26th-July-2026

خبرنامہ نمبر6460/2026
کوئٹہ 26 جولائی: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ہم بہت جلد صوبے بھر میں دیرپا امن اور استحکام قائم کریں گے۔ موجودہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات مجموعی صورتحال، عوامی تحفظ اور روزمرہ کی زندگی کیلئے مثبت نتائج برآمد کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل اس بات پر زور دیا کہ تمام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی اور انتظامی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا، اہم قومی شاہراہوں اور تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ ان میں چمن سے کراچی، تفتان سے کوئٹہ، اور کوئٹہ سے جیکب آباد اور ژوب تک کے راستے شامل ہیں۔ صوبہ میں تمام قومی شاہراہیں تجارت، ٹرانسپورٹیشن، رابطے اور علاقائی انضمام کیلئے بہت اہم ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بدامنی اور عدم استحکام کا سب سے بڑا خمیازہ ہمارے صوبے کے اپنے عام لوگ ہی اٹھاتے ہیں ۔ ہمیں خوب احساس ہے کہ اس وقت ہماری تاجر برادری، زمینداران اور چھوٹے کاروباری حضرات گوں ناگوں مسائل و مشکلات سے دو چار ہیں جو براہ راست صوبہ کی معیشت اور ترقی کو متاثر کرتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ پائیدار امن وسیع تر معاشی اور سماجی ترقی کی بنیاد ہے۔ اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام، نئی سرمایہ کاری، ملازمتوں کی تخلیق اور بلوچستان کی مجموعی خوشحالی سب کا انحصار ایک پُرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ بلوچستان پر ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ دیرپا قیام امن میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون میں اپنا کردار ادا کریں۔ تمام سیاسی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صوبے اور عوامی مفادات کی خاطر اپنے حصے کا کردار ادا کریں ۔ حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے گورنر مندوخیل نے ہر شہری کے تحفظ اور ہر ضلع میں ریاست کی رٹ کو مضبوط کرنے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ہم مشترکہ کوششوں سے درپیش چیلنجوں اور بحرانوں پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر6461/2026
بارکھان، 26 جولائی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کی ہدایات اور ڈی آئی جی کوہِ سلیمان ڈویژن ایاز احمد بلوچ کی نگرانی میں ضلع بارکھان میں امن و امان کی صورتحال مزید مؤثر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔بارکھان پولیس کی جانب سے جدید سی سی ٹی وی کیمرے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، مرکزی بازار، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہر بھر کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارکھان رئیس عبدالحق نے کہا کہ جدید نگرانی کے اس نظام سے جرائم کی بروقت نشاندہی، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی میں نمایاں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔ایس پی بارکھان نے کہا کہ بارکھان پولیس عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان کو جرائم سے پاک اور محفوظ ضلع بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر6462/2026
تربت:صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی بلوچستان، ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقہ? انتخاب بلیدہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مقامی شہریوں، عمائدین اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے شہید غلام فاروق میموریل اسپتال، شہید ایوب بلیدی ماڈل اسکول اور بلیدہ ماڈل ٹاؤن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی معیار اور تکمیل کے مختلف مراحل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔اپنے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مختلف خاندانوں سے ملاقات کرکے ان کے عزیز و اقارب کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا، مرحومین کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔بعد ازاں، ظہور احمد بلیدی نے مقامی سماجی شخصیت و ٹھیکیدار حاجی صالح کی رہائش گاہ پر منعقدہ ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر علاقے کے معتبرین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور پارٹی کارکنان سے ملاقات کے دوران بلیدہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور مستقبل کے ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دورے کے اختتام پر عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری حکومتی اقدامات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر6463/2026
کوئٹہ 26 جولائی۔عوامی شکایات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلع بھر میں گوشت فروشوں اور تندوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلے میں کارروائیوں کے دوران کم وزن روٹی اور مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے گئے اور مجموعی طور پر مختلف علاقوں سے 48 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 35 افراد کو جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے نواں کلی اور عالمو چوک میں کارروائیاں کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کیا-جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسیب کھوسہ نے گوالمنڈی اور کاسی روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کیا اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر کچلاک، کیپٹن (ر) کبیر زرکون نے کچلاک بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کیا اور اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی اور اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے سب ڈویژن سریاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کیا۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی، مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے، کم وزن روٹی دینے اور دیگر ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر6464/2026
سوراب : ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بگٹی نے تحصیلدار سوراب محمود احمد کرد اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ گدر بازار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران اشیائے ضروریہ کی پرائس لسٹوں، صفائی کی صورتحال، دکانوں میں سرکاری نرخ ناموں کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں اور اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر فروخت کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو بازار میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس موقع پر انتظامیہ نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ایسے معائنیباقاعدگی سے جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر6465/2026
نصیرآباد26جولائی:جعفرآباد:ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات (بلڈنگز) عرفان علی نے مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ سب ڈویژنل افسر محمد صدیق زہری اور محمد رفیق ابڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر گرلز کالج، طبی مرکز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی رہائش گاہوں کا معائنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے انجینئرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی خود نگرانی کریں، معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر6466/2026
چمن 26 جولائی :ڈپٹی کمشنر چمن، حبیب احمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے BSDI فیز ٹو کے تحت گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کلی حسن زئی، چمن کی مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ضلعی انتظامیہ چمن کی نگرانی اور ایف سی چمن اسکاوٹس کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارت کی مرمت، کلاس رومز کی بحالی، رنگ و روغن اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ کو ایک صاف، محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ BSDI فیز ٹو کے تحت ضلع چمن میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن کا مقصد تعلیمی اداروں سمیت بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چمن عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے اور آئندہ بھی ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جو عوام، بالخصوص طلبہ کے لیے مفید ثابت ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے اسکول کی بحالی میں تعاون پر ایف سی چمن اسکاوٹس، متعلقہ اداروں اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے تعلیمی و ترقیاتی اقدامات آئندہ بھی اسی تسلسل اور رفتار کے ساتھ جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 6467/2026
خضدار 26 جولائی: ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوان نسل کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں، تاجر برادری، صحافی برادری اور میل و فی میل اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار ایڈووکیٹ بشیر احمد جتک جنرل سیکریٹری عبدالقدیر زہری مفتی عبدالقادر شاہوانی حافظ حمیداللہ مینگل عبدالحمید بلوچ چیئرمین خضدار پریس کلب محمد ایوب بلوچ جمعہ خان شکرانی عبدالنبی بلوچ سفر خان مینگل حاجی اقبال بلوچ ایڈووکیٹ غلام نبی مینگل عبدالوہاب غلامانی عید محمد ایڈووکیٹ یونس رمضان اوراسٹوڈنٹس کی جانب سے شمس الملک عدنان سمیت دیگر شریک تھے۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ دور میں تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے اور طلباء و طالبات کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں لائبریریز سے طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی پر کھل کر بات چیت کی گئی اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں خضدار میں پہلے سے قائم ڈیجیٹل لائبریری خضدار اور نیو قائم شدہ عاشق عثمان لائبریری کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے نشاندہی کی کہ ان دونوں لائبریریوں میں تعلیمی کتب، ریسرچ میٹریل اور ڈیجیٹل وسائل موجود ہیں ان کے خدو خال اور طریقہ کار تجاویز پیش کیئے گئے اور اہم نقاط پر اتفاق کیا گیا ۔ اس نشست کا مقصد یہ تھا کہ طلباء و طالبات کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول میں تعلیم اور علم تک رسائی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی استعداد کار میں اضافہ کر سکیں اور تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ شرکاء نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف طلباء وطالبات کو پڑھائی کے لیے مناسب جگہ ملے گی بلکہ ان میں مطالعہ کا شوق بھی بڑھے گا۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مفاہمت، تعاون اور مشاورت کے ذریعے ہی طلباء کو حقیقی معنوں میں مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں لائبریریز کو ضروری لوازمات سے آراستہ کیا گیا ہے جس سے مذید طلباء کو مطالعے کی سہولت ملے گی یہ کمشنر قلات ڈویژن ضلعی انتظامیہ خضدار اور ہم سب کا وژن ہے کہ مطالعے کے شوقین طلباء و طالبات کو فائدہ ملے اور مقابلے کے امتحانات کیلئے انہیں اپنے ہی سٹی میں مواقع میسر آئیں۔ اجلاس کے شرکاء نے اس فیصلے کو خضدار کے طلباء و طالبات کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے اسے بھرپور طریقے سے سراہا۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لائے گا اور انہیں علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع دے گا۔ طلباء و طالبات نے کہا کہ لائبریریز کی سہولت سے انہیں مقابلے کے امتحانات اور اعلیٰ تعلیم کے لیے تیاری میں بڑی مدد مل رہی ہے اس کا سہرا براہ راست کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار کو جاتا ہے ۔ شرکاء اجلاس نے ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی لگن دلچسپی کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں چھٹی کے دن بھی اس اہم تعلیمی معاملے کیلئے وقت نکالا دفتر پہنچے اور سب کو سنا مدبرانہ فیصلے دیئے ۔

خبرنامہ نمبر 6468/2026
محکمہ واسا کی بہترین کارکردگی کے سامنے ٹینکر مافیا کی نام نہاد ہڑتال دم توڑ گئی۔ٹینکر مافیا کی جانب سے کیے گئے پروپیگنڈے اور ناکام بلیک میلنگ کے باوجود محکمہ واسا نے پوری ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ شہر بھر میں پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی۔ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا، جس کے بعد نام نہاد ہڑتال کا اعلان کرنے والے خود ہی اپنی ہڑتال ختم کرنے پر مجبور ہوگئے۔
یہ کامیابی سیکرٹری پی ایچ ای ، ایم ڈی واسا اور محکمہ واسا کے تمام افسران و اہلکاروں کی انتھک محنت، بہترین حکمت عملی، اور جامع منصوبہ بندی اور عوامی خدمت کے جذبے کا نتیجہ ہے۔واسا کی اولین ترجیح شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی ہے، اور یہ خدمت ہر حال میں جاری رہے گی۔

خبرنامہ نمبر 6469/2026
دکی، 26 جولائی: انسپکٹر آف مائنز قادر مری کی زیر نگرانی دُمّر کول کمپنی، ضلع دکی میں کان کن مزدوروں کے لیے پیشہ ورانہ صحت و حفاظت (Occupational Health & Safety) کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ایک غریب کان کن مزدور سے کرایا گیا تاکہ محنت کش طبقے کی عزت، وقار اور کان کنی کے شعبے میں ان کے بنیادی کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد کان کن مزدوروں میں دورانِ کان کنی پیش آنے والے ممکنہ خطرات سے آگاہی پیدا کرنا، حادثات کی روک تھام اور محفوظ طریقۂ کار کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر شرکاء کو ذاتی حفاظتی سامان (PPE) کے درست استعمال، زیرِ زمین کانوں میں مؤثر وینٹیلیشن، خطرناک گیسوں سے بچاؤ، چھت کی مضبوطی (Roof Support)، ہنگامی حالات میں محفوظ انخلا، ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچاؤ اور کان کنی سے متعلق قوانین بالخصوص Mines Act, 1923، Mines Regulations, 1926 اور Mines Rules, 1952 کے اہم نکات پر تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ تربیتی سیشنز انسپکٹر آف مائنز قادر مری، انجینئر شہباز خان اور انجینئر جلال الدین نے منعقد کیے۔ پروگرام میں کان کن مزدوروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی اور اپنے ساتھیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی اصولوں اور ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ حفاظتی ضوابط پر مستقل عمل درآمد کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھیں تاکہ کان کنی کے دوران حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے اور ایک محفوظ، صحت مند اور ذمہ دارانہ کام کا ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *