خبرنامہ نمبر 6596/2026
زیارت، 01 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہداء قوم کا فخر، ریاست کی طاقت اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، وطن کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حکومت شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت کے شہداء کے لواحقین میں معاونتی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، دیگر اعلیٰ حکام، شہداء کے لواحقین اور علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے قبل شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلایا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیارت ہمیشہ خوشیوں کی سرزمین رہی ہے، تاہم حالیہ سانحے نے پورے صوبے کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء زندہ ہیں، اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں شہداء کے بلند مقام کو واضح فرمایا ہے، یہی یقین ہمیں صبر، حوصلہ اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور وطن کے امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہ صرف معصوم جانیں لیں بلکہ درجنوں خاندانوں کو غم میں مبتلا کیا، تاہم ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی بلوچ یا پشتون روایات سے۔ بے گناہ شہریوں، خواتین، بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے سراسر خلاف ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پولیس، فرنٹیئر کور، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد عناصر اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں انہوں نے کہا کہ زیارت واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے پہلے ہی اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کی جا چکی ہے جس میں دیانتدار اور تجربہ کار افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ اگر کسی افسر یا اہلکار کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی ذمہ دار شخص کو نہیں بچائے گی اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے بچوں کی 16 سال تک تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور انہیں ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، پائلٹ یا اپنی پسند کے کسی بھی شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہر شہید کے خاندان سے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی جبکہ شہداء کے لواحقین کو تمام قانونی اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے شہداء کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ دس لاکھ روپے فی خاندان معاوضے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادائیگی کے لیے تمام فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور قانونی تقاضے، بشمول سکسیشن سرٹیفکیٹ کی تکمیل کے بعد رقوم متعلقہ ورثاء کو منتقل کر دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حیثیت صرف ایک وزیر اعلیٰ کی نہیں بلکہ ایک بلوچ بھائی کی بھی ہے اور وہ ہمیشہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت ان کے دروازے ہر وقت شہداء کے لواحقین کے لیے کھلے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کا استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دشمن قوتیں انتشار اور نفرت پھیلانا چاہتی ہیں لیکن پوری قوم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور پاکستان کی سلامتی، امن اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور شہداء کے خاندانوں کی بھرپور سرپرستی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر 6597/2026
کراچی یکم اگست: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے اور ماں دونوں کی صحت کیلئے نہایت مفید ہے اور یہ بچے کو زندگی کے آغاز ہی سے صحتمند بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ پلانا ہمارے بچوں کی صحت، نشوونما اور روشن مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی صحت اور بقاء کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ماں کا دودھ پلانے کو بچے کا بنیادی حق اور ماں کی اہم ذمہ داری قرار دیتا ہے۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کے موقع پر شعور و آگہی مہم کے انعقاد پر یونیسیف اور دیگر شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین بچے کی پیدائش کے فوراً بعد غیرضروری فارمولا دودھ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں کیونکہ ماں کا دودھ ہی بچے کیلئے بہترین غذا ہے جو اسکی قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔
گورنر بلوچستان نے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ماں کا دودھ پلانے کے فوائد کے حوالے سے اجتماعی شعور بیدار کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ ایک صحتمند اور توانا معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6598/2026
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، منسٹر فنانس میر شعیب نوشیروانی کی رہنمائی اور چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ہدایات پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی ٹیم نے آج کوئٹہ سیرینا ہوٹل کا دورہ کیا، جہاں ٹیکس تعمیل اور محصولات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس ادائیگیوں میں رپورٹ ہونے والی کمی کی وجوہات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیم نے متعلقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ، 2015 کے تحت بروقت ریٹرن فائلنگ، درست ٹیکس رپورٹنگ اور واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شفافیت، ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد، ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری اور منصفانہ ٹیکس نظام کے فروغ کے لیے ایسے جائزہ اور تعمیلی دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر 6599/2026
بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کےتناظر میں حکومتی احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ قلات نے یوریاکھاد ڈیلران اور ٹرانسپورٹرزنائٹروجن یوریاکھادکی ترسیل سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے ڈپٹی کمشنر قلات منیراحمددرانی کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہےکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ہرقسم کے یوریاکھاد کے خریدفروخت اور لے جانے پر 15 روز کے لیئے مکمل پابندی عائد کیاہےضلعی انتظامیہ قلات کی جانب سے ضلع قلات کے تمام یوریا کھاد ڈیلرز اور دکانداروں کو سختی سے ہدایت کرتی ہیکہ کہ وہ 15 روز تک ہرقسم کے یوریاکھاد کی خرید فروخت سے گریز کریں اسی طرع تمام ٹرانسپورٹرز بھی یوریاکھاد کی سپلائی مکمل بندکریں خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ دکاندار اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ضلعی انتظامیہ قلات کا کہنا ہیکہ نائٹروجینیس فرٹیلائزرز کے دھماکہ خیز مواد کی تیاری میں ممکنہ استعمال اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر عوام کے جان ومال کےتحفظ کیلئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے۔یہ پابندی آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا اور حکومت بلوچستان جلد اس حوالے سے ایس او پیز مرتب کرے گی
خبرنامہ نمبر 6600/2026
سیوی یکم اگست :بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ سیوی نے نائٹروجینس کھاد (یوریا) کی خرید و فروخت، ترسیل اور سپلائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔حکومت بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ زراعت (توسیعی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائٹروجینس فرٹیلائزرز کی نقل و حمل، خرید و فروخت، سپلائی اور تقسیم پر 15 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ ان کھادوں کے ممکنہ غیر قانونی استعمال اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ سیوی نے ضلع بھر کے تمام یوریا کھاد ڈیلرز، دکانداروں، گودام مالکان اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پابندی کے دوران ہر قسم کی نائٹروجینس کھاد، خصوصاً یوریا، کیلشیم امونیم نائٹریٹ، امونیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ کی خرید و فروخت، سپلائی، ترسیل اور تقسیم مکمل طور پر بند رکھیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام موجودہ ذخائر کا مکمل ریکارڈ اور انوینٹری محفوظ رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈیلر، دکاندار یا ٹرانسپورٹر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سیوی کے مطابق یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور حساس صورتحال کے پیش نظر حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔ پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا جبکہ حکومت بلوچستان نائٹروجینس فرٹیلائزرز کی خرید و فروخت اور ترسیل کے حوالے سے باقاعدہ ایس او پیز بھی مرتب کرے گی۔
خبرنامہ نمبر 6601/2026
سوراب یکم اگست : ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بلوچ کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی دستیابی، معیار اور سرکاری نرخوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیلدار سوراب محمود احمد کرد، نائب تحصیلدار سوراب ایوب حسن، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس عبدالصمد ساسولی، چکی ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام سمیت ضلع بھر کے چکی مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آٹے کے سرکاری نرخ، معیار اور صفائی، سرکاری ریٹ لسٹ (آویزاں کرنے) کی پابندی، گندم کی ضلع بندی برقرار رکھنے اور عوام کو معیاری آٹا مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ نے ہدایت کی کہ تمام چکی مالکان حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، اپنی چکیوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی اور مصنوعی مہنگائی یا ذخیرہ اندوزی کی روک تھام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ گندم کی ضلع بندی برقرار رکھی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ چکی مالکان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عوام کو معیاری آٹا سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔*
خبرنامہ نمبر 6602/2026
بارکھان یکم اگست:ڈی آئی جی کوہِ سلیمان رینج محمد ایاز احمد بلوچ کے احکامات اور ایس پی بارکھان عبدالحق رئیسانی کی خصوصی ہدایات پر بارکھان پولیس نے اشتہاری ملزم کی گرفتاری میں کامیابی حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او محمد علی کی نگرانی میں ایس آئی/ایس ایچ او ناہڑ کوٹ نیاز احمد عیشانی اور ہیڈ محرر حبیب خان نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 68/25، بجرم 382 اور 337-A سے مطلوب اشتہاری ملزم محبوب ولد دوسو، سکنہ ناہڑ، کو قانون کے مطابق گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر 6603/2026
کوئٹہ یکم اگست: سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمان کی زیرِ صدارت بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال (BMCH) کی انتظامیہ اور فیکلٹی کا اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرنسپل بولان میڈیکل کالج ڈاکٹر راز محمد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فہیم خان، ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس اور ہیڈز آف یونٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد، طبی سہولیات کی بہتری، اور نئے ٹراما سینٹر میں پی ایم ڈی سی اور سی پی ایس پی کے قواعد کے مطابق تدریسی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ٹراما سینٹر کے میڈیکل تدریسی عمل اور مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر راز محمد نے کمیٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے سفارشات پیش کیں، جبکہ بلوچستان ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2025 کے مؤثر نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔سیکرٹری صحت مجیب الرحمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے فیکلٹی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے مریضوں کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
خبرنامہ نمبر 6604/2026
نصیرآبادیکم اگست:ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جعفرآباد حضور بخش بگٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور محکمہ صحت و دیگر محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چہلم کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، حساس مقامات پر مؤثر نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی کڑی چیکنگ، ٹریفک کی بہتر روانی اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6605/2026
اوتھل یکم اگست:بی ایس ڈی آئی فیز-2 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں ان منصوبوں میںDHQ ہسپتال اوتھل کی اپگریڈیشن تزاوین وآرائیش، مرمت،ہائی اسکول جام یوسف آباد میں نئے کمروں کی تعمیر،پیرگوٹھ میں سب تحصیل لیاری کو پانی کی سپلائی کے لیئے واٹر ٹینک کی تعمیر ،چانکارہ میں اوور ہیڈ ٹینک اورگورنمنٹ ہائی اسکول لاکھڑا کی مرمت اور نیے امتحانی ہال کی تعمیراورسلاٹر ھاوس بیلہ شامل ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، بی ایس ڈی آئی 12کور کے انجینئر عالم،ایکسیئن PHE حسین احمد اور SDO پی ایچ ای محمدقاسم ،SDOبی اینڈ آر عبدالطیف نےان اسکیمات کا دورہ کیااور منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ فیز-2 کے یہ منصوبے مکمل ہونے سے علاقے میں صحت، تعلیم اور پانی کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
خبرنامہ نمبر 6606/2026
کوئٹہ، یکم اگست:وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گرد، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، ہلاک کیے گئے۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بروقت نشاندہی، نگرانی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کیا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی تمام سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر 6607/2026
کوئٹہ، یکم اگست:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی میں کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دہشت گرد عناصر نہ پہلے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ آئندہ کامیاب ہوں گے کیونکہ ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں اور مؤثر اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر 6608/2026
کوئٹہ یکم اگست ۔صوبائی حکومت کے احکامات اور صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ ذیب خان کاکڑ کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کوئٹہ ڈویژن نعمت اللہ ترین کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ امیر حمزہ،ایس پی ٹریفک سٹی میڈم شبانہ کے ہمراہ ٹیکسی اسٹینڈ پر غیر قانونی،ٹوڈی کار سروسز اور رکشوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔کارروائی کے دوران 07 غیر قانونی رکشے اور بغیر پرمٹ والی 04 ٹوڈی کار گاڑیاں بند کر دی گئیں، جبکہ غیر قانونی طور پر قائم 02 ٹوڈی کار کمپنیوں کے دفاتر بھی سیل کر دیے گئے۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نعمت اللہ ترین نے کہا کہ غیر قانونی ٹرانسپورٹ سروسز، بغیر اجازت چلنے والی گاڑیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔لہذا تمام ٹوڈی کار مالکان اپنی گاڈیوں کو کمرشل کرکے پرمٹ حاصل کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک نظام کی بہتری اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔کارروائی کے دوران گاڑیوں میں غیر ملکی افراد کو غیر قانونی طور پر لے جانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی، جبکہ متعلقہ افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات ٹرانسپورٹ قوانین کی پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 6608/2026
نصیرآباد1 اگست: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت گنداخہ سے گوٹھ جانن جمالی تک سیم شاخ کے دونوں اطراف حفاظتی پشتوں کو مضبوط بنانے کے جاری ترقیاتی منصوبے کا ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال اور سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن مدثر ظفر کھوسہ نے تفصیلی معائنہ کیا دورے کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیم شاخ کے دونوں اطراف ہیوی مشینری کے ذریعے پروٹیکشن بند حفاظتی پشتوں کو مضبوط اور بلند کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد سیلابی پانی کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنا پشتوں کو کٹاؤ سے محفوظ بنانا اور ملحقہ دیہات، آبادیوں اور زرعی اراضی کو ممکنہ نقصانات سے بچانا ہے
حکام نے مزید آگاہ کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیلابی خطرات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ علاقے میں زرعی سرگرمیوں کو بھی استحکام حاصل ہوگا، جس سے مقامی کاشتکاروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کو مقررہ معیار کے مطابق اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی شفافیت اور بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہو سکیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی سلسلے میں ایسے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں دورے کے موقع پر ایس ڈی او ایریگیشن زیشان جمالی، ایس ڈی او ڈرینج محمد اسماعیل، داروغہ احسان جمالی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے
خبرنامہ نمبر 6610/2026
نصیرآباد1 اگست: ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال کی سربراہی میں زمینداروں کو پانی کی منصفانہ فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایکسین ایریگیشن غلام محمد بادینی، ڈی ایس پی داؤد کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی یہ اجلاس فیض آباد پل کے قریب واقع گنداخہ ریگولیٹر کے مقام پر نورپور ڈسٹری کے زمینداروں کے ساتھ منعقد کیا گیا اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد باہمی اتفاقِ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک ہر صورت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ آخری سرے پر آباد عوام کو بھی پانی کی مسلسل اور منصفانہ دستیابی ممکن ہو سکے اس مقصد کے حصول کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے طے پایا کہ 3 اگست 2026ء بروز پیر صبح 6:00 بجے سے نورپور ڈسٹری کے بالائی حصے میں واقع تمام واٹر کورسز کو 48 گھنٹوں کے لیے بند رکھا جائے گا تاکہ پانی بغیر کسی رکاوٹ کے گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک پہنچ سکے
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اندرون و بیرون واٹر کورسز نصب تمام غیر قانونی اور ناجائز پمپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ پانی کی چوری کا مکمل سدباب کیا جا سکے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے
مزید برآں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس دوران ضلعی انتظامیہ پولیس اور محکمہ ایریگیشن پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں مسلسل نگرانی کریں گی تاکہ کیے گئے فیصلوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اس موقع پر کہا کہ گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک پانی پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گےانہوں نے مزید کہا کہ ٹیل کے علاقوں تک پانی کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اسی تسلسل میں زمینداروں کے ساتھ آئندہ اجلاس باغ ہیڈ کے مقام پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں قبو ڈسٹری ڈھوری اور دیگر ٹیل ایریاز تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ہر آخری سرے تک ممکن بنائی جا سکے۔







