30th-August-2026

خبرنامہ نمبر 7122/2026
​ہرنائی:ضلع ہرنائی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے شہر کے مختلف حصوں میں رات گئے تک سخت نائٹ پٹرولنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس اقدام کا مقصد ملک و علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنا اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا بروقت سدباب کرنا ہے پولیس اسٹیشن سٹی ہرنائی کی حدود میں واقع حساس مقامات، اہم سرکاری و قومی تنصیبات اور عوامی شاہراہوں پر پولیس کے خصوصی دستوں نے گشت کیا۔ پٹرولنگ کے دوران فیلڈ پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، حساس پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی اور چیکنگ کا عمل مزید سخت بنایا۔ ایس پی ہرنائی کی واضح ہدایت کی روشنی میں شہر کے تمام اہم داخلی و خارجی راستوں پر بھی چوکسی برقرار رکھی گئی۔​گشت کے اختتام پر جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش اور پرامن رہی، جبکہ نائٹ پٹرولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی نے واضح کیا ہے کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر 7123/2026
ہرنائی:ضلع ہرنائی میں کھیل کے میدان ایک بار پھر آباد ہو گئے۔ آریانہ فٹبال کلب ہرنائی کے زیر اہتمام منعقدہ “چیئرمین سید عطاء اللہ شاہ فور ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ” کے سلسلے میں ایک انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ فٹبال میچ کھیلا گیا، جس میں شائقینِ کھیل کو بہترین اور جاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔اس پروقار اور پرجوش میچ کے مہمانِ خصوصی ضلع ہرنائی کے ہر دلعزیز ڈپٹی کمشنر میر ارشد حسین جمالی تھے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کھوسٹ اسرار احمد شاہوانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کی آمد پر آرگنائزرز اور کھلاڑیوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔میچ کا فائنل و سنسنی خیز مقابلہ بلوچ کاروان فٹبال کلب اور لورالائی فٹبال کلب کی مضبوط ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور میچ برابر رہا۔ بالآخر فیصلے کے لیے پینلٹی ککس کا سہارا لیا گیا، جس میں لورالائی فٹبال کلب نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہرنائی میر ارشد حسین جمالی نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا جن معاشروں میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں اور نوجوان منشیات جیسے قبیح اور مہلک رجحانات سے محفوظ رہتے ہیں ​انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت و صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلوں کا مسلسل انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کھیل کے فروغ اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 20 ہزار روپے نقد بطور مالی تعاون دینے کا اعلان بھی کیا ٹورنامنٹ کمیٹی اور آریانہ فٹبال کلب کے عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر میر ارشد حسین جمالی اور اسسٹنٹ کمشنر اسرار احمد شاہوانی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں افسران کا اپنی تمام تر مصروفیت کے باوجود وقت نکال کر نوجوانوں کے درمیان پہنچنا اور ان کی مالی و اخلاقی معاونت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سرپرستی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہے۔ کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

خبرنامہ نمبر 7124؍2026
کوئٹہ، 30 اگست : ہائی کورٹ آف بلوچستان، کوئٹہ میں نئے قائم کردہ سہولت سنٹر کی افتتاحی تقریب کل بروز پیر، 31 اگست 2026 کو منعقد ہوگی، جس کا افتتاح چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔افتتاحی تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ آف بلوچستان کے معزز ججز سمیت معزز چیف جسٹس صاحبان بھی شرکت کریں گے۔ تقریب صبح 10:30 بجے ہائی کورٹ آف بلوچستان، کوئٹہ کے احاطے میں منعقد ہوگی۔نئے قائم کردہ سہولت سنٹر کے قیام کا مقصد سائلین اور وکلا کو آسان، بروقت اور بہتر خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عدالتی امور سے متعلق ضروری سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔ سہولت سنٹر کے قیام سے سائلین کو درپیش مشکلات میں کمی اور انہیں مختلف عدالتی خدمات تک رسائی میں مزید آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

خبرنامہ نمبر 7125؍2026
موسیٰ خیل 30اگست:ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک اور ایس پی کلیم اللہ کاکڑ نے یونین کونسل سلئی کے صحت افزا مقام کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں، قبائلی معززین اور عام لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے درپیش مسائل اور شکایات بلاواسطہ سنے۔ مقامی باشندوں نے تعلیمی اداروں کی فعال سازی، صحت کی سہولیات پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مواصلاتی نظام اور امن و امان سے متعلق اپنے مسائل افسران کے سامنے رکھے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے موقع پر موجود متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران کو عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ایس پی موسیٰ خیل کلیم اللہ کاکڑ نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امن کے قیام اور شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔یونین کونسل سلئی کے قبائلی معززین اور عوام نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک اور ایس پی کلیم اللہ کاکڑ کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے موقع پر مسائل کے سن گن لینے اور احکامات جاری کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 7126؍2026
موسیٰ خیل30اگست:محکمہ زراعت ضلع موسیٰ خیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن فضل دین نے موسی خیل بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزٹ کے دوران انہوں نے بازار میں قائم مختلف زرعی ادویات کی دکانوں اور کھاد ڈیلروں کے مراکزی ذخائر و دکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔معائنے کے دوران دونوں افسران نے مندرجہ ذیل امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرکاری نرخ ناموں کے مطابق کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں کی پڑتال کی گئی تاکہ زمینداروں سے زائد یا من مانی قیمتیں وصول نہ کی جا سکیں۔ دکانوں پر موجود زرعی ادویات کے معیار، ایکسپائری تاریخوں اور غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ پیسٹی سائیڈز کی موجودگی کی سخت جانچ پڑتال کی گئی۔ تمام ڈیلروں اور دکانداروں کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنے کاروبار کے تمام امور کو قانونی دائرہ کار کے اندر رکھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شمس الحق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع اور فضل دین ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے کسانوں اور زمینداروں کو معیاری زرعی سہولیات اور ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے دکانداروں اور کھاد ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ تمام تر قوانین و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کریں اور زمینداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی، ملاوٹ شدہ یا غیر قانونی ادویات کی فروخت اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف محکمہ زراعت اور انتظامیہ قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔

خبرنامہ نمبر 7127/2026
کوئٹہ، 30 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا اور ان کی نقل و حرکت کی مؤثر فضائی نگرانی کے بعد کواڈ کاپٹر کے ذریعے ٹھکانے پر درست اور کاری ضرب لگائی، جس کے نتیجے میں چار خوارج جہنم واصل ہوئے۔ اپنے جاری ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی اس کارروائی کی اہم کامیابی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ حکومت بلوچستان اور عوام اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے امن و سلامتی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور آخری خارجی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری عزم و استقامت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 7128/2026
کوئٹہ، 30 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چار خوارج کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر مؤثر فضائی نگرانی کی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے درست کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو کاری ضرب لگائی۔ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ریاستی ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے دشمنوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی وزیر اعلیٰ نے کارروائی میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

خبرنامہ نمبر 7129/2026
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف محکموں نے اپنی دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، انڈسٹریز، سکولز، سی اینڈ ڈبلیو، لائیو اسٹاک، انرجی، مائنز اینڈ منرلز اور سائنس اینڈ آئی ٹی کے سیکرٹریز اور سینئر حکام نے متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی، اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے محکموں کی جانب سے پیش کردہ بریفننگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام تک براہِ راست فائدہ پہنچانے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور ان کی مقررہ وقت پر تکمیل یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے عوامی خدمت ، فلاح و بہبود میں مزید کے بہتری لانے کے لئے اپنی کاوشیں تیز کردے اور ہر سطح پر شفافیت کو فوقیت دے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز کے نفاذ کو تیز کیا جائے، غیر ضروری آسامیوں کے خاتمے کے عمل کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور عوامی منصوبوں کی معیار اور سخت مانیٹرنگ پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ سیکرٹریز نے اپنی رپورٹس میں عوامی خدمات کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، اور وسائل کے شفاف استعمال کی تفصیلات شیئر کیں۔ اجلاس میں خاص طور پر ڈیجیٹائزیشن کے تحت آن لائن سروسز، ای‑رپورٹنگ اور ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹمز کے نفاذ کو تیز کرنے کی کوششوں کو سراہا گیا.

خبرنامہ نمبر 7130/2026
تمپ: 30 اگست 2026: ضلعی انتظامیہ تمپ اور نادرا آفس تمپ کے زیرِ اہتمام نادرا سے متعلق عوامی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے کل بروز پیر، 31 اگست 2026 کو عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔کھلی کچہری صبح 11 بجے نادرا آفس تمپ میں منعقد ہوگی، جہاں شہری نادرا سے متعلق اپنی شکایات، مسائل اور درپیش مشکلات براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر سکیں گے۔انتظامیہ کے مطابق کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو درپیش نادرا سے متعلق مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ حکام تک رسائی فراہم کرنا اور شکایات کے حل کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ تمپ نے تمام متعلقہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کھلی کچہری میں شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات حکام کے سامنے پیش کریں اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

خبرنامہ نمبر 7131/2026
تربت: پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند نے مکران کی معروف روحانی، سماجی اور مذہبی شخصیت واجہ شئے عبدالکریم کی عیادت کی اور ان کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔معتبر حاجی برکت رند نے تربت کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع شئے ہاؤس پہنچ کر واجہ شئے عبدالکریم کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ واجہ شئے عبدالکریم کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور انہیں صحت و سلامتی کے ساتھ طویل عمر عطا کرے۔معتبر حاجی برکت رند نے کہا کہ واجہ شئے عبدالکریم ایک مخلص، نرم دل، نیک سیرت اور قوم دوست شخصیت ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی میں سماجی ہم آہنگی، امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی صلح جوئی اور مثبت سماجی کردار کے باعث متعدد خاندانوں کو باہمی تنازعات اور کشیدگی سے نکلنے اور آپس میں اتفاق و اتحاد قائم کرنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً مکران کے معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے واجہ شئے عبدالکریم کی خدمات قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایسے مخلص اور صلح جو افراد معاشرے میں امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔معتبر حاجی برکت رند نے ایک بار پھر واجہ شئے عبدالکریم کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے اور ان کی شفقت، رہنمائی اور سماجی خدمات کا سلسلہ مزید طویل عرصے تک جاری رکھے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع کیچ کے صدر میر حاجی سلمان رند، نائب صدر حاجی ارشاد ڈھنڈائی، حاجی نذیر فقیر، اختر مراد، نوروز شوکت، حاجی عبد الستار اور لطاف مراد بھی موجود تھے، جبکہ واجہ شئے موسیٰ، واجہ شئے عبدالباسط اور واجہ شئے شہزاد نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔

خبرنامہ نمبر 7132/2026
کوئٹہ، 30 اگست:صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چار خوارج کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار قابلِ فخر خدمات انجام دے رہے ہیں، قوم ان کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔

خبرنامہ نمبر 7133/2026
صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانا محترمہ مینا مجید نے آواران میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہترین آپریشنل استعداد کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دہشت گرد عناصر کسی صورت متاثر نہیں کر سکتے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ قوم ان کی بے مثال خدمات، جرأت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *