خبرنامہ نمبر 10320/2026
کوئٹہ 25 نومبر ۔ صوبائی وزیر زراعت اور خادمِ سریاب حاجی میر علی مدد جتک سے ان کی رہائش گاہ جتک ہاوس کوئٹہ میں علاقائی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوام اور علاقائی عمائدین نے ملاقات کے دوران علاقائی عمائدین اور عوام نے اپنے اپنے علاقوں کے بنیادی مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے علاقے میں درپیش مسائل، عوامی ضروریات اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ حاجی میر علی مدد جتک نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ عوامی مشکلات کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک نے اس موقع پر مبارکباد دینے اور اپنی محبت و اعتماد کا اظہار کرنے پر علاقائی عمائدین اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت، اعتماد اور دعائیں ان کے لیے سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ دوبارہ وزارت کی ذمہ داری ملنا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جسے وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی محور ہے اور عوام کے مسائل کا حل ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے کی طرح عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر نئے جذبے، عزم اور لگن کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ علاقے میں بجلی، گیس، پانی، صحت، تعلیم اور روزگار سمیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے مزید موثر بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگی کا اصل مقصد عوام کی آواز بننا اور ان کے جائز مسائل کو متعلقہ فورمز پر اٹھانا ہے۔ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے اور اپنے حلقے سمیت بلوچستان کے عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ملاقات کے اختتام پر علاقائی عمائدین اور عوام نے حاجی میر علی مدد جتک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10321/2026
ملاقات 25 نومبر۔ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری سے محلہ غوث آباد پس شہر کے خواتین وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران خواتین وفد نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے میں پینے کے صاف پانی کی قلت، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور اسٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی جیسے بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے وفد کے مسائل توجہ سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مشکلات کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ کر کے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے، اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10322/2026
اورماڑہ25 نومبر ۔ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز ون کے تحت اورماڑہ کے تین سرکاری تعلیمی اداروں میں 94 لاکھ 13 ہزار روپے کی لاگت سے جدید واش رومز (ٹوائلٹ بلاکس) کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔منصوبے کے تحت گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول پنجگ ، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کوہ بن اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول غازی لین اورماڑہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے یہ منصوبہ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت محکمہ مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ حکومت بلوچستان کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کے مطابق تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، طالبات کے لیے صاف ستھرا اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی سرگرمیوں میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10323/2026
جیوانی 25 نومبر۔ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز ون کے تحت جیوانی جیٹی پر 49 لاکھ 91 ہزار روپے کی لاگت سے ماہی گیروں کے لیے شیڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی یہ منصوبہ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت محکمہ مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ حکومت بلوچستان کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ یہ اقدام صوبائی حکومت بلوچستان کے ترقیاتی وژن کے مطابق ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ساحلی آبادی کی فلاح و بہبود کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10324/2026
پسنی 25 نومبر ۔بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز ون کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے پر ویسٹ بے گوادر میں 49 لاکھ 91 ہزار روپے کی لاگت سے ماہی گیروں کے لیے شیڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی یہ منصوبہ محکمہ مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کی نگرانی میں صوبائی حکومت بلوچستان کے ترقیاتی وڑن اور ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے تحت پایتکمیل تک پہنچایا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10325/2026
گوادر25 نومبر۔ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز ون کے تحت ضلع گوادر کے دو سرکاری تعلیمی اداروں میں 62 لاکھ 76 ہزار روپے کی لاگت سے جدید واش رومز (ٹوائلٹ بلاکس) کی تعمیر مکمل کر لی گئی منصوبے کے تحت گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول اوکار اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول حاجی قاسم محلہ سربندر میں طالبات کے لیے بنیادی واش رومز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔یہ منصوبہ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت محکمہ مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ حکومت بلوچستان کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، طالبات کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10326/2026
جعفرآباد25 نومبر۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی، ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی کے تین علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں تمام ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائندگان اور حساس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاسوں میں ضلع جعفرآباد میں فورتھ شیڈولرز کی نقشہ سازی اور پروفائلنگ، ریلوے ٹریک، بس اڈوں اور این ایچ اے کی سیکیورٹی، اہم مقامات کی حفاظت، امن و امان کو درپیش خطرات، دینی مدارس کی رجسٹریشن، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی حیثیت، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، غیر مقامی مزدوروں کی سیکیورٹی، ایرانی تیل، منشیات اور غیر قانونی اسپیکٹرم کی اسمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی اسپیکٹرم سے متعلق BISA ڈیش بورڈ کی تازہ کاری، تعلیمی اداروں میں قومی ہدایات پر عملدرآمد، تخریبی سرگرمیوں میں پریس اور سوشل میڈیا کے ممکنہ استعمال، سرکاری ملازمین کی مبینہ شمولیت اور تخریبی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال کی نگرانی سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور اقدامات پر موثر اور عملی طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید موثر بناتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ ضلع میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10327/2026
ہرنائی 25 نومبر۔ضلع ہرنائی میں 12 سے 15 دسمبر 2026 تک شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم (NID) کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین کی زیرِ صدارت ضلعی پولیو ایراڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا ایک اہم اجلاس آج دفترِ ڈپٹی کمشنر ہرنائی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس پی ہرنائی، اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی، اسسٹنٹ کمشنر خوست، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) ہرنائی ڈاکٹر مظفر مری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر سیف اللہ مری سمیت محکمہ صحت کے افسران اور ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آنے والی پولیو مہم کے مائیکرو پلان، ٹیموں کی تشکیل، سکیورٹی انتظامات اور دور دراز علاقوں تک رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تمام انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید موثر بنائیں تاکہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف سو فیصد حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو پولیو ٹیموں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور مہم کی موثر مانیٹرنگ کرنے کی بھی تاکید کی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع ہرنائی کو پولیو سے پاک رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10328/2026
گوادر25 نومبر ۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر 12 تا 15 دسمبر 2026 کی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں گزشتہ کارکردگی، بچوں کے ہدف، ٹیموں کی تشکیل، مائیکرو پلاننگ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مہم کے دوران ضلع گوادر میں پانچ سال سے کم عمر کے 35 ہزار 664 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کے لیے 207 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 166 موبائل، 29 فکسڈ اور 12 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ نگرانی کے لیے 20 یو سی انچارجز اور 38 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ مہم سے قبل مائیکرو پلانز، فیلڈ ٹیموں کی تربیت، موثر نگرانی اور حساس علاقوں میں سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور ذمہ داریوں کی موثر ادائیگی کے ذریعے مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر جہانزیب خان درانی ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ڈویڑنل سپورٹ پولیو آفیسر اور پی پی ایچ آئی کے ضلعی منیجر ڈاکٹر منیر احمد بلوچ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10329/2026
گوادر25 نومبر ۔میونسپل کارپوریشن گوادر کے چیئرمین ماجد جوہر کی زیر صدارت جاوید کمپلیکس میں قائم ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور فوڈ اسٹالز کے مالکان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقے میں صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی، فٹ پاتھوں کی دستیابی اور شہری نظم و ضبط سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ شہریوں کی سہولت، صاف ستھرا ماحول اور آمدورفت کی روانی برقرار رکھنا بھی کاروباری مالکان اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے چئیرمین ماجد جوہر نے کہا کہ بلدیاتی پالیسی کے تحت شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کی روک تھام، فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے کھلا رکھنے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کاروباری مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروباری مقامات کے اطراف صفائی برقرار رکھیں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر سامان رکھنے سے گریز کریں اور شہری نظم و ضبط کے قیام میں میونسپل کارپوریشن سے تعاون کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10330/2026
زیارت 25 نومبر ۔ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حبیب الرحمٰن کاکڑ کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے متعلقہ افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع زیارت میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع زیارت میں انسدادِ پولیو کی چار روزہ مہم 12 دسمبر 2026 سے شروع ہوگی۔ مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حبیب الرحمٰن کاکڑ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کو موثر بنانے کے لیے تمام تر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10331/2026
زیارت 24 نومبر ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی ہدایات کی روشنی میں پی پی ایچ آئی (PPHI) کے ڈسٹرکٹ مینیجر ڈاکٹر فاروق مری نے بنیادی مراکز صحت (BHU) شینلز اور بغاو کا دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات اور مراکز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران او پی ڈی (OPD) کے تمام ریکارڈ، انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول (IPC) کے انتظامات، صفائی و مرمت، ضروری ادویات کی دستیابی، حاملہ خواتین کو قبل از پیدائش (ANC) اور بعد از پیدائش (PNC) فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور موجودگی سمیت دیگر تمام ضروری امور کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق مری نے عملے کو غیر حاضری پر سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ طبی امور سے متعلق تمام طے شدہ ضابطوں اور پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے عملے کو پابندی? وقت، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10332/2026
کوئٹہ 25نومبر۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور شہر کو خوبصورت و کشادہ بنانے کے عزم کے تحت ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے خصوصی احکامات پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مجسٹریٹ عامر قیصرانی اوراینٹی انکروچمنٹ کے سپروائزر سرور صاحب کی نگرانی اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے سریاب روڈ، چالو باوڑی اور منی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی،آپریشن کے دوران سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات، تھڑوں، کیبنز اور دیگر تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر کے راستوں کو ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا، جبکہ تجاوزات کا سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔اس موقع پر حکام نے واضح کیا کہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انتظامیہ نے دکانداروں اور شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر بھاری جرمانوں سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10333/2026
زیارت 25 نومبر ۔ ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے BSDI فیز-III کے تحت جاری ترقیاتی اسکیم ایگریکلچر ٹیوب ویل زندرہ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میجر عامر، 155 ونگ، ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ زیارت عمیر علی اور متعلقہ ٹھیکیدار بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر زیارت نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، معیار اور پیش رفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ انجینئر اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام مقررہ معیار کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے زمیندار اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10334/2026
گوادر25 نومبر۔چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی زیرِ صدارت جی پی اے ہیڈ آفس میں گوادر فری زون میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (COPHC)، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن (Guangdong Metal Processing Industry Association) اور چنگ ڈاو کمپنی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیرمین چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ پروفیسر ہو بو، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن مس یانگ (Ms. Yang) سمیت چینی وفد اور جی پی اے کے متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں گوادر فری زون میں چینی سرمایہ کاری، صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کے قیام، درآمدات و برآمدات، سرمایہ کاروں کو کاروباری سہولیات کی فراہمی اور انتظامی و قانونی رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر فری زون کی جغرافیائی اہمیت اور بندرگاہ سے قربت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صنعتی یونٹس قائم کرنے سے خام مال کی درآمد اور تیار مصنوعات کی برآمد میں نمایاں سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فری زون میں قائم کاروباری یونٹس کو متعلقہ قوانین اور پالیسی کے تحت درآمدی ڈیوٹیوں میں چھوٹ سمیت مختلف مراعات حاصل ہیں، جبکہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے چین اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں تک براہِ راست رسائی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ انہوں نے گوادر فری زون کا موازنہ سیالکوٹ سمیت ملک کے دیگر صنعتی مراکز سے کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہ کی قربت اور زمین و دیگر انتظامی معاملات میں سہولت گوادر کو کاروبار کے لیے ایک منفرد مقام بناتی ہے، اجلاس میں گوادر میں ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی اور مقامی نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے چینی سرمایہ کاروں کو بتایا کہ چینی حکومت کے تعاون سے قائم پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر اس مقصد کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنگ ڈو انسٹی ٹیوٹ اور چین کے دیگر متعلقہ تربیتی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے تحت مقامی نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور مطلوبہ مہارتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں چینی معیار کے مطابق تیار کرکے صنعتی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کیئے جا سکیں، چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی کمپنیوں اور صنعتی یونٹس کے لیے منیجرز، ہنرمند کارکنوں اور دیگر عہدوں پر درکار افرادی قوت کی تفصیلات فراہم کریں اور بھرتیوں میں پہلے گوادر، پھر مکران اور اس کے بعد بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیح دیں۔ اس اقدام کا مقصد مقامی نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہے، اجلاس میں صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی، لیز، لائسنسنگ، تعمیراتی اجازت ناموں، ماحولیاتی منظوری، درآمد و برآمد کی پالیسی اور دیگر قانونی و انتظامی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں اور ضروری منظوریوں کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مجوزہ قانون سازی کے ذریعے فری زون میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد کو گوادر کے ذریعے ایران کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی رسائی اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں گوادر فری زون کو چینی سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار، مقامی نوجوانوں کی فنی تربیت، روزگار کے مواقع اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لیے ایک عملی اور کامیاب کاروباری ماڈل کے طور پر ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10335/2026
گوادر 25 نومبر ۔ڈائریکٹر جنرل فشریز عتیق اللہ خان نے آج گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل انیس طارق گورگیج سے ملاقات کی اور انہیں عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران گوادر میں ماہی گیروں کی فلاح و بہبود، ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ماہی گیروں کے لیے دو سو ایکڑ اراضی پر مشتمل ماہی گیر کالونی، فش لینڈنگ جیٹیز کی تعمیر و ترقی اور دیگر متعلقہ منصوبوں سمیت باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10336/2026
لورالائی۔25نومبر 2026 رکن صوبائی اسمبلی و چیر میں سٹینڈنگ کمیٹی برایے ہیلتھ ڈاکٹر محمد نواز خان کبزئی نے ٹی نے ہسپتال لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور انہیں تفصیلا بریفینگ دی ،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی موجود تھے۔رکن صوبائی اسمبلی و چیر میں سٹینڈنگ کمیٹی برایے صحت ڈاکٹر نواز نے شعبہ گائنی۔لیبر روم اپریشن تھیٹر ،پیڈز وارڈ ،شعبہ حادثات ،او پی جی روم ،آی پی آئی سنٹر ،ایم ایس آفس ،پیرا میڈیکس آفس ،وارڈز ،ڈائلائسز سنٹر ،باتھ رومز کا معائینہ کیا۔ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے ہسپتال کے مسائل انکے لئیے کئیے گئیے اقدامات اصلاحات ،ملازمین کی حاضریاں ،ڈاکٹرز کے مسائل آپریشن تھیٹر گائینی وارڈ کی فعالیت پانی کے مسائل کے حل کے لئیے اقدامات بجلی کے مسائل کے لئیے اقدامات کیے ڈایلاسیز مشین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئیے تعاون کی اپیل کی۔اس موقع پر پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کے ضلعی صدر ملک رحیم کدیزئی کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی کے اعزاز میں اعزازیہ دیا گیا اس موقع پر انہوں نے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی کے کارکردگی کے تعریف کرتے ہویے انکے اچھے کام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کی اور انہوں نے کہا کہ آج لورالائی ہسپتال ایک جدید طرز کے ہسپتال کا منظر پیش کررہا ہے روزانہ کی بنا پر آپریشن ہورہیے ہیں گائنی کے آپریشن بھی ہسپتال میں ہورہیے ہیں مریضوں کو ادویات ہسپتال سے ہی مل رہی ہے ڈایلاسیز مشین واقعی بہت پرانی ہوچکی ہے نے نیت مشین خریدنے کے لئیے اقدامات کرینگے۔کیونکہ یہ ایک ڈوئژنل لیول ہسپتال ہیں انکے لئیے ہم سب کی تعاون کی ضرورت ہے ہم موجودہ صورت میں ایم ایس ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی انکے ٹیم ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان کو انکے اچھے کام محنت ہر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10337/2026
کوئٹہ، 25 نومبر ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 2026 کے انعقاد کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ، چار روزہ ایکسپو 21 سے 24 دسمبر تک بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں منعقد ہوگی، جس میں صوبے کے تمام ڈیجیٹائزڈ محکموں کی کارکردگی اور ڈیجیٹل نظام کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل شعبے میں مہارت رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور روزگار و کاروبار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو 2026 کی تاریخ کے اعلان کے حوالے سے بدھ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایکسپو کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کے لیے یہ دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو اسے اس حقیقت کا مکمل ادراک تھا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہی ہے، تاہم بلوچستان میں اب بھی روایتی طریقہ کار کے ذریعے امور حکومت چلائے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زیر زمین معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ صوبے کا سب سے بڑا سرمایہ یہاں کے باصلاحیت نوجوان ہیں، جن کی ذہنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور ہنر کو مزید نکھارنے اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت حکومت بلوچستان پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو منعقد کرنے جا رہی ہے، جو صوبے کے نوجوانوں کو اپنی ڈیجیٹل مہارتیں پیش کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں موجود باصلاحیت نوجوان اس ایکسپو میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کو سامنے لا سکیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا کوئی لامحدود ذریعہ نہیں ہو سکتی۔ گزشتہ سات دہائیوں کے تجربات سے واضح ہو چکا ہے کہ روزگار کے لیے صرف سرکاری ملازمتوں پر انحصار پائیدار حکمت عملی نہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو غیر ترقیاتی اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوگا اور تعلیم، صحت اور عوامی سہولیات کے لیے دستیاب وسائل محدود ہوتے جائیں گے۔ دنیا اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر خودمختار بنا رہی ہے اور بلوچستان کو بھی اسی سمت آگے بڑھنا ہوگا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے انہیں روایتی سرکاری ملازمتوں کے دائرے سے آگے سوچنے کی ترغیب دی جائے۔ ڈیرہ بگٹی، ڑوب، تربت، بلیدہ، خاران، آواران اور بلوچستان کے دیگر دور دراز علاقوں میں بیٹھا نوجوان بھی ڈیجیٹل ذرائع سے اپنے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کر سکے۔ نوجوانوں کو ایسے مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس ذمہ داری سے آگاہ ہے انہوں نے کہا کہ رائز بلوچستان پروگرام اور صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن سمیت دیگر ڈیجیٹل اقدامات اسی وڑن کا حصہ ہیں۔ صحت کی سہولیات سے متعلق دہلیز ایپ کو صوبے بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور روزانہ موصول ہونے والے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں۔ بالخصوص خواتین کی جانب سے اس سہولت سے استفادہ کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ شہری ریاست اور حکومتی نظام پر اعتماد کرتے ہوئے جدید سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کامیابی کی کنجی میرٹ پر مبنی نظام ہے۔ جب درست شخص کو درست ذمہ داری سونپی جاتی ہے تو اس کے نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات اس کی مثال ہیں۔ حکومت اب تمام محکموں کو مرحلہ وار ڈیجیٹائز کر رہی ہے۔ محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق پی سی ون کو بھی ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری امور میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکسپو میں صوبے کے تمام محکمے اپنی کارکردگی پیش کریں گے اور عوام کو بتایا جائے گا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے حکومتی امور میں کیا تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ آج محکمہ خزانہ کا نظام ایک کلک پر دستیاب ہے اور حکومتی امور کو ڈیجیٹل ذرائع سے اس حد تک موثر بنایا جا رہا ہے کہ روایتی دفتری طریقہ کار پر انحصار کم سے کم کیا جا سکے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان طبقہ ناقص طرز حکمرانی کے باعث ریاست سے دوری اختیار کرتے ہیں تاہم کسی حکومت کی کوتاہی کو ریاست کی ناکامی قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔ حکومت نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور پلیٹ فارم کھول رہی ہے، اس لیے انہیں چاہیے کہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنائیں بلکہ بلوچستان اور پاکستان کا نام بھی روشن کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بلوچستان کے معدنی وسائل سے بڑھ کر یہاں کے نوجوانوں کو صوبے کا اصل سرمایہ سمجھتے ہیں۔ بلوچستان کا ہر نوجوان، خواہ وہ بیٹی ہو یا بیٹا، بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور یہی نوجوان مستقبل میں صوبے کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبائی پبلک سروس کمیشن کی تنظیم نو کے حوالے سے بھی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور امتحانی نظام کو کاغذ سے پاک اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ مستقبل میں امتحانی پرچوں کی جانچ کے نظام کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے پر کام کیا جائے گا تاکہ کسی امیدوار کے مستقبل کا انحصار کسی ایک فرد کی ذاتی رائے یا غیر متعلقہ عوامل پر نہ ہو۔ اکیسویں صدی کے تقاضے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور شفاف نظام سے وابستہ ہیں اور بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی ان تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔انہوں نے رائز بلوچستان پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ایسی خواتین بھی سامنے آئی ہیں جو پہلے معاشی طور پر دوسروں پر انحصار کرتی تھیں، لیکن آج اپنا کاروبار چلا رہی ہیں اور خودمختار زندگی گزار رہی ہیں۔ یہی ان کا وژن اور ان کی ٹیم کا مشن ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے اور انہیں معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مستقبل میں بڑی قومی اور عالمی کمپنیاں بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے خود یہاں آئیں۔ نوجوانوں کو اپنی تعلیم کا مقصد صرف سرکاری یا نجی ملازمت کا حصول نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ انہیں کاروبار شروع کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور دوسروں کو بھی معاشی طور پر اپنے ساتھ منسلک کرنے کی سوچ اپنانی ہوگی۔ ایک کامیاب نوجوان صرف اپنے لیے روزگار پیدا نہیں کرتا بلکہ سینکڑوں دیگر افراد کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل اسمگلنگ یا غیر قانونی سرگرمیوں سے وابستہ نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیتوں اور معاشی ترقی سے جڑا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل ستاروں پر کمند ڈالنے میں ہے۔ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کا نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر خودمختار ہوگا اور پورے ملک کو یہ پیغام دے گا کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور آگے بڑھنے کے لیے دو بنیادی عوامل بدعنوانی کے خلاف موثر اقدامات اور میرٹ کی بالادستی ہیں۔ یہ دونوں شعبے حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں، تاہم تبدیلیاں راتوں رات نہیں آتیں بلکہ اس کے لیے وقت، مسلسل محنت اور جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیاسی قیادت کو بعض اوقات ایسے فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں جو فوری طور پر مقبول نہ ہوں، لیکن عوام اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں درست ہوں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر درست اور ضروری فیصلوں کے نتیجے میں سیاسی سرمایہ متاثر بھی ہوتا ہے تو اس کی پروا کیے بغیر اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت اور وڑن کے تحت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران متعدد مشکلات اور چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح و بہبود، جدید طرز حکمرانی اور ڈیجیٹل اصلاحات کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو صوبے کی ان کامیابیوں اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں دہلیز پروگرام کے ذریعے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی، 164 بنیادی مراکز صحت کو فعال بنانا اور محکمہ خزانہ سمیت صوبائی ترقیاتی پروگرام کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنا حکومتی اصلاحات کے نمایاں اقدامات ہیں، جن کا مقصد عوامی وسائل کے شفاف استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائے گا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں گورننس اور عوامی خدمات کے شعبوں میں کیا عملی پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی صرف نظام کو جدید بنانے کا ذریعہ نہیں بلکہ عام شہری کے لیے سہولت، شفافیت اور نوجوانوں کے لیے قومی و عالمی سطح پر نئے مواقع پیدا کرنے کا وسیلہ بھی ہے۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بھی اس ڈیجیٹل سفر میں حکومت کے ساتھ ہے۔ بورڈ کا بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانے اور سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری خدمات تک ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے رسائی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو صوبے کی ڈیجیٹل استعداد، حکومتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے ساتھ نوجوانوں اور کاروباری طبقے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایکسپو کی تاریخوں کا اعلان کیا تقریب میں صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10338/2026
کوئٹہ: 25 نومبر ۔ صوبائی محتسب بلوچستان، جناب سعادت اللہ خان بازئی کی ہدایت پر کارروائی کے نتیجے میں ضلع نوشکی سے تعلق رکھنے والے دو شکایت کنندگان بی بی ذکیہ اور حمید عمر کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں بالترتیب معلم القرآن اور جونیئر انگلش ٹیچر (JET) کے عہدوں پر تقرری کے احکامات جاری کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق بی بی ذکیہ نے یونین کونسل ڈاک، ضلع نوشکی میں معلم القرآن کی آسامی کے لیے درخواست دی تھی، تاہم ان کے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تعلیمی اسناد اور نمبروں کو میرٹ میں شامل نہ کیے جانے پر انہوں نے صوبائی محتسب سے رجوع کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں راخشان ڈویڑن کے شکایات ازالہ سیل (CRC) کے فیصلے پر عملدرآمد ہوا اور انہیں تقرری کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔اسی طرح حمید عمر نے معذور افراد کے کوٹے کے تحت جونیئر انگلش ٹیچر (JET) کی آسامی پر بھرتی کے عمل سے متعلق شکایت درج کرائی تھی۔ صوبائی محتسب سیکرٹریٹ نے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نوشکی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا۔ دورانِ کارروائی مذکورہ ڈگری کی تصدیق کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا، جبکہ متعلقہ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق کے لیے رجوع کیا گیا ہے۔مسلسل پیروی کے نتیجے میں معاملہ ضلعی بھرتی کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا، جس کے بعد انہیں بھی تقرری کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔دونوں شکایت کنندگان نے اپنی شکایات کے ازالے پر ادارے کا شکریہ ادا کیا،اور مذکورہ شکایات حل ہونے کے بعد دونوں مقدمات نمٹا دیے گئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10339/2026
گوادر25نومبر۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز عتیق اللہ خان کی نئے ڈی جی جی ڈی اے انیس طارق گورگیج سے ملاقات۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز عتیق اللہ خان نے آج گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل انیس طارق گورگیج سے ملاقات کی اور انہیں عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران گوادر میں ماہی گیروں کی فلاح و بہبود، ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ماہی گیروں کے لیے دو سو ایکڑ اراضی پر مشتمل ماہی گیر کالونی، فش لینڈنگ جیٹیز کی تعمیر و ترقی اور دیگر متعلقہ منصوبوں سمیت باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10340/2026
سیوی 25 نومبر ۔ گورنمنٹ گرلز ہائیر اسکول دھپال خورد میں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ثقافتی روایات کے فروغ اور سائنسی رجحانات کی حوصلہ افزائی کے لیے ثقافتی ورثے، مینا بازار اور سائنسی نمائش پر مشتمل گزشتہ روز ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو تھے، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں میڈم ارم نورین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم اینڈ ای میڈم ماہ جبیں اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق الماس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسکول آمد پر پرنسپل اور تدریسی عملے نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ طالبات نے مہمانِ خصوصی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ مہمانِ خصوصی نے فیتہ کاٹ کر تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعدازاں مہمانوں نے ثقافتی ورثے، مینا بازار اور سائنسی نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔ مینا بازار میں طالبات کی جانب سے کھانے پینے کی اشیائ، جیولری اور دستکاری کے خوبصورت اسٹالز سجائے گئے تھے، جبکہ سائنسی نمائش میں طالبات نے مختلف سائنسی ماڈلز پیش کیے اور ان کی افادیت و طریقہ کار کے حوالے سے مہمانوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ مہمانوں نے طالبات کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور پیشکش کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیاں طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عملی زندگی کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ثقافتی ورثہ ہماری شناخت ہے جبکہ سائنس ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے پرنسپل، اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں میڈم ارم نورین نے اپنے خطاب میں کہا کہ طالبات کی جانب سے اس قدر منظم اور معیاری پروگرام کا انعقاد ان کی صلاحیتوں اور اساتذہ کی محنت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر اور عملی مہارتوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم اینڈ ای میڈم ماہ جبیں نے تقریب کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات نے جس محنت، لگن اور دلچسپی سے مختلف اسٹالز سجائے اور سائنسی ماڈلز تیار کیے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ایسی سرگرمیاں طالبات میں خود اعتمادی، باہمی تعاون، تخلیقی سوچ اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام خوشگوار اور پرمسرت ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10341/2026
جعفرآباد25نومبر۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دسمبر کی قومی انسدادِ پولیو مہم (NID) کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندگان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر کو دسمبر کی پولیو مہم کے حوالے سے تیاریوں، ٹیموں کی تشکیل، مائیکرو پلاننگ، ویکسین کی دستیابی اور دیگر انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، اس لیے دسمبر کی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور سنجیدگی سے ادا کریں، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے، انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی موثر نگرانی، سکیورٹی انتظامات اور مہم کے تمام مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع جعفرآباد کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 10342/2026
سیوی 25 نومبر .۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان (PPHI-B) کے تحت شروع کیے گئے جدید ٹیلی ہیلتھ انیشیٹو ’صحت دہلیز‘ کے ذریعے صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے مفت، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سروس کا مقصد شہری اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں مقیم افراد کو طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے کہیں سے بھی آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت حاصل کر سکیں۔ صحت دہلیز منصوبے کے تحت اب تک ضلع سیوی میں5 ہزار 500 طبی مشاورتیں مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ مریضوں کو طبی مشاورت کے بعد ادویات کے نسخے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت، طبی نسخے کا حصول، اور ضرورت پڑنے پر اعلیٰ طبی مراکز میں علاج کے لیے ریفرل کی سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ضلع کے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس عوام دوست اقدام سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت دہلیز ایک بہترین سہولت ہے جس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشاورت، مفت طبی رہنمائی اور ادویات کے حصول کی سہولت میسر آ رہی ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ معمولی طبی مسائل کے لیے بھی اس ڈیجیٹل سروس سے فائدہ اٹھائیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات اپنی دہلیز پر حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ عوام دستیاب سرکاری سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔صحت دہلیز کی سہولت ویب ایپلیکیشن sehat.pphib.orgاور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے، جہاں سے شہری باآسانی اس سروس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ حکومت بلوچستان کا یہ اقدام صوبے میں ڈیجیٹل صحت کے نظام کو فروغ دینے، طبی سہولیات کی فراہمی کو آسان بنانے اور بالخصوص دور دراز علاقوں کے عوام کو مفت اور معیاری علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10343/2026
نصیرآباد25نومبر۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 28 نومبر سے 3 دسمبر تک محکمہ واپڈا میں ہونے والی بھرتیوں کے عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس میں ایس ایس پی نصیرآباد پرنسپل بوائز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی اسپیشل برانچ کے نمائندے قادر بخش کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بھرتیوں کے مقررہ شیڈول، امیدواروں کی آمدورفت امتحانی و بھرتی مراکز پر سیکیورٹی کی فراہمی داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاو کے لیے ضروری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل کے دوران امیدواروں کو پرامن محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ بھرتیوں کا عمل پرامن، شفاف اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10344/2026
سیوی 25 نومبر ۔ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئءکی زیر صدارت پی پی ایچ آئی ڈسٹرکٹ آفس میں ماہانہ جائزہ اجلاس (MRM) منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر سالار خان ساتکزئی، ایم اینڈ ای آفیسر لالہ صمد خان عثمانی اور ضلع بھر کے تمام بی ایچ یو انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی، کارکردگی، جوابدہی اور رپورٹنگ نظام کو مزید موثر بنانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر AI فریم کے تحت حاضری، DHIS-2 رپورٹنگ، قبل از پیدائش (ANC) اور بعد از پیدائش (PNC) خدمات، ریکارڈ کی درستگی، ملیریا کی اسکریننگ کے لیے RDTs کے موثر استعمال، خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات اور ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام بی ایچ یو انچارجز مقررہ وقت پر درست رپورٹس جمع کرانے، مکمل ریکارڈ برقرار رکھنے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاءنے ضلع سبی میں صحت کی خدمات کے معیار اور کلیدی کارکردگی کےاشاریوں کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10345/2026
کوئٹہ (25 نومبر ۔ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز کاشف زبیر کی سربراہی میں عالمو چوک اور ائیرپورٹ روڈ میں بڑی فوڈ اسٹیبلشمنٹس، ڈسٹری بیوشن سینٹرز اور ریسٹورنٹس کے خلاف خصوصی کارروائی کی جہاں 3 پر جرمانے عائد اور 2 یونٹس کے مخصوص حصے سربمہر کر دیے گئے۔کارروائی کے دوران ایک بیکری میں زائدالمیعاد ڈبہ بند زیتون، اشیاء پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی دوہری تاریخوں کے اندراج، صفائی کی ناقص صورتحال، ملازمین کی ذاتی حفظانِ صحت اور خوراک کی غیر مناسب ذخیرہ اندوزی سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔علاوہ ازیں ایک ڈسٹری بیوشن سینٹر میں اشیائ خوردونوش کو براہِ راست دھوپ میں رکھنے، گودام میں صفائی و جراثیم کشی کے ناقص انتظامات، غیر محفوظ ذخیرہ اندوزی اور دیگر سنگین بے ضابطگیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔مزید برآں ایک ڈسٹری بیوشن سینٹر کو نیسلے کی زائدالمیعاد مصنوعات، سال 2025 اور مارچ 2026 کے ایکسپائرڈ اسٹاک، خراب پیکنگ اور پانی کی بوتلوں میں نمی کی موجودگی پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے یونٹ کا ایک حصہ سیل کر دیا گیا۔اسی طرح ایک آئس کریم، جوس اور ملک شیک یونٹ میں زائدالمیعاد اشیائ ، سڑے ہوئے پھل و سبزیاں، گندی اور پھپھوندی زدہ ریفریجریٹرز، غیر معیاری اسٹوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات پر یونٹ کا حصہ سیل کر دیا گیا۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کے لیے متعلقہ اداروں سے مصنوعات کی رجسٹریشن، بی ایف اے لائسنس کا حصول اور مقررہ فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر10346/26
کوئٹہ،25 نومبر 2026:
صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ ایک محفوظ، منصفانہ اور باوقار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات، حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور متعلقہ تنظیموں کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ، انصاف تک رسائی اور بنیادی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور ایوا جی الائنس کے اشتراک سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم 2026 کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رواں سال مہم کا مرکزی پیغام خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہونا، متاثرین کو انصاف کی فراہمی، ان کے تحفظ اور تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کسی ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک اہم سماجی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی، قوانین پر عملدرآمد، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شعور میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کو خوف، دباؤ اور سماجی بدنامی کے بجائے تحفظ، اعتماد اور انصاف کا ماحول فراہم کرنا ریاستی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کی عزت نفس اور رازداری کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں قانونی معاونت، نفسیاتی رہنمائی اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو جوابدہ بنانا اور انہیں قانون کے مطابق سزا دلوانا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ 16 روزہ عالمی مہم محض ایک آگاہی سرگرمی نہیں بلکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ اس مہم کے ذریعے معاشرے میں یہ شعور اجاگر کرنا ہوگا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی نوعیت کا تشدد ناقابل قبول ہے اور متاثرین کو خاموش رہنے کے بجائے بلا خوف انصاف کے حصول کے لیے معاون ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ضروری ہے جہاں ہر خاتون اور بچی خود کو محفوظ، بااختیار اور انصاف تک رسائی کے حوالے سے مطمئن محسوس کرے۔ تقریب سے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شیر شاہ غلزئی، یو این ڈی پی بلوچستان کے سربراہ ذوالفقار درانی، یو این ایف پی اے بلوچستان کی سربراہ سعدیہ عطاء، ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سماجی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
خبرنامہ نمبر10347/26
کوئٹہ، 25 نومبر 2026:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوئٹہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و معاشی مسائل، جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ آزاد، ذمہ دار اور فعال صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے۔ حکومت صحافیوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ اقدامات کر رہی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کے اجرا کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا تاکہ صحافتی اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور ان کے حقوق کا تحفظ اہم معاملہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے حکومتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
خبرنامہ نمبر 10348/26
کوئٹہ، 25 نومبر 2026:
سیکرٹری محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان صالح محمد بلوچ نے کہا ہے کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت (AMR) انسانی صحت، جانوروں کی صحت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں، ویٹرنری ڈاکٹرز، کسانوں اور نجی شعبے کو مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کا ذمہ دارانہ استعمال، بہتر بائیوسیکیورٹی، ویکسینیشن اور عوامی آگاہی اس خطرے کی روک تھام میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ حکومت بلوچستان اور اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے اشتراک سے ورلڈ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس آگاہی ہفتہ 2026 کے سلسلے میں اینیمل سائنٹسٹس انسٹی ٹیوٹ (ASI) کوئٹہ میں منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کا مقابلہ کسی ایک محکمے کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ صحت، لائیوسٹاک، ماحولیات اور خوراک کے شعبوں کے درمیان مربوط تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے 2030 تک زرعی و غذائی نظام میں اینٹی مائیکروبیل ادویات کے استعمال میں نمایاں کمی لانے کے ہدف کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینیمل ہیلتھ اینڈ ایکسٹینشن سروسز ڈاکٹر محمد فاروق ترین نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت مستقبل کا نہیں بلکہ موجودہ دور کا ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے تدارک کے لیے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال، ویکسینیشن، بائیوسیکیورٹی اور ادویات کا محتاط استعمال ضروری ہے۔
ایف اے او کے نمائندگان ولید مہدی اور ڈاکٹر مجیب الرحمٰن نے تکنیکی پریزنٹیشن میں بتایا کہ مزاحمت پیدا کرنے والے بیکٹیریا اور ان کے جینز جانوروں، انسانوں، خوراک اور ماحول کے درمیان منتقل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اینٹی بائیوٹکس کے متبادل طریقوں، نگرانی کے نظام، لیبارٹری تشخیص اور فارم کی سطح پر بہتر اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر اسفند یار شیرانی نے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی اور قومی سطح پر صحت عامہ کے لیے بڑا خطرہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ون ہیلتھ اپروچ کے تحت تمام شعبوں کا تعاون ناگزیر ہے۔یہ سرگرمی دی پانڈیمک فنڈ کے تعاون سے جاری پاکستان میں ون ہیلتھ اپروچ کے ذریعے وبائی امراض کی تیاری اور ردعمل مضبوط بنانے کے منصوبے کے تحت منعقد کی گئی، جس میں محکمہ صحت، بلوچستان فوڈ اتھارٹی، انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، ایف اے او، عالمی ادارہ صحت، تعلیمی اداروں، ویٹرنری ڈاکٹرز، طلبہ اور کسانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ایف اے او بلوچستان کے سربراہ و انٹرنیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ولید مہدی نے شرکاء اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بینرز اور نعروں کے ذریعے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام اور ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام عام کیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی صحت، جانوروں کی صحت اور ماحول کے تحفظ کے لیے ون ہیلتھ اپروچ کے تحت آگاہی اور عملی اقدامات کو مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر10349/26
مچھ: مائنز مینیجران اور مائنز سرداروں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد، شرکاء کو حفاظتی امور سے متعلق جامع تربیت فراہم کی گئی۔مچھ میں مائنز مینیجران اور مائنز سرداروں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی، جونیئر انسپکٹر آف مائنز مچھ محمد اسامہ اور الیکٹرک انسپکٹر آف مائنز مچھ عارف حسین عمرانی نے شرکاء کو کان کنی کے دوران حفاظتی اقدامات، مشینری کے محفوظ استعمال، برقی تحفظ، ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے جامع تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ کا مقصد کان کنی کے شعبے سے وابستہ افراد میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا، پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانا اور کام کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر شرکاء کو مائنز سیفٹی کے اصولوں اور احتیاطی تدابیر پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے تربیتی سیشنز میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے کان کنی کے شعبے میں محفوظ ماحول کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر10350/26
لسبیلا 25نومبر 2026:
کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی زیر صدارت این ایچ اے حکام کے ساتھ اجلاس، این-25 شاہراہ کی دو رویہ تعمیر، ٹریفک کی حفاظت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال
کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے جنرل منیجر، حب و خضدار اور دیگر متعلقہ تکنیکی افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی شاہراہ این-25 (N-25) کی دو رویہ تعمیر (Dualization)، شاہراہ پر ٹریفک کی حفاظت، حادثات کی روک تھام اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران این-25 شاہراہ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ، حادثات کے خدشات، حساس مقامات کی نشاندہی، سڑک کی بہتری اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ این-25 شاہراہ بلوچستان کی اہم ترین تجارتی اور مواصلاتی گزرگاہ ہے، جس کی دو رویہ تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، حادثات کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے این ایچ اے کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں میں حفاظتی اقدامات کو ترجیح دی جائے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ این-25 شاہراہ کو محفوظ، بہتر اور معیاری بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھیں گے۔
خبرنامہ نمبر10351/26
کوئٹہ 25نومبر2026۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کی خصوصی ہدایات پر عوامی شکایات اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر بروری زوہیب آغا کی سربراہی میں ہزارہ ٹاؤن میں نان فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران نان کے مقررہ وزن اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو مقررہ وزن کے مطابق روٹی اور نان کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی، کم وزن نان کی فروخت اور عوام کو ناجائز منافع خوری کے ذریعے نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی شکایات کے ازالے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کریک ڈاؤن مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر10352/26
شیرانی:25نومبر2026: ڈپٹی کمشنر شیرانی کلیم اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مانی خواہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق الگ الگ اہم اجلاس منعقد ہوئے، جن میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکزِ صحت، تعلیمی اداروں کی کارکردگی، انتظامی امور اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاسوں میں اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن ستنو راغہ حبیب الرحمان ناصر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیف الدین بگٹی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبداللہ کاکڑ، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر ڈاکٹر عبدالقادر، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر محمد اسلم، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمائندے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، آر ٹی ایس ایم کے ممبران، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (GTA) اور GTA آئینی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس:
صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس میں ضلع شیرانی کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت کی فعالیت، طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر کلیم اللہ کاکڑ نے ضلع کے تمام سرکاری ہیلتھ سینٹرز کو ہر صورت فعال بنانے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو اپنے علاقوں میں بروقت علاج معالجے کی سہولیات میسر آسکیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت، غیر حاضری یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تعلیم کے شعبے سے متعلق اجلاس:
ڈسٹرکٹ ایجوکین گروپ کے اجلاس میں ضلع شیرانی کے تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور سرکاری اسکولوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ ضلع میں تعلیمی معیار کی بہتری اور سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ تعلیمی افسران اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری یقینی بنائی جائے، تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور درپیش مسائل کو باہمی مشاورت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے حل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر شیرانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری، سرکاری اداروں کی فعالیت اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر10353/26
بارکھان:25نومبر2026: ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کوہِ سلیمان ڈویژن ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے ضلع بارکھان کی سب تحصیل رڑکن کے علاقے سی ڈی سلیچ میں واقع مرکز صحت کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا، جہاں انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام (EPI)، ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین سسٹم اور ویکسین کو مقررہ درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کے انتظامات کا جائزہ لیا دورے کے دوران ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے مرکز صحت میں ادویات کے اسٹاک، ضروری طبی آلات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ طبی عملے کو ہدایت کی کہ بچوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگانے، ویکسین کی مؤثر نگہداشت اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر مانیٹرنگ کے دوران یہ امر بھی سامنے آیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بارکھان کی جانب سے مذکورہ مرکز صحت کا کوئی مانیٹرنگ دورہ نہیں کیا گیا، جس پر ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنانے اور ضلع بھر کے تمام مراکز صحت کے باقاعدہ دورے یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے واضح کیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران اور طبی عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام اور بچوں کو بھی بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں۔
خبرنامہ نمبر10354/26
لورالائی:25نومبر2026: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیرِ صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی (DPEC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں، انتظامی امور اور مہم کو مؤثر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس کے دوران مہم کے مائیکرو پلان، پولیو ٹیموں کی تعیناتی، تربیتی امور، سیکیورٹی انتظامات، نگرانی کے نظام اور متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مہم کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور ان کے مؤثر حل کے حوالے سے بھی غور کیا گیا
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے متعلقہ محکموں اور انسدادِ پولیو مہم سے وابستہ تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بناتے ہوئے تمام انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے خصوصی طور پر گزشتہ مہمات کے دوران رہ جانے والے بچوں (Missed Children)، والدین کے انکاری کیسز (Refusal Cases) اور دیگر حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر حکمت عملی، مسلسل نگرانی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پولیو مہم کے مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر10355/26
لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی (Repatriation of Illegal Foreigners) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آ منعقد ہوااجلاس محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر So(General)HD/2-25(A/R)2023/2244-2343 مورخہ 4 اکتوبر 2023ء کی روشنی میں طلب کیا گیا ہے، جس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے عمل سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی، ڈپٹی کمشنرز لورالائی، دکی، موسیٰ خیل، ہرنائی اور زیارت، کمانڈر لورالائی اسکاؤٹس کے نمائندے، انچارج آئی ایس آئی، انچارج ایم آئی، انچارج اسپیشل برانچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا لورالائی اور کمشنر برائے افغان مہاجرین بلوچستان کے نمائندے شرکت کریں گےکمشنر لورالائی ڈویژن کی جانب سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں تاکہ اس اہم معاملے سے متعلق متعلقہ امور پر غور و خوض اور ضروری اقدامات کے حوالے سے مشاورت کی جا سکے، اسٹیشن سے باہر تعینات افسران کو بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جس کے لیے انہیں آن لائن لنک فراہم کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر10356/26
لورالائی:25نومبر2026: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی (Divisional Monitoring Committee) کا اہم اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج کے نمائندے، ڈپٹی کمشنرز لورالائی، دکی، موسیٰ خیل، ہرنائی اور زیارت، کمانڈر لورالائی اسکاؤٹس کے نمائندے، انچارج آئی ایس آئی، انچارج ایم آئی، ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو (IB)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا، انچارج ریجنل پاسپورٹ آفس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اور انچارج اسپیشل برانچ لورالائی شرکت کریں گےاجلاس کا مقصد ڈویژن کی سطح پر متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامی امور اور متعلقہ معاملات پر مشترکہ مشاورت کرنا ہےکمشنر آفس کی جانب سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ جبکہ لورالائی سے باہر تعینات افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے، جس کا لنک انہیں فراہم کیا جائے گا اجلاس میں مختلف متعلقہ اداروں کی شرکت سے ڈویژنل سطح پر باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
خبرنامہ نمبر10357/26
لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت سرکاری محصولات کی وصولی اور آمدن میں اضافے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈویژن کے پانچ اضلاع لورالائی، موسیٰ خیل، دکی، زیارت اور ہرنائی میں سرکاری محصولات کی وصولی، مقررہ اہداف پر پیش رفت اور بقایاجات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع، ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی سمیت ڈپٹی کمشنرز موسیٰ خیل، زیارت اور ہرنائی شرکت کریں گےاجلاس کے ایجنڈے میں گزشتہ سہ ماہی کے دوران اسٹامپ ڈیوٹی، آبیانہ، عشر، انتقال فیس، ضلع فیس، میونسپل فیس اور کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی مجموعی وصولیوں کی تفصیلات کا جائزہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ربیع اور خریف کے سیزن میں رقبہ وار فصلوں کے معائنے، مجوزہ اہداف کے مقابلے میں حاصل ہونے والی آمدن اور زرعی انکم ٹیکس کی مجموعی وصولی پر بھی غور کیا جائے گا اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس کے بقایاجات کی تفصیلی رپورٹ، ان کی وصولی کے لیے کیے گئے اقدامات، متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ محصولات کی وصولی میں بہتری، سرکاری آمدن میں اضافے اور بقایاجات کی مؤثر وصولی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیرِ بحث آئے گا
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی جانب سے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں مکمل تیاری، مستند اعداد و شمار اور متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ ذاتی طور پر شرکت یقینی بنائیں تاکہ سرکاری محصولات کی وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور مقررہ اہداف کے حصول میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر10358/27
کوئٹہ 25نومبر2026: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت مارٹن ڈاؤ کے سی ای او مس سلویٰ زینب کے ساتھ تعلیمی شعبے میں سی ایس آر (CSR) منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ای او فیمیل، ڈی ڈی اوز، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کوئٹہ کے مختلف گرلز اسکولوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری، اضافی کمروں کی تعمیر، مرمت اور رینویشن کے کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو اسکولوں کے دورے، ضروری کاموں کی نشاندہی، منصوبوں پر عملدرآمد اور جاری کاموں کی مسلسل نگرانی کے حوالے سے ذمہ داریاں سونپ دیں، تاکہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سی ایس آر منصوبوں کے تحت تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اور کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر10359/26
کوئٹہ 25نومبر۔2026: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت کوئٹہ کےایسٹ اور ویسٹ اضلاع کے درمیان کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ ثنا ماجبین، دونوں اضلاع کے انتظامی افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں دونوں اضلاع کے درمیان انتظامی امور، باہمی رابطوں، سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ دونوں اضلاع کے افسران باہمی تعاون اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے انتظامی امور کو بہتر بنائیں، عوامی خدمت کو ترجیح دیں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامی رابطہ کاری، بروقت اقدامات اور افسران کی ذمہ دارانہ کارکردگی سے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
خبرنامہ نمبر10361/26
کوئٹہ: 25 نومبر 2026:
مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن، ضلع زیارت میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیشن جسٹس محمد عامر نواز رانا نے گزشتہ روز کھلی عدالت میں کمیشن کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ایک گواہ کا بیان قلم بند کیا گیا جنہیں کمیشن اور شہداء کے وکلاء حبیب اللہ ناصر، شمس الرحمن اور محمد سالار خان ایڈووکیٹس نے الگ الگ جرح کی۔تحقیقاتی کمیشن کی مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی گئی۔
خبرنامہ نمبر10362/26
چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے آج BSDI فیز تھری کے تحت تحصیل کچہری چمن میں جاری مرمتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور کام کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مرمتی کام مقررہ معیار، منظور شدہ منصوبہ بندی اور طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں، جبکہ کام کی رفتار اور معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کی بہتری اور مرمت کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرکاری دفاتر میں ایک صاف ستھرا، سازگار اور موزوں دفتری ماحول قائم کرنا ہے، تاکہ تحصیل کچہری آنے والے عوام اور سائلین کو سہولت اور آسانی میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری عمارتوں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر10363/26
کوئٹہ25 نومبر 2026:: خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے 16 روزہ عالمی آگاہی مہم کا صوبائی سطح پر افتتاح بدھ کے روز بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) کے مرکزی کیمپس تکتو میں کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی تھیں۔تقریب کا انعقاد اقوام متحدہ کے اداروں، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM)، بلوچستان چیپٹر ایوا ڈبلیو اے جی اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے اشتراک سے کیا گیا۔ رواں سال کی مہم کا عنوان ’’متحد ہو کر خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ کریں، انصاف یقینی بنائیں، متاثرین کا تحفظ کریں اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیں‘‘ ہے۔تقریب میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں، خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں، سول سوسائٹی کے ارکان اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی ترجیحات اور ادارہ جاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور بچیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے، انہیں انصاف تک رسائی دینے اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
تقریب کے دوران خواتین کے حقوق، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرین کے تحفظ کے حوالے سے انٹرایکٹو پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر ایوا ڈبلیو اے جی الائنس کی جانب سے سفارشات کا چارٹر بھی پیش کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ گروپ فوٹو اور نیٹ ورکنگ سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر10364/26
گوادر/ اورماڑہ: اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے غوث بہار پبلک لائبریری اورماڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لائبریری کے بنیادی ڈھانچے، دستیاب سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے لائبریری کے انتظام و انصرام، عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور طلبہ کے لیے فراہم کردہ تعلیمی و مطالعاتی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے لائبریری کی بہتر دیکھ بھال، عملے کی باقاعدہ حاضری اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعلیمی اداروں کی بہتری، دستیاب سہولیات کے مؤثر استعمال اور طلبہ کو بہتر مطالعاتی ماحول کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ دورہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، عوامی اداروں کی بہتری اور نوجوان نسل کے لیے بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعلیمی اداروں کی بہتری، دستیاب سہولیات کے مؤثر استعمال اور طلبہ کو بہتر مطالعاتی ماحول کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ دورہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، عوامی اداروں کی بہتری اور نوجوان نسل کے لیے بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/10365
گوادر25 نومبر: شادی کور کے زمینداروں کے ایک وفد نے صوبائی سیکرٹری زراعت داؤد خان خلجی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمٰن بلوچ سے ملاقات کی، جس میں علاقے کے زرعی شعبے کو درپیش مسائل، زمینداروں کی مشکلات اور زرعی پیداوار میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وفد نے باغات، آبپاشی، پانی کی دستیابی اور دیگر متعلقہ امور پر حکام کو آگاہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیااس موقع پر دونوں صوبائی سیکریٹریز نے زمینداروں کے مسائل اور تجاویز کو ہمدردی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ امور کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل زراعت مسعود بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مقبول احمد بلوچ بھی موجود تھے۔
خبر نامہ نمبر 2026/10366
گوادر25 نومبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن اور ہدایات کے تحت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات بلوچستان زاہد سلیم کی سربراہی میں سات اہم محکموں کے انتظامی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے گوادر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کو ضلع کے انتظامی ڈھانچے، تاریخی اہمیت، منفرد جغرافیائی محل وقوع، تزویراتی حیثیت، عوامی ضروریات اور وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، اعلیٰ سطحی میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر، سیکرٹری زراعت داؤد خان خلجی، سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمٰن بلوچ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شاہزیب خان، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ڈاکٹر سجاد بلوچ اور اسپیشل سیکرٹری صحت شیہک شہداد بلوچ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی انیس طارق گورگیج اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سمیت ضلعی آفیسران دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیم، صحت، پانی، بجلی، سرکاری دفاتر، اراضی و ریونیو ریکارڈ، گوادر سیف سٹی اور دیگر بنیادی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ تعلیمی شعبے میں 200 اضافی کلاس رومز، 53 اسکولوں کی مرمت اور 135 نئی تدریسی آسامیوں ، جبکہ میرانی ڈیم، ڈی سیلینیشن پلانٹ، 40 میگاواٹ بجلی منصوبے، پسنی کے پاک عمان اسپتال، انڈس اسپتال اور یونیورسٹی آف گوادر سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز ون کے تحت ضلع گوادر میں 826 ملین روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد مکمل کرلیا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں سرکاری اسکولوں کی بحالی و اپ گریڈیشن، صحت کی سہولیات میں بہتری، بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی، ماہی گیروں کے لیے شیڈز کی تعمیر، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، پارکس، ہالز اور کھیلوں کے میدانوں کی فراہمی شامل ہے ان ترقیاتی اقدامات کا بنیادی مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ماہی گیروں اور مقامی آبادی کی ضروریات پوری کرنے، نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے اور ضلع میں معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے اجلاس میں بتایا گیا ھے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ترقیاتی وژن کے مطابق گوادر کے دیرینہ مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ گوادر کی معاشی، سماجی اور پائیدار ترقی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
خبر نامہ نمبر 2026/10376
سوراب25 نومبر:ـڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ نے تحصیلدار محمود احمد کرد، نائب تحصیلدار ایوب حسن محمد حسنی، پی ایس ٹو اے سی فضل لہڑی اور دیگر عملے کے ہمراہ سوراب بازار کا اچانک دورہ کیا دورے کے دوران مختلف دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں معیار صفائی ستھرائی اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر مرغی فروخت کرنے اور ناجائز منافع خوری پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے جبکہ دیگر کو سخت وارننگ جاری کی گئی اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کریں انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے بازاروں کے اچانک معائنے جاری رہیں گے۔
خبر نامہ نمبر 2026/10368
سوراب25 نومبر:ـحکومت بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ نے مڈل امتحانی ہال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل انتظامات اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے سپرنٹنڈنٹ سے امتحانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور امتحانی عمل کو شفاف منظم اور میرٹ کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات میں نقل اور ڈپلیکیٹ کے کسی بھی عمل پر ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی جبکہ امتحانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی دورے کے دوران امتحانی ہال میں صفائی ستھرائی طلبہ کے لیے دستیاب سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط شفافیت اور بہتر انتظامات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ طلبہ کو صاف اور سازگار ماحول میں امتحان دینے کے مواقع میسر آسکیں۔
خبر نامہ نمبر 2026/10369
گوادر25 نومبر:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت اور صوبائی حکومت کے ترقیاتی وژن کے تحت گوادر کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے صوبے کے سات اہم محکموں کے انتظامی سیکریٹریز اعلیٰ سطحی وفد گوادر کے دورہ پر پہنچ گئے ایئرپورٹ پہنچانے پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے وفد کا استقبال کیا دورہ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) زاہد سلیم، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شہزیب خان، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر، سیکریٹری زراعت و کوآپریٹوز داؤد خان خلجی، سیکریٹری ایریگیشن سہیل الرحمٰن بلوچ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پنزئی،اسپیشل سیکرٹری صحت شیہک شہداد بلوچ اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ ڈاکٹر سجاد بلوچ شامل تھے دورہ کا بنیادی مقصد گوادر میں اپنے اپنے محکموں سے متعلق مسائل، عوامی ضروریات، دستیاب سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کا زمینی حقائق کی روشنی میں جائزہ لے کر ایک جامع اور تفصیلی رپورٹ مرتب کرنا ہے، تاکہ درپیش مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جا سکیں اس اعلیٰ سطحی دورہ گوادر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، عوامی مسائل کے مؤثر حل اور مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/10370
چمن25نومبر:سی آئی اے اسٹاف چمن نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا دوسرا ملزم پولیس کی جوابی کارروائی میں زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق دو ملزمان موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش میں مصروف تھے کہ اطلاع ملتے ہی انچارج سی آئی اے اسٹاف چمن نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہوگیا۔زخمی ملزم کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج معالجہ جاری ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ہےموسیٰ ولد علاؤالدین، قوم نورزئی، سکنہ بائی پاس چمن (زخمی، ہسپتال میں زیرِ علاج ،نادر ولد حضرت علی، قوم باکوزئی، سکنہ زابل، افغانستان ،کارروائی کے دوران برآمد ہونے والا سامان ایک عدد ٹی ٹی پسٹل ،ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل،ایک عدد 70 سی سی موٹرسائیکل،چمن پولیس کی جانب سے واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
خبر نامہ نمبر 2026/10371
قلعہ عبداللہ25نومبر:صوبائی حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ضلعی پولیس نے مختلف علاقوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کارروائیاں ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خالد کی براہِ راست نگرانی میں ایس پی قلعہ عبداللہ خلیل احمد بگٹی کی قیادت میں عمل میں لائی گئیں۔تحصیل گلستان میں وسیع پیمانے پر کیے گئے پولیس آپریشن کے دوران آئس (شیشہ) تیار کرنے والے چار اور چرس (کینابس) تیار کرنے والے سات بڑے کارخانوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ مزید برآں، جنگل پیر علیزئی کے علاقے میں قائم دو غیر قانونی منشیات کی فیکٹریوں کو بھی مسمار کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 13 منشیات کے کارخانوں کا خاتمہ کیا گیا، جبکہ ان مقامات پر موجود مشینری، کیمیکلز، ڈرموں، آلات اور دیگر متعلقہ سامان کو نذرِ آتش کرکے تلف کر دیا گیا دوسری کارروائی میں پولیس تھانہ حبیبزئی کی حدود میں قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سید نقیب شاہ کی گرفتاری کے لیے اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم گھر کی تلاشی کے دوران تین ایس ایم جی رائفلیں، پانچ میگزین اور 32 زندہ کارتوس برآمد کر لیے گئے۔ برآمد شدہ اسلحے کے حوالے سے الگ مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح اے ٹی ایف کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر نقیب شاہ گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزم سبیل احمد عمرانزئی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل، دو میگزین، 16 زندہ کارتوس اور ایک ٹویوٹا آلٹس گاڑی برآمد ہوئی، جس کے چوری شدہ ہونے کا شبہ ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف پولیس تھانہ جنگل پیر علیزئی میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔منشیات کے کارخانوں کے خلاف آپریشن میں ضلعی پولیس قلعہ عبداللہ، اے ٹی ایف کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ، سی ٹی ڈی قلعہ عبداللہ اور اسپیشل آپریشن ونگ کے افسران و جوانوں نے حصہ لیا۔ کارروائی صبح سے شام تک جاری رہی، جس کے دوران سی ٹی ڈی نے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے علاقے کی فضائی نگرانی اور آپریشن کی ریکارڈنگ بھی کی۔ تمام فورسز کی مربوط حکمتِ عملی، مؤثر ناکہ بندی اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کے باعث آپریشن کسی ناخوشگوار واقعے یا جانی نقصان کے بغیر کامیابی سے مکمل ہوا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خالد نے آپریشن میں شریک پولیس افسران اور جوانوں کے ساتھ وقت گزارا، ان کے ہمراہ کھانا تناول کیا اور ان کی جرات، محنت اور جذبۂ فرض شناسی کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔پولیس حکام کے مطابق ان کارروائیوں کو علاقے کے عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ ضلعی پولیس قلعہ عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے کاروبار، غیر قانونی اسلحے، چوری، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں پائیدار امن کا قیام پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ضلعی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔
خبر نامہ نمبر 2026/10372
لسبیلہ25نومبر:ـ اسسٹنٹ کمشنر کنراج کشش چوہدری کی زیر صدارت منی بس مالکان اور موٹروے پولیس کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں موٹروے پولیس کے افسران، منی بس ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مسافروں کی حفاظت، کرایوں میں شفافیت، گاڑیوں کی فٹنس، اوور لوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کنراج کشش چوہدری نے کہا کہ مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ٹرانسپورٹرز مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اورانتظامیہ کی جانب سے مقررہ کرایوں پرسختی سے عمل درآمد کیاجائے۔






