خبرنامہ نمبر6999/2026
کوئٹہ۔ 26 اگست :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پمز اسلام آباد میں پیش آنے والے المناک سانحے میں معصوم نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کا اس المناک سانحے میں جاں بحق ہونا انتہائی دلخراش اور پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ اس کربناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ اور کرب کو محسوس کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار والدین و اہل خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم بچوں کی جدائی کا غم انتہائی کربناک ہے، اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں حوصلہ عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر7000/2026
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی خصوصی ہدایات پر 12 ربیع الاول کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع، مؤثر اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں عید میلاد النبی ﷺ کے مذہبی جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔معاونِ برائے داخلہ بلوچستان بابر خان
یوسفزئی نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی اور قابلِ تعریف انتظامات کیے گئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی ذمہ داری، فرض شناسی اور جذب? خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے، جس پر وہ پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران و اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12 ربیع الاول سے قبل ہی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا تھا، جس کے تحت مذہبی جلوسوں کے روٹس، اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور دیگر اہم تنصیبات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار پوری ذمہ داری کے ساتھ مختلف مقامات پر تعینات رہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دن بھر شدید ذمہ داری اور الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دیے اور جلوسوں کے شرکاء، شہریوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی۔ جلوسوں کے روٹس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں، اہم مقامات اور حساس پوائنٹس پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کوئٹہ کے مرکزی جلوس میں شریک ہوئے اور موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے افسران و جوانوں کی موجودگی، مستعدی اور پیشہ ورانہ اندازِ کار قابلِ ستائش تھا۔ اہلکاروں نے نہ صرف مذہبی جلوسوں کے روٹس پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں بلکہ عوام اور جلوس کے شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔معاونِ برائے داخلہ نے کہا کہ 12 ربیع الاول جیسے اہم مذہبی موقع پر امن و امان کا قیام ایک بڑی ذمہ داری تھی، جسے بلوچستان پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور انداز میں نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ صوبے میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے، جو سیکیورٹی اداروں کی بہترین حکمتِ عملی، باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ مذہبی تہواروں اور عوامی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ وہ بلوچستان پولیس، ایف سی، انتظامیہ اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے فرائض انتہائی جانفشانی، بہادری اور ذمہ داری سے انجام دیے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بھی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ شہریوں، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، جلوس کے منتظمین اور تمام شرکاء کے بھی شکر گزار ہیں۔ باہمی تعاون، نظم و ضبط اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہترین کارکردگی کے باعث عید میلاد النبی ﷺ کا یہ مقدس موقع بلوچستان بھر میں امن، عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
خبرنامہ نمبر7001/2026
کوئٹہ، 26 اگست :صوبائی مشیر محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی دلخراش سانحہ قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی اس المناک انداز میں ہلاکت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس نے ہر صاحبِ دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ نومولود بچے اپنے والدین کے لیے امید، خوشی اور روشن مستقبل کی علامت ہوتے ہیں اور ایسے معصوم بچوں کا اس طرح دنیا سے چلے جانا انتہائی تکلیف دہ اور ناقابلِ بیان صدمہ ہے۔انہوں نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ سوگوار والدین اور اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے اور جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ اس نوعیت کے واقعات نہ صرف انتہائی افسوسناک ہیں بلکہ اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کا تقاضا بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی مکمل، غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، واقعے کے تمام محرکات اور وجوہات سامنے لائی جائیں اور اگر کسی سطح پر غفلت، لاپروائی یا انتظامی کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان، بالخصوص نومولود بچوں کی زندگی کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات، بجلی کے نظام، ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات اور ایمرجنسی رسپانس کے طریقہ? کار کا باقاعدگی سے معائنہ اور مؤثر نگرانی ناگزیر ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اسپتالوں، بالخصوص نرسریوں، نیونٹل یونٹس، انتہائی نگہداشت کے شعبوں اور بچوں کے وارڈز میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور طبی و معاون عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے باقاعدہ تربیت اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس دلخراش سانحے سے سبق لیتے ہوئے طبی اداروں میں حفاظتی نظام کا ازسرِنو جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا تدارک کیا جاسکے اور اسپتالوں میں زیرِ علاج بچوں، مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر7002/2026
گوادر26 اگست 2026 : صوبائی حکومت کی صحتِ عامہ کے شعبے میں اصلاحات، بنیادی مراکزِ صحت کو فعال بنانے، عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے نظام میں مؤثر نگرانی و بروقت رپورٹنگ کے اقدامات کے تحت پیپلز پرائمری ہیلتھ کئر انیشی ایٹو پی پی ایچ آئی گوادر کے ضلعی منیجر ڈاکٹر منیر احمد بلوچ نے بنیادی مراکزِ صحت نلینٹ اور کپر کا اچانک دورہ کیا دونوں بی ایچ یوز میں حاضری رجسٹر چیک کیا اور تمام متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود پایا گیا ڈاکٹر منیر احمد بلوچ نے طبی و انتظامی ریکارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اس موقع پر انہوں نے عملے کو DHIS-2 کے تحت روزانہ و ماہانہ رپورٹنگ، کمیونٹی سپورٹ گروپ کے اجلاسوں اور ماہانہ DHIS ایپ میں بروقت و درست رپورٹنگ کے حوالے سے آن جاب تربیت فراہم کی انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کی صحتِ عامہ پالیسی کے مطابق مراکزِ صحت میں عملے کی حاضری، مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی، ریکارڈ کی درستگی اور رپورٹنگ کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔
خبرنامہ نمبر7003/2026
گوادر؍ اورماڑہ 19 اگست 2026: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور رورل ہیلتھ سینٹر اورماڑہ کے انچارج ڈاکٹر علی اکبر لال نے بنیادی مرکزِ صحت بل اورماڑہ کا دورہ کیا اور بنیادی مرکز صحت میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، عملے کی حاضری اور دیگر طبی امور کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈاکٹر علی اکبر لال نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور مرکزِ صحت میں صفائی سمیت تمام بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دی بنیادی مرکزِ صحت کی مجموعی کارکردگی اور عوام کو درپیش طبی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں.
خبرنامہ نمبر7004/2026
گوادر26 اگست2026: طالبات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں چار روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جو 25 اگست سے 28 اگست تک جاری رہے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ تربیتی پروگرام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار و عملی زندگی کے لیے تیار کرنے کے وژن کا حصہ ہے، جس کی نگرانی مشیرِ وزیراعلیٰ برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کر رہی ہیں اس ورکشاپ میں طالبات کو قیادت، مؤثر ابلاغ، کاروباری و پیشہ ورانہ مہارتوں، سی وی کی تیاری اور انٹرویو کی تیاری سمیت اہم عملی مہارتیں سکھائی گئیں۔ تربیت کا مقصد طالبات میں خوداعتمادی پیدا کرکے انہیں مستقبل کے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور کاروباری مواقع کے لیے تیار کرنا ہے تربیتی ورکشاپ میں ڈاکٹر عبدالمجید ناصر، محترمہ قرۃ العین اور ڈاکٹر غلام جان کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئے، جن میں طالبات نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر7005/2026
اُستا محمد: 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کنٹرول روم قائم، مرکزی جلوس کی سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی کی واضح رہے کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر مرکزی جلوس مذہبی اجتماعات اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی غرض سے اُستا محمد شہر میں خصوصی سیکیورٹی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے کنٹرول روم کا قیام ایس پی اُستا محمد حافظ معاذ الرحمٰن کی زیرِ نگرانی عمل میں لایا گیا ہے ایس پی اُستا محمد حافظ معاذ الرحمٰن خود کنٹرول روم میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ مرکزی جلوس کے روٹس اہم مقامات اور دیگر حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے کنٹرول روم میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو شہر میں جاری مذہبی سرگرمیوں جلوس کی نقل و حرکت اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ پولیس ٹیموں کو اطلاع دے کر بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ایس پی اُستا محمد نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مرکزی جلوس کے روٹس داخلی و خارجی راستوں عبادت گاہوں اور دیگر حساس مقامات پر بھرپور چوکس رہیں اور فرائض منصبی پوری ذمہ داری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
خبرنامہ نمبر7006/2026
بارکھان؍رکھنی۔خبرنامہ 26 اگست 2026؍ملک بھر کی طرح کوہِ سلیمان ڈویژن کے شہر بارکھان اور رکھنی میں بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول ﷺ نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔جشنِ میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس بائی پاس پر واقع فیضانِ مدینہ مسجد سے برآمد ہوا، جس میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس مختلف بازاروں اور مقررہ راستوں سے گزرا، جہاں شہریوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ جلوس بعد ازاں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بائی پاس پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے دوران شرکاء نے درود و سلام کا ورد کیا اور “مرحبا مرحبا یا رسول اللہ ﷺ” اور “سرکار کی آمد مرحبا” کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے سبز پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔جلوس کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ ڈی ایس پی رکھنی جبار مینگل اور ایس ایچ او رکھنی منور کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری جلوس کے آگے اور اطراف میں تعینات رہی، جس کے باعث جلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔اختتام پر علماء کرام اور قاری صاحبان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت اور عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملک و قوم کی سلامتی اور علاقے میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی
خبرنامہ نمبر7007/2026
ساؤتھ ڈیرہ بگٹی 26 اگست :12 ربیع الاول کے موقع پر سوئی، زین لوٹی اور ڈیرہ بگٹی میں عاشقانِ رسول ﷺ نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے مذہبی جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران، ایف سی بلوچستان اور پولیس فورس کے افسران و اہلکاروں نے جلوسوں کے روٹس اور اہم مقامات پر موجود رہ کر سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی اور شرکاء کو بھرپور تحفظ فراہم کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی جلوسوں کی منظم انداز میں برآمدگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے گئے ضلعی انتظامیہ، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی مربوط حکمت عملی کے باعث مذہبی اجتماعات اور جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔
خبرنامہ نمبر7008/2026
سیوی 26 اگست :12 ربیع الاول کے موقع پر سیوی میں عاشقانِ رسول ﷺ نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے مذہبی جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ سیوی کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے۔ کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض، ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی اور ایس ایس پی سیوی عبدالحمید نے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جلوسوں کے روٹس اور اہم مقامات پر موجود رہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی جلوسوں کی منظم انداز میں برآمدگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات، ٹریفک کی روانی اور دیگر ضروری امور کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی گئی، جس کے باعث 12 ربیع الاول کے مذہبی جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔
خبرنامہ نمبر7009/2026
سیوی؍بختیارآباد 26 اگست : 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر بختیارآباد میں عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے مذہبی جلوس نکالا گیا۔ جلوس غوثیہ مسجد سے برآمد ہوا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا المکہ پیٹرول پمپ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں سینکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب کے دوران حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹ پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیتے رہے جبکہ جلوس کی نگرانی اور شرکاء کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنائے گئے۔
خبرنامہ نمبر7010/2026
تربت: مکران میڈیکل کالج تربت کے طلبہ نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایم بی بی ایس کے دوسرے پیشہ ورانہ سالانہ امتحان برائے تعلیمی سال 2023-24 میں بلوچستان بھر کے میڈیکل کالجز میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے کے لیے ایک نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق مکران میڈیکل کالج کی طالبہ ماہرا نے 634 نمبر، یعنی 90.6 فیصد حاصل کرکے صوبے بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ میر جعفر خان بلوچ نے 627 نمبر، یعنی 89.6 فیصد حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔مکران میڈیکل کالج کے طلبہ کی اس شاندار تعلیمی کامیابی پر کالج کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، پرنسپل ڈاکٹر محمد افضل اور کالج کی پوری انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔کالج انتظامیہ کے مطابق یہ نمایاں کامیابی طلبہ کی انتھک محنت، اساتذہ کی مؤثر تدریسی رہنمائی، پرنسپل ڈاکٹر محمد افضل کی فعال قیادت اور ادارے میں معیاری طبی تعلیم کے فروغ کے لیے جاری مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ مکران میڈیکل کالج کے طلبہ کی صوبائی سطح پر یہ کامیابی نہ صرف ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ بلوچستان میں طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کے لیے متحرک کرنے میں بھی اہم پیش رفت ہے۔ یہ کامیابی مکران میڈیکل کالج کے تعلیمی معیار اور اس کے طلبہ و اساتذہ کی صلاحیتوں کا واضح اظہار ہے۔
خبرنامہ نمبر7011/2026
خضدار 26 اگست :12 ربیع الاول کے موقع پر خضدار میں عاشقانِ رسول ﷺ نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے مذہبی جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ خضدار کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے۔ کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی نے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جلوسوں کے روٹس اور اہم مقامات پر موجود رہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی جلوسوں کی منظم انداز میں برآمدگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات، ٹریفک کی روانی اور دیگر ضروری امور کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی گئی، جس کے باعث 12 ربیع الاول کے مذہبی جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔
خبرنامہ نمبر7012/2026
کوئٹہ 26 اگست ۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف عمر اور اسسٹنٹ کمشنر پنجپائی عبدالقیوم نے بروری روڈ اور جوائنٹ روڈ پر مشترکہ کارروائی کی۔اس کارروائی کے دوران مختلف دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں اشیائے خورونوش کی قیمتوں، معیار، صفائی کی صورتحال اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی، گرانفروشی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے، جبکہ بعض دکانداروں کو آئندہ خلاف ورزی سے باز رہنے کی سخت وارننگ بھی دی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے واضح کیا کہ گرانفروشی، سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور ناقص صفائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
خبرنامہ نمبر7013/2026
کوئٹہ 26اگست۔ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کچرا پوائنٹس، عوامی واش رومز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مختلف جائیدادوں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ایڈمنسٹریٹر نے شہر میں صفائی کی صورتحال، کچرا اٹھانے کے انتظامات، واش رومز کی حالت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جائیدادوں سے متعلق امور کا موقع پر جائزہ لیا۔بشیر احمد بڑیچ نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، کچرا پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنائی جائے اور عوامی واش رومز کی صفائی و دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ کارپوریشن کی جائیدادوں کے تحفظ اور مناسب استعمال کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ایڈمنسٹریٹر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہری مسائل کے فوری ازالے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے فیلڈ میں موجودگی مزید یقینی بنائی جائے اور صفائی سمیت دیگر میونسپل امور کی نگرانی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔
خبرنامہ نمبر7014/2026
کوئٹہ 26اگست۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی مسلسل نگرانی میں 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے تمام جلوس اور مجالس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگئے۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن سریاب عزت اللہ اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے سکیورٹی اداروں اور اہلکاروں کے ہمراہ جلوسوں میں مسلسل موجود رہ کر سکیورٹی و انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔تمام جلوسوں کو سخت سکیورٹی نگرانی میں مقررہ روٹس سے گزارا گیا جبکہ اختتام پر فول پروف سکیورٹی کے حصار میں شرکاء کو بحفاظت واپس پہنچایا گیا۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ صفائی، صحت، ریسکیو اور ایمبولینس کی سہولیات بھی یقینی بنائی گئیں۔ مختلف محکموں اور متعلقہ اداروں نے اپنے فرائض بھرپور انداز میں انجام دیے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کی باہمی رابطہ کاری اور مؤثر نگرانی کے باعث 12 ربیع الاول کے تمام پروگرامز پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔
خبرنامہ نمبر7015/2026
جعفرآباد: جشن عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ضلع جعفرآباد کے مختلف علاقوں سے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ ریلیوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ شرکاء کی حفاظت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔ ڈیرہ اللہ یار میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔ شرکاء نے درود و سلام، نعت رسول مقبول ﷺ اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں سے فضا کو معطر کردیا۔ جلوس کے راستوں پر شہریوں کی جانب سے مختلف مقامات پر استقبال کیا گیا جبکہ شرکاء میں لنگر اور شربت بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں مختلف انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا اور جلوس کے روٹس، صفائی، ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ ملک بھر کی طرح ضلع جعفرآباد میں بھی مذہبی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا، ضلعی انتظامیہ نے عاشقان رسول ﷺ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن کا پیغام دیتا ہے، اس لیے تمام مکاتب فکر کو باہمی احترام اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عظیم دن کی خوشیاں منانی چاہئیں۔
خبرنامہ نمبر7016/2026
تربت ۔ گورنمنٹ بوائزماڈل ہائی اسکول تربت میں پرنسپل اکبر اسماعیل کی زیر صدارت عید میلاد النبی ﷺ کا پروگرام انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ12 ربیع الاول کا دن ہمارے لیے کسی عید سے کم نہیں۔ یہ وہ مبارک دن ہے جب رحمتِ عالم ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے اور انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کا راستہ دکھایا۔اس موقع پر پروگرام میں مفتی نزیر احمد ،مولانا جمشیر ، اصغر رسول ، عبدالحمید اور طلباء نے اپنی تقریریں پیش کیں۔ اس دوران پرنسپل اکبر اسماعیل نے تمام اساتذہ، طلباء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس بابرکت محفل کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں حضور ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر7017/2026
گوادر26 اگست2026: جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر گوادر میں پُرجوش اور روح پرور جلوس نکالا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس موسیٰ موڑ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا ملا فاضل چوک پہنچا، جہاں جلسہ منعقد ہوا۔شرکاء نے نعتیں، درود و سلام پیش کرتے ہوئے حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ جلسے سے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، رواداری، اخوت اور بھائی چارے کا بہترین عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کامیابی کے لیے ہمیں سیرتِ رسول ﷺ اور سنتِ مبارکہ کو اپنی زندگی کا عملی حصہ بنانا ہوگا۔جشنِ میلاد کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوس کے روٹ اور جلسہ گاہ کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے
خبرنامہ نمبر7018/2026
گوادر، 26 اگست 2026ء: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومت بلوچستان کی پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے نیو ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کی شکایات اور مسائل کے ازالے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر نگرانی متنازعہ پلاٹوں سے متعلق دونوں فریقین کو طلب کرکے آمنے سامنے ان کے مؤقف سنے جا رہے ہیں، جبکہ متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام دعوؤں اور حقائق کو غیر جانب دارانہ انداز میں جانچا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سماعت کے دوران تمام متعلقہ فریقین کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور طویل عرصے سے زیر التوا معاملات کو شفاف، منصفانہ، عملی اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حقیقی متاثرین کو ریلیف کی فراہمی اور جائز حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ کسی بھی معاملے کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ، حقائق اور قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر7019/2026
صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے دلخراش آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔میر ظہور بلیدی نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کا المناک واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، جس پر ہر دل غمزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے والدین اور اہلخانہ جس کرب اور ناقابلِ تلافی نقصان سے گزر رہے ہیں، اس دکھ میں ہم ان کے برابر کے شریک ہیں۔ اس سانحے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے والدین و لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر 7020/2026
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے جشن عید میلادالنبی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت کا مظہر ہے۔ آپ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کیلئے محبت، اخوت، عدل، برداشت اور امن کا ایسا روشن نمونہ ہے جس سے آج بھی پوری دنیا رہنمائی حاصل کر سکتی ہے۔ 12 ربیع الاول کا بابرکت دن ہمیں نبی کریم کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ آپکی تعلیمات، اسوۂ حسنہ اور عظیم کردار کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا پیغام دیتا ہے۔ رسول اکرم نے انسانیت کو توحید، عدل و انصاف، بھائی چارے، رحم و شفقت اور احترامِ انسانیت کا درس دیا جبکہ آپ کی سیرتِ مبارکہ آج بھی ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل و مشکلات کا مقابلہ باہمی اتحاد، اتفاق، اخوت اور یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امت کے وسیع تر مفاد میں متحد ہوں اور دنیا کے سامنے اسلام کے حقیقی پیغامِ امن و محبت کو اجاگر کریں۔جشن عید میلادالنبی کا تقاضا ہے کہ ہم صرف عقیدت و محبت کا اظہار ہی نہ کریں بلکہ نبی کریم کی تعلیمات پر عملدرآمد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ خاصکر یتیموں، غریبوں اور مستحق افراد کی مدد کریں، معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بنیں اور اپنے کردار و عمل سے رحمت، شفقت اور انسان دوستی کو فروغ دیں۔ گورنر جعفرخان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جشن عید میلادالنبی کی برکت سے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق، امن و خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے، عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر صدقِ دل سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
خبرنامہ نمبر 7021/2026
کوئٹہ 26 اگست: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس المناک واقعے پر پوری قوم غمزدہ ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر جعفرخان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق معصوم بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ آمین
خبرنامہ نمبر 7022/2026
زیارت26اگست: صوبائی وزیر سی ایم ڈی اور چئیرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ نے پمز کے المناک سانحے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،پمز کے سانحے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم کو محسوس کرتے ہیں، اس کٹھن گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے،
خبرنامہ نمبر 7023/2026
زیارت/سنجاوی: صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ نے خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے زیارت، سنجاوی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارتی، کاروباری اور روزگار کے نئے مواقع میسر آنے کی امید ہے افتتاحی تقریب میں پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ موسیٰ خیل، ٹھیکیدار ایم پی آئی کنسٹرکشن کمپنی کے اونر فضل کریم مندوخیل، فوکل پرسن حاجی باز محمد دمڑ، محمد عرفان دمڑ، پی ایس ٹو صوبائی وزیر موسیٰ کاکڑ، ڈسٹرکٹ چیئرمین ستار کاکڑ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین حبیب اللہ پانئیزئی، قبائلی رہنما غوث پانئیزئی، حاجی محمد عظیم، ملک ایاز زخمیل، عزیز اللہ اور عمران پانئیزئی، سردار عجب خان تارن اور حاجی اللہ نور سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، زیارت اور سنجاوی کے معتبرین و معززین اور علاقے کے دیگر افراد موجود تھے اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ موسیٰ خیل نے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کو خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کے مختلف مراحل، تعمیراتی کام اور پیش رفت سے آگاہ کیا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا منصوبہ 14.46 ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جو علاقے کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تکمیل سے زیارت، سنجاوی اور گردونواح کے عوام کو آمدورفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے بھی سفری فاصلہ اور مشکلات کم ہوں گی۔ شاہراہ کی تعمیر سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور امپورٹ و ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ سڑکیں صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ کسی بھی علاقے کی معاشی ترقی، تجارت، صنعت، زراعت اور روزگار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کی تکمیل سے اس خطے کو ملک کے دیگر علاقوں سے بہتر انداز میں منسلک کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی لوگوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ علاقے کی مجموعی معاشی و سماجی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی اس موقع پر زیارت اور سنجاوی کے عوام، معتبرین اور معززین نے خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کے لیے ایک تاریخی اور دور رس اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کی عوامی خدمت، مسلسل کاوشوں اور علاقے کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی کہ شاہراہ کی تکمیل کے بعد نہ صرف عوام کو محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ زیارت، سنجاوی اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں، تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 7024/2026
چمن:ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کا جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پیغام*
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمدِ مبارک اللہ تعالیٰ کی جانب سے انسانیت پر عظیم احسان اور ہدایت و رحمت کا ابدی پیغام ہے۔ آپ ﷺ کی پوری زندگی انسانیت کے لیے اعلیٰ اخلاق، حسنِ کردار، محبت، امن، عدل، مساوات، رواداری اور باہمی احترام کی روشن مثال ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے کردار و عمل سے انسانوں کو ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے، ظلم و ناانصافی سے اجتناب اور معاشرے میں خیر و بھلائی کو فروغ دینے کا عملی درس دیا۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں اس عظیم ہستی کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگیوں کا جائزہ لینے اور اسوۂ رسول ﷺ کو عملی طور پر اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمارے لیے محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرنے والا مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے توحید، عدل و انصاف، مساوات، بھائی چارے، رحم و شفقت اور احترامِ انسانیت کی ایسی تعلیمات عطا فرمائیں جو ایک مضبوط، پُرامن اور فلاحی معاشرے کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ دور میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کا مقابلہ اتحاد، اتفاق، اخوت اور باہمی یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہمیں سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر امت کے وسیع تر مفاد میں متحد ہونا چاہیے اور دنیا کے سامنے اسلام کے حقیقی، پُرامن، روشن اور انسان دوست پیغام کو اجاگر کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت کو محض الفاظ اور تقریبات تک محدود نہ رکھیں بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنے کردار اور عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ بالخصوص یتیموں، غریبوں، ناداروں اور مستحق افراد کی مدد، معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا اور انسانیت کے ساتھ حسنِ سلوک کو فروغ دیں۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ جشنِ میلادالنبی ﷺ کے اس بابرکت موقع پر عہد کریں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں سیرتِ طیبہ ﷺ کو رہنمائے عمل بناتے ہوئے معاشرے میں محبت، برداشت، بھائی چارے، امن اور انسان دوستی کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی برکت سے پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق، امن، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے، عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات اور مسائل کا خاتمہ فرمائے اور ہمیں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر صدقِ دل سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
خبرنامہ نمبر 7025/2026
جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیرِ صدارت عوام کو آب نوشی کی فراہمی اور درپیش مسائل کے تدارک کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جعفرآباد میں کینالز کے ذریعے پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے، تاہم ایک واٹر سپلائی اسکیم کو تاحال پانی فراہم نہ ہونے کے باعث پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور علاقہ مکینوں کو پانی کی ترسیل کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، محکمہ عوام کو آب نوشی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہےاس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ عوام کو آب نوشی کی فراہمی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اولین ذمہ داری ہے، پانی کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، کینالز کے ذریعے واٹر سپلائی اسکیمز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایریگیشن، ضلعی انتظامیہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے،جبکہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے واٹر کورسز سے کسی صورت زرعی زمینوں کی کاشت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر آب نوشی کے تمام تالابوں کو پانی سے بھر کر عوام کو پینے کے پانی کی ضروریات پوری کی جائیں۔
خبرنامہ نمبر 7026/2026
موسیٰ خیل:ضلع موسیٰ خیل میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر سیکیورٹی، صفائی اور دیگر بلدیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس ایس پی کلیم اللہ کاکڑ اور دوسرے ضلعی افسران، سیکیورٹی حکام، شعبہ صحت کے نمائندوں اور مقامی علماء و عمائدین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی آمد کا دن امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ برکت و مسرت ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کو مکمل امن و امان، مذہبی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منعقد کیا جائےاجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے اور دی گئی ۔
ہدایات:
پولیس فورس کو جلوسوں اور محافلِ میلاد کے روٹس پر کڑی نگرانی، چیکنگ اور مناسب نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ میونسپل کمیٹی کو شہر اور گردونواح کی سڑکوں، جلوس کی گزرگاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات اور اسٹریٹ لائٹس کو فعال رکھنے کی تاکید کی گئی۔ محکمہ صحت (DHQ و BHUs) کو ایمرجنسی میں الرٹ رہنے، جلوس کے روٹس پر طبی کیمپ قائم کرنے اور ایمبولینس سروسز کو تیار رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ لاؤڈ اسپیکر کے قانون، اشتعال انگیز تقاریر یا وال چاکنگ کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے علماء کرام، مفتیانِ کرام اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور تقریبات کو پرامن طریقے سے سنبھالنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔








