22nd-August-2026

خبرنامہ نمبر 6966/2026
کوئٹہ، 22اگست: ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایت پر کوئٹہ سمیت صوبے کی ساتوں رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس ر کھنے اور قانون پسند شہری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی مہم جاری ہے۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے ایک پریس ریلیز کے مطابق صوبے بھر میں اشتہاریوں ،مفرور ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 43 اشتہاری، 296 مفرور اور مختلف جرائم میں ملوث 466 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ18 مغویوں کو بھی بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔جبکہ مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرتے ہوئے 102 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 80 ریوالور و پسٹل، 8 کلاشنکوف، 6 شارٹ گن ورائفل، 682 گولیاں اور کارتوس جبکہ 55 میگزین بھی برآمد کیے گئے۔ بلوچستان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں86 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 165 کلو 388 گرام چرس،3 کلو 854گرام آئس شیشہ ، 8بیگس گٹکا , 15 گرام ہیروئن ، 106 عدد شراب کی بوتلیں اور 60 عدد بیئر کین برآمد کیں۔ بلوچستان پولیس نے مختلف کارروائیوں میں4 مسروقہ گاڑیاں، 14 موٹر سائیکلیں اور 15 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔ پریس ریلیز کے مطابق دفعہ550کی خلاف ورزی پر 9گاڑیوں اور موٹر سائیکلیوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ 4576 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔ترجمان کے مطابق عوام کے تحفظ کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی اور قانونی عملداری کو قائم رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی عوام اور پولیس کے مابین تعاون کی فروغ کے لئے پولیس اہلکاروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام پر مبنی رویہ اپنانے جبکہ تھانوں کی سطح پر سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے و شفاف سطح پر کارروائی کی بھی ہدایات کی گئی ہے۔

خبرنامہ نمبر 6967/2026
گوادر22 اگست : رکنِ صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خزانہ افس گوادر کا دورہ کیا جہاں ہر خزانہ آفیسر ثوبان بلوچ سے ملاقات کی، جس میں سرکاری اداروں کے مالی و انتظامی امور اور عوامی مفاد سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا رکن صوبائی اسمبلی نے خزانہ افس میں دستیاب متعلقہ اداروں کے واجب الادا فنڈز کی بروقت اور شفاف ریلیز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کو مالی وسائل کی بروقت فراہمی سے انتظامی امور میں بہتری، عوامی خدمات کے تسلسل اور ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور میں غیر ضروری تاخیر سے گریز اور حکومتی پالیسی کے مطابق شفافیت و میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 6968/2026
گوادر22 اگست: رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تحصیلدار افس گوادر کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے تحصیلدار منیر احمد بلیدی سے ملاقات کی، جس میں ریونیو امور، عوامی مسائل اور انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیارکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے بروقت اور شفاف حل، جائز درخواستوں پر فوری کارروائی اور شہریوں کو سرکاری امور میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر زور دیا ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کرتے ہوئے میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق امور نمٹائے جائیں، تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ سرکاری نظام پر عوام کا اعتماد بھی مزید مضبوط ہو۔

خبرنامہ نمبر 6969/2026
گوادر22 اگست : رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات بلڈنگ گوادر کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں پر ایکسیئن بلڈنگ سعید محمد نے انھیں جاری و مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی محکمہ کے زیرِ نگرانی جاری اور مکمل شدہ سرکاری عمارتوں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی پیش رفت اور متعلقہ امور سے تفصیلی طور پر آگاہ کیااس موقع پر گوادر میں جاری تعمیراتی منصوبوں، عوامی ضروریات اور دیگر اہم امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔

خبرنامہ نمبر 6970/2026
لورالائی22اگست: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی نواز جمالی ضلع کے زیرِ اہتمام انسدادِ تجاوزات کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں سرکاری اراضی، شاہراہوں، سڑکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے، عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے اور سرکاری املاک کے تحفظ سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیااجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے ضلع میں تجاوزات کی موجودہ صورتحال، نشاندہی کیے گئے مقامات اور اب تک کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ سرکاری اراضی، سڑکوں کے کناروں، فٹ پاتھوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کو آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز، قانونی اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا تفریق کے بغیر قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔تجاوزات کے خاتمے کے دوران سرکاری املاک اور عوامی راستوں کو واگزار کرانے کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی کہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل غیر قانونی قابضین اور تجاوزات کنندگان کی نشاندہی، ریکارڈ کی تیاری اور ضروری قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں، جبکہ کارروائی کے دوران تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل تعاون کو یقینی بنائیں اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی اور تجاوزات کے دوبارہ قیام کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی، شہریوں کے لیے پیدل گزرگاہوں کی بحالی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے انسدادِ تجاوزات مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں یا سامان رکھنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ لورالائی شہر کو تجاوزات سے پاک، منظم اور شہریوں کے لیے بہتر بنایا جا سکےضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون کی بالادستی، سرکاری املاک کے تحفظ اور شہریوں کو صاف، محفوظ اور کشادہ راستوں کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 6971/2026
لسبیلہ: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی زیر صدارت (DICC) کا اہم اجلاس ڈی سی آفس اوتھل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ اور سیکیورٹی فورسز کے آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ماہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے دوران نکلنے والے جلوسوں، محافل اور جلوسوں کے راستوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیئے گئے اجلاس سے جطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرلسبیلہ حمیرا بلوچ نے کہاکہ ماہ ربیع الاول میں نکالے جانے والے تمام جلوسوں اور محافل کے لیے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیاہے
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے آپسی رابطہ کاری کو مضبوط بنائیں اور روٹس پر صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 6972/2026
ہرنائی :ضلع ہرنائی میں حالیہ سیکورٹی صورتحال اور امن و امان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مقامی دکانداروں، تاجر برادری اور شہریوں سے براہ راست ملاقاتیں کیں، علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سیکورٹی اقدامات سے متعلق عوامی خدشات سنے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے بازار کے مختلف حصوں کا پیدل دورہ کیا اور ریڑھی بانوں، دکانداروں اور خریداروں سے گھل مل گئے۔ انہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل اور تحول و تحفظ سے متعلق خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور سیکورٹی ادارے ہر لمحہ بیدار ہیں اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے تاجروں کو باور کرایا کہ بازاروں اور تجارتی مراکز کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کارآمد لائے جا رہے ہیں تاکہ روزمرہ کےکاروباری امور بغیر کسی خوف و خطر کے جاری رہ سکیں۔انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون برقرار رکھیں۔ تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر کی بازار آمد اور براہ راست رابطے کے اس اقدام کو سراہا اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خبرنامہ نمبر 6973/2026
کوئٹہ 22اگست ۔اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ کے علاقے میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارخانوں کے غیر قانونی پانی کے کنکشنز منقطع کر دیے، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب پانچ کارخانوں کو سیل کرکے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق واسا حکام کی جانب سے شہر میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف جاری کارروائی کے سلسلے میں اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ کی سربراہی میں گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ پر مختلف کارخانوں اور صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے واٹر کنکشنز کی نشاندہی ہوئی، جنہیں فوری طور پر منقطع کر دیا گیا۔
اس موقع پر ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ کارخانوں کو سیل بھی کیا گیا، جبکہ متعلقہ مالکان اور انتظامیہ کو قانونی نوٹسز جاری کیے گئے۔ واسا حکام نے واضح کیا کہ پانی کے غیر قانونی استعمال اور غیر مجاز کنکشنز کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے کارروائی کے دوران کہا کہ تمام صنعتی و تجارتی ادارے واسا کے قوانین اور ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار کے تحت پانی کے کنکشن حاصل کریں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی کے حصول یا استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ پانی کی منصفانہ اور قانونی بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6974/2026
خضدار: اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ سے ان کے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے ملاقات کی۔ شہریوں نے انتظامی، سماجی اور بنیادی سہولیات سے متعلق اپنے مسائل سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران شہریوں نے روزمرہ زندگی کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر شہریوں نے علاقوں میں پانی کی قلت، صفائی ستھرائی، ٹریفک کے نظام، بازاروں میں تجاوزات اور دیگر اہم امور پر اپنے تحفظات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مسائل عرصے سے التوا کا شکار ہیں جن کے باعث عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفود نے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔اسسٹنٹ کمشنر عبدالحفیظ کاکڑ نے تمام شہریوں کے مسائل کو بغور سنا اور کہا کہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موصولہ شکایات کو متعلقہ محکموں کو فوری طور پر بھجوایا جائے گا اور جہاں ممکن ہوا موقع پر ہی احکامات جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایت پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں۔ملاقات کے اختتام پر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے مسائل سننے اور فوری حل کی پیش کش کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے اور ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھے گی۔

خبرنامہ نمبر 6975/2026
نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کا ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ، تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت ،واضح رہے کہ آج ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ایکسین بی اینڈ آر اور ایس ڈی او عابد علی پہنور کے ہمراہ ضلع نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری و مکمل ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے مکمل ھونے والے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور عوامی ضروریات کے حوالے سے موقع پر جائزہ لیا دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف بلیک ٹاپ روڈ منصوبوں کا معائنہ کیا، جن میں بلیک ٹاپ روڈ محمد نواز کھوسہ، محمد نواز سرپرہ، سردار چنگیز خان ساسولی، امان اللہ ثناء اللہ نیچاری، سید خیر محمد شاہ، محمد عمر باری شاخ، میری شوکت بنگلزئی منجوشوری، منظور بنگلزئی منجوشوری، حاجی مولاداد عمرانی تمبو تا میرواہ، میرواہ تا حاجی خان عمرانی، پٹ فیڈر کینال حسین پندرانی منجوشوری، بالان شاخ گوٹھ غلام مصطفیٰ سرپرہ تا عبدالباقی سرپرہ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل تھے
ڈپٹی کمشنر نے مختلف منصوبوں کے تعمیراتی مراحل کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود متعلقہ افسران سے منصوبوں کی لاگت، کام کی رفتار، استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل اور مقررہ مدت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقررہ معیار اور تعمیراتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی صورت معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اس موقع پر عمرانی شاخ کے ٹیل کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا واضح رہے کہ کھلی کچہری کے دوران عمرانی شاخ کے رہائشی کی جانب سے ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کی شکایت اور درخواست پیش کی گئی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت جاری کی تھی کہ ٹیل تک پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ڈپٹی کمشنر نے آج خود موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں ٹیل کے رہائشی کے تالاب میں پانی کی بھرائی کا عمل جاری تھا انہوں نے پانی کی فراہمی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ بھی ٹیل کے علاقوں میں پانی کی بروقت اور منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی اسکول جمعہ خان عمرانی تمبو میں اضافی کمروں کی تعمیر کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں جاری تعمیراتی منصوبوں کو بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن کی مؤثر نگرانی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی نگرانی کا عمل مزید مؤثر اور تیز کیا جائے، تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے بروقت مستفید ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ معیاری سڑکوں اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں اور دیہی آبادی کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں تجارتی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی تاکہ ترقیاتی کام پائیدار، معیاری اور عوام کی حقیقی ضروریات کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر6976/2026
زیارت 22اگست : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات ،ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کی زیر نگرانی گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کان ڈپو ضلع زیارت میں اسکول ھذا اور دیگر فیڈنگ اسکولوں کے JVT اساتذہ کرام کے لیے پروفیشنل ڈیولپمنٹ ڈے کا انعقاد کیا گیا ۔ مذکورہ تربیتی پروگرام میں سکول ھذا سمیت ماتحت اسکولوں کے دس JVTs اساتذہ کرام نے شرکت کی ۔ اس تربیتی پروگرام میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن زیارت عبد المالک تاج خصوصی طور پر شریک رہے ۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔محترم عبد المالک تاج نے اس ایک روزہ تربیتی پروگرام کے شرکاء کے ساتھ طویل نشست اور سیر حاصل بحث کی ۔ پروگرام میں شریک اساتذہ کرام کی دلچسپی پر اطمینان جبکہ غیر حاضر اساتذہ کرام کی بغیر اطلاع دئے رخصت،عدم دلچسپی، فرائض منصبی سے غفلت اور اس اہم ومنفرد نوعیت کے مفید و معلوماتی پروگرام کو نظر انداز کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کے لیے کوتاء کے مرتکب اساتذہ کرام کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا کہا۔ شرکاء کو پروگرام کے اغراض ومقاصد سے تفصیلاً آگاہ کرکے نو منتخب اساتذہ کرام کو اس اہم اور منفرد ومفید نوعیت کے کاز سے واقفیت دلائی ۔واضح رہے کہ شرکاء کی اکثریت SBK اور کنٹریکٹ مراحل کے ذریعے بھرتی اساتذہ کرام کی تھی اس لیے تمام اساتذہ کرام نے کمرہ جماعت میں اسباق کی منصوبہ بندی اور کمرہ جماعت کی تنظیم کے لیے لازمی ، مفید (معلم کے لیے سہل اور طلبہ کے لئے عام فہم), مثبت اور دورس نتائج کے حامل ،اور طلبہ کی بہترین لرننگ کے لیے اہم اور ضروری اقدامات کے بارے میں جان کر آئندہ کیلئے کمرہ جماعت میں ان اقدامات کو بروئے کار لانے اور مختلف تدریسی طریقوں ،سرگرمیوں اور حکمت عملیوں کے ذریعے طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی بھی حامی بھری ۔دس بجکر پانچ منٹ پر شروع ہونے والا یہ پروگرام ایک بجے کے قریب ختم ہوا ۔شرکاء نے پروگرام میں قابلِ عمل اقدامات پر سیر حاصل بحث کو علوم و فنون کی طلبہ تک منتقلی کے لئے معلوماتی، دلچسپ اور ممد و معاون پاکر نہ صرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ آئندہ کیلئے کمرہ جماعت میں عمل گدرآمد کا بھی وعدہ اور فیصلہ کیا۔

خبرنامہ نمبر6977/2026
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی عوامی مسائل کے فوری حل کی کاوشوں کے تسلسل میں عمرانی شاخ کے ٹیل تک پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کر دیا گیا۔ کھلی کچہری میں آبادگاروں کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ایریگیشن کو ہدایات جاری کی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ٹیل کے تالابوں میں پانی کی فراہمی جاری ہے۔اسی طرح لائبریری کے بحالی ، وائن اسٹور کی منتقلی، آر ایچ سی چھتر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر عوامی مسائل پر بھی عملی پیش رفت جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت، شکایات کا بروقت ازالہ اور مؤثر سروس ڈیلیوری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر6978/2026
زیارت 22اگست : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات ،ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن زیارت عبد المالک تاج کا گورنمنٹ ہائی اسکول کان کا دورہ ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن محترم عبد المالک تاج نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کان ڈپو ضلع زیارت کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا۔ تدریسی اور انتظامی صورت حال کا مفصل جائزہ لے کر بہتری کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

خبرنامہ نمبر6979/2026
تمپ، 22 اگست 2026: محکمہ تعلیم حکومتِ بلوچستان کی جانب سے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو بنیادی تدریسی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول شمالی رودبن میں سالانہ کلسٹر کے تحت طالبات میں تدریسی سامان تقسیم کیا گیا۔اس موقع پر اسکول کی ہیڈ ٹیچر میڈم شائستہ نے طالبات میں اسکول بیگز، پینسل، نوٹ بکس، ربڑ، شارپنر، اسکول یونیفارم اور دیگر ضروری تدریسی سامان تقسیم کیا۔ اس اقدام کا مقصد طالبات کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے درکار بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں بہتر ماحول میں تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ہیڈ ٹیچر میڈم شائستہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم حکومتِ بلوچستان کی جانب سے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو ضروری تدریسی سامان کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں میں سہولت پیدا ہوگی اور ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔طالبات نے تدریسی سامان کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم حکومتِ بلوچستان کے اس اقدام کو تعلیم کے فروغ اور طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر6980/2026
کوئٹہ: سینئر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں میر ظہور احمد بلیدی نے شہید سیکیورٹی اہلکار کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔ سیکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے بلند ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد ہے۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اور بلوچستان میں پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔\

خبرنامہ نمبر6981/2026
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی عوامی مسائل کے فوری حل کی کاوشوں کے تسلسل میں عمرانی شاخ کے ٹیل تک پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کر دیا گیا۔ کھلی کچہری میں آبادگاروں کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ایریگیشن کو ہدایات جاری کی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ٹیل کے تالابوں میں پانی کی فراہمی جاری ہے۔اسی طرح لائبریری کے بحالی ، وائن اسٹور کی منتقلی، آر ایچ سی چھتر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر عوامی مسائل پر بھی عملی پیش رفت جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت، شکایات کا بروقت ازالہ اور مؤثر سروس ڈیلیوری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر 6982/2026
کوئٹہ: 22 اگست 2026
صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے شہید سیکیورٹی اہلکار کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کے لیے جلد صحت یابی اور مکمل تندرستی کی دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے امن کے عزم کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتیں۔ سیکیورٹی فورسز نے ملک اور بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام، عوام کے تحفظ اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ خدمات اور لازوال قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے تمام ریاستی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *