپاشی نظام کی بہتری اور نہری نظام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مدثر ظفر کھوسہ نے بتایا کہ محکمہ ایریگیشن کی ٹیمیں نہری پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ کاشتکاروں کو مقررہ شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنانے، پانی کے ضیاع کی روک تھام، نہروں کی صفائی و مرمت اور پانی چوری کے سدباب کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں تک بھی ان کے حصے کا پانی پہنچایا جاسکے۔ ایس ای مدثر ظفر کھوسہ نے صوبائی وزیر کو نصیرآباد ڈویژن کے مختلف نہری علاقوں میں پانی کی طلب و رسد، موجودہ آبپاشی صورتحال، نہری انفراسٹرکچر کو درپیش مشکلات اور ان کے مستقل حل کے لیے محکمہ کی جانب سے مرتب کردہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ زراعت بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاشتکاروں کو زرعی پانی کی بروقت اور منصفانہ فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، نہری پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹیل کے علاقوں تک پانی کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ نہری نظام کی مسلسل نگرانی، پانی کی منصفانہ تقسیم اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ میں مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں، تاکہ زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کم کرکے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر6778/2026
کوئٹہ 16 اگست 2026 ڈسٹرکٹ پولیس نصیرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سے چوری ہونے والی ٹویوٹا کرولا برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق 11 اگست 2026 کو ٹویوٹا کرولا کراچی کے علاقے شاہین کمپلیکس مین روڈ تھانہ آرام باغ صدر ڈویژن ضلع ساؤتھ کراچی کی حدود سے چوری ہوئی تھی۔ایس ایچ او تھانہ سٹی اور انچارج 15 مددگار سینٹر نے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔برآمد ہونے والی گاڑی ٹویوٹا کرولا ماڈل 2012، بلیک رنگ، رجسٹریشن نمبر LEC-5028، لاہور رجسٹریشن کی حامل ہے۔ نصیرآباد پولیس نے گاڑی کی برآمدگی سے متعلق متعلقہ کراچی پولیس کو اطلاع دے دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خبرنامہ نمبر6779/2026
اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر جھالاوان میر یونس عزیز زہری کا کمشنر خضدار قادر بخش پرکانی، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی، ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی،چیف آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ،ایکسین بلڈنگ سلیم عمرانی،ایکسین پی ایچ ای عبدالروف قمبرانی،ایکسین ایر یگیشن سعید مصطفی،آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چئرمین بشیر احمد جتک،ایم ایس شبیر احمد مینگل،ڈی ایچ او خضدار،انجینئر نیاز زہری،انجینئر یونس رمضان موسیانی سمیت ضلع خضدار کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال خضدار کا اہم و تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے موقع پر اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے BSDI اقدام کے تحت بحال کیے گئے آپریشن تھیٹر کا باقاعدہ افتتاح کرلیا۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستہرائی، علاج معالجے کے انتظامات اور ہسپتال کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں موجود افسران اور عملے سے ملاقاتیں کی، ان کی کارکردگی اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور ہسپتال میں مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات پر بھی بات چیت کی۔اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے ہسپتال میں جاری ترقیاتی و طبی اقدامات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر شبیر احمد مینگل نے۔ اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق سا سولی کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خضدار کے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کو فعال و مؤثر بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہسپتال میں موجود سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔دورے کے اختتام پر میر یونس عزیز زہری نے ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت اور ادارے کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔اور اس کے علاوہ ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری نے ہسپتال میں موجود چلڈرن وارڈ کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں نئے بننے والی دیگر پروجیکٹس پر جاری کام کا معائنہ کیا اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کا ضلعی آفسران کے ہمراہ BSDI کے توسط سے بننے والے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کرتے ہوے دعائیں خیر کئے۔
خبرنامہ نمبر6780/2026
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چمن شہر اور اطراف میں صفائی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے صفائی آپریشن کا خود موقع پر جائزہ لیا اور صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔مئر میونسپل کارپوریشن حاجی حبیب اللہ اچکزئی، اے ڈی سی فدا بلوچ، تحصیلدار اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی مختلف علاقوں میں جاری صفائی مہم کی نگرانی کی۔ میونسپل کارپوریشن اور لوکل گورنمنٹ کے عملے نے ہیوی مشینری، ایکسیویٹر، ٹرکوں اور ٹریکٹروں کے ذریعے سڑکوں، گلیوں اور مختلف مقامات سے کچرا اور ملبہ اٹھا کر شہر سے باہر منتقل کیا۔صفائی مہم کا مقصد چمن شہر کو صاف، ستھرا اور شہریوں کے لیے بہتر و صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، جس کے لیے صفائی آپریشن کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر6781/2026
نصیرآباد۔۔ نصیرآباد ڈویژن میں 79ویں یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منعقد کی گئیں مرکزی تقریب دفتر کمشنر نصیرآباد ڈویژن میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق خان عمرانی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب میں پاکستان کی آزادی کی جدوجہد اور بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر فرد اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
خبرنامہ نمبر 6782/2026
اوتھل, پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون، سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر ان کے مسائل کو انہی کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوتھل کے ایک روزہ دورے کے دوران اوتھل ہاؤس سرکٹ میں قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات، بلدیاتی نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے عوام کو درپیش ہر قسم کی مشکلات کے حل میں بھرپور کردار ادا کرے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑے۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت کو عوامی مسائل کی مکمل ادراک ہے اور ان مسائل کے مستقل حل کے لیے وسیع پیمانے پر عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا ویژن عوام دوست پالیسیوں پر مبنی ہے جس کے تحت بنیادی سہولیات جیسے صحت، تعلیم، پانی اور بجلی جیسے شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ان کے معیار زندگی میں اضافہ ہو۔اس موقع پر ملاقات کے دوران سائلین نے اپنے علاقائی مسائل پارلیمانی سیکرٹری کے سامنے تفصیل سے پیش کیے۔ نوابزادہ زرین خان مگسی نے تمام درخواستوں کو غور سے سنے اور ان مسائل کو حل کرنے کے احکامات صادر کیے۔ قبائلی عمائدین اور بلدیاتی نمائندگان نے پارلیمانی سیکرٹری کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عملی اقدامات سے عوام اور حکومت کے مابین اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ مستقبل میں بھی اس قسم کے تعاون کی امید رکھتے ہیں۔






