خبرنامہ نمبر9760/2026
لاہور 8 نومبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل آج لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کی خیریت دریافت کی۔ گورنر بلوچستان نے چوہدری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ملک کے سینئر سیاسی رہنما ہیں اور انکی صحت و تندرستی زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے انکی صحتیابی اور تندرستی کیلئے بھی دعا کی۔
خبرنامہ نمبر9761/2026
کوئٹہ، 08 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی محبت، بھائی چارے، امن اور روشنیوں کا خوبصورت پیغام دیتی ہے۔ ایسے تہوار معاشرے میں باہمی احترام، رواداری اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں قومی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ہندو برادری نے بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔ بلوچستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب و عقیدہ مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے جان و مال، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ نفرتوں اور تعصبات کو ختم کرکے محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے ہندو برادری کے لیے خوشیوں، سلامتی، ترقی اور کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔
خبرنامہ نمبر9762/2026
کوئٹہ، 08 نومبر : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی متحرک اور باہمت سماجی رہنما امینہ شفیع نے ملاقات کی، جس کے دوران خضدار میں بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے جاری سماجی خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امینہ شفیع اپنی مدد آپ کے تحت ان بچوں کی سرپرستی اور تعلیم کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور انہیں معاشرے کا باوقار اور خودمختار شہری بنانے کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امینہ شفیع کے جذبہ انسانیت، حوصلے اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اصل عظمت دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے میں ہے۔ امینہ شفیع جیسی باہمت بیٹیاں ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی عملی جدوجہد سے انسانیت، ہمدردی اور احساس ذمہ داری کی روشن مثال قائم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانا محض ایک سماجی خدمت نہیں بلکہ عظیم انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ کسی بچے کو محض وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ریاست ایسے درد مند اور باہمت افراد کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے امینہ شفیع کی کوششوں میں حکومت بلوچستان اپنا کردار ادا کرے گی اور ان کے فلاحی مشن کے تسلسل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مخیر حضرات اور صاحب استطاعت افراد کو بھی چاہیے کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے آگے آئیں اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک بچے کی زندگی میں امید کا چراغ روشن کرنا درحقیقت پورے معاشرے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت بلوچستان معاشرے کے ایسے افراد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی جو ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر محروم اور ضرورت مند بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
خبرنامہ نمبر9763/2026
کوئٹہ، 08 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکر، فلسفہ خودی، خود اعتمادی اور عمل کا پیغام آج بھی پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری، اتحاد اور قومی تشخص کا شعور بیدار کیا۔ ان کے افکار نے ایک آزاد وطن کے تصور کو فکری بنیاد فراہم کی اور مسلمانوں کو اپنی الگ شناخت، تہذیب اور اجتماعی مستقبل کے حوالے سے نئی سمت دی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی محض ایک فکری تصور نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے، خود اعتمادی پیدا کرنے، مسلسل جدوجہد اور بلند مقاصد کے حصول کا عملی درس ہے۔ ان کا پیغام ہمیں مایوسی سے نکل کر امید، محنت اور کردار کی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کے لیے علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص نوجوان نسل کو اقبال کے پیغام علم، تحقیق، کردار سازی اور خود انحصاری سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں معیاری تعلیم، جدید علوم اور یکساں مواقع فراہم کرکے ملک و صوبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے ۔ علامہ اقبال کا پیغام ہمیں یقین، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کا راستہ دکھاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علامہ اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے اور علم، برداشت، خود اعتمادی اور قومی یکجہتی کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
خبرنامہ نمبر9764/2026
کوئٹہ 8 نومبر:مشیر محکمہ ترقی نسواں بلوچستان، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی (ستارہ? امتیاز) نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال> کی فکر و فلسفہ آج بھی قوم کے لیے فکری رہنمائی اور قومی ترقی کا روشن سرچشمہ ہے۔ اقبال> نے خودی، علم، کردار، خوداعتمادی اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک باشعور، باوقار اور خودمختار قوم کی تشکیل کا درس دیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ علامہ اقبال> نے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے، بلند مقاصد کے حصول اور علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ ان کے افکار ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ قوموں کی ترقی کا اصل راز تعلیم، مثبت سوچ، مضبوط کردار اور عملی جدوجہد میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اقبال> کے تصورِ خودی اور قومی بیداری میں خواتین کی تعلیم، تربیت اور معاشرتی کردار کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ایک تعلیم یافتہ، باشعور اور بااختیار عورت نہ صرف مضبوط خاندان بلکہ ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی خواتین اور نوجوان نسل کو تعلیم، ہنر، تحقیق اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اقبال> کے افکار کی روشنی میں خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی کو نئی سمت دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال> کا پیغام کسی ایک دور یا نسل تک محدود نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی علم، اتحاد، خودداری اور قومی خدمت کا مستقل درس ہے۔ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اقبال> کی فکر کو تعلیمی، سماجی اور عملی زندگی کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔
خبرنامہ نمبر9765/2026
کوئٹہ،08نومبر :وضاحت لسبیلہ پولیس بلوچستان پولیس کے ترجمان کے ایک وضاحتی بیان کے مطابق اوتھل بینک ڈکیتی پر بی بی سی اردو کی رپورٹ کے حوالے سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ یونیفارم سے ملتے جلتے کپڑوں کی آن لائن خریداری مشتبہ افراد کی وسیع مجرمانہ منصوبہ بندی کا صرف ایک عنصر تھا کہانی کے مرکزی مرکز کے طور پر اس کا انتخاب ایک گمراہ کن تاثر پیدا کرتا ہے کیونکہ یہ تفتیش کا اصل نتیجہ نہیں تھا۔ترجمان کے مطابق ڈکیتی فروری 2025 میں ہوئی تھی۔ ملزمان کی جانب سے اپنی شناخت چھپانے اور شواہد کو تباہ کرنے کی کوششوں کے باوجود پولیس کی مسلسل تحقیقات کے نتیجے میں مبینہ ماسٹر مائنڈ سمیت تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 170 ملین روپے کی مالیاتی لین دین کا سراغ لگایا گیا۔ اس کیس میں اہم پیش رفت ایک بڑی ڈکیتی کی کامیاب تفتیش ہے جس میں ایک پولیس افسر کو زخمی کرنے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی بھی شامل ہے جس کے نتیجے میں اس کی آنکھ ضائع ہوئی تھی۔ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ کپڑے کی آن لائن خریداری کو الگ تھلگ کرنا اور اسے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم کے طور پر پیش کرنا واقعاتی تفصیل کو غیر متناسب اہمیت دیتا ہے اور تحقیقات کے اہم نتائج کو دھندلا دیتا ہے ۔جوکہ صحافتی ڈمہ داری کے برعکس ہے۔
خبرنامہ نمبر9766/2026
کوئٹہ 8 نومبر۔ صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے 9 نومبر، یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مفکرِ اسلام، شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے 149 ویں یومِ ولادت کے موقع پر ہم پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 9 نومبر کا دن صرف ایک عظیم شخصیت کی پیدائش کی یادگار ہی نہیں بلکہ یہ فکری بیداری اور خودی کے احیائ کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال> نے اپنے افکار اور بلند ہایہ شاعری کے ذریعے امتِ مسلمہ کو غفلت کی نیند سے بیدار کیا۔ ان کا فلسفہِ خودی انسانی وقار، عزتِ نفس اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد رکھ کر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا خواب دیکھا، جسے قائد اعظم محمد علی جناح> کی قیادت میں حقیقت کا روپ ملا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ آج پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے افکارِ اقبال پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اقبال> نے نوجوانوں کو “شاہین” کا نام دیا اور ان سے بلند پروازی، خودداری اور مثبت فکر کی امید رکھی۔ آج کی نسلِ نو کو اقبال کے شاہین کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک و ملت کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے میدانِ عمل میں آنا ہو گا۔ اس یومِ اقبال پر ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم تعصب، فرقہ واریت اور ناامیدی کو ختم کر کے علامہ اقبال> کے بتائے ہوئے اصولوں یعنی اتحاد، تنظیم اور خودی کے پیغام کو عام کریں گے تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، باوقار اور پرامن ریاست بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر9767/2026
تربت8 نومبر :جامعہ تربت کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد طارق دُرّہ نے امریکا کی یونیورسٹی آف جارجیا سے شعبہ تعلیم میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے 7 نومبر 2026 کو یونیورسٹی آف جارجیا میں اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، شعبہ تعلیم کی چیئرپرسن رقیہ میروانی اور پوری یونیورسٹی کمیونٹی نے ڈاکٹر طارق دُرّہ کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے اپنے مبارکبادی پیغام میں اس کامیابی کو جامعہ تربت کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈاکٹر محمد طارق کی محنت، لگن اور علمی بصیرت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے جامعہ تربت میں پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران کی بڑھتی ہوئی تعداد کو معیاری تحقیق کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر9768/2026
کوئٹہ 08نومبر۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں انسدادِ گداگری مہم، 11 کم عمر بھکاری تحویل میں لے لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی ٹیم نے یوفون چوک، سرینا چوک، انسکمب روڈ اور میزان چوک سمیت مختلف علاقوں میں انسدادِ گداگری کے خلاف کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران 11 کم عمر بھکاریوں کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں منظم گداگری کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خبرنامہ نمبر 9769/2026
قلات:ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے ہندو برادری کو ان کے روایتی اور مذہبی تہوار دیوالی کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنی، خوشی، امن اور امید کا تہوار ہے، جو برائی پر اچھائی اور اندھیرے پر روشنی کی فتح کا عالمگیر پیغام دیتا ہے۔ہندو برادری نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور معاشرتی استحکام میں ہمیشہ اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔وزیراعلی بلوچسران کے وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ قلات تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور مکمل تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
معاشرتی بنیاد باہمی احترام، رواداری، بھائی چارہ اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی ایک پُرامن اور مضبوط معاشرے کے ضامن ہیں۔انجینئر عائشہ زہری نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے دعا کی کہ دیوالی کا یہ تہوار ہندو برادری کے لیے خوشیوں، امن، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے اور ہمارے ملک میں محبت، اخوت اور باہمی بھائی چارے کو مزید فروغ ملے۔
خبرنامہ نمبر 9770/2026
گوادر:رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے آنکاڑہ ڈیم روڈ کی تعمیر و بحالی کے کام کے آغاز کے موقع پر منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا .آنکاڑہ کور ڈیم روڈ طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث ملحقہ علاقوں کے عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی خصوصی کوششوں سے منصوبہ BSDI میں شامل کیا گیا، جس کے بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تقریباً 5.7 کلومیٹر طویل اور 12 فٹ چوڑی سڑک کی بحالی پر 9 کروڑ 89 لاکھ 96 ہزار 689 روپے لاگت آئے گی، جس میں کارپٹنگ اور چار پائپ کلورٹس کی تعمیر بھی شامل ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ آنکاڑہ ڈیم روڈ کی بحالی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع گوادر کے تمام دیہی علاقوں کو بہتر روڈ نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی جبکہ تحصیل اورماڑہ کے مختلف علاقوں میں روڈ کی منظوری اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس پر بھی تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ حالیہ بارشوں سے متاثرہ اس اہم شاہراہ کی بحالی سے ڈاٹگا، اورماڑہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو سفری مشکلات سے نجات اور محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے ضلع گوادر کے دیہی و ساحلی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر ہونے کے ساتھ عوامی، معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا.






