31st-May-2026

خبرنامہ نمبر 4555/2026
سنجاوی: صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ نے سنجاوی پولیس اسٹیشن میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کی مؤثر روک تھام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید سی سی ٹی وی نگرانی نظام کی تنصیب سے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے گی جبکہ عوام کو زیادہ محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ منصوبہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم کی بروقت نشاندہی اور تدارک میں مؤثر معاونت فراہم کرے گا حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ سنجاوی شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور علاقے میں امن و استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے سنجاوی سمیت پورے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آ سکیں صوبائی وزیر نے پولیس فورس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اور حکومت ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی، پولیس حکام، مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات، کاروان حاجی نور محمد خان دمڑ کے سینئر رہنماؤں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء نے سنجاوی شہر میں جدید سی سی ٹی وی نگرانی نظام کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 4556/1026
کوئٹہ31 مئی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم نے آئندہ سالانہ بجٹ 27-2026 میں بلوچستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی طور پر ایک تبدیلی کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز رکھی ہیں۔ ہم نوجوانوں کو مسقبل کے معمار اور حال کی تعمیر و ترقی میں شراکت داروں کے طور پر نوجوانوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہمیں صوبے میں موجود شدید غربت اور بیروزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس دفعہ ملازمتوں کے نئے مواقع فراہم کرنا ہیں خاص طور پر صوبے میں نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے نمٹنے کیلئے نیا پروگرام ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور جدید کیریئر کے راستوں تک رسائی حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ ، صوبائی جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) جمال شاہ کاکڑ، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، راحیلہ حمید خان درانی، محمد خان لہڑی، میرعاصم کرد گیلو، زرک خان مندوخیل، حاجی برکت رند، ہادیہ نواز ، نسیم الرحمن ملاخیل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹرینز پر زور دیا کہ وہ فوری روزگار فراہم کرنے والے پروگرامز پر توجہ دیں۔ صرف بولان میڈیکل یونیورسٹی میں ہم نے دس سے زائد میڈیکل کورسز اور ڈپلومہ پروگرامز شروع کئے ہیں جن کو مکمل کرنے کے فوراً بعد نوجوانوں کو روزگار ملیں گے۔ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی سطح پر بھی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نے جدید مہارتیں سکھانے کے پروگراموں میں متوازی سرمایہ کاری کر رکھی ہیں جن میں پروفیشنل ٹریننگ ، آن لائن انفارمیشن ٹیکنالوجی کورسز اور میڈیکل ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔ معیاری تعلیم کو جدید ہنر کی تربیت کے ساتھ مربوط کر کے نوجوانوں کو ایک متحرک جاب مارکیٹ میں جانے کیلئے لیس کیا جائیگا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، اپنی حب الوطنی کو آگے بڑھائیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت اور انہیں بااختیار بنا کر ہم ایک ایسے مستقبل کو یقینی بنائیں گے جو نہ صرف تعلیم یافتہ ہو بلکہ متحرک، موثر اور اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق زندگی کے مختلف شعبوں میں قیادت کیلئے بھی تیار ہو۔

خبرنامہ نمبر 4557/2026
جعفرآباد۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ فیز ون منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں سمیت آب نوشی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ انجینیئرز اور افسران نے منصوبے کی پیش رفت اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیز ون منصوبے کے تمام ترقیاتی کاموں کو پی سی ون کے مقررہ معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انجینیئرز اپنی براہ راست نگرانی میں ترقیاتی سرگرمیوں کو جاری رکھیں تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری کام کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے آب نوشی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی ترسیل کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خالد خان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ترقیاتی عمل صحیح معنوں میں پایہ تکمیل تک پہنچے اور عوام کو اس کے ثمرات میسر آ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *