30th-May-2026

خبرنامہ نمبر4547/2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی پہلی کامیاب آزمائشی (Proving) پرواز کی لینڈنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بلوچستان کی ترقی، بہتر علاقائی روابط اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کی جانب سے فضائی آپریشنز کے آغاز سے گوادر کو ملک کے مختلف اہم شہروں سے مؤثر اور جدید فضائی رابطہ میسر آئے گا، جس سے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ فضائی نیٹ ورک کے تحت گوادر کو تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے منسلک کیا جائے گا، جس سے صوبے میں نقل و حمل اور کاروباری روابط مزید مستحکم ہوں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر پاکستان کی معاشی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی روابط کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ نئی فضائی سروسز کے آغاز سے نہ صرف سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر فضائی رابطے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس پیش رفت کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوادر کو بین الاقوامی معیار کے اقتصادی اور تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی کامیاب آزمائشی پرواز بلوچستان کے روشن مستقبل، بہتر سفری سہولیات اور اقتصادی خوشحالی کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

خبرنامہ نمبر4548/2026
گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن ”ویمن امپاورمنٹ اور مقامی معیشت کے فروغ” کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں سے عید الاضحیٰ کے موقع پر خواتین کے لیے خصوصی مینا بازار کا انعقاد کیا گیا۔ مینا بازار میں خواتین کے لیے محفوظ، منظم اور باوقار ماحول میں خریداری کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ مقامی خواتین کو اپنے کاروبار اور مصنوعات کی نمائش کیلئے مؤثر موقع بھی میسر ائے۔ یہ اقدام خواتین کے معاشی استحکام، سماجی ترقی اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

خبرنامہ نمبر4549/2026
لورالائی، 30 مئی:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔میونسپل کمیٹی لورالائی کے عملے نے مختلف علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ جراثیم کش چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔صفائی آپریشن کے دوران ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے اندرونی حصوں میں خصوصی صفائی، دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ اسی طرح قادری کمپلیکس، پولیس تھانہ، بھاگی بازار، باچا خان چوک، ختم نبوت چوک، جناح مارکیٹ اور گرلز ہائی سکول سمیت دیگر اہم مقامات پر صفائی ستھرائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل مکمل کیا گیا۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ بلوچ نے صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ہی تلف کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کے ”ستھرا بلوچستان پروگرام” کے تحت صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔میونسپل کمیٹی لورالائی کا خصوصی صفائی آپریشن عید کے ایام کے بعد بھی بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ شہر بھر میں صفائی، ستھرائی اور عوامی صحت کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر4550/2026
سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تعیناتی کے منتظر سی پی او کوئٹہ دوست محمد بگٹی کو ایس ایس پی سیکورٹی ڈویژن کوئٹہ، ان کے پیش رو عبد العزیز جکھرانی کو ایس پی ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی رخشان رینج خاران تعینات کیا، محمد نعمان ظفر اور عبدالحنان کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ڈی ایس پی سیکورٹی ڈویژن کوئٹہ جلال الدین کو ایس پی ریڈ زون کوئٹہ تعینات کیا، ایس ڈی پی او سریاب سرکل کوئٹہ آصف غفور کو ایس پی آپریشنز سٹی ڈویژن کوئٹہ تعینات کیا، ایکٹنگ ڈی ایس پی انوسٹی گیشن ایئرپورٹ سرکل کوئٹہ طالب حسین کو ایس ڈی پی او سریاب سرکل کوئٹہ تعینات کیا اور انسپکٹر زیارت ڈسٹرکٹ اٹیچ سی پی او سٹور کوئٹہ ریاست علی کو ڈی ایس پی سیکورٹی ڈویژن کوئٹہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر4551/2026
سنجاوی 30مئی:صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ نے سنجاوی شہر میں امن و امان کی بہتری اور عوام کے تحفظ کے لیے نصب کیے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں کے منصوبے کا افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑنے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام سے جرائم کی روک تھام، عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنجاوی کی ترقی، امن اور عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن ترقی کا ضامن ہے امن وامان کا قیام، مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہیں ہم علاقے سے نفرتوں اور جرائم کا خاتمہ کریں گے عوام کو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے امن وامان کے حوالے سے بہتری آئے گی اور جرائم کا خاتمہ ہوگا تقریب میں سرکاری افسران، سیاسی و قبائلی عمائدین اور معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔

خبرنامہ نمبر4552/2026
گوادر: بلوچستان کے ساحلی اور اقتصادی اہمیت کے حامل شہر گوادر میں فضائی رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ساؤتھ ایئر پرائیویٹ لمیٹڈ کی پہلی آزمائشی (Proving) پرواز کامیابی کے ساتھ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ آزمائشی پرواز کے لیے ATR 72-600 طیارہ استعمال کیا گیا۔ساؤتھ ایئر کی جانب سے فضائی آپریشنز کے آغاز سے گوادر کو ملک کے مختلف اہم شہروں اور علاقوں سے مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔ مجوزہ فضائی نیٹ ورک کے تحت گوادر کو تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے فضائی سہولت میسر آئے گی، جس سے عوام کو محفوظ، تیز اور مؤثر سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔گوادر، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی روابط کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل شہر ہے، وہاں نئی فضائی سروسز کے آغاز سے سیاحت، سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف علاقائی رابطوں میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی معیشت کو تقویت ملنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے میں بھی مدد ملے گی۔نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی کامیاب آزمائشی پرواز کو گوادر کی ترقی، بہتر سفری سہولیات اور بلوچستان میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

خبرنامہ نمبر4553/2026
کوئٹہ 30مئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایت پر منی پیٹرول پمپ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا اس موقع پر 68 منی پیٹرول پمپ سیل کرکے 52 افراد گرفتار، جیل منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔ یہ کارروائیاں سب ڈویژن سٹی، صدر، سریاب اور کچلاک میں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 68 منی پیٹرول پمپ سیل جبکہ 52 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس کریک ڈاؤن میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ، اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار کی زیر نگرانی ہوئیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایات، مہنگے داموں پیٹرول فروخت کرنے والوں اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سخت ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور شہریوں کے مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 4554/2026
کوئٹہ 30مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات اور عوامی مفاد کے پیشِ نظر ہزارہ ٹاؤن اور مالی باغ میں غیر قانونی شیشہ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن(ر) کبیر مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے متعلقہ تھانوں کے ہمراہ مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مالی باغ میں شابستان کیفے جبکہ ہزارہ ٹاؤن میں مزید 6 شیشہ کیفے سیل کردیے۔کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا، جبکہ شیشہ استعمال میں لانے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات اور غیر قانونی سرگرمیوں سے بچانے کیلئے شیشہ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *