خبرنامہ نمبر9087/2025
کوئٹہ20 دسمبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جمہوریت اور آزاد صحافت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر صحافت متعلقہ حکام کو جوابدہ بنانے اور متنوع آوازوں کو سننے کیلئے حکومت اور عوام کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہر نیا دور اپنے ساتھ نئی ??اقدار اور روایات لاتا ہے جسکے نتیجے میں نئے تقاضوں اور ضرورتوں کو جنم ملتا ہے۔ میڈیا اینڈ جرنلزم انڈسٹری کو بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سوشل میڈیا کی تیزرفتار ترقی کے تناظر میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہیں۔ متعلقہ اور موثر رہنے کیلئے میڈیا اینڈ جرنلزم سے وابستہ افراد اگر جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کرنے اور اپنی ذہنی سطح بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائیں تو ان کیلئے متعدد خطرات و خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنرہاوس کوئٹہ میں سمائ ٹی وی کے بیورو چیف جلال نورزئی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں بلوچستان کے سینئر جرنلسٹ شہزادہ ذوالفقار اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسان کا رشتہ قلم اور کاغذ کے ساتھ ہمیشہ کیلئے ختم ہو رہا ہے گویا ہم پین لیس اور پیپر لیس مستقبل میں داخل ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں میڈیا اینڈ جرنلزم کا پورا منظرنامہ ایک گہری تبدیلی سے گزر رہا ہے۔ دنیابھر کے بڑے میڈیا ہاؤسز میں بھی ڈاون سائزنگ کا سلسلہ جاری ہے جو اس تبدیلی کا واضح ثبوت ہے کیونکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل لٹریسی کی وجہ سے تمام روایتی کاروباری ماڈلز اب قصہ پارینہ بن رہے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم حالات کی نبض پر ہاتھ رکھ کر بدلتی ہوئی حرکیات کو سمجھیں اور ایک جامع حکمت عملی تیار کریں۔ یہ بات واضح ہے کہ ہماری موافقت اور ارتقائ کی صلاحیت میڈیا کے مستقبل کا تعین کریگی۔
خبرنامہ نمبر9088/2025
اسلام آباد، 20 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق پولیٹیکل ایجنٹ ڈیرہ بگٹی اور سینئر سول سرونٹ کرنل ریٹائرڈ وکیل آفریدی کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم وکیل آفریدی کی سرکاری و انتظامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری دیانت داری، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ عوامی خدمت انجام دی وکیل آفریدی جیسے فرض شناس افسران ریاست کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے اس دکھ کی گھڑی میں اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر9097/2025
کوئٹہ، 20 دسمبر:چیف آف بگٹیز اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کزن، قبائلی و سماجی رہنمائ چیف محمد شریف بگٹی عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور ملتان کے ایک نجی امراضِ قلب کے اسپتال میں زیر علاج تھے مرحوم چیف محمد شریف بگٹی، سابق چیف آف بگٹیز وڈیرہ علی محمد بگٹی کے فرزند اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چچا زاد تھے ان کا شمار بگٹی قبیلے کی ایک اہم، باوقار اور معتبر قبائلی شخصیت کے طور پر کیا جاتا تھا مرحوم نے اپنی زندگی قبائلی روایات کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کر رکھی تھی جس کے باعث وہ بگٹی قبیلے سمیت مختلف مکاتبِ فکر میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی میت کو ملتان سے آبائی علاقے بیکڑ منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی چیف محمد شریف بگٹی کے انتقال پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے سیاسی و سماجی حلقوں نے چیف محمد شریف بگٹی کی وفات کو ایک بڑا قبائلی و سماجی نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے.
خبرنامہ نمبر9090/2025
گوادر/جیوانی:اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے جیوانی شہر میں بارش کے بعد پانی جمع ہونے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف علاقوں کا معائنہ کیا گیا اور نکاسی آب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی (MC) کے عملے کو واضح اور سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ شہر میں جمع شدہ بارش کا پانی ہر صورت صبح تک مکمل طور پر صاف کیا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور صحت اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لایا جائے اور آئندہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔شہریوں نے انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور روزمرہ زندگی معمول پر آ جائے گی۔
خبرنامہ نمبر9091/2025
لورالائی 20 دسمبر:کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے واضح احکامات اور چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر کی خصوصی ہدایت پر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ کی نگرانی میں شہر لورالائی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی کی جانب سے ہمہ گیر صفائی مہم مسلسل جاری ہے۔صفائی مہم کے دوران شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے، سڑکوں کی جھاڑو، بند نالیوں کی صفائی و بحالی، درختوں کو پانی دینے اور کیری سوزوکی کے ذریعے کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل بھرپور انداز میں جاری رہا، جس میں سلیم داد زون کے تحت دارالعلوم روڈ، بھاگی بازار، کاکڑی مسجد روڈ اور نالیوں کی صفائی شامل رہی۔ جبکہ خالو زون میں پہاڑی محلہ اور بلوچ کالونی کے مختلف مقامات پر صفائی کی گئی، اسی طرح باران زون میں بھی پہاڑی محلہ کی نالیوں کی صفائی کا کام انجام دیا گیا۔میونسپل کمیٹی کے عملے کی محنت اور لگن کے باعث شہریوں نے شہر میں واضح بہتری پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صفائی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے صفائی مہم آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ لورالائی کو ایک مثالی اور صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر9092/2025
شیرانی:20دسمبر : کمشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ شاہراہیں کسی بھی علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے چچوبی شاہراہ اور واٹر سپلائی منصوبے کو ہر صورت بروقت مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیرانی ٹاؤن ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس محمد کاشف، ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ اسسٹنٹ کمشنر یوسف ہاشمی ایس پی احمد نصر اللہ ملک تمام لائن محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ژوب ڈویژن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چچوبی شاہراہ اور واٹر سپلائی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ یہ عوامی اہمیت کے حامل منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہو سکیں کمشنر ژوب ڈویژن نے اس موقع پر ٹاؤن ہیڈ کوارٹر میں قائم سرکاری دفاتر کی فعالی، ضروری ساز و سامان کی فراہمی اور دفاتر کی منتقلی کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے بجلی اور انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث دفاتر کی فعالی میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اس موقع پر کمشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ نے افسران کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شیرانی ٹاؤن میں بجلی، انٹرنیٹ اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو جلد یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ افسران کو فرائض کی انجام دہی اور سرکاری دفاتر کی ٹاؤن ہیڈ کوارٹر منتقلی و فعالی میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش نہ ہو۔
خبرنامہ نمبر9093/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتے کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم چاغی، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، قلات، مستونگ، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، چمن، موسیٰ خیل اور ژوب میں بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم چاغی، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، قلات، مستونگ، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، چمن، موسیٰ خیل اور ژوب میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جیوانی میں 09.0، گوادر 7.5، نوکنڈی 5.0، دالبندین 2.0، تربت 1.3 اور چمن میں 0.75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کم سے کم درجہ حرارت قلات میں 00.00ڈگری سینٹی گریڈ ریلارڈ کیاگیا۔
خبرنامہ نمبر9094/2025
گوادر: ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ گوادر ڈویژن، مومن بلوچ نے گزشتہ شب ہونے والی بارشوں کے تناظر میں اکاڑہ ڈیم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے بتایا کہ اس وقت اکاڑہ ڈیم میں تقریباً 200 ایکڑ فٹ پانی جمع ہے، جو تقریباً ایک فٹ کی گہرائی کے برابر ہے۔ ان کے مطابق موجودہ پانی بمشکل 20 دن کے استعمال کے لیے کافی ہے۔ایگزیکٹو انجینیئر نے مزید کہا کہ امکان ہے کہ ڈیم کے انکیچمنٹ ایریا اور دور دراز علاقوں میں ہونے والی بارشوں کا پانی رات تک ڈیم میں شامل ہو جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کل صبح پانی کی مقدار کی درست اور حتمی پیمائش کی جائے گی تاکہ اصل صورتحال کی تصدیق ہو سکے۔اس موقع پر انجینیئر پبلک ہیلتھ ساجد سخی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
خبرنامہ نمبر9095/2025
گوٹھ رسول آباد لہڑی: صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے گوٹھ رسول آباد لہڑی کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ معروف سیاسی وسماجی شخصیت سخی میر ممتاز خان عمرانی، قبائلی شخصیت سرکردہ محمد صدیق عمرانی، سرکردہ الٰہی بخش عمرانی اور میر بشیر احمد عمرانی بھی موجود تھے۔سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے دورے کے دوران جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی رہنمائ میر حاجی احمد دین لہڑی اور میر حاجی نظام الدین لہڑی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارا مشن ہے اور علاقائی مسائل کا فوری حل ہماری سیاست کا محور ہے۔ حکومت بلوچستان دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو شہروں کے برابر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم تمام سیاسی و قبائلی عمائدین کی مشاورت سے لہڑی اور گردونواح کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی اتفاق اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھ کر ہی علاقے کی ترقی ممکن ہے۔بعد ازاں میزبان میر حاجی نظام الدین لہڑی کی جانب سے سردار بابا غلام رسول خان عمرانی اور دیگر معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرُتکلف عصرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کاشف الٰہی عمرانی، میر محمد جتک، محمد اشرف عمرانی اور دیگر علاقائی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خبرنامہ نمبر9097/2025
کوئٹہ 20دسمبر۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ کی ہدایت اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کے حکم پر پی ٹی اے کے عملے نے جیل نور بس اڈے پر مختلف کوچ کمپنیوں کی گاڈیوں کا معائنہ کیا اس موقع پر گاڈیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ،سی سی ٹی وی کیمرے اور کنڈیشن کی چیکنگ کی گئی اس موقع پر متعدد کوچ کمپنیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جعلی پائے گئے جس پر انہیں سختی سے نوٹس دی گئی کہ تین روز کے میں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں وگرنہ خلاف ورزی پر دفتر سیل ،گاڈی بند اور پرمٹ معطل کی جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حکام نے کہاکہ مسافر کوچوں میں سواری کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات ناگریز ہے لہذا تمام پبلک ٹرانسپورٹ مالکان اپنی گاڈیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں کیونکہ دیگر صوبوں کو جانے والی گاڑیوں کےلیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہے اس کے بغیر انہیں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کے علاؤہ گاڈیوں میں سی سی ٹی وی فعال رکھیں اور تیز رفتاری سے گریز کریں انہوں نے کہاکہ تیزرفتاری اکثر حادثات کا سبب ہے لہذا مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے قانون کا احترام کریں۔
خبرنامہ نمبر9098/2025
چمن :انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر اپنے ایک روزہ دورے پر چمن پہنچ گئے ڈی سی کمپلیکس چمن میں آئی جی پولیس بلوچستان کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔اس موقع پر طالب علم محمد کونین نے انھیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا جسکے کے بعد ڈی پی او آفس میں آئی جی پولیس نے امن وامان سے متعلق اجلاس میں شرکت کی اجلاس میں ڈی پی او چمن عبداللہ عمران چیمہ نے انھیں چمن میں امن و امان اور سیکیورٹی کے صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام ڈی پی او قلعہ عبداللہ شاہد جمیل خان کاکڑ بھی شریک تھے ۔آئی جی پولیس نے ضلع اسمبلی ہال میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان اور عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی اولین ذمہ اری ہے انہوں نے کہا کہ چمن جیسے حساس اور سرحدی ضلع میں پولیس فورس کی ذمہداری اور بڑھتی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن وامان کی قیام اور ریاستی رِٹ کو مضبوط بنانے کے لیے پولیس فورس تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان اپنے ڈیوٹیوں کے دوران چوکنا اور الرٹ رہیں اور تمام مشکوک افراد سرگرمیوں اور ارد گرد کے حالات پر عقابی نظر رکھیں تاکہ عوام سکون و اطمینان کی زندگی گزار سکیں اجلاس سے ڈی پی او چمن اور دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔
خبرنامہ نمبر9499/2025
کراچی، 10 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو یہاں سینیئر صحافی و تجزیہ نگار شاہد رند کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے والد گل حمید رند کے انتقال پر دلی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شاہد رند اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک سیرت اور باوقار شخصیت تھے اور ان کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں تعزیت کے موقع پر صوبائی وزرائ بخت محمد کاکڑ اور سردار کوہیار خان ڈومکی سمیت دیگر شخصیات بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھیں جنہوں نے نے مرحوم گل حمید رند کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا
.
خبرنامہ نمبر9500/2025
کوئٹہ، 20 دسمبر :صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کزن اور چیف آف بگٹیز محمد شریف بگٹی کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی پیغام میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ مرحوم چیف محمد شریف بگٹی ایک معتبر اور خیر خواہ قبائلی شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی قبائلی اقدار کی پاسداری، سماجی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے انتقال سے بگٹی قبیلے سمیت صوبے بھر میں ایک ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہو گیا ہے صوبائی مشیر نے کہا کہ مرحوم اپنی شرافت، بردباری اور معاملہ فہمی کے باعث مختلف طبقات میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مینا مجید بلوچ نے مرحوم کے لیے بلندی? درجات اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان، خصوصاً وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر لواحقین کو صبر، حوصلہ اور استقامت عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر9501/2025
گوادر:ضلعی آفیسر تعلیم خواتین زراتون بی بی نے ضلع گوادر کے مختلف سرکاری گرلز تعلیمی اداروں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی معیار، حاضری اور اسکولوں کو درپیش مسائل کا بغور جائزہ لیا۔دورہ کیے گئے تعلیمی اداروں میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول نگور شریف، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سربندن، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول گراب، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کپری بازار، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول بلوچ محلہ اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نگوری پاڑا سمیت دیگر اسکول شامل تھے۔دورے کے دوران ضلعی آفیسر تعلیم (خواتین) نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سربندن میں ضلع بھر کے تمام گرلز اسکولوں کی انچارجز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں علاقائی کونسلرز، چیئرمین، سماجی کارکنان اور اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس کا مقصد طالبات کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے تربیتی سیشنز کے انعقاد، طالبات کے لیے کیریئر کاؤنسلنگ سیشنز، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سربندن کے لیے نئے پرنسپل کے انتخاب، طلبہ کے مابین تعلیمی اور ہم نصابی مقابلہ جات کے انعقاد، پی ٹی سی ایم ایس ممبران کی ذمہ داریوں سے آگاہی اور سربندن کے تمام گرلز اسکولوں کی مجموعی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کرنا تھا۔ اجلاس کے دوران مختلف افراد کو مختلف ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے فعال اور مؤثر شرکت کی اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں، جنہیں ضلعی آفیسر تعلیم نے سراہا۔اس کے علاوہ ضلعی آفیسر تعلیم (خواتین) زراتون بی بی نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول نگور شریف میں اسپورٹس ویک کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے پیش کیا گیا پروگرام معیاری، منظم اور قابلِ تعریف رہا۔
خبرنامہ نمبر9502/2025
خضدار20دسمبر:کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ کی جانب سے تعلیم کی بہتری اور تعلیمی اداروں کے فروغ کے لئے کوششیں ہمیشہ کسی نہ کسی صورت میں جاری رہتی ہیں۔ اسی سلسلے میں گدان پبلک لائبریری نال کے طلبائ نے کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کمشنر قلات ڈویژن نے گدان پبلک لائبریری نال کے لئے نقدی رقم عطیہ کیے۔ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے طلبائ کو یقین دلایا کہ آئندہ بھی جب کبھی ضرورت پیش آئی تو وہ لائبریری کے لئےہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
خبرنامہ نمبر9503/2025
دالبندین، 20 دسمبر :سعودی عرب کے معزز مہمان گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بلوچستان پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے دالبندین ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی زابد علی ریکی، علاقائی عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے گورنر تبوک کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان کی آمد صوبے کے لیے باعثِ اعزاز ہے میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان اور تبوک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جو باہمی احترام، اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر تبوک کا یہ دورہ بلوچستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔






