خبرنامہ نمبر6750/2026
شمالی ڈیرہ بگٹی، 15 اگست : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے، معیار کو یقینی بنانے اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اور دیگر ضلعی افسران نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے یتیم اور نادار بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لیے تعمیر کیے جانے والے اپنی نوعیت کے منفرد تعلیمی ادارے کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔ منصوبے کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مستحق بچے معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، حکومت بلوچستان مستحق اور محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسپورٹس گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان، صحت مند ماحول اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی میں اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور بین الاضلاعی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت نے ناقص تعمیراتی کام کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں اور آئندہ بھی معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع اور مکمل کیے ہیں، جن کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، پسماندگی کا خاتمہ اور ترقی کے ثمرات کو ہر علاقے تک پہنچانا ہے۔ حکومت کا مشن ہے کہ ترقیاتی عمل کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے ہر تحصیل اور یونین کونسل تک وسعت دی جائے تاکہ بلوچستان کا کوئی علاقہ ترقی کے عمل سے محروم نہ رہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام کی اہم وجوہات میں ترقیاتی وسائل اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور انہیں عوام کی دہلیز تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ بلوچستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کا یہ سفر آئندہ بھی پوری رفتار سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت کے دوران بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، منصوبوں کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہ کی جائے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بلوچستان عمران زرکون بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خبرنامہ نمبر6751/2026
شمالی ڈیرہ بگٹی، 15 اگست : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی، روایتی بلوچی انداز میں حال احوال کیا اور علاقائی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل دریافت کیے۔ وزیراعلیٰ نے عوام میں گھل مل کر مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور متعدد عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسران اور سرکاری اہلکار عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا مقامی سطح پر فوری حل انہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے کی مشکلات سے بچا سکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں گورننس کے نظام کو بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا مؤثر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر ہوں اور انہیں معمولی نوعیت کے مسائل کے لیے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔ تعلیم کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں بند پڑے سینکڑوں اسکول کھول کر عملی طور پر فعال کیے گئے ہیں۔ تعلیم ہی ملک، قوم اور خاندانوں کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے میں امن کی ضامن ہیں۔ دہشت گرد نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر انسانیت سے عاری ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں ہم اپنے عظیم شہداء کو نہیں بھولے۔ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر دور افتادہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز موجودہ حکومت کا اہم اعزاز ہے قبائلی عمائدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی حکومتی اقدامات کے ثمرات نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کرنے کو بھی سراہا۔
خبرنامہ نمبر6752/2026
نصیرآباد15 اگست : صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق خان عمرانی اور چئرمین مارکیٹ کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی و صدر پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن میر بلال احمد عمرانی کی جانب سے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے عمرانی ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں ایک شاندار اور پروقار محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔محفلِ موسیقی میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ایف سی کرنل رضوان طیب، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ نصیرآباد ڈاکٹر ایاز جمالی، ڈی آئی جی نصیرآباد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، خواتین، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول قومی جوش و جذبے سے بھرپور رہا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغمے اور دیگر خوبصورت گیت پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ شرکاء نے قومی نغموں پر بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا اور پاکستان سے اپنی محبت و وابستگی کا اظہار کیااس موقع پر مقررین نے یومِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ ہمیں اپنے وطن کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔محفل کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا اور جشنِ آزادی کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ شہریوں اور شرکاء نے آتش بازی کے خوبصورت مناظر سے بھرپور لطف اٹھایا تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ ملک و قوم کے روشن مستقبل اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر6753/2026
نصیرآباد 15 اگست : ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل اور ونگ کمانڈر کرنل رضوان طیب نے ایس ڈی او بلڈنگ عابد علی پہنور اور پی ایچ ای کے سب ڈویژنل آفیسر جاوید بلوچ کے ہمراہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت ریلوے اسٹیشن نصیرآباد پر خطیر رقم سے تعمیر کیے گئے جدید فلٹریشن پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فلٹریشن پلانٹ کے قیام کا مقصد ریلوے اسٹیشن پر آنے والے مسافروں اور شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ریلوے اسٹیشن پر سفر کرنے والے مسافروں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی بلکہ اسٹیشن کے آس پاس رہائش پذیر شہری بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے فلٹریشن پلانٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں صاف پینے کے پانی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی نمایاں مدد ملے گی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے صحت، تعلیم اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، کیونکہ صاف اور محفوظ پانی عوام کی صحت اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ ان کے معیار شفافیت اور پائیداری کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری وسائل کو عوام کے بہترین مفاد میں بروئے کار لایا جا سکے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فلٹریشن پلانٹ کی باقاعدہ دیکھ بھال اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو مستقل بنیادوں پر صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی سہولت فراہم ہوتی رہے۔
خبرنامہ نمبر6754/2026
ہرنائی15 اگست : :جشنِ آزادی کے پرمسرت موقع پر ضلع ہرنائی میں منعقد کیے گئے 14 اگست انڈیپنڈنس ڈے اسپورٹس ٹورنامنٹ کے تمام فائنل مقابلے کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور بیڈمنٹن کے فائنل میچز انتہائی سنسنی خیز رہے، جنہیں دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں تماشائیوں کا ایک بے پناہ ہجوم موجود تھا جنہوں نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ٹورنامنٹ کے آخری روز تمام کھیل کے گراؤنڈز شائقین کے نعروں اور جوش و خروش سے گونجتے رہے کرکٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں آخری اوورز تک سنسنی برقرار رہی۔فٹ بال کھلاڑیوں نے بہترین ڈسپلن اور تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو شاندار کھیل سے محظوظ کیا۔والی بال و بیڈمنٹن: والی بال اور بیڈمنٹن کے کورٹ پر بھی برق رفتار مقابلے دیکھنے میں آئے، جہاں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین فٹنس اور کھیل کا لوہا منوایا۔گراؤنڈ میں موجود ہزاروں شائقینِ کھیل نے ہر اچھے شاٹ اور پوائنٹ پر کھلاڑیوں کو داد دے کر جشنِ آزادی کا لطف دوبالا کر دیا۔ٹورنامنٹ کی اختتامی و تقسیمِ انعامات کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر (DC) ہرنائی ارشد حسین جمالی، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SP) ہرنائی اور اسسٹنٹ کمشنر (AC) ہرنائی نے بطورِ مہمان خاص شرکت کی۔معزز مہمانانِ گرامی نے ونر (فاتح) اور رنر اپ (نائب فاتح) ٹیموں اور بالخصوص نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور جوائز تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کے آفیسرز نے کہا نوجوانوں کو مثبت اور صحتمند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ ہرنائی کے جوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور جشنِ آزادی کے موقع پر ان کا یہ جوش و خروش قابلِ دید ہے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر مقامی شائقین اور کھلاڑیوں نے ضلع انتظامیہ اور آرگنائزرز کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعروں اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
خبرنامہ نمبر6755/2026
شارگ ؍ہرنائی :14 اگست کے پرمسرت موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول شارگ میں یومِ آزادیِ پاکستان کے سلسلے میں ایک نہایت پروقار، پرجوش اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) ہرنائی جناب غلام حیدر ترین کی خصوصی ہدایات پر، سینئر ہیڈ ماسٹر سید نصیب اللہ کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں اساتذہ کرام، طلبہ کی بڑی تعداد، ان کے والدین اور علاقے کے معزز قبائلی عمائدین نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی نئے تعینات ہونے والے سینئر ہیڈ ماسٹر سید نصیب اللہ تھے، جبکہ اسٹیج سیکرٹری اور نظامت کے فرائض عطاء محمد ترین نے احسن طریقے سے انجام دیے تقریب کے آغاز سے قبل ہیڈ ماسٹر سید نصیب اللہ اور اساتذہ کرام نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ بعد ازاں، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ طلبہ نے انتہائی احترام کے ساتھ قومی ترانہ پیش کیا، جس کے احترام میں تمام شرکاء اپنی نشستوں پر باادب کھڑے ہو گئے۔ اسکول کے ہونہار طلبہ نے یومِ آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے اور شاندار تقاریر پیش کیں، جنہیں حاضرین نے سراہا اور دل کھول کر داد دی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، اساتذہ اور مقررین نے کہا کہ آزادی ایک عظیم اور انمول نعمت ہے جو بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے۔ اس کی تعمیر و ترقی، امن اور استحکام کے لیے محنت، دیانت داری اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔ نوجوان نسل پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ملک کے روشن مستقبل کی ضامن بنے۔ ہمیں تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پرچم تلے متحد ہونا ہو گا۔تقریب کے اختتام پر ممتاز شخصیت مولوی نادر صاحب نے ملک و ملت کی سلامتی، امن، خوشحالی اور بالخصوص تعلیمی میدان میں ترقی کے لیے رقت آمیز دعا کروائی۔تقریب کے اختتام پر سینئر ہیڈ ماسٹر سید نصیب اللہ کی جانب سے اساتذہ کرام، والدین، قبائلی عمائدین اور انتظامیہ کے اہلکاروں کے اعزاز میں ایک پرتعلف چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جہاں تمام مہمانوں نے ایک دوسرے کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
خبرنامہ نمبر6756/2026
ہرنائی 15 اگست ::یومِ آزادی پاکستان (14 اگست) کے پرمسرت اور تاریخی موقع پر ضلع ہرنائی میں حب الوطنی کے بے مثال جذبے کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول ہرنائی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان آزادی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے کی۔ضلعی انتظامیہ اور محکموں کی بھرپور شرکت اس پروقار ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، تعلیم اور دیگر تمام سرکاری محکموں کے سربراہان سمیت اسکول کے طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمایاں شرکاء میں شامل تھے۔ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جھکرانی، اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی اسرار احمد شاھوانی ،ضلعی تعلیمی افسر (ڈی ای او) غلام حیدر ترین،ہیڈ ماسٹر شمس الدین،پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی سبز ہلالی پرچموں سے سجی اس ریلی کے شرکاء نے پورے شہر کا چکر لگایا۔ اس موقع پر طلباء اور عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پورا شہر “پاکستان زندہ باد” اور “پاسبانِ وطن زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا ۔بوائز ماڈل ہائی اسکول کے سامنے جلسہ اور خطاب کرتے ہوئے ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول ہرنائی کے سامنے پہنچ کر ایک پرعزم جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ جہاں ڈی سی ہرنائی ارشد حسین جمالی، ایس پی انجینئر عبدالحفیظ جھکرانی اور اسسٹنٹ کمشنر اسرار احمد شاھوانی نے شرکاء سے تفصیلی خطاب کیا مقررین نے 14 اگست ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی ایک نعمتِ عظمیٰ ہے اور اس کی حفاظت، ملک کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم یکجہتی اور اخلاص کے ساتھ ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصاً دعا کی گئی۔
خبرنامہ نمبر6757/2026
کوئٹہ15 اگست :: بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) نے کیٹررز اور خوراک و مشروبات فراہم کرنے والے سروس پرووائیڈرز کو آگاہ کیا ہے کہ ان کی فراہم کردہ خدمات پر بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) کی شرح 15 فیصد مقرر ہے۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام متعلقہ سروس فراہم کنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ بی آر اے کے ساتھ رجسٹریشن، مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس کی وصولی، بروقت ریٹرن فائلنگ اور واجب الادا ٹیکس کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔اتھارٹی نے واضح کیا کہ ٹیکس قوانین کی پابندی سروس فراہم کنندگان کی قانونی ذمہ داری ہے۔ بی آر اے کا مقصد شفاف اور مؤثر ٹیکس نظام کے ذریعے ٹیکس تعمیل کو بہتر بنانا، ٹیکس بیس کو وسیع کرنا اور بلوچستان کی ترقی کیلئے محصولات میں اضافہ یقینی بنانا ہے۔
خبرنامہ نمبر6758/2026
نصیرآباد 15اگست : صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی اور ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال کی قیادت میں ضلع استا محمد میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی شایانِ شان، قومی جوش و جذبے اور بھرپور حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدینِ علاقہ، طلبہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریبات میں قومی پرچم لہرایا گیا اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
خبرنامہ نمبر6759/2026
موسی’ خیل15اگست:14 اگست کی خوشیوں کو دوگنا کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی کی زیرِ نگرانی چَسنہ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیاصبح سے ہی دور دراز علاقوں سے لوگ کیمپ میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ ڈاکٹروں نے ہر مریض کا معائنہ کیا اور انہیں بیماری کے مطابق بہترین طبی مشورے دئیے کیمپ کی سب سے بڑی سہولت یہ رہی کہ مستحق مریضوں میں ضرورت کی تمام ادویات مفت فراہم کی گئیں۔ غریب مریض جو مہنگی دوائی نہیں خرید سکتے تھے انہیں یہاں سے مکمل علاج ملا۔کیمپ میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے۔ والدین کو بچوں کی صحت اور صفائی کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی گئی۔ اس کے ساتھ خواتین کو زچہ بچہ کی صحت اور غذائی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔عوام نے کیمپ کو بھرپور سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے غریب لوگوں کو بہت ریلیف ملتا ہے۔ علاقے کے لوگوں نے محکمہ صحت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر6760/2026
وڈھ : 14 اگست یومِ آزادیِ پاکستان کے پرمسرت موقع پر حاجی میر نیک محمد ریزیڈنشل پبلک اسکول وڈھ میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی مقصد آزادی کے تاریخی پس منظر، آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نونہالانِ قوم میں تعلیمی و ترغیبی شعور بیدار کرنا تھا۔ تقریب میں اسکول کے اساتذہ کرام، طلباء، معززین علاقہ اور سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت اور میزبانی اسکول انتظامیہ نے کی، جبکہ میر آزرم مینگل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اسکول آمد پر منتظمین، اساتذہ اور طلباء نے مہمانِ گرامی کا پرتپاک اور شایانِ شان استقبال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ربِ ذوالجلال کی بابرکت کلام (تلاوتِ قرآنِ پاک) اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول یعنی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔تقریب کے دوران مقررین نے وڈھ جیسے تعلیمی اعتبار سے پسماندہ علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے میر شفیق الرحمن مینگل کی بصیرت اور لازوال کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ میر شفیق الرحمن مینگل نے وڈھ کے جیسے پسماندہ علاقے میں اس بہترین اور جدید ریزیڈنشل اسکول کی بنیاد رکھ کر ایک عظیم تاریخی خدمت سرانجام دی ہے۔ اس ادارے کے قیام سے آج بلا تفریق ہر عام و خاص علم کے زیور سے آراستہ ہو رہا ہے اور علاقے میں جہالت کے اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔اساتذہ کرام کی انتھک محنت، علمی نکھار اور طلباء کی کردار سازی میں ان کے کلیدی کردار کو بھی زبردست لفظی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں طلباء کے درمیان مختلف عنوانات پر تقریری مقابلے منعقد کیے گئے۔ طلباء نے 14 اگست 1947ء کی تاریخی اہمیت اور جدوجہدِ آزادی پر حقائق پر مبنی تقاریر پیش کیں۔ مقررین اور طلباء نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ ہمارا آج کا آزاد اور خود مختار وطن ہمارے آباؤ اجداد کی ان گنت قربانیوں اور سرفروشیوں کا نتیجہ ہے۔ ہمارے ‘آج’ کی خاطر انہوں نے اپنا ‘کل’ قربان کیا۔طلباء نے علاقے میں تعلیم کی وسعت، سائنس و ادب کی اہمیت اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر مقالے پیش کیے۔ تقاریر میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ نصابی کتب کے ساتھ ساتھ تقریری اور تربیتی مقابلے بچوں میں اعتماد اور پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ طلباء کی لسانی قابلیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اردو اور انگریزی زبان کے علاوہ شیریں و فصیح عربی زبان میں بھی انتہائی شاندار اور پرمغز تقاریر پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔اس موقع پر طلباء نے مظلومینِ غزہ پر جاری صیہونی ستم ظریفی اور غاصبانہ محاصرے پر گہرے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلَ غزہ کے ساتھ کامل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اپنی تقاریر کے ذریعے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ آزادی ایک نعمتِ عظمیٰ ہے، نیز مظلوم فلسطینی بھائیوں کی اخلاقی و فکری حمایت ہر باضمیر انسان پر فرض ہے۔تمام شرکاء اور اساتذہ نے بچوں کی مدلل، جامع اور پرجوش تقاریر کو انتہائی توجہ سے سنا اور ان کی صلاحیتوں کو زبردست سراہا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں تعلیمی عمل کی مسلسل بہتری اور طلباء کی مثبت سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں صرف اور صرف معیاری تعلیم اور مثبت سوچ ہی کسی قوم کے محفوظ اور تابناک مستقبل کی ضامن ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی ماحول اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی تعریف کی۔تقریب کے آخر میں مہمانانِ گرامی اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے تقریری مقابلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ آئندہ بھی علمی و فکری میدانوں میں پیش پیش رہیں۔اس پروقار تقریب میں علاقے کی جید اور معروف شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔ تقریب میں موجود نمایاں شخصیات میں حاجی ممتاز مینگل، میر نورجان مینگل، میر عمران مینگل، میر نوراللہ مینگل، میر سلمان کریم رئیسانی، میر مجیب نور پندرانی، میر عامر بزنجو، میر محبوب بزنجو، میر محمد رئیسانی، مولوی علی محمد مینگل، میر عبدالستار شاہی زئی، میر ظہور مینگل، میر صادق مینگل، میر مسعود جان رئیسانی، میر زید جان مینگل و دیگر شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں تشریف لانے والے تمام معزز مہمانوں، اساتذہ کرام اور شرکاء کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی اور تعلیمی ترقی کے لیے خصوصیات دعاؤں کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
خبرنامہ نمبر6761/2026
کوئٹہ، 15 اگست :آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا ۔مستونگ اور چمن کے واقعات میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہیں ڈاکٹروں نیزخمی اہلکاروں کی صحت اور علاج و معالجے کے حوالے سے تفصیلا بتایا گیا۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے طبی عملے کو زخمی اہلکاروں کے علاج و معالجے کے حوالے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے اور دیگر تمام بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
خبرنامہ نمبر6762/2026
ہرنائی15 اگست : : ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ہرنائی میں عوامی صحت کی بہتر سہولیات اور شفاف انتظامی امور کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے 14 اگست کے موقع پر ہسپتال کے ڈائلائسز یونٹ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد یونٹ میں زیرِ علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیا بی اور صفائی ستھرائی کے امور کا براہِ راست جائزہ لینا تھا دورے کے دوران ڈائلائسز انچارج محمد عالم زیب ملازئی نے ڈی ایچ او اور ایم ایس کو یونٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا اور زیرِ علاج مریضوں کی دیکھ بھال، مشینوں کی فعال حالت اور طبی عملے کی حاضر باشی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ ماضی میں علاقے میں ڈائلائسز کی سہولیات نا ہونے کے برابر تھیں، جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہرنائی کے غریب، مظلوم اور مستحق مریضوں کو علاج معالجے کے لیے دور دراز شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا اور شدید دشواریوں کا سامنا تھا۔ تاہم ڈاکٹر سیف اللہ مری کی جانب سے چارج سنبھالنے کے بعد ڈائلائسز یونٹ کی مکمل بحالی اور بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات اٹھائے گئے۔ ان کی انتھک محنت اور شب و روز کی کاوشوں کے بدولت آج یہ یونٹ نہ صرف مکمل طور پر فعال ہے بلکہ جدید طبی آلات اور سہولیات سے بھی آراستہ ہو چکا ہے۔یونٹ کی فعال حالت کا نتیجہ ہے کہ آج نہ صرف مقامی شہری بلکہ ملحقہ اور دور دراز علاقوں کے مریض بھی باقاعدگی سے یہاں کا رخ کر رہے ہیں اور انہیں بلا تعطل معیاری اور مفت طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ڈی ایچ او اور ایم ایس نے ڈائلائسز یونٹ کے مجموعی معیاری امور، صفائی ستھرائی کے بہترین نظام اور مریضوں کے ساتھ عملے کے اخلاق و دیکھ بھال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر سیف اللہ مری اور ان کی تمام ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ عوامی خدمت کے اس جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مستقبل میں بھی مریضوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر6763/2026
لورالائی، 15 اگست :کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ کی نگرانی میں شہر بھر میں صفائی کا بھرپور آپریشن جاری ہے۔میونسپل کمیٹی کے عملہ صفائی کی جانب سے ٹریکٹر ٹرالی اور سوزوکی کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں، اہم شاہراہوں، چوکوں اور گلی محلوں سے کچرا اٹھانے کے ساتھ ساتھ نالیوں اور مین ہولز کی صفائی کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں سپروائزر عجب خان کی نگرانی میں باگڑی میدان اور المقیم اسکول زون میں نالی کی صفائی کی گئی، جبکہ سپروائزر باران کی نگرانی میں کباڑی بازار، مولوی آغا محمد صاحب مسجد زون میں نالی کی صفائی کا عمل مکمل کیا گیا۔اسی طرح سپروائزر سلیم داد کی نگرانی میں گائنی وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ کے مین ہولز پر ڈھکن رکھے گئے، جبکہ ٹیچنگ ہسپتال کی نالی کے کھلے مین ہول پر بھی ڈھکن نصب کر دیے گئے، تاکہ شہریوں اور مریضوں کو کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ نے صفائی عملے کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول شہریوں کا بنیادی حق ہے، اس مقصد کے لیے میونسپل کمیٹی دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عملے سے تعاون کریں، کچرا مقررہ مقامات پر پھینکیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔میونسپل کمیٹی حکام کے مطابق لورالائی شہر میں صفائی ستھرائی کا عمل باقاعدگی سے جاری رہے گا تاکہ شہر کو صاف، ستھرا اور خوبصورت بنانے کے ساتھ شہریوں کو صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر6764/2026
ہرنائی15 اگست : : ملک بھر کی طرح ڈسٹرکٹ ہرنائی میں بھی 79واں جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی اور پروقار تقریب ڈی سی کمپلیکس ہرنائی میں منعقد ہوئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ہرنائی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو روایتی انداز میں سلامی پیش کی اور فضائیں قومی ترانے سے گونج اٹھیں۔تقریب میں ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جھکرانی، اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی اسرار احمد شاھوانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) غلام حیدر ترین سمیت ضلع کے تمام انتظامی محکموں کے سربراہان، اعلیٰ افسران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، اور وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، امن اور خودمختاری کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، یکجہتی اور سربلندی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔ بعد ازاں، شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر ارضِ پاک سے اپنی بے لوث محبت کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر6765/2026
برشور15 اگست : ۔ پورے پاکستان کی طرح نئے قائم شدہ ضلع برشور میں بھی 14 اگست یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار اور پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چئیرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) اسفند یار خان کاکڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سید رضی ہریرہ اور ضلعی محکمہ جات کے آفسران سمیت ضلع بھر کے سیاسی و قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے جشنِ آزادی کا جوش دوبالا کر دیا۔تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی کا باقاعدہ آغاز 14 اگست کی رات کو آسمان پر رنگ و نور بکھیرتی شاندار آتش بازی سے ہوا،جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کا سمندر آمڈ آیا،جبکہ صبح پرچم کشائی کی مرکزی اور پروقار تقریب منعقد ہوئی،جہاں مہمانِ خصوصی اسفند یار خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر یومِ آزادی اور نئے ضلع کے قیام کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا،جشنِ آزادی کا دوسرا بڑا میلہ انٹر کالج برشور میں سجا، جہاں ضلع بھر کے اسکولوں کے طلباء و طالبات نے تحریکِ آزادی کے حوالے سے پرجوش تقاریر کیں اور ملی نغمے پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی،علاوہ ازیں،جشنِ آزادی کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کت اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول قلعہ ویالہ برشور میں بھی تقاریب منعقد کیے گئے،جبکہ 08 اگست سے جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بھی اختتام پذیر ہو گیا،شام کے وقت منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خالد شمس اور اسسٹنٹ کمشنر سید رضی ہریرہ نے کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم،رنر اپ اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور قیمتی انعامات تقسیم کیے،اس موقع پر سیاسی و قبائلی عمائدین اور شائقین کرکٹ سمیت عوام الناس نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان بہترین تقریبات کے انعقاد کو بھرپور سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر6766/2026
14 اگست 2026ء کو یومِ آزادی کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سمالان سنجاوی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں یومِ آزادی کو قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے نوجوان نسل پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔تقریب کے دوران طلبہ نے ملی نغموں، تقاریر اور مختلف پروگراموں کے ذریعے وطنِ عزیز سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کے محفوظ، روشن، پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
خبرنامہ نمبر6767/2026
زیارت 15 اگست :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات، ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی قیادت اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لطیف اللہ غرشین کی زیرِ نگرانی یومِ آزادی کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول زیارت میں ایک باوقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول زیارت، اساتذہ کرام اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ نے تقاریر، ملی نغموں اور مختلف پروگراموں کے ذریعے پاکستان سے اپنی محبت اور والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت، تحریکِ پاکستان کے ہیروز اور آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے قومی رہنماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نوجوان نسل کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر اساتذہ نے طلبہ کو یومِ آزادی کی اہمیت، قومی یکجہتی، حب الوطنی اور تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 6768/2026
کوئٹہ، 15 اگست: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے خضدار اور قلات کے بارڈر ایریا شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا واضح ثبوت ہے اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شور پرود کے پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کیا معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیوں کا جاری رہنا اس امر کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف مکمل عزم کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش بھی جاری ہے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں شاہد رند نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رہے گا اور امن دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
خبرنامہ نمبر 6769/2026
کوئٹہ، 15 اگست: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار اور قلات کے بارڈر ایریا شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شور پرود کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ریاست پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیوں کا تسلسل خوش آئند ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وزیراعلیٰ بلوچستان نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی عوام، حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ عزم سے یقینی بنائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر6770/2026
چمن، 15 اگست :چمن: بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی برہمی کے بعد ضلعی انتظامیہ چمن نے ہنگامی بنیادوں پر شہر میں صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے بھاری مشینری اور اضافی افرادی قوت کو متحرک کردیا گیا ہے جبکہ صفائی کا عمل دن رات جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات سے کچرے اور غلاظت کو ہٹانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں بھاری مشینری کی معاونت بھی حاصل ہے۔ صفائی مہم کے دوران سڑکوں اور گلیوں سے کچرا اٹھانے، نکاسی آب کے مسائل دور کرنے اور شہر کی مجموعی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں صفائی کے عمل کو محض ایک روزہ سرگرمی تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ شہر میں صفائی کے مستقل نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ عملے کو صفائی کے کام کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خبرنامہ نمبر6771/2026
کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ملاخیل ہاؤس میں آزادی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیوں میں شرکت کی۔کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد ملاخیل ہاؤس سے جشنِ آزادی ریلی بھی نکالی گئی، جس کی قیادت صوبائی مشیر نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کی۔ ریلی میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان سے محبت اور یومِ آزادی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔جشنِ آزادی کی ریلی شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں سے گزرتی ہوئی واپس ملاخیل ہاؤس پہنچی، جہاں ریلی کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔ راستے میں شہریوں نے بھی ریلی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے شرکاء کے جوش و جذبے کو سراہا۔اس موقع پر صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر و حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا، اس لیے ہمیں اس ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور ان مقاصد کی یاد دلاتا ہے جن کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا۔ ہمیں چاہیے کہ ذاتی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور حکومت عوام کی فلاح و بہبود، صوبے کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی مشیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کی نعمت کو صرف جشن تک محدود نہیں رکھنا بلکہ اپنے کردار اور عمل سے ملک کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔تقریب اور ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطنِ عزیز کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
خبرنامہ نمبر 6772/2026
کوئٹہ 15 اگست: حکومت بلوچستان کی جانب سے حملہ زیارت اور اس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت سے متعلق قائم کردہ انکوائری کمیشن جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا نے ملک شعیب سلطان ایڈیشنل رجسٹرار (بی- 20) عدالت عالیہ کو انکوائری کمیشن کا رجسٹرار/ سیکرٹری مقرر کر دیا ہے.






