19th-June-2026

خبرنامہ نمبر4967/2026
کوئٹہ، 19 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں گلستان کے ممتاز قبائلی و سماجی رہنماء سردار احمد خان غیبزئی کی قیادت میں ایک اہم وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلستان میں تعلیمی و سماجی ترقی کے جاری اقدامات، حکومت اور مقامی کمیونٹی کے درمیان اشتراک کار اور مستقبل کے ترقیاتی امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وفد نے علاقے میں تعلیم کے فروغ اور سماجی بہتری کے لیے مقامی سطح پر کیے جانے والے غیر سرکاری اقدامات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گلستان میں کمیونٹی کی شراکت داری کے ذریعے تعلیمی و سماجی شعبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں نجی و کمیونٹی اقدامات نہ صرف قابلِ تحسین ہیں بلکہ یہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے تمام مثبت اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی اور ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ گلستان میں مقامی سطح پر تعلیم کے فروغ میں کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ قدر ہے اور حکومت بلوچستان اس ماڈل کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دینے کی خواہاں ہے تاکہ تعلیمی مواقع ہر شہری تک پہنچ سکیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی اداروں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ تعلیم کی بلندی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی و سماجی خدمات میں عوامی شراکت سے نہ صرف ترقیاتی عمل مزید مؤثر ہوگا بلکہ یہ اقدام ایک مضبوط، خود کفیل اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ملاقات میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر4968/2026
کوئٹہ، 19 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج معالجے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر اس وقت کراچی کے آغا خان اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کا علاج مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کی بہترین اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے شاہد رند نے کہا کہ ماہر ڈاکٹروں کی سفارشات اور طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید خصوصی علاج کے لیے امریکہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں تمام انتظامات اور ضروری سرکاری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ ڈاکٹر کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آ سکیں انہوں نے کہا کہ متاثرہ ڈاکٹر کا بیرون ملک علاج بھجوانے کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی عیادت کے موقع پر کیا تھا اور ہدایت دی تھیں کہ لیڈی ڈاکٹر کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں ہر ممکن طبی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مکمل صحت یابی تک ان کے علاج اور بحالی کے تمام مراحل میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر4969/2026
کوئٹہ، 19 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں نوجوان سے مبینہ زیادتی کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر ہر صورت گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین نوعیت کے جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر4970/2026
قلعہ عبداللہ19جون :ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ سردار عبداللہ خان کی قیادت میں مختلف مقامات پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا، جبکہ 52 ایکڑ سرکاری اراضی کو کلئر کروا لیا گیا۔ مزید غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ سردار عبداللہ خان نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ، تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔کارروائی کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران، اہلکاروں اور پولیس فورس نے بھرپور حصہ لیا، جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے تھے۔ضلعی انتظامیہ کے حکام نے کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن مسلسل جاری رہے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تعمیرات سے قبل متعلقہ اداروں سے قانونی اجازت حاصل کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

خبرنامہ نمبر4971/2026
استامحمد19جون :ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال نے واٹر سپلائی فیز II کے تحت قائم تالابوں کی بھرائی کے جاری عمل کا دن بھر اور رات گئے تک تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ کر کے پانی کی ترسیل، رفتار اور انتظامی اقدامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ محکمہ آبپاشی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک رہیں اور آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں محکمہ آبپاشی کے تعاون سے کھیرتھر کینال کا ہیڈ اپ کر کے پانی کو ڈمب ڈسٹری تک پہنچایا گیا جہاں سے اسے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے فیز II کے تالابوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تالابوں کی جلد از جلد بھرائی کے پیش نظر بعض زرعی واٹر کورسز کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے جبکہ ٹریکٹروں اور پمپنگ مشینری کے ذریعے پانی کی روانی کو تیز کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اس اہم عوامی منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر تالابوں کی بھرائی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے کارروائی کے دوران دو افراد شیر علی اور جیند بھٹیانی نے سرکاری عملے کے ساتھ مزاحمت کی اور موقع سے فرار ہو گئے ان کے خلاف سرکاری امور میں مداخلت اور مزاحمت کے الزام میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے سب ڈویژنل آفیسر اپر ذیشان جمالی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینئر شکراللہ اسسٹنٹ کمشنر اُستامحمد رمضان اشتیاق تحصیلدار گامن خان اور تھانہ سٹی استامحمد کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر ندیم بہرانی اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ موجود تھے اور آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی فیز II کے تالابوں کی مکمل بھرائی تک فیلڈ آپریشن اور نگرانی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا، تاکہ شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خبرنامہ نمبر4972/2026
کوئٹہ 19جون۔دفتر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ سے جاری ہونے والے ایک سرکلر کے مطابق تمام لانگ روٹ بس و کوچ کمپنیوں کو نوٹس دی جاتی ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور قومی شاہراہوں پر جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر، حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق مسافروں کے کوائف کے اندراج اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریول آئی سافٹ وئر متعارف کرایا گیا ہے، جو متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام لانگ روٹ بس و کوچ کمپنیوں کو فراہم کیا جا چکا ہے۔لہٰذا تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں، مالکان اور منشی حضرات کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تمام مسافروں کا مکمل اندراج مذکورہ سافٹ وئر اور متعلقہ تھانے میں یقینی بنائیں۔ کسی بھی مسافر کو مطلوبہ دستاویزات اور ضابطہ کار کی تکمیل کے بغیر ٹکٹ جاری نہ کیا جائے۔یہ امر مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض کمپنیوں کی جانب سے مسافروں کی تفصیلات باقاعدگی سے سسٹم میں درج نہیں کی جا رہیں، جو کہ حکومتی احکامات اور سیکیورٹی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے۔واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا سیکیورٹی مسئلہ کی صورت میں متعلقہ کوچ کمپنی، مالک اور انتظامیہ ذمہ دار تصور کی جائے گی۔لہٰذا تمام کمپنیوں کو یہ آخری نوٹس دیا جاتا ہے کہ مسافروں کے کوائف کا اندراج فوری طور پر متعلقہ تھانے اور سافٹ وئر میں یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر قواعد و ضوابط کے مطابق متعلقہ کمپنی کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں روٹ پرمٹ کی معطلی یا منسوخی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

خبرنامہ نمبر4973/2026
دکی19 جون :ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت ضلع بھر کے سرکاری ملازمین کے SAP سسٹم میں تاریخِ پیدائش کی درستگی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ کمیٹی کے ارکان، ضلعی افسران اور متاثرہ سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران موصول ہونے والی تمام درخواستوں اور کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ پیش کردہ دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔ مکمل اور قواعد کے مطابق درست پائے جانے والے کیسز کی منظوری دے دی گئی، جبکہ بعض درخواستوں میں ریکارڈ کی مزید تصدیق اور ضروری دستاویزات کی فراہمی کے لیے متعلقہ ملازمین کو اضافی وقت فراہم کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام کیسز کو حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں نمٹایا جائے تاکہ مستحق ملازمین کو بروقت ریلیف فراہم ہو اور سرکاری ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کے سروس ریکارڈ میں درست معلومات کی موجودگی نہ صرف انتظامی امور کی بہتری کے لیے ضروری ہے بلکہ مستقبل میں پنشن، ترقیوں اور دیگر سروس معاملات میں ممکنہ پیچیدگیوں سے بچنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام زیر التواء معاملات کو جلد از جلد نمٹا کر ملازمین کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔اجلاس کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اختیار کیے گئے شفاف طریقہ کار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام جائز درخواستوں کو میرٹ اور قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ باقی ماندہ کیسز کی جانچ پڑتال جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ عمل کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر4974/2026
دکی:19جون :ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے پبلک لائبریری دکی کی نئی تعمیر شدہ ایکسٹنشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر فتح خان بنگلزئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بہادر خان، انسپکٹر آف پولیس ہدایت اللہ، علمائے کرام، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے کہا کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست اور علم کے حصول کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریاں معاشرے میں شعور، تحقیق اور فکری ترقی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے نوجوان نسل کو مطالعے کی عادت اپنانا ہوگی تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان ہی کسی بھی معاشرے کی حقیقی طاقت ہوتے ہیں، جبکہ مطالعہ انسان کی فکری صلاحیتوں کو نکھارنے اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے۔اس موقع پر رضاکار لائبریرین فرید خان کاکڑ نے شرکاء کو لائبریری کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات، کتابوں کے ذخیرے اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں طلبہ اور عام شہریوں کے لیے مطالعے کا سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور مستقبل میں مزید علمی و تحقیقی سہولیات متعارف کرانے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان سوشل ڈیولپمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر منصوبے کے تحت پبلک لائبریری کی سولرائزیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوگی اور قارئین کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے کمپیوٹرائزڈ سہولیات، انٹرنیٹ اور مزید علمی وسائل فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے رضاکار لائبریرین فرید خان کاکڑ کی تعلیمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو نوجوان نسل کو علم کی روشنی سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے لائبریری انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ میں کتاب دوستی کے فروغ کے لیے مطالعاتی نشستوں، ادبی پروگراموں، کتاب میلوں اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جائے تاکہ نوجوانوں میں تحقیق اور مطالعے کا رجحان مزید مضبوط ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر4975/2026
نصیرآباد: ضلع نصیرآباد میں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت بلوچستان عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے جمعہ کو بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کوٹ مینگل کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مرکز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لیا ۔انہوں نے سنٹر میں غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر حاضری کے بارے میں اعلی حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا اور اس پر موقع پر موجود طبی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ بنیادی مراکز صحت کا قیام دراصل دیہی اور نواحی علاقوں میں رہنے والے عوام کو ان کی دہلیز پر فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے لہٰذا اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور ہر آنے والے مریض کو بروقت، مؤثر اور بہتر علاج کی فراہمی کو یقینی بنائیں انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا عدم دلچسپی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے ایسے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر4976/2026
نصیرآباد19جون: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے جمعہ کے روز مختلف عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اسی سلسلے میں انہوں نے بروز جمعہ گوٹھ جان محمد پرکانی میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اس موقع پر ایس ڈی او بی اینڈ آر عابد علی پہنور بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران متعلقہ عملے نے ڈپٹی کمشنر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پلانٹ سے نہ صرف گوٹھ جان محمد پرکانی بلکہ اس کے گردونواح کے متعدد علاقوں کے رہائشی بھی مستفید ہو رہے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ یہاں سے روزانہ کی بنیاد پر صاف اور معیاری پانی حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کر رہی ہے جن میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ پر تعینات عملہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ سرانجام دے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ ان کے ثمرات عام آدمی تک بروقت پہنچ سکیں۔

خبرنامہ نمبر4977/2026
تربت19جون: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا.جس میں ضلع کیچ کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرتضیٰ بلوچ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ، ڈی ایس وی عبداللطیف بلوچ، ایم ای آفیسر دیدگ ملک، ڈرگز آفیسر محمد اکرم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے ضلع بھر کے ہسپتالوں کی کارکردگی اور صحت کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے سول ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری، بجلی و پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، پارکنگ کے نظام اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی، پارکنگ کے نظام کی بہتری اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت ضلع کیچ کا سب سے بڑا طبی ادارہ ہے اور یہاں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح ہدایت جاری کی کہ سرکاری ڈیوٹی میں غفلت، غیر حاضری یا عوامی خدمت میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو ڈاکٹر یا ملازم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام نہیں دے گا، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت صحت کے شعبے میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔اجلاس کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی مؤثر قیادت، عوام دوست پالیسیوں اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی نگرانی میں ضلع کیچ کے طبی اداروں میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

خبرنامہ نمبر4978/2026
تربت19جون : ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں ضلع کیچ کے تعلیمی شعبے کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی سہولیات کی بہتری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنر نعمان منیر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈی ای او ڈاکٹر اصغر علی، ڈی ٹی ایم پائیٹ نزیر احمد، ڈی پی ایم یونیسف فیض الرحمن، ایس ڈی اے او کیچ صدام حسین، ڈی ڈی او ای بلیدہ ممتاز علی، ایل سی ہوشاب محمود علی، ڈی ڈی ای او تربت محمد نعیم، ڈی ایم سی آر ٹی ایس ایم عبدالحلیم اور ڈی ڈی ای او ہوشاب ماہ پری سربلند سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے ضلع بھر میں زیرِ تعمیر ترقیاتی اسکیموں، کلسٹر بجٹ کی تقسیم، اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر غیر حاضر ملازمین، بنیادی سہولیات کی کمی اور تعلیمی معیار میں بہتری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ نے بتایا کہ متعدد اسکولوں کو ملازمین کی تنخواہوں میں رکاوٹ، پانی، بجلی اور واش رومز جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔یونیسف کے نمائندے فیض الرحمن نے اپنے ادارے کی جانب سے 60 کلسٹر اسکولوں کے لیے بجٹ سے متعلق تجویز پیش کی اور یونیسف کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلع کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے متعلقہ اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کیچ کے اسکولوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے واضح کیا کہ تعلیمی ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا انہوں نے یونیسف کی جانب سے پیش کردہ 60 کلسٹر اسکولوں کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر نئی فہرست مرتب کرکے پیش کی جائے، کیونکہ سفارشی بنیادوں پر کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ بی ایس ڈی آئی پروگرام میں ضلع کیچ کے متعدد اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جس سے تعلیمی انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کیچ میں پانی کے دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے بور لگانے کا اعلان کیا شرکاء نے تعلیمی شعبے کی بہتری، شفافیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ کی قائدانہ صلاحیتوں، سنجیدہ کاوشوں اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ضلع کیچ میں تعلیم کے شعبے میں مزید مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

خبرنامہ نمبر4979/2026
سوراب19جون :حکومت بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار سوراب محمود احمد کرد نے ہمراہ ڈاکٹر محمد ایوب زہری، لائیو اسٹاک، ریڈر اے سی سوراب فضل لہڑی اور اسد اللہ مینگل کے ساتھ بازاراورمارکیٹ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے موقع پربازار میں صفائی کی مجموعی صورتحال، اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف ہوٹلز، بیکریز، قصائیوں، سبزی و فروٹ اسٹالز اور کریانہ شاپس کا معائنہ کیا گیا۔ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مقررہ قیمتوں کی پابندی یقینی بنائیں۔ ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کو جرمانے بھی عائد کیے گئے جبکہ انہیں آئندہ صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی سخت تنبیہ کی گئی۔ تحصیلدار سوراب نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر4980/2026
صحبت پور19جون :ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور سیف الدین کھوسہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) صحبت پور کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں ایمرجنسی وارڈ او پی ڈی، لیبارٹری اور دیگر طبی سہولیات شامل تھیں۔ اس موقع پر ہسپتال کے تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملہ اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود پایا گیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اسسٹنٹ کمشنر نے حاضری رجسٹر کا بغور جائزہ لیا اور انتظامی امور کی بہتری کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کیا جائے اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہتر علاج معالجے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر4981/2026
کوئٹہ 19جون۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شیعہ کانفرنس کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عزاداروں کو درپیش سہولیات، بالخصوص پانی اور گیس کی فراہمی، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیعہ کانفرنس کے نمائندوں نے اپنی تجاویز اورسفارشات پیش کیں، جنہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غور کے لیے نوٹ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے بھی شرکت کی۔

خبرنامہ نمبر4982/2026
لورالائی19جون: ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد اسماعیل مینگل اور اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول لورالائی کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران افسران نے اسکول میں زیر تعمیر پُل ، عمارت کی بہتری، نکاسی آب اور دیگر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ انجینئر عمران خان بھی موجود تھے، جنہوں نے منصوبوں کی پیش رفت، تکنیکی امور اور تکمیل کے مجوزہ شیڈول کے حوالے سے بریفنگ دی۔افسران نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل مینگل نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کی مؤثر نگرانی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام نے اسکول انتظامیہ سے بھی ملاقات کی اور تعلیمی سرگرمیوں، درپیش مسائل اور سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔علاقہ مکینوں اور والدین نے اسکول میں جاری ترقیاتی کاموں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل نگرانی کے عمل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے طالبات کو محفوظ اور جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔

خبرنامہ نمبر4983/2026
گوادر19جون۔ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے جمعہ کو شادبی کے مقام کے قریب واقع پلیری کور ہور کے مقام پر میرین ڈرائیو پر زیرِ تعمیر کازوے منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد بھی ہمراہ تھے۔جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں، بالخصوص آر سی سی اور کنکریٹ کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر قاسم بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کو منصوبے کی پیشرفت، تکنیکی پہلوؤں، تعمیراتی معیار اور آئندہ مراحل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی جی جی ڈی اے نے مختلف مقامات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور ڈیزائن کے تقاضوں کا مشاہدہ کیا اور ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں اعلیٰ ترین انجینئرنگ معیارات اور معیارِ تعمیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کہا کہ میرین ڈرائیو پر زیرِ تعمیر یہ کازوے گوادر کے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک ہے، جو نہ صرف آمدورفت کو مزید سہل بنائے گا بلکہ شہری رابطوں اور ساحلی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ منصوبہ سمندر کے قریب اور ایک برساتی نالے کے اوپر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس لیے اس کی منصوبہ بندی اور تعمیر میں کلائمیٹ ریزلینس اور ساحلی ماحول سے متعلق تمام تکنیکی تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سمندری لہروں، موسمیاتی تبدیلیوں، شدید بارشوں، سیلابی ریلوں، ساحلی کٹاؤ اور دیگر ماحولیاتی دباؤ کے پیش نظر منصوبے کا ڈیزائن جدید انجینئرنگ اصولوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ یہ طویل المدتی بنیادوں پر محفوظ، پائیدار اور مؤثر ثابت ہو۔ اس ضمن میں تعمیراتی کام کے ہر مرحلے کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے موسمیاتی یا ماحولیاتی چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ڈی جی جی ڈی اے نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور پائیدار بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور گوادر کو ایک جدید ساحلی شہر کے طور پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر4984/2026
کوئٹہ19جون: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان ہائیر ایجوکیشن سیکٹر میں ایک تعلیمی انقلاب کی جانب گامزن ہو چکا ہے۔ ہم نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ذریعے میڈیکل ایجوکیشن میں تبدیلی کا آغاز کر دیا جس کا ہدف سالانہ10,000 میڈیکل پروفیشنلز اور میڈیکل ٹیکنیشنز تیار کرنا ہے۔ فی الحال، یہ اقدام بولان میڈیکل یونیورسٹی شروع کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر میڈیکل ایکسیلینس کیلئے وقف ہے۔ ہم اس وژن اور ماڈل کو جلد ہی صوبے کی دیگر پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں تک پھیلانے کیلئے پر عزم ہیں۔۔ آن خیالات کا اظہار انہوں نے بولان میڈیکل یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے روزگار کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سیکٹر میں اس وقت بھی بیرون ملک ہزاروں ملازمتوں کی مانگ ہے۔ مستقبل کا منصوبہ تعلیمی ڈگریوں کے ساتھ ڈپلومہ پروگراموں کو مربوط کرنا ہے جو موجودہ وسائل پر دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ یہ گریجویٹس سرکاری نوکریوں کی تلاش میں بھٹکنے کی بجائے اپنی دہلیز پر روزگار کے مواقع حاصل کریں گے اور قومی ترقی اور پیشرفت میں براہ راست حصہ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے روشن دماغوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ بلوچستان کے لوگوں کی خدمت اور عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں۔ یہی مہارت یافتہ افراد اندرون اور بیرون ملک معاشی آزادی حاصل کریں گے۔ ہم روایتی تعلیمی ماڈلز سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں صنعت سے متعلقہ مہارتوں کے ساتھ مربوط کر رہے ہیں جو آج کی معیشت کی بنیاد ہیں۔ گورنر مندوخیل نے جگہ اور صلاحیت میں موجودہ رکاوٹوں کو تسلیم کیا لیکن یقین دلایا کہ عزم اور محتاط منصوبہ بندی کے ساتھ، ایک سال کے اندر ان پر بھی قابو پا لیا جائیگا۔ یہ صرف ایک خواہش نہیں ہے، بلکہ ایک روشن مستقبل کیلئے ایک ٹھوس منصوبہ ہے۔ ایک بار تربیت حاصل کرنے کے بعد، یہ ہنر مند پیشہ ور جدید معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بنیں گے اور مجموعی طور پر معاشرے کو مضبوط کریں گے۔ صوبہ میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے یہ ان کا عزم ہے کہ وہ فارغ التحصیل طلباء کی لامحدود امکانات سے بھرپور مستقبل کی طرف فکری رہنمائی کریں۔

خبرنامہ نمبر4985/2026
زیارت، 19 جون :کمشنر سبی ڈویژن، اسداللہ فیض نے ضلع زیارت کے دورے کے دوران تحصیل سنجاوی میں زیرِ تعمیر قائداعظم کیڈٹ کالج کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی، اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیر شاہ غلزئی، پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ صابر، اور ایکسئن سی اینڈ ڈبلیو عرفان خان بھی موجود تھے۔کمشنر سبی ڈویژن نے زیرِ تعمیر کالج میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ کو جلد از جلد معیاری تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔اس موقع پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ کیڈٹ کالج کی تعمیر کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر4986/2026
زیارت، 19 جون : کمشنرسبی ڈویژن اسداللہ فیض نے جمعہ کو گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سنجاوی کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت، عبدالقدوس اچکزئی، اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی، شیر شاہ غلزئی، پروجیکٹ ڈائریکٹر، عصمت اللہ صابر، اور ایکسین سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ، عرفان خان بھی موجود تھے۔کمشنر سبی ڈویژن نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصوبے کی کامیاب اور معیاری تکمیل پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ عملے کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعلیمی ادارہ علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خبرنامہ نمبر4987/2026
سنجاوی 19جون :کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سنجاوی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیر شاہ غلزئی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نورالباقی زخپیل، ایکسین بلڈنگ عرفان خان، ایس ڈی او پی ایچ ای منظور احمد، ناصر، ایس ایچ او پولیس محمد سجاد احمد ناصر بلاغانی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور قبائلی عمائدین بھی ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض اور ڈپٹی کمشینر زیارت عبد القدوس اچکزئی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی نے ہسپتال انتظامیہ کو عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی شرکاء نے ہسپتال میں طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *