21st-November-2026

خبرنامہ نمبر10235/2026
اسلام آباد 21 نومبر : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے آج دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے صوبے کی ترقیاتی ضروریات اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر10236/2026
بارکھان.خبر نامہ 21نومبر2026,ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کوہِ سلیمان ڈویژن ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے سی ڈی سلیچ، سب تحصیل رکھنی، ضلع بارکھان کا تفصیلی مانیٹرنگ وزٹ کیا۔ دورے کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کے نظام، ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین مینجمنٹ، مقررہ درجہ حرارت اور ویکسین کی محفوظ نگہداشت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ادویات کے اسٹاک، ضروری طبی آلات اور مرکز صحت میں دستیاب بنیادی طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی بروقت فراہمی اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔دورے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گزشتہ دو ماہ سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بارکھان کی جانب سے مذکورہ مرکز صحت کا مانیٹرنگ وزٹ نہیں کیا گیا۔ اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام مراکز صحت کے باقاعدہ دورے یقینی بنائے جائیں۔ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے واضح کیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران اور طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔مؤثر مانیٹرنگ، بہتر طبی سہولیات اور عوام کو معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

خبرنامہ نمبر10237/2026
لورالائی:21نومبر 2026 ای پی آئی ہال لورالائی میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے زیرِ اہتمام ملیریا کیس مینجمنٹ اور نگرانی (Malaria Case Management and Surveillance) کے موضوع پر تین روزہ کومبو ریفریشر ٹریننگ کے دوسرے روز کی کارروائی منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لورالائی ڈاکٹر محمد فہیم خان نے کی ٹریننگ میں محکمہ صحت، بی آر ایس پی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکائ میں ایم اسحاق، ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر (DPC)، بی آر ایس پی، امین اللہ، میل آفیسر آئی ایچ ایچ این (IHHN)، امیر عثمان، ڈسٹرکٹ لیبارٹری آفیسر (DLO) اور امیر عزیز، ڈی ایم یو انچارج شامل تھے۔ جبکہ ماسٹر ٹرینرز ڈاکٹر شاہ زمان حمزہ زئی اور جلال شاہ نے شرکائ کو ملیریا کی تشخیص، علاج، کیس مینجمنٹ اور مؤثر نگرانی کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی اس موقع پر ضلع کے مختلف صحت مراکز سے تعلق رکھنے والے 35 فیسلٹی فوکل پرسنز نے بھرپور شرکت کی، جن میں میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور کلینکس سے وابستہ عملہ شامل تھا۔ تربیتی سیشنز کے دوران ملیریا کے مشتبہ مریضوں کی بروقت شناخت، تشخیصی عمل، مریضوں کے کیسز کی مناسب مینجمنٹ، علاج کے مقررہ طریقہ کار پر عمل درآمد اور بیماری سے متعلق درست ریکارڈ مرتب کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ماسٹر ٹرینرز نے شرکائ کو ملیریا کی روک تھام، علامات کی پہچان، بروقت تشخیص، علاج کی فراہمی اور مریضوں کی مسلسل نگرانی کے حوالے سے عملی معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ صحت مراکز میں بیماری سے متعلق ڈیٹا کی درست رپورٹنگ، کیسز کی مؤثر مانیٹرنگ اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد فہیم خان نے اس موقع پر تربیتی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملیریا سمیت دیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور مؤثر کنٹرول کے لیے طبی عملے کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ، بروقت تشخیص اور معیاری علاج بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام صحت مراکز میں تربیت کے دوران حاصل کردہ معلومات اور رہنما اصولوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیںتین روزہ کومبو ریفریشر ٹریننگ کا بنیادی مقصد صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کی تکنیکی مہارتوں کو مزید بہتر بنانا، ملیریا کیس مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانا اور بیماری کی نگرانی و رپورٹنگ کے عمل کو مضبوط کرنا ہے، تاکہ ضلع لورالائی میں ملیریا کی بروقت تشخیص، مناسب علاج اور روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ٹریننگ میں شریک 35 فیسلٹی فوکل پرسنز کی شرکت کو ضلع کے مختلف طبی مراکز میں ملیریا سے متعلق خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور عوام کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

خبرنامہ نمبر10238/2026
جھل مگسی20 نومبر ؛وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں ہندو کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل اور ان کی دہلیز پر داد رسی یقینی بنانے کے لیے ہندو دربار گنداواہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، ونگ کمانڈر ایف سی 51 ونگ لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان اور ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی نے مشترکہ طور پر کی۔اس موقع پر ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں اور عمائدین نے اپنے مختلف مسائل اور تحفظات سے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کو آگاہ کیا۔ شرکائ نے بالخصوص بجلی، پینے کے صاف پانی، روڈ نیٹ ورک اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے، جبکہ علاقے میں امن و امان اور ہندو کمیونٹی کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تجاویز اور مطالبات سامنے رکھے گئے۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے ہندو کمیونٹی کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام شہریوں کو بلاامتیاز بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ایف سی اور پولیس حکام نے بھی ہندو کمیونٹی کو امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کھلی کچہری کے انعقاد پر ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں اور عمائدین نے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو عوامی مسائل کے حل اور انتظامیہ و عوام کے درمیان رابطے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر10239/2026
جھل مگسی21 نومبر :ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھل مگسی میڈم قرت العین مگسی سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع جھل مگسی میں تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار، طلبہ کی حاضری اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے اساتذہ کو فوری طور پر جواب طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں، جبکہ غیر حاضری ثابت ہونے کی صورت میں تنخواہ میں کٹوتی، تنخواہ بند کرنے اور قواعد و ضوابط کے مطابق دیگر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی باقاعدگی اور دیانت داری سے انجام دیں، کیونکہ اساتذہ کی حاضری اور مؤثر تدریسی عمل ہی معیاری تعلیم کی بنیاد ہے۔انھوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

خبرنامہ نمبر10240/2026
لورالائی:21نومبر 2026 ضلع لورالائی میں آبی وسائل کے تحفظ، زرعی ترقی اور علاقے کی معاشی خوشحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مارہ تنگی ڈیم (Mara Tangi Dam) کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کو وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) برائے مالی سال 2026-27 میں شامل کرنے کے حوالے سے محکمہ آبپاشی بلوچستان کی جانب سے عملی پیش رفت جاری ہے۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر (SE) لورالائی ڈویژن نے سیکرٹری حکومت بلوچستان محکمہ آبپاشی جناب سہیل الرحمٰن کو منصوبے کے حوالے سے ایک جامع اور تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔پریزنٹیشن کے دوران مارہ تنگی ڈیم کی تعمیر کی ضرورت و اہمیت، منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور اس کی مستقبل کی افادیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر منصوبے کو وفاقی پی ایس ڈی پی 2026-27 میں شامل کرنے کے حوالے سے متعلقہ امور بھی زیرِ بحث آئے، تاکہ اس اہم آبی منصوبے کو قومی ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنا کر اس پر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے اس اہم اجلاس میں جناب سامی بلوچ، چیف انجینئر خضدار زون و صوبائی کوآرڈینیٹر برائے وفاقی منصوبہ جات، چیف انجینئر مکران اور سیکشن آفیسر (بی اینڈ اے) محکمہ آبپاشی بلوچستان بھی موجود تھے، جنہوں نے منصوبے سے متعلق امور میں شرکت کی مارہ تنگی ڈیم ضلع لورالائی کے لیے ایک اہم اور دوررس نتائج کا حامل منصوبہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس کی تعمیر سے بارشوں اور قدرتی آبی بہاؤ کے پانی کو ذخیرہ کرنے، زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے، زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی کے امکانات بڑھانے اور خشک سالی کے اثرات میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ بالخصوص لورالائی جیسے زرعی اور بارانی علاقے میں پانی کے ذخائر کی تعمیر نہ صرف زراعت بلکہ باغبانی، مالداری اور مقامی آبادی کے معاشی استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہےضلع لورالائی کی معیشت کا ایک بڑا حصہ زراعت، باغبانی اور مال مویشیوں سے وابستہ ہے، جبکہ پانی کی قلت اور بارشوں پر انحصار کاشتکاروں کو مختلف مشکلات سے دوچار کرتا ہے۔ ایسے حالات میں مارہ تنگی ڈیم کی تعمیر علاقے کے آبی وسائل کو محفوظ بنانے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔ اس منصوبے سے زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے امکانات بھی روشن ہو سکتے ہیں۔عوامی و زرعی حلقوں کے مطابق مارہ تنگی ڈیم کی تعمیر ضلع لورالائی کے دیرینہ آبی مسائل کے حل اور علاقے کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی میں اس منصوبے کی شمولیت کے لیے محکمہ آبپاشی بلوچستان کی جانب سے پیش رفت ایک مثبت اور خوش آئند اقدام ہے، جس سے لورالائی کے عوام، زمینداروں اور کاشتکاروں میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے مارہ تنگی ڈیم کی تعمیر کی جانب پیش رفت کو بلوچستان میں آبی وسائل کے بہتر انتظام، زرعی معیشت کے استحکام اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے وسیع تر وژن کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

خبرنامہ 10240/2026
کوئٹہ، 21 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں کے دوران 15 دہشتگردوں کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ دو مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 15 دہشتگردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرانا بھی قابل تحسین پیش رفت ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابل قدر ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ ریاست امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 10441/2026
کوئٹہ، 21 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں کے دوران 15 دہشتگردوں کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت مستونگ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کا خاتمہ، ان کے متعدد ٹھکانوں کی تباہی اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی اہم کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل کلیئر کرانا بھی قابل تحسین پیش رفت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ حکومت کے بنیادی اہداف میں شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشتگردی اور تشدد کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں، آخری دہشتگرد کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *