8th-April-2026

خبرنامہ نمبر2782/2026
کوئٹہ 8اپریل ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کے خصوصی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے چمن پھاٹک تا کوئلہ پھاٹک روڈ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا اس موقع پر چیف انجینئر ای اینڈ ایم ورکس ڈویژن مہر اللّٰہ جوگیزئی چیف انجینئر کوئیٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی ایس ای کوئیٹہ سٹی روڈز اظہر جان اور چیف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر سہراب مری کے علاؤہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے دورے کے دوران چیف انجینئر ای اینڈ ایم ورکس ڈویژن مہر اللّٰہ جوگیزئی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور جلد ہی اس منصوبے کو سو فیصد مکمل کیا جائے گا سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ منصوبے کے آخری مراحل کے جتنے بھی کام ہیں انہیں ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے متعلقہ منصوبے کے تین پوائنٹس کوئلہ پھاٹک پشین سٹاپ اور چمن پھاٹک کے ایریاز کو مذید وسیع کیا جائے تاکہ شہر کے گنجان آبادی والے علاقے میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آجائے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ مذکورہ منصوبے پر میعار کا خاص خیال رکھا جائے اور اس حوالے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے اور یہ بہترین کارکردگی اس وقت ہوگی کہ جب ان منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ سے بھی پہلے مکمل کیا جائے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے مذید کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے بھی یہی ہدایات ہیں کہ اس منصوبے کو جلد از مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ٹریفک کے مساہل سے چھٹکارا حاصل ہو اور شہر کی آبادی کو اپنے منزل مقصود تک پہنچنے میں کوئی دشواری نا ہو۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2785/2026
کوہلو 8 اپریل ۔ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو کا دورہ کیا دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اصغر مری نے کمشنر کو ہسپتال کے انتظامی و طبی امور پر تفصیلی بریفنگ دی، کمشنر نے مختلف شعبوں کا دورہ کیا طبی سہولیات اور ادویات کے دستیابی کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن نے عوام کو بہترین اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان کی وژن کے تحت شہریوں کو ان کی دہلیز پر صحت کے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ہسپتال میں ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل عملہ کی جلد بھرتی عمل میں لاکر عملے کی کمی کا مسئلہ دور کیا جائے گا اس موقع پر ہسپتال کو سولرائز کرنے کے اقدام پر کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر کوہلو اور متعلقہ حکام کو شاباشی دی، جبکہ ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات کے فراہمی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اصغر مری اور ضلعی ناظم صحت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر زمان مری، اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2787/2026
نصیرآباد8اپریل۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت سی آر سی جعفرآباد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم میں تعیناتی کے عمل سے متعلق شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شکایت کنندگان نے پیش ہو کر اپنی شکایات کمشنر کے روبرو پیش کیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفرآباد عائشہ بگٹی، وائس پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج خادم سلطان، پرنسپل گرلز ڈگری کالج سعدیہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن اعجاز علی ساسولی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران کمشنر نصیرآباد ڈویژن نے دیگر ممبران کے ہمراہ مرد و خواتین شکایت کنندگان کے مؤقف کو تفصیل سے سنا اور تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں محکمہ تعلیم میں تعیناتی کے عمل کو ہر صورت شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شکایت کنندگان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی شکایات کے ساتھ تمام متعلقہ شواہد فراہم کریں تاکہ فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ ضلعی سطح پر موصول ہونے والی شکایات کو ڈویژنل سطح پر سنا جائے تاکہ حقدارامیدواروں کو ان کا جائز حق دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈگریوں اور دیگر اسناد کی چھان بین کا عمل ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز کی نگرانی میں مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا تاکہ تعیناتی کے عمل میں کسی بھی قسم کی خامی باقی نہ رہے اور یہ عمل حقیقی معنوں میں شفافیت کے تقاضوں پر پورا اترے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2788/2026
قلعہ سیف اللہ 8اپریل۔گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلی بہاروالہ، قلعہ سیف اللہ میں داخلہ مہم اور آگاہی ریلی کا انعقادگورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلی بہاروالہ، ضلع قلعہ سیف اللہ میں “ہر گھر داخلہ مہم” کے سلسلے میں ایک بھرپور اور مؤثر آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کی قیادت ESP-UNICEF ٹیم ممبر محترمہ ثانیہ کاکڑ موسیٰ زئی نے کی، جن کی نگرانی میں اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور کمیونٹی ممبران نے فعال شرکت کی۔مہم کا آغاز ایک پُرجوش آگاہی ریلی سے ہوا، جس میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور “ہر بچہ اسکول جائے، روشن بلوچستان بنائے” جیسے بامقصد نعرے لگائے۔ ریلی کا مقصد نہ صرف بچوں بلکہ والدین اور کمیونٹی میں بھی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ریلی کے بعد ڈور ٹو ڈور داخلہ مہم کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران ٹیم نے گاؤں کے ہر گھر کا دورہ کیا۔ اس دوران والدین، خصوصاً ماؤں سے ملاقات کی گئی اور انہیں بچوں، خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ والدین کو بتایا گیا کہ تعلیم نہ صرف بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ معاشرے کی ترقی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔مہم کے دوران اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی بھی گھر ایسا نہ رہے جہاں تعلیم کا پیغام نہ پہنچے۔ ہر دروازہ کھٹکھٹایا گیا اور ہر خاندان تک یہ پیغام پہنچایا گیا کہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا ان کی ذمہ داری ہے۔ خاص طور پر اس چھوٹے سے گاؤں کلی بہاروالہ میں، جہاں ماضی میں سماجی و معاشرتی رکاوٹوں کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے، اس مہم نے ایک نئی سوچ اور شعور کو جنم دیا۔اس موقع پر گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کی ہیڈ ٹیچر محترمہ گل بشرہ کاکڑ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف مہم میں عملی شرکت کی بلکہ طلبہ کو متحرک کرنے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور کمیونٹی کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔یہ تمام سرگرمیاں ESP-UNICEF کے پلیٹ فارم کے تحت “ہر گھر داخلہ مہم” کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھیں، جن کا بنیادی مقصد ہر بچے تک تعلیم کی رسائی کو ممکن بنانا اور والدین کو اپنے بچوں کے اسکول داخلے کے لیے آمادہ کرنا تھا۔آخر میں ESP-UNICEF ٹیم کی ان کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی مسلسل محنت اور لگن کے باعث تعلیم کا پیغام کامیابی کے ساتھ گاؤں کے ہر گھر تک پہنچایا گیا۔
۔۔۔

خبر نامہ نمبر2789/2026
لورالائی8ایریل۔ ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور شہری آبادی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے محکمہ زرعی انجینئرنگ نے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔محکمہ زرعی انجینئرنگ لورالائی کے آفیسر محمد گل خروٹی کے مطابق مشینری اینڈ مکینیکل ڈویژن (ایم ایم ڈی) کی جانب سے مختلف نشیبی علاقوں، جن میں عمکزئی، نگانگہ، منارہ اور درگئی کاکڑان شامل ہیں، میں سیلابی ریلوں کا رخ موڑنے اور آبادیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی بندات کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پیشگی اقدامات کے تحت بھاری مشینری متاثرہ اور حساس علاقوں میں منتقل کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ سیلابی گزرگاہوں میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔محمد گل خروٹی نے مزید کہا کہ محکمہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور سیلابی ریلوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ انسانی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ فوری رسپانس کیلئے مشینری اور عملے کو ہمہ وقت متحرک رکھا گیا ہے۔ادھر مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے ممکنہ نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو بھی ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2790/2026
کوئٹہ 8اپریل۔سنٹرل پولیس آفس بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عبد العزیز جھکرانی ایس پی رینج انویسٹیگیشن برانچ کوئٹہ کو ایکٹنگ ایس ایس پی سیکورٹی ڈویژن کوئٹہ تعینات کیا جبکہ کمانڈنٹ سی پی سی کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔اسی طرح ایکٹنگ ایس ڈی پی او دکی محمد آصف خجک کو ایکٹنگ ایس ڈی پی او بختیار آباد تعینات کیا گیا، ایکٹنگ ایس ڈی پی او بارکھان مولا دادکنرانی کو ایکٹنگ ڈی ایس پی ٹریفک جعفر آباد تعینات کیا گیا ۔ محمد علی کانجییہ کو ایکٹنگ ایس ڈی پی او بارکھان تعینات کیا گیا ہے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 2780/2026
کوئٹہ 8اپریل ۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہےانہوں نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دانشمندانہ سفارت کاری اور مؤثر قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی مدبرانہ حکمت عملی نے جنگ بندی کی راہ ہموار کی، یہ وہ کارنامہ ہے جو تاریخ کے اوراق میں ایک روشن سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو خطے میں پائیدار امن کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سفارتی محاذ پر بہترین کارکردگی دکھائی گئی۔ اسی طرح فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ بصیرت اور متوازن عسکری حکمت عملی نے ان سفارتی کوششوں کو مزید تقویت بخشی۔ وزیر برائے پی ایچ اےی نے کہا کہ اسلام آباد میں 10 اپریل کو ہونے والے مذاکرات دیرپا استحکام کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے، اور یہ تاریخ امن کے باب میں ایک قابلِ قدر اضافہ سمجھی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری بھی پاکستان کی موثر حکمت عملی کو تسلیم کر چکی ہے اور یہی اقدامات خطے کو بے امنی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عبوری جنگ بندی مستقل امن کی بنیاد بنے گی اور متاثرہ علاقوں میں استحکام اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2781/2026
کوئٹہ8اپریل۔ صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ اور صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو نے معروف قبائلی و سماجی شخصیت نوابزادہ جمیل بگٹی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا مرحوم کی سماجی خدمات اور علاقے کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ اور صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
۔۔۔

خبرنامہ2783/2026
کوئٹہ 8 اپریل ۔سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک بلوچستان لوکل کونسلز کے لیے مجوزہ ڈرافٹ ماڈل ٹیکس شیڈول کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی ، چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن نظر زہری، خادم حسین سمیت محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کی دفعہ 115 کے تحت تیار کردہ ڈرافٹ ماڈل ٹیکس شیڈول پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے ڈرافٹ ٹیکس شیڈول پر جامع پریزنٹیشن بھی دی گئی، جس میں مجوزہ ٹیکسز، ان کے نفاذ کے طریقہ کار، اور لوکل کونسلز کی مالی خودمختاری کو مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مالی طور پر مستحکم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس شیڈول کو اس انداز میں مرتب کیا جائے کہ نہ صرف مقامی حکومتوں کی آمدن میں اضافہ ہو بلکہ عوام پر غیر ضروری بوجھ بھی نہ پڑے۔اجلاس کے دوران سابقہ نوٹیفکیشنز اور ٹیکس پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا گیا، اور ان پر تفصیلی بحث کی گئی تاکہ نئی پالیسی کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں حتمی شکل دے کر متعلقہ فورم پر جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔سیکرٹری بلدیات نے ہدایت کی کہ تمام تجاویز کو عملی اور قابلِ عمل بنایا جائے، تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید فعال، شفاف اور عوام دوست بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں مضبوط بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ڈرافٹ ماڈل ٹیکس شیڈول کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر نافذ العمل بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں گے، تاکہ لوکل گورننس کے نظام کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 2784/2026
قلعہ سیف اللہ8اپریل۔ ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو افسران ، مانیٹرنگ افسران اور مختلف ضلعی محکموں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 اپریل سے شروع ہونے والی پولیو مہم کی مؤثر تیاری کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مانیٹرنگ افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں جا کر ٹیموں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین سسٹم، اور ٹیموں کی بروقت روانگی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی کہ پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دور دراز اور مشکل رسائی والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، اور وہاں اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور لگن کے ساتھ ادا کریں تاکہ قلعہ سیف اللہ کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2786/2026
قلعہ سیف اللہ8اپریل۔ اسسٹنٹ کمشنر کا گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج قلعہ سیف اللہ کا تفصیلی دورہ اسسٹنٹ کمشنر قلعہ سیف اللہ عمران خان نے آج گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج قلعہ سیف اللہ کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کی پرنسپل محترمہ ذکیرا نورین سے ملاقات کی، جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران پرنسپل ذکیرا نورین نے کالج کی تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کی کارکردگی، امتحانی نتائج اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود کالج انتظامیہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔اس موقع پر کالج کو درپیش مختلف مسائل بھی اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے پیش کیے گئے، جن میں بنیادی سہولیات کی کمی، عمارت کی مرمت اور خاص طور پر ایک کمرے (جو ہال کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے) کی چھت کا ٹپکنا شامل تھا۔ پرنسپل نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث یہ مسئلہ مزید سنگین ہو گیا ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ طلبہ اور عملے کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر عمران نے کالج انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کالج کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی خصوصی طور پر چھت کے ٹپکنے کے مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کمرے کی چھت کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے اور طلبہ کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور صفائی، نظم و ضبط اور تدریسی ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔مزید برآں، اسسٹنٹ کمشنر نے حال ہی میں منعقد ہونے والے کامیاب اسٹڈی ٹور پر پرنسپل اور کالج انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس اقدام کو طلبہ کی علمی و فکری نشوونما کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور اس طرح کی سرگرمیوں کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کی۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر2791/2026
کوئٹہ، 8 اپریل ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امریکہ اور ایران کے مابین سیز فائر کے قیام پر قومی قیادت، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام میں موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مدبرانہ قومی قیادت نے نہ صرف بروقت اور دانشمندانہ فیصلے کیے بلکہ ملک کی سفارتی ساکھ کو بھی عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بروقت اقدامات نے پورے خطے کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال سفارت کاری نے عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ امن، استحکام اور مکالمہ ہی ہماری اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس متوازن سفارتی حکمت عملی کے نتیجے میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی خطے میں مستقل قیام امن کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف مکمل جنگ بندی ممکن ہوگی بلکہ پائیدار امن کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے موثر بیانیے، دانشمندانہ فیصلوں اور عالمی اعتماد کا مظہر ہے، جسے تاریخ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہے گا انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں ایک قابل تقلید مثال بن چکی ہیں اور ملک نے عالمی سطح پر قیام امن کے لیے ایک ذمہ دار اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کو ایک بڑے تصادم سے بچانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کاوشیں مستقبل میں بھی تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کرتی رہیں گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں معاون ثابت ہوں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2792/2026
کوئٹہ، 8 اپریل ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس سے متعلق حکومتی اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس ایک ماہ کے لیے معاف کر دی گئی ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ رعایت صرف ٹرانسفر فیس تک محدود ہوگی جبکہ رجسٹریشن فیس بدستور برقرار رہے گی۔ حکومت کا یہ اقدام عوامی سہولت اور معاشی بوجھ میں کمی کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹرانسفر فیس میں عارضی معافی کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو فیول سبسڈی کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس حکومتی اقدام سے مستفید ہو سکیں انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت منتقلی اپنے نام کروائیں تاکہ حکومتی سبسڈی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2793/2026
کوئٹہ، 8 اپریل ۔ حکومت بلوچستان نے صوبے میں آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے لیے آرٹسٹ ویلفیئر انڈومنٹ فنڈ میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں فنڈ کی رقم کو مرحلہ وار دگنا کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آرٹسٹ نمائندہ وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں فنکاروں کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گریڈ 16 سے کم سرکاری ملازم آرٹسٹوں کی مالی معاونت بلوچستان آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بدستور جاری رکھی جائے گی تاکہ مستحق فنکاروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کے آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور حکومت فنکار برادری کی سرپرستی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ثقافتی ورثہ امن، رواداری اور محبت کا آئینہ دار ہے اور فنکار اس مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں انہوں نے فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے بلوچستان کا حقیقی اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں اور یہ باور کرائیں کہ بلوچستان دہشت گردی نہیں بلکہ امن، ثقافت اور محبت کی سرزمین ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آرٹسٹ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کی مثبت تاریخی شناخت کو عالمی سطح پر متعارف کرائیں۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے فنکاروں نے معیاری ڈراموں کے ذریعے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں بلوچستان کا نام روشن کیا، اور آج بھی ایسے معیاری اور اخلاقی اقدار پر مبنی ڈرامے صوبے کے پائیدار ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فنکار اس سمت میں کام کریں، حکومت بلوچستان انہیں ہر ممکن تعاون اور سرپرستی فراہم کرے گی اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری کلچر سمیت آرٹسٹ نمائندگان نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2794/2026
کوئٹہ، 8 اپریل ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو یہاں لوکل گورنمنٹ یونین کونسلز کے چیئرمینز اور نمائندگان نے ملاقات کی جس میں یونین کونسلز کی سطح پر درپیش چیلنجز اور مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یونین کونسلز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے کیمٹی مسائل کا جامع جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور یونین کونسلز نمائندگان کو درپیش امور کا تفصیلی تجزیہ کرتے ہوئے قابل عمل سفارشات مرتب کرے گی تاکہ نچلی سطح پر مسائل کے موثر حل کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یونین کونسلز کے جائز مسائل کے حل کیلئے موثر اور قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ نمائندگان کی جانب سے پیش کردہ متعدد مطالبات پر حکومت پہلے ہی پیش رفت کر رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جائے گا جو عملی طور پر پورا نہ کیا جا سکے، تاہم تمام جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2795/2026
تربت 8 اپریل ۔: کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو خاتمہ (نیشنل امیونائزیشن ڈے، 13اپریل 2026) اور ڈویژنل ہیلتھ کمیٹی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ(بزریعہ آن لائن)، ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون( بزریعہ آن لائن)،پرنسپل مکران میڈیکل کالج تربت ڈاکٹر افضل خالق اور ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز مکران ڈاکٹر محب اللہ بلوچ متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان، ، سمیت ہیلتھ ٹیموں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں 13 اپریل 2026 کو منعقد ہونے والے نیشنل امیونائزیشن ڈے (NID) کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پولیو مہم کے دوران درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر مکران ڈویژن نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور افسران کو ہدایت جاری کی کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بین الادارہ جاتی رابطہ مزید موثر بنایا جائے۔اجلاس میں معاہدے کی بنیاد پر کام کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ توسیع صرف کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر دی جائے گی۔کمشنر مکران ڈویژن نے اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ افسران اور ہیلتھ ٹیموں کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کی تیاریوں میں مکمل سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ مہم کو بروقت اور موثر انداز میں کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2796/2026
کوئٹہ 8اپریل۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ماسٹر پلان کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ ماسٹر پلان ،سروے،ڈیجٹل مارکنگ ،جیو ٹیکنکل ٹیسٹنگ اور ڈیجلائزیشن کے عمل اورشہر کی مستقبل کی ترقی، توسیع اور بنیادی مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ کیو ڈی اے اور متعلقہ کنسلٹنٹ فرم کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کنسلٹنٹ فرم کی جانب سے کوئٹہ ماسٹر پلان میں شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی، لینڈ سروے رپورٹ، ڈیجیٹل میپنگ انفارمیشن سسٹم، فیلڈ سروے کے نتائج، شہری حدود بندی، لینڈ یوٹیلائزیشن اور سڑکوں، سیوریج و ڈرینیج نظام کی بہتری جیسے اہم نکات پر جامع بریفنگ دی گئی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے متعلقہ فرم کو ہدایت دی کہ تمام اقدامات جلد حتمی شکل دیکر پیش کریں تاکہ ماسٹر پلان پر بروقت عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ شہر کی منصوبہ بندی آبادی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قابل عمل پلان ترتیب دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو مرکزی شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ شہر کے اندر بڑھتے ہوئےٹریفک اور رش کے دباو کو کم کیا جا سکے۔اجلاس میں کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پانی کی قلت اور دیگر شہری مسائل کوئٹہ کو درپیش بڑے چیلنجز ہیں، لہٰذا ماسٹر پلان میں ان کے پائیدار حل کو ترجیح دی جائے۔ اس سلسلے میں شارٹ ٹرم منصوبوں پر فوری عملدرآمد اور مڈ ٹرم و لانگ ٹرم منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ ایک جامع ماسٹر پلان کے ذریعے کوئٹہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس سے شہری سہولیات میں بہتری، منظم توسیع اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی موجودہ ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ مستقبل میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری دباو¿ سے نمٹنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2797/2026
کوئٹہ8اپریل۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کرایوں پر نظر ثانی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ علی درانی سمیت ممتاز ٹرانسپورٹرز حاجی میر دولت لہڑی، حاجی میر حکمت لہڑی حاجی عبداللہ ناصر، حاجی جمعہ خان سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں ممکنہ اضافے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے کوئٹہ ڈویژن میں درپیش اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اور کرایوں کے تعین سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر فی کلومیٹر کرایہ ریٹ کی ازسرنو تجدید کی جائے جبکہ کرایوں میں اضافے سے متعلق سفارشات مشاورت کے بعد مرتب کر کے پیش کی جائیں۔ اجلاس میں ایرانی تیل کے استعمال سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی اور اس حوالے سے جاری ریگولیشن کے عمل پر بھی غورو خوض ہوا۔کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز کی تمام تجاویز اور مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور قابلِ عمل نکات پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایسا قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے گا جس سے عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں اور بلاجواز کارروائیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت دی گئی کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کر کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2798/2026
کوئٹہ8 اپریل ۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر میں بی ایف اے بورڈ کا بارہواں اجلاس صوبائی وزیر کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی ، صوبائی سیکرٹری کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارشد حسین بگٹی، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان، چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت بورڈ کے معزز اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مختلف ایجنڈا نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ناقص اور مضر صحت خوراک کے خاتمے کے لیے آئندہ حکمت عملی، انسپیکشن نظام کی بہتری، جدید لیبارٹری سہولیات کی فراہمی اور عوامی آگاہی مہمات کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے دوران ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ وصولیوں اور بجٹ تخمینوں کے ساتھ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے آمدن اور بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ بی ایف اے کے تکنیکی عملے کے کنٹریکٹس میں توسیع اور صوبے کے ڈویڑنل و ضلعی سطح پر بی ایف اے دفاتر کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بل بورڈز اور ڈیجیٹل اسکرینز کی تنصیب، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر انجمن تاجران اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور فوڈ سیفٹی قوانین کے نفاذ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص اور ملاوٹی خوراک کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں تاہم اس میں عوام کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کہیں بھی ناقص یا ملاوٹی خوراک کی نشاندہی کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2799/2026
بارکھان8 اپریل ۔ کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن بارکھان تا رکھنی روڈ کے ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لینے پہنچ گئےوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی نے بارکھان تا رکھنی زیرِ تعمیر اہم شاہراہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کے ساتھ متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر زرغون کنسٹرکشن کمپنی ظفر علی کھوسہ نے کمشنر کو منصوبے کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال، درپیش چیلنجز اور تکمیل کے شیڈول سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے سڑک کے مختلف حصوں کا موقع پر معائنہ کیا اور کام کے معیار، رفتار اور میٹریل کے استعمال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔کمشنر نے کام کی سست روی اور ناقص پیش رفت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ٹھیکیدار و متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبہ ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور محفوظ سفری سہولت میسر ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بارکھان تا رکھنی روڈ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور اس کی بروقت تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو روزانہ مانیٹرنگ کی ہدایت دی اور معیار پر کسی قسم کے سمجھوتے کی سختی سے ممانعت کی۔آخر میں کمشنر نے عوام کے لیے حقیقی ریلیف اور علاقے میں ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور بروقت تکمیل کے ساتھ مکمل کیے جاائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2800/2026
کوئٹہ 8اپریل ۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محنت و افرادی قوت کا اجلاس زابد علی ریکی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں دو بلز پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں اراکین اسمبلی خیر جان بلوچ اور فضل قادر مندوخیل کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی قوت نیاز احمد نچاری، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن اور محکمہ قانون کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران دو اہم مسودہ قوانین زیر غور آئے۔ پہلا مسودہ قانون “بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ترمیمی بل 2026” تھا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس ترمیم کا مقصد صوبہ بھر میں قائم تمام تکنیکی تعلیمی اور فنی تربیتی اداروں کو بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (BTEVTA) کے عملی کنٹرول میں لانا اور انہیں محکمہ محنت و افرادی قوت کے انتظامی دائرہ اختیار کے تحت منظم کرنا ہے۔مزید برآں، بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ وہ ملازمین جو بطور سول سرونٹس اپنی موجودہ شرائط و ضوابط پر کام جاری رکھنے کا انتخاب کریں گے، ان کے حقوق بلوچستان سول سرونٹس ایکٹ 1974 کے تحت مکمل طور پر محفوظ رہیں گے اور ان کی باہمی سنیارٹی برقرار رکھی جائے گی۔ تاہم، ریٹائرمنٹ اور ترقی کے عمل کی تکمیل کے بعد متعلقہ آسامیاں مرحلہ وار ختم ہو جائیں گی اور مستقبل میں یہ اسامیاں BTEVTA کے تحت پبلک سروس ڈھانچے میں منتقل ہو جائیں گی۔اجلاس میں زیر غور دوسرا مسودہ قانون بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن بل 2026 تھا۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ اس بل کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام عمل میں لانا ہے۔ یہ کمیشن سرکاری اداروں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے، ان کی تجاویز کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور اس سلسلے میں دیگر متعلقہ امور کو نمٹانے کا ذمہ دار ہوگا۔کمیٹی اراکین نے دونوں مسودہ قوانین کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں مزید موثر اور قابلِ عمل بنانے کے لیے اپنی آراء و تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے موثر قانون سازی کو یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2801/2026
کوئٹہ8 اپریل۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی دراصل بین الاقوامی سفارت کاری میں پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی دور اندیش قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدمی میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس جنگ بندی کے ذریعے پاکستان نے نہ صرف پورے خطے کو تباہی سے بچایا بلکہ عالمی سطح پر سفارت کاری کی روشن مثال بھی قائم کی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کی موجودہ دانشمندانہ سفارتکاری کے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے جس کے نتیجے میں دیرپا امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں نکلیں گی۔ پاکستان کی یہ عظیم کامیابی مذاکرات، سفارت کاری اور تعاون کے چیمپئن کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو واضح کرتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ موجودہ جنگ بندی دراصل پورے خطے اور عالمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی سفارتی کولاوشوں کو اجاگر کرتی ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے اور دیرپا امن و سلامتی کی راہ ہموار کرنے پر ہمیں پاکستان کے پرامن کردار پر فخر ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ عارضی جنگ بندی، امن اور مذاکرات کا آغاز ہے تاہم پاکستان کی مسلسل سفارت کاری اور دانشمندی سے تمام فریق اعتماد کے ساتھ روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایران اور عرب ممالک کے عوام میں امن و سکون آیا ہے۔ یہ ہمارے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے وڑن اور مدبرانہ قیادت کا بہت بڑا ثبوت ہے جنہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ مشکل ترین وقت میں بھی سفارت کاری غالب آ سکتی ہے۔ موجودہ جنگ بندی ایک پرامن مستقبل کی امید کی کرن ہے اور ہم اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2802/2026
کوئٹہ:8اپریل ۔ بلوچستان حکومت نے گزشتہ ماہ ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں شہید ہونے والے نائب تحصیلدار شیردل ابڑو کو باضابطہ طور پر شہید قرار دیکر شہید کے بیٹے محمد علی ابڑو کو شہید کوٹہ کے تحت نائب تحصیلدار کی ملازمت کا تقرری آرڈر جاری کر دیا،جبکہ 50 لاکھ روپے کا مالی امدادی چیک بھی پیش کیا گیا گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبید گورگیج سمیت دیگرنے شہید کے لواحقین سے ملاقات کی ملاقات کے دوران صوبائی وزرائ اور اراکین اسمبلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی جس کے بعد شہید کے بیٹے محمد علی ابڑو کو شہید کوٹہ کے تحت نائب تحصیلدار کی ملازمت کا تقرری آرڈر اور مالی امداد کا چیک بھی پیش کیا اس موقع پر صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ شہید شیردل ابڑو نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے بلوچستان حکومت شہداءکے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2803/2026
کوئٹہ 8اپریل۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کوئٹہ کو ماڈل شہر بنانے کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن زاہد خان کی ہدایات پر جوائنٹ روڈ پر انسدادِ تجاوزات کے حوالے سے مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ان کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات ہٹادی گئیں،جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی اور پیدل چلنے والوں کو سہولت ملی۔آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنرز، انسدادِ تجاوزات انچارج علی رضا اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے موقع پر نگرانی کی۔ اس موقع پر ریڑھی بانوں کو بھی ہٹا کر مختص مقامات پر منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور نظم و ضبط کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی،جبکہ شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2804/2026
قلات 8اپریل ۔ ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی کے ِزیرصدارت پولیومہم کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد ہوااجلاس میں DHO ڈاکٹرانجم بلوچ DM پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ ڈبلیو ایچ او قلات کے ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر DPOڈاکٹر مجتبی باجوئی اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی ایچ او نے ڈپٹی کمشنر کو آنے والے پولیو مہم کی تیاریوں مائیکروپلان روٹ میپ پولیو ٹیموں کی تشکیل ٹیم ٹریننگ مانیٹرنگ آفیسران کی ٹریننگ سمیت درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دی ڈپٹی کمشنرمنیراحمددرانی نے کہاکہ پولیو ایک قومی مہم ہےاسے کامیاب بنانے کے لیئے مل کرکام کرناہے مہم میں کسی قسم کی کوتاہی براشت نہیں کی جائیگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2805/2026
لورالائی8اپریل ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے احکامات اور چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر جبکہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر بروقت قابو پا لیا گیا ہے۔ شہر میں ندی نالوں کی صفائی، کچرے کی بروقت اٹھان اور سڑکوں پر جھاڑو کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ میونسپل کمیٹی کا عملہ شہر کے مختلف زونز میں متحرک ہے اور مسلسل صفائی کے کام انجام دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں کاشف زون کے پہاڑی محلہ ڈاکخانہ گلی میں نالیوں کی صفائی اور کچرے کی نکاسی کی گئی، جبکہ باران زون میں سپلائی گودام کے اطراف صفائی مہم جاری رہی۔ اسی طرح خالو زون کے دوبیگاٹ محلہ جلال افغان وارڈ میں کچرے کی صفائی کی گئی، جبکہ سلیم داد ولی کمپلینٹ زون کے ہزارہ محلہ میں نالیوں کی صفائی کا کام مکمل کیا گیا۔ مزید برآں عجب زون میں ہاشم ہسپتال کے قریب نالیوں کی صفائی بھی عمل میں لائی گئی۔میونسپل کمیٹی کے عملہ صفائی نے شہر کے مختلف مقامات سے کچرا ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے اٹھا کر مناسب مقامات تک منتقل کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ پوری طرح متحرک ہے اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صفائی مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2806/2026
سبی 8 اپریل۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں انٹیگریٹڈ سروسز ڈلیوری (ISD) کے حوالے سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں ماں اور بچے کی صحت، نیوٹریشن، حفاظتی ٹیکہ جات، واش اور ایم این سی ایچ سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ سیمینار میں ونگ کمانڈرز کرنل زبیر اور کرنل عبدالمنان، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالقادر ہارون، ای او سی سے ڈاکٹر عزیز، ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر احسان، آئی ایس ڈی فیلڈ کوآرڈینیٹر میڈم بلقیس، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر شہزادہ کامران، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر صلاح الدین مری، آئی ایس ڈی کوآرڈینیٹر میر وائس خان سمیت علمائے کرام، قبائلی معتبرین اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت صحت، صفائی، غذائیت اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرامز کو موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور مقامی عمائدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں اور صحت کے دیگر عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر بچے تک حفاظتی ٹیکہ جات کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر احسان نے شرکائ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹیگریٹڈ سروسز ڈلیوری (ISD) پروگرام کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کے مختلف پہلووں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر زیادہ موثر اور جامع خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نیوٹریشن، امیونائزیشن، صاف پانی اور حفظانِ صحت سے متعلق سہولیات کو مربوط انداز میں عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ای او سی کے نمائندہ ڈاکٹر عزیز نے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کا موثر ذریعہ ہے اور اس حوالے سے والدین میں آگاہی پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے آئندہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 13 سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فیلڈ میں ٹیموں کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی کامیابی کے لیے تمام محکموں، علما کرام، قبائلی عمائدین اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے ماں اور بچے کی صحت کے پروگرامز کو مزید موثر بنائیں گے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر2807/2026
کوہلو 8 اپریل۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن، مجیب الرحمٰن قمبرانی نے دورہ کوہلو کے دوران گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ انٹر گرلز کالج کا تفصیلی معائنہ کیا انہوں نے کلاس رومز کا دورہ کر کے تدریسی عمل، اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا، جبکہ پینے کے صاف پانی، بیت الخلائ، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی بھی چیک کی۔ اس موقع پر کمشنر کو تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل پر بری فنگ دی گئی، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری اور پائیدار حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور لگن سے ادا کریں تاکہ طلبہ کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے، خصوصاً دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔دورے کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلو کو بھی سراہا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفر خان زرکون، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) حفیظ اللہ مری سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2808/2026
موسیٰ خیل 8 اپریل ۔ عوامی خدمت کا مشن ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کا ایک اور بڑا وعدہ وفا، سروند ندی پل پر کام کا آغازڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے شبوزئی روڈ سے وابستہ علاقوں کے مکینوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے سر وند ندی کے اہم پل کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے بارشوں اور ڈیم کے ریلوں کے باعث لوغئی، پرمزئی، چم، پستوکئ، تکڑی اینزئی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو درپیش سفری مشکلات کے خاتمے کے لیے ڈپٹی کمشنر کے ایک حکم نے دیرینہ مسئلے کو حل کر دیا۔ ان کی خصوصی ہدایت پر آج ڈپٹی ڈائریکٹر پروجیکٹ حاجی احمد سعید جعفر کی نگرانی میں مشینری نے پل کی بھرائی کا کام شروع کر دیا ہے انشاء اللہ یہ پل بہت جلد مکمل ہو کر عوام کی سہولت کے لیے کھل جائے گا جس سے علاقے میں تعمیر و ترقی اور رابطوں کا نیا دور شروع ہوگا۔ انتظامیہ کا عزم ہےکہ عوام کی راحت کے لیے ہر ممکن اقدام کا تسلسل جاری رہے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2809/2026
کوئٹہ، 8 اپریل ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے انٹرنیشنل کک باکسر نثار احمد نے یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی انجنیئر زمرک خان اچکزئی بھی موجود تھے ملاقات کے دوران نثار احمد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنے کھیل کے سفر، حاصل کردہ کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوان کھلاڑی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے کھیلوں کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے اس موقع پر نوجوان باکسر نثار احمد کی ہر ممکن معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھیلوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبر نامہ نمبر2810/2026
کوئٹہ8 اپریل:۔وزیراعلی بلوچستان کے مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم /وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شبابہ روز کاوشوں کی بدولت ایران امریکہ کے درمیان سیز فائر کروانے اور کامیاب خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران و امریکہ کی جنگ بندی کروا کر حالیہ سفارتی کوششوں کے ذریعے خطے کی سیاست کا رخ پاکستان کی جانب موڑ کر ایک اہم کامیابی حاصل کی جس کے مثبت اثرات پورے خطے میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ بدھ کو اپنے بیان میں نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان نے بروقت اور مؤثر اقدامات کئے جس کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی اور ایک ممکنہ بڑے بحران کو ٹالنے میں مدد ملی۔ انہوں نے اس پیشرفت کو پاکستان کی فعال، متوازن اور ذمہ دارانہ خارجہ پالیسی کا مظہر قرار دیا۔مشیر ماحولیات بلوچستان نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مؤثر حکمتِ عملی کلیدی ثابت ہوئی جن کی بصیرت نے دفاعی اور سفارتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا اور عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان قریبی رابطے نیپاکستان کو ایک مؤثر ثالث کے طور پرابھرنے میں مدد دی نسیم الرحمان ملاخیل نے کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی کی بدولت امریکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی اچھا فیصلہ ہے۔اس فیصلے میں پاکستان سمیت ترکی،چین اور دیگر دوست ممالک کی سفارت کاری کا اہم کردار رہا ہے اور پاکستان نے دوست ممالک کے ساتھ مل کر اپنی سفارتی اہمیت کو دنیا بھر میں منوایا ہے جس پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری و خارجہ پالیسی کا چرچا ہے جس سے ہمارے دشمن ممالک میں سوگ کا سماں ہے۔
خبر نامہ نمبر2811/2026
کوئٹہ 8 اپریل:۔صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک سے گذشتہ روز ان کی رہائش گاہ جتک ہاؤس آصف آباد میں رکن صوبائی اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور صوبے میں سیاسی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
خبر نامہ نمبر2812/2026
کوہلو 08 اپریل:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی دو روزہ دورے پر کوہلو پہنچے، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور صحت، تعلیم، پانی، زراعت، لائیو اسٹاک اور بلدیات سے متعلق بریفنگ دی جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کو سراہا گیا کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں، مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زراعت و لائیو اسٹاک کے شعبوں میں جدید طریقہ کار اپنانے، کسانوں اور مال مویشی پال حضرات کو سہولیات دینے، اور شجرکاری مہم کو تیز کرنے کے ساتھ درختوں کی نگہداشت یقینی بنانے پر زور دیا انہوں نے آر ایچ سی ماوند، کوہلو-سبی روڈ اور کوہلو-تمبو-مست توکلی روڈ سمیت اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان سے علاقے میں ترقی اور سہولیات میں بہتری آئے گی۔ مزید برآں، افسران کو ہدایت کی گئی کہ عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مسائل کے حل کو ترجیح دیں کمشنر نے سرکاری دفاتر کی مرمت و بحالی اور پرانی جیل کی تزئین و آرائش کے اقدامات کا بھی عندیہ دیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی و اقتصادی ترقی پر اعلیٰ سطحی اجلاس، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
خبر نامہ نمبر2813/2026
اسلام آباد/ گوادر۔ 8 اپریل۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک (CPEC) فیز ٹو کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری اور مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی ترقی (Industrialization)، معیشت کی مضبوطی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اقدامات پر خصوصی غور کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مشترکہ تعاون کمیٹی (JCC) کے تحت جاری منصوبوں، مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ورکنگ گروپس کی جانب سے آئندہ اہداف اور سفارشات بھی پیش کی گئیں۔سی پیک فیز ٹو کو پاکستان کی معاشی ترقی میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بعد اب توجہ صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، زرعی ترقی، ٹیکنالوجی، اور گرین ڈویلپمنٹ پر مرکوز ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی زونز کے قیام، برآمدات میں اضافے، اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے، جو پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ثمرات مل سکیں۔واضح رہے کہ سی پیک فیز ٹو میں“فائیو کوریڈورز”(Growth, Innovation, Green Development, Livelihood اور Regional Connectivity) کے تحت ترقیاتی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، جس کا مقصد پائیدار معاشی ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کر کے پاکستان کو صنعتی و تجارتی مرکز بنانے کے وژن کو حقیقت میں بدلا جائے گا۔
خبر نامہ نمبر2814/2026
بارکھان 08 اپریل:۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انتظامی امور اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کے امور اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دی گئی۔ تمام محکموں کو مقررہ مدت کے اندر اہداف مکمل کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ حکومتی رٹ اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

خبر نامہ نمبر2815/2026
گوادر8اپریل :۔ ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ ائی ڈاکٹر مرشد دشتی نے ضلع کے مختلف بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) بشمول شینیکانی در، نوگوڈو اور ڈگارو کا اچانک مانیٹرنگ دورہ کیا، جس کا مقصد طبی سہولیات کی فراہمی، عملے کی حاضری اور ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔دورے کے دوران انہوں نے مراکزِ صحت میں عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ادویات کی دستیابی اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری اور فرائض کی ادائیگی میں باقاعدگی کو یقینی بنائیں اور عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کریں۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے مراکز میں ادویات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ریکارڈ کی درستگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی مراکز صحت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کی کارکردگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ او پی ڈی رجسٹر کو باقاعدگی سے اپڈیٹ رکھا جائے اور آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ عوام کا اعتماد سرکاری صحت کے نظام پر مزید مضبوط ہو۔ڈسٹرکٹ منیجر نے واضح کیا کہ مانیٹرنگ کے اس سلسلے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور کارکردگی میں بہتری کے لیے تسلسل کے ساتھ دورے جاری رکھے جائیں گے، تاکہ ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔
خبر نامہ نمبر2816/2026
گوادر8اپریل:۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) زراتون بلوچ نے ضلع کے مختلف سرکاری گرلز اسکولوں کا تفصیلی دورہ کیا اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بخشی کالونی کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی فوری اور مکمل مرمت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طالبات کو محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔اسی طرح گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پاک چائنا میں بنیادی سہولیات کی کمی کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، تاہم انہوں نے اساتذہ کو مزید بہتر تدریسی سرگرمیوں کے فروغ کی ہدایات جاری کیں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول گھٹی ڈور میں طالبات کے لیے شیڈ (چھت) کی عدم دستیابی کو ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کی فوری فراہمی کی ہدایت کی گئی، تاکہ شدید گرمی اور موسمی اثرات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول شینیکانی در میں بھی تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دریں اثناء، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سربندن میں والدین، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکول کو درپیش مسائل، تعلیمی معیار کی بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں، ضلع بھر کے تمام اسکولوں میں تاحال درسی کتب کی تقسیم نہ ہونے کا معاملہ بھی سامنے آیا، جس پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ طلبہ و طالبات کو فوری طور پر نصابی کتب فراہم کی جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں اور تعلیمی ماحول کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں، تاہم انہیں اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
خبر نامہ نمبر2817/2026
زیارت 08اپریل:۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول بغاو سنجاوی میں درجنوں طلباء کو داخل کرکے ان میں مفت کتابیں تقسیم کی گئیں اسکول کے منتظمین نے نئے داخل ہونے والے بچوں کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خبر نامہ نمبر2818/2026
کوئٹہ 08 اپریل:۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی میں پاکستان کے اہم کردار کو خوب سراہتے ہوئے اس مثبت کوشش کو دنیا میں قیام امن کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے دی جانے والی مہلت کے آخری گھنٹوں میں وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی پر خلوص اور سنجیدہ کوشیشوں سے پوری دنیا ایک خطرناک جنگ اور اس کی تباہ کارئیوں محفوظ رہا، صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی پورے خطے میں اہمیت اور افادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج پوری دنیا کے لوگ عالمی قیام امن میں پاکستان کی کوششوں کو نہ صرف سراہا رہے ہیں بلکہ ان کا یقین ہے مستقل جنگ بندی میں بھی پاکستان کی کاوشیں شامل حال ہوں گی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتوں اور بہترین بین الاقوامی سفارت کاری کی وجہ سے پورا خطہ تباہی سے بچ گیا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے اور ہم خطے سمیت پوری دنیا میں امن و سلامتی کے خواہاں ہیں لہذا ہمسایہ ممالک سمیت پوری دنیا پر عیاں ہو کہ پاکستان خطے میں باوقار طریقے سے طاقت کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے برابری کی بنیاد پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ نہ صرف پر امن وقت گزارنا چاہتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں میں بھی صف اول کا کردار ادا کرنے کو ہمیشہ تیار ہے۔
خبر نامہ نمبر2819/2026
بارکھان 08اپریل:۔ضلع بارکھان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خادم حسین بھنگر اور ڈی ایس پی مولاداد کنرانی نے بارکھان بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بازار کے تمام منی پٹرول پمپس کا دورہ کیا تاکہ ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت مقررہ سرکاری نرخوں پر یقینی بنائی جا سکے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے دو ٹوک پیغام دیا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے مقرر کردہ قیمت 280 روپے فی لیٹر سے زائد وصول کرنے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔معائنہ کے دوران خلاف ورزی کرنے والے پمپ مالکان کو فوری جرمانہ کیا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو معیاری خدمات فراہم کرنا اور مارکیٹ میں نظم و ضبط قائم رکھنا ہے۔اس موقع پر ڈی ایس پی مولاداد کنرانی بھی موجود تھے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف پولیس ایکشن فوری اور موثر ہوگا تاکہ ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔یہ معائنہ عوامی فلاح و بہبود اور حکومت کی پالیسیوں کی مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خبر نامہ نمبر2820/2026
گوادر8اپریل۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ہنر سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (PCTVI) گوادر کا تفصیلی دورہ کیا۔انسٹیٹیوٹ پہنچنے پر انتظامیہ کی جانب سے مشیر مینا مجید کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران انہیں ادارے کے مختلف شعبہ جات، جدید تربیتی سہولیات اور جاری فنی پروگرامز پر جامع بریفنگ دی گئی۔مشیر کھیل و امورِ نوجوانان نے ٹیکنیکل کلاسز، گوادر پورٹ سے متعلق تربیتی پروگرامز اور آن لائن تعلیمی کورسز کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اپنی تربیت اور مہارتوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔دورے کے دوران انہیں پی سی ٹی وی آئی کے جدید ہاسٹل کا بھی معائنہ کرایا گیا، جہاں طلبہ و طالبات، انسٹرکٹرز اور فیکلٹی کے لیے فراہم کردہ معیاری سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ مشیر مینا مجید نے ادارے کی لائبریری کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی ماحول اور سہولیات کو سراہا۔مشیر مینا مجید نے خواتین کی فنی تربیت میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کار ڈرائیونگ کلاس میں زیرِ تربیت طالبات سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی، جس سے خواتین کو خودمختار بنانے کے حکومتی عزم کا اظہار ہوتا ہے۔اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے کہا کہ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا قیام خطے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت بلوچستان کی جانب سے جدید ہاسٹل کو صوبے بھر کے نوجوانوں کے لیے فعال بنانے کی تجویز دی جائے تو گوادر پورٹ اتھارٹی بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس منصوبے کو مشترکہ طور پر آگے بڑھائے گی۔مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم اور جدید مہارتوں کا فروغ موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے، کھیلوں کے فروغ اور ہنر مندی کے ذریعے انہیں خود کفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف نوجوانوں کو باعزت روزگار کی راہ دکھاتے ہیں بلکہ صوبے کی معاشی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
خبر نامہ نمبر2821/2026
دکی8اپریل:۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ مائننگ لائژن کمیٹی (DMLC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز کفایت اللہ بلوچ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر روح اللہ، انسپکٹر آف پولیس ہدایت اللہ، دیگر متعلقہ افسران اور درخواست گزاران/فریقین نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد مائننگ سے متعلق کیسز، درخواست گزاروں کے مسائل، باہمی تنازعات، مائننگ لیز کے اجراء، حدود کے تعین، غیر قانونی کان کنی اور دیگر انتظامی و قانونی امور کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران تمام درخواست گزاروں کو موقع فراہم کیا گیا کہ وہ اپنے مؤقف اور مسائل پیش کریں، جنہیں کمیٹی نے بغور سنا، جبکہ ہر کیس کا انفرادی طور پر تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں سے ضروری رپورٹس اور ریکارڈ بھی طلب کیے گئے۔ اس موقع پر غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، مائننگ حدود کے درست تعین، اور سرکاری قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح اور سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کیسز کو مکمل شفافیت، میرٹ اور مروجہ قوانین کے مطابق حل کیا جائے، کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، ناانصافی یا غیر قانونی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید برآں متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ مسائل کا بروقت، شفاف اور دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے، اور ضلع میں جاری تمام مائننگ سرگرمیوں کو منظم اور قانونی دائرہ کار میں رکھا جائے، نیز عوامی مفاد، ریاستی وسائل کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

خبر نامہ نمبر 2026/2822
استامحمد8اپریل:ـڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اُستامحمد میں آج انسدادِ پولیو مہم (نیشنل امیونائزیشن ڈیز، اپریل 2026) کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان، سردارزادہ فیصل خان جمالی نے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر کیا افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد گوپانگ اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ضلعی نمائندہ ڈاکٹر خلیل مستوئی بھی موجود تھےاس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، اور اس قومی مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہےیہ مہم 13 اپریل سے 16 اپریل 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع اُستامحمد میں 69,555 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 180 تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے فراہم کریں گی تاکہ کوئی بھی بچہ اس سہولت سے محروم نہ رہے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے والدین سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔ یاد رکھیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف بروقت ویکسین ہی اس مرض سے مستقل تحفظ فراہم کرتی ہے
آئیں! مل کر اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل اور ایک صحت مند معاشرے کے لیے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں۔
خبر نامہ نمبر 2026/2823
کوئٹہ08 اپریل:۔عوامی شکایات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں اسٹیشنری اور کتب فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ نے اسپیشل مجسٹریٹس اور زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ مسجد روڈ، آرچر روڈ، آرٹ اسکول روڈ سمیت مختلف علاقوں میں قائم کتب خانوں اور اسٹیشنری شاپس کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران درسی کتب اور کورسز کی قیمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور دکانداروں کو سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔خلاف ورزی کے مرتکب متعدد دکانداروں کو موقع پر وارننگ جاری کی گئی جبکہ آئندہ کے لیے سخت قانونی کارروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ کتابوں کی مصنوعی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فوری طور پر شارٹیج ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کا استحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اور شہر بھر میں اسٹیشنری و کتب فروشوں کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔ کسی کو بھی خودساختہ قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
خبر نامہ نمبر 2026/2824
کوہلو8اپریل:۔وزیر اعلٰی بلوچستان کی بہتر طبی سہولیات کے وژن پر کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو کے دورے پر پہنچ گئے۔ کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا طبی سہولیات اور ادویات کا جائزہ لیا ۔
خبر نامہ نمبر 2026/2825
حب 8 اپریل:ـڈپٹی کمشنر حب کی ہدایات پر ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں کا مسلسل دورہ کر رہی ہیں تاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے احکامات پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *