26th-June-2026

خبرنامہ نمبر 5129/2026
کوئٹہ، 26 جون : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے 10 محرم الحرام کے موقع پر سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر سے لائیو کیمروں کے ذریعے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں یومِ عاشور کے جلوسوں، مجالس اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے سکیورٹی اقدامات پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں پولیس کے 32 ہزار اہلکار تعینات ہیں جبکہ ایف سی بلوچستان، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے سکیورٹی میں بھرپور معاونت فراہم کررہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ صوبے بھر میں جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس، ایف سی، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، باہمی تعاون اور مربوط اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یومِ عاشور کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام کے تعاون، علماء کرام کی رہنمائی اور سکیورٹی اداروں کی شبانہ روز کاوشوں سے بلوچستان میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا مزید مضبوط ہوگی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں حق، صبر، ایثار، قربانی اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی اور امت مسلمہ کو حق و صداقت، عدل اور استقامت کا پیغام دیتی رہے گی وزیراعلیٰ بلوچستان نے یومِ عاشور کے موقع پر سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس، ایف سی، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، فرض شناسی اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے تحفظ اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پوری مستعدی، چوکس رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

خبرنامہ نمبر 5130/2026
کوئٹہ 26جون۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، مہراللہ بادینی نے یومِ عاشورہ کے موقع پر مختلف جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی انتظامات، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی، گیس، ہیلتھ سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے یومِ عاشورہ کے تمام انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، صفائی ستھرائی، بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی، طبی سہولیات، ریسکیو سروسز اور دیگر بنیادی سہولیات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام، علمائے کرام، انجمنوں اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں نہایت اہم ہیں، اور ضلعی انتظامیہ یومِ عاشورہ کے اختتام تک تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی۔

خبرنامہ نمبر 5131/2026
کوہلو 26 جون ۔۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کی خصوصی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ کی نگرانی میں مون سون سیزن کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں سے پانی کے بروقت اخراج اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی عملہ نے نالیوں، آبی گزرگاہوں اور نکاسی آب کے مختلف مقامات کی صفائی کا عمل تیز کر دیا ہے۔میونسپل کمیٹی کے عملے نے مون سون سیزن میں متوقع بارشوں سے قبل مختلف علاقوں میں صفائی مہم کے تحت نالیوں سے کچرا، مٹی اور رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ آبی گزرگاہوں کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔۔

خبرنامہ نمبر 5132/2026
خضدار 26جون:خضدار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق ضلع خضدار کے ایک میونسپل کارپوریشن وارڈ اور چار یونین کونسلوں میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے تعینات ڈپٹی کمشنر خضدار و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عبد الرزاق ساسولی نے ریٹرننگ آفیسر ایکسیئن پی ایچ ای خضدار عبد الروف قمبرانی اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر سپرٹنڈنٹ ڈی سی آفس خضدار عبدالنبی شیخ سے حلف لیا ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر خضدار عبد الرزاق ساسولی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے پرامن صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنائیں گے انتخابات کا انعقاد ہم سب کی آئینی ذمہ داری ہے ڈی آر او کے مطابق 30جون کو آر او پبلک نوٹس جاری کریں گے اور یکم سے 3جولائی تک متعلقہ آر او کے پاس کاغزات نامزدگی جمع کرائیں جاسکیں گے کاغزات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6سے 8جولائی تک ہوگی جبکہ اُمیدواروں کی ابتدائی فہرست 9جولائی کو شائع ہوگی آر او کی جانب سے کاغزات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ اتھارٹی کے پاس 10سے 13جولائی مقررکی گئی ہے جس کے بعد اُمیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 17جولائی کو جاری ہوگی 18جولائی تک اُمیدوارانتخابی مرحلے سے دستبردار ہوسکتے ہیں جس کے بعد 20 جولائی کو امیدواروں کی حتمی انتخابی فہرست جاری کی جائےگی اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق پولنگ9اگست کو ہوگی

خبرنامہ نمبر 5133/2026
لورالائی26جون 2026: دسویں محرم الحرام کی شب عاشورہ کے موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) لورالائی ڈاکٹر فہد احمد نے امام بارگاہ لورالائی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی، الرٹنس اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں میں کھانا بھی تقسیم کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ان کی شبانہ روز خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی خدمت، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا گیا ہے۔ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کی مؤثر نگرانی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی، ناکہ بندی، گشت، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جدید نگرانی کے نظام کو بھی فعال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور اہلکار الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے شہریوں، جلوس و مجالس کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے ہی امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
دورے کے اختتام پر پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5134/2026
اوتھل:ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی سطح پرتعلیم سے متعلق مسائل، اہداف اور بہتری کے اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنراوتھل محکمہ ایجوکیشن کے آفیسران،اسسٹنٹ خزانہ آفیسر،سپرینٹنڈنٹ ڈی سی آفس سلیم اللہ رونجھو اور NGOs اورگورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے نمائندوں نےشرکت کی۔ اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، اسکول میں حاضری کی شرح جیسے اہم امور زیر بحث آئےاور تفصیلی گفتگو کی گئ۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیم کو معاشرے کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلا نے کہاکہ ضلعی حکومت تمام اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لائی جاسکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

خبرنامہ نمبر 5135/2026
نصیرآباد ۔۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے 10ویں محرم الحرام کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکیورٹی و انتظامی اقدامات کا جامع جائزہ لیا اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کی سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے انہوں نے زور دیا کہ تمام جلوس روٹس پر فول پروف سیکیورٹی مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر ضروری انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور باہمی رابطے کو مؤثر بنایا جائے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی نے محرم الحرام کے دوران کیے گئے طبی و ہنگامی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ایمرجنسی ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عزاداروں کو فوری بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

خبرنامہ نمبر 5136/2026
جعفرآباد۔ضلع جعفرآباد کے علاقے بالان شاخ، گوٹھ محمد اسماعیل چھلگری سے محرم الحرام کے عاشورہ کا جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہوا، جس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفر آباد خالد خان نے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور جلوس کے ہمراہ رہے۔ انہوں نے امام بارگاہ کے متولی سے ملاقات کرکے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے متعلق آگاہی حاصل کی، جس پر متولی اور علاقہ مکینوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے سیکیورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور ہدایت کی کہ محرم الحرام کے عاشورہ کے جلوسوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے تمام حفاظتی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو پرامن ماحول میسر آ سکے۔مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے کسی بھی شخص روٹس کے درمیان میں جلوس میں شامل نہ ہونے دیا جائے اس حوالے سے رضاکاروں کے ساتھ قریبی روابط میں رہیں سرچنگ اور سویپنگ کے عمل کو بھی مزید تیز رکھیں۔

خبرنامہ نمبر 5137/2026
لورالائی، 26 جون: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے وژن “صاف ستھرا لورالائی” اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو صاف، محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے عملے نے ہزارہ محلہ اور دیگر متعلقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، کچرے کی بروقت منتقلی، نالیوں کی صفائی اور سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ مکمل کیا۔ پانی کے چھڑکاؤ کا مقصد گرد و غبار اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور جلوسوں و مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔چیف آفیسر محب اللہ خان بلوچ نے متعلقہ افسران اور صفائی عملے کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی کے انتظامات، نکاسیٔ آب، کچرے کی بروقت منتقلی اور پانی کے چھڑکاؤ کو بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات میسر رہیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی لورالائی محرم الحرام کے دوران عوامی سہولت، صفائی اور امن و امان سے متعلق سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنا رہی ہے، جبکہ تمام متعلقہ عملہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر 5138/2026
لورالائی:26جون: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر لورالائی، کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے دسویں محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہ لورالائی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عزاداروں، امام بارگاہ کی انتظامیہ، امن کمیٹی کے اراکین اور سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات، جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی حق، صداقت، صبر، استقامت اور انصاف کی لازوال علامت ہے۔ یومِ عاشور ہمیں ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے، حق کا ساتھ دینے اور عدل و انصاف کے قیام کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دس محرم الحرام امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، اخوت، برداشت، ایثار اور قربانی کا عظیم پیغام لے کر آتا ہے، اور ہمیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں حسینی کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کے قیام، عزاداروں کے تحفظ اور جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے جامع اور مؤثر انتظامات کیے ہیں۔ پولیس، لیویز، ایف سی، ریسکیو، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے علمائے کرام، امن کمیٹیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کی بدولت ضلع لورالائی سمیت صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان کی فضا قائم ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔انہوں نے کہا کہ آئیں، یومِ عاشور کے موقع پر حضرت امام حسینؓ کی عظیم تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے امن، بھائی چارے، رواداری، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر 5139/2026
لورالائی 26 جون: ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے شہر میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف دودھ فروش مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران انبالہ ملک شاپ میں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال اور دودھ میں بڑی تعداد میں مکھیاں پائی گئیں، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے دکان کو سیل کر دیا گیا۔معائنے کے دوران انتظامیہ نے آلودہ اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیے گئے دودھ کو موقع پر ہی تلف کروا دیا، جبکہ دکان کے مالک کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ حفظانِ صحت کے تمام سرکاری ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری، خالص اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ، گوشت، بیکری آئٹمز اور دیگر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے تمام کاروباری حضرات حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ہوٹلوں ،ریسٹورنٹس، بیکریوں، دودھ فروش مراکز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کی باقاعدگی سے انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ جہاں بھی ناقص صفائی، غیر معیاری یا مضرِ صحت اشیاء کی فروخت سامنے آئی، وہاں بھاری جرمانوں، دکانوں کی سیلنگ اور قانونی کارروائی سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی مقام پر غیر معیاری یا مضرِ صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت یا صفائی کی ناقص صورتحال دیکھیں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5140/2026
گوادر/پسنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ضلعی انتظامیہ گوادر کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے پاک عمانی ہسپتال، مقامی ڈرگ ریبلیٹیشن سینٹر اور مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد عوام کو معیاری طبی سہولیات، محفوظ ادویات، معیاری اشیائے خوردونوش اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔اس موقع پر تحصیلدار پسنی عبدالرحمان بلوچ اور سوشل ویلفیئر آفیسر تصدیق اسلم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے پاک عمانی ہسپتال اور ڈرگ سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مین بازار کا دورہ کیا جہاں مختلف دکانوں پر اشیائے خوردونوش کی کوالٹی، صفائی کے انتظامات اور زائدالمیعاد (ایکسپائرڈ) اشیاء کی موجودگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کی صحت سے متعلق کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور صرف معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری نے کہا کہ عوامی صحت اور مفاد کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔زائدالمیعاد یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش اشیاء کی فراہمی کے لیے ایسے معائنہ جاتی دورے باقاعدگی سے جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5141/2026
کوئٹہ۔ 26 جون ۔۔۔ صوبائی مشیر وزیراعلی بلوچستان برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ حق، استقامت، صبر اور رضائے الٰہی کی یاد دلاتا ہے۔نواسہ رسول ص امام حسین نے ایک ظالم حکمران کی بیعت نہ کر کے میدان کربلا میں حق، سچائی اور قربانی کا ایسا کردار پیش کیا جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے اہل بیت کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی،شریعت محمدی کی بقاء عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے سامنے نہ جھکنے، اصولوں پر قائم رہنے اور حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عاشورہ دین اسلام کی سربلندی، قربانی اور ثابت قدمی کا عظیم درس دیتا ہے، نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ شہادتِ امام حسین حق و باطل کے درمیان ابدی معیار اور انسانیت کیلئے روشن مینار ہے۔واقعہ کربلا ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور اصولوں پر قائم رہنے کا لازوال پیغام دیتا ہے،

خبرنامہ نمبر 5142/2026
کوئٹہ، 26 جون:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ الحمدللہ بلوچستان بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے تمام مجالس اور جلوس پرامن ماحول میں خیر و عافیت سے اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول انتظامیہ، رضاکاروں، علمائے کرام، منتظمینِ مجالس و جلوس اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں نے بروقت، مؤثر اور مربوط کوآرڈینیشن کے ذریعے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے گزشتہ برسوں کے تجربات کی روشنی میں اس سال سکیورٹی اور انتظامی منصوبہ بندی کو مزید مؤثر، مربوط اور جامع بنایا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے درمیان بہترین رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کی بدولت عزاداروں کو پرامن ماحول میں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ کی طرح مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، برداشت اور ذمہ داری کا شاندار مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام ایک ہی صفحے پر ہیں اور یہی قومی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران فرائض انجام دینے والے پولیس، لیویز، ایف سی، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور جذبۂ خدمت کی بدولت پورے صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی آزادی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

خبرنامہ نمبر 5143/2026
کوئٹہ26 جون۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد یوسف ہاشمی نے یومِ عاشورہ کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن کے جلوسوں کی واپسی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی۔ اس دوران سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا تاکہ عزاداروں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔جلوسوں کے اختتام پر عزاداروں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات اور فول پروف سکیورٹی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پیدل واپس آنے والے عزاداروں کو حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ فراہم کرکے بحفاظت ہزارہ ٹاؤن پہنچایا گیا۔ موقع پر عزاداروں کی جانب سے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولت کو سراتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 5144/2026
اُستامحمد۔۔۔استا محمد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر ممتاز خان عمرانی کی قیادت میں مدرسہ بیت القرآن سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا جلوس میں شریک عزادار پر امن انداز میں اپنے عقیدت و احترام کا اظہار کیا .ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک آرمی اور ایف سی کی جانب سے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے تھے ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال، ایس پی اُستامحمد معاذ الرحمٰن، اسسٹنٹ کمشنر اُستامحمد رمضان اشتیاق، ڈی ایس پی اُستامحمد محمد داؤد خان کھوسہ، تحصیلدار اُستامحمد گامن خان بوہڑ، جلوس کے مختلف مقامات پر موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی
ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم سے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جلوس کے تمام روٹس اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اس موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اُستامحمد کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالجبار سومرو کی سربراہی میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس ٹیمیں عزاداروں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے یوم عاشورہ کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کی خوبصورت مثال بھی دیکھنے میں آئی، جہاں ہندو برادری کے نوجوان رہنما راجا مہاراج اداسی نے میلاد چوک پر شربت کی سبیل کا اہتمام کیا اور عزاداروں میں شربت تقسیم کیا
ضلعی انتظامیہ اُستامحمد تمام مکاتب فکر کے علماء، امن کمیٹی، پاک آرمی، ایف سی، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو، بلدیاتی اداروں، میڈیا نمائندگان اور عوام کا بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا، جن کے باہمی تعاون سے یوم عاشورہ کے انتظامات پرامن اور منظم انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچ گئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *