خبرنامہ نمبر4162/2026
کوئٹہ، 19 مئی : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہر میں جاری ترقیاتی اور ٹریفک مینجمنٹ منصوبوں سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے سمنگلی روڈ اور سریاب سروس روڈ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کی جانب سے عبوری رپورٹ پیش کی، جبکہ چیف منسٹر پیکج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کے وکیل نے سمنگلی روڈ کی بہتری اور ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق مجوزہ ماسٹر پلان عدالت میں پیش کیا۔عدالت کو بتایا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ساتھ مشترکہ اجلاس اور سائٹ وزٹ مکمل کیے جا چکے ہیں، ٹپوگرافک نقشہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ تفصیلی ماسٹر پلان حتمی منظوری کے لیے مرکزی کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔ میتھوڈسٹ چرچ کی جانب سے امداد چوک اور زرغون روڈ کے اطراف خوبصورتی اور ٹریفک بہتری کے لیے تھری ڈی تجاویز بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل نے عدالت کو حالی روڈ، زرغون روڈ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے اطراف ٹریفک کے بہاوکو منظم کرنے کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔درخواست گزار نے ریلوے اسٹیشن اور کولون روڈ پر مجوزہ یوٹرنز کے باعث ممکنہ ٹریفک دباو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے امداد چوک اور ریلوے اسٹیشن کے سامنے متبادل یوٹرنز تعمیر کرنے کی تجاویز پیش کیں تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔عدالت نے پروجیکٹ ڈائریکٹر CMPQD اور ڈی جی BTEB کو نشاندہی کردہ مقامات کا تفصیلی جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے اس بات پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کی بعض پابندیوں کے باعث سمنگلی روڈ پر اسفالٹک تہہ بچھانے کا کام تاخیر کا شکار ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ سمنگلی روڈ اور سریاب سروس روڈ پر فوری طور پر اسفالٹک تہہ بچھانے کا عمل مکمل کیا جائے اور کسی بھی ادارے کو ترقیاتی کام میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پیش رفت رپورٹس بھی باقاعدگی سے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے، تاہم عدالت نے انہیں خصوصی کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کے کنوینر کی حیثیت سے ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو مکمل معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا۔کیس کی مزید سماعت 4 جون 2026 تک ملتوی کر دی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر41664/2026
کوئٹہ، 19 مئی ۔عدالتِ عالیہ بلوچستان کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں سماعت کے دوران جوائنٹ روڈ اور انسکمب روڈ پر تجارتی سرگرمیوں، دکانوں کی تعمیر اور ریلوے اراضی کے استعمال سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل منیر احمد سکندر، ایڈیشنل اٹارنی جنرل محمد فرید ڈوگر، ایڈیشنل اے جی شائے حق بلوچ، کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے وکیل راجیش ناتھ کوہلی، پاکستان ریلوے اور ریڈامکو حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران اور وکلاء پیش ہوئے۔عدالت میں ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی (REDAMCO) کے سینئر منیجر لیگل اینڈ کنٹریکٹس ارشد محمود عباسی نے معاون دستاویزات اور سائٹ نقشوں سمیت تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 7 اپریل 2026 کے اشتہار کے تحت مجوزہ کمرشل منصوبوں پر کام شروع کیا گیا تھا، تاہم عدالتی حکمِ امتناعی سے آگاہی ملتے ہی جوائنٹ روڈ پر پلاٹ-A اور دیگر متنازعہ مقامات کی بولی اور کارروائی فوری طور پر روک دی گئی۔عدالت کو مزید بتایا گیا کہ انسکمب روڈ پر کمرشل سرگرمیوں کے اثرات اور ٹریفک صورتحال کے جائزے کے لیے جامع سروے درکار ہے، جس کے لیے وقت طلب کیا گیا۔ ریڈامکو حکام نے موقف اختیار کیا کہ اوور ہیڈ برج کے مشرقی جانب واقع فلنگ اسٹیشن کا پلاٹ پہلے ہی لیز پر دیا جا چکا ہے اور اس مد میں تقریباً 29.6 ملین روپے کی لیز رقم اور سالانہ کرایہ وصول کیا جا چکا ہے، اس لیے اس منصوبے کو ٹریفک مسائل سے بچاو کے تقاضوں کے تحت محدود اجازت دی جا سکتی ہے۔پاکستان ریلوے کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بھی واضح کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے بعد تمام کمرشل تعمیراتی سرگرمیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔ پاکستان ریلوے کے حکام نے بھی جامع سروے اور صورتحال کے مکمل جائزے کے لیے مہلت طلب کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جوائنٹ روڈ کے مشرقی اور مغربی اطراف فٹ پاتھ کے کنارے دوبارہ دکانوں کی تعمیر جاری ہے، جس پر عدالت نے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی۔ پاکستان ریلوے کے لائآفیسرز اور ڈویژنل حکام نے موقف اپنایا کہ مذکورہ دکانوں کی اراضی 2024-25 میں لیز پر دی گئی تھی اور لیز کے بعد لے آوٹ پلان بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم عدالت کے حکم کے بعد تمام معاملات کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ریلوے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ فلنگ اسٹیشن سمیت کسی بھی منصوبے پر عملدرآمد صرف مروجہ قوانین، جامع سروے اور ضلعی انتظامیہ سے این او سی کے حصول کے بعد ہی کیا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ پاکستان ریلوے حکام ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر میں مشترکہ اجلاس منعقد کر کے جامع رپورٹ پیش کریں۔عدالت نے ڈی ایس پاکستان ریلوے کوئٹہ ڈویژن محمود الرحمٰن لاکھو کو آئندہ حکم تک ذاتی پیشی سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 جون 2026 تک ملتوی کر دی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4165/2026
سوراب 19مئی ۔ وزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی سیکرٹری ایجوکیشن لعل جان جعفراور ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی بلیدی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شکیل عالیزئی، آر ٹی ایس ایم، خزانہ آفیسر، تمام ڈویژنز کے میل و فیمیل ڈی ڈی اوز، محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے، تعلیمی معیار بہتر کرنے اور طلبہ کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی بلیدی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری، تعلیمی سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ضلع سوراب میں تعلیم کے شعبے کو مزید مو¿ثر اور فعال بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4166/2026
جھل مگسی 19مئی ۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ ، (لیفٹیننٹ کرنل) عاصم خان اور ایس پی جھل مگسی رحمت اللّٰہ درانی کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، کھلی کچہری میں تمام محکمہ جات کے ضلعی آفیسران اور عوام الناس شرکت کیں۔کھلی کچہری میں بجلی پانی ، تعلیم و صحت اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے درپیش مسائل زیر بحث لائے اس کے علاوہ فائر بریگیڈ گنداواہ، اللہ آباد کالونی میں سڑکوں، نالیوں، صفائی و ستھرائی، تعلیم اور 2022ئ کے سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر میں بی آر ایس پی کی جانب سے تاخیر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل بھی اجاگر کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ درپیش مسائل کے حل کیلئے جلد از جلد موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام الناس حکومتی اقدامات سے مستفید ہوسکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4167/2026
جھل مگسی19مئی ۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللّٰہ شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اجلاس نولنگ ہال گنداواہ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں جاری (بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو) کے تحت ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل کے حل اور مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں (لیفٹیننٹ کرنل) عاصم خان ، ایس پی جھل مگسی رحمت اللّٰہ درانی سمیت مختلف محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللّٰہ شاہ نے اجلاس کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ جھل مگسی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی کہ انکی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں ( بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے کام کو معیاری طور پر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں مزید امن و امان کی مجموعی صورتحال، تعلیمی اداروں کی کارکردگی، صحت و صفائی کے انتظامات، سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر تمام کام مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں جبکہ درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہی عوامی مسائل کا موثر حل ممکن ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں تاکہ ضلع جھل مگسی میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے اور ضلع کی عوام کے درپیش مسائل میں کمی واقع ہو۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4168/2026
استا محمد/ گنداخہ19مئی ۔ ، گنداخہ ڈپٹی کمشنر استا محمد، محمد رمضان پلال کی زیر صدارت رورل ہیلتھ سینٹر RHC گنداخہ میں انسداد پولیو مہم SNID مئی 2026 کے حوالے سے ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر محمد ناصر کاکڑ سمیت محکمہ صحت کے متعلقہ افسران یو سی ایم اوز اور مانیٹرز نے شرکت کی اجلاس کے دوران تحصیل گنداخہ کی تمام یونین کونسلز میں جاری مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہر یونین کونسل کی پیش رفت، درپیش مسائل اور کوریج کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ پانچ سال تک کی عمر کے کم از کم 95 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع استا محمد کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی ایک تشویشناک امر ہے، جس کے پیش نظر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا نہایت ضروری ہے تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے انہوں نے زور دیا کہ فیلڈ ٹیمیں اپنی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی اور محنت سے ادا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مہم کے دوران درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، مائیکرو پلاننگ کو موثر بنایا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4169/2026
استا محمد/گنداخہ19مئی ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد، محمد رمضان پلال نے چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی کے ہمراہ گنداخہ واٹر سپلائی اسکیم کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں شہر میں پانی کی موجودہ فراہمی، درپیش مسائل اور نظام میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ دورے کے دوران متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی کے امکانات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا تاکہ مستقبل میں پانی کے بحران پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو مستقل بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے غلام محمد سیف اللہ مگسی کینال پر نصب غیر فعال بور اور پائپ لائن کا معائنہ کیا اور ان کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ایکسین پی ایچ ای ڈی استا محمد کو ہدایت جاری کی گئی کہ واٹر سپلائی اسکیم کی بہتری بحالی اور پائیدار بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل کانسیپٹ پیپر فوری طور پر تیار کر کے پیش کیا جائےڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے اور پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری کے لیے موثر، دیرپا اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 4170/2026
قلعہ سیف اللہ 19مئی ۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ساگر کمار کی زیر صدارت ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے شام کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کی کارکردگی، کوریج اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وحید الرحمن، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر، مانیٹرنگ آفیسر، عالمی ادارہ صحت WHO کے نمائندگان اور ERA کے انچارج سمیت پولیو مہم سے منسلک تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فیلڈ ٹیموں کے سپروائزرز اور یوسی مانیٹرز نے اپنے علاقوں کی کارکردگی رپورٹس ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وحید الرحمن نے مہم کے دوران ہونے والی پیشرفت، ویکسینیٹ ہونے والے بچوں کی تعداد اور ان علاقوں کے بارے میں بریفنگ دی جہاں کوریج کے حوالے سے بہتری کی گنجائش ہے۔ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے، اس کے لیے فیلڈ ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور مستعدی سے سرانجام دیں۔ انہوں نے WHO اور ERA کے نمائندگان کی تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی سے ہی مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کا عمل مزید موثر بنائیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور 5 سال تک کے ہر بچے کو لازمی طور پر قطرے پلائیں۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اجتماعی کاوشوں سے قلعہ سیف اللہ کو پولیو فری ضلع بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4171/2026
استا محمد/گنداخہ19مئی ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال نے چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی کے ہمراہ زیرِ تعمیر رورل ہیلتھ سینٹر RHC گنداخہ کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایکسین جعفرآباد، عرفان راجپوت سے رابطہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ آر ایچ سی گنداخہ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کر کے محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے، تاکہ علاقے کے عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے انہوں نے آر ایچ سی کے رہائشی حصے ریزیڈینشل بلاک پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی تاکید کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر زور دیا کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا نہایت ضروری ہے، تاکہ صحت کے شعبے میں بہتری کے حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4172/2026
لورالائی 19 مئی ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن جناب ولی محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ ڈویژنل پبلک اسکول لورالائی کو جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ بنا کر پنجاب کے معروف ڈویژنل پبلک اسکولز کے ہم پلہ لایا جائے گا تاکہ علاقے کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات مقامی سطح پر میسر آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویڑنل پبلک اسکول لورالائی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ڈویژنل پبلک اسکول نے کی جبکہ اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں کمشنر لورالائی ڈویژن نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ ڈویژنل پبلک اسکول کبھی زبوں حالی کا شکار تھا، تاہم اب اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے طلبہ و طالبات جنہوں نے امتحانات میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے ہوں، انہیں ڈویژنل پبلک اسکول میں مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ بیرونی اسکولوں سے آنے والے ہونہار طلبہ بھی اگر 90 فیصد سے زائد نمبر رکھتے ہوں تو انہیں بغیر فیس داخلہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں قابل، تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ادارے میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو ایک اہم تعلیمی پروگرام جبکہ 14 اگست کو خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی تاکہ طلبہ میں قومی شعور اور تعلیمی آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈویڑنل پبلک اسکولز کا قیام معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی کے مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شریف کمیشن 1958-59 کی سفارشات کی روشنی میں پہلا ڈویژنل پبلک اسکول 1963 میں قائم کیا گیا اور آج پنجاب کے مختلف ڈویژنز میں یہ ادارے کامیابی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔آخر میں کمشنر لورالائی ڈویژن نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی کا بچہ کسی سے کم نہیں اور انہیں بہترین مواقع فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4173/2026
استا محمد/گنداخہ19مئی ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد، محمد رمضان پلال نے چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی کے ہمراہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو BSDI منصوبے کے تحت بحال کیے جانے والے تحصیل آفس گنداخہ کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی و بحالی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے پیش رفت کے بارے میں بریفنگ بھی لی دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے باعث تحصیل آفس گنداخہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں سرکاری امور کی انجام دہی متاثر ہوئی اور دفتر مکمل طور پر فعال نہیں رہ سکا تھا حکومت بلوچستان کی جانب سے BSDI منصوبے کے تحت اس اہم انتظامی عمارت کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد نہ صرف دفتری نظام کو بحال کرنا ہے بلکہ عوام کو بروقت اور بہتر سرکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے موقع پر موجود متعلقہ افسران و ٹھیکیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے کام کو اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کام میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ تحصیل آفس کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل آفس کی بحالی سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو ایک ہی جگہ پر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے عوامی مسائل کے حل میں بھی آسانی پیدا ہوگی ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4174/2026
قلعہ سیف اللہ19مئی ۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ساگر کمار نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی صحت حکام، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو ٹیموں کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وحید الرحمن اور ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر 5 سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس قومی مہم کی کامیابی کے لیے والدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر وحید الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں مقررہ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور تمام یونین کونسلز میں بچوں کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر نے کہا کہ مہم کی مانیٹرنگ کے لیے سخت نگرانی کا نظام بنایا گیا ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4175/2026
بارکھان،19مئی ۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان جناب سعید الرحمن کاکڑ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مجیب بگٹی اور ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ناصر کھیتران کے ہمراہ ضلع بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر بارکھان نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی بچے کو قطرے پلانے سے محروم نہ رکھا جائے اور ٹیمیں ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران، پولیو ٹیموں کے اہلکار اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4176/2026
قلات19مئی ۔ڈپٹی کمشنرمنیراحمددرانی نے کہاکہ تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ کی اشد ضرورت ہے محکمہ تعلیم قلات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تروسائل بروے کار لارہے ہیں سکولوں میں اساتذہ کی غیرحاضری کسی صورت قبول نہیں ہے غیرحاضر اساتذہ کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاءجاری ہےان خیالات کاااطہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کورگروپ کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کے دوران اپنے خطاب میں کیا ڈی سی نے کہا کہ اساتذہ کرام اپنا تمام تر توجہ بچوں کی بہترتعلیم پر دیں بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انہیں بہترین تعلیم کی زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے سربراہان اور آرٹی ایس ایم کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوے کہاکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے وزٹس کریں تاکہ سکولوں میں اساتزہ کی حاضریوں کو یقینی بنایاجاسکے جلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثاراحمدنورزئی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میل ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل سمیت محکمہ تعلیم قلات اورخالق آباد کے سربراہان کالجز کے پرنسپل صاحبان آرٹی ایس ایم خزانہ آفس کے نمائندے نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ تعلیم قلات کی کارکردگی سکولوں میں اساتزہ کی حاضریوں زیرتعمیر سکولوں کی تکمیل بلڈنگ مرمت کے سکولوں میں اساتزہ کی کمی ٹرانسفرپوسٹنگ اٹیچمنٹ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محکمہ تعلیم قلات کے سربراہان نے ڈپٹی کمشنر کو غیر حاضر اساتزہ کے تنخواوں کی کھٹوتی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4177/2026
قلات 19مئی ۔ اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے لیئے پرائس کنٹرول کمیٹی متحرک۔ہوگءہے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے احکامات کی روشنی میں تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی ریڈر اسسٹنٹ کمشنر ثنائ اللہ محمدحسنی نے قلات بازار کاتفصیلی دورہ کیاگرانفروشی اور صفائی سھترائی کا خیال نہ رکھنے اور زائدالمیعاد اشیاءفروخت کرنے پر متعدد دکاندار جرمانے کئے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پرتحصیلدار نے جنرل اسٹورز قصائیوں، پھل و سبزی فروشوں، دودھ فروشوں اور نانبائیوں کی دکانوں کا معائنہ کیا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور صفائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ پرائس کنٹرول۔کمیٹی نے تاجروں دکانداروں پھل سبزی فروشوںپر کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی یرکارواءکی جائیگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4178/2026
دکی، 19 مئی ۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم ایس این آئی ڈی مئی 2026 کے پہلے روز کی ایوننگ ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مہم کی مجموعی کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال، انسپکٹر آف پولیس ہدایت اللہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر بہادر خان لونی، صوبائی مانیٹر ڈاکٹر شہباز پانیزئی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی راز محمد ناصر، ڈی ایس او ڈاکٹر عبد اللہ جان، ایم اینڈ ای آفیسر ای پی آئی پیر محمد ناصر، سی سی او سعید احمد ناصر، این اسٹاپ ڈاکٹر عبد الحمید، آئی ایس ڈی کوآرڈینیٹر صدام حسین، لائن ڈیپارٹمنٹس کے مانیٹرز، یو سی ایم اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مختلف یونین کونسلز میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے کے عمل، فنگر مارکنگ، مس شدہ بچوں کی نشاندہی اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں ٹیموں نے مقررہ اہداف کے مطابق بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ چند دور دراز علاقوں میں رسائی اور والدین کے تحفظات جیسے مسائل بھی سامنے آئے جن کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے ہر بچے تک حفاظتی قطرے پہنچانا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے اور تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں انتہائی ایمانداری اور جذبے کے ساتھ سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں علماءکرام، قبائلی عمائدین، اساتذہ اور میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے، لہٰذا عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے موثر آگاہی مہم جاری رکھی جائے۔ اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران، فیلڈ اسٹاف اور پولیو ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ مہم کے آئندہ دنوں میں بھی بھرپور محنت، نگرانی اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے ضلع دکی کو پولیو فری بنانے کے قومی مشن میں اپنا موثر کردار ادا کیا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر 4179/2026
لورالائی 19 مئی ۔ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے شہر بھر میں قائم غیر معیاری اور منی پیٹرول پمپوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد پمپوں کا اچانک معائنہ کیا۔ کارروائی کا مقصد شہریوں کو معیاری اور مکمل مقدار میں پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔اس دوران مختلف پیٹرول پمپوں کے پیمائشی آلات، گیج اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران ایک منی پیٹرول پمپ میں مقررہ پیمائش سے کم پیٹرول فراہم کرنے اور گیج میں خرد برد کی شکایات درست ثابت ہوئیں، جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ پمپ کو سیل کر دیا جبکہ مالک کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے موقع پر موجود دکانداروں اور پمپ مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری قوانین، حفاظتی اصولوں اور مقررہ پیمائش کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے، دکانوں کی سیلنگ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کم مقدار میں پیٹرول فراہم کرنا نہ صرف قانونی جرم بلکہ عوامی اعتماد کے ساتھ سنگین دھوکہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک ہے اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور ناقص پیمائش کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم منی پیٹرول پمپوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں خصوصی ٹیمیں مزید کارروائیوں کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے ماریں گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ کم پیمائش یا زائد نرخ وصولی کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4180/2026
لورالائی19مئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے آج ٹرانزٹ پوائنٹ لشتی لونی آباد کا دورہ کیا جہاں جاری انسدادِ پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرحان انجم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کے عمل، رجسٹریشن اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ٹرانزٹ پوائنٹس سے گزرنے والے ہر بچے کو لازمی طور پر پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ اس موذی مرض سے محفوظ رہنے والی ویکسین سے محروم نہ رہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرحان انجم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور موبائل و فکسڈ ٹیمیں دور افتادہ اور دشوار گزار علاقوں تک پہنچ کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ٹیموں کی مانیٹرنگ کا عمل بھی مسلسل جاری ہے تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ ہو۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس، بس اڈوں اور داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران ہزاروں بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عوامی تعاون سے یہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4181/2026
زیارت 19مئی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق زیارت ماسٹر پلان کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد ضلع زیارت کی خوبصورتی میں اضافہ، سیاحت کے فروغ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔زیارت ماسٹر پلان میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارکوں اور تفریحی مقامات کی بحالی، سیاحتی مقامات کی ترقی اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔ متعلقہ حکام مختلف منصوبوں کی نگرانی کررہے ہیں تاکہ تمام ترقیاتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جاسکیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق زیارت کو ایک جدید، خوبصورت اور مثالی سیاحتی ضلع بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا جس سے علاقے کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں شروع کیے گئے ترقیاتی اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں سے ضلع زیارت مزید ترقی کرے گا اور عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4183/2026
قلات 19مئی ۔ ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی کےزیرصدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینیجمنٹ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹرانجم بلوچ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹرنصراللہ لانگو DM پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمداقبال نورزئی انچارج آرایچ سی مندے حاجی ڈاکٹر فدا بلوچ ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کے آفتاب دہوارڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر محمدطاہرڈسٹرکٹ میڈیسن اسٹور انچارج ڈاکٹر وسیم لانگو پاپولیشن آفیسرمحمداعظم نے شرکت کی اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف کی حاضریاں ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی کمی ڈاکٹروں کی ٹرانسفرپوسٹنگ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی میڈیکل کیمپ کا انعقاد بی ایچ یوز میں ایمبولینسز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی اور دیگر امور سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ڈپٹی کمشنرمنیراحمددرانی نے کہاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیئے لوگوں کا صحت مندہونا ضروری ہےڈاکٹرز اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف اپنے جائے تعیناتیوں پر حاضری یقینی بنائیں غفلت اور لاپروائی کسی صورت قابل قبول نہیں کی جائیگی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ قلات محکمہ صحت قلات سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا صحت کے شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجا ئیگا ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4184/2026
قلعہ عبداللہ 19مئی ۔ ڈی سی قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے میزئی اڈہ تا پائیزئی سیدان روڈ پر جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل محمد کاکڑ اور بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس دوران متعلقہ افسران نے سڑک کی تعمیر، کام کی معیار اور پیش رفت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ کے ایس ڈی او روڈ قلعہ عبداللہ فیصل کاکڑ اور ایس ڈی او روڈ اسلم کاکڑ نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی مراحل اور درپیش امور کے بارے میں تفصیلی طور پر معلومات فراہم کی گئیں ڈی سی نے جاری کام کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی معیار کو مزید بہتر بنانے اور منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہے، اور حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری انفراسٹرکچر میسر آسکے۔ اس موقع وہاں موجود علاقہ مکینوں نے بھی سڑک کی تعمیراتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی تکمیل سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی اور مقامی لوگوں کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4185/2026
استا محمد /گنداخہ19مئی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلع استا محمد کی تحصیل گنداخہ میں ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کے فوری و موثر حل کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنانا تھا کھلی کچہری میں ونگ کمانڈر کرنل رضوان طیب ،ضلعی افسران، منتخب نمائندگان، قبائلی عمائدین، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی کے اراکین اور گنداخہ کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل تفصیل سے بیان کیے اور مختلف تجاویز و مطالبات پیش کیےشرکاء کی جانب سے خصوصاً زرعی پانی کی فراہمی کے مسائل پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ کھیرتھر کینال سمیت اس کی ذیلی ڈسٹریبیوٹریز اور مائنرز کی فوری صفائی کروائی جائے تاکہ کاشتکاروں کو بروقت اور منصفانہ پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے مزید برآں غیر قانونی واٹر کورسز، ناجائز مشینری اور غیر قانونی پانی کے راستوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی درخواست کی گئیعوام نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیف اللہ مگسی کینال سے گنداخہ کو پانی فراہم کرنے والے موجودہ پمپ کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں پارکس، کرکٹ گراونڈ، گرلز و بوائز کالجز کے قیام اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا شرکاء نے علاقائی رابطہ سڑکوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نوشکی تا پتوجہ سندھ روڈ اور جانان تا امام بخش سندھ بارڈر روڈ کی تعمیر کے مطالبات بھی پیش کیے مزید برآں آر ایچ سی گنداخہ اور فائر بریگیڈ آفس کے زیرِ تکمیل منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال نے تمام شرکائ کے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری، موثر اور عملی اقدامات کیے جائیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4186/2026
تربت/تمپ: 19 مئی ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے تحصیل مند کی یونین کونسل مند میں ڈپتھیریا (خناق) سے بچاو کے حوالے سے جاری آوٹ بریک رسپانس سرگرمیوں کا دورہ کیا اور محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں میں جاری ویکسینیشن اور آگاہی مہم کی نگرانی بھی کی۔ڈاکٹر نوروز یعقوب نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سورو مند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد اور اساتذہ کرام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ڈپتھیریا سے بچاو کیلئے حفاظتی ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سورو مند کا دورہ کیا، جہاں ہیڈ مسٹریس حمیرا وہاب اور اسکول اسٹاف کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالبات کو ڈپتھیریا سے بچاو، حفاظتی تدابیر اور ویکسینیشن کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر طالبات نے رضا مندی کے ساتھ ویکسینیشن میں حصہ لیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نوروز یعقوب نے ہیڈ مسٹریس حمیرا وہاب اور اسکول انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اور اداروں کے تعاون سے متعدی بیماریوں کے پھیلاو کی موثر روک تھام ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4187/2026
کوہلو 19 مئی۔پائٹ کے زیر اہتمام بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن کے کمیونٹی اساتذہ کے لیے منعقدہ 8 روزہ پیڈاگوجی اور فاونڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومریسی تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر گورنمنٹ انٹر گرلز کالج کوہلو میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ تھے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کمیونٹی اساتذہ کی لگن، محنت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں تربیت یافتہ، باصلاحیت اور پرعزم اساتذہ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی میدان میں جدید طریقہ کار، پیشہ ورانہ مہارت اور موثر تدریسی صلاحیتیں طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے اور اسکولوں میں مثبت و موثر تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور قوم کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کی مسلسل تربیت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ تربیتی ورکشاپ میں حاصل کردہ علم اور تجربات کو اساتذہ عملی تدریسی عمل میں بروئے کار لاتے ہوئے کمیونٹی اسکولوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں موثر کردار ادا کریں گے اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پائٹ عبد الحمید جعفر نے تربیتی مرکز میں اساتذہ کی بھرپور شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی اساتذہ کا جذبہ اور ذمہ دارانہ کردار معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا تقریب کے دوران تربیتی ورکشاپ میں شریک اساتذہ نے آٹھ روزہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علمی، تدریسی اور پیشہ ورانہ تجربات اور فوائد کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس تربیت سے ان کی تدریسی صلاحیتوں، کلاس روم مینجمنٹ، جدید تدریسی طریقہ کار اور طلبہ کی بنیادی خواندگی و حسابی مہارتوں کو بہتر انداز میں فروغ دینے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب کے اختتام پر تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ سپر وائزر بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن یوسف مری نے ڈپٹی کمشنر کوہلو، ڈپٹی ڈائریکٹر پائٹ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ٹرینرز اور دیگر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی ہیں اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر پائٹ عبد الحمید جعفر ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفر خان زرکون، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم بہرام کالکانی، ڈی ایم اے، آر ٹی ایس ایم سائرہ بگٹی، پائٹ کے ٹرینرز محمد عارف کاکڑ، عمیر خان، عبدالحق زرکون، ڈسٹرکٹ سپر وائزر بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن یوسف مری سمیت دیگر نے شرکت کی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4188/2026
جعفرآباد19مئی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام محکموں کے ضلعی افسران اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اسکیموں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت، آبنوشی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں بہتری لائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع جعفرآباد میں جاری ترقیاتی کاموں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تمام افسران اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کو درپیش مسائل، انتظامی چیلنجز اور ان کے حل کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض انجام دینے کی ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر 2026/4189
گوادر 19 مئی: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مینا بازار کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا۔ مینا بازار میں عوام کو رعایتی نرخوں پر مختلف اشیاء دستیاب ہوں گی۔
خبر نامہ نمبر 4190/2026
کوئٹہ 19مئی:۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں 115 منی پیٹرول پمپس سیل کرکے 93 افراد کو گرفتار اور جیل منتقل کردیے گئے تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے شہر بھر میں مہنگے داموں پیٹرول فروخت کرنے والے منی پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائیاں کیں اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے گوالمنڈی چوک، سرکی روڈ، پشتون آباد، اے ون سٹی اور اڈہ میں کارروائیاں کیں۔اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری نے کچلاک بازار، چمن روڈ، زیارت روڈ اور بلیلی میں کارروائیاں کیں۔اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور اچکزئی اور اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے بھوسہ منڈی، سیٹلائٹ ٹاؤن، غوث آباد، سریاب روڈ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں۔اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی اور اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے نواں کلی، ائیرپورٹ روڈ، عالمو اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی کو بھی عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر نامہ نمبر 2026/4191
کوئٹہ 19مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہزارہ کلچر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔پروگرام میں ہزارہ برادری کی ثقافت، روایات اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی اسٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ بلوچستان مختلف ثقافتوں اور روایات کا گہوارہ ہے اور ہزارہ برادری نے صوبے کی سماجی و ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی پروگرام باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے وہاں موجود ثقافتی اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور منتظمین کی جانب سے ثقافت کے فروغ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔پروگرام میں قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات، نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
خبر نامہ نمبر 2026/4192
کوئٹہ، 19 مئی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پولیٹیکل فلاسفی کے تناظر میں مخلوط حکومت کو حقیقی جمہوریت کے عملی اظہار کے طور پر دیکھا جاتا ہے کیونکہ یہ عوامی حقوق اور مفادات کی وسیع نمائندگی کو یقینی بناتی ہے۔ بلوچستان کی مخلوط صوبائی حکومت میں ہم اتحادیوں کے درمیان انصاف اور مساوات کو یقینی بنا کر جمہور کی جمہوریت کو برقرار رکھیں گے اور پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان پارلیمانی نمائندگی بالخصوص صوبائی بجٹ کی تقسیم میں مساوی حصہ مختص کریں گے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر پارٹنر کی آواز سنی جائے تاکہ ہر حلقے کی ترقیاتی ضروریات کو متوازن بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی پارلیمنٹرینز اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے گورنر ہاؤس کوئٹہ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ متوازن اور یکساں تعمیر و ترقی پر یقین رکھتے ہیں ۔ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرتا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے عام آدمی کو مستفید کرنا اشد ضروری ہے ۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام کے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیاست قیادت کی عوام کی خدمت اور درست نمائندگی سے مشروط ہے ۔
خبر نامہ نمبر 2026/4193
چمن18 مئی :ـڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس ہال میں انسداد پولیو مہم SNID مئی 2026 کے حوالے سے ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں این اسٹاپ آفیسر سمیت محکمہ صحت کے متعلقہ افسران یو سی ایم اوز اور مانیٹرز نے شرکت کی اجلاس کے دوران ضلع چمن میں جاری مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہر یونین کونسل کی پیش رفت، درپیش مسائل اور کوریج کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر ڈی سی چمن نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر تک تمام بچوں کو پولیو ویکسین ہر حال میں پلائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوط کیا جائے انہوں نے زور دیا کہ فیلڈ ٹیمیں اپنی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی اور محنت سے ادا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران درپیش رکاوٹوں کو پیشہ ورانہ مہارت سے حل کیا جائے مائیکرو پلاننگ کو مؤثر بنایا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے بچوں کی مستقبل کو تابناک روشن اور محفوظ بنانے کیلئے حائل رکاوٹوں کو عبور کرنے کیلئے مستقل مزاجی اور شائستگی سے اپنے کام کو جاری و ساری رکھتے ہیں ہمیں ایسے جذبوں کی ضرورت ہے جس سے قومیں راج کرتی ہیں
خبر نامہ نمبر 2026/4194
کوئٹہ 19مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت جاری انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کا ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی، رہ جانے والے بچوں تک رسائی اور فیلڈ میں درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر، ای او سی نمائندگان، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، مانیٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ادارے اور ٹیمیں مکمل تعاون اور محنت سے مہم کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ انکاری والدین اور مسنگ چلڈرنز پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پولیو کے حوالے سے تمام اہداف حاصل کی جا سکے۔
خبر نامہ نمبر 2026/4195
گوادر 19 مئی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن، پائیدار ترقیاتی پالیسی اور مقامی آبادی کی سماجی و معاشی بہتری کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت جوائنٹ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی (JDDC) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت بلوچستان کے تعاون سے ڈی آر ایس پی کے تحت جاری رائز پراجیکٹ (RISE Project) کی سرگرمیوں، ترقیاتی اقدامات اور مختلف جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شیخ مختار، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان، کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز (CBOs)، سول سوسائٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر زبیر ہوتھ نے رائز پراجیکٹ پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں جاری سرگرمیوں، فلاحی اقدامات، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت مقامی آبادی کو معاشی استحکام، روزگار کے بہتر مواقع، سماجی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف عملی اقدامات جاری ہیں۔اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت، مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، شفافیت، گورننس، کمیونٹی شمولیت اور حکومت بلوچستان کی ترقیاتی ترجیحات و منظور شدہ ایس او پیز کے مطابق سرگرمیوں کے مؤثر نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی شمولیت، بین الادارہ تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، غربت کے خاتمے، پائیدار ترقی اور مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ گوادر ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔اجلاس کے شرکاء نے ضلع گوادر میں سماجی و معاشی ترقی، کمیونٹی ایمپاورمنٹ، غربت میں کمی اور عوامی فلاحی اقدامات کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
خبرنامہ نمبر2026/4196
سبی 19 مئی:ـڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر قادر ہارون، سینیئر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افیسر میر گہرام لاشاری، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر جہانزیب، ڈی ایم پی پی ایچ آئی سعید علی بگٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں، آر ایچ سیز اور سی ڈیز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر قادر ہارون نے ضلع میں جاری طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران مستقل غیر حاضر اسٹاف کی تنخواہوں سے کٹوتی اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے گئے۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر جہانزیب نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی ایم پی پی ایچ آئی سعید علی بگٹی نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ماہ 10919 او پی ڈیز رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 37 ڈیلیوریز بھی کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایچ یو بستان زئی دورے کے دوران بند پایا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر سبی نے تمام عملے کی ایک ہفتے کی تنخواہ سے کٹوتی کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہیلتھ مراکز میں اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر2026/4197
سبی 19 مئی:ـڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، سینیئر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افیسر میر گہرام لاشاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عبدالستار لانگو، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر محمد طارق، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر مرزا عطہر بیگ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر میل لہڑی لیاقت علی لغاری، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر فیمیل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 129 دورے کیے گئے جن کے دوران 21 مرد و خواتین اساتذہ غیر حاضر جبکہ 24 اسکول بند پائے گئے۔ اجلاس کے دوران غیر حاضر خواتین و مرد اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے گئے جبکہ تمام بند اسکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں سے بھی کٹوتی کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی بندش اور غیر حاضری ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اسکولوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت تعلیمی معیار کی بہتری اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، لہٰذا تمام افسران اور اساتذہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں۔
خبرنامہ نمبر4198/2026
سبی 19 مئی:ـڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز سات مرلہ اور دیگر مختلف علاقوں کا فیلڈ دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف پولیو ٹیموں سے ملاقات کی اور مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کے پاس موجود ویکسین چیک کیں جبکہ ٹیموں کی ٹیلی شیٹس اور ریکارڈ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں موجود ٹیمیں انتہائی اہم ذمہ داری انجام دے رہی ہیں اور انہیں چاہیے کہ گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ والدین بھی انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹیموں کی موثر نگرانی جاری رکھی جائے اور مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں







