خبرنامہ نمبر10242/2026
کوئٹہ، 22 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سینئر صحافی اور جمہوری اقدار کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت ایک بااصول، کہنہ مشق اور مدبر صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد کی اور صحافت میں اپنی پیشہ ورانہ دیانت داری اور اصولی مؤقف کے باعث ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات اور آزادی اظہار کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے اہل خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا کرے۔
خبرنامہ نمبر10243/2026
کوئٹہ: 22 نومبر :بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی، سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ میں پانی کی فراہمی سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔سماعت کے دوران بی واسا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے بعض علاقوں میں نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں، تاہم باقی علاقوں کے لیے جامع سروے کی ضرورت ہے۔عدالت کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کے مطابق 295 ٹیوب ویلوں میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی کام کر رہے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ رپورٹ کوئٹہ شہر اور گردونواح میں قائم ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد اور ان کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کرتی، لہٰذا اسے غیر حتمی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کی سربراہی میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ اور 5 نومبر 2026 کے اجلاس کے منٹس کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور سیکرٹری پی ایچ ای کو ہدایت کی کہ ایک مؤثر ٹیم تشکیل دے کر کوئٹہ شہر اور گردونواح میں تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کیا جائے اور غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔عدالت نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں اور ان میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست بھی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کو بھجواتے ہوئے معاملے کی انکوائری اور آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔دوران سماعت بی واسا کے حکام نے بتایا کہ خرخسہ ڈیم کے اطراف نو ٹیوب ویل فعال ہیں، جن سے ہزارہ ٹاؤن کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے پانی ہزارہ ٹاؤن قبرستان کے تین لاکھ گیلن گنجائش والے ذخیرے سمیت دیگر آبی ذخائر تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اختر آباد ڈیم کے قریب پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر ضروری تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے سات بلاکس کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم فراہمی غیر باقاعدہ اور انتہائی محدود ہے۔ عدالت نے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو ہدایت کی کہ پانی کی ترسیل کے لیے پرانی اور خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی سمیت ضروری کام بلا تاخیر مکمل کیے جائیں اور اس ضمن میں آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں پانی کی فراہمی کے مستقبل کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے حکم کی نقل ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔
خبرنامہ نمبر10244/2026
کوئٹہ، 22 نومبر :معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سینئر صحافی اور جمہوری اقدار کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں شاہد رند نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت ایک تجربہ کار، بااصول اور مدبر صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے صحافت میں ایک منفرد مقام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات، اصول پسندی اور پیشہ ورانہ وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ شاہد رند نے مرحوم کے اہل خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
خبرنامہ نمبر10245/2026
حب:وفاقی محکموں میں مختلف آسامیوں پر بھرتی کے سلسلے میں امیدواروں کے انٹرویوز کا آغاز آج صبح 9 بجے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) حب میں ہوگیا۔ انٹرویوز کا عمل منظم ماحول میں جاری ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ حب کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایڈمنسڑریشن کے جاری کردہ ٹیسٹ انٹرویوشیڈول کے مطابق آج ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل تسلی بخش منظم انداز میں جاری ہے۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادرخان اوروزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی خصوصی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امیدواروں اور انٹرویو پینلز کی سہولت کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام پینلز کو ضروری فرنیچر، نشستوں، لیپ ٹاپس، معاون عملے اور کلریکل اسٹاف سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ انٹرویوز کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر حب خود انٹرویو کے عمل کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ بھرتیوں کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔امیدواروں اور انٹرویو ٹیموں کی حفاظت کے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ حب ریجن میں امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول کے مطابق22 نومبر 2026ضلع خضدارکے نوجوانوں کے انٹرویوٹیسٹ منعقد ہورہے ہیں جبکہ23 نومبرکوحب اور وڈھ- 24 نومبرکوضلع لسبیلہ-25 نومبرکو ضلع آواران کے امیدواروں کے ٹیسٹ انٹرویوزہونگے ضلعی انتظامیہ حب کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ امیدواروں کو یکساں مواقع اور سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
خبرنامہ نمبر10246/2026
سنجاوی22نومبر:: صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ سے دومڑ ہاؤس کلی اڑس سنجاوی میں ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے خصوصی ملاقات کی ملاقات میں ضلع زیارت، ضلع ہرنائی اور تحصیل سنجاوی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ نے کہا کہ زیارت، ہرنائی اور سنجاوی میں امن و امان کا قیام، عوام کا تحفظ اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہے ملاقات میں ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی، ایس پی زیارت عبد المالک درانی، اسسٹنٹ کمشنر زیارت شیر شاہد غلزئی، فوکل پرسن ہرنائی حاجی باز محمد دومڑ اور دیگر قبائلی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔
خبرنامہ نمبر10247/2026
سنجاوی22نومبر: صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ نے سنجاوی ہسپتال میں نیو ایمرجنسی اور لیبر روم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسران، معززین علاقہ اور عوام نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، اس لیے دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سنجاوی ہسپتال میں نیو ایمرجنسی اور لیبر روم کے قیام سے علاقے کے عوام، بالخصوص خواتین اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ اس اقدام سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت طبی امداد اور زچہ و بچہ کی بہتر نگہداشت کی سہولت میسر ہوگی صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور علاقے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ عوام کو علاج معالجے کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
خبرنامہ نمبر 10248/2026
حب22 نومبر:حب ریجن میں وفاقی محکموں کی مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے ٹیسٹ و انٹرویوز کا آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی نگرانی میں بروز اتوار صبح 9 بجے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) حب میں انٹرویوز کا عمل شروع ہوا، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں انٹرویوز کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے روز ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور کارروائی منظم انداز میں جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر حب خود انٹرویو کے عمل کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ امیدواروں اور انٹرویو پینلز کی سہولت کے لیے ضروری فرنیچر، نشستوں، لیپ ٹاپس، معاون عملے اور کلریکل اسٹاف سمیت تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں اور انٹرویو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ 22 نومبر کو حب ریجن میں ضلع خضدارکے نوجوانوں کے لیے ٹیسٹ انٹرویو منعقد ہوئے جبکہ شیڈول کے مطابق 23 نومبر کو حب اور وڈھ، 24 نومبر کو ضلع لسبیلہ اور 25 نومبر کو ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے ٹیسٹ و انٹرویوز منعقد ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ حب کے مطابق بھرتیوں کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ، یکساں مواقع اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ امیدواروں کو منصفانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 10249/2026
لسبیلہ. پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون، ثقافت و سیاحت بلوچستان نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی خصوصی تعاون و ہدایت پر لسبیلہ ثقافتی میلہ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد لسبیلہ کی منفرد ثقافت، تاریخی ورثے اور علاقائی روایات کو اجاگر کرنے کے ساتھ مقامی فنون اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔میلے میں روایتی کھیلوں، گھڑ سواری، بیلوں کی نمائش اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں مقامی افراد اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ لسبیلہ کی خوبصورت ثقافت، تاریخی ورثے اور علاقائی روایات کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ثقافتی میلوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد مقامی ثقافت، روایتی فنون، دستکاری اور رسم و رواج کی حوصلہ افزائی، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور نئی نسل کو اپنی تہذیبی شناخت سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت ہماری پہچان اور تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ مقامی فنکاروں کی سرپرستی، ثقافتی اقدار کے تحفظ اور لسبیلہ کی منفرد روایات کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 10250/2026
تربت 22 نومبر: بلوچی زبان کے نامور شاعر، ادیب اور واجہ شہداد چاہ سری کی دوسری برسی کے موقع پر بلوچستان اکیڈمی تربت کی جانب سے تربت پریس کلب کے آڈیٹوریم میں ایک تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمی، ادبی، سیاسی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کی زندگی، فکر اور ادبی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں خصوصی طور پر ان کے فرزند اور اسپیشل سیکریٹری صحت بلوچستان شیہک شہداد بلوچ نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے شہداد چاہ سری کی شاعری، علمی بصیرت، قومی وابستگی اور بلوچی زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا تخلیقی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم ادبی ورثہ ہے۔شیہک شہداد بلوچ نے شرکاء اور ادبی شخصیات کی آمد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اکیڈمی تربت نے پریس کلب کے تعاون سے اس ریفرنس کا انعقاد کرکے ان کے والد کی ادبی زندگی اور خدمات کو نئی نسل کے سامنے لانے کی ایک قابلِ قدر کوشش کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اجتماع نہ صرف ایک عظیم ادبی شخصیت کی یاد تازہ کرنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ علاقے میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔معروف بلوچ ادیب و محقق پروفیسر غنی پرواز نے اپنے خطاب میں شہداد چاہ سری کی شاعرانہ شخصیت کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف اصنافِ سخن میں تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والے شاعر تھے۔ انہوں نے اپنے آبائی علاقے چاہ سر سے نسبت قائم رکھتے ہوئے چاہ سری کا تخلص اپنایا، جو اپنی دھرتی سے ان کی فکری اور جذباتی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ادیب و محقق واجہ یوسف عزیز گچکی نے کہا کہ شہداد چاہ سری کا شمار ان منفرد بلوچی شعرا میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کلام کی تخلیق کے ساتھ اس کے لیے دھنیں اور طرزیں بھی خود ترتیب دیں۔ اس طرح ان کی شخصیت شاعری اور موسیقی دونوں میدانوں میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ڈاکٹر فضل خالق نے کہا کہ شہداد چاہ سری کی شاعری میں اپنی سرزمین سے محبت اور مٹی کے ساتھ تعلق کا احساس نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے نام اور ادبی شناخت کو بھی اپنی جائے پیدائش سے وابستہ رکھ کر اپنی دھرتی سے غیر معمولی محبت کا اظہار کیا۔سیاسی و سماجی شخصیت واجہ عصاء ظفر نے مرحوم کی قوم دوست فکر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری شائستگی، قومی احساس اور تہذیبی اقدار کی عکاس تھی۔ انہوں نے موجودہ نسل کے شعرا اور فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقات کو قومی شعور اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنائیں۔ ان کے مطابق بلوچ قوم کی ایک شاندار ادبی و تاریخی روایت ہے اور نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اسلاف کے تخلیقی ورثے کو آگے بڑھائے۔بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کے سابق چیئرمین سنگت رفیق نے شہداد چاہ سری کو ایک بااصول، نڈر اور باوقار علمی و ادبی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی کا ایک حصہ درس و تدریس جیسے مقدس پیشے میں بھی گزارا۔ ان کی شاعری میں مستعمل منفرد الفاظ اور محاورات ان کی زبان پر گرفت اور تخلیقی انفرادیت کا ثبوت ہیں، جن کی جھلک سید ہاشمی، عطا شاد، گل خان نصیر اور محمد حسین عنقا جیسے نامور شعرا کے کلام میں بھی ملتی ہے۔بلوچستان اکیڈمی تربت کے چیئرمین شگر اللہ یوسف نے کہا کہ محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود اکیڈمی بلوچی زبان و ادب کے فروغ، ادبی شخصیات کی خدمات کے اعتراف اور تاریخی ادبی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہداد چاہ سری جیسی شخصیات کو یاد کرنا اسی ادبی و ثقافتی ذمہ داری کا حصہ ہے۔معروف شاعر اور بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین استاد عارف عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں شہداد چاہ سری سمیت کئی بزرگ ادبی شخصیات کی قربت اور صحبت سے سیکھنے کا موقع ملا۔ ان شخصیات کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی نے ان کے ادبی سفر میں اہم کردار ادا کیا، ان کی علمی و ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔شاعر یار محمد ساکم نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ادبی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ماضی کے علمی و تخلیقی کرداروں کو فراموش نہ کرے۔ انہوں نے کیچ میں ادب کے فروغ کے حوالے سے یار محمد نوقلاتی، عاقل بابا نوشاد، اسماعیل بزرگ، لال بخش داؤدی، نذیر صوفی اور امیر بخش جوسکی سمیت دیگر ادبی شخصیات کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان بزرگوں کی کاوشوں نے علاقے کی ادبی روایت کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔سماجی و ادبی کارکن واجہ بجار بلوچ نے کہا کہ شہداد چاہ سری کی شخصیت محض شاعری تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ قومی اور سیاسی جدوجہد سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی زندگی میں قومی شعور اور سماجی احساس کو بنیادی حیثیت حاصل تھی۔بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے صدر میر خلیل تگرانی نے شہداد چاہ سری کے ساتھ اپنی وابستہ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور رہنمائی نے بہت سے لوگوں کو بلوچی زبان و موسیقی کے لیے کام کرنے کا جذبہ دیا۔ آج بھی ان کی تربیت اور شفقت سے مستفید ہونے والے افراد زبان و ادب کی خدمت میں مصروف ہیں۔تعزیتی ریفرنس میں کیچ کی متعدد ممتاز سیاسی، سماجی، علمی اور ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میں پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر غفور احمد بزنجو، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما واجہ ابوالحسن بلوچ، جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام یاسین بلوچ، واجہ عیسیٰ ظفر، چیف آفیسر شعیب ناصر، ڈپٹی میئر کیچ نثار احمد، اے ڈی سی مقبول انور، بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد، ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز برکت اسماعیل، انجمن تاجران کیچ کے صدر نثار آدم جوسکی، اعجاز علی محمد جوسکی، غلام اعظم دشتی، ایاز ہاشم بزنجو، وارث دشتی، لطیف شہنواز، زیڈ جے زہیران، ڈاکٹر یاسین دشتی، مولانا عبدالباسط فیضی، اعجاز احمد بلوچ، ڈائریکٹر ڈیلٹا اسکول تربت مراد اسماعیل بلوچ، پروفیسر طارق رحیم، ڈاکٹر اسلم آزار، صادق تاجر، استاد صابر بلوچ، استاد وہاب بلوچ اور منظور بلوچ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت یلان بلوچ نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض مقبول ناصر نے انجام دیے۔ریفرنس کا دوسرا حصہ موسیقی اور شاعری کے نام رہا، جہاں بلوچی زبان کے معروف فنکاروں استاد عارف بلوچ، استاد اصغر آدینہ، استاد وہاب بلوچ اور مبارک داد نے شہداد چاہ سری کا منتخب کلام اپنی آوازوں اور مخصوص فنکارانہ انداز میں پیش کیا۔ اس طرح ان کی شاعری کے ذریعے انہیں منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور تقریب میں شریک ادبی حلقوں نے ان کی یادوں کو تازہ کیا۔
خبرنامہ نمبر 10251/2026
صوبائی وزیر کیموڈٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سنجاوی میں کیجولٹی اور لیبر روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر فوکل پرسن ہرنائی حاجی باز محمد دمڑ، چیئرمین میونسپل کمیٹی سنجاوی حاجی خان محمد دمڑ، اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیر شاہ غلزئی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نورالباقی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سنجاوی میں کیجولٹی اور لیبر روم کی فعالیت سے علاقے کے عوام بالخصوص خواتین اور ہنگامی طبی امداد کے منتظر مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ہسپتال انتظامیہ نے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑکوہسپتال انتظامیہ نے طبی سہولیات، دستیاب وسائل اور جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ افتتاحی اقدام کو علاقے میں صحت کی سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری اور سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔






