خبرنامہ نمبر4988/2026
کوئٹہ، 20 جون: قلعہ سیف اللہ میں نوجوان کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کے افسوسناک واقعہ میں ملوث مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کی گرفتاری اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس سنگین اور انسانیت سوز واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھناونے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت یا معافی کے مستحق نہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے مقدمہ کی مؤثر قانونی پیروی کی جائے گی۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ انصاف کی فراہمی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اس نوعیت کے سفاک اور مجرمانہ کردار نہ صرف قانون بلکہ انسانی اقدار کے بھی دشمن ہیں، لہٰذا ایسے عناصر کا سخت احتساب ناگزیر ہے شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت کے مطابق واقعہ کی تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی ذمہ دار شخص قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان، مال اور عزت و وقار کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور ایسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔
خبرنامہ نمبر4989/2026
بارکھان20 جون :ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بارکھان احسام الدین کاکڑ اور نائب تحصیلدار رکھنی کریم بخش کی نگرانی میں رکھنی میں سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران سرکاری زمین پر ناجائز طور پر تعمیر کی گئی متعدد دکانوں اور مکانات کو مسمار کر دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام سرکاری اراضی کو واگزار کرانے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تعمیرات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم کرنے یا قبضہ کرنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مروجہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ بارکھان سرکاری املاک کے تحفظ، تجاوزات کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر4990/2026
سکھر: سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد مدثر ظفر کھوسہ نے ایگزیکٹو انجینئر کیرتھر کینال غلام محمد بادینی کے ہمراہ سکھر بیراج کا دورہ کیا جہاں ایس ای ایریگیشن سندھ افتخار احمد لانگو نے انہیں زرعی پانی کی تقسیم اور بیراج پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سندھ ایریگیشن کے افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن نصیر آباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا کہ کیرتھر کینال میں بلوچستان کو اس کے جائز حصے کا پانی فراہم نہیں کیا جا رہا جس کے باعث استامحمد جعفرآباد سمیت مختلف علاقوں کے کاشتکار شدید پانی کی قلت کا شکار ہیں جبکہ بعض مقامات پر پینے کے پانی کی بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی ہدایت پر سندھ کی کینالز میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جہاں پانی کی ترسیل جاری ہے، تاہم بلوچستان کو دریائے سندھ سے ملنے والا پانی اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔کیرتھر کینال میں 24سو کیوسک پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ ایریگیشن حکام سکھر بیراج پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرتے ہوئے کیرتھر کینال میں بلوچستان کے حصے کا پانی فوری فراہم کریں تاکہ کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اس حوالے سے بلوچستان حکومت بھی سندھ اعلیٰ حکام سے روابط میں ہیں جائزے کے موقع پر دیکھا گیا ہے کہ سندھ میں وافر مقدار میں پانی دستیاب ہے اس لیے بلوچستان کے کاشتکاروں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے جائز حصے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بلوچستان کے کاشتکاروں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔
خبرنامہ نمبر4991/2026
نصیر آباد 20جون :سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد مدثر ظفر کھوسہ نے ٹیمپل شاخ کے آر ڈی 73، آر ڈی 64، آر ڈی 54 اور آر ڈی 34 سمیت مختلف مائنرز کا دورہ کرکے زرعی پانی کی فراہمی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمپل شاخ کے ٹیل تک موجود کاشتکاروں کو ہر صورت میں مقررہ حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پانی کی ترسیل میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران سب ڈویژنل آفیسر سید امجد شاہ، انجینئرز امتیاز علی کھوسہ اور وسیم احمد بہرانی نے زرعی پانی کی ترسیل اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مدثر ظفر کھوسہ نے کہا کہ تمام انجینئرز اور فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے، نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شاخ کے آخری سرے تک پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی ہو اور کاشتکاروں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ تمام کمانڈ ایریاز کو سیراب کرکے کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے محکمہ ایریگیشن اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے کاشتکاروں کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح کا حصہ ہے.
خبرنامہ نمبر4992/2026
سیوی 20 جون:کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر سیوی میجر(ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایات پر چئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک کے احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سیوی کی نگرانی میں بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں صبح سویرے ہی متحرک ہو گئیں اور شہر کے نشیبی علاقوں، اہم سڑکوں اور گلی محلوں میں جمع پانی کے اخراج کے لیے بھاری مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا۔ نکاسی آب کے اس عمل کا مقصد شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا، ٹریفک کی روانی بحال رکھنا اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر فوری قابو پانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نکاسی آب کے کام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ بارش کے باعث کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ رہ سکے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر4993/2026
لورالائی20جون :ضلع لورالائی کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے چھ روزہ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ یونیورسٹی آف لورالائی میں آفاق فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی اور جدید تدریسی مہارتوں سے استفادہ کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسیب شجاع تھے ۔تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد اساتذہ کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، تدریسی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا، کلاس روم مینجمنٹ، مؤثر ابلاغ، طلبہ کی نفسیاتی و تعلیمی رہنمائی، اور سیکھنے کے جدید طریقہ ہائے تدریس سے روشناس کرانا تھا۔ ماہر ٹرینرز اور تعلیمی ماہرین نے مختلف سیشنز کے دوران شرکاء کو عملی مشقوں، گروپ سرگرمیوں اور تجرباتی تعلیم کے ذریعے جدید تدریسی تکنیکوں سے آگاہ کیا۔پروگرام کے اختتامی سیشن سے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسیب شجاع ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، لہٰذا ان کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جدید دور کے تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اساتذہ کو جدید مہارتوں اور تدریسی رجحانات سے باخبر رکھنا ناگزیر ہے۔شرکاء نے تربیتی پروگرام کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ حاصل ہونے والی مہارتیں ان کی تدریسی کارکردگی کو بہتر بنانے اور طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لورالائی اورآفاق فاؤنڈیشنکی جانب سے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسیب شجاع نے یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر،ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ انتظامیہ اور آفاق فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام ضلع میں معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو تعلیمی شعبے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو خصوصی تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ علم اور مہارتوں کو اپنے اداروں میں بروئے کار لا کر تعلیمی معیار کی بہتری میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
خبرنامہ نمبر4994/2026
موسیٰ خیل 20 جون :ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق کی زیر صدارت کسان کارڈ کی ایکٹیویشن، کسان کارڈ کے فوائد اور کسان کارڈ کیلئے نئی رجسٹریشن کے حوالے سے تمام تحصیلوں میں محکمہ زراعت کے ایگریکلچرل افیسرز اور فیلڈ اسسٹنٹ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے زراعت کی ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے زراعت کے عملے کو تفصیلی بریف کیا اور کہا کہ پورے ضلع میں کسانوں تک سہولیات پہنچانے کے لئے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے تاکہ بروقت کسانوں کے مسائل حل کئے جائیں کسانوں کوآگاہ کیا جائے کہ کسان کارڈ کی سہولیات کیسے حاصل کی جاسکتی ہیں اور کسان کارڈ سے کس طرح کسان کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اجلاس میں موجود زراعت کے عملے نے اس بات کا عہد کیا کہ حکومت بلوچستان کی کاکردگی کے ثمرات بہت جلد کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو انکی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے ۔
خبرنامہ نمبر4995/2026
موسی خیل20جون:ایس پی موسی’ خیل کلیم اللہ کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او توئی سر عبد القیوم موسی’ خیل نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے چند روز قبل پیش آنے والے ایک واقعہ میں قتل ہونے والے شخص عیدنور کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قاتلوں کو حوالات میں بند کردیا۔ واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایچ او توئی سر عبد القیوم موسی’ خیل نے کہا کہ چند روز قبل ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل توئی سر میں جو انتہائی افسوسناک اور ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، جس میں عید نور نامی ایک غریب اور بے قصور انسان کو بے دردی سے شہید کیا گیا اور اس کی جمع پونجی لوٹ کر لاش کو کوئلے کی کان میں چھپا دیا ایس پی موسی’ خیل کلیم اللہ کاکڑ نے واقعے کا فوری نوٹس لیکر ایس ایچ او توئی سر کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی ٹیم نے خفیہ طور پہ تفتیش کا عمل شروع کیا علاقے میں خفیہ پوچھ گچھ کے بعد معلومات حاصل کرکے آخر کار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا اور لوٹی گئی رقم بھی بحقِ سرکار برآمد کر لی گئی ہے ۔گرفتار ملزمان مقتول کے اپنے قریبی رشتے دار ہیں ملزمان دونوں بھائیہیں جن کے نام عبد الستار ولد بلوچ ہلالزئی اورپالے ولد بلوچ ہلالزئی ہیں۔ اس بروقت کاروائی پہ عوام نے ایس پی موسی’ خیل کلیم اللہ کاکڑ اور ایس ایچ او عبد القیوم موسی’ خیل کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایس پی موسی’ خیل نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز تک انصاف میسر ہو عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور یہ سب عوام کے تعاون سے ممکن ہوتا ہے.
خبرنامہ نمبر4996/2026
زیارت 20جون کمشنر سبی ڈویژن، اسداللہ فیض نے ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی اور میجر عامر (ایف سی 155 ونگ) کے ہمراہ الہجرہ ریزیڈینشل اسکول اینڈ کالج زیارت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شبیر احمد بارچ نے انہیں ادارے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نے مختلف تعلیمی و تدریسی سہولیات کا معائنہ کیا، طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں محنت اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے الہجرہ کی جانب سے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو مفت معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں انہوں نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کیے اور ادارے کی جانب سے یادگاری شیلڈ وصول کی۔
خبرنامہ نمبر4997/2026
زیارت 20جون :کمشنر سبی ڈویژن، اسداللہ فیض نے ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی ایف سی 155 ونگ میجر عامر، اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کاشانی ،صوبیدار فتح محمد زہری کے ہمراہ قائد اعظم ریزیڈنسی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر سبی ڈویژن نے ایف سی کنٹرول روم کا دورہ کیا،سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ قائداعظم ریزیڈنسی ہمارا قومی ورثہ ہیں ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کا فرض ہے اس موقع پر کمشنر نے افسران اورریزیڈنسی کے سٹاف کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا
خبرنامہ نمبر4998/2026
زیارت20جون :کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر زیارت جناب عبد القدوس اچکزئی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال زیارت میں بی ایس ڈی آئی فیزII- اسکیم “ہیٹنگ ارینجمنٹ برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال” کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میجر عامر (155 ونگ ایف سی)، اسسٹنٹ کمشنر زیارت عبداللہ کاشانی،ڈی ایچ او محمد رفیق مستوئی ایکسین بلڈنگ عرفان خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان الدین اور صوبیدار فتح زہری بھی موجود تھے۔اس اسکیم کے تحت ہسپتال میں 12 انورٹر اے سیز نصب کیے گئے ہیں جن کے لیے 12 بیٹریاں اور 22 سولر پلیٹس بھی لگائی گئی ہیں۔ یہ نظام موسم سرما اور موسم گرما میں ہسپتال کیلئے بلا تعطل سہولت فراہم کرے گا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان الدین نے کمشنر سبی ڈویژن کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات اور بہتر پبلک سروس ڈلیوری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، عملے کی حاضری پر خصوصی توجہ دی جائے اور موجودہ کمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر4999/2026
زیارت، 20جون :کمشنر سبی ڈویژن، اسداللہ فیض کی زیر صدارت بی ایس ڈی آئی سکیمات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی اور میجر عامر (ایف سی 155 ونگ) نے شرکت کی۔ اجلاس میں بی ایس ڈی آئی کے تمام سکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سبی ڈویژن نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سکیمات کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ جلد ہی عوام مستفید ہوسکے۔
خبرنامہ نمبر5000/2026
زیارت، 20جون : کمشنر سبی ڈویژن، اسداللہ فیض کی زیر صدارت ڈی سی سی،ڈی آئی سی سی کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی اور میجر عامر (ایف سی 155 ونگ) نے شرکت کی اجلاس میں امن وامان کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں خانی کراس تا سنجاوی روڈ تعمیراتی کام کے کمپنی کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا اور پوست کے خلاف ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی قیادت میں زبردست کام پر شاباش دی اور زرعی انکم ٹیکس کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا۔
خبرنامہ نمبر 5001/2026
کوئٹہ، 20 جون 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم پاکستان اور جمہوریت کی عالمی علامت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی شہید پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک درخشاں باب اور وفاقِ پاکستان کی مضبوطی، جمہوریت، عوامی حقوق اور قومی یکجہتی کی دائمی علامت تھیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ، آئین کی بالادستی اور وفاقی اکائیوں کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ چاروں صوبوں کو ایک مضبوط رشتے میں پروئے رکھنے والی قومی رہنما تھیں جنہوں نے پاکستان کو ایک متحد، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے بے مثال کردار ادا کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں بلکہ وہ محروم طبقات، خواتین، نوجوانوں اور کمزور طبقات کی امید اور آواز بھی تھیں۔ انہوں نے سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا اور ایک ایسے پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کی جدوجہد کی جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، عزت، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی سیاسی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور عوامی وابستگی کے ذریعے پاکستان کے جمہوری سفر میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور قربانیاں ملک میں جمہوری روایات، عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ایک عظیم قومی سانحہ تھی، تاہم ان کا نظریہ، سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے اور پاکستان کے کروڑوں عوام بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کی جدوجہد ہر اس شخص کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہے جو جمہوریت، مساوات، رواداری اور انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی امین ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوری استحکام، سماجی انصاف، عوامی خوشحالی اور آئینی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار، وژن اور عوامی خدمت کے جذبے سے تجدیدِ عہد کرنا چاہیے تاکہ ایک جمہوری، ترقی یافتہ، پرامن اور عوام دوست پاکستان کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔





