خبرنامہ نمبر10024/2026
شمالی ڈیرہ بگٹی، 14 نومبر : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی محترمہ و سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق بگٹی کی والدہ ماجدہ کی نمازِ جنازہ ہفتہ کے روز شمالی ڈیرہ بگٹی میں ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت ہزاروں شہریوں، قبائلی عمائدین اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر علاقے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور قبائلی عمائدین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور ان کی چچی محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔مرحومہ کے انتقال پر تعزیت اور اظہارِ افسوس کے لیے شہریوں، قبائلی عمائدین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
خبرنامہ نمبر10025/2026
برشور: 14 نومبر :پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چئیرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسفند یار خان کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی،میر علی محمد بگٹی کی اہلیہ اور میر طارق حسین بگٹی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں اسفند یار خان کاکڑ نے کہا کہ کسی بھی عزیز کا بچھڑ جانا خاندان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہم وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی،میر علی محمد بگٹی،میر طارق حسین بگٹی اور تمام سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ مرحومہ کی وفات سے خاندان میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا،انہوں نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحومہ کی تمام لغزشوں کو معاف فرما کر انہیں اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے،جنت الفردوس میں اعلیٰ و ارفع مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ حوصلے اور صبرِ جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔
خبرنامہ نمبر10026/2026
اوستہ محمد14 نومبر : ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر اُستا محمد ماریہ شمعون نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام BISP کے تحت مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے مختلف ادائیگی مراکز کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے امدادی رقوم کی تقسیم کے طریقہ کار، شفافیت اور مستحقین کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے وہاں موجود مستحق خواتین سے براہِ راست ملاقات کی اور ان سے معلومات حاصل کیں کہ آیا انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ مالی امداد کی رقم 14 ہزار 200 روپے مکمل طور پر اور بغیر کسی کٹوتی کے فراہم کی جا رہی ہے یا نہیں انہوں نے خواتین سے ادائیگی کے عمل میں پیش آنے والی مشکلات غیر ضروری انتظار اور کسی بھی قسم کی شکایات کے بارے میں بھی دریافت کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون نے ادائیگی کرنے والے ایجنٹس اور متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام اہل اور مستحق خواتین کو ان کی مقررہ امدادی رقم 14 ہزار 200 روپے مکمل اور شفاف طریقے سے ادا کی جائے۔ کسی بھی مستحق خاتون سے رقم کی ادائیگی کے نام پر غیر قانونی کٹوتی اضافی فیس یا کسی قسم کی ناجائز رقم وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی مالی امداد میں کٹوتی بدعنوانی، ناجائز وصولی یا اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ مستحق خواتین کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ان کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت پوری کی پوری حقیقی حقداروں تک پہنچ سکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامےہ اوستہ محمد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد کی تقسیم کے عمل کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی تاکہ شفافیت برقرار رہے مستحق خواتین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں ان کا قانونی و جائز حق بلا کٹوتی فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر10027/2026
کوئٹہ 14 نومبر: صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اس وقت ہماری نسلوں کے لیے ایک سنگین اور خا موش خطرہ بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اور جامع اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ہمیں صوبے بھر میں یکبار استعمال ہونے والے (سنگل یوز) پلاسٹک اور شاپر بیگز پر مکمل پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہو گا اس ضمن میں صوبائی حکومت نے سخت موقف اختیار کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے صوبہ گیر سطح پر نئی شجرکاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں عوام بالخصوص نوجوانوں کو بھرپور انداز میں شامل کیا جائے گااس ضمن میں صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور زہریلے دھویں اور فاضل مواد کو سائنسی طریقہ کار کے بغیر خارج نہ کریں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ ہوا، پانی اور زمین کو آلودہ کرنے والے عناصر کے خلاف ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے تحت بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔صوبائی مشیر نے وفود سے اپیل کی کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔ انہوں نے سب کو مل کر اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر وفود نے صوبائی مشیر کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے تفصیلا آگاہ کیا صوبائی مشیر نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
خبرنامہ نمبر10028/2026
اوتھل14نومبر :حکومت بلوچستان کی جانب سے خصوصی (معذور افراد) کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا باعزت اور خودمختار شہری بنانے کے لیے شروع کیے گئے کمک پروگرام کے ثمرات ضلع لسبیلہ کے مستحق خصوصی افراد تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ کے 20 مستحق خصوصی افراد کو 8 ہزار روپے جبکہ بچوں کو 6 ہزار روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی جانے لگی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کومک پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ کے خصوصی افراد کی رجسٹریشن، فارموں کی تیاری اور ضروری دستاویزی کارروائی کو مکمل کرنے کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور متعلقہ عملے نے اہم کردار ادا کیا۔ سوشل ویلفیئر آفیسر لسبیلہ عبدالصمد رونجھو، آفیشل محمد اسماعیل، عقیل قمر، سوشل ویلفیئر آفیسر بیلہ خالد پرویز، آفیشل پرویز شیخ اور شبیر رونجھو کی جانب سے خصوصی افراد کی بھرپور رہنمائی اور تعاون کیا گیا، جس کے نتیجے میں مستحق افراد کے فارم مکمل کرکے پروگرام میں شامل کرنے کا عمل آگے بڑھا۔ کومک پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ سے تقریباً 180 خصوصی افراد کے فارم جمع کروائے گئے ہیں، جن میں پہلے مرحلے میں 20 مستحق افراد کو مالی معاونت کی پہلی قسط ملنا شروع ہوگئی ہے، جبکہ دیگر مستحق افراد کو بھی آئندہ مراحل میں پروگرام سے مستفید ہونے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے، جو ان کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے حوالے سے ایک اہم سہولت ثابت ہوگی۔اس موقع پر کمک پروگرام کے ڈائریکٹر منیر احمدقمبرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سراج احمد بلوچ کی جانب سے بھی اس منصوبے کو ضلع لسبیلہ تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور خصوصی افراد کو حکومتی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں مالی معاونت، سفری سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمک پروگرام کے دوسرے مرحلے میں بھی ضلع لسبیلہ کے باقی ماندہ رجسٹرڈ خصوصی افراد کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس فلاحی منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
خبرنامہ نمبر10029/2026
کوئٹہ14 نومبر : صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی، حاجی خان محمد مسوری کی اہلیہ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق حسین مسوری کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، میر طارق حسین مسوری اور دیگر سوگوار اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور تمام لواحقین کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر10030/2026
زیارت 14 نومبر :صوبائی وزیر سی ایم ڈی اور چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ کی ہدایت پر زیارت ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ضلع زیارت کی مختلف سڑکوں پر تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد علاقے میں مواصلاتی نظام کو بہتر بنانا، عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنا اور آمدورفت کے مسائل کا خاتمہ کرنا ہے۔ جاری ترقیاتی کاموں سے مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع زیارت میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر10031/2026
کوئٹہ 14 نومبر:سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابرخان کی زےر صدارت جوڈیشل اسکیموں پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں چیف انجینئرز سپرنٹنڈنٹ انجینئرز (ایس ایز) اور ایگزیکٹو انجینئرز بلڈنگ نے شرکت کی اجلاس کے دوران تمام ایگزیکٹو انجینئرز نے اپنے اپنے متعلقہ منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت تعمیراتی سرگرمیوں اور کام کی رفتار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر مختلف جوڈیشل اسکیموں کی موجودہ صورتحال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے افسران کو ہدایت کی کہ جوڈیشل اسکیموں کی اہمیت اور عوامی و ادارہ جاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں مزید تیزی اور بہتری لائی جائے انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے مذید کہا کہ اہم نوعیت کے منصوبے کی تکمیل میں مذید تیزی لائی جائے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی جبکہ درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور کام کی رفتار میں مزید بہتری لاتے ہوئے تمام اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ جوڈیشل اسکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام متعلقہ افسران باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔
خبرنامہ نمبر10032/2026
کوئٹہ، 14 نومبر: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے، اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت بلوچستان اور سرمایہ کاری بورڈ مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے BITE 2026 کے حوالے سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور مختلف تجارتی و کاروباری اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان مفاہمتی یادداشتوں میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز، ویمن چیمبر آف کامرس اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس شامل ہیں۔ اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او عبدالمنان ،کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سیبئر نائب صدر مرزا خان خلجی، سابق صدر حاجی ایوب مریانی، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے پیٹرن ان چیف حاجی ولی محمد، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر حاجی دارو خان اچکزئی، خواتین چیمبر کی فرزانہ کریم بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے، بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 18 اور 19 نومبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس ایکسپو میں مختلف چیمبرز آف کامرس کو بطور شراکت دار شامل کیا گیا ہے تاکہ کاروباری برادری کی فعال شرکت یقینی بنائی جا سکے اور مقامی صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ ان مواقع کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے کاروباری برادری، تجارتی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ وائس چیئرمین نے کہا کہ مختلف چیمبرز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا، کاروباری روابط مستحکم کرنا، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا اور صوبے کی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نجی شعبے اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
خبرنامہ نمبر10033/2026
کوئٹہ، 14 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ عزم قابلِ تحسین ہیں۔اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کولپور کے علاقے میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ شاہد رند نے دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملے کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہدائ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہدائ کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر جدید ڈرون ٹیکنالوجی، بارودی مواد اور دیگر تخریبی ذرائع استعمال کرکے سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان بدلتے ہوئے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں سکیورٹی کے مؤثر اقدامات، گشت اور کلیئرنس آپریشنز کا تسلسل عوام کے تحفظ اور معمولات زندگی کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کارروائیوں کا جاری رہنا اس عزم کا اظہار ہے کہ ریاست امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ شاہد رند نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امن کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
خبرنامہ نمبر 10033/2026
کوئٹہ، 14 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی، ریاست اپنی پوری قوت اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بدامنی پھیلانے، شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور قومی شاہراہوں پر معمولات زندگی متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کولپور، کردگاپ اور نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ پر سکیورٹی اقدامات اس امر کا ثبوت ہیں کہ عوام کے تحفظ اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کے حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر جدید ڈرون ٹیکنالوجی، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی کے طریقہ کار میں تبدیلی کے ساتھ ریاستی ادارے بھی اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری اور عوام کی معمول کی زندگی کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اہداف ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی اور کسی بھی علاقے میں دہشت گردوں کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کی اجتماعی حکمت عملی کا عکاس ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد سے ملک میں امن و استحکام کی منزل حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر 10034/2026
کوئٹہ 14 نومبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان کے علاقے گردگاپ اور کولپور کے گردونواح میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہدائ کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی تخریب کاری اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی محض ایک پرتشدد کارروائی نہیں بلکہ دہشت اور وحشت پر مبنی ایک ایسی ذہنیت ہے جسکا خاتمہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔گورنر مندوخیل نے شہدائ کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائ کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کیلئے ہمت و حوصلہ عطا کرے۔
خبرنامہ نمبر 10035/2026
قلات 14نومبر:محکمہ کھیل بلوچستان ضلعی انتظامیہ قلات کے زیرِ نگرانی اور تعاون سے منعقد ہونے والا “قلات اسپورٹس گالا 2026” پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ 5 نومبر 2026 سے شروع ہونے والا یہ میگا ایونٹ 20 نومبر 2026 تک جاری رہے گا، جس میں ضلع بھر سے اسکولوں اور مقامی کلبوں کے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔اس اسپورٹس گالا کا بنیادی مقصد علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، نوجوانوں کو مثبت تفریح فراہم کرنا اور ضلع قلات کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ ایونٹ کے دوران شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد روزانہ میدانوں کا رخ کر رہی ہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ایونٹ میں شامل نمایاں کھیل:اسپورٹ گالا کو ہر عمر اور طبقے کے کھلاڑیوں کے لیے دلچسپ بنانے کے لیے مختلف زمروں میں مقابلے رکھے گئے ہیں، جن میں درج ذیل کھیل شامل ہیں میدانی کھیل (فیلڈ ایونٹس): کرکٹ، فٹبال، رسہ کشی اور میراتھن دوڑ کے سنسنی خیز مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ بیڈمنٹن (میل اور فیمیل)، ٹیبل ٹینس (میل اور فیمیل) اور کیرم بورڈ کے دلچسپ میچز جاری ہیں، جن میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ طالبات بھی بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔تعلیمی اداروں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلوں سے طلبہ میں صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا ہو رہا ہے۔منتظمین اور محکمہ کھیل ضلع قلات کے حکام کی جانب سے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ تمام مقابلے پرامن اور منصفانہ ماحول میں مکمل ہوں۔ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ اختتامی تقریب 20 نومبر کو منعقد ہوگی جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 10036/2026
تربت 14 نومبر :جامعہ تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے بی ایس بائیوکیمسٹری اور بی ایس بایوٹیکنالوجی کے طلبہ نے الگ الگ دنوں فیکلٹی ممبران مہناز اور جیئند بلوچ کی سربراہی میں ٹیچنگ ہسپتال تربت کی مائیکرو بائیولوجی لیبارٹری کا دورہ کیا۔ ان دوروں کا مقصد طلبہ کو کلینیکل مائیکرو بائیولوجی کے طریقہ کار اور بیماریوں کی تشخیص کی تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا، تاکہ تھیوریٹیکل علم کے ساتھ طلبہ لیبارٹری کے عملی کام سے بھی واقف ہوسکیں۔ اس موقع پر مکران میڈیکل کالج کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر اسمائ بلوچ نے طلبہ کو تکنیکی بریفنگ دی۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے دوروں کے دوران تعاون کرنے پر ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر 10037/2026
اوستہ محمد۔ ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر اوستہ محمد ماریہ شمعون نے آج سول ڈسپنسری رستم خان جمالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈسپنسری میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی اور ضروری ادویات کی دستیابی سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا.دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے حاضری رجسٹر چیک کیا جس کے مطابق دو خواتین وارڈ سرونٹس اور اسٹاف ممبر فوزیہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائی گئیں جبکہ انچارج ڈسپنسر عبدالروف اور لیڈی ویکسینیٹر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر نے غیر حاضر ملازمین کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے انچارج ڈسپنسر کو ہدایت کی کہ تمام ملازمین کی بروقت حاضری اور ڈیوٹی پر موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کے لیے متعلقہ حکام کو رپورٹ ارسال کی جائے۔اس موقع پر ڈسپنسری میں ضروری ادویات کی شدید قلت کا معاملہ بھی سامنے آیا انچارج ڈسپنسر نے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا کہ ڈسپنسری کو ادویات کی فراہمی تقریباً تین ماہ کے وقفے سے کی جاتی ہے، جو علاقے کی آبادی اور مریضوں کی روزمرہ ضروریات کے پیش نظر ناکافی ہے ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسسٹنٹ کمشنر نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ صحت کے حکام سے رابطہ کرکے ضروری اور بنیادی نوعیت کی ادویات کی بروقت اور مناسب مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون نے واضح کیا کہ سرکاری طبی مراکز میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی عملے کی حاضری، نظم و ضبط اور فرائض کی پابندی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں قائم سرکاری ڈسپنسریاں عام لوگوں خصوصاً غریب اور مستحق مریضوں کے لیے بنیادی طبی سہولیات کا اہم ذریعہ ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ان مراکز میں طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرے اور مریضوں کو بروقت طبی امداد اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا
خبرنامہ نمبر 10038/2026
قلعہ عبداللہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ژوب رینج کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ کی جانب سے کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر امن و امان کے قیام اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے رات گئے گشت اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔اس سلسلے میں ایس پی قلعہ عبداللہ خلیل احمد بگٹی اور ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او زین اللہ خان کی نگرانی میں پولیس افسران اور جوانوں نے قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ اور تلاشی لی۔اس سیکیورٹی عمل کا مقصد مشکوک نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی، جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام اور قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں اور مسافروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں اور روڈ یوزرز نے پولیس کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں عوام کے تحفظ کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔پولیس حکام کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں، جبکہ کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر گشت، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا۔
خبر نامہ نمبر 2026/10038
کوئٹہ14 نومبر:ـصوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی،میر علی محمد بگٹی کی اہلیہ اور میر طارق حسین بگٹی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ کسی بھی عزیز کا بچھڑ جانا خاندان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہم وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی،میر علی محمد بگٹی،میر طارق حسین بگٹی اور تمام سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہوں نے دعا کی کہ الله تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر وجمیل عطا فرمائے ۔






