خبرنامہ نمبر 6784/2026
کوئٹہ، 08 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ والدہ کا انتقال ایک عظیم صدمہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اس مشکل اور غم کی گھڑی میں بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
خبرنامہ نمبر 6785/2026
کوئٹہ، 08 اگست : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 8 اگست 2016 کے سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کی دسویں برسی کے موقع پر سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جس کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ میں بلوچستان نے اپنے نامور وکلاء، صحافیوں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں سے محروم ہو کر ایک ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا۔ اس المناک سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے صوبے کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام، وکلاء، صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر طبقات نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی جدوجہد کا حصہ ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے اور حکومت بلوچستان امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء سمیت دہشت گردی کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر 6786/2026
کوئٹہ، 08 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتۃ الخوارج کے 7 کارندوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کی بدولت ملک میں پائیدار امن اور استحکام کی منزل حاصل ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جائے پناہ نہیں۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان کے عوام بھی دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور دیگر تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر 6787/2026
کوئٹہ8 اگست:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ امن کی حفاظت طاقت سے ہی ممکن ہے۔ جب تین برادر اسلامی ممالک کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہوں تو کسی جارح کی جارحیت کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مکہ مکرمہ میں پاکستان،، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان سلامتی، اخوت اور اعتماد پر مبنی مشترکہ مستقبل کا وعدہ ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائیگا بلکہ پورے خطے میں وسیع پیمانے پر سلامتی اور استحکام کا احساس بھی پیدا کریگا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ وقت کے ساتھ دیگر چھوٹے ممالک بھی اس تاریخی معاہدے کا حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ اکیلا کھڑا ہونا انہیں مزید کمزور کر دیگا جبکہ ایک مستحکم مرکز ہمیشہ اپنے گردونواح پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ جب مسلم دنیا کی بڑی طاقتیں ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں تو اس سے پورے خطے میں امن یقینی بن جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں تجارتی منڈیاں زیادہ پراعتماد ہو جاتی ہیں، سرحدیں محفوظ ہوتی ہیں اور ہمارے عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں اگر دیگر برادر ممالک اس میں شمولیت اختیار کریں گے تو یہ فریم ورک باہمی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور اجتماعی سلامتی کیلئے ایک وسیع اتحاد کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ خاص طور پر چھوٹے ممالک کیلئے امید کی کرن ہے۔ یہ امید ہے کہ ایک ایسا بلاک موجود ہے جو خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور امت کے وقار کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اس معاہدے کو واقعی ایک اہم سفارتی سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یہ اس لیے سنگ میل ہے کہ یہ بھائی چارے کو عملی جامہ پہناتا ہے اور امن، سلامتی اور استحکام کو ہماری پالیسی کا محور بناتا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی خطے کے امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اس معاہدے کے بعد ہماری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
خبرنامہ نمبر 6788/2026
کوئٹہ: بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) نے بیوٹی پارلرز، بیوٹی کلینکس، سلیمنگ کلینکس/سینٹرز اور دیگر ذاتی نگہداشت (Personal Care) کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ، 2015 کے تحت ان خدمات پر عمومی سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصدمقرر ہے، جبکہ لازمی POS (Point of Sale) انٹیگریشن کرنے والے رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کیلئے یہ شرح 2 فیصدہوگی۔اتھارٹی کے مطابق 2 فیصد کی رعایتی شرح سے استفادہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ سروس فراہم کنندہ اپنے POS سسٹم کو بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ویب پورٹل کے ساتھ مکمل طور پر منسلک کرےاور تمام ٹیکس انوائسز اور رسیدیں صرف اسی الیکٹرانک POS سسٹم کے ذریعے جاری کرے۔ کسی بھی صورت میں POS سے ہٹ کر انوائس یا رسید جاری کرنا قابل قبول نہیں ہوگا۔مزید برآں، ان خدمات پر ان پٹ ٹیکس کریڈٹ/ایڈجسٹمنٹ قابلِ قبول نہیں ہوگی۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام متعلقہ کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر رجسٹریشن، POS انٹیگریشن، بروقت ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ قانون کے مطابق ٹیکس تعمیل برقرار رہے اور کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6789/2026
کوئٹہ 08 اگست: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے، اپنے تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے سربراہان کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط، ان ممالک کے درمیان موجود تاریخی و اخلاقی روابط، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور دفاعی تعاون کی سنجیدہ عکاسی کرتے ہیں، میر محمد صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ اس دفاعی معاہدے کا مقصد سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی اجتماعی سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور خطے و دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا یہ معاہدہ ایک واضح پیغام ہے کہ ان تینوں ممالک پر کسی بھی ملک کی جانب سے جارحیت کی صورت میں اجتماعی ردعمل ناگزیر ہوگا۔ یہ معاہدہ تینوں ممالک کی خودمختاری اور سکیورٹی کو درپیش کسی بھی خطرے کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مکہ معاہدے کی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی و عسکری تعاون کے مختلف پہلوؤں کو فروغ دے گا اور تینوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرے گا۔
خبرنامہ نمبر 6790/2026
گوادر 08 اگست: محکمہ اسپورٹس حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں 14 اگست اسپورٹس فیسٹیول 2026ء کے تحت گوادر میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جس کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے
اسپورٹس انچارج گوادر نجیب بشام کے مطابق
جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول میں فٹبال، کرکٹ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، جن میں مختلف ٹیمیں اور کھلاڑی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد حکومتِ بلوچستان کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی تقریبات کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور قومی دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منانا ہے جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے ایسے مقابلوں کے انعقاد سےنوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں 14 اگست اسپورٹس فیسٹیول 2026ء کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 6791/2026
گوادر 08 اگست:رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اورماڑہ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں پارٹی کارکنان سمیت اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر تحصیلدار اورماڑہ نورجان بھی موجود تھے ملاقات میں اورماڑہ کے عوامی مسائل، انتظامی امور، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا رکن صوبائی اسمبلی نے کہا ھے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت ہے۔ اورماڑہ ضلع گوادر کا اہم حصہ ہے، یہاں کے عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بجلی اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اور عوامی نمائندگان مل کر علاقے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے رکن صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے، میرٹ پر مبنی انتظامی فیصلوں اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کے لیے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے ان کہنا تھا کہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنا کر اورماڑہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 6792/2026
کوئٹہ: 8 اگست ۔ صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات حکومت بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے دفاعی معاہدے کو “امت مسلمہ کے اتحاد کی نئی تاریخ” قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سہ فریقی دفاعی معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کی ضمانت ہے۔ سعودی عرب اور ترکیہ جیسے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کا یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی سلامتی کو مزید مضبوط کرے گا۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ “یہ معاہدہ وزیراعظم پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان کی دفاعی قوت میں اضافہ ہوگا بلکہ مسلم امہ کو ایک نیا مرکز بھی ملے گا۔”صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت اس تاریخی معاہدے کے ثمرات کو بلوچستان کے عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ BSDI کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو اس نئے تعاون سے مزید تقویت ملے گی۔اس حوالے سے میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ اس دفاعی معاہدے سے ہمارے خطے اور مسلم امہ پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔
خبرنامہ نمبر 6793/2026
ہرنائی (08 اگست 2026):
جشنِ آزادی 14 اگست کے حوالے سے جاری تقریبات کے سلسلہ میں ضلع ہرنائی میں ایک پروقار اور شاندار فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے اسسٹنٹ کمشنر خوست اسرار احمد شاھوانی کے ہمراہ بالترتیب بطورِ مہمانِ خاص شرکت کی اور ٹورنامنٹ کا باضابطہ مشترکہ افتتاح کیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہماری ملی یکجہتی، تجدیدِ عہد اور قومی جوش و جذبے کا مظہر ہے۔ اس دن کی مناسبت سے نوجوانوں کے لیے ایسے صحتمندانہ اور مثبت سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل کھیل کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نظم و ضبط، باہمی بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ضلع کے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات اور بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے تاکہ علاقے میں کھیلوں کی ثقافت کو مزید فروغ مل سکے۔
افتتاحی میچ کے دوران مقامی شائقین، کھلاڑیوں اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ یہ فٹبال ٹورنامنٹ 14 اگست کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی تقریبات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے تمام میچز آزادی ہفتے کی مناسبت سے کھیلے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر6794/2026
لورالائی, 08 اگست : مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی ہدایت پر ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز دفاتر اور سرکاری عمارتوں پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرا دیے گئے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے ڈی سی ہاؤس موسیٰ خیل پر تینوں برادر ممالک کے قومی پرچم نصب کیے۔ اس موقع پر ملکی پرچم کے ساتھ برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرا کر پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط برادرانہ، دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری نہ صرف مشترکہ سلامتی کو مزید مضبوط کرے گی بلکہ برادرانہ تعلقات کو بھی نئی جہت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچموں کی یہ نمائش پاکستان کی جانب سے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ لورالائی ڈویژن میں اس اقدام کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان دوستی، اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ ہمیشہ مضبوط اور پائیدار تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والا تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ لورالائی ڈویژن کے تمام اضلاع میں کمشنر کی ہدایت پر قومی پرچموں کے ساتھ سعودی عرب اور ترکیہ کے پرچم لہرانا تینوں برادر ممالک کے درمیان محبت، احترام اور یکجہتی کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
خبرنامہ نمبر6795/2026
قلات: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن و سیکرٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نور احمد پرکانی کے احکامات اور ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات ظہور بلوچ کی ہدایت پر بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ریجنل آفس قلات کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائزہ نے قلات شہر کے ڈی ایچ کیو اسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا، جس کا مقصد اسپتال میں طبی فضلے کے انتظام اور تلفی کے نظام کا جائزہ لینا تھا۔معائنے کے دوران اسپتال میں طبی فضلے کی علیحدگی، جمع کرنے، ذخیرہ کرنے اور تلف کرنے کے طریقہ کار، رنگوں کے مطابق مخصوص ویسٹ بنز، سرنجوں و دیگر نوکیلے طبی فضلے (Sharps) اور متعدی فضلے کی محفوظ ہینڈلنگ، انسی نیریٹر کی دستیابی و فعالیت سمیت اسپتال کی مجموعی صفائی اور سینیٹیشن کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد یعقوب اور دیگر عملے کو کہا گیا کہ تمام طبی فضلے کو مقررہ ماحولیاتی قوانین اور اسپتال ویسٹ مینجمنٹ گائیڈ لائنز کے مطابق محفوظ طریقے سے علیحدہ، ذخیرہ اور تلف کیا جائے۔ای پی اے حکام نے واضح کیا کہ طبی فضلے کی مناسب تلفی عوامی صحت اور ماحول کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے، اس لیے اسپتال انتظامیہ ماحولیاتی قوانین اور مقررہ ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔
خبرنامہ نمبر6796/2026
نصیرآباد 8 اگست :صحبت پور۔حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کی یاد اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ضلع صحبت پور میں بھرپور انداز میں اقدامات کیے گئے ہیں اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور کو رات کے اوقات میں خوبصورت سبز اور سرخ برقی قمقموں اور روشنیوں سے آراستہ کیا گیا، جس سے نہ صرف عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا بلکہ اس اہم موقع کی مناسبت سے قومی و بین الاقوامی یکجہتی کا پیغام بھی اجاگر ہوا مزید برآں حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچموں پر مشتمل خصوصی بینرز تیار کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کے علاوہ ضلع کے دیگر نمایاں مقامات مرکزی شاہراہوں داخلی و خارجی راستوں اور اہم چوراہوں پر آویزاں کیے گئے ہیں، تاکہ عوام میں اس معاہدے کی اہمیت اور برادر اسلامی ممالک کے مابین اتحاد و تعاون کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے یہ تمام اقدامات حکومتِ بلوچستان کی جاری کردہ ہدایات کے عین مطابق، بروقت اور من و عن مکمل کر لیے گئے ہیں، جو ضلعی انتظامیہ کی مستعدی، ذمہ داری اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے عزم کا واضح مظہر ہیں
خبرنامہ نمبر6797/2026
حب :ایس پی حب مرزا بلال حسن کی ہدایات پر حب پولیس کی جانب سے ایس ڈی پی او سرکل حب امام یعقوب بلوچ کی زیر نگرانی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں، بغیر دستاویزات موٹر سائیکلوں؍گاڑیوں، ڈبل سواری اور ٹِنٹڈ شیشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔یہ کارروائی ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او سٹی، ایڈیشنل ایس ایچ او بیروٹ اور ٹریفک پولیس کے عملے کی مشترکہ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں انجام دی۔ کارروائی کے دوران 45 سے زائد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن ساکران منتقل کر دی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور بغیر دستاویزات گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مشکوک و غیر قانونی گاڑیوں کے استعمال کی روک تھام ہے۔ضلع پولیس حب کی جانب سے مختلف علاقوں میں چیکنگ اور کارروائیوں کا سلسلہ مزید جاری رہے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر6798/2026
قلات: ضلعی انتظامیہ نیسیکیورٹی ایس اوپیز کے تحت دکانوں کی بندش کے نئے اوقات کا اعلان، اب شام 6 بجے سے صبح 10 بجے تک کاروبار بند رہے گا ۔قلات: 08 اگست 2026؍ ضلعی انتظامیہ قلات نے شہر میں دکانوں کی بندش کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق اب شہر کی تمام دکانیں شام 6 بجے سے صبح 10 بجے تک بند رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق عوام کی سہولت اور سیکورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے اوقات پر عملدرآمد فوری طور پر شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں دکاندار اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
خبرنامہ نمبر6799/2026
ہرنائی: ضلعی انتظامیہ ہرنائی کے جانب سے مسلم اُمہ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ایک تاریخی اور خوش آئند پیش رفت کے طور پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ باضابطہ طور پر طے پا گیا ہے۔ برادر اسلامی ممالک کے مابین دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کا یہ فریم ورک خطے میں امن اور باہمی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔?یہ اہم معاہدہ تینوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ معاہدے کے تحت دفاعی و سلامتی امور، ٹیکنالوجی اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے دفاعی ماہرین کے مطابق، یہ مثبت اور پیش رفت پر مبنی قدم نہ صرف تینوں ممالک کی انفرادی و اجتماعی سلامتی کو استحکام بخشے گا، بلکہ درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔ یہ سہ فریقی تعاون باہمی ترقی، معاشی استحکام اور پائیدار سیکیورٹی کے مقاصد کے حصول کے لیے بے حد اہم ثابت ہوگا۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا یہ اتحاد خطے میں توازنِ طاقت، امن اور پائیدار شراکت داری کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد بن چکا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تاریخی سنگِ میل نہ صرف ان تینوں ممالک کی سرحدوں اور مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گا بلکہ تمام مسلم اُمہ کے لیے بھی اتحاد، ترقی اور روشن مستقبل کی علامت ثابت ہوگا۔
خبرنامہ نمبر6800/2026
پشین، 08 اگست :ڈپٹی کمشنر پشین منصور قاضی کی ہدایت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کے خیرمقدم اور تینوں برادر ممالک سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ضلع پشین کے مختلف ضلعی دفاتر میں بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور دفاعی تعاون کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے۔ سرکاری دفاتر میں آویزاں کیے گئے بینرز پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور مشترکہ دفاعی شراکت داری کے حوالے سے خیرمقدمی پیغامات درج ہیں ڈپٹی کمشنر پشین منصور قاضی نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برادر اسلامی ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔ یہ معاہدہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوگا اور تینوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، اخوت اور یکجہتی کے جذبات کو مزید فروغ دے گا۔
خبرنامہ نمبر6801/2026
حب: 08 اگست :ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت ریونیو امور سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس حب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسین محکمہ آبپاشی و نہری نظام، ضلع حب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران، نائب تحصیلداران اور محکمہ ریونیو کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع حب میں ریونیو سے متعلق امور، سرکاری محصولات کی وصولی، عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی، پرائس کنٹرول، زمینوں کی ویلیوایشن ٹیبل کی تیاری اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران اُشر، آبیانہ (Abiana) اور زرعی انکم ٹیکس (AIT) سمیت مختلف سرکاری محصولات کی وصولی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محصولات کی بروقت اور شفاف وصولی حکومت کے مالیاتی نظام کا اہم حصہ ہے، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ریونیو ریکارڈ کو مکمل اور اپ ڈیٹ رکھنے اور وصولی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حب نے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو ریونیو اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلق خدمات کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔اجلاس میں ضلع حب میں زمینوں کی ویلیوایشن ٹیبل کی تیاری پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ زمین کی موجودہ مارکیٹ صورتحال، علاقوں کی نوعیت، محل وقوع اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ویلیوایشن ٹیبل کی تیاری کا عمل شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے۔انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ تمام سرکاری ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے، زیرِ التوا معاملات کو جلد نمٹایا جائے اور عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر حب نے ہدایت کی کہ ریونیو کلیکشن، پرائس کنٹرول، عوامی سہولیات اور ریونیو ریکارڈ کی بہتری کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور سرکاری امور میں بہتری ضلعی انتظامیہ حب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
خبرنامہ نمبر 6802/2026
کوئٹہ، 8 اگست:وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ہفتہ کی شب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مختلف شاہراہوں کا دورہ کیا اور جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاری انتظامات، تزئین و آرائش اور برقی قمقموں کا جائزہ لیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کی شاہراہوں اور اہم مقامات پر جشن آزادی کے حوالے سے خوبصورت سجاوٹ اور روشنیوں نے شہر کو ایک نئے اور خوبصورت رنگ میں پیش کیا ہے جبکہ عوام ایک پرامن ماحول میں آزادی کا جشن منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ “ان سجاوٹوں، روشنیوں کے بیچ اور ایک پرامن ماحول میں بلوچستان کے عوام، کوئٹہ کے عوام 14 اگست سیلیبریٹ کر رہے ہیں۔ تو یہ ہے بلوچستان، یہ بلوچستان کا امن ہے اور یہ بلوچستان کی ٹرو پکچر (True Picture) ہے۔” مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے منفی تاثر اور پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم کوئٹہ کی یہ روشنیاں، عوام کا جوش و جذبہ اور جشن آزادی کی سرگرمیاں بلوچستان کے حقیقی، پرامن اور مثبت چہرے کی عکاسی کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ جشن آزادی صرف ایک قومی دن نہیں بلکہ پاکستان سے محبت، اتحاد اور قومی یکجہتی کے اظہار کا موقع ہے۔ بلوچستان کے عوام ہمیشہ کی طرح اس سال بھی جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں






