15th-November-2026

خبرنامہ نمبر10039/2026
شمالی ڈیرہ بگٹی، 15 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی محترمہ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق بگٹی کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر دوسرے روز بھی تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔ اس سلسلے میں پاکستان ہاؤس شمالی ڈیرہ بگٹی میں بلوچستان سمیت پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھنے والے شہریوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری افسران کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، سابق وفاقی وزیر میر باز کھیتران سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے پاکستان ہاؤس پہنچ کر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

خبرنامہ نمبر10040/2026
خضدار15نومبر: خضدار شہر کی رونقیں بحال کرنے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایس ایس پی خضدار محمد بلوچ میدان میں آگئے۔ایس ایس پی خضدار محمد بلوچ نے انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل اور پولیس نفری کے ہمراہ آج خضدار شہر کے مختلف پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف چوکوں اور چوراہوں پر پیدل واک کی اور ٹریفک کے نظام اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔معائنہ کے دوران ایس ایس پی خضدار نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہر کے مصروف ترین چوکوں پر ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اور تاجروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل نے ایس ایس پی خضدار کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری کے تعاون سے شہر میں امن و امان اور ٹریفک کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔ایس ایس پی خضدار محمد بلوچ نے کہا کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید نظام لایا جا رہا ہے، جس سے شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خضدار پولیس عوام کی خدمت اور شہر کی خوبصورتی و رونق بحال رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

خبرنامہ نمبر10041/2026
اوتھل15نومبر: :ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر محکمہ مواصلات وتعمیرات کے تعاون سے جام یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل میں گراؤنڈ کی بہتری اور بحالی کے لیے مٹی بھرائی کا کام جاری ہے،ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر خدابخش بلوچ اور گراؤنڈ کمیٹی کے سینئر رکن جاوید بلوچ کی نگرانی میں مٹی بھرائی کے کام میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں ایکسین بی اینڈ آر اور ضلعی اسپورٹس آفیسر لسبیلہ کی جانب سے گراؤنڈ میں 8 ڈمپر ریتی ڈلوانے کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ میونسپل کمیٹی اوتھل کی جانب سے صفائی ستھرائی اور ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری ہے، جس سے گراؤنڈ کی حالت میں کافی حد تک بہتری آنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ جام یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل ضلع لسبیلہ کا واحد گراس فٹبال اسٹیڈیم ہے، اس اہم کھیل کے میدان کے لیے کسی بڑے ترقیاتی کام کی منظوری کی ضرورت یے۔ گراؤنڈ کی خستہ حالی کے باعث نوجوان فٹبال کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور اکثر کھلاڑی ناہموار سطح کے باعث انجریز کا شکار بھی ہو رہے تھے۔ اس اہم مسئلے کے پیش نظر گراؤنڈ کمیٹی اور اسپورٹس حلقوں کی جانب سے متعلقہ تعمیراتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار درخواستیں اور گزارشات پیش کی گئیں، جس کے بعد اب گراؤنڈ کی بہتری کے لیے عملی اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔اسپورٹس حلقوں کا کہنا ہے کہ ریتی کی فراہمی، مٹی بھرائی اور صفائی ستھرائی کے موجودہ اقدامات یقیناً خوش آئند ہیں اور ان سے گراؤنڈ کی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی، تاہم اس اہم اسٹیڈیم کی مستقل بحالی اور جدید معیار کے مطابق تعمیر و مرمت کے لیے باقاعدہ طور پر BSDI پروگرام میں ایک جامع ترقیاتی اسکیم شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ گراؤنڈ کی مکمل لیولنگ، گراس کی بحالی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے لسبیلہ کے عوامی حلقوں نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ سائرہ عطائ بلوچ کی خصوصی دلچسپی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔اسپورٹس حلقوں اور نوجوان کھلاڑیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ اسپورٹس اور متعلقہ تعمیراتی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے جام یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل دوبارہ اپنی بہتر اور اصل حالت میں بحال ہوگا، جس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع میسر آئیں گے بلکہ ضلع لسبیلہ میں فٹبال کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں بھی مدد ملے گی۔

خبرنامہ نمبر10042/2026
گوادر/پسنی15نومبر:: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور حکومتِ بلوچستان کی پالیسی کے تحت قدرتی آفات اور مشکل حالات سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی عبدالکریم بگٹی نے تحصیلدار پسنی عبدالرحمان کے ہمراہ شادیکور، زہریں کہور اور گورستانی کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے سینکڑوں متاثرہ خاندانوں میں پی ڈی ایم اے (PDMA) کی جانب سے فراہم کردہ امدادی سامان تقسیم کیا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں نے ڈوسی، سالاچ اور کہدہ لطیف گوٹھ میں عارضی طور پر پناہ لے رکھی ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں گھریلو استعمال کی ضروری اشیائ اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا تاکہ مشکل حالات میں ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی اور تحصیلدار پسنی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور ضروریات دریافت کیں اور انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی امداد، بنیادی ضروریات کی فراہمی اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے فوری ازالے اور ریلیف سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کے لیے کیے جانے والے اقدامات ضلعی انتظامیہ کی عوامی خدمت، احساسِ ذمہ داری اور مشکل وقت میں شہریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کی خصوصی ہدایات پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ متاثرین کو امداد کی فراہمی اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متحرک ہے۔
خبرنامہ نمبر10043/2026
زےارت 15نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی ہدایت پر پی پی ایچ آئی زیارت کے ڈسٹرکٹ منیجر ڈاکٹر فاروق مری نے نومبر کو مختلف بنیادی مراکزِ صحت (بی ایچ یوز) کا اچانک دورہ کیا، جن میں بی ایچ یو چینہ، بی ایچ یو زندرہ اور بی ایچ یو کاواس غربی شامل ہیں۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ منیجر نے طبی عملے کو صحت دہلیز آن لائن ایپ کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی۔ انہوں نے مراکزِ صحت میں او پی ڈی سروسز، عملے کی حاضری اور موجودگی، آئی پی سی (انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول) کے انتظامات، ادویات کی دستیابی، طبی آلات اور دیگر ضروری سامان کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر بی ایچ یو چینہ کے ٹیلی ہیلتھ آلات بھی متعلقہ مقام پر روانہ کیے گئے تاکہ صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر10044/2026
زیارت 15 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں زیارت ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت زیارت میں کیفے کی تعمیر و مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد زیارت کے سیاحتی مقامات کو مزید خوبصورت اور بہتر بنانا، سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنا اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ زیارت آنے والے سیاحوں کو بھی بہتر ماحول اور سہولیات میسر آئیں گی۔

خبرنامہ نمبر10045/2026
لورالائی15نومبر :رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اُتمانخیل سے اسسٹنٹ کمشنر بوری احمد زیب ملازئی اور ایکسین واپڈا رحیم اللہ کبزئی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع لورالائی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل اور عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر حاجی محمد خان طور اُتمانخیل نے کہا کہ بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی عوام کا بنیادی مسئلہ ہے، جس کا براہِ راست اثر گھریلوصارفین، کاروباری مراکز، زراعت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی پر پڑتا ہے۔ انہوں نے واپڈا حکام پر زور دیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی لانےوولٹیج کے مسائل حل کرنے اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکےایکسین واپڈا رحیم اللہ کبزئی نے بجلی کی موجودہ صورتحال، لوڈشیڈنگ کی وجوہات اور درپیش تکنیکی مسائل سے آگاہ کیا اور بجلی کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ملاقات کے دوران اسسٹنٹ کمشنر بوری احمد زیب ملازئی کے ساتھ ضلع لورالائی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ، انتظامی امور اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حاجی محمد خان طور اُتمانخیل نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہےانہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ادا کریں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر10046/2026
دکی:15نومبر:ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ عملے کے ہمراہ دکی بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا دیا۔کارروائی کے دوران بازار کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا گیا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر رکھا گیا دکانوں کا اضافی سامان ہٹایا گیا، تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم حریفال نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری حدود کا احترام کریں اور اپنی دکانوں کا سامان مقررہ حدود کے اندر رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی راستوں اور فٹ پاتھوں پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ بازار میں نظم و ضبط برقرار رکھنا، ٹریفک کی روانی یقینی بنانا اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایات کے مطابق شہر کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر10047/2026
دکی: 15نمبر :ایس پی دکی محمد یونس رضا نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی، محنت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اینٹی ٹیررسٹ فورس (ATF) کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی اس موقع پر ایس پی محمد یونس رضا نے کہا کہ پولیس فورس کے اہلکاروں کی فرض شناسی، بہادری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کسی بھی مضبوط اور فعال فورس کی بنیادی خصوصیات ہیں۔ اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دینے والے اہلکار نہ صرف محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ دیگر جوانوں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہیں انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی سے فورس کے اندر مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ دکی پولیس اپنے فرض شناس، محنتی اور بہادر جوانوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کو اپنی پیشہ ورانہ روایت کا حصہ سمجھتی ہے۔ایس پی دکی نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس فورس کے تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔ محکمہ پولیس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر10048/2026
کوئٹہ:15 نومبر صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی محترمہ،میر علی محمد بگٹی کی اہلیہ اور میر طارق حسین بگٹی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ کسی بھی عزیز کا بچھڑ جانا خاندان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہم وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی،میر علی محمد بگٹی،میر طارق حسین بگٹی اور تمام سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے دعا کی کہ للہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کویہ عظیم صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں ۔

خبرنامہ نمبر10049/2026
چمن 15نومبر: ضلعی انتظامیہ چمن، محکمہ ایکسائز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تور تنگی، حسن زئی، بوستان کاریز اور ندا کاریز کے علاقوں میں تقریباً 30 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ تلف کر دی۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور ای ٹی او چمن کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ ایکسائز، چمن پولیس، 40 ایف ایف، فرنٹیئر کور (FC)، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور محکمہ زراعت کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر بھنگ کی کاشت کے لیے استعمال ہونے والی اراضی کو محکمہ مال نے سرکاری تحویل میں لے لیا، جبکہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے واقعے کا مقدمہ (FIR) بھی درج کر لیا گیا۔ایکسائز حکام کے مطابق کارروائی پُرامن اور کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی۔ اس مشترکہ آپریشن کا مقصد منشیات کی غیر قانونی کاشت کا خاتمہ اور علاقے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔تاہم، آئندہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مالی وسائل کی کمی ایک اہم مسئلے کے طور پر سامنے آئی ہے۔محمکہ ایکسائز کے افسران کا کہنا تھا کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر10050/2026
کوئٹہ15 نومبر: گورنر بلوچستان میر جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں رموز سیاست سے باخبر، ذمہ دار اور عوام کو جوابدہ سیاستدان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول اور سستی مقبولیت برقرار رکھنا نہیں بلکہ عوامی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور انہیں دیانتداری سے پورا کرنا ہے۔ ایک حقیقی عوام دوست سیاستدان اپنے کردار کو عملی اقدامات اور عوامی خدمت سے ثابت کرتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ قوموں کی تقدیر بدلنے اور ملکوں کو سماجی پسماندگی سے نجات دلا کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں عوام دوست سیاست اور سیاستدانوں کا کردار تمام ترقی یافتہ ممالک میں نمایاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں حقوق و فرائض کا شعور اجاگر کرنے، جاگیردارانہ ذہنیت کے خاتمے اور جمہوری رویوں کے فروغ کا سہرا بھی سیاسی تنظیموں کو جاتا ہے۔ جمہوریت کا اصل حسن یہی ہے کہ اختلاف کو دشمنی کے بجائے معاشرے کی فکری وسعت اور اجتماعی ترقی کا ذریعہ سمجھا جائے۔ انہوں نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ عوام بالخصوص ووٹرز اب بہت باشعور ہو چکے ہیں۔ انتخابات کے وقت وہ خاندانی وابستگی، جذباتی نعروں، ذاتی تعلقات یا وقتی وعدوں سے متاثر ہونے کے بجائے امیدوار کے کردار، جمہوری رویے، سیاسی بصیرت، تجربے اور عوامی مسائل کے بارے میں اسکی سنجیدگی کو ترجیح دیتے ہیں۔ گورنربلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے سنجیدگی، تجربہ، خدمت خلق کا جذبہ اور عملی وابستگی ناگزیر ہیں۔

خبرنامہ نمبر 10051/2026
بیلہ:پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی سے جام میر محمد یوسف فٹبال اسٹیڈیم کے عہدیداران نے ملاقات کی ملاقات میں چیئرمین جاوید عظیم بلوچ، اسپورٹس آرگنائزر کیپٹن نزیر شاہوک، سیکرٹری وسیم احمد سومرو رحمت اللہ جاموٹ نصیر احمد تیمور صمد و دیگر عہدیداران موجود تھے۔ملاقات میں اسٹیڈیم کے عہدیداران نے گراؤنڈ کو درپیش مسائل سے پارلیمانی سیکرٹری کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ عہدیداران نے بتایا کہ گراؤنڈ کی حالت بہتر بنانے، سہولتوں کی فراہمی اور کھلاڑیوں کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنے کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے عہدیداران کے مسائل غور سے سنے اور انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے میدانوں کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جام میر محمد یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل ضلع لسبیلہ کے کھلاڑیوں کا قیمتی اثاثہ ہے، اس کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *