خبرنامہ نمبر 3940/2026
صحبت پور11مئی ۔ صحبت پور میں کنٹریکٹ ٹیچنگ اسٹاف کی فیز فور بھرتیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے جائزے اور بھرتی کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران، ضلعی کمیٹی اراکین اور دیگر ذمہ دار حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شارٹ لسٹ کیے گئے تمام امیدواروں کو ایک ایک کرکے طلب کیا گیا اور ان کے کوائف، تعلیمی اسناد، پروفیشنل ڈگریوں، تجرباتی سرٹیفکیٹس اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ بھرتیوں کے تمام مراحل کو میرٹ، انصاف اور حکومتی پالیسی کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ہر امیدوار کے ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا گیا جبکہ موصول ہونے والی شکایات کو بھی مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت نہایت سنجیدگی سے سنا اور نمٹایا گیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ بھرتی کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، سفارش یا میرٹ کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام فیصلے صرف اور صرف قابلیت، اہلیت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکائنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع صحبت پور میں کنٹریکٹ ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتیوں کو مکمل طور پر صاف، شفاف اور غیر جانبدار بنایا جائے گا تاکہ اہل اور مستحق امیدواروں کو ان کا حق مل سکے۔ حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں انصاف اور برابری کے اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور ہر امیدوار کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ محکمہ تعلیم میں بہترین اور قابل افراد کی شمولیت ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ حکام نے اس امید کا اظہار کیا کہ شفاف اور منصفانہ بھرتی عمل سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ ضلع صحبت پور میں تعلیمی معیار کی بہتری میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3941/2026
نصیرآباد11مئی ۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن عسکر خان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نصیرآباد نیک محمد کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ اطلاعات نصیرآباد ڈویژن کے افسران و عملے نے بھرپور شرکت کی اجلاس میں اسسٹنٹ کلرک غلام حسین جمالی، آرٹیکل رائٹرز اختر منگی اور علی رضا منجھو، اسسٹنٹ کمپیوٹر آپریٹر شیر خان عمرانی، جونیئر کلرک محمد نعیم اور فوٹو گرافر مجاہد حسین بھنگر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران نصیرآباد ڈویژن میں سرکاری امور کی انجام دہی، محکمانہ کارکردگی، درپیش مسائل، عوامی روابط کے فروغ اور حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ اسٹاف کو فرائض کی انجام دہی میں درپیش امور پر آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نصیرآباد نیک محمد نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے محکمہ اطلاعات پر جو اہم ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں انہیں پوری دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی عوام دوست پالیسی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن عسکر خان کی واضح ہدایات کے مطابق صوبے بالخصوص نصیرآباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور حکومتی کارکردگی کو مزید موثر، جامع اور مثبت انداز میں اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام تک درست معلومات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران و اہلکار اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومتی کاوشوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کے حوالے سے معیاری تحریریں، خبریں، فیچر آرٹیکلز، تصاویر، ویڈیوز اور معلوماتی پوسٹرز تیار کریں تاکہ حکومتی اقدامات کو نہ صرف نمایاں کیا جا سکے بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے سختی سے ہدایات جاری کیں کہ دفاتر میں غیر حاضری، غفلت، سستی یا فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور حاضری کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہلکار اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے اور محکمانہ نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی آگاہی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ محکمہ اطلاعات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر سوشل میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور روایتی ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکومتی ترقیاتی عمل کو موثر انداز میں عوام کے سامنے پیش کرے تاکہ ریاستی ترقی، عوامی فلاح اور حکومتی خدمات کا حقیقی تصور معاشرے میں اجاگر ہو سکے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈویڑنل ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نصیرآباد نیک محمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ اطلاعات نصیرآباد ڈویژن کا تمام عملہ اجتماعی کوششوں، بہتر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ حکومتی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتا رہے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3942/2026
برشور۔11مئی۔ڈپٹی کمشنر ضلع برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالدشمس 14 مئی کو کھلی کچہری منعقد کریں گے،ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 14 مئی بروز جمعرات دن گیارہ بجے گورنمنٹ انٹر کالج برشور میں عوام کے مسائل کے بروقت حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ آفسران،سول سوسائٹی کے اراکین،صحافی حضرات اور عوام الناس شرکت کریں گے،اس کھلی کچہری کا مقصد عوامی مشکلات و مسائل کا سننا اور ان کے فوری حل کے لیے موثر اقدامات کرنا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3943/2026
گوادر/اورماڑہ: 11مئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں صحت عامہ کی سہولیات کو موثر، معیاری اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق بلوچ کے ہمراہ آر ایچ سی اورماڑہ اور ایم این سی ایچ سینٹر اورماڑہ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں او پی ڈی، میل و فیمیل وارڈز، ڈینٹل یونٹ، ای پی آئی سینٹر، ایکسرے روم اور دیگر طبی سہولیات شامل تھیں۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر انچارج آر ایچ سی ڈاکٹر علی اکبر لال نے اسپتال کو درپیش مسائل، طبی سہولیات اور جاری امور سے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر یاسر طاہر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بی اینڈ آر کے ایس ڈی او جنید کاشانی کو اسپتال کی مرمتی و بحالی سے متعلق ضروری کاموں کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے جلد از جلد اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو صفائی ستھرائی، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد، طبی آلات کی فعالیت اور ڈاکٹرز و عملے کی پابندیِ اوقات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ایم این سی ایچ سینٹر اورماڑہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولیات، طبی عملے کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو فوری بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3944/2026
گوادر/اورماڑہ: 11مئی ۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے دورہ اورماڑہ کے دوران شہر کے مختلف ترقیاتی، انتظامی اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بی ایس ڈی آئی کے تحت میں زیر تعمیر فشرمین شیڈ کا معائنہ کیا اور منصوبے کے معیارِ تعمیر، افادیت اور ماہی گیروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماہی گیر برادری کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ان کے معاشی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اپنے دورے کے دوران ماہی گیروں سے ملاقات بھی کی اور ان کے درپیش مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ماہی گیروں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اور فوری اقدامات کیے جائیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اورماڑہ ٹاون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میونسپل سروسز، صفائی ستھرائی کے نظام اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی کے نظام میں مزید بہتری اور شہری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مختلف بازاروں اور دکانوں کا بھی معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور عمومی انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے پلے گراونڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کا سامان، جس میں بیٹس، یونیفارم اور دیگر ضروری کھیلوں کا سامان شامل ہے، فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، کھیلوں کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3945/2026
تربت. 11 مئی ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی کی زیرِ صدارت انجمن تاجران کیچ اور پولیٹری نمائندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا.جس میں عوام کو اشیائے خوردونوش خصوصاً پولیٹری کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تمپ شیحق حیات, انجمن تاجران کیچ کے رہنماوں نثار احمد جوسکی، اعجاز احمد جوسکی، پولیٹری نمائندوں دین محمد، شاہد علی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے نمائندے نیاز احمد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولیٹری مارکیٹ کے موجودہ نرخوں، سپلائی اور عوامی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ شہریوں کو مناسب اور سرکاری نرخوں پر مرغی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ کی واضح ہدایات ہیں کہ ضلع کیچ کے عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے اور مصنوعی مہنگائی یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے متحرک ہے اور پولیٹری نرخوں کی ہفتہ وار بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ سروے اور تاجروں سے مشاورت کے بعد مرغی کے نئے سرکاری نرخ مقرر کیے گئے ہیں جن کے مطابق مرغی برائلر زندہ ہول سیل فی کلو 500 روپے، مرغی برائلر زندہ پرچون فی کلو 520 روپے جبکہ مرغی برائلر گوشت فی کلو 720 روپے مقرر کیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر تربت نے واضح کیا کہ ضلع کیچ کے تمام دکاندار اور پولیٹری فروش سرکاری نرخ نامے کے مطابق خرید و فروخت کے پابند ہوں گے جبکہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی کے عوام دوست اقدامات، موثر انتظامی حکمت عملی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بروقت فیصلوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ کیچ کے ان اقدامات سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3946/2026
سبی 11 مئی ۔انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان میجر جنرل عاطف مجتبی نے ضلع سبی میں بلوچستان سپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے تحت مختلف عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ سبی سکاوٹس کرنل منیر احمد سلطان، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، ایس ایس پی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سب سے پہلے گورنمنٹ ایلیمنٹری گرلز کالج سبی میں ٹیوب ویل اور آر او فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ایکسین پی ایچ ای شہزادہ فرخ بلوچ نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے سے طالبات اور علاقے کے لوگوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بعد ازاں آئی جی ایف سی نارتھ نے پریس کلب سبی میں تعمیر کیے گئے نئے ہال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایکسین یو پی اینڈ ڈی رازق مری نے ہال میں فراہم کی جانے والی سہولیات، تعمیراتی معیار اور صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہال کی تعمیر سے صحافی برادری کو بہتر پیشہ ورانہ ماحول میسر آئے گا۔ آخر میں واٹر سپلائی لائن منصوبے کا افتتاح کیا گیا، جس کے تحت غریب آباد اور الہ آباد کے سینکڑوں خاندانوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ اس منصوبے کو عوامی فلاح کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سبی اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی قیادت میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبی نے کہا کہ عوامی نوعیت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر ہوتی ہے بلکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، صاف پانی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ آئی جی ایف سی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو ترقی کے ثمرات براہ راست پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی اصل کامیابی ہے اور تمام ادارے اسی جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3947/2026
کوئٹہ 11مئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد یوسف ہاشمی اور اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے ائیرپورٹ روڈ پر حکومت کی جانب سے نافذ کردہ اسمارٹ لاک ڈاون کی نگرانی کی۔ان کارروائی کے دوران مختلف ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کا معائنہ کیا گیا۔ جہاں حکومتی احکامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 6 مالکان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام اور کاروباری حضرات کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی احکامات اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3948/2026
کوئٹہ 11مئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ سے انجمن تاجران بلوچستان کے صدر قیوم آغا کی نمائندگی میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر میں نافذ سمارٹ لاک ڈاون، تاجروں کو درپیش مسائل، ٹریفک کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبا دلہ خیال کیا گیا۔وفد نے تاجروں کو درپیش مسائل، کاروباری سرگرمیوں، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات سے متعلق اپنے تحفظات و تجاویز پیش کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے وفد کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل اور شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاون کا مقصد حکومت سے جانب سے کفایت شعاری کو فروغ دینا اور بحرانی کیفیت کا مقابلہ کرنا ہے جبکہ اس اہم مسئلے پر کاروباری طبقے کے تحفظات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔اور ایسے قابل فہم حل تلاش کیا جائے گا جس سے انتظامیہ ،تاجران اور عوام مطمئن رہیں اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور انجمن تاجران نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3949/2026
کوئٹہ 11مئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیرصدارت لوکل/ڈومیسائل برانچ کے افسران و اہلکاروں کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لوکل و ڈومیسائل برانچ سے متعلق امور، زیرِ التوا کیسز اور عوام کو درپیش مشکلا ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ لوکل/ڈومیسائل کے پرنٹ کوئٹہ پہنچ چکے ہیں، جس کے بعد دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اب باقاعدہ طور پر پرنٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور تمام زیرِ التوا کیسز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عملہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3950/2026
کوئٹہ 11مئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوام دوست پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اوپن ڈور پالیسی اور کھلی کچہری کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہےاس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اپنے دفتر میں براہ راست عوام کے مسائل سنے۔اس اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری اور موثر حل یقینی بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سائلین سے براہِ راست ملاقاتیں کی جا رہی ہیں، جہاں شہری بلا خوف و جھجھک اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی اور بروقت حل کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے زمینوں کے تنازعات، ریونیو معاملات، صفائی، پانی کی فراہمی، تجاوزات، پرائس کنٹرول، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر مہراللہ بادینی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوامی خدمت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنا، اعتماد بحال کرنا اور مسائل کے حل کے عمل کو تیز بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ ایک ذمہ دار حکومت اور فعال انتظامیہ کی پہچان ہے، اسی لیے تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی اس عوامی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اوپن ڈور پالیسی اور کھلی کچہری کے تسلسل سے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3951/2026
کوئٹہ11 مئی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی بصیرت افروز لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ہمیں بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں ہزاروں طلبائ اور طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے پر فخر ہے۔ یہ تعلیم دوست اقدام ہمارے نوجوانوں کو پل پل بدلتی دنیا سے جڑنے اور عصرحاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے لیس کریگا۔ اسطرح پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بلوچستان کے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کیلئے لیپ ٹاپ کا کوٹہ %10فیصد سے بڑھا کر %18فیصد کر دیا جس سے ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے کیلئے زیادہ شراکت اور مزید مواقعوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے اور لیپ ٹاپ کا کوٹہ بڑھانے پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور رانا مشہود احمد خان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بیوٹمز یونیو رسٹی میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز محمد خان لہڑی، وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی سمیت یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ میں پہلے ہی تانگ TANG انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سربراہان کے ساتھ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں مل چکا ہوں۔ دونوں کے نمائندے جلد ہی کوئٹہ پہنچیں گے اور اپنے ساتھ تقریباً 100 کے قریب مختلف ٹریڈز لیکر آئیں گے۔ ان مختلف ٹریڈز میں فنی اور تکنیکی لحاظ جدید بلوچستان میں خصوصی ٹریننگ دی جائیگی۔ ٹریننگ کی تکمیل پر زیر تربیت نوجوانوں کو مستند ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ بھی دئیے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے پاس ایک کامیاب مستقبل کیلئے جدید مہارت اور مواقع موجود ہیں۔ آپ ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ آپ بیوٹمز یونیورسٹی کی ایک جدید، عمارت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، آپ کو اسی جدید بلڈنگ اور سمارٹ گلاسز میں تجربہ کار اساتذہ کی مدد سے ٹریننگ دی جائیگی۔ اگر ڈپلومہ کورسز، آن لائن پروگرام،ز اور پروفیشنل ایجوکیشن کی سہولت بولان میڈیکل یونیورسٹی کی محدود جگہ میں کامیاب ہو سکتی ہے تو بیوٹمز یونیورسٹی اپنی وسیع سہولیات اور تجربہ کار فیکلٹی ممبران کے تعاون سے کیوں حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آپ سے روشن مستقبل کی بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں لہٰذا آپ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت فراہم کردہ لیپ ٹاپس سے پورا استفادہ کریں، اپنے علم کو بڑھانے، کلاس فیلوز کے ساتھ تعاون کرنے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ان کا بھرپور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ اور تہذیب کو تین بڑے انقلابات نے تشکیل دیا ہے پہلا زرعی انقلاب، دوسرا صنعتی انقلاب اور تیسرا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب۔ مذکورہ تینوں انقلابات میں سے ہر انقلاب نے انسانی سماج، پولیٹکل اکنامی اور روزمرہ کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ ارتقائ اور ترقی کے جاری سفر میں اب ہم بحیثیت انسان ان کے چوتھے مرحلے یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس میں داخل ہو رہے ہیں۔ جیسے جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس ہمارے لئے نئے شعبے کھول رہے ہیں، وہ ہمیں نئی سوچ و اپروچ اپنانے پر مجبور بھی کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ لیپ ٹاپ دراصل اپنے لیے نئے تعلیمی امکانات اور آن لائن روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک موثر اور معتبر وسیلہ ہے۔ ہزاروں سنہرے مواقع اور سہولیات اب آپ سے صرف ایک بٹن کلک کے فاصلے پر ہے لہٰذا آپ آن لائن دستیاب لاکھوں کتابوں سے فائدہ اٹھائیں، اپنی ذہنی سطح بلند کریں اور تمام دانشورانہ اور فلسفیانہ افکار و خیالات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی کے طلبائ و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3952/2026
کوئٹہ، 11 مئی۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹیموں نے سب ڈویژن سٹی، سب ڈویژن صدر، سب ڈویژن سریاب اور سب ڈویژن کچلاک میں گوشت فروشوں، دودھ و دہی فروشوں ،تندوروں اور دیگر دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 187 دکانوں کا معائنہ کیا گیا اور پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر 41 افراد کو گرفتار کرکے ان میں سے 33 افراد کو جیل منتقل کیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ان تمام کارروائیوں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسن کھوسہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی اور اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری، اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی اور اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے کی۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور عوامی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر 3953/2026
ژوب11مئی ۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی علاقائی دفتر ژوب کے زیر اہتمام معرکہ حق کی کامیابی اور بھارت کو شکست دینے کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، تعلیمی شخصیات وائس پرنسپل علیم اختر انصاری، سینئر ہیڈ ماسٹر محمد رمضان سپرنٹنڈنٹ محمد سمیع اللہ شاہ ایس سی ثناء اللہ رحیم اللہ مندوخیل صدر پریسکلب رفیق مندوخیل طالب علم رہنما عرفان اللہ سمیت علاقائی دفتر کے تمام عملے اور دیگر افراد نے شرکت کی اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معرکہ حق ملکی تاریخ کا ایک اہم باب ہے جس میں پاک فوج نے پیشہ وارانہ مہارت جرات اور قربانیوں کی بدولت ہندوستان کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے پاک افواج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی خودمختاری اور دفاع کیلئے قوم ہمیشہ متحد رہی ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل گھڑی میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے اور نئی نسل کو قومی تاریخ حب الوطنی اور قربانی کے جذبے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد عزم اور حب الوطنی کی علامت ہے مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر 3954/2026
کوئٹہ10 مئی:۔محکمہ اسکولز ایجوکیشن حکومت بلوچستان نے صوبے کے گرم علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے طویل گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون میں شامل تمام تعلیمی اداروں میں تعطیلات 23 مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران سمر زون کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تاہم ادارہ جاتی سربراہان اور متعلقہ انتظامی حکام اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ضروری دفتری امور، ریکارڈ کی دیکھ بھال، انتظامی ذمہ داریاں اور محکمانہ نوعیت کے دیگر معاملات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تعلیمی و انتظامی امور متاثر نہ ہوں نوٹیفکیشن میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سمر زون کے اسکولوں کی بندش سے قبل ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔ محکمہ ثانوی تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ادارے میں ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل مکمل نہ ہوا تو متعلقہ ادارے کے سربراہ کو گرمیوں کی تعطیلات سے استفادہ کی اجازت نہیں دی جائے گی محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نے تمام متعلقہ افسران، ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی محکمہ کے مطابق گرمی کی شدت اور طلبہ و اساتذہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شدید موسمی حالات کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کو محفوظ اور منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
خبر نامہ نمبر 3955/2026
خضدار 11 مئی:۔جھالاوان کی سرزمین پر کھیلوں کا ایک یادگار اور تاریخی باب پہلا آل سندھ و بلوچستان میر حاصل خان بزنجو میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ہزاروں شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میچ میں بلوچ یوتھ فٹبال کلب نوشکی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے میر آدین فٹبال کلب خضدار کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ نوشکی کے فارورڈ رفیع اللہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم میں منعقدہ فائنل میچ شروع ہوتے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنائے اور گیند پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے شاندار کھیل پیش کیا۔ پہلے ہاف میں دونوں جانب سے کئی خطرناک مووز بنائے گئے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ دوسرے ہاف میں میچ مزید دلچسپ ہوگیا اور تماشائیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں بلوچ یوتھ کلب نوشکی کے فارورڈ رفیع اللہ شرٹ نمبر 4 نے برق رفتاری سے شاندار موو بناتے ہوئے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔گول کے بعد میر آدین فٹبال کلب خضدار نے میچ برابر کرنے کیلئے تابڑ توڑ حملے کئے لیکن نوشکی کی دفاعی لائن اور گول کیپر نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر حملہ ناکام بنادیا۔ مقررہ وقت اور اضافی منٹس مکمل ہونے پر ریفری میچ ختم کرنے کی سیٹی بجائی تو بلوچ یوتھ کلب نوشکی کے کھلاڑی اور شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ایس ایس پی دوستین دشتی، میئر میر آصف جمالدینی، سابق میئر میر عبدالرحیم کرد، سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ، میر اشرف علی مینگل، ٹورنامنٹ آرگنائزر رئیس بشیراحمد مینگل، اے ڈی سی علم دین تاجک، اور دیگر موقعوں کے افیسران بھی موجود تھیاختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے دس لاکھ روپے، فاتح ٹیم بلوچ یوتھ نوشکی کیلئے ایک لاکھ روپے، میر آدین کلب خضدار کیلئے پانچ لاکھ روپے اور بہترین ریفریز کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شائقین فٹبال کو خوشخبری دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد آل پاکستان جشن جھالاوان فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کی نامور ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان کے اس اعلان پر گراؤنڈ تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور منشیات جیسی لعنت سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خضدار ہمیشہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرزمین رہا ہے اور یہاں کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ایس ایس پی دوستین دشتی کی نگرانی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جس کے باعث پورا ایونٹ خوشگوار اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔جبکہ ٹورنامنٹ آرگنائزر رئیس بشیراحمد مینگل نے تمام مہمانوں، ٹیموں، شائقین، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا ایونٹ تھا جس میں سندھ اور بلوچستان سے 86 ٹیموں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی خدمات اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا اور آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اختتام پر مختلف شخصیات میں شیلڈز تقسیم کی اس موقع پر قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ اس طرح کے مثبت کھیلوں کے مقابلے مستقبل میں بھی منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔
خبر نامہ نمبر 3956/2026
تربت11مئی:۔ حکومتِ بلوچستان اور یونیسیف کے تعاون سے سی پی ڈی پائٹ (CPD Pite) کی نگرانی میں مڈل لیول اساتذہ کا انگریزی تربیتی ٹریننگ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی-تربیت کا بنیادی مقصد اساتذہ کی تدریسی مہارتوں، جدید تدریسی طریقہ کار اور جانچ کے مؤثر انداز کو بہتر بنانا تھا تاکہ جماعتی تدریس کے معیار اور طلبہ کے تعلیمی نتائج میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔تربیتی پروگرام میں مجموعی طور پر 53 مرد اساتذہ نے شرکت کی۔ دورانِ تربیت ماسٹر ٹرینرز ماجد علی اور صغیر احمد نے شرکاء کو جدید تدریسی حکمتِ عملی، عملی سرگرمیوں اور مؤثر جانچ کے طریقوں کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔شرکاء نے تربیت کو نہایت مفید، معلوماتی اور مؤثر قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حاصل شدہ مہارتوں کو عملی تدریس میں بروئے کار لا کر طلبہ کی تعلیمی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔
خبر نامہ نمبر 3957/2026
لورالائی11مئی:۔ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول کی طالبات کو درپیش آمدورفت کے مسائل کے مستقل حل کیلئے BSDI فیز ون کے تحت زیرِ تعمیر پیڈیسٹرین برج کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میجر کامران، متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور تعمیراتی عملے کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے تاکہ طالبات، اساتذہ اور شہریوں کو سڑک عبور کرنے کیلئے محفوظ، آسان اور معیاری سہولت میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ اس اہم مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبات کی حفاظت اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ پیڈیسٹرین برج کی تکمیل سے حادثات میں نمایاں کمی اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ پیڈیسٹرین برج جدید طرزِ تعمیر کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں طالبات اور عام شہریوں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سکول آنے جانے والی طالبات کو سڑک عبور کرنے میں خاطر خواہ آسانی میسر آئے گی۔علاقہ مکینوں اور والدین نے طالبات کیلئے محفوظ آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
خبر نامہ نمبر 3958/2026
کوئٹہ 11مئی۔ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی نے ایک طالبہ کی فریاد پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کردیئے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ نے موقع پر پہنچ کر ریلوے میں قائم بند پل کو فوری طور پر کھول کر عوام کے لیے راستہ بحال کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں ایک طلبہ نے جوائنٹ روڈ اسٹیشن پل کی بندش اور عوام کو درپیش مسائل پر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔جس پر ڈپٹی کمشنر کویٹہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پل کھول دیا۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور عوامی سہولیات کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔
خبر نامہ نمبر 3959/2026
کوئٹہ، 11 مئی: محکمہ اسکول ایجوکیشن حکومت بلوچستان نے صوبائی انسٹیٹیوٹ فار ٹیچرز ایجوکیشن (PITE) کوئٹہ کے قائم مقام سپرنٹنڈنٹ دین محمد بگٹی کے تبادلے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ نوٹیفکیشن کو جعلی، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کا محکمہ تعلیم حکومت بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری وضاحتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دین محمد بگٹی کے تبادلے سے متعلق ایک جعلی نوٹیفکیشن/آرڈر پھیلایا جا رہا ہے جس سے متعلق محکمہ نے فوری وضاحت جاری کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ حکام کو خبردار کیا ہے اعلامیے کے مطابق مذکورہ نوٹیفکیشن نہ تو محکمہ اسکول ایجوکیشن حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے کسی مجاز اتھارٹی کی منظوری حاصل ہے محکمہ نے دوٹوک انداز میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن مکمل طور پر جعلی، غیر مستند اور قانونی و انتظامی حیثیت سے عاری ہے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام متعلقہ اداروں، افسران اور عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اور جعلی دستاویزات پر یقین نہ کیا جائے اور صرف حکومت بلوچستان اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سرکاری ذرائع سے جاری کردہ اطلاعات کو ہی مستند تصور کیا جائے۔
خبر نامہ نمبر 3960/2026
گوادر11مئی:۔: ایران سے آنے والے اعلیٰ سطحی وفد نے گوادر پورٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین بورڈ اینڈ منیجنگ ڈائریکٹر چابہار فری زون آرگنائزیشن محمد سعید اربابی کی قیادت میں وفد نے چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور جی پی اے کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈپٹی برائے اکنامک کوآرڈینیشن اینڈ ریجنل ڈیولپمنٹ گورنر آفس سیستان و بلوچستان مجیب حسنی، ڈائریکٹر ریمدان زون چابہار فری زون آرگنائزیشن شکری بلوچ سمیت دیگر حکام شامل تھے۔گوادر پورٹ اتھارٹی پہنچنے پر ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ بعد ازاں چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے بندرگاہی تعاون، علاقائی تجارت، ٹرانس شپمنٹ، سرمایہ کاری، لاجسٹکس، فری زون مینجمنٹ اور دوطرفہ اقتصادی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر پورٹ خطے میں تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بندرگاہی تعاون سے علاقائی تجارت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو بین الاقوامی تجارتی و لاجسٹک حب بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر عملی اقدامات جاری ہیں اور سرمایہ کاروں کو گوادر فری زون میں خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ایرانی وفد کے سربراہ محمد سعید اربابی نے گوادر پورٹ کی ترقی، حالیہ پیش رفت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان بندرگاہی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔بعد ازاں جی پی اے کانفرنس ہال میں ایرانی وفد کو گوادر پورٹ، گوادر فری زون اور گوادر فری زون پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وفد کو گوادر پورٹ پر جاری تجارتی و ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے مواقع، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور فری زون میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔دونوں جانب سے گوادر میں جھینگا فارمنگ اور ایکوا کلچر منصوبوں، بلوچستان اور ایران کی کھجوروں کو مشترکہ برانڈ“مکران پریمیم”کے تحت عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے، اور گوادر پورٹ کے ذریعے بونڈڈ ٹرانزٹ کوریڈور کے قیام جیسے اہم منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ بندرگاہی امور، فری زون مینجمنٹ، سرمایہ کاری کے فروغ، کولڈ چین لاجسٹکس اور کسٹمز نظام میں بہتری کے لیے مشترکہ ورکنگ کمیٹی اور اسٹاف و ٹیکنیکل ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ایرانی وفد نے چابہار فری زون اور ریمدان پائلٹ فری زون سے متعلق بریفنگ بھی دی، جبکہ دونوں ممالک نے مکران ساحلی پٹی کی مشترکہ جغرافیائی اہمیت اور خطے میں موجود وسیع اقتصادی مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے دوران گوادر پورٹ اتھارٹی اور چابہار فری زون آرگنائزیشن کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور چیئرمین چابہار فری زون محمد سعید اربابی نے دستخط کیے۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے ایرانی مہمانوں کو روایتی بلوچی چادر پہنائی اور یادگاری تحائف پیش کیے، جبکہ ایرانی وفد نے بھی چیئرمین گوادر پورٹ کو خصوصی تحائف پیش کیے۔ بعد ازاں وفد کو گوادر پورٹ کے مختلف شعبوں، پورٹ سائٹ اور گوادر فری زون کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔بریفنگ میں چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ، گوادر فری زون اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس پیش رفت کو خطے میں اقتصادی سرگرمیوں اور علاقائی تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔
خبر نامہ نمبر 3961/2026
گوادر11مئی:۔ گوادر پورٹ پر بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا، جہاں ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر آنے والا بحری جہاز MV YUAN HANG WEI YE گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا۔ مذکورہ جہاز ابوظہبی اور کویت کے لیے مختص کارگو گوادر پورٹ پر اتارے گا، جو گوادر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی تجارتی، بحری اور اسٹریٹجک اہمیت کا واضح مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔اس اہم پیش رفت کو حکومت پاکستان کی بحری و تجارتی پالیسیوں کی کامیابی اور گوادر پورٹ پر عالمی اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق گوادر پورٹ پر بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ نہ صرف پاکستان کی بحری معیشت کے استحکام کا باعث بنے گا بلکہ خطے میں تجارتی روابط اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو بھی نئی جہت فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت گوادر پورٹ کو خطے کے ایک جدید، فعال اور مؤثر ٹرانس شپمنٹ و تجارتی حب میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر عالمی بحری سرگرمیوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ملکی معیشت، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے نہایت مثبت اشارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں گوادر پورٹ بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کے لیے ایک پرکشش اور قابلِ اعتماد تجارتی مرکز بنتا جا رہا ہے، جبکہ بندرگاہ کو جدید خطوط پر استوار کرکے اسے عالمی معیار کی سہولیات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ کارگو کی آمد عالمی تجارتی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مراعاتی پالیسیوں، پورٹ چارجز میں کمی اور کاروبار دوست اقدامات کے باعث بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، تیز رفتار کارگو ہینڈلنگ اور علاقائی تجارتی راہداریوں سے مؤثر روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بندرگاہ کو خطے کی ایک اہم اقتصادی و تجارتی شاہراہ میں تبدیل کیا جا سکے۔چیئرمین گوادر پورٹ کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیا، خلیجی ممالک اور عالمی منڈیوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور بحری روابط کے لیے ایک مؤثر گیٹ وے کے طور پر ابھرے گا، جو قومی معیشت کے استحکام اور علاقائی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
خبر نامہ نمبر 3962/2026
کوئٹہ11 مئی۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے پولیو کے خاتمے اور آنے والی مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کا خواب ہم سب کا مشترکہ عزم ہے۔ انہوں نے مہم میں تمام ٹیموں کو پولیو ویکسینیشن مہم میں فعال شرکت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو ویکسین دینا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ہم اپنے ملک کو اس موذی بیماری سے ہمیشہ کے لیے آزاد کر سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے اور آنے والے مہم میں کوئی بھی بچہ مس نہ ہو۔ انہوں نے صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی کو مہم کامیاب بنانے کے لیے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ممکن بنا سکے۔ اس کے ساتھ روٹین ایمیونائزشن پر بھی توجہ کی ہدایت کی۔ عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں دستیاب وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک و صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ویکسینز، انسانی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے تاکہ پاکستان کو جلد پولیو فری قرار دیا جا سکے۔ اس موقع پر نیشنل کوآرڈینیٹر ای او سی انوار الحق، صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق اور سپیشل سیکرٹری صحت شیک بلوچ بھی موجود تھے۔
خبر نامہ نمبر 3963/2026
کوئٹہ11 مئی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کے صاف کوئٹہ وژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی محمد امیر حمزہ کی زیر نگرانی، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور سٹی پولیس کے ہمراہ چمن ہاوسنگ اور ائیرپورٹ روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران 15 سے زائد عارضی تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹا دیا گیا جبکہ ضبط شدہ سامان میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کردیا گیا۔انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ پیر تک ازخود تجاوزات ختم نہ کرنے کی صورت میں دکانیں سیل اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔
خبر نامہ نمبر 2026/3964
چمن 10 مئی:ـ اے ڈی سی چمن فدا بلوچ نے آج کلی حاجی بخت بی ایچ یو کا تفصیلی دورہ کیا اس دوران انہوں نے بی ایچ یو میں ڈاکٹروں اور سٹاپ کی حاضری اور میڈیکل رجسٹر کو چیک کیا انہوں نے کہا کہ چمن کویٹہ شہر سے کافی دور واقع ہے لہذا ڈاکٹرز اور سٹاف خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں اور مریضوں کی بروقت علاج و معالجہ کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ چمن دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی راستوں پر پھیلا ہوا علاقہ ہے لہذا ڈاکٹرز اور سٹاف کی غیر حاضریوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور سٹاف کی تھوڑی سی غفلت لاپرواہی اور غیر حاضری کی صورت میں مریضوں کی زندگیوں کو سخت نقصان اور خطرات لاحق ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے اسلئے ڈاکٹرز پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی خدمات دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرے میں خوشحال زندگی گزارنے کے قابل رہیں انہوں نے دیہی مرکز صحت میں ایمرجنسی آلات اور ادویات صفائی ستھرائی لیبارٹری وارڈز اور میڈیکل سٹور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اس دوران انہوں نے جاری پولیو ٹریننگ سیشن کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ڈاکٹر نے ضلع چمن میں پولیو ویکسین اور پروگرام کی مجموعی صورتحال کے حوالےسے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔








