26th-October-2026

خبر نامہ نمبر9282/2026
کوئٹہ، 26 اکتوبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک ممتاز عسکری شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ بصیرت اور خدمات کے ذریعے پاک فوج اور ملک و قوم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی عسکری خدمات اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال سے ملک ایک قابل احترام اور تجربہ کار عسکری شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و حوصلہ دے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9283/2026
کوئٹہ، 26 اکتوبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سرکاری خدمات کی فراہمی میں بہتری اور ڈیجیٹل اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل نظام کے نفاذ اور انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نظام کے تحت ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں، جبکہ سرکاری امور میں مزید تیزی، شفافیت اور موثر فیصلہ سازی کے لیے سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام متعلقہ محکمے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ انتظامی معاملات کو زیادہ موثر اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس محض ٹیکنالوجی کے استعمال کا نام نہیں بلکہ یہ سرکاری نظام میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری امور کی انجام دہی میں بہتری لانے سے نہ صرف انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بھی بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ موثر اور جدید ڈیجیٹل نظام اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سرکاری فائلوں اور سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے، غیر ضروری تاخیر کم کرنے اور سرکاری معاملات کی نگرانی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور معاونت یقینی بنائی جائے تاکہ اصلاحاتی اقدامات کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے صوبائی انتظامی نظام کو زیادہ شفاف، فعال اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9284/2026
بارکھان، 26اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بارکھان احسان الدین کاکڑ اور فوکل پرسن محکمہ زراعت برائے کھاد میر نوروز خان کھیتران نے بارکھان مارکیٹ میں کھاد کی فزیکل ویری فکیشن کی۔ اس موقع پر کھاد کے تمام دکانداروں کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔اجلاس میں پری کرسرز ٹریکنگ اینڈ ٹریس ایبلٹی سسٹم (PTTS) کے نفاذ، دکانداروں کی رجسٹریشن اور انہیں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام نے دکانداروں کو درپیش مشکلات کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور حکومتی احکامات پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران کیمیکل پری کرسرز اور کھاد کی شفاف ترسیل، غیر قانونی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ دکانداروں کو پری کرسرز کمیٹی کے کردار اور متعلقہ ضوابط کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی ہدایات پر عمل درآمد، کھاد کی ترسیل کے نظام میں شفافیت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9285/2026
گوادر 26 اکتوبر ۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود و خصوصی تعلیم ضلع گوادر نے مختلف سماجی تنظیموں، ماہی گیر اتحادوں اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کو متعلقہ قوانین کے تحت رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کردی ہیں محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جاری مراسلہ مطابق ضلع گوادر میں کام کرنے بعض تنظیموں کی قانونی رجسٹریشن کے حوالے سے دستاویزات طلب کیے گئے ہیں۔ متعلقہ تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مجاز حکام اور متعلقہ قوانین کے تحت رجسٹریشن کا عمل مکمل کرکے مراسلے کے اجرا سے سات روز کے اندر رجسٹریشن کا ثبوت دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود میں جمع کرائیں۔مراسلہ جن تنظیموں کو ارسال کیا گیا ہے، ان میں زیر ماہی گیر اتحاد، باٹیل ماہی گیر اتحاد، کاروان ماہی گیر اتحاد، گوادر ماہی گیر اتحاد لیبر یونین، متحدہ ماہی گیر اتحاد اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن شامل ہیں محکمہ ہذا نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ تنظیموں کی سرگرمیوں کی معطلی یا پابندی سمیت قانونی اقدامات کیے جا سکتے ہیں
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9286/2026
26 اکتوبر کوئٹہ: صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دومڑ نے آج سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل نہایت توجہ، خلوص اور ہمدردی کے ساتھ سنے اس موقع پر صوبائی وزیر نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کو فوری، موثر اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے حاجی نور محمد خان دومڑ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل، ان کی داد رسی اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے درمیان موجود رہیں، ان کی مشکلات کو سنیں اور ان کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کریں، کیونکہ حقیقی خدمتِ خلق کا تقاضا یہی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدگی اور خلوص کا مظاہرہ کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت، مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اس موقع پر پی ایس موسیٰ کاکڑ، عرفان خان دومڑ اور کمال صاحب بھی موجود تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9287/2026
گوادر26 اکتوبر :گوادر ایمبولینس سروس کے زیراہتمام BRSP سپورٹ پروجیکٹ اور حکومتِ بلوچستان کے تعاون سے میونسپل کارپوریشن گوادر کے ہال میں نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کی قیادت کے فروغ کے لیے آگاہی و تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا، سماجی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا اور شہری و بلدیاتی امور میں ان کی موثر شرکت کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی تحصیل چیئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر تھے۔ اس موقع پر گوادر ایمبولینس سروس کے چیئرمین نسیم موسیٰ نے ادارے کی خدمات اور ہنگامی طبی امداد کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ عالی خان نے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد کی بنیادی تربیت فراہم کی۔ پروگرام میں ملا ثنائ اللہ، نوجوان رہنماوں اور سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حافظ جہانزیب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ میزبانی نعیم حکیم نے کی چیئرمین میونسپل کارپوریشن ماجد جوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا معاشرتی ترقی اور موثر مقامی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان شہری مسائل کے حل، عوامی خدمت اور بلدیاتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں، پروگرام میں نوجوانوں کو سماجی خدمت، تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی اور مقامی مسائل کے حل سے متعلق رہنمائی دی گئی۔ سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے علاقائی مسائل، طبی سہولیات اور ایمبولینس سروس سے متعلق سوالات کیے، پروگرام کے اختتام پر تحصیل چیئرمین ماجد جوہر نے شرکاء کو میونسپل کارپوریشن گوادر کا دورہ بھی کروایا گیا
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9288/2026
برشور:26 اکتوبر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چئیرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (QDA) اسفند یار خان کاکڑ نے پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی قوم، مسلح افواج اور بالخصوص بلوچستان اور کاکڑ قبیلے کے لیے ایک عظیم قومی سانحہ قرار دیا ہے،اپنے خصوصی تعزیتی بیان میں اسفند یار خان کاکڑ نے کہا کہ ہلالِ جرات اور نشانِ امتیاز (ملٹری) پانے والے جنرل عبدالوحید کاکڑ عسکری تاریخ کے ماتھے کا جھومر تھے،جنوری 1993 میں جب ملک شدید آئینی و سیاسی تعطل کا شکار تھا،انہوں نے پاک فوج کے 5 ویں چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر کمان سنبھالی اور اپنی خداداد سیاسی و عسکری بصیرت سے مشہورِ زمانہ ‘کاکڑ فارمولا’ کے تحت صدر غلام اسحاق خان اور وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے حاصل کر کے ملک کو ایک بڑے آئینی بحران سے بچایا،انہوں نے کہا کہ مرحوم جنرل نے 1995 میں جمہوریت کا تختہ الٹنے کی ایک بڑی سازش (مبینہ عباسی گروپ کی بغاوت) کو بے نقاب کر کے ملک میں جمہوری تسلسل اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا،اسفند یار خان کاکڑ نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ جنرل عبدالوحید کاکڑ نے الخالد ٹینک جیسے دفاعی منصوبوں کی سرپرستی کی اور اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت ملنے والی ملازمت میں توسیع (Extension) کو یکسر مسترد کر کے فوج کے اندر میرٹ اور روایت پسندی کی ایک اعلیٰ اور بے داغ مثال قائم کی،جو آج کے دور کے رہنماوں کے لیے رول ماڈل ہے،چئیرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسفند یار خان کاکڑ نے سوگوار خاندان اور کاکڑ قبیلے کے عمائدین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9289/2026
گوادر 26 اکتوبر ۔ادارہ ترقیات گوادر (GDA) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان اور چیئرمین ضلع کونسل گوادر شئے مختار کے تعاون سے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن (DFA) گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی کی زیرِ اہتمام جاری ڈسٹرکٹ جنرل لیگ فٹبال چیمپئن شپ 2026 کے آٹھویں روز دو مقابلے کھیلے گئے، جن میں ینگ بلوچ فٹبال کلب اور گزروان یونائیٹڈ فٹبال کلب نے کامیابی حاصل کی پہلے میچ میں ینگ بلوچ فٹبال کلب نے ینگ جان فٹبال کلب کو ایک صفر سے شکست دی، جبکہ دوسرے مقابلے میں گزروان یونائیٹڈ فٹبال کلب نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظہور شاہ فٹبال کلب کو تین صفر سے ہرا دیا
میچوں میں ریفری اور معاون عملے کے فرائض ایوب محمد، خالد شمے، واحد حاجی، واجد حیات، کامران اصغر اور شازمان نے انجام دیے، جبکہ ٹورنامنٹ کمشنر ماسٹر اصغر بابو اور اسسٹنٹ میچ کمشنر محمد شریف شاید بھی ذمہ داریاں نبھاتے رہے یہ چیمپئن شپ گوادر میں فٹبال کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنے اور صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے مثبت معاشرتی رجحانات کو تقویت دینا ہے
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9290/2026
26 اکتوبرکوئٹہ ۔صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ سے سابق صوبائی وزیر میر سکندر عمرانی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، صوبے کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران صوبے میں سیاسی استحکام، باہمی رابطوں کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت سیاسی مکالمے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماوں نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور تعمیری روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت سوچ، سنجیدہ مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کو اہمیت دی جانی چاہیے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9291/2026
26اکتوبرنصیرآباد۔۔۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں انسدادِ پولیو مہم کو موثر بنانے کے لیے مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے جائیں اور مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسدادِ پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر ایاز جمالی سمیت متعلقہ افسران شریک تھے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر یاسر نے کمشنر نصیرآباد ڈویڑن کو انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی کمشنر صلاح الدین نورزئی نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی مکمل تربیت یقینی بنائی جائے اور گزشتہ مہمات کے دوران کمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یونین کونسلز میں خصوصی توجہ دے کر کارکردگی بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز انسدادِ پولیو مہم کی خود نگرانی کریں اور فیلڈ میں ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کی کوریج اور مہم کے مقررہ اہداف کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ جن اضلاع میں ایل کیو ایس کے نتائج غیر تسلی بخش رہے ہیں، وہاں کی انتظامیہ مہم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرے اور خامیوں کو فوری دور کیا جائے، جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیرو ڈوز بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے مستقبل قریب میں خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ کمشنر نے ای پی آئی پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو مختلف مہلک اور وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام متعلقہ ڈیٹا کی بروقت اور درست انٹری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیٹا انٹری میں سستی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ پروگرام کی کارکردگی اور شفافیت کو جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان اس اہم معاملے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔ کمشنر نصیرآباد ڈویژن نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو مختلف وبائی اور قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کا مقررہ کورس مکمل کروائیں، کیونکہ والدین کی غفلت بچوں کی صحت اور مستقبل کو خطرناک بیماریوں سے دوچار کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اور بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیو ٹیموں اور والدین کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نصیرآباد ڈویژن کے ہر بچے کو حفاظتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9292/2026
لسبیلہ ، 26 اکتوبر۔ بلوچستان کے دور افتادہ ضلع آواران سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ میروانی نے اقوامِ متحدہ کے ادارے (FAO) کا باوقار “100 Women Heroes Award 2026” جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اٹلی کے شہر روم میں یہ تاریخی اعزاز حاصل کرنے کے بعد جب وہ وطن واپس لوٹیں، توانہوں نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن، سائرہ عطا سے خصوصی ملاقات کی کمشنر لسبیلہ ڈویژن نےانہیں اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے اقصیٰ میروانی کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچستان کی تمام نوجوان لڑکیوں کے لیے عزم، محنت اور کامیابی کی ایک روشن اور حوصلہ افزا مثال ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9293/2026
لسبیلہ ، 26 اکتوبر حب ڈیم سے پانی کی قلت کے سنگین بحران پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کا حب ڈیم پراجیکٹ حکام سےہنگامی ٹیلی فونک رابطہ اور جوائنٹ سروے کی ہدایت۔ضلع حب کے صنعتی زون اور شہری علاقوں کو پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کمشنر لسبیلہ ڈویڑن سائرہ عطاءنے ڈیم حکام کو وفاقی اداروں اور واپڈا کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کا حکم دیاہےکمشنر لسبیلہ نے واضح کیا کہ حب کے صنعتی زون اور عام شہریوں کو پانی کے بحران سے بچانے کے لیے تمام محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9294/2026
اورماڑہ، 26 اکتوبر ۔ اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور بارکت نے شہر کے چار سرکاری اسکولوں کا دورہ کرکے تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، دستیاب بنیادی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا اس سلسلے میں انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول غازی لین، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ایسٹ غازی لین، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کونٹاگی لین اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کونٹاگی لین کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حاضری رجسٹر چیک کیے اور اسکولوں میں جاری تدریسی عمل کا مشاہدہ کیا ان کا کہنا تھا کہ دورہ کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے، تعلیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی پابندی وقت اور طلبہ کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی اہمیت کی حامل ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9295/2026
کوئٹہ، 26 اکتوبر ۔ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی قومی و عسکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی وفات ایک افسوسناک خبر ہے۔ مرحوم نے اپنی عسکری زندگی میں ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، جنہیں ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی قومی و عسکری خدمات پاکستان کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں، جبکہ ان کی پیشہ ورانہ وابستگی اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔میر ظہور احمد بلیدی نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔ آمین۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9296/2026
گوادر 26 اکتوبر ۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مکران محمد عیسیٰ کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر میر جان کی نگرانی میں ضلع گوادر میں گداگری کی روک تھام کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی انسدادِ گداگری ٹیم نے گوادر پولیس کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گداگری میں مبینہ طور پر ملوث دو افراد کو تحویل میں لے لیا۔ دونوں افراد کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق مہم کا مقصد گداگری کی روک تھام، عوامی مقامات پر اس رجحان میں کمی اور مستحق و بے سہارا افراد کی شناخت کرکے انہیں فلاح و بحالی کے نظام سے منسلک کرنا ہے۔ اس ضمن میں قانون کی عمل داری کے ساتھ انسانی وقار، بنیادی حقوق اور ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9297/2026
کوئٹہ، 26 اکتوبر۔ بلوچستان میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو مزید موثر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبودِ آبادی (یو این ایف پی اے) نے حکومتِ چین کے تعاون سے بین الادارہ جاتی تولیدی صحت کی کٹس صوبائی محکمہ صحت کے حوالے کردیں۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں یو این ایف پی اے کی صوبائی سربراہ مسز سعدیہ عطا نے کٹس محکمہ صحت کے حکام کے حوالے کیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین مندوخیل اور ماں، نومولود اور بچوں کی صحت کے پروگرام (ایم این سی ایچ) کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے کٹس وصول کیں، جبکہ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر آصف شاہوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔یہ طبی سامان ضلع خضدار، تربت (کیچ) اور لورالائی میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز کی ضروریات کے تفصیلی اور شواہد پر مبنی جائزے کے بعد فراہم کیا گیا ہے۔ ان کٹس کا مقصد زچگی کے دوران طبی سہولیات کی مسلسل فراہمی، ہنگامی زچگی کی نگہداشت اور تولیدی صحت کی خدمات کو موثر بنانا ہے، تاکہ متعلقہ اضلاع میں ماوں اور نومولود بچوں کو بروقت اور ضروری طبی امداد کی فراہمی میں مدد مل سکے۔ اس موقع پر ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ صحت عامہ کے نظام کا ایک اہم جزو ہے اور اس کے لیے بروقت طبی سہولیات کی دستیابی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت کی کٹس کی فراہمی سے متعلقہ اضلاع میں زچگی کے دوران ہنگامی طبی ضروریات پوری کرنے اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر گل سبین اعظم کے مطابق، دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین اور نومولود بچوں کو معیاری طبی خدمات تک رسائی فراہم کرنا ایم این سی ایچ پروگرام کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یو این ایف پی اے اور حکومتِ چین کے تعاون سے طبی عملے کی استعداد کار میں اضافے اور ماں و بچے کی صحت کے تحفظ کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ صحت حکام نے یو این ایف پی اے اور حکومتِ چین کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا تعاون طبی سہولیات میں موجود اہم ضروریات پوری کرنے، مقامی طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے اور بلوچستان میں صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ماں، نومولود اور بچوں کی صحت کے پروگرام (ایم این سی ایچ) کی خدمات اور کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبر نامہ نمبر9298/2026
کوئٹہ، 26 اکتوبر۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں ادارے کے غیر ضروری انتظامی اخراجات کم کرنے، تنظیم نو اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری فیصلے کیے گئے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ادارے کے انتظامی اخراجات میں کمی کے ذریعے بچت سے حاصل ہونے والے وسائل مزید طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے کے لیے بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کی جا سکے اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ ایک اہم ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد طلبہ کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے نوجوانوں کی معاونت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی تنظیم نو کے ذریعے اس کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے گی اور انتظامی اخراجات میں کمی کے ساتھ دستیاب وسائل کو زیادہ موثر انداز میں استعمال کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے بچوں، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو اسکالرشپس کی فراہمی ایک اہم اقدام ہے جو تعلیم تک مساوی رسائی اور معاشرے کے مختلف طبقات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسکالرشپس کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنایا جائے، تاکہ وظائف حقیقی معنوں میں مستحق طلبہ تک پہنچ سکیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اور مستحق و باصلاحیت طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ خالد ماندائی نے ادارے کی کارکردگی اور امور سے متعلق بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان نے ادارے کے موجودہ اخراجات اور مجوزہ تنظیم نو کے نتیجے میں متوقع فوائد پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے، غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور بچت سے حاصل ہونے والے وسائل کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لیے استعمال کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
پریس ریلیز
26 اکتوبر کوئٹہ۔شہید کامران جان خراسانی انٹر اسکول فٹبال ٹورنامنٹ کوئٹہ کی افتتاحی تقریب سردار یار محمد بڑیچ ریلوے فٹبال گراونڈ، جوائنٹ روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر صفدر نواز اور ملک سعید خان بڑیچ تھے افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سردار محمد ادریس خان بڑیچ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن جناب ریاض احمد بھنگر تھے جنہوں نے باقاعدہ کک آف کرکے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا تقریب میں حاجی نورالدین خراسانی، پرنسپل عزیزالرحمٰن، میر لیاقت لاشاری، علاقے کے دیگر معززین، مختلف اسکولوں کے اسپورٹس انچارجز اور فٹبال سے محبت کرنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ٹورنامنٹ میں کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کی فٹبال ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں گورنمنٹ سینٹرل ہائی اسکول جوائنٹ روڈ، ہیلپر پبلک اسکول اینڈ کالج کوئٹہ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نواب اکبر بگٹی سریاب، گورنمنٹ جامع ہائی اسکول ہدہ کوئٹہ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول خروٹ آباد، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول وحدت کالونی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کچلاک شامل ہیں افتتاحی تقریب کے دوران تمام شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گراونڈ میں مارچ کیا اور مہمانانِ گرامی کے ہمراہ گروپ تصاویر بنوائیں۔ مہمانانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں نے طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوان نسل کی جسمانی و ذہنی نشوونما، کردار سازی اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ٹورنامنٹ کے منتظمین صفدر نواز اور ملک سعید خان بڑیچ نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، تعلیمی اداروں کے سربراہان، اسپورٹس انچارجز، کھلاڑیوں اور شائقینِ فٹبال کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر9299/2026
ہرنائی26 اکتوبر۔ ضلع ہرنائی میں صحت اور فیلڈ سرگرمیوں کے موثر نفاذ اور استعداد کار میں بہتری کے سلسلے میں یونین کونسل ہرنائی رورل میں فیلڈ ٹیموں کی تربیت اور مانیٹرنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس اور تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ اس سیشن کا بنیادی مقصد فیلڈ ورکرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور عوامی سطح پر فراہم کی جانے والی طبی و حفاظتی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔تربیتی سیشن اور مانیٹرنگ کے اس عمل کے دوران یونین کونسل میڈیکل آفیسر (یو سی ایم او)، ایریا اِن چارجز (اے آئی سیز) اور فرنٹ لائن ورکرز (ایف ایل و س) نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیلڈ کے دوران درپیش چیلنجز، حفاظتی تدابیر اور کمیونٹی موبلائزیشن کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔موقع پر موجود حکام نے فیلڈ ورکرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام تک رسائی کو مزید موثر بنایا جائے اور تمام تر دیہی علاقوں میں ویکسی نیشن اور بنیادی صحت کی فراہمی کے عمل کو شفاف اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ورکرز ضلع کی صحت مند بنیادوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی تربیت اور کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔تربیتی سیشن کے اختتام پر شرکاء نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ضلع ہرنائی کے ہر کونے تک صحت کی بہتر سہولتیں اور آگاہی پہنچانے کے لیے جذبے اور دیانت داری سے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبرنمبر9300/2026
26اکتوبرجعفرآباد۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کا دورہ کرکے ترقیاتی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات بلڈنگز جعفرآباد عتیق الرحمن کی ہدایات کی روشنی میں سب ڈویڑنل آفیسر محمد صدیق زہری نے ڈپٹی کمشنر کو گورنمنٹ بوائز اسکول، ڈگری کالج اور سول ہسپتال کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور جاری تعمیراتی کاموں کے معیار، پیش رفت اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو پی سی ون میں طے شدہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کا تعلق تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں سے ہے، اس لیے ان کی بروقت اور معیاری تکمیل انتہائی ضروری ہے تاکہ طلبہ، مریضوں اور عام شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کرکے عوام کو ان کے ثمرات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبرنمبر9301/2026
کوہٹہ 26 اکتوبر ۔سیکریٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، غذائیت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے حکومتی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کو باہمی تعاون کے ذریعے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جناح ٹاون کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے دن 2026 کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا مرکزی موضوع بہتر ساتھ، بہتر مستقبل تھا، جس کا مقصد باہمی تعاون، پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔اقوام متحدہ کی صوبائی پروگرام ٹیم کی جانب سے ون یو این (ONE UN) کے پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ اس تقریب میں بلوچستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور مختلف شعبوں میں حکومتِ بلوچستان کے ساتھ تعاون کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر اقوام متحدہ کی صوبائی پروگرام ٹیم کے چیئرمین ذوالفقار درانی نے بلوچستان میں اقوام متحدہ کے جاری اقدامات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے حکومتی معاونت پر روشنی ڈالی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ نصیر شاہ اور اسکول کی پرنسپل عابدہ مینگل نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں طلبہ و طالبات نے بچوں کی غذائیت، صحت اور تندرستی کے موضوع پر ایک معلوماتی خاکہ پیش کیا، جبکہ کچن گارڈننگ (گھریلو باغبانی) کی سرگرمی کے ذریعے صحت مند خوراک، متوازن غذا اور غذائیت کی اہمیت اجاگر کی گئی۔تقریب کے دوران اقوام متحدہ کے دن کی مناسبت سے اہم پیغامات بھی شرکاءتک پہنچائے گئے۔ اختتام پر ڈاکٹر فارعہ احسن نے تمام مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ باہمی تعاون، معیاری تعلیم، صحت مند معاشرے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم کے ذریعے ہی ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبرنمبر9302/2026
لہڑی 26 اکتوبر ۔صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان چیف سردار کوہیار خان ڈومکی نے ڈومکی ہاوس لہڑی میں حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے عوام سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و شکایات سنے۔ اس موقع پر انہوں نے بعض مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔اس موقع پر سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری اور ترقیاتی عمل کو موثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ضروریات کو ترجیح دینا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ عوامی نمائندے کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حلقے میں عوامی خدمت اور ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 9303/026
کوئٹہ 26 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آپ سب گواہ ہیں کہ میں نے یونیورسٹی سینیٹ کے ہر اجلاس میں یکطرفہ فیصلوں کی بجائے اجتماعی دانش اور مشترکہ فیصلوں کو ہمیشہ آولیت دی ہے۔ سینیٹ اجلاس کے طے شدہ فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کی مناسبت سے متعلقہ یونیورسٹی کو واضح ٹاسک دیتا ہوں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متعلقہ وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کو خصوصی طور پر جوابدہ ٹھہراتا ہوں۔ آج تمام یونیورسٹیوں کے امور میں شفافیت، ڈسپلن اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی اس حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں جن میں صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ میں دوگنا بہتری آئی ہے۔ میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے تاہم بہت کچھ کرنا اب بھی باقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں میرچاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے پانچویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد حلیمی، سینیٹر دوستین ڈومکی، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عالم ترین، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالمالک اچکزئی، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی سمیت تمام سینیٹ ممبران بھی موجود تھے۔ سبی یونیورسٹی کے پانچویں سینیٹ اجلاس کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خصوصی ہدایت دی کہ مذکورہ یونیورسٹی میں ٹیچنگ فیکلٹی کی کمی کو 15 دن کے اندر پورا کیا جائے۔ یونیورسٹی کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کیلئے دیگر اداروں سے تعاون اور رہنمائی حاصل کرنا ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ گورنر مندوخیل نے واضح کیا کہ جہاں وہ ہر سرکاری یونیورسٹی کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھتے ہیں وہیں انتظامی اور تدریسی عملے کے جائز حقوق اور مراعات کے تحفظ و فراہمی کیلئے بھی بھرپور معاونت کرتے رہتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈرن اسکلز ڈیولپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس معاشرے کی معاشی و معاشرتی تعمیر و ترقی میں بامعنی شراکت کے قابل بن سکیں۔ میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے 5ویں سینیٹ اجلاس کے ممبران کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

خبرنامہ نمبر 9304/026
سیوی 26 اکتوبر 2026:
کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان نے ڈویژنل پبلک سکول سیوی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلباء سے تعلیمی سرگرمیوں، نصاب اور مختلف مضامین کے حوالے سے سوالات کیے، جن کے ذریعے طلباء کی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کے معیار کا جائزہ لیا۔ کمشنر عرفان اللہ خان نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ طلباء محنت، لگن اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور اساتذہ کا احترام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر کمشنر سیوی ڈویژن نے اساتذہ سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور نئی نسل کی بہتر تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور ان کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، تدریسی معیار اور مثبت تعلیمی ماحول کو برقرار رکھا جائے تاکہ طلباء کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ دورے کے دوران کمشنر عرفان اللہ خان نے شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اور پودا لگا کر ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا ماحول کے تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی ضروری ہے۔ طلباء اور اساتذہ کو بھی شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ترغیب دی۔

خبرنامہ نمبر 9305/026
سیوی 26 اکتوبر2026:
کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان کو محکمہ فشریز کی مجموعی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور محکمے سے متعلق امور کے حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران محکمہ فشریز کی کارکردگی، آبی وسائل کے تحفظ اور فشریز کے شعبے کی بہتری سے متعلق امور پر روشنی ڈالی گئی۔ کمشنر عرفان اللہ خان نے محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور محکمہ فشریز کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں تمام محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

خبرنامہ نمبر9306/026
زیارت 26اکتوبر 2026:
صوبائی وزیر سی ایم ڈی اور چئیرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نور محمد خان دمڑ کا سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عبدالوحید کاکڑ (ریٹائرڈ) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ مرحوم کی پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہےصوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کا مرحوم جنرل عبدالوحید کاکڑ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیااللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے، آمین

خبرنامہ نمبر9307/026
زیارت26 اکتوبر 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی،صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ،منسٹر لائیو سٹاک ،سیکرٹری لائیو سٹاک ،ڈی جی لائیو سٹاک کی ہدایات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان، ضلع زیارت کی جانب سے ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر ڈاکٹر نوید احمد کی سربراہی میں تحصیل سنجاوی کی یونین کونسل بغاو میں فری ویٹرنری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا بنیادی مقصد مالداروں کو ان کی دہلیز پر مفت ویٹرنری طبی سہولیات فراہم کرنا، مویشیوں میں مختلف امراض کی بروقت تشخیص و علاج اور حفاظتی ویکسینیشن کو یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے مویشی پال حضرات کو طبی سہولیات کی فراہمی اور جانوروں کی صحت و تندرستی کے حوالے سے اقدامات کیے گئے۔ محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان کے اس اقدام کا مقصد مال مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنا، ان کی صحت بہتر بنانا اور مالدار طبقے کو ان کی مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کے علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

خبرنامہ نمبر9308/026
کوئٹہ، 26 اکتوبر2026:۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے مجسٹریٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) اور ورکرز ویلفیئر بورڈ (WWB) کے اسٹیٹ آفیسر کے ہمراہ لیبر کالونی میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران عوامی پارکس میں قائم مستقل تجاوزات اور غیر قانونی نجی تعمیرات کو مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے کے معاونت سے مسمار کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے واضح کیا کہ سرکاری املاک کا تحفظ اور عوامی مقامات کو غیر قانونی قبضوں سے پاک رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور عوامی تفریحی مقامات کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی.

خبرنامہ نمبر9309/026
بارکھان26 اکتوبر 2026:
ڈپٹی کمشنر بارکھان کا BSDI ترقیاتی اسکیموں کا دورہ، تعمیراتی معیار اور جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ نے ایکسین بلڈنگز (B&R) طارق شیرانی کے ہمراہ BSDI کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا دورہ کیا اور منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بستی حکیمانی گرلز اسکول میں دو نئے کمروں کی تعمیر، بستی لاکھا دھم اسکول میں مرمتی کام اور گورنمنٹ ڈگری کالج بارکھان میں آئی ٹی لیب کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سعید الرحمٰن کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ BSDI کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں میں تعمیراتی معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت، ناقص معیار اور غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بناتے ہوئے منصوبوں کے ثمرات طلبہ اور عوام تک پہنچائے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر9310/026
کوئٹہ 26اکتوبر۔2026: ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر آگاہی پر مبنی سائن بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔ ان سائن بورڈز کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی گئی ہے۔اس اقدام کا مقصد 27 اکتوبر کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا، کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور عوام میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔ سائن بورڈز پر درج پیغام ”ظلم کے یہ سائے لمبے ہیں، مگر دائمی نہیں“ مظلوم کشمیری عوام کے عزم، حوصلے اور آزادی کی امید کی عکاسی کرتا ہے۔
27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کی جموں و کشمیر میں آمد کو پاکستان میں یومِ سیاہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ اس دن کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، پابندیوں اور دیگر مظالم کے خلاف آواز بلند کی جاتی ہے۔ یہ دن کشمیری عوام کی قربانیوں کو یاد کرنے اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی جانب مبذول کرانے کا اہم موقع ہے۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے شہر کے مختلف نمایاں مقامات پر سائن بورڈز کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد عوام کو اس دن کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی۔ ظلم و جبر کے باوجود امید، حوصلے اور انصاف کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

خبرنامہ نمبر9311/026
نصیرآباد
26 اکتوبر 2026:
اُستا محمد۔۔۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری کا سول ہسپتال کا دورہ نئی موصول ہونے والی ادویات کے اسٹاک کا معائنہ کیا تفصیلات کے مطابق آج ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد رمضان پلال کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد اسماعیل لاشاری نے سول ہسپتال اُستا محمد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کو حال ہی میں موصول ہونے والی ادویات کے اسٹاک کا تفصیلی معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی ریکارڈ اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زین العابدین اور فارماسسٹ محمد عالم ابڑو بھی موجود تھے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں موصول ہونے والی ادویات ان کے اسٹاک اور متعلقہ ریکارڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ہسپتالوں میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کا شفاف ریکارڈ مرتب کرنا اور انہیں ضرورت کے مطابق مستحق مریضوں تک پہنچانا بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو علاج معالجے کے سلسلے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ادویات کی مناسب دیکھ بھال اور ان کے اسٹاک کا باقاعدہ ریکارڈ برقرار رکھا جائے جبکہ ادویات کی تقسیم میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی ہمدردی اور احترام سے پیش آنا طبی عملے کی بنیادی ذمہ داری ہے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ شعبہ صحت سے وابستہ تمام افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری احساسِ ذمہ داری پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کے تحت ادا کریں کیونکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ہسپتالوں کی کارکردگی ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا

خبرنامہ نمبر9312/026
کوئٹہ۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیے کے مطابق مورخہ 27 اکتوبر 2026ء کو صوبے بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔اس موقع پر صبح 10 بجے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔یومِ سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال کی جانب مبذول کرانا ہے۔

خبرنامہ نمبر9313/026
نصیرآباد
26 اکتوبر 2026:
اُستا محمد:ل۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری کا پولیو ورکرز کے تربیتی سیشن کا دورہ تربیت کے معیار اور فرائض کی ذمہ داری سے ادائیگی پر زور واضح رہے کہ آج ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد رمضان پلال کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد اسماعیل لاشاری نے سول ہسپتال اُستا محمد میں پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو ورکرز کے لیے منعقدہ تربیتی سیشن کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے ورکرز سے ملاقات کی اور تربیتی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ان سے بات چیت کی
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پولیو ورکرز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری بڑی حد تک پولیو ٹیموں پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشن کا بنیادی مقصد ورکرز کو پولیو مہم کے طریقۂ کار بچوں کو قطرے پلانے کے درست طریقے گھر گھر جا کر بچوں تک رسائی والدین سے مؤثر رابطے اور مہم کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے
انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے ورکرز پر زور دیا کہ وہ تربیتی سیشن میں دی جانے والی ہدایات کو پوری توجہ اور سنجیدگی سے سمجھیں اپنے سوالات کے ذریعے ابہام دور کریں اور مہم کے آغاز سے قبل اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا امکان باقی نہ رہے
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہر ورکر اپنی ذمہ داری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے پوری لگن محنت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوئی بچہ رہ نہ جائے اس مقصد کے لیے گھر گھر مؤثر رسائی بچوں کی درست نشاندہی والدین کو آگاہی اور مہم کے دوران مقررہ طریقۂ کار پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس قومی مقصد کے حصول کے لیے والدین اساتذہ قبائلی و سماجی عمائدین اور معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون بھی ناگزیر ہے والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے

خبرنامہ نمبر9314/026
تربت 26 اکتوبر 2026: تربت یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کے طلباء نے مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بائیو کیمسٹری لیبارٹری کے بارے میں ایک معلوماتی اورانٹرایکٹو اورینٹیشن سیشن میں شرکت کی۔سیشن کے دوران طلباء کے علاوہ جامعہ تربت کے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر ظفر علی، ڈاکٹر اسماء حیات اور کیا بھی موجود تھے۔ سیشن کی میزبانی میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر صغیر نے کی، جنہوں نے طلبہ کو لیبارٹری کے مختلف آلات، طریقہ کار، پروٹوکول اور بائیو کیمیکل تجزیے و طبی تشخیص میں ان کے استعمال سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر صغیر نے طلباء کے سوالات کے پیشہ ورانہ انداز میں جوابات بھی دیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر علی نے سیشن کے انعقاد میں تعاون پر میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور ڈاکٹر صغیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے طلباء کو عملی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی، قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے جامعہ تربت کے عزم کا اعادہ کیا۔

خبرنامہ نمبر9315/026
تربت، 26 اکتوبر 2026: ڈائریکٹر کالجز، محکمہ ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان، پروفیسر محمد حسین بلوچ نے ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز مکران، پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت کا دورہ کیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ظہیر احمد نے معزز افسران کا استقبال کیا اور انہیں کالج کی تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں، نصابی امور اور تعلیمی عمل کے تسلسل کے حوالے سے بریفنگ دی۔دورے کے دوران ڈائریکٹر کالجز نے کالج کے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ و اساتذہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی پیش رفت، تدریسی عمل اور درس و تدریس سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔بعد ازاں ڈائریکٹر کالجز بلوچستان پروفیسر محمد حسین بلوچ اور ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز مکران پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں اور تدریسی عمل کے تسلسل کا جائزہ لیا گیا۔ معزز افسران نے کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور تدریسی عمل میں عملے کی مصروفیت کو سراہا۔
اس دورے کا مقصد ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور تدریسی عمل کے معیار و تسلسل کے حوالے سے صورتِ حال سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔

خبرنامہ نمبر 9316/026
کویٹہ 26 اکتوبر 2026:
وزیراعلیٰ بلوچستان انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 27 اکتوبر بروز منگل صبح 10:30 بجے نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ، ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوگی۔
اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ لیاقت لہڑی ہونگے ۔ جبکہ ڈی سی کویٹہ اور ای ڈی او ایجوکیشن کویٹہ بھی شرکت کریں گے ۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد اسکولوں کے طلبہ میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا ہے۔ اس ایونٹ کے ذریعے طلبہ کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند مسابقت کے مواقع فراہم ہوں گے۔

خبر نامہ نمبر 2026/9317
کوئٹہ27 اکتوبر:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے، اس دن بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر غیر قانونی قبضے کی بنیاد رکھی۔ پاکستان کے عوام بالخصوص بلوچستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔ یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے۔ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، معصوم شہریوں کے قتل اور خواتین پر مظالم کی اطلاعات نہایت تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بھاری موجودگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ کشمیری عوام آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کی آزادی کی خواہش اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے عزم کی عکاس ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل ہوگا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن بنایا جائے گا۔
خبر نامہ نمبر 2026/9318
کوئٹہ26 اکتوبر:ـمحکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ومنشیات بلوچستان نےضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان اور سب ڈویژن دوبندی کے مختلف علاقوں میں انسدادِ بھنگ مہم 2026 کے تحت مشترکہ کارروائیاں جاری رکھی ہیں، جن کے دوران برروز اتوار مزید 240 ایکڑ اراضی سے بھنگ ،چرس کی فصل تلف کر دی گئی، جس کے بعد مہم کے آغاز سے اب تک تلف کی جانے والی بھنگ کی فصل کا مجموعی رقبہ 1,377 ایکڑ پر منشیات کی کاشت کو تلف کیا گیا ہے۔محکمہ ایکسائز کے حکام کا کنہا تھا کہ اس موقع پر،ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر گلستان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینٹی نارکوٹکس فورس ،ایف سی کی 77 ونگ کے کیپٹن شاویز، ڈی ایس پی گلستان، انٹیلی جنس بیورو ملٹری انٹیلی جنس اور ایف سی آئی یو کے نمائندے شریک ہیں۔ افسران کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران پولیس، فرنٹیئر کور، اے این ایف اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے دو مختلف مقامات پر آپریشن کیا۔ ٹیم اے نے تحصیل قلعہ عبداللہ کے علاقے مندانہ، فراخی اور سب ڈویژن دوبندی میں کارروائی کرتے ہوئے 35 ایکڑ اراضی سے بھنگ کی فصل تلف کی، جبکہ ٹیم بی نے تحصیل گلستان کے علاقے نورک میں 205 ایکڑ اراضی کو بھنگ کی کاشت سے پاک کیا افسران نے کہا کہ انسدادِ بھنگ مہم کے تحت متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی، جبکہ مشترکہ ٹیمیں ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے ذریعے منشیات کی پیداوار کی روک تھام کے لیے سرگرم عمل رہیں گی۔
خبر نامہ نمبر 2026/9319
تربت26 اکتوبر:_ڈائریکٹر کالجز، محکمہ ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان، پروفیسر محمد حسین بلوچ نے ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز مکران، پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ انٹر گرلز کالج آبسر کا دورہ کیا۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل پروفیسر عزیزہ امان نے افسران کا استقبال کیا اور انہیں کالج کے تعلیمی امور اور جاری تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر کالجز اور ڈویژنل ڈائریکٹر مکران نے طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی مواقع کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ادارے کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر طالبات نے اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنے اور تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔پرنسپل پروفیسر عزیزہ امان نے دورے، حوصلہ افزائی اور مسلسل تعاون کی یقین دہانی پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد حسین بلوچ اور ڈویژنل ڈائریکٹر مکران پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *