25th-July-2026

خبرنامہ نمبر 6446/2026
کوئٹہ، 25 جولائی :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو کوئٹہ کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں
بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ وارانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کی پولیس کو مضبوط کرنے کے فیصلوں پر پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لیے پلان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور امن و امان کی حکمت عملی میں سابق سربراہان بلوچستان پولیس کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی،نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، میرٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں کا اعتماد بحال اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، بلوچستان میں دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائیں گے،وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا،

خبرنامہ نمبر 6447/2026
سوراب:- حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں BSDI فیز 3 کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایف سی بلوچستان 61 ونگ میجر علی عباس، اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بگٹی سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے منصوبوں پر بریفنگ دی اور ان پر مؤثر و بروقت عملدرآمد کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے کہا کہ BSDI فیز 3 میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر تعلیمی اور طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

خبرنامہ نمبر 6448/2026
سوراب : ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بگٹی کی زیر صدارت گورنمنٹ پرائمری اسکول خرمائی لاکھوریان میں نئے کلاس روم کی تعمیر سے متعلق معاملے پر ایک اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں درخواست گزار محمد اسحاق، علاقائی معززین، مشتاق احمد گرگ (پی ایس ٹو اے ڈی سی) اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران درخواست گزار نے اپنے تحفظات اور مؤقف تفصیل سے پیش کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گدر نے تمام نکات کو بغور سنا، متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا اور ہدایت جاری کی کہ معاملے پر آئندہ کارروائی قانون، قواعد و ضوابط اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 6449/2026
قلات :- قانون کی حکمرانی امن و امان کے قیام عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے پیش نظر قلات پولیس نے بغیر قانونی دستاویزات، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا ہےایس پی قلات کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ شہری دوران سفراپنی گاڑی کےتمام قانونی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں گاڑیوں سے فوری طور پر کالے شیشے اتار دیں اورغیر نمونہ(فینسی ) نمبر پلیٹس کی جگہ سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس لگائیں شہریوں کے نام پیغام میں ایس پی قلات نے کہا ہیکہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرتے ہوئے ایک ذمہ دار اور قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں کیونکہ آپ کا تعاون محفوظ اور پرامن قلات کی ضمانت ہےواضع رہے کہ اس خصوصی مہم کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی فرد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 6450/2026
نصیرآباد:- ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے آج چھتر فلیجی سے آنے والے سیلابی ریلوں کے ربی کینال میں داخل ہونے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ربی کینال کا دورہ کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ محکمہ جات کے افسران کی جانب سے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال، پانی کے بہاؤ، اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی ریلوں کے دباؤ کو کم کرنے، آبادی کو محفوظ رکھنے اور زرعی نقصانات سے بچاؤ کے لیے مختلف حکمتِ عملیوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیلابی پانی کو منظم اور مربوط انداز میں پھیلایا جائے تاکہ کسی ایک مقام پر پانی کا دباؤ بڑھنے سے ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اضافی پانی کو ربی کینال کے ذریعے قبولہ اور دیگر نشیبی علاقوں کی جانب منتقل کیا جائے، تاکہ پانی کے بہاؤ میں توازن برقرار رہے اور ساتھ ہی زرعی زمینوں کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے صورتحال کی مسلسل اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں، جبکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے
خبرنامہ

خبرنامہ نمبر 6451/2026
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی کی رہنمائی اور چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ہدایات پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی جانب سے لازمی پوائنٹ آف سیل (POS) انٹیگریشن کے نفاذ کیلئے مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اسی سلسلے میں آج انگلش کافی اور کابل جی ریسٹورنٹ کو POS انٹیگریشن مکمل نہ کرنے پر نوٹسز جاری کیے گئے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر اپنے POS سسٹمز کو بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ منسلک کریں، الیکٹرانک انوائسز کا اجراء یقینی بنائیں اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ، 2015 کے تحت تمام قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کریں بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا کہ POS انٹیگریشن کے ذریعے جاری ہونے والی انوائسز کی حقیقی وقت (Real-Time) میں نگرانی کی جاتی ہے تاکہ شفافیت، درست ٹیکس وصولی اور کاروباری لین دین کی مؤثر دستاویز بندی کو یقینی بنایا جا سکے اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر POS انٹیگریشن اور دیگر قانونی تقاضوں کی تکمیل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت جرمانے، کاروباری مراکز کی سیلنگ اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساتھ ہی تمام ریسٹورنٹس، کیفے اور دیگر سروس فراہم کنندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن، POS انٹیگریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6452/2026
تمپ: وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پنزائی کے احکامات کی روشنی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے نو تشکیل شدہ ضلع تمپ کے مختلف مراکز صحت کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ نے آر ایچ سی نظرآباد اور سی ڈی کونشقلات کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود طبی عملے کی حاضری چیک کی، ادویات کے اسٹاک، او پی ڈی سروسز، مریضوں کے ریکارڈ اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اس موقع پر ڈاکٹر نوروز یعقوب نے کہا کہ محکمہ صحت کی اولین ترجیح دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر اور بہتر بنانا ہے، تاکہ عوام کو علاج معالجے کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے مزید برآں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب کی کاوشوں سے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹٹ ( BSDI ) کے تحت آر ایچ سی نظرآباد کے لیے دو اضافی کمروں کی منظوری بھی حاصل کی گئی ہے، جس سے نہ صرف مریضوں بلکہ طبی عملے کو بھی مزید سہولیات میسر آئیں گی محکمہ صحت کے حکام نے اس اقدام کو علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

خبرنامہ نمبر 6453/2026
گوادر/پسنی: وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ گوادر متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) پسنی کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے او پی ڈی، ایمرجنسی وارڈ، مختلف شعبہ جات، ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری بھی چیک کی اور غیر حاضر ملازمین کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی کی ہدایت کی اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ADHO) پسنی ڈاکٹر نذیر بلوچ نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، ایمرجنسی ادویات کے کوٹے، دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے عوام کو بلا تعطل اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے، ادویات کی دستیابی برقرار رکھنے اور ہسپتال کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں نظم و ضبط، عملے کی حاضری اور مریضوں کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 6454/2026
گوادر/پسنی: وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں صحت کے شعبے کی بہتری، بنیادی طبی سہولیات کی توسیع اور شہریوں کو معیاری علاج ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے حکومتِ بلوچستان مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) پسنی اور بنیادی مرکز صحت (BHU) بسول کا تفصیلی دورہ کیا دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے او پی ڈی، ایمرجنسی، ادویات کے ذخیرے، صفائی کی صورتحال، طبی آلات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتالوں میں جاری طبی خدمات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو عوام کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی کے ساتھ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ڈاکٹر یاسر طاہر نے طبی عملے سے ملاقات کے دوران ہسپتالوں کو درپیش مسائل، ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی سہولیات اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ حکام کو عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ضلعی انتظامیہ گوادر کی رہنمائی میں صحت کے شعبے کو مضبوط، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، تاکہ ضلع کے دور دراز علاقوں کے شہری بھی معیاری اور بروقت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نظم و ضبط، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کے ساتھ بہتر طرزِ عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر 6455/2026
نصیر آباد:- انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نصیرآباد ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے وژن کے مطابق نصیرآباد ڈویژن میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی خصوصی کاوشوں سے 18 سال بعد افسر کلب نصیرآباد میں رونقیں دوبارہ بحال ہو گئیں۔ کمشنر نے کلب میں جدید سہولیات سے آراستہ جم کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر، ایف سی کے میجر یاسر، سپرنٹنڈنگ انجینئر مواصلات و تعمیرات فدا حسین کھوسہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔شرکاء نے افسر کلب کی بحالی کو سراہتے ہوئے اسے ضلع نصیرآباد کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 6456/2026
سنجاوی :- صوبائی وزیر خوراک و فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ کے بھائی اور فوک پرسن ہرنائی، حاجی باز محمد دومڑ کی جانب سے ڈی آئی جی لورالائی رینج جناب جنید احمد شیخ اور کمشنر لورالائی ڈویژن جناب ولی محمد بڑیچ کے اعزاز میں دومڑ ہاؤس، کلی اڑ سنجاوی میں ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی، ایس پی زیارت عبدالملک درانی، ایڈیشنل کمشنر لورالائی اعجاز جعفر، سابق ڈپٹی کمشنر سردار رفیق ترین، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین حاجی خان محمد دومڑ، اسسٹنٹ کمشنر زیارت شہر شاہ غلزئی، قبائلی و سیاسی رہنما ملک لاجور خان دومڑ، سردار عبداللہ خان ترین، ملک افضل نیازی، منان ماما، حاجی نور اللہ دومڑ، چیئرمین ملک بائع خان دومڑ، شہر بہادر دومڑ، ملک عبداللہ جان دومڑ، چیئرمین حاجی نصر الدین ترین، اعظم خان دومڑ، جی ٹی اے کے صدر محمد نور دومڑ، پرسنل سیکرٹری محمد اشرف خان دومڑ، ڈپٹی چیئرمین دنیا خان باچا اندڑ، سیف اللہ دومڑ، عرفان خان دومڑ، پی ایس ٹو ڈپٹی کمشنر ہرنائی امیر محمد ترین، پی ایس اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی ناصر خان بغلانی، کونسلر عصمت اللہ مچن خیل، کونسلر مولوی فقیر اللہ دومڑ، ڈاکٹر سید بشیر احمد شاہ، نیاز محمد دومڑ، شہر خان میاں خیل، مولوی اکبر دومڑ، عصمت احمد زئی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ظہرانے کے دوران شرکاء نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقے میں امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں نے مقامی عمائدین کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات سے انتظامیہ، عوامی نمائندوں اور قبائلی قیادت کے درمیان ہم آہنگی اور اعتماد کو فروغ ملتا ہے، جو خطے کی ترقی اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔تقریب کے اختتام پر حاجی باز محمد دومڑ نے تمام معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن، بھائی چارے اور اجتماعی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت، سماجی ہم آہنگی اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت، ضلعی انتظامیہ، قبائلی عمائدین اور عوام کے باہمی تعاون سے سنجاوی، ہرنائی، زیارت اور لورالائی ڈویژن میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہوگا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، امن و امان اور خوشحالی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر6458/2026
بارکھان: ضلع پولیس کی جانب سے شہر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ یہ کیمرے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، مرکزی بازار، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہر میں ہونے والی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے اس حوالے سے ایس پی بارکھان رئیس عبدالحق نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے جرائم کی بروقت نشاندہی، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی میں نمایاں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید نگرانی کے اس نظام سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی مزید یقینی بنایا جا سکے گا ایس پی بارکھان نے کہا کہ بارکھان پولیس عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان کو جرائم سے پاک اور محفوظ ضلع بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر6459/2026
صحبت پور:- مانجھوٹی شاخ میں اچانک شگاف پڑنے کے باعث سیلابی پانی تیزی کے ساتھ قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جس سے متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے اور درجنوں گھروں کو جزوی نقصان پہنچا پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث لوگوں کو اپنی قیمتی اشیاء اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کئی خاندان اپنی رہائش گاہیں چھوڑ کر کھلے آسمان تلے یا محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے اس غیر متوقع صورتحال نے علاقے میں روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا اور متاثرین کو فوری امداد کی اشد ضرورت پیش آئی صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا۔ انتظامیہ، لیویز فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کیا گیا بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے عارضی رہائش کے طور پر خیمہ بستیاں قائم کی گئیں، جہاں متاثرین کو پینے کا صاف پانی، خشک راشن، تیار کھانا، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں مزید برآں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو نہ صرف متاثرہ علاقوں کا مسلسل سروے کر رہی ہیں بلکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور مزید ضروریات کا جائزہ لینے میں بھی مصروف ہیں محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ ادارے شگاف کو پر کرنے اور پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مزید علاقوں کو نقصان سے بچایا جا سکے ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رکھا گیا ہے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے اعلیٰ حکام خود بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کو فوری اور زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی بروقت، مؤثر اور عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین کا دلی شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انتظامیہ کی فوری امداد، خیموں کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی نے ان کی مشکلات میں نمایاں کمی کی ہے، جو قابلِ تحسین اور مثالی اقدام ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *