23rd-November-2025

خبرنامہ نمبر 8850/2025 کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار اور پیر کوصوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم نہایت سرد رہے گا۔ جبکہ واشک، پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے وقت موسم شدید سرد رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت موسم نہایت سرد ریکارڈ کیا گیا۔زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 8851/2025
سبی 23 نومبر :ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گزشتہ روز بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے واٹر سپلائی اسکیم فیز ٹو کا دورہ کیا جہاں اس منصوبے کی تکمیل سے الہ آباد کے مکینوں کو پہلی بار صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی، ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے دوسرے حصے میں بھی پائپ لائن بچھانے کی درخواست کی۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی ایکسئین پی ایچ ای کو فون کرکے فوری سروے کے احکامات جاری کیے جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سبی بخاری پبلک پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے لیے پہنچے اور ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے نشتر روڈ پر پبلک ٹوائلٹس اور انتظار گاہ کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر پبلک پارک چاکر روڈ بھی گئے جہاں جھولوں کی تنصیب اور مرمتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ جھولے جلد از جلد نصب کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سبی پبلک پارک چاکر روڈ میں قائم پولیس پبلک لائبریری بھی گئے، جہاں انہوں نے طلباء سے ملاقات کی اور ان کی پڑھائی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ طلباء نے لائبریری میں کمپارٹمنٹس بنانے اور خواتین کے لیے الگ مطالعہ کمرہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے یقین دہانی کرائی کہ خواتین کے لیے علیحدہ کمرہ بی ایس ڈی آئی کے اگلے مرحلے میں منظور کیا جائے گا جبکہ دیگر ضروری کام بھی مکمل کرائے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال سبی کا معائنہ کیا۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمیر حسین نے ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کام معیار کے مطابق جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رفتار مزید تیز کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ تمام منصوبے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترقیاتی ویژن کے مطابق عوامی ضرورت اور فلاح کو مقدم رکھتے ہوئے بروقت مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات جلد از جلد فراہم کی جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر 8852/2025
کوئٹہ 23 نومبر:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کلی حسین آباد سریاب میں اپنے ترقیاتی فنڈ سے مکمل ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں علاقے کے معززین، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے، خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کلی کلی حسین آباد کے عوام طویل عرصے سے پانی کی قلت کے مسئلے سے دوچار تھے، جس کے پیشِ نظر اس ٹیوب ویل کا منصوبہ شروع کیا گیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو صاف اور میٹھا پانی فراہم کیا جا سکے۔علاقے کے عوام اور معززین نے حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سینکڑوں گھرانے صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوامی خدمت کے یہ سلسلے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔حاجی علی مدد جتک نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیوب ویل کی باقاعدہ دیکھ بھال اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے تمام مکین برابر مستفید ہوں۔

خبرنامہ نمبر 8853/2025
کوئٹہ 23 نومبر۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے آج یہاں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو منصوبوں کی مجموعی پیشرفت، موجودہ رفتار اور درپیش رکاوٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر کوئیٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے سبزل روڈ فیز ٹو، اسمنگلی روڈ کی توسیع اور پرنس روڈ توسیعی منصوبے کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور جو بھی رکاوٹیں حائل ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کام کے دوران عوام اور ٹریفک کے لیے مؤثر متبادل راستوں کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل شہر کی بہتری اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں۔دورے کے دوران کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو شہری سہولت کو اولین ترجیح دینے اور منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

خبرنامہ نمبر 8854/2025
خضدار : 23 نومبر: بلوچستان سپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے تحت منصوبہ جات کا بی ایس ڈی آئی انجینئر فیاض جمعہ نے ضلع خضدار میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبوں کی پیش رفت پر جامع بریفنگ حاصل کی۔دورے کے دوران انجینئر فیاض جمعہ نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار، وومن سینٹر، ڈویژنل پبلک کالج خضدار سمیت دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے منصوبوں کے دائرہ کار، معیارِ کام، ٹائم لائن اور دیگر تکنیکی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات سلیم رزاق عمرانی انجینئر عبدالحلیم انجینئر مقبول احمد زہری ، متعلقہ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے انجینئر فیاض جمعہ کو منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔انجینئر فیاض جمعہ نے ہدایات جاری کیں کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئیے جائیں تاکہ ضلع خضدار کے عوام کو بروقت صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بلوچستان سپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے تحت خضدار میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں متعدد بڑے منصوبے تشکیل دیدیئے گئے ہیں ، جن سے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

خبرنامہ نمبر 8855/2025
خضدار: فرنٹیئر کور قلات اسکاؤٹس نے بلوچستان میں غیر قانونی اشیاء کی سمگلنگ روکنے کے لیئے فرنٹ لائن پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے ایک اور کامیاب آپریشن کیا ہے۔ایف سی حکام کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ N-25 پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر چیکنگ کے دوران مشتبہ گاڑی روکی گئی۔ تلاشی کے نتیجے میں گاڑی سے بھاری مقدار میں گٹکا، اور دیگر ممنوعہ و غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔برآمد کردہ تمام غیر قانونی اشیاء کو ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں خضدار شہر میں سرعام نذرِ آتش کر دیا گیا۔ایف سی افسران نے موقع پر کہا کہ بلوچستان کو گٹکا اور دیگر نقصان دہ اشیاء کی سمگلنگ سے پاک کرنے کے لیئے ایف سی مکمل طور پر مستعد ہے اور شاہراہوں پر دن رات چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق رواں ماہ خضدار اور ملحقہ علاقوں میں ایسی متعدد کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور سمگلرز کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کرنے کے لیئے آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ایف سی کی اس کارروائی کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کو ان نقصان دہ چیزوں سے بچانے کے لیئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فعال کردار لائقِ تحسین ہے۔

خبرنامہ نمبر 8856/2025
کوئٹہ، 23 نومبر :صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹ ایکس (X) کے نئے فیچر اپ ڈیٹ نے عملاً ثابت کردیا ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی منظم سوشل میڈیا مہم بیرونِ ملک سے آپریٹ ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ نئی اپ ڈیٹ کے بعد عالمی سطح پر یہ حقیقت سامنے آگئی ہے کہ ریاست مخالف عناصر اور تنظیموں کے متعدد اکاؤنٹس کی لوکیشن افغانستان، انڈیا اور دیگر ممالک سے ظاہر ہورہی ہے مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ وہی مؤقف ہے جسے حکومت بلوچستان اور متعلقہ ادارے روزِ اول سے بیان کرتے آئے ہیں کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ اور گمراہ کن بیانیہ تیار کرنے والے عناصر بیرونِ ملک بیٹھ کر ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مینا مجید بلوچ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ماہ رنگ بلوچ کے اکاؤنٹس کی شیئر کردہ لوکیشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اکاؤنٹس بلوچستان سے نہیں بلکہ افغانستان اور انڈیا سے آپریٹ ہورہے ہیں، اور ایکس کے نئے لوکیشن فیچر نے اس حقیقت کو بے نقاب کردیا ہے صوبائی مشیر نے کہا کہ مخصوص لابیاں بلوچستان کے نوجوانوں کو مشتعل اور گمراہ کرنے کے لیے جعلی بیانیہ اور فیک اکاؤنٹس استعمال کرتی رہی ہیں، لیکن اب ٹوئٹر/ایکس کی اپ ڈیٹس نے انہیں بے نقاب کرکے حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر دیکھے جانے والے مواد کو بغیر تحقیق آگے نہ بڑھائیں اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو بیرونِ ملک بیٹھ کر بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 8857/2025
گوادر: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) محترمہ زراتون بی بی نے سب ڈویژن جیوانی میں مختلف سرکاری گرلز اسکولوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فرزانہ بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نگور ڈگارو میں اسکول انتظامیہ اور والدین نے ڈی ای او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول میں 100 سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں، لیکن ادارہ صرف پرائمری سطح تک محدود ہے۔ والدین کے مطابق پانچویں جماعت کے بعد بچیاں مخلوط نظام کی وجہ سے مزید تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے۔والدین اور اساتذہ نے درخواست کی کہ سکول کو فوری طور پر مڈل درجے پر اپ گریڈ کیا جائے، اور باضابطہ نوٹیفکیشن تک مڈل کلاسز شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ فی الحال طالبات کا داخلہ بوائز اسکول سے اور تدریس گرلز اسکول میں جاری ہے۔بعد ازاں ڈی ای او نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول چب ریکانی کا دورہ کیا، جہاں جدید عمارت اور سہولیات کے باوجود کوئی طالبہ زیرِ تعلیم موجود نہیں تھی۔ اسکول میں صرف دو اساتذہ موجود پائے گئے۔ مقامی کمیونٹی کے مطابق تمام لڑکیاں پہلے ہی ساتھ واقع بوائز مڈل اسکول میں تعلیم حاصل کرتی ہیں، لہذا اس گرلز اسکول کو بوائز اسکول کے ساتھ ضم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔اپنے دورے کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سر بندن میں منعقدہ اسپورٹس گالا میں شرکت کی، جو تین روزہ ایونٹ ہے۔ مختلف اسکولوں کی طالبات نے کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ڈی ای او فیمیل نے اسکول کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ہیڈ مسٹریس کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔محترمہ زراتون بی بی نے طالبات کی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ دینا بھی نہایت ضروری ہے۔

خبرنامہ نمبر 8858/2025
کوئٹہ، 23 نومبر:ضلعی انتظامیہ زیارت اور لیویز فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق قندہار، افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ دہشت گردوں کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ سے حراست میں لیا گیا ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے جن میں 11 ہینڈ گرینیڈ، 3 ایس ایم جیز، 2 ایم فور رائفلز (پارٹس کی صورت میں)، ایک گرینیڈ لانچر، 9 ایم فور میگزینز، 14 ایس ایم جی میگزینز، 420 ایس ایم جی راؤنڈز، 230 ایم فور راؤنڈز، ایک کلو بارودی مواد، 6 وائرلیس سیٹس، 4 موبائل فونز، 2 آر پی جیز، ایک ڈگر، 13 ایمونیشن بیگز، 16 پاور سیلز، 15 ایس ایم جی گرینیڈز، ایک سوزوکی کیری وین، ایک موٹر سائیکل اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا لٹریچر شامل ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر ڈپٹی کمشنر زیارت، لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ کو کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور بروقت اقدامات قابلِ فخر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسے آپریشنز امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کا ذریعہ ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پوری طاقت سے پشت پر کھڑی ہے۔

خبرنامہ نمبر 8859/2025
کوئٹہ، 23 نومبر : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور موصولہ شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے وزیر اعلیٰ نے پروگرام سے متعلق بعض منفی رپورٹس پر شدید ناراضگی و برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے فلاحی پروگرامز میں کسی قسم کی بدانتظامی یا غیر شفافیت برداشت نہیں کی جائے گی پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے نفاذ، شفافیت، مستفید ہونے والوں کے انتخاب اور مجموعی افادیت سے متعلق سنجیدہ سوالات سامنے آئے تھے جس کے باعث حکومت بلوچستان نے معاملہ فوری طور پر چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کو ارسال کر دیا ہے ہدایت نامے کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سی ایم آئی ٹی کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ پروگرام کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرے رپورٹ میں حقائق کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ نفاذ کرنے والے محکموں میں احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں اصلاحات سے متعلق ٹھوس سفارشات شامل کرنا لازم قرار دیا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ انکوائری رپورٹ براہِ راست ان کے ذاتی مطالعے کے لیے پیش کی جائے گی جس کی روشنی میں مزید قانونی و انتظامی فیصلے کیے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی ترقی، ہنر مندی اور بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مشن پر سنجیدگی سے کاربند ہے اسی لیے عوامی وسائل کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے تمام پروگرامز میں شفافیت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی بے ضابطگی یا غفلت سے سختی سے نمٹا جائے گا صوبائی حکومت کے اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لیے متعارف کیے گئے اس اہم پروگرام کو زیادہ مؤثر، منصفانہ اور عملی طور پر فائدہ مند بنانا ہے، تاکہ صوبے کے نوجوان حقیقی معنوں میں ترقی کے بہتر مواقع سے مستفید ہوسکیں۔

خبرنامہ نمبر 8860/2025
گوادر: حکومتِ بلوچستان اور پاک آرمی کے تعاون سے میر عبدالغفور کلمتی کرکٹ اسٹیڈیم کے زیر اہتمام انٹر ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ فورس فیسٹیول 2025 کی افتتاحی تقریب سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز جنرل آفیسر کمانڈنگ 44 ڈویژن میجر جنرل حبیب نواز نے کرکٹ بال کو ہٹ لگا کر کیا، جبکہ ڈی جی ڈی اے معین الرحمن نے اس افتتاحی گیند پر بولنگ کرائی۔تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر پرویز عمرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ایس ایس پی عطا الرحان، علاقائی رہنما میر ارشد کلمتی سمیت دیگر سرکاری افسران، معزز مہمانوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں میجر جنرل حبیب نواز نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول نوجوانوں کی تربیت، کردار سازی اور صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ:
“چھوٹے شہروں سے بھی بڑے کھلاڑی جنم لیتے ہیں۔”
کھیل نوجوانوں میں محنت، صبر، نظم و ضبط اور باہمی احترام جیسی صفات پیدا کرتے ہیں۔انہیں یقین ہے کہ گوادر کے کھلاڑی مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، بہترین تربیت اور اساتذہ و کوچز کی رہنمائی سے حاصل ہوتی ہے۔ میجر جنرل حبیب نواز نے تمام منتظمین اور والدین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا وقت دیا۔فیسٹیول کے میزبان ارشد کلمتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کے کھلاڑی ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا چکے ہیں اور اس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم اور گراؤنڈز کی بہتری میں پاک فوج اور جی ٹی اے کا کردار قابلِ تعریف ہے۔تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات اس ایونٹ میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ۔فیسٹیول 22 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان متعدد کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جبکہ فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ پہلے دن خواتین کی ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا جسے شرکا نے بے حد سراہا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video