14th-March-2026

خبرنامہ نمبر3069/2026
کوئٹہ، 14 مارچ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر زرعی کالج کے احاطے میں درختوں کی کٹائی سے متعلق وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے وزیراعلیٰ نے اس واقعے کو ماحولیاتی تحفظ اور حکومتی پالیسیوں کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات کی روشنی میں متعلقہ زرعی کالج کے پرنسپل کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے اور تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعے کی مکمل اور جامع انکوائری کی جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور اگر کسی بھی سطح پر غفلت، بدانتظامی یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور سرکاری املاک کے تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ صوبے میں ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3070/2026
کوئٹہ، 14 مارچ ۔رکن صوبائی اسمبلی میر ضیاء اللہ لانگو نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پرسنل اسٹاف آفیسر سید امین کے والد کے انتقال پر ان کے گھر جا کر تعزیت و فاتحہ خوانی کی، میر ضیاء اللہ لانگو نے سید امین اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا کہ والد کا سایہ اولاد کے لیے ایک بڑی نعمت ہوتا ہے اور ان کا انتقال اہلِ خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جبکہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3071/2026
کوئٹہ، 14 مارچ ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرسنل اسٹاف آفیسر سید امین کے والد کے انتقال پر سینیٹر دنیش کمار ان کے گھر گئے اور مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا سینیٹر دنیش کمار نے سید امین اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں انہوں نے مرحوم کے انتقال پر ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی انہوں نے کہا کہ انسانیت، باہمی احترام اور رواداری ہماری مشترکہ اقدار ہیں اور ایسے مواقع پر ایک دوسرے کے دکھ میں شریک ہونا معاشرتی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی جبکہ سینیٹر دنیش کمار نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3072/2026
بارکھان : 14 مارچ ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں وزیراعلیٰ رمضان ریلیف راشن پیکج کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں مستحق, معذور اور نادار خاندانوں تک راشن کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راشن کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں اور متعلقہ عملے کو متحرک کیا گیا ہے، جبکہ مستحق افراد کی فہرستوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے تاکہ امداد حقیقی حقداروں تک پہنچ سکے۔عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں رمضان ریلیف پیکج غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے کسی بڑی سہولت سے کم نہیں۔ شہریوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی موثر حکمت عملی کے باعث راشن کی تقسیم کا عمل منظم اور شفاف انداز میں جاری ہے، جس سے حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3073/2026
کوہلو14 مارچ۔ کوہلو میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رمضان ریلیف پیکج کے تحت سینکڑوں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا ہے کوہلو ٹاون سمیت ،لاسےزئی ،تمبو ،گرسنی میوند میں غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کا مرحلہ وار عمل تیزی سے جاری ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق راشن کے تقسیم کا سلسلہ مزید جاری رہے گا اور اس عمل کو مکمل شفاف اور منظم طریقے سے جلدپورا کیا جائے گا جس میں ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں کے مستحق خاندانوں کو رمضان ریلیف پیکج کے تحت راشن فراہم کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3074/2026
کوئٹہ 14مارچ ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر بلوچستان ریونیواتھارٹی نے صوبائی ٹیکس نظام میں شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کیلئے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (e-IMS) رولز 2026 متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قواعد بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت نافذ کیے جائیں گے۔اتھارٹی کے مطابق نئے نظام کے تحت رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کے انوائسنگ سسٹمز کو بی آر اے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا جس کے ذریعے قابلِ ٹیکس خدمات کی فروخت کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو بہتر بنانا، کم رپورٹنگ کی حوصلہ شکنی کرنا اور ٹیکس انتظامیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ان قواعد کے تحت اچانک معائنہ (سرپرائز انسپیکشن)، ممکنہ ویڈیو نگرانی اور صارفین کو باقاعدہ رسید لینے کی ترغیب دینے کیلئے کسٹمر پرائز اسکیم جیسے اقدامات بھی شامل ہوں گے۔ بی آر اے کے مطابق کاروباری اداروں کو اس نظام کے نفاذ میں آسانی فراہم کرنے کیلئے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اصلاحاتی اقدام سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہوگا بلکہ بلوچستان میں سروسز سیکٹر کی دستاویز بندی اور شفافیت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر3075/2026
لورالائی 14 مارچ ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد اسماعیل مینگل نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔محمد اسماعیل مینگل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3076/2026
ہرنائی۔ضلع ہرنائی میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف جاری حکومتی مہم کے دوران پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے کر انہیں قانونی کارروائی کے بعد افغانستان واپس بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع ہرنائی پولیس نے 27 فروری 2026 سے شروع ہونے والی مہم کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس دوران پولیس نے مختلف علاقوں میں چیکنگ اور چھاپوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کی نشاندہی کی۔ اب تک مجموعی طور پر 187 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے کر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں افغانستان روانہ کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں حکومت کی ہدایات اور قانون کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور غیر قانونی رہائش کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ضلع پولیس ہرنائی کے مطابق غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ضلع میں قانون کی بالادستی اور امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3077/2026
لورالائی14مارچ۔ BSDI منصوبے کے تحت کٹوئی موڑ فٹ پاتھ کی تعمیر کا جائزہ، کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد اسماعیل مینگل نے اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم کے ہمراہ BSDI ترقیاتی منصوبوں کے تحت کٹوئی موڑ سے زیرِ تعمیر فٹ پاتھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے حکام سے بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔محمد اسماعیل مینگل نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کو محفوظ اور بہتر پیدل راستے فراہم کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کٹوئی موڑ سے فٹ پاتھ کی تعمیر مکمل ہونے سے نہ صرف شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی اور پیدل چلنے والوں کو محفوظ ماحول میسر آئے گا۔اس موقع پر حکام نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جدید طرز کے فٹ پاتھ، نکاسی آب کے مناسب انتظامات اور شہریوں کی سہولت کے لیے دیگر بنیادی اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ تمام کام شفافیت اور معیار کے مطابق مکمل ہوں اور عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر3078/2026
لورالائی14مارچ ۔ سرکاری باغ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، معیار اور بروقت تکمیل کی ہدایت لورالائی ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل مینگل نے اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم کے ہمراہ سرکاری باغ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ڈبل اسٹوری ڈیجیٹل لائبریری، ویمن جمنازیم اور میل فٹسال گراونڈ کے زیرِ تعمیر منصوبوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیراتی کام مقررہ منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل مینگل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں تعلیمی، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ خواتین کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مزید بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 3079/2026
کوئٹہ، 14 مارچ . افرادِ باہم معذور کی فلاح و بہبود کے لیے منعقدہ اجلاس میں ایک ایسا لمحہ سامنے آیا جس نے شرکاء کے دلوں کو چھو لیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنی نشست سے اٹھے اور ایک باہم معذور خاتون کے پاس جا کر ہاتھ سے تیار کردہ گلدستہ وصول کیااور اس نیک تمناؤں سے بھرے تحفے پر دل سے شکریہ ادا کیا خاتون نے بتایا کہ یہ گلدستہ ان کی والدہ کی محبت اور دعاؤں کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے لیے بھیجا گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا، “یہ میرے لیے زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ ہے کیونکہ اس میں ایک ماں کی دعائیں اور خلوص شامل ہیں.

خبرنامہ نمبر 3080/2026
کچھی14مارچ چیف انجینئر نصیر آباد زون بشیر ناصر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ اور صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو بابر خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں ضلع کچھی کا دورہ کیا اور محکمہ بی اینڈ آر کی مختلف جاری ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور کام کے معیار، رفتار اور مقررہ شیڈول کے مطابق پیش رفت کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر ارشاد احمد سیلاچی نے چیف انجینئر کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف سڑکوں اور دیگر ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے اور منصوبوں کو حکومتی ہدایات کے مطابق مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چیف انجینئر نصیر آباد زون بشیر ناصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں ترقیاتی عمل کو تیز رفتار اور معیاری بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو پی سی ون کے مطابق بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمیں مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو سکیں اور عوام کو بہتر سفری اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کو تیز رفتار انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 3081/2026
نصیرآباد14مارچ۔ پٹ فیڈر کینال کی سالانہ بندش سے قبل شہری علاقوں میں آب نوشی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نصیرآباد متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ کینال کی بندش کے دوران شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے مختلف واٹر سپلائی اسکیموں اور تالابوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد ظفر اقبال زہری بھی موجود تھے جو خود اپنی نگرانی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تمام اسکیموں میں زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے دورے کے موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تمام تالابوں اور ذخیرہ گاہوں میں زیادہ سے زیادہ پانی محفوظ کیا جائے تاکہ پٹ فیڈر کینال کی بندش کے دوران شہری علاقوں میں پانی کی قلت پیدا نہ ہو اور عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ شہریوں کو صاف اور معیاری آب نوشی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اس لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر ظفر اقبال زہری نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے مختلف واٹر سپلائی اسکیموں کے تالابوں میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ کینال کی بندش کے دوران شہریوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 3082/2026
ہرنائی 13مارچ۔ہرنائی میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک کے دوران مستحق اور نادار خاندانوں کے لیے راشن پیکج کی تقسیم جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں اس فلاحی اقدام کا مقصد مہنگائی اور معاشی مشکلات کے شکار غریب خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور انہیں ماہِ رمضان میں بنیادی ضروریات میسر کرنا ہے۔ضلعی انتظامیہ ہرنائی کے زیرِ اہتمام رمضان راشن پیکج کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی، کرنل ارباب علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین اور دیگر متعلقہ حکام کی نگرانی میں مستحق افراد میں راشن پیکج تقسیم کیا جا رہا ہے۔انتظامیہ کے مطابق اس پیکج کے ذریعے ایسے خاندانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جو معاشی طور پر کمزور ہیں اور رمضان المبارک میں روزمرہ ضروریات کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ مختلف مقامات پر قائم مراکز میں راشن کی تقسیم کا عمل منظم طریقے سے جاری ہے تاکہ کسی قسم کی بدنظمی یا ناانصافی نہ ہو اور حقیقی مستحقین تک امداد بروقت پہنچ سکے۔ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کے مطابق اس راشن پیکج کو مکمل شفافیت کے ساتھ مستحقین تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تقسیم کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی مستحق خاندان کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور مستحق خاندانوں نے حکومت بلوچستان اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس نوعیت کے فلاحی اقدامات نہ صرف معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے سہارا بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں ہمدردی، تعاون اور بھائی چارے کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بھی عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ مشکل حالات میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 3083/2026
دکی14 مارچ۔ڈپٹی کمشنر دکی، محمد نعیم خان نے سائلین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں بی آئی ایس پی سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سنٹر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے کے حوالے سے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے وہاں موجود خواتین سے ملاقات بھی کی اور ان سے براہِ راست ان کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عوام کی سہولت اور ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ بی آئی ایس پی سنٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری کے لیے مسلسل نگرانی اور بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر خدمات مہیا کی جا سکیں۔
۔۔۔

خبرنامہ نمبر 3084/2026
کوئٹہ / نیویارک14مارچ ۔ چیئرپرسن بلوچستان کمیشن ان دی اسٹیٹس اف ویمن، محترمہ کرن بلوچ نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے کمیشن ان دی اسٹیٹس اف ویمن کے 70ویں اجلاس میںبلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کی، اس اہم عالمی فورم میں انہوں نے بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کی بااختیاری اور صنفی مساوات کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔اجلاس میں دنیا بھر سے حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی جہاں خواتین کے حقوق، سماجی و معاشی ترقی میں ان کے کردار اور صنفی مساوات کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ کرن بلوچ نے بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور معاشی و سماجی بااختیاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری کسی بھی معاشرے کی مجموعی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔انہوںنےکہا کہ بین الاقوامی فورمز میں شرکت سے نہ صرف مختلف ممالک کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کے ہر شعبے میں اگے بڑھانے کے لیے بلوچستان کمیشن ان دی اسٹیٹس اف ویمن اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3085/2026
لورالائی 14 مارچ ۔میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں ڈسٹرکٹ جیل لورالائی میں قیدیوں کے اعزاز میں اجتماعی افطاری کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویڑن ولی محمد بڑیچ بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں ڈی آئی جی جیل سکندر خان، چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ، کونسلرز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔افطاری کا اہتمام چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ کی نگرانی میں کیا گیا، جہاں قیدیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویڑن ولی محمد بڑیچ نے قیدیوں کے ساتھ افطاری میں شرکت کی اور ان سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے قیدیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت اور اصلاحِ نفس کا مہینہ ہے، اور معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا مظاہرہ کرے۔ کمشنر لورالائی نے جیل کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور جیل انتظامیہ سے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے جیل عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ قیدیوں کو قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی جیل سکندر خان اور چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں انسانیت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کے ساتھ ہمدردی اور مثبت رویہ اختیار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہداری ہے۔تقریب کے اختتام پر قیدیوں اور جیل عملے نے میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو سراہا اور اسے انسان دوستی اور سماجی ذمہ داری کی عمدہ مثال قرار دیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر Recast 3084/2026
کوئٹہ / نیویارک14مارچ
چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن، محترمہ کرن بلوچ نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے 70ویں اجلاس میں بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کی، اس اہم عالمی فورم میں انہوں نے بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کی بااختیاری اور صنفی مساوات کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔اجلاس میں دنیا بھر سے حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی جہاں خواتین کے حقوق، سماجی و معاشی ترقی میں ان کے کردار اور صنفی مساوات کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ کرن بلوچ نے بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور معاشی و سماجی بااختیاری کے لیے کیئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری کسی بھی معاشرے کی مجموعی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نےکہا کہ بین الاقوامی فورمز میں شرکت سے نہ صرف مختلف ممالک کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کے ہر شعبے میں آگے بڑھانے کے لیے بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *