خبرنامہ نمبر5145/2026
کوئٹہ 27جون: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کابل جان ہوٹل کے مالک ہاشم خان نورزئی کے قتل کرنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں گورنربلوچستان نے کہا کہ تمام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ گورنر مندوخیل نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی کے اس قاتلانہ حملے میں ملوث کے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ گورنر مندوخیل نے ہاشم خان نورزئی کی مغفرت دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبر و ہمت عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر5146/2026
کوئٹہ، 27 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کابل جان ریسٹورنٹ کے مالک محمد ہاشم نورزئی کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حکومت بلوچستان نے واقعہ کی شفاف، غیر جانبدار اور تیز رفتار تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے مقدمہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد کر دیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس پی رینک آفیسر تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مقتول محمد ہاشم نورزئی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اس سنگین واقعہ میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور تمام ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضوں کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔شاہد رند نے بتایا کہ رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم بازئی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ احتجاج کرنے والے لواحقین کے ساتھ موجود ہیں اور حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے تحفظات دور کیے جا سکیں معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور کسی بھی مجرم یا قانون شکن عنصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے اصولوں کے مطابق تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر5147/2026
کوئٹہ، 27 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خاران اور مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انٹیلی جنس اور بروقت کارروائیوں کے ذریعے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بلوچستان کے امن، پاکستان کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ قومی عزم، اتحاد اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے میں پائیدار امن، عوام کے تحفظ اور ریاست کی رٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر5148/2026
اسلام آباد، 27 جون : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ہفتہ کو اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر کی رہائش گاہ گئے اور ان سے ان کے بڑے بھائی شاہد اختر کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم شاہد اختر کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان، بالخصوص شعیب اختر کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی عزیز کی جدائی ایک بڑا انسانی المیہ ہے اور ایسے غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شعیب اختر اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
خبرنامہ نمبر5149/2026
کوئٹہ ، 27 جون 2026: آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان کے باہمی تعاون،مربوط رابطہ اور رہنمائی کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت صوبے کے اضلاع میں عاشورہ محرم الحرام کے جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہوئے ۔آئی جی پولیس بلوچستان نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، انجمن تاجران کے نمائندوں، شیعہ کانفرنس اور جلوس کے منتظمین اور شہریوں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے عوام نے عزم، حوصلے، صبر اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت صوبے بھر میں عاشورہ محرم الحرام کے جلوس خیر و عافیت سے اختتام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کے علاؤہ دیگر ضروی محکموں کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اور متعلقہ ضروری اداروں نے اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں انتھک محنت اور دلجمعی سے عاشورہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جو قابلِ ستائش ہیں۔
خبرنامہ نمبر5150/2026
گوادر27 جون : محرم الحرام کے مقدس ایام ضلع گوادر میں بھی ملک بھر کی طرح نہایت عقیدت، احترام، مذہبی ہم آہنگی اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ یومِ عاشور کے موقع پر ضلع بھر کی امام بارگاہوں میں مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جہاں عزاداروں نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے صبر، استقامت اور حق و صداقت کے پیغام کو اجاگر کیا۔مجالس کے اختتام پر عزاداروں نے مذہبی روایات کے مطابق ماتمی رسومات ادا کیں، جبکہ مختلف مقامات پر عوام اور راہگیروں کی خدمت کے جذبے کے تحت سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، جہاں شربت اور ٹھنڈا پانی تقسیم کیا گیا۔ یہ انتظامات ایثار، اخوت، رواداری اور خدمتِ خلق کے اسلامی جذبے کی عملی عکاسی تھے۔ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے یومِ عاشور کے موقع پر جامع سیکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی، مؤثر سیکیورٹی اقدامات اور مسلسل مانیٹرنگ کے باعث تمام مذہبی اجتماعات اور رسومات پرامن ماحول میں بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئیں۔ضلعی انتظامیہ نے علمائے کرام، منتظمین، امن کمیٹیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع گوادر میں مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر5151/2026
موسیٰ خیل 27 جون:ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کی خصوصی ہدایات پر تحصیل کنگری کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیاہے۔ متاثرین کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں طبی ماہرین کی ٹیمیں متاثرین کو ادویات اور طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے پیغام میں کہا کہ مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں ضلعی انتظامیہ اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرین کی بحالی، طبی سہولیات کی فراہمی اور نقصانات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔اس کے علاوہ کنگری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں الرٹ ہیں اور متاثرین کو بلا تعطل طبی امداد، خوراک اور خیمے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ گھروں اور انفراسٹرکچر کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے متعلقہ عملے کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شفاف انداز میں امداد کی تقسیم ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ بحالی کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
خبرنامہ نمبر5152/2026
ہرنائی 27 جون :ضلع ہرنائی میں تعلیمی امور کی بہتری اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہرنائی غلام حیدر ترین نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ڈی ای او) شاہرگ کلیم اللہ کاکڑ، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان (جی ٹی اے بی) ہرنائی کے صدر صاحب جان ترین اور محکمہ خزانہ کے آفیسر نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع ہرنائی کے تعلیمی اداروں میں تعینات ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے مختلف نوعیت کے زیر التواء کیسز اور تصفیہ طلب معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے ملازمین کے جائز مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ زیر التواء کیسز کو باقاعدہ سفارشات کے ساتھ مزید ضروری کارروائی اور حتمی منظوری کے لیے فوری طور پر حکامِ بالا کو ارسال کر دیا جائے، تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر5153/2026
ہرنائی؍شاہرگ :27 جون :محرم الحرام کے مقدس اور بابرکت ایام کے پیشِ نظر ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔ جمعہ کے روز ایس ایچ او شاہرگ عبدالمجید دشتی کی خصوصی نگرانی میں پولیس فورس نے پورے علاقے کو سکیورٹی حصار میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے شاہرگ بازار، حساس گلیوں اور دیگر اہم و عوامی مقامات پر پولیس کا گشت (فلیگ مارچ) جاری رہا۔ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تحصیل کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کی گئی اور گاڑیوں و مشکوک افراد کی مؤثر چیکنگ کو یقینی بنا یاگیا ۔اس موقع پر پولیس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شاہرگ پولیس عوام کے بھرپور تعاون سے امن، بھائی چارے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ “امن ہماری ذمہ داری ہے اور تعاون آپ کی ذمہ داری ہے۔
خبرنامہ نمبر5154/2026
ہرنائی 27 جون :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ایس پی) ہرنائی، انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر کڑی ناکہ بندی کر دی ہے۔ناکہ بندی کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے شہر میں آنے اور جانے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی جامع تلاشی لی۔ اس موقع پر گاڑیوں کے ضروری اور قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی گئی تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا، جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا اور خصوصاً محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو ہر ممکن حد تک برقرار رکھنا ہے عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں پولیس انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ تلاشی اور چیکنگ کے عمل کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ شہر کو محفوظ بنانے اور شہریوں کی حفاظت کو سو فیصد یقینی بنانے کے اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر5155/2026
بارکھان، 27 جون :ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر احسام الدین کاکڑ نے شہر کے مختلف ایل پی جی گیس فروش مراکز کا دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ایل پی جی گیس کی دستیابی، سرکاری نرخ ناموں ،مقررہ قیمتوں پر فروخت اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ صارفین کو ایل پی جی گیس مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائے اور کسی بھی قسم کی ناجائز منافع خوری یا مصنوعی قلت پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ بارکھان نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور منڈیوں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5156/2026
کوئٹہ، 27 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے روزنامہ الجزیرہ کوئٹہ کے چیف ایڈیٹر، سینئر صحافی محمد زبیر بلوچ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محمد زبیر بلوچ کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے پیشہ ورانہ دیانت داری، جرات اور ذمہ دار صحافت کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جس کی تلافی آسان نہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد زبیر بلوچ کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
خبرنامہ نمبر 5157/2026
کوئٹہ، 27 جون :معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے روزنامہ الجزیرہ کوئٹہ کے چیف ایڈیٹر اور سینئر صحافی محمد زبیر بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی پیغام میں شاہد رند نے کہا کہ محمد زبیر بلوچ بلوچستان کی صحافت کا ایک باوقار اور معتبر نام تھے، جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی حقائق پر مبنی، ذمہ دار اور بااصول صحافت کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی وفات سے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ بلوچستان ایک مخلص، باوقار اور باصلاحیت صحافی سے محروم ہو گیا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ مرحوم کی صحافتی خدمات اور پیشہ ورانہ کردار ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت کرے اور سوگوار خاندان، عزیز و اقارب اور صحافتی برادری کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔







