خبر نامہ نمبر4558/2026
بارکھان یکم جون:ایس ڈی پی او بارکھان محمد علی کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں تھانہ وٹاکڑی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو مطلوب اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں جامیر خان ولد نوخاف اور عبدالرحیم ولد جامیر خان شامل ہیں، جو مختلف مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ تھانہ وٹاکڑی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔اس کامیاب آپریشن میں ایس ایچ او تھانہ وٹاکڑی انسپکٹر محمد حسین اور پولیس ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔علاقے کے عوامی حلقوں نے پولیس کی اس مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خبر نامہ نمبر4559/2026
کوہلو01 جون:۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن، کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی کوہلو نے شہر بھر میں نالوں کی صفائی کے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کوہلو محب اللہ خان بلوچ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کا عملہ مختلف علاقوں میں نالوں کی صفائی اور کچرے کی منتقلی میں مصروف عمل ہیں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کوہلو محب اللہ خان بلوچ نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے پیش نظر آبادی سے منسلک نالوں کی بروقت صفائی انتہائی ضروری ہے۔ اس اقدام سے بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی برقرار رکھنے اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات کو کم کرنے میں مدد ملے گا۔اس مقصد کے لیے میونسپل کمیٹی کے تمام دستیاب مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے اور شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بروقت محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی مہم کو متحرک طریقے سے مکمل کیا جائے۔عوامی حلقوں نے نالوں کی صفائی مہم کے آغاز کو خوش آئند عمل قرار دے کر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کوہلو کی کاوشوں کو سراہا ہے اور اسے مون سون سیزن سے قبل شہری سہولیات کے بہتری کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔
خبر نامہ نمبر4560/2026
گوادریکم جون: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ویژن کے مطابق اور صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کے تحت بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طالبات کو بااختیار بنانے کے وژن کے مطابق پی ایم یو–بی ای ایس پی (پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ – بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروجیکٹ) کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں 400 مکمل طور پر فنڈڈ اسکالرشپس کے حوالے سے ایک اہم اورینٹیشن سیشن اور موک ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل پروفیسر سبین بلوچ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ طالبات کو بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی 400 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے طالبات کو درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار، موک ٹیسٹ کی تیاری، اور اس تعلیمی موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے بارے میں جامع رہنمائی دی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں، تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے خصوصاً خواتین کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ بلوچستان کی طالبات قومی دھارے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر منعقدہ موک ٹیسٹ میں طالبات نے بھرپور دلچسپی اور سنجیدگی کے ساتھ شرکت کی، جس سے ان کے تعلیمی رجحان اور مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔طالبات نے حکومتِ بلوچستان کی اس شاندار تعلیمی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام ان کے لیے نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ روشن اور باوقار مستقبل کی طرف ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروجیکٹ کے تحت ایسے اقدامات صوبے میں تعلیمی انقلاب، خواتین کی خودمختاری اور پائیدار ترقی کے نئے دروازے کھولیں گے۔
خبر نامہ نمبر4561/2026
گوادر یکم جون:۔رکن صوبائی اسمبلی گوادر، مولانا ہدایت الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں گوادر شہر کی جاری و مجوزہ ترقیاتی سرگرمیوں، شہری سہولیات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر حاجی سید محمد، سابق چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی شریف میاں داد اور دیگر منتخب نمائندے و کونسلرز بھی موجود تھے۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے ایم پی اے گوادر کو جی ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر آگاہی دی۔ بالخصوص حال ہی میں مکمل ہونے والے اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیر و توسیع کی گئی سڑکوں، گلیوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمٰن نے ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار، پائیداری اور شفاف نگرانی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں فشرمین کالونی کی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور مستحق ماہیگیروں کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے بتایا کہ قابضین کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اراضی واگزار کرا کر اصل حقدار ماہیگیروں کو ان کے حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے گوادر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ پلاٹس کی الاٹمنٹ کے عمل میں مکمل شفافیت، میرٹ اور انصاف کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران شہر میں پانی کی فراہمی کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ اور موسمِ گرما کے دوران شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات اور ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں، جن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی دستیابی برقرار رکھی جا سکے۔اس موقع پر جی ڈی اے کے آئندہ دس سالہ ترقیاتی پروگرام پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس امر پر اتفاق کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کا تعین عوامی ضروریات، زمینی حقائق اور پائیدار شہری ترقی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ مجوزہ منصوبوں میں سربندر، پشکان، گوادر اولڈ ٹاؤن، ٹی ٹی سی کالونی اور شمبے اسماعیل وارڈ سمیت مختلف علاقوں کی اپ لفٹنگ، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی، سڑکوں، نکاسیآب، پینے کے پانی اور دیگر عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
خبر نامہ نمبر4562/2026
قلات یکم جون:۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات ڈاکٹر انجم ضیاء بلوچ نے پی پی ایچ آئی بلوچستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ آپریشنز مجیب بلوچ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، صحت کے شعبے میں جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیااورانہیں ڈاِریکٹرآپریشنز کے نئے عہدے کا چارج سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ڈاکٹر انجم ضیاء بلوچ نے مجیب بلوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کو محکمہ صحت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مجیب بلوچ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے کی بنیاد پر پی پی ایچ آئی بلوچستان میں مانیٹرنگ اور آپریشنز کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنائیں گے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4563
تمپ یکم جون: ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے توانائی میر اصغر رند کی خصوصی ہدایات پر ضلع تمپ کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے ڈسٹرکٹ میڈیسن اسٹور کیچ سے ضلع تمپ کے مختلف ہسپتالوں اور صحت کے مراکز تک ادویات کی ترسیل کا عمل شروع کرا دیا ہے۔پہلے مرحلے میں آج رورل ہیلتھ سینٹر تمپ اور رورل ہیلتھ سینٹر گومازی کو ضروری ادویات فراہم کی گئیں،جبکہ آئندہ چند روز میں ضلع کے دیگر سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کو بھی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے کہا کہ صوبائی وزیر توانائی میر اصغر رند کی خصوصی دلچسپی اور عوام دوست وژن کے تحت ضلع تمپ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت ضلع تمپ عوام کو بہتر اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے، تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں۔
خبر نامہ نمبر 2026/4564
زیارت 01جون:۔صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ نے اپنے دستِ مبارک سے قائداعظم نرسنگ کالج اور ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس شاندار افتتاحی تقریب میں علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی، حاجی غوث پانیزئی، انجینئر عبدالسلام، ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالستار کاکڑ، ڈپٹی چیئرمین حبیب اللہ پانیزئی حاجی راز محمد دومڑ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران انجینئر عبدالسلام نے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ کو ماسٹر پلان کے تحت منصوبے کے مختلف پہلوؤں، ترقیاتی کاموں اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ علاقے میں تعلیمی و طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دومڑ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ایسے منصوبے علاقے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی قائداعظم نرسنگ کالج کا قیام ضلع زیارت اور گردونواح کے علاقوں کے لیے ایک اہم تعلیمی اور طبی سہولت ثابت ہوگا۔ اس ادارے کے ذریعے مقامی طلبہ و طالبات، خصوصاً خواتین کو اپنے علاقے میں معیاری نرسنگ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے انہیں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔ نرسنگ کالج سے تربیت یافتہ نرسنگ اسٹاف مقامی ہسپتالوں اور طبی مراکز میں اپنی خدمات انجام دے سکے گا، جس کے نتیجے میں صحت کی سہولیات کے معیار میں بہتری آئے گی۔ ہاسٹل کی سہولت دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کے لیے آسانی پیدا کرے گی، جبکہ یہ ادارہ مستقبل میں ضلع زیارت کو صحت اور طبی تعلیم کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ اور دیگر مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں چائے پارٹی کا بھی اہتمام کیا
خبر نامہ نمبر 2026/4565
کوئٹہ یکم جون: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی صوبے میں روشنی کا مینار بن کر ابھر رہی ہے۔ یہ محض ایک یونیورسٹی نہیں بلکہ یہ ہماری نصف آبادی کے خوابوں، امنگوں اور ہلند عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بحیثیت گورنر معیاری تعلیم کے ساتھ جدید مہارت سکھانے پر ہماری توجہ صرف ایک حکمت عملی نہیں بلکہ یہ ایک وعدہ ہے۔ ایک ایسا سچا وعدہ کہ ہر لڑکی جو وویمن یونیورسٹی میں قدم رکھتی ہے وہ اپنی قسمت کے معمار کے طور پر باہر نکلے گی۔ گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ کوالٹی ایجوکیشن اور مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈرن اسکلز ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس معاشرے کی سماجی اور اقتصادی ترقی و خوشحالی میں بامعنی شراکت کے قابل بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی کو پائیدار ترقی کی راہ گامزن کرنے کی کامیابی ہمیں راتوں رات نہیں ملی بلکہ یہ ہماری دو سال کی طویل جدوجہد اور دانشمندانہ منصوبہ بندی کے ذریعے ممکن ہوئی۔ اس لمبے عرصے کے دوران ہم نے جو بھی قدم اٹھایا، جس چیلنج کا ہم نے سامنا کیا اور جو کامیابی ہم نے حاصل کی وہ دراصل ہمارے اجتماعی دانش اور ٹیم ورک کی مدد و فکری رہنمائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وویمن یونیورسٹی میں نہ صرف ایک تعلیمی ماحول فروغ پا رہا ہے بلکہ اس کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ وویمن یونیورسٹی کی ہر گریجویٹ نہ صرف اپنے خاندان کیلئے بلکہ پورے صوبے کیلئے فخر کی علامت ہے۔ جسطرح ہم مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں ہم اعلیٰ تعلیم کو معاشی اور معاشرتی انقلاب برپا کرنے کا ایک معتبر وسیلہ مانتے ہیں کیونکہ تعلیم ایک ایسی روشنی ہے جو پورے معاشرہ کو روشن کر دیتی ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4566
خضدار01جون:ـڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی سے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ اور گورنمنٹ کنٹریکٹر میر نورلحق گزگی مینگل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع خضدار کے درپیش علاقائی مسائل، شہری سہولیات کی بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔چیف آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے شہر میں صفائی، سٹریٹ لائٹس اور شہری نظام کو بہتر بنانے سے متعلق بات چیت کی۔ گورنمنٹ کنٹریکٹر میر نورلحق گزگی مینگل نے علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش مشکلات جلد از جلد حل کی جائیں اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہاکہ ضلع کے مسائل کے حل سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر فیصلے کیئے جاتے ہیں اور اجتماعی امور کو فوقیت دی جاتی ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4567
گوادریکم جون: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے بی ایچ یو شادوبند اور بی ایچ یو گھٹی ڈور کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی ریکارڈز اور ایم این سی ایچ (ماں اور بچہ صحت) مراکز سمیت تمام متعلقہ ریکارڈز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے صحت مراکز میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی سروس ڈلیوری کے معیار کو چیک کیا اور بہتری کے لیے موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کے مطابق بنیادی صحت کے مراکز کو فعال، مؤثر اور عوامی ضروریات کے مطابق بنانا اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ منیجر نے مزید کہا کہ فیلڈ سطح پر مانیٹرنگ کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اور اس میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور تمام ریکارڈ کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ صحت کے نظام میں شفافیت، بہتری اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2026/4567
گوادریکم جون: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے مونڈی میں قائم انسدادِ منشیات بحالی مرکز (Rehabilitation Center) کا دورہ کیا اور مذکورہ سینٹر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلد فعالی کا اعلان کیا ہے واضح رہے کہ یہ منصوبہ پی ایس ڈی پی کے تحت مکمل کیا گیا ہے تاہم تاحال غیر فعال ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اس امر کا اعادہ کیا کہ بحالی مرکز کو جلد از جلد فعال کر کے عوامی استعمال کے قابل بنایا جائے گا تاکہ منشیات کے عادی افراد کو معیاری علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔دورے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس بھی منعقد کیا جس میں بحالی مرکز کو فعال کرنے میں حائل رکاوٹوں، درکار وسائل اور آئندہ کے روڈ میپ پر غور کیا گیا اور عملی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے اور اس منصوبے کو جلد فعال کر کے منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انہیں صحت مند معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے بحالی مرکز کی ڈاکومنٹس، منظور شدہ آسامیوں (sanctioned posts) اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامی و تکنیکی امور کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ مونڈی ڈرگ ریہیبلیٹیشن سینٹر کو جلد از جلد فعال کر کے باقاعدہ افتتاح کیا جا سکے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4568
گوادریکم جون: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ساحلِ سمندر کے کنارے قائم منفرد کنٹینر لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات، انتظامات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کنٹینر لائبریری کے انچارج نصیر احمد بلوچ، سید ظہور شاہ ہاشمی ڈیجیٹل لائبریری کے انچارج جابر بلوچ، ایس ڈی او بی اینڈ آر جنید کاشانی اور انجینیئر بی اینڈ آر احسان بلوچ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے لائبریری کے مختلف پورشنز کا معائنہ کیا اور انچارج سے قارئین کو درپیش مسائل، سہولیات کی کمی اور مزید ضروریات کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس اقدام کو ساحلی شہر میں علم، مطالعہ اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک قابلِ تحسین اور منفرد کاوش قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے موقع پر موجود بی اینڈ آر انجینیئرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کی بہتری اور توسیع کے لیے فوری طور پر ایسٹیمیٹ تیار کیا جائے اور اس کی خوبصورتی و جدید طرزِ تعمیر کے لیے باقاعدہ ڈیزائن مرتب کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لائبریری کے احاطے کو محفوظ بنانے کے لیے باڑ اور فینسنگ کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ یہ جگہ نہ صرف محفوظ بلکہ مزید منظم اور دلکش بن سکے۔واضح رہے کہ اس کنٹینر لائبریری میں شام کے اوقات میں فائن آرٹس اور پینٹنگ کی کلاسز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے، جب کہ طلبہ اور مطالعہ کے شوقین افراد سمندر کے دلکش منظر میں اس منفرد لائبریری سے بھرپور استفادہ کرتے ہیں۔
سمندر کنارے اور پارک کے احاطے میں واقع یہ لائبریری گوادر میں علم دوستی، تخلیقی سرگرمیوں اور مثبت سماجی ماحول کے فروغ کی ایک خوبصورت علامت کے طور پر ابھر رہی ہے، جس کی بدولت اس کی اہمیت اور دلکشی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4569
کوہلو یکم جون۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم میں کنٹریکٹ بنیادوں پر خالی آسامیوں پر تعیناتی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی (ڈی آر سی) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونین کونسل صدر اور اوریانی سے تعلق رکھنے والے متعدد امیدواران نے شرکت کی اور کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنے کوائف اور دستاویزات جمع کرائیں۔ کمیٹی نے امیدواران کے تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ دستاویزات، تجربہ سرٹیفکیٹس اور دیگر ریکارڈ کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لیا جبکہ جن امیدواروں کی دستاویزات پر اعتراضات یا ابہامات سامنے آئے، ان کا بھی ضابطے اور قواعد کے مطابق تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے عمل کو وزیر اعلٰی بلوچستان کی وژن کے مطابق مکمل شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ اہل، باصلاحیت اور موزوں امیدواروں کو تعلیمی شعبے میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی نظام کی بہتری، معیارِ تعلیم میں اضافہ اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ بھرتیوں کے تمام مراحل صاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں کسی قسم کی سفارش، سیاسی دباؤ، اقرباء پروری یا غیر ضروری مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور تمام فیصلے صرف میرٹ، اہلیت اور سرکاری پالیسی کے مطابق کیے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈی آر سی کے اراکین ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفر خان زرکون، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میل کوہلو حفیظ اللہ مری، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل کوہلو اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے نمائندہ عطاء اللہ مری نے شرکت کی۔عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ تعلیم میں خالی آسامیوں پر تعیناتی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کو سراہا ہے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4570
صحبت پوریکم جون۔واضح رہے کہ مورخہ 29 مئی 2026ء کو گوٹھ محبوب علی کھوسہ میں آتشزدگی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں متعدد گھرانوں کو نقصان پہنچا اور کئی خاندان متاثر ہوئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر صحبت پور، محترمہ فریدہ ترین نے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی ہدایات جاری کیں ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور سیف الدین کھوسہ نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا فائر بریگیڈ اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ پر جلد قابو پالیا گیا، جس سے مزید جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر صحبت پور کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اس سلسلے میں متاثرین میں درج ذیل اشیاء تقسیم کی گئیں خیمیکچن سیٹس گیس سلنڈرز بستر،ترپالیں، کمبل شامل ہیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحبت پور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت اور امداد بروقت اور مؤثر انداز میں فراہم کی جائے مزید برآں انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ جلد از جلد معمولاتِ زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں.









