31st-January-2026

خبرنامہ نمبر 670/2026
کوئٹہ: 31 جنوری :صوبائی وزیر اور سینئر سیاسی رہنما سردار عبدالرحمن کھیتران نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو ناکام بنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیک وقت مختلف شہروں کو نشانہ بنانے کا مقصد صوبے میں بدامنی پیدا کرنا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا تھا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بے مثال قربانی کے جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی مؤثر حکمتِ عملی اور بھرپور کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث دشمن عناصر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔صوبائی وزیر نے دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات میں 10 پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی ہر کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت، پولیس اور سکیورٹی ادارے باہمی تعاون سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 671/2026
خضدار 31 جنوری:ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر نسیم لانگو نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال خضدار، ٹراما سینٹر خضدار، تمام سول ڈسپنسریز (CDs)، رورل ہیلتھ سینٹرز (RHCs) اور بیسک ہیلتھ یونٹس (BHUs) میں تعینات تمام عملہ، بشمول ڈاکٹرز، فارماسسٹ اور پیرا میڈیکل اسٹاف، کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تینوں شفٹوں میں اپنی حاضری ہر صورت یقینی بنائیں۔ڈی ایچ او خضدار نے واضح کیا ہے کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے DHQ ہسپتال اور ٹراما سینٹر خضدار میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر نسیم لانگو نے تمام صحت مراکز کے انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 672/2026
قلات: ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلات میں ایمرجنسی نافز کردی گئی ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر ہسپتال کے تمام ملازمین کنسلٹنٹس،ڈاکٹرز، فارماسسٹ، اسٹاف نرسسز، پیرا میڈیکل اسٹاف کوالرٹ کردیا گیا ہے
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نصراللہ لانگو کاکہنا ہےکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال (ایمرجنسی) میں تمام متعلقہ اسٹاف کی ہسپتال میں موجودگی لازمی قراردی گئ ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا غیر حاضری ناقابلِ قبول ہوگی طبی عملے کوہدایات جاری کردی گئ ہیں کہ وہ ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

خبرنامہ نمبر 673/2026
موسیٰ خیل 30 جنوری:
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے آج ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) میں بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں 02 فروری سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) موسیٰ خیل، اے ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی (PPHI)، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ااس موقع شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس موذی مرض سے اپنی نسلوں کو بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے ادا کریں انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید تاکید کی کہ دور افتادہ علاقوں اور خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں تک رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع موسیٰ خیل کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ مہم کی کامیابی کے لیے فیلڈ میں موجود ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی اور انتظامی تعاون فراہم کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 674/2026
کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نےبلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بلوچستان ہمیشہ امن، سلامتی اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے ذریعے عوام کو یرغمال بنانا اور خوف پھیلانا صرف تباہی کا سبب بنتا ہے، اور پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنے والے صوبے کو مزید تباہی کا متحمل نہیں ہونا چاہیے۔وزیر خزانہ نے اس دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سیکورٹی فورسز کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانی ہمیشہ ہمیں حوصلہ دیتی رہے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت اور شہریوں کی مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی اور تخریب کاری کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ کل کے افسوسناک واقعے میں چیئرمین ملازئی قومی اتحاد، شاہد گل ملازئی بھی شہید ہو گئے تھے۔ وزیر خزانہ نے ان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے شہداء کی بہادری اور قربانی بلوچستان میں امن کے قیام کی روشن مثال ہے اور ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ وحدت اور حوصلہ ہی ہمارے سب سے بڑے ہتھیار ہیں۔

خبرنامہ نمبر 675/2026
ضلع موسیٰ خیل: موجودہ دہشت گردی کی صورتحال کے پیشِ نظر امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس ایس پی موسیٰ خیل کلیم اللہ کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی کلیم اللہ کاکڑ نے تمام متعلقہ تھانوں کے انچارجز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ امن و امان کی بہتری کے لیے اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی سخت سنیپ چیکنگ کی جائے، جبکہ باہر سے آنے والے ہر فرد کے شناختی کارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے۔ایس پی موسیٰ خیل نے مزید ہدایت کی کہ بازاروں، شاہراہوں اور حساس مقامات پر گشت میں اضافہ کیا جائے، مساجد اور دیگر عوامی مقامات کی مؤثر نگرانی کی جائے، اور کسی بھی مشتبہ شخص کو فوری طور پر حراست میں لے کر مکمل تفتیش کی جائے۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری و نجی املاک کی خصوصی نگرانی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 676/2026
کوئٹہ، 31 جنوری :رکن بلوچستان اسمبلی روی کمار پہوجا نے کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت اور امن کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ہمارے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے اپنے جاری بیان میں ایم پی اے روی کمار پہوجا نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے پولیس، فرنٹیئر کور اور پاک فوج کی جرات مندانہ اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے رکن بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد اور پُرعزم ہیں، اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video