20th-September-2026

خبرنامہ نمبر8008/2026
کوئٹہ، 20 ستمبر :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (چمن۔کراچی، N-25) پر دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کا ثبوت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ‘‘عزمِ استحکام’’ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے متحد اور پرعزم ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے ذریعے عوام اور قومی شاہراہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر8009/2026
کوئٹہ، 20 ستمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنا اہم کامیابی ہے۔ اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو قابلِ تحسین اور بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے کہا کہ کارروائی میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا۔شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن، استحکام اور معمول کی پُرامن زندگی کے خواہاں ہیں، اور ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر8010/2026
لسبیلہ20ستمبر: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرابلوچ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ کے ہمراہ BSDIفیز تھری کے تحت جاری ڈسٹرکٹ کملیکس لسبیلہ کو فعال کرنے کے لئے تعمیراتی و تزوین وآرائش کیکام کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس لسبیلہ میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو ہدایات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرابلوچ نے مزید ہدایت کی کہ کمپلیکس کے کام کوجلد سے جلد مکمل کیا جائے۔واضح رہے کہBSDI فیز ||| کیتحت ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کام 80فیصد مکمل ہوچکے ہیں جس کی بدولت جلد ہی ضلع کے بہت سارے آفیسران ایک ہی چھت کے نیچے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے سہولیات فراہم کریں گے۔

خبرنامہ نمبر8011/2026
اوتھل :کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی احکامات پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ نیدرگاہ سید فدا حسین شاہ بخاری کیسالانہ تین روزہ میلے کے پرامن انعقادکیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان کی منظوری دی ہے۔ 24 ستمبر سے سے شروع ہونے والا میلہ تین روز تک جاری رہے گا۔ میلے کے موقع پر ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی کی زیرِ نگرانی اور SHO اوتھل وحید علی مگسی کی ٹیم کی قیادت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں،میلے کے آغاز پر درگاہ کے خلفائیکی جانب سے درگاہ پر چادر چڑھائی جائے گی اور ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔ میلے کے تینوں روز ملھ پہلوان اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے۔واضح رہے کہ درگاہ سید فدا حسین شاہ بخاری کے سالانہ میلے میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے

خبرنامہ نمبر8012/2026
گوادر20 ستمبر :رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور چئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر نے شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چار نئے صفائی رکشوں کا افتتاح کر دیا۔ نئے رکشے بلدیاتی فلیٹ میں شامل کیے گئے ہیں، جنہیں شہر کے مختلف محلوں، گلیوں اور تنگ راستوں سے کچرا بروقت اٹھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا افتتاحی تقریب میں وائس چئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر سیف اللہ ہوت، کونسلر فیصل اللہ بخش سمیت میونسپل کارپوریشن کے افسران اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ گوادر میں صفائی ستھرائی اور بنیادی بلدیاتی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی، گلیوں کی ٹف ٹائلنگ، چوکوں کی خوبصورتی اور صفائی کے لیے جدید مشینری کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صفائی رکشوں کی شمولیت سے شہر کی تنگ گلیوں اور مختلف علاقوں سے کچرا اٹھانے کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہوگا، جس سے شہریوں کو بہتر صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی بلدیاتی حکام نے بتایا کہ گوادر کی مرکزی شاہراہوں اور ٹف ٹائلز والے علاقوں کی صفائی کے لیے مزید جدید مشینری بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کلین اینڈ گرین گوادر کے ہدف کے تحت صفائی کے نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے.

خبرنامہ نمبر8013/2026
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وز یر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کے وژن کے تحت اور چئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ہدایات پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف شادی ہالز کا دورہ کیا۔دورے کے دوران متعدد شادی ہالز کو بلوچستان ریونیو اتھارٹی اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ، 2015 کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ متعلقہ کاروباری مراکز کو ٹیکس قوانین کی تعمیل اور قابلِ اطلاق تقاضوں کی تکمیل کے حوالے سے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔BRA ٹیم نے شادی ہالز کے انتظامیہ کو رجسٹریشن، ٹیکس تعمیل، درست ریکارڈ رکھنے اور قانون کے مطابق واجب الادا ٹیکس کی بروقت ادائیگی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا مقصد ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام میں شفافیت، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور صوبائی محصولات میں اضافہ یقینی بنانا ہے۔ متعلقہ کاروباری اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ قابلِ اطلاق قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

خبرنامہ نمبر8014/2026
ڈھاڈر 20 ستمبر: صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ، سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (PTA) بلوچستان وحید شریف عمرانی کی ہدایت اور ایس ایس پی کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو کی زیر نگرانی پی ٹی اے بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی نے قلم دین چیک پوسٹ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔کارروائی کے دوران بغیر روٹ پرمٹ گاڑیوں، غیر قانونی روٹ کے استعمال، گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے، مقررہ حد سے زائد سامان لادنے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گاڑیوں کے کاغذات، روٹ پرمٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔حکام کے مطابق کارروائی کے دوران چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے اور اوورلوڈنگ کی خلاف ورزی پر 25 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ 15 گاڑیوں کو بند کر دیا گیا۔ متعدد گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو مسافروں کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے سے گریز کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔حکام نے بتایا کہ بعض مسافر گاڑیوں، ٹرکوں اور دیگر بھاری گاڑیوں میں مقررہ حد سے زائد لوڈنگ، چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے اور غیر قانونی روٹ کے استعمال کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانا غیر قانونی ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ہے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے عمل کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ائندہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ گاڈی کا روٹ پر معطل کرکے زمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام نے واضح کیا کہ بغیر روٹ پرمٹ گاڑی چلانے، غیر قانونی روٹ استعمال کرنے، مقررہ حد سے زائد سامان لادنے، گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر8015/2026
کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور سکیورٹی، انتظامی امور اور امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر سے تقریباً ساڑھے 9 ہزار طلبہ و طالبات کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا شفاف اور بہترین انداز میں انعقاد پوری ٹیم کی محنت کا ثبوت ہے، جس پر متعلقہ حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کا شفاف اور میرٹ پر انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امیدواروں کو سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں کو بلا خوف و دباؤ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔ صوبائی وزیر نے امتحانی عمل کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامی افسران کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، وائس چانسلر BMUHS ,ڈاکٹر شبیر لہڑی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر8016/2026
کوئٹہ، 20 ستمبر :بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے MDCAT 2026 کا امتحان آج مقررہ تاریخ، وقت اور امتحانی ضوابط کے مطابق کامیابی سے منعقد ہوا۔بلوچستان میں MDCAT کا انعقاد بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS)، کوئٹہ کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔بلوچستان کے امیدواروں کے لیے دو امتحانی مراکز، کوئٹہ اور اسلام آباد میں قائم کئے گئے تھے۔ کوئٹہ مرکز میں تقریباً 9,240 جبکہ اسلام آباد مرکز میں تقریباً 720 مرد و خواتین امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔امتحانی عمل کے دوران صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر BUMHS پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، وائس چانسلر BUITEMS پروفیسر خالد حفیظ، پروفیسر ڈاکٹر سید رؤف شاہ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر دین محمد، رجسٹرار سید اورنگزیب اور اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ویسٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔اس موقع پر حکام نے امتحانی مراکز میں سیکیورٹی، نظم و ضبط، امیدواروں کے لیے سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کی انتظامیہ کے مطابق امتحان مقررہ وقت پر شروع ہوا اور مجموعی طور پر پُرامن، شفاف اور خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ امتحانی عمل کے دوران کسی بڑے ناخوشگوار واقعے یا انتظامی رکاوٹ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔یونیورسٹی انتظامیہ نے MDCAT کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے صوبائی حکومت، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، BUITEMS انتظامیہ، امتحانی عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 8017/2026
اسلام آباد، 14 ستمبر :بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (BCSW) کی چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ نے اسلام آباد میں اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد بلوچستان میں کم عمری اور بچپن کی شادیوں کے خاتمے، بچیوں کے حقوق کے تحفظ، خواتین کے بااختیار بنانے اور انہیں بنیادی سہولیات و مواقع تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر رکن کمیشن مشتاق مینگل بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور اسلامک ریلیف کے درمیان خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا. اس موقع پر چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ نے کہا کہ کم عمری کی شادی ایک اہم سماجی مسئلہ ہے جو بچیوں کی تعلیم، صحت، تحفظ اور مستقبل کے مواقع پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ معاشرے میں آگاہی، والدین اور کمیونٹیز کی شمولیت، ادارہ جاتی تعاون اور مؤثر پالیسی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے آئینی و قانونی مینڈیٹ کے تحت مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اس مقصد کے حصول کے لیے ایک اہم تعاون ثابت ہو سکتی ہے۔ محترمہ کرن بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ BCSW بلوچستان میں خواتین اور بچیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایسی حکمتِ عملی تشکیل دی جا سکتی ہے جو بچیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی تعلیم کے تسلسل اور خواتین کے لیے باوقار اور بااختیار زندگی کے مواقع کو فروغ دے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *