خبرنامہ نمبر4507/2026
کوئٹہ 28 مئی: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج جب ہم اپنی قوم کے ماضی کے اہم لمحات پر غور کرتے ہیں، ہمیں اتحاد اور عزم کی طاقت کی یاد دلائی جاتی ہے۔ 28 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ دن مسلم ممالک کے درمیان پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کا دن ہے۔ اس کامیابی سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن گیا۔ آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر کھڑا ہے جو پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ، جوہری طاقت کی موجودگی میں، آبادی کی بڑھوتری اب طاقت کا حکم نہیں دیتی۔ اب ہمیں پوری قوم اور اس کے صوبوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہیے جیسا کہ ہم مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں، آئیے ملک کی ترقی کیلئے اپنے نئے عزم کی تجدید کریں اور ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار سلامتی کے حصول میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔
خبرنامہ نمبر4508/2026
کوئٹہ 27مئی: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عیدالاضحیٰ کی نماز گورنر ہاؤس کوئٹہ کی مسجد میں ادا کی۔ صوبائی وزیر محمد خان لہڑی، صوبائی سیکرٹریز، ایڈووکیٹ جنرل عدنان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے اختتام پر امت مسلمہ کی ترقی، سلامتی اور اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعدازاں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اراکین پارلیمنٹ، اعلیٰ سرکاری افسران اور عام شہریوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے چمن پھاٹک کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں سیکیورٹی فورسز اور سویلین شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور انہوں نے وطن عزیز پاکستان کے دفاع اور سالمیت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور موجودہ حالات میں ہمیں باہمی اتحاد و یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
خبرنامہ نمبر4509/2026
کوئٹہ 27مئی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الضحٰی کے موقع پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں نماز عید ادا کی اس موقع پر صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، قومی یکجہتی، بلوچستان کی ترقی، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کے اتحاد و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عیدگاہ میں شہریوں، عمائدین، منتخب نمائندوں اور سرکاری حکام سے عید ملی کی اور انہیں عید الضحٰی کی مبارکباد پیش کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید الضحٰی حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے اور ہمیں قربانی، ایثار، صبر، اتحاد اور جذبہ? اخوت کا درس دیتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے خصوصی عید پیغام میں اہل وطن بالخصوص اہلیان بلوچستان کو عید الضحٰی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے تناظر میں حکومت بلوچستان نے عید الضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک رہا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں پیش آنے والا دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پوری قوم کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دل و جان سے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور قیام امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عید الضحٰی کے موقع پر بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پہلی مرتبہ منظم صفائی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں میونسپل سروسز کا عملہ عید ایام کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گا جبکہ صفائی پر مامور ٹیمیں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرکے مقررہ مقامات پر تلف کریں گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میونسپل سروسز کے عملے، ضلعی انتظامیہ اور صفا کوئٹہ کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ صفائی کا نظام مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے اور عید کے ایام میں شہری ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو عید کے دوران بہترین شہری سہولیات، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام پرامن اور خوشگوار ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔
خبرنامہ نمبر4510/2026
کوئٹہ 27مئی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الضحٰی کی نماز کی ادائیگی کے فوراً بعد سانحہ چمن پھاٹک کے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے ان سے دلی ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا اس موقع پر صوبائی وزراء، منتخب عوامی نمائندے اور اعلیٰ حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بلوچستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات میں شہید ہونے والے افراد پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ہم اپنے شہداء کے مقدس خون کے مقروض ہیں جنہوں نے عوام اور وطن کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ چمن پھاٹک کے متاثرین کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا اور حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی اور بدامنی کے متعدد واقعات کا سامنا کیا ہے 2002 کے بعد صوبے کے حالات خراب ہوئے اور جسٹس نواز مری کے قتل سمیت مختلف سانحات نے بلوچستان کے امن و استحکام کو متاثر کیا، تاہم تمام تر حالات کے باوجود بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ حوصلے، صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج پاکستان اور بلوچستان ترقی، استحکام اور بہتری کی جانب گامزن ہیں اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کا کردار مزید مضبوط اور مؤثر انداز میں سامنے آرہا ہے عالمی معاملات، خصوصاً ایران تنازعہ کے حل میں پاکستان ذمہ دارانہ اور کلیدی کردار ادا کررہا ہے جبکہ سیاسی و عسکریقیادت کی فہم و فراست نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں دشمن قوتیں خصوصاً بھارتی خفیہ ایجنسی“را”اور اس کی پراکسیز پاکستان اور بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہوجاتی ہیں تاہم بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز جاری ہیں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 10 سے 12 دہشت گرد مارے گئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں کبھی طاقت کا اندھا استعمال نہیں کیا گیا جہاں ایسی کارروائیاں ہوتی ہیں وہاں پورے پورے علاقے خالی کرائے جاتے ہیں بلوچستان میں کسی جگہ ایسا نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں سے نمٹنے کی مکمل استعداد اور پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم انٹیلیجنس ڈریون وار اور گرے زونز میں کام کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے جہاں دوست اور دشمن کے درمیان فرق کرنا آسان نہیں رہتا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دشمن واضح ہو تو کارروائی نسبتاً آسان ہوتی ہے اور دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد بعض عناصر ریاست پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم چلاتے ہیں جبکہ حکومتی اخراجات پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے بعض افراد بھی ریاست مخالف بیانیے کو تقویت دینے کی کوششوں میں مصروف پائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کی صفوں میں بیٹھ کر تشدد، نفرت اور انتشار کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کالعدم تنظیموں سے زیادہ خطرناک ہیں کیونکہ ایسے عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، عوام اور سیکیورٹی ادارے مل کر دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبرنامہ نمبر4511/2026
کوئٹہ، 27 مئی 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عید الضحٰی کے پرمسرت موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی ملاقاتوں کے دوران شرکاء نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں امن و استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، جاری ترقیاتی اقدامات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الضحٰی ہمیں قربانی، ایثار، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے اور موجودہ حالات میں ان اقدار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی خدمت، پائیدار امن، شفاف طرز حکمرانی اور صوبے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہر دور میں صبر، حوصلے اور استقامت کی روشن مثال قائم کی ہے اور حکومت ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کیلئے تمام ادارے بھرپور انداز میں متحرک ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت کا وژن ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان ہے، جس کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید کے اس پرمسرت موقع پر باہمی محبت، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرہ مزید مستحکم اور متحد ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر4512/2026
کوئٹہ 28 مئی: یومِ تکبیر کے موقع پر صوبائی وزیر و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی علی مدد جتک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم، تاریخی اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب وطنِ عزیز نے ایٹمی دھماکے کرکے دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی غیرت، اتحاد، خودداری اور دفاعی قوت کی علامت ہے۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن، قومی قیادت کے عزم، ممتاز سائنسدانوں خصوصاً ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور مسلح افواج کی قربانیوں کی بدولت پاکستان عالمِ اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑوں میں ہونے والے ایٹمی دھماکوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنادیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے فخر، عزم اور تجدیدِ وفا کا دن ہے۔ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر پاکستانی کو اتحاد، اتفاق اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔حاجی علی مدد جتک نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ متحد قومیں ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہیں، اور پاکستان ہمیشہ ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ریاست کے طور پر قائم رہے گا۔ پاکستان زندہ باد۔
خبرنامہ نمبر4513/2026
کوئٹہ 28 مئی: آصف آباد جتک ہاؤس میں عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر صوبائی وزیر و خادمِ سریاب حاجی علی مدد جتک سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دوست احباب، سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ملاقاتیں کیں اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر خوشگوار ماحول میں عید کی مبارکبادوں کا تبادلہ کیا گیا جبکہ ملاقات کرنے والوں نے حاجی علی مدد جتک کی عوامی خدمات، سیاسی جدوجہد اور حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، بھائی چارے، محبت، ایثار اور اتحاد کا درس دیتی ہے، اور ہمیں چاہیے کہ اس مقدس تہوار کی حقیقی روح کو اپناتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت اور یکجہتی کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔حاجی علی مدد جتک نے اس موقع پر تمام کارکنان، حلقے کے عوام اور پوری قوم کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
خبرنامہ نمبر4514/2026
کوئٹہ 27 مئی:بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے عید الاضحیٰ کے مبارک دن کے موقع پر تمام اہلیان وطن کو مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کا دن ہمیں اخوت،، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے یہ دن ہمیں پیغام دیتا ہے کہ ہم قربانی اور رواداری کے جذبے سے سر شار ہو کر ملک، قوم اور ملت کی ترقی و خوشحالی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ شہر میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے نے پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان کے عوام کو دلی صدمہ پہنچا اور اس واقعے میں لوگوں کی قیمتی جانوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصانات بھی ہوئے، صوبائی حکومت نے ان حالات کے پیش نظر فیصلہ کیا کہ عید سادگی سے منایا جائے لہذا عید کے موقع پر ہم اپنی خوشیوں میں اپنے نادار رشتے دار اور ہمسایوں کو بھی ضرور شامل کریں تاکہ وہ بھی ان مبارک ایام کو خوشی اور سکون سے گزار سکیں، انہوں نے عید کے ان مبارک لمحات میں امسال حج کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے حجاج سمیت پوری امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی دعاؤں میں وطن عزیز میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
خبرنامہ نمبر4515/2026
رکھنی، 27 مئی:ڈی آئی جی کوہ سلیمان ایاز بلوچ اور ایس پی بارکھان ڈاکٹر سعد آفریدی کی خصوصی ہدایات پر عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے رکھنی پولیس نے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی جامع تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عید کے ایام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ بھی کر دیا گیا ہے جبکہ گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو اطلاع دیں۔رکھنی پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور پُرامن ماحول کے قیام کے لیے عید الاضحیٰ کے دوران سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر4516/2026
صحبت پور 27مئی: ڈپٹی کمشنر میڈم فریدہ ترین کی ہدایت کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر جیل پولیس اسٹیشن صحبت پور کا تفصیلی دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے مٹھائیاں تقسیم کیں اس موقع پر قیدیوں کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نمایاں تھا اسسٹنٹ کمشنر نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے مجموعی انتظامات صفائی کی صورتحال سیکیورٹی اقدامات اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا انہوں نے جیل عملے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو بہتر ماحول، معیاری خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جیل کے انتظامی معاملات میں شفافیت، نظم و ضبط اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، جبکہ قیدیوں کی اصلاح اور فلاح کے لیے مثبت سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے۔
خبرنامہ نمبر4517/2026
صحبت پور 27مئی:۔عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت بابرکت اور روح پرور موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور محترمہ فریدہ ترین نے شیخ کمیونٹی کے معزز عمائدین سے خصوصی ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کمیونٹی کے تمام افراد کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ملاقات نہایت خوشگوار، دوستانہ اور باہمی احترام کے ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے کمیونٹی کے معززین سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ان کی خیریت دریافت کی، درپیش مسائل اور سماجی امور پر گفتگو کی اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا اس موقع پر محترمہ فریدہ ترین نے عید کے تحائف بھی تقسیم کیے، جس سے خوشی اور یگانگت کے جذبات کو فروغ ملا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر صحبت پور نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، اتحاد، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس موقع پر ہمیں چاہیے کہ ہم معاشرے میں ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام اور اخوت کو فروغ دیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، سماجی یکجہتی کے استحکام اور عوام کو درپیش مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ایک مثالی معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے
خبرنامہ نمبر4518/2026
استا محمد 27مئی:۔۔عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر استا محمد، محمد رمضان پلال اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈی ایچ او ڈاکٹر امیر علی جمالی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ٹی ایچ کیو ہسپتال اُستا محمد کا تفصیلی دورہ کیادورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، خصوصاً ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا انہوں نے زیرِ علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال اور ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کی حاضری کا جائزہ لیا اس موقع پر ہسپتال میں جاری سروسز کا بغور مشاہدہ کیا گیا تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی ان کی خیریت دریافت کی اور عید کی خوشیوں میں شریک کرتے ہوئے انہیں عیدی بھی تقسیم کی انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جس پر لواحقین نے اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عید کے ایام میں عوام کو بلا تعطل بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیانہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایمرجنسی سروسز ہر وقت فعال رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے ڈی ایچ او ڈاکٹر امیر علی جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی ڈیوٹیز کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار یا ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے دورے کے موقع پر ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے
خبرنامہ نمبر4519/2026
بارکھان 27 مئی 2026) مرکزی عیدگاہ بارکھان میں عیدالاضحیٰ کی نماز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح تحصیل رکنی اور رڑکن میں بھی عید نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔نماز عید کے اجتماعات میں ملک پاکستان کی سلامتی، امن و امان، ترقی و خوشحالی اور عالم اسلام کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مرکزی عیدگاہ سمیت اہم مقامات اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔نماز عید کے بعد سنتِ ابراہیمیؑ کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر بچے، بوڑھے اور نوجوان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتے دکھائی دیے۔
خبرنامہ نمبر4520/2026
نصیرآباد۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے عیدالاضحیٰ کی تمام تر سرکاری و نجی مصروفیات کو پس پشت ڈال کر انسان دوستی، ہمدردی اور خدمتِ خلق کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے عید کی خوشیاں قیدیوں اور مریضوں کے ساتھ گزاریں۔جبکہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر عید گاہوں مساجد کا بھی دورہ کیا سکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا اور شہر بھر سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے کے متعلق آگاہی حاصل کی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ اور ڈپٹی کمشنر کے پرسنل سیکرٹری منظور احمد شیرازی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے ڈسٹرکٹ جیل ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشیوں، محبتوں، ایثار اور ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے کا نام ہے۔ انہوں نے قیدیوں میں بریانی تقسیم کی جس پر قیدیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اس انسان دوست اقدام کو سراہا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور مریضوں و ان کے تیمارداروں میں مٹھائی تقسیم کرکے عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عید کے دن ان کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یہ محبت بھرا رویہ ان کے لیے کسی بڑی خوشی سے کم نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے اور معاشرے کے محروم، بیمار اور مشکلات کا شکار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
خبرنامہ نمبر4521/2026
بارکھان، 28مئی:ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بارکھان احسام الدین کاکڑ نے عیدالاضحیٰ کے پہلے روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بارکھان (DHQ) کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی جبکہ مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر بعض ملازمین کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور غیر حاضر عملے کے نام نوٹ کر لیے۔اسسٹنٹ کمشنر بارکھان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر عملے کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور تمام طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر4522/2026
بارکھان، 28 مئی:ڈپٹی کمشنر بارکھان جناب سعید الرحمن کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بارکھان کی زیر نگرانی عیدالاضحیٰ کے پہلے روز شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا عمل بھرپور انداز میں جاری رہا۔میونسپل کمیٹی بارکھان کا عملہ مختلف شاہراہوں، محلوں اور عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور دیگر باقی ماندہ مواد کو بروقت اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں مصروف رہا تاکہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ بارکھان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی صفائی مہم جاری ہے، جس کے تحت شہر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے صفائی عملے کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنایا جائے اور آلائشوں کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور قربانی کی آلائشیں اور کچرا مقررہ مقامات پررکھیں تاکہ صفائی کا عمل بروقت اور بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی بارکھان عید کے ایام میں عوامی خدمت اور صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔
خبرنامہ نمبر4523/2026
لورالائی، 28 مئی:چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللہ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر شہر کو گرد و غبار اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی لورالائی کے شعبہ سینیٹیشن کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور مختلف علاقوں میں پانی کے خصوصی چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔میونسپل کمیٹی کے واٹر ٹینکرز کے ذریعے جاری اس خصوصی آپریشن کا مقصد صبح کے اوقات میں اڑنے والی دھول مٹی کا خاتمہ، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور بالخصوص موٹر سائیکل سواروں، پیدل چلنے والوں اور دکانداروں کو گرد و غبار سے بچانا ہے۔چیئرمین طاہر خان ناصر نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ماحول کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ چیف آفیسر محیب اللہ بلوچ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ پانی کے چھڑکاؤ کا عمل روزانہ مختلف شفٹوں میں جاری رکھا جائے تاکہ شہر کا ہر علاقہ گرد و غبار سے پاک رکھا جا سکے۔میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ پانی کے چھڑکاؤ کے بعد سڑکوں پر دوبارہ کچرا یا مٹی نہ پھینکی جائے تاکہ صفائی کا عمل برقرار رہے اور کیچڑ بننے سے بچا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر4524/2026
لورالائی، 28 مئی:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن اور کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللہ بلوچ کی نگرانی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔میونسپل کمیٹی لورالائی کا عملہ عید کے دنوں میں بھی دن رات متحرک رہتے ہوئے شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی یقینی بنانے میں مصروف ہے۔ صفائی ٹیموں نے شہر کے مختلف زونز میں کارروائیاں کرتے ہوئے الفلاح مسجد، وکیل ایاز مسجد، امیر زمان میدانی، سبزی منڈی بخمہ محلہ، ڈاکٹر صالح کالونی، لیویز لائن گرلز کالج روڈ، مرغی خانہ، ڈاکٹر عطاء گل ٹپ، بی آر ایس پی دفتر کے اطراف، باگڑی میدان، لیویز لائن محلہ، پہاڑی محلہ، گنجئی محلہ، محمدان گلی، سٹی کلینک، ہزارہ محلہ، حبیب پلازہ اور پولیس لائن محلہ سمیت متعدد علاقوں سے آلائشیں اور کچرا فوری طور پر اٹھا کر ٹھکانے لگا دیا۔خصوصی صفائی مہم کے دوران سلیم داد ولی زون میں جانوروں کے خون اور آلائشوں پر چونا بھی ڈالا گیا تاکہ بدبو، تعفن اور جراثیم کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ کئی علاقوں میں صفائی کا عمل دوسری مرتبہ مکمل کیا گیا، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا۔چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین اور صاف ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ چیف آفیسر محیب اللہ بلوچ نے صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ عید کے تمام ایام میں صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھا جا سکے۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی لورالائی کے بروقت اقدامات اور فیلڈ میں موجود عملے کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ عید کے موقع پر صفائی کے انتظامات پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور مؤثر نظر آئے۔میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آلائشیں اور کچرا مقررہ مقامات پر رکھیں اور صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ“صاف لورالائی، خوبصورت لورالائی”مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر4525/2026
لورالائی28مئی 2026: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل اور منشیات بحالی مرکز میں مٹھائی تقسیم لورالائی ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل مخیتر یحییٰ خان کاکڑ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل لورالائی اور منشیات بحالی ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں قیدیوں اور زیر علاج منشیات کے عادی افراد میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یحییٰ خان کاکڑ نے قیدیوں اور مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ خوشیوں، بھائی چارے اور ایثار کا تہوار ہے، اور ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جیل میں موجود قیدی اور بحالی مرکز میں زیر علاج افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں، جن کی فلاح و بہبود اور بہتر نگہداشت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔دورے کے دوران جیل انتظامیہ اور بحالی مرکز کے عملے نے اسسٹنٹ کمشنر کو قیدیوں اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی، خوراک اور طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں اور مریضوں کے انسانی حقوق کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ عید کے ایام خوشگوار ماحول میں گزارے جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر4526/2026
قلات 28مئی:یوم تکبیر کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال قلات میں محکمہ تعلیم قلات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی ڈی ایس پی ماہیوال ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثاراحمدنورزئی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ ثناء سمیت مختلف سکولوں کے طلباء طالبات تمام محکموں کے سربراہان سمیت لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں طلباء وطالبات نے یوم تکبیر کے مناسبت سے تقاریر ملی نغمے ٹیبلوز حمدنعت پیش کئے اور اپنے وطن عزیزسے محبت کااظہارکیایوم تکبیر کے مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی ڈی ایس پی ماہیوال ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار نورزئی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ ثناء ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عید محمدملازئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئی کہاکہ یومِ تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک عظیماور ناقابلِ فراموش دن ہے۔ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا بلکہ پوری دنیا پر یہ واضح کردیا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی اور قومی وقار کے تحفظ کی صلاحیت رکھتا ہے یومِ مقررنین نے کہا کہ یوم تکبیر ہمیں قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہییہ دن ہمارے سائنسدانوں،افواجِ پاکستان سیاسی وعسکری قیادت کی انتھک محنت، قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر امتِ مسلمہ کا سر فخر سے بلند کیامقررین نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم ملکی ترقی، استحکام اور امن کیلئے مل کر کام کریں گے اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گیمقررنین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ قومی تاریخ سے آگاہی حاصل کریں اور اپنے کردار، تعلیم اور محنت کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تقریب کے آخر میں انہوں نے قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔
خبرنامہ نمبر4527/2026
قلات۔ 28مئی:ملک بھرکی طرع قلات میں 28 مئی یوم تکبیرقومی جوش وجذبے کے ساتھ منایاجارہاہے قلات انتظامیہ کی جانب سے یوم تکبیر کیسلسلے میں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے ایک شانداریلی ڈپٹی کمشنرقلات منیراحمددرانی کی زیرقیادت نکالی گء ریلی میں تمام محکموں کے سربراہان اور قلات کے غیورعوام نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ریلی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوکر قلات بازار اور شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے واپس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر پولیس فورس کی جانب سے سکیورٹی کے موثر انتظام کیئے گئے تھے









