خبر نامہ نمبر 2026/9274
کوئٹہ25 اکتوبر:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خلاف اقدامات کی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں۔ دہشت گردی ایک پیچیدہ چیلنج ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے دہشت گردوں کے ساتھ ان کے مالی معاونین اور سہولت کاروں کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں ناگزیر ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
خبر نامہ نمبر2026/9275
کوئٹہ25 اکتوبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کامیاب کارروائی امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا امن و استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صوبے کے عوام امن کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔
خبر نامہ نمبر 2026/9276
کوئٹہ 25اکتوبر:ـصوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (PTA) بلوچستان عبدالمجید جونجو کی خصوصی ہدایات پر ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر آورلوڈنگ، بغیر روٹ پرمٹ گاڑیاں چلانے اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 14 ویگنوں کے چالان کیے گئے، جبکہ 27 ویگنوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔یہ کارروائی پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی کی مشترکہ ٹیم نے ڈی آئی جی سبی محمد پرویز عمرانی، ڈی پی او کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو اور ڈی ایس پی سرکل شیر محمد کی نگرانی میں انجام دی۔حکام کے مطابق قومی شاہراہ پر مسافروں کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ حکام کے مطابق آورلوڈنگ، غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانا، مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو سوار کرنا نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتا ہے۔ چھت پر مسافروں کو سوار کرنے سے گاڑی کے الٹنے، اچانک بریک لگنے کی صورت میں مسافروں کے گرنے اور شدید چوٹیں لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔خصوصاً کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ٹرانسپورٹرز گاڑیوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ مسافروں کو نہ بٹھائیں، چھتوں پر سواری کی اجازت نہ دیں، روٹ پرمٹ اور دیگر قانونی دستاویزات مکمل رکھیں اور گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائیں۔پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی نے واضح کیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خبر نامہ نمبر 2026/9277
قلعہ عبداللہ25اکتوبر:محمکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسشن نےضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں انسدادِ بھنگ مہم 2026 کے تحت بھنگ کی کاشت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائی کے دوران مزید 195 ایکڑ اراضی کو بھنگ کی کاشت سے پاک کر دیا گیا، جس کے بعد مہم کے آغاز سے اب تک بھنگ کی کاشت ختم کی گئی اراضی کا مجموعی رقبہ 1,141 ایکڑ تک پہنچ گیا ہے۔محمکے کے افسران کا کہنا تھا کہ 24 اکتوبر کو تحصیل گلستان کے علاقوں قدیل سیگئی اور عبدالرحمان زئی میں ضلعی انتظامیہ قلعہ عبداللہ نے مشترکہ کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر گلستان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف، ایف سی کے کیپٹن شاویز (77 ونگ)، ڈی ایس پی گلستان، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔ مشترکہ ٹیموں میں پولیس، ایف سی، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار شامل تھے۔ جن میں 92 ایکڑ اراضی پر دستی طریقے سے، 62 ایکڑ پر ٹریکٹر کے ذریعے اور 24 ایکڑ پر ویڈ کٹرز کی مدد سے بھنگ کو تلف کی گئ جبکہ 17 ایکڑ رقبے پر پانی کی قلت کے باعث بھنگ کی کاشت ختم کی گئی۔حکام کے مطابق انسدادِ بھنگ مہم 2026 کا سلسلہ بھنگ کی کاشت کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، جس کا مقصد علاقے میں منشیات کی کاشت کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ ادارہ جاتی اقدامات کو مؤثر بنانا ہے۔
خبر نامہ نمبر 9278/2026
ضلع بارکھان تحصیل رکھنی25 اکتوبر:ـصوبائی حکومت کے وژن “منشیات سے پاک، پرامن اور خوشحال بلوچستان” کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر آج تحصیل رکھنی میں PTTS کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر رکھنی فہد حسین عمرانی نے کی۔ اجلاس میں PTTS یعنی پری کرسرز ٹریکنگ اینڈ ٹریس ایبلٹی سسٹم کے موثر نفاذ، کیمیکل پری کرسرز اور کھادوں کی شفاف ترسیل، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر رکھنی نے کہا کہ حکومت بلوچستان منشیات اور کیمیکل کے غلط استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل رکھنی میں کسی بھی ڈیلر کو بغیر لائسنس، بغیر سٹاک رجسٹر اور بغیر QR کوڈ سسٹم کے کھاد فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام نہ صرف کھاد کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گا بلکہ کسانوں کو سرکاری نرخوں پر کھاد کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ تمام ڈیلرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے سٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ PTTS پورٹل پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کریں۔اجلاس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل بھر میں کھاد ڈیلروں کی باقاعدہ ویریفکیشن، تمام گوداموں کا سٹاک آڈٹ، ہر بوری پر QR کوڈ چیکنگ اور پرائس کنٹرول کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر نامہ نمبر 9279/2026
زیارت25اکتوبر:ـصوبائی وزیر سی ایم ڈی اور چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں، بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں، دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کارروائی سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر اقدامات کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے.
خبر نامہ نمبر 2026/9280
کوئٹہ25اکتوبر:بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی ٹیم نے مختلف ریسٹورنٹس اور کیفیز کے فیلڈ وزٹس کیے تاکہ قابلِ اطلاق ٹیکس قوانین پر عملدرآمد اور رجسٹریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔دوروں کے دوران متعلقہ کاروباری اداروں کو رجسٹریشن اور دیگر قانونی و ٹیکس تقاضوں کی تکمیل کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے گئے۔ کاروباری مراکز کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع کرائیں اور اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرتے ہوئے صوبے کے محصولات میں اضافے اور شفاف ٹیکس نظام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ اتھارٹی کا مقصد ٹیکس دہندگان میں آگاہی بڑھانے، رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضروری رہنمائی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔اتھارٹی کے مطابق، نوٹسز کے بعد بھی قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے اداروں کے خلاف مروجہ قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/9281
کوئٹہ25 اکتوبر:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے مشکل صورتحال میں غیر معمولی حوصلے، مہارت اور آخری لمحے تک مقابلہ کرنے کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سنسنی خیز مقابلے میں قومی ٹیم کی کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، عزم اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ دباؤ کے باوجود اعتماد اور یکسوئی کے ساتھ کھیل جاری رکھنا قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے شاداب خان کی شاندار سنچری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی عمدہ اننگز نے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر فیصلہ کن شراکت نے میچ کا رخ تبدیل کرکے قومی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی نے ملک بھر میں کرکٹ شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔ کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کا جذبہ، ثابت قدمی اور اجتماعی جدوجہد نوجوانوں کے لیے ایک مثبت مثال ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ مشکل حالات میں حوصلہ برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے سہ ملکی کرکٹ سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی پاکستان کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ امید ہے کہ قومی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرے گی۔







