25th-May-2026

خبرنامہ نمبر 4468/2026
لورالائی:25مئی ۔ رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے کوئٹہ ٹرین دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدائ کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اپنے جاری کردہ تعزیتی بیان میں حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے کہا کہ کوئٹہ ٹرین دھماکہ ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم بلوچستان کے عوام ایسے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے اور اس افسوسناک واقعے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورا ملک سوگوار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔رکنِ صوبائی اسمبلی نے مزید اعلان کیا کہ شہداءکے احترام اور سوگ کے پیش نظر عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام سیاسی، سماجی اور ذاتی تقریبات منسوخ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بار نہ عید ملن پارٹیاں منعقد کی جائیں گی اور نہ ہی کسی قسم کی جشن کی سرگرمی ہوگی۔حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے اپنے کارکنان، معززین اور چاہنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ سادگی سے منائی جائے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری اولین ذمہ داری دکھی انسانیت کی دلجوئی اور شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک ہونا ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتیابی دے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و امان قائم رکھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 4469/2026
نصیرآباد:25مئی ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر ایاز جمالی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عید کے ایام میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا ہنگامی طبی ضرورت سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، فارماسسٹ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملہ عیدالاضحیٰ کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دے گا جبکہ تمام سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ او آفس میں قائم عیدالاضحیٰ سیل کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فارماسسٹ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی موجود تھا۔ ڈاکٹر ایاز جمالی نے کہا کہ عید کے دنوں میں عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈی ایچ او آفس میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وہ خود کریں گے جبکہ متعلقہ ٹیمیں چوبیس گھنٹے اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی وارڈز کی فعالیت، طبی آلات کی موجودگی اور ڈاکٹرز و عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر صفائی ستھرائی اور وبائی امراض سے بچاوکے حوالے سے بھی محکمہ صحت مکمل طور پر الرٹ ہے جبکہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 4470/2026
کوئٹہ 25مئی؛۔گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے کے شہداء اور زخمیوں سے متعلق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیر صدارت ضلعی معاوضہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متاثرہ افراد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شہدائ اور زخمیوں کی مکمل فہرستیں متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کی گئیں جبکہ زخمیوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور متاثرہ خاندانوں کو ممکنہ امداد کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔کمیٹی کو حادثے کے نتیجے میں نقصان پہنچنے والی گاڑیوں، عمارتوں اور دیگر املاک سے متعلق ابتدائی ڈیٹا بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ نقصانات کا مکمل تخمینہ جلد از جلد مرتب کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف اور معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنائی جائے گی اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ امدادی و بحالی اقدامات جاری رکھیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4471/2026
پشن,25مئی ۔ ایس ایس پی پشین کیپٹن (ر) نوید عالم نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کر کے شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت حساس مقامات پر اسنیپ چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ٹیلی وڑن کے سینئر پروڈیوسر “کرنٹ افیئرز ٹائم” ملک محب ترین کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص عیدالاضحیٰ کے موقع پر کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ایس ایس پی کیپٹن (ر) نوید عالم نے بتایا کہ عید گاہوں، مساجد اور مویشی منڈیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے اضافی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ عید کے ایام میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے پولیس موبائلز اور موٹر سائیکل اسکواڈ کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور افواہوں کے سدباب کے لیے میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور عید کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایس ایس پی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4472/2026
کوئٹہ 25 مئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کوئٹہ متحرک ہے تاکہ حالیہ ٹرین دھماکے سے متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف اور مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ اور سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ اہلکاروں نے گزشتہ روز دھماکے سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے متاثرہ مکانات، عمارات اور گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود صورتحال کا تفصیلی تجزیہ کیا۔وفد نے متاثرہ شہریوں سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل، ضروریات اور درپیش مشکلات کو غور سے سنا۔ اس موقع پر متاثرین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ ان کے ہر ممکن مسئلے کے فوری حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ نقصانات کے ازالے اور بحالی کے عمل کو شفاف اور تیز رفتار بنایا جائے گا تاکہ متاثرہ افراد جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکیںضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4473/2026
دکی 25مئی ۔ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال نے دکی بازار کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف دکانوں، سبزی و فروٹ شاپس، جنرل اسٹورز اور اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے مراکز کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران اشیائ کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور تمام اشیائ مقررہ نرخوں کے مطابق فروخت کی جائیں تاکہ عوام کو مصنوعی مہنگائی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے بعض دکانوں پر نرخنامے آویزاں نہ ہونے اور زائد قیمت وصول کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ دکانداروں کو سخت تنبیہ بھی کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر نگرانی مزید موثر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور میونسپل عملے کو ہدایت کی کہ بازار اور اطراف کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4474/2026
چمن25مئی ۔ چمن میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا ایک اہم اجلاس قائم مقام گورنر بلوچستان اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی اور کمانڈر چمن سکاوٹس چمن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا اجلاس میں کمانڈنگ افیسر 40 فرنٹیئر فورس (FF) چمن، ایس پی چمن، کمانڈنگ افیسر آئی ایس آئی چمن، آئی ڈبلیو چمن، کمانڈنگ افیسر سی ٹی چمن، کمانڈنگ افیسر ایم آئی 304 چمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) چمن، اسسٹنٹ کمشنر (AC) چمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی بی چمن، ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی چمن، سرکل آفیسر اسپیشل برانچ چمن، اینٹی نارکوٹکس افیسر ، ڈسٹرکٹ آئی ٹی آفیسر چمن کے علاوہ لینڈ ڈیپارٹمنٹس کے تمام ضلعی سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی.اجلاس میں ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے قائم مقام گورنر بلوچستان اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق کو ضلع چمن میں بی ایس ڈی آئی فیز I فیزII میں مکمل کیے گئے ترقیاتی اسکیمات جن میں محکمہ تعلیم، روڈز، صحت عامہ واٹر سپلائی کیلئے برموں پائپ لائنوں اور سولرائزیشن کے حوالےسے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اور فیز III میں ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے اور کاموں کو شروع کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سرحدی سیکیورٹی، انسدادِ جرائم، خفیہ معلومات کے تبادلے، عوامی تحفظ کے اقدامات، انتظامی امور میں باہمی رابطہ کاری اینٹی نارکوٹکس کی بارڈر کی کارکردگی اور ضلعی سطح پر درپیش سیکیورٹی و انتظامی چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیااس موقع پر قائم مقام گورنر بلوچستان اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی اور کمانڈر چمن سکاوٹس چمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق پورے بلوچستان اور خاص کر ضلع چمن میں بی ایس ڈی آئی فیز III میں مزید ترقیاتی اسکیمات کو جلد سے جلد شروع کرنے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں منصوبوں کی بروقت اجلاس میں عوامی مسائل کے حل اور مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا انہوں نے کہا کہ چمن جیسے حساس اور سرحدی ضلع میں تمام سول و عسکری اداروں کے مابین موثر رابطہ اور ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور ریاستی رِٹ کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کے تحت ہونے والے فیصلوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔ قائم مقام گورنر بلوچستان اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی چمن کو تعلیمی کاروباری اور ترقیاتی منصوبوں میں ملک کی دیگر ضلعوں کے برابر لانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اہمیت دے رہے ہیں اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام محکموں کے افسران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات انجام دیں تاکہ ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اور عوام سکون و اطمینان کی زندگی گزارنے کے قابل ہوں
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4475/2026
کوئٹہ25مئی۔عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی بازاروں، گلی محلوں اور اسپیڈی کارٹس پر فروخت ہونے والی قلفیوں اور آئس لولیز کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے پیش نظر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت خصوصاً بچوں کو مضر صحت اور غیر معیاری مصنوعات سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد غیر رجسٹرڈ و ناقص آئس لولی یونٹس سیل، ہزاروں غیر معیاری قلفیاں و آئس لولیز تلف جبکہ کئی فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے اور سخت وارننگز جاری کی گئیں۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشتون آباد، مشرقی بائی پاس، کواری روڈ، نوآبادی، سی پیک روڈ کوئٹہ اور لورالائی میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایسے یونٹس بے نقاب کیے جہاں آئس لولیز انتہائی ناقص اور غیر محفوظ ماحول میں تیار کی جارہی تھیں۔ ان کارروائیوں کے دوران ڈیٹرجنٹ کے استعمال، غیر معیاری و نان فوڈ گریڈ رنگ، زائد مقدار میں پریزرویٹوز، گندے شربت، زنگ آلود برتنوں، مکھیوں کی موجودگی اور ناقص اسٹوریج جیسے سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔کارروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں غیر معیاری اور کھلی پیکنگ والی آئس لولیز تلف کی گئیں جبکہ کئی یونٹس کی بجلی منقطع کرکے پیداوار بند کرادی گئی۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ مصنوعات اور بغیر لائسنس کاروبار چلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے کہا کہ عید کے موقع پر بچے سب سے زیادہ قلفیوں اور آئس لولیز کا استعمال کرتے ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ بعض عناصر منافع کی خاطر بچوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “بچوں کی پسندیدہ قلفیاں اگر غیر معیاری اجزائ اور آلودہ ماحول میں تیار ہوں تو یہ زہر سے کم نہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام خصوصاً والدین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور معیاری برانڈز کی مصنوعات خریدیں اور کھلی یا غیر لیبل شدہ آئس لولیز سے اجتناب کریں۔ ڈی جی بی ایف اے کے مطابق عوامی صحت کے تحفظ کیلئے ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عید کے دوران بھی جاری رہیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4476/2026
استا محمد25مئی ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد، محمد رمضان پلال کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی DDC کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ونگ کمانڈر 114 کرنل رضوان طیب، کوچیئرمین سردار ہارون خان جمالی، ایس پی استا محمد حافظ معاذالرحمٰن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ا±ستامحمد ،محمد اسماعیل لاشاری، تحصیلدار گامن خان بوہڑ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد یاسین جمالی، پرنسپل گرلز کالج، پرنسپل بوائز ڈگری کالج سمیت ایریگیشن، ایجوکیشن، بی اینڈ آر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کیاجلاس میں بی ایس ڈی آئی فیز ون اور فیز ٹو کے تحت تحصیل گنداخہ اور تحصیل استا محمد میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ان منصوبوں پر سیر حاصل تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے لہٰذا ہر ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے قبل اس کے ممکنہ فوائد کا جامع سروے اور تخمینہ لگانا ناگزیر ہے تاکہ وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو حقیقی سہولیات فراہم ہوں انہوں نے مزید کہا کہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی، بنیادی صحت کی سہولیات اور معیاری تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات ہیں کیونکہ یہ شعبے براہِ راست عوامی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مکمل شدہ منصوبوں کے بلز بروقت جمع کروائے جائیں تاکہ ادائیگی کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اجلاس میں سختی سے ہدایات جاری کی گئیں کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور کسی قسم کی سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیز تھری میں ایسے منصوبے شامل کیے جائیں جن سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے دوران عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ اس بات پر بھی زور دیا کہ کم منصوبے بنائے جائیں مگر وہ دیرپا اور پائیدار ہوں فیز تھری کے تحت درج ذیل اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں بی ایس کمپلیکس کی تعمیر، بکھرڑہ جمالی سے لیکر جان جمالی کی ملز تک سڑک کی تعمیر اور دونوں اطراف فٹ پاتھ کی تعمیر،گھنٹہ گھر سے تنیہ محلہ تک ٹف ٹائلز کی تنصیبنکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے نالہ کی تعمیر استا محمد سے سیم شاخ سیفلہ شاخ تک نکاسی آب کے نالے کی تعمیر یہ منصوبہ جو کہ استامحمد کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ رہا تھا خانپور پل سے لیکر براستہ استا نہر ہجوانی بائی پاس روڈ تک سڑک کی تعمیر،پولیس تھانوں و دیگر محکموں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے منصوبوں کے علاوہ مختلف محلوں میں گلیوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی بھی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں منظوری دی گئی، جنہیں حتمی منظوری کے لیے اپنی تجاویز اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ جو بھی ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں ان کی تکمیل مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے افسران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4477/2026
زیارت خبرنامہ25 مئی ۔ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی زیر صدارت بی ایس ڈی آئی کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایف سی 155ونگ کیپٹن محمد حارث،ایف سی صوبیدار فتح محمد زہری ایکسین پی ایچ ایف آغا تیمورشاہ،ایکسین ایریگیشن عمیر علی ،چیف افسرغلام مصطفیٰ ،اسسٹنٹ ولید احمد،ایس ڈی او ایریگیشن نصیر احمداسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد صدیق ایس ڈی اوسنجاوی محبوب خان نے شرکت کی۔اجلاس میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری سکیمات کا جائزہ رپورٹ پیش کی گئی ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہاکہ فیز تھری میں کھلی کچہری میں عوام نے جو تجاویز دی تھیں ان پر غور کرکے اجتماعی منصوبوں کو شامل کیا جائے گا اور انفرادی سکیم کو شامل نہیں کیا جائے گا مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اجتماعی منصوبوں کو اولیت دی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4478/2026
کوئٹہ 25مئی۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سے گزشتہ روز ٹرین دھماکے میں متاثر ہونے والے خاندانوں نے ملاقات کی، جن کے گھروں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متاثرہ خاندانوں سے تفصیلی بات چیت کی اور ان کے نقصانات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرین کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کی بنیادی ضروریات کی فوری فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے، جن میں واٹر ٹینک، کمبل، میٹرس، ادویات، پانی کولر، برتن، ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیائ شامل ہیں، جو آج ہی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ علاقے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات فوری مکمل کیے جائیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے عمل کو تیز رفتار اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4479/2026
بارکھان، 25 مئی ۔ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی سرکاری زرعی اراضی پر مبینہ قبضے اور تعمیراتی کام کی اطلاعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ریونیو اسٹاف اور تحصیلدار رکنی فاضل خان کو فوری طور پر موقع پر روانہ کردیا ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ اراضی پر جاری کام کو فوری طور پر بند کروا دیا جبکہ قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے۔ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تعمیرات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کا فوری نوٹس لے کر قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ سرکاری املاک کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر بارکھان نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی پر تاحکمِ ثانی کسی بھی قسم کے کام، تعمیرات یا قبضے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک ضلعی انتظامیہ یا ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری نہ کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبر نامہ نمبر4480/2026
لورالائی 25 مئی:۔ ضلع انتظامیہ لورالائی نے غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے کوئٹہ روڈ پر قائم ایک غیر قانونی منی پٹرول پمپ کو دوبارہ سیل کر دیا۔ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع اور اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی خصوصی ہدایات پر جاری مہم کے دوران نائب تحصیلدار اعظم خان اور مختیار جعفر نے دو روز قبل زاکر منی پٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گم گیج، حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی اور دیگر خلاف ورزیوں پر پمپ کو سیل کیا تھا۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ دکاندار نے سرکاری سیل توڑ کر ازخود دکان دوبارہ کھول دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جہاں انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی منی پٹرول پمپ کو دوبارہ سیل کر دیا جبکہ دکاندار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ کارروائی کے دوران دکان میں موجود پٹرول، مشینری اور دیگر سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، غیر معیاری پیمائش اور عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری سیل توڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔مزید برآں ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ منی پٹرول پمپس سے پٹرول خریدنے سے گریز کریں اور ایسے عناصر کی نشاندہی فوری طور پر انتظامیہ کو کریں تاکہ عوامی مفاد اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق آنے والے دنوں میں لورالائی شہر اور گردونواح میں قائم غیر قانونی کاروبار، تجاوزات اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔
خبر نامہ نمبر4481/2026
کوئٹہ25 مئی:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ سید ذوالفقار شاہ کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ جاکر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کا سایہ انسان کے لیے ایک عظیم نعمت ہوتا ہے، جس کا نعم البدل ممکن نہیں میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے
خبر نامہ نمبر4482/2026
موسی خیل 25مئی:۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک کا بروقت ایکشن: موسیٰ خیل میں عید کی خوشیاں اندھیروں کی نذر ہونے سے بچ گئیں گزشتہ دنوں موسی’ خیل شہر کے اندر اسٹیڈیم میں بجلی کا کھمبا گرنے کی وجہ سے موسی’ خیل ٹاؤن اور متصل علاقوں کی بجلی سپلائی معطل ہوگئی اہلیان شہر کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک سے ملاقات کی اور بجلی معطلی کے حوالے سے زبانی درخواست کی شہریوں نے کہا کہ عید کا موقع ہے اگر بجلی بحال نا ہوء تو عید کی خوشیاں پھیکی پڑجائینگیں گرمی کا موسم ہے ڈپٹی کمشنر نے بروقت عملی طور پہ چیف سیکرٹری بلوچستان کو درخواست دی جس پہ چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہنگامی بنیادوں پہ واپڈا چیف کے نام لیٹر جاری کرکے موسی’ خیل کی بجلی بحال کرنے کا کہا گیا واپڈا چیف نے ایس ای واپڈا کو احکامات دئیے جس پہ کارواء کرتے ہوئے لورالاء سے اسپیشل ٹیم نے موسی’ خیل آکر متعلقہ واپڈا ملازمین کے ساتھ مل بجلی بحال کرادی اہلیان موسی’ خیل نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پہ کہا کہ حکومت بلوچستان کا وژن ہے کہ عوام سہولیات ان کے دروازے پہ پہنچے باقی یہ ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ پورے ضلع میں عوام کے مسائل حل کریں عوام خوشحال ہوگی تو بلوچستان خوشحال ہوگا ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کے وژن کی پاسداری کریں گے.
خبر نامہ نمبر4483/2026
پنجگور25 مئی: ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ نے پیر کے روز سول اسپتال پنجگور کا دورہ کیا اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالغفار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عابد ریکی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سراج احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، لیب اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت جاری کی کہ مریضوں کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، خصوصاً آنے والی عید کے دنوں میں تمام طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں۔انہوں نے تاکید کی کہ تمام ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ڈیوٹی کے اوقات پر ہسپتال میں موجود رہیں تاکہ ہسپتال ہفتے کے ساتوں دنوں میں تمام اوقات فعال رہ سکے۔جبکہ میڈیکل اسٹور اور ایمرجنسی سروسز بھی 24 گھنٹے فعال رہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
خبر نامہ نمبر4484/2026
قلعہ سیف اللہ25 مئی:۔ قلعہ سیف اللہ میں کانگو وائرس / کریمین کانگو ہیمرجک فیور (CCHF) کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کے تعاون سے شہر اور گردونواح میں کانگو سپرے مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کا مقصد مویشی منڈیوں، مویشی خانوں، قصاب خانوں اور جانوروں کی نقل و حمل کے مقامات پر ٹک کے خاتمے کے لیے جراثیم کش اسپرے کرنا ہے، تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر مویشی منڈیوں اور جانوروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ جانوروں کو ہینڈل کرتے وقت دستانے اور احتیاطی لباس استعمال کریں,بخار، جسم درد یا خون بہنے کی صورت میں فوری قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عید الاضحی اور جانوروں کی نقل و حرکت کا سیزن ختم نہیں ہو جاتا۔ کسی بھی مشکوک کیس کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم یا محکمہ صحت کو دیں۔

خبر نامہ نمبر 2026/4485
کوئٹہ 25مئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے گزشتہ روز ہونے والے دھماکے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ گھروں، عمارات اور دیگر مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل، نقصانات اور فوری ضروریات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور امداد کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران نقصانات کا ابتدائی جائزہ بھی لیا گیا جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف، بنیادی سہولیات اور ضروری معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی اور بحالی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *