25th-July-2026

خبرنامہ نمبر 5119/2026
کراچی 25 جون : گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ جمہوری نظام ہی جمہور کی حقیقی حکمرانی کا ضامن ہے جہاں وسیع تر معاشی اور معاشرتی اشتراک ایک زیادہ منصفانہ اور مساویانہ معاشرے کے قیام کی راہ ہموار کرتا ہے۔ جمہوریت حقوقِ و فرائض کے دائرہ کار کے اندر ایک ضابطہ اخلاق کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ یہ شفافیت، احتساب ور مشترکہ ذمہ داری میں اچھی طرز حکمرانی کو بنیاد بنا کر شہریوں اور حکومتی اداروں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مستحکم بناتا ہے۔ بلاشبہ جمہوریت ہمارے پاس موجودہ پیچیدہ حالاٹ میں بھی سب سے زیادہ موثر اور معتبر سیاسی نظام ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق اختیارات اور بنیادی آزادیوں کے پیشِ نظر شہری اپنے مطالبات، ضروریات اور تحفظات منتخب عوامی نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہیں، سماجی چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہیں اور حکام کو عوام کے سامنے جوابدہ ٹھہراتے ہیں۔ جمہوری نظام میں عام شہری نئے سوالات اٹھانے کا حق رکھتے ہیں اور بعض اوقات حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں اور وہی تنقیدی نقطہ نظر اصلاحی پہلو بھی رکھتا ہے۔ اسطرح جمہوریت شہریوں اور انکے منتخب نمائندوں کے درمیان ایک زندہ مکالمہ کے طور پر کام کرتی ہے۔ گویا حقیقی جمہوریت میں معاشرہ کی خاموش اکثریت کو بولنے اور سننے کیلئے بھرپور موقع مل جاتا ہے۔ عام آدمی کی شرکت و شمولیت سے ایسے پائیدار حل ڈھونڈ لے جاتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوام کی حکومت، عوام کے ذریعے اور عوام کیلئے اصول پر جب عملدرامد یقینی بنایا جاتا ہے تو اس سے وسیع پیمانے پر قومی یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے جو دھیرے دھیرے ایک مشترکہ مستقبل کی شکل اختیار کرتا ہے اسطرح جہاں سماجی انصاف کی فراہمی، معاشی خودمختاری اور تعمیر و ترقی کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچنا شروع ہو جاتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5120/2026
کوئٹہ، 25 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ عاشور کے موقع پر حضرت امام حسینؓ اور اُن کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق، صداقت، عدل، صبر اور استقامت کا وہ لازوال پیغام ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی، حق کی بالادستی اور ظلم و جبر کے خلاف جس بے مثال جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ کربلا کا واقعہ ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق اور انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کا حوصلہ پیدا کیا جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یومِ عاشور اتحاد، اخوت، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کا دن ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عشرۂ محرم بالخصوص یومِ عاشور کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے بھرپور ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے علماء کرام، ذاکرین، منتظمینِ مجالس و جلوس اور عوام الناس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ہم امن اور استحکام کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کے فیوض و برکات سے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں حق و انصاف کے راستے پر چلنے کی توفیق دے۔

خبرنامہ نمبر 5121/2026
کوئٹہ 25 جون : بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ اور بالخصوص یوم عاشورہ ہمیں صبر، استقامت اور قربانی کا درس دیتا ہے، اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ 10 محرم الحرام کے دن نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے اہلِ بیت اور اپنے تمام جانثار ساتھیوں کے ہمراہ اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عالمِ اسلام اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ دینِ اسلام کی بقا کے لیے ظالم کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے شہادت کا مرتبہ حاصل کرنا ہی اصل زندگی ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ واقعہ کربلا قربانیوں کی ایک عظیم داستان ہے جو رہتی دنیا تک ظالموں کے لیے ایک سبق ہے کہ مسلمان حق، انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتے، صوبائی وزیر نے اس مبارک دن کے موقع پر اہلِ وطن کو پیغام دیا کہ ہم اسلام اور اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5122/2026
بارکھان، 25 جون:ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بارکھان احسام الدین کاکڑ نے بارکھان بازار کا دورہ کیا اور مختلف پٹرول پمپس، ہوٹلز اور روٹی تندوروں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران پٹرول پمپس پر پیمانوں اور مقدار کی جانچ کی گئی تاکہ صارفین کو مقررہ مقدار میں معیاری پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے تمام قانونی تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔اس موقع پر مختلف ہوٹلز اور روٹی تندوروں کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں اور اشیائے خوردونوش کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہوٹل مالکان اور دکانداروں کو صفائی کے بہتر انتظامات برقرار رکھنے اور عوام کو معیاری اشیاء و خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر احسام الدین کاکڑ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ، اشیائے ضروریہ کے معیار کی نگرانی اور سرکاری ضوابط پر عملدرآمد کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں، پٹرول پمپس اور دیگر کاروباری مراکز کے معائنے باقاعدگی سے جاری رہیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 5123/2026
نصیرآباد25 جون۔ 9ویں محرم الحرام کا ماتمی عزاداری جلوس کربلائی امام بارگاہ حسینی پٹ فیڈر کینال پل سے متولی حاجی ہدایت اللہ گورشانی علامہ مشتاق عمرانی کی قیادت میں برآمد ہوا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ تک پولیس کے سخت سیکورٹی حصار میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی نگرانی ڈپٹی کمشنر نصیر آباد وریندر لعل کے احکامات پر تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی معظم علی جتوئی نے کی۔ ڈی ایس پی شمن علی سولنگی اور بابو اصغر رند سمیت امن کمیٹی کے ممبران بھی ہمراہ تھے جبکہ سیکورٹی کے مزید سخت انتظامات کےلئے سی سی ٹی وی وین کے ذریعے بھی نگرانی کی جاتی رہی۔ جلوس کے روایتی راستے کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے تمام ٹریفک کی روانی کو بند رکھا گیا تھا جلوس کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی کی قیادت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمبولینس کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔

خبرنامہ نمبر 5124/2026
خضدار ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خضدار عبدالقدوس دہوار نے نئے تعینات ہونے والے ( ڈی ایس پیز) کے ہمراہ علامہ محمد عمر دین پوری پبلک لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ تعلیم طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی عبدالقدوس دہوار نے کہا کہ خضدار کے باصلاحیت نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات خصوصاً بلوچستان پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری میں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک منفرد اور انقلابی رہنمائی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نئے تعینات ہونے والے ڈی ایس پیز باقاعدگی کے ساتھ طلباء و طالبات کے لیے تربیتی اور رہنمائی سیشنز منعقد کریں گے تاکہ نوجوانوں کو امتحانات کی تیاری، انٹرویو کی تکنیک، وقت کے مؤثر استعمال اور کامیابی کے عملی اصولوں سے آگاہ کیا جا سکےانہوں نے کہا کہ خضدار کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور مناسب رہنمائی و مواقع فراہم کرکے انہیں اعلیٰ سرکاری عہدوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ پولیس افسران کا یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا بلکہ انہیں اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا عبدالقدوس دہوار نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں جلد پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں سیشنز کے انعقاد کے اوقات، مقامات اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیاد طلباء و طالبات اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

خبرنامہ نمبر 5125/2026
کوئٹہ 25جون۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے مچھ سے آنے والے جلوس کی مسلسل نگرانی کی اس موقع پر تمام روٹ کو بند اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے اپنے ماتحت عملے اور متعلقہ اداروں کے ہمراہ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ان کی نگرانی میں مچھ سے آنے والے جلوس کو پرامن اور منظم انداز میں ہزارہ ٹاؤن تک پہنچایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

خبرنامہ نمبر 5126/2026
لسبیلہ۔ پارلیمانی سیکرٹری سیاحت و ثقافت وقانونی امور بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا ہیکہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی اوروفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی کی کوششوں سے صوبے میں صنعتی شعبےو تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سےصوبے میں ترقی کانیادورشروع ہوگا،ضلع لسبیلہ اورحب میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جلد مزید ترقیاتی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں لسبیلہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی امور سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری کو آگاہ کیا۔نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں، پینے کے صاف پانی، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ مزید ترقیاتی اسکیمیں بھی جلد شروع کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنے حلقے کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی میر سرفرازبگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے کوشاں ہے اور کسی بھی علاقے کو ترقی کے عمل سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر مختلف وفود نے نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے وفود کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوامی خدمت کا سلسلہ مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 5127/2026
لسبیلہ۔ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنرآفس میں منعقد ہوا،جس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات اور محکمہ ہیلتھ کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قمر رونجھو،پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم ڈاکٹر منصور ملک،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد،ایم ایس سول ہسپتال بیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم سمیت محکمہ صحت کے آفیسران اور اسسٹنٹ خزانہ آفیسر محمدانور رونجھونےاجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع لسبیلہ میں عوام کو صحت کی بنیادی اور ثانوی سہولیات کی فراہمی، ہسپتالوں کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں پی پی ایچ آئی اور سرکاری ہسپتالوں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

خبرنامہ نمبر 5128/2026
موسی خیل 25جون: وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کے وژن کے تحت عوام کو بہتر سفری سہولیات پہنچانے کے عملی اقدامات کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر درگ گل نواز بلوچ کی زیر صدارت تحصیل درگ کے تمام روٹس کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے تمام روٹس کے کرایوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد سرکاری طور پر نیا کرایہ نامہ (ریٹ لسٹ) جاری کی جائے گی، جس کی پابندی تمام ٹرانسپوٹرز پر لازم ہوگی، اگر کوئی ڈرائیور مقررہ کرایہ نامے کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی تو کرایوں کی نئی سرکاری ریٹ لسٹ دوبارہ جاری کی جائے گی۔ اس موقع پر تمام ٹرانسپورٹرز نے اسسٹنٹ کمشنر کو یقین دلایا کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے حکم کی تعمیل کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تمام ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹر حضرات کے تمام مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور یہ سب کچھ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے ممکن ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *