September 30, 2025
News

28th-September-2025

خبرنامہ نمبر 7191/2025
سنجاوی (28 ستمبر: صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نور محمد خان دمڑ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سنجاوی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس نور باقی زخپیل نے صوبائی وزیر کو ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور دستیاب سہولیات پر بریفنگ دی حاجی نور محمد خان دمڑ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کی، اور سنجاوی میں ایک بہترین ہسپتال تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں جن سہولیات کی کمی ہے، انہیں بھی جلد پورا کیا جائے گا تاکہ عوام کو علاج معالجے کی مزید بہتر سہولتیں فراہم ہوں صوبائی وزیر خوراک نے مزید کہا کہ سنجاوی ہیڈکوارٹر ہسپتال چار اضلاع کے جنکشن پر واقع ہے، اس لیے اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ مریضوں کو علاج کے سلسلے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خبرنامہ نمبر 7192/2025
سبی 28 ستمبر: آل بلوچستان انٹر ڈویژن گیمز 2025 کے سلسلے میں گزشتہ روز سپورٹس کمپلیکس سبی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر صدر ایتھلیٹک ایسوسی ایشن ڈاکٹر جمال مری، سپورٹس آفیسر عبدالسلام رئیسانی سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔ مقابلوں میں فٹبال، کرکٹ، باڈی بلڈنگ، شوٹنگ بال، کراٹے اور ایتھلیٹکس کے ایونٹس شامل تھے جن میں بلوچستان کے تمام ڈویژنز سے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ سبی ڈویژن کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور تین گولڈ، تین سلور اور تین براؤنز میڈلز اپنے نام کیے۔ یہ کامیابی سبی ڈویژن کے لیے ایک اعزاز ہے۔کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض، جو خود بھی سابق ایتھلیٹ اور ہاکی کے کھلاڑی رہ چکے ہیں، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ نوجوانوں میں برداشت، محنت اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایت پر کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم ہوں۔

خبرنامہ نمبر7193/2025
سبی 28 ستمبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی اور ایس ایس پی سبی اختر نواز نے گزشتہ رات ڈویژنل ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سبی میں آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد انہوں نے جدید سہولیات سے آراستہ آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا جہاں پر مریضوں کے علاج کے لیے جدید مشینری اور آلات نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہسپتال میں اب پیچیدہ اور ہنگامی نوعیت کے آپریشن مقامی سطح پر ممکن ہو سکیں گے، جس سے دور دراز علاقوں کے مریضوں کو فوری سہولت میسر آئے گی۔ تقریب کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمیر حسین بھی موجود تھے۔ ایم ایس ڈاکٹر عمیر حسین نے ڈپٹی کمشنر سبی کو گزشتہ پانچ ماہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں پچاس ہزار سے زائد او پی ڈیز ہوئیں، متعدد چھوٹے بڑے آپریشنز اور سی سیکشنز کیے گئے جبکہ ہسپتال میں داخل مریضوں کو بروقت علاج اور معیاری سہولیات فراہم کی گئیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی دن بہ دن بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انتظامیہ اور ایم ایس کی کوششوں سے علاج معالجے کے معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، مریضوں کو زیادہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور جدید سہولیات کے اضافے سے ہسپتال کا نظام مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ ایم ایس نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں پہلی بار ایک ایسے مریض کا کامیاب آپریشن کیا گیا جسے گولی لگی تھی، گولی نکالنے کے بعد مریض کو بہتر حالت میں علاج کے لیے داخل رکھا گیا ہے۔ اس شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے ایم ایس اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہسپتال کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس رقم سے ہسپتال کے واش رومز کی مرمت، ایمبولینسز کی بحالی اور دیگر ضروری کام مکمل کیے جائیں گے۔ آنے والے وقت میں یہ اقدامات عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔

خبرنامہ نمبر 7194/2025
لسبیلہ:پارلیمانی سیکرٹری قانون سیاحت وثقافت نوابزادہ زرین خان مگسی کے حلقئہ انتخاب کی تحصیل کنراج کا سیکریٹری لائیو اسٹاک بلوچستان محمد طیب لہڑی نے دورہ کیاسیکرٹری نے تحصیل کنراج کے حاجی لیما گوٹھ میں گوادر لسبیلہ لائیولی ہُڈ سپورٹ پروگرام (GLLSP-II) کےتحت فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے زیر اہتمام قائم خواتین فارمر فیلڈ اسکول کا دورہ کیا اورمنعقدہ سیشن میں منصوبے کے مقاصداہداف، دائرہ کار، کامیابیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق پراجیکٹ حکام سے بریفنگ لی سیکرٹری کو پراجیکٹ کی افادیت خواتین کسانوں کی تربیت کے مختلف ماڈیولز، عملی مشقیں اور سیکھنے کے تسلسل کے بارے میں بریفنگ دی گئ سیکریٹری لائیو اسٹاک نے خواتین کسانوں سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کے تجربات اور عملی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا۔ خواتین کسانوں نے بتایا کہ تربیت سے نہ صرف پولٹری فارمنگ کے علم میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کم آمدنی والے گھرانوں کی دیہی خواتین کی معاشی آمدنی میں بہتری آئی ہے اس موقع پر کسان خواتین میں باقی ماندہ ان پٹس بھی تقسیم کیے گئے سیکرٹری لائیو اسٹاک بلوچستان محمد طیب لہڑی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ایف اے او کے اقدامات دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ لسبیلہ کے دور دراز علاقوں میں یہ منصوبہ نہ صرف پولٹری فارمنگ بلکہ معاشرتی سطح پر بھی مثبت اثرات ڈال رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہمارے خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں جن سے لائیو اسٹاک اور کسان دونوں متاثر ہو رہے ہیں مالداروں کو ان خطرات سے بچانے اور ان کے روزگار کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے منصوبے نہایت اہم ہیں اس ضمن میں خواتین کسانوں کی تربیت اور جدید طریقوں سے آگاہی مستقبل میں لائیو اسٹاک سیکٹر کو موسمیاتی خطرات کے مقابلے کے قابل بنائے گی واضح رہے کہ کے ایفاد کے تحت GLLSP-II منصوبہ لسبیلہ کے مختلف علاقوں میں جاری ہے، جس میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن دیہی خواتین کو جدید زرعی اور لائیو اسٹاک کے طریقوں سے روشناس کروا کر انہیں معاشی طور پر مضبوط بنارہی ہے خواتین فارمر فیلڈ اسکول اس منصوبے کا ایک اہم جزو ہے، جہاں خواتین کو عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

خبرنامہ نمبر 7195/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں اتوار اور پیر کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت نوشکی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 7196/2025
قلات:کمشنر قلات ڈویژن کے احکامات پر محکمہ ریونیو قلات ڈویژن کی پوسٹوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ کا انعقاد امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر ڈویژنل ہیڈکوارٹر خضدار کے بجائے ضلعی ہیڈکوارٹر قلات میں کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے محکمہ ریو نیوضلع قلات اور ضلع سوراب کے جونیئر کلرک،اسسٹنٹ کمپیوٹر آپریٹر،ڈیٹا انٹری آپریٹر اور دیگر خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کے سلسلے میں تحریری ٹیسٹ کیلئے منعقدہ سینٹر کا دورہ کیاڈپٹی کمشنر قلات کے زیرنگرانی منعقدہ تحریری ٹیسٹ میں ضلع قلات اور ضلع سوراب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین امیدواروں کے علاوہ معذوراوردیگرسینکڑوں امیدوار شریک ہیں تحریری امتحانات کے مرکز دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی انتظامات کابھی جائزہ لیاڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمدبلوچ نے کہا کہ کسی بھی امیداوار کیساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائیگی کمشنر قلات ڈویژن طفیل بلوچ کے زیر نگرانی ریونیو اسامیوں کیلئے میرٹ پر عملدرامد یقینی بنایا جارہاہے

خبرنامہ نمبر 7197/2025
پشین28 ستمبر:ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے 28 ستمبر (رائٹ ٹو انفارمیشن) کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عام آدمی کی معلومات تک رسائی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،یہ دن آفسر شاہی سے معلومات کے حصول میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کا دن ہے،جبکہ صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں بھی رائٹ ٹو انفارمیشن (معلومات تک رسائی) کا قانون شہریوں کے لیے حکومتی شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ذریعہ ہے،انہوں نے ضلع کے عوام کو آگاہی دینے کے لیے بتایا ہے کہ آرٹیکل A۔19 آئین کا حصہ ہے اور اس قانون کے تحت عام عوام کو عوامی اہمیت کے تمام سرکاری معاملات میں معلومات حاصل کرنے کا حق دیا گیا ہے،اور اس قانون کے تحت کسی بھی سرکاری محکمہ/خودمختار یا نیم خودمختار سرکاری ادارے اور حکومتی معاونت سے چلنے والے اداروں سے معلومات کے بروقت حصول کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے،جس پر متعلقہ ضلعی انفارمیشن آفسر (RTA) ایکٹ کے سیکشن 10 کی ذیلی شق 7 کے تحت 14 دن میں درخواست گزار کو مطلوبہ معلومات کی فراہمی کا پابند ہے،جبکہ اگر وہ معلومات قومی سلامتی یا عوامی مفاد کے خلاف نہ ہوں،اس قانون کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت کو فروغ دینا اور کرپشن کے خاتمے کے لیے راہیں ہموار کرنا ہے،تاہم ضروری ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون پر مو?ثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو بلا تاخیر تعاون کرنا ہوگا،دریں اثناء ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے رائٹ ٹو انفارمیشن اور اسکے قانونی اور تکنیکی مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع پشین میں بھی شفافیت،جوابدہی اور بہتر حکمرانی کے لیے معلومات تک رسائی کے عوامی حق کو عام کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے،مزید براں اس ضمن انکا کہنا ہے کہ ضلعی محکمہ تعلقات عامہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو بروقت اور درست انداز میں عوام تک پہنچائیں،تاکہ ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر تمام محکمہ جات پر عوامی اعتماد اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 7198/2025
جعفرآباد۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے واٹر سپلائی اسکیم فیز ون کے تالابوں کا دورہ کیا اور وہاں پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تالابوں کو فوری طور پر پانی سے بھرا جائے تاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پانی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تمام مراحل پر مسلسل نگرانی کی جائے اور شہریوں کو درپیش پانی کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر بابو عمران علی رند بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو اسکیم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ لوگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی کو یقین بنانے کے لیے واٹر سپلائی اسکیم کی مینجمنٹ کو سختی کے ساتھ ہدایات دی جائیں گی کہ وہ اپنی خدمات موثر انداز میں سرانجام دیں واٹر سپلائی اسکیم کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے تمام اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 7199/2025
چمن: اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بلوچ نے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائر یکٹر محمد طاہر کے ہمراہ پاک افغان بارڈر زیرو پوائنٹ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افغان مہاجرین کے لیے قائم کردہ ہولڈنگ کیمپ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کیمپ میں قائم نادرا سینٹر اور دیگر فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تمام سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان سے واپس افغانستان جانے والے افغان مہاجرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کیمپ میں افغان مہاجرین کو مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ہولڈنگ کیمپ میں مہاجرین کی انٹری اور سفری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد، انہیں بابِ دوستی کے راستے افغانستان روانہ کیا جاتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 7200/2025
کوئٹہ 28 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بلاتفریق عوام کے اجتماعی فوائد کیلئے سیاست کی ہے اور روز اول سے اپنے لیے ملک گیر سیاست کی اعلیٰ راہ کا انتخاب کیا ہے. صوبہ اور اپنے علاقے میں ہر ترقیاتی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جو اتحاد اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ اپنے قیام کے بعد سے، ہم نے اپنی عظیم قوم کے اجتماعی فائدے کو ترجیح دینے کیلئے بدنیتی اور تنگ نظری سے بالاتر ہوکر تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کیے اور آج تک برقرار بھی رکھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ژوب میں کلی اپوزئی میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کلی اپوزئی ژوب شہر کا حصہ ہے. ہم نے ماضی میں اس کو اہمیت دی ہیں اور ابھی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پروگرام رکھتے ہیں. پورے ژوب کیلئے صاف پانی پینے کی فراہمی کا منصوبہ بنا رہے ہیں. طلباء اور طالبات کیلئے کوسٹر کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی اپگریڈشن اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ خدمت خلق اور باہمی افہام و تفہیم کا نقطہ نظر نے ہمیں پل بنانے، بامعنی اتحاد قائم کرنے اور دو طرفہ کوششوں کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے قابل بنایا ہے۔ اج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مختلف نقطہ نظر مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے یکجہتی کا اظہار کریں۔ باہمی تعاون کا جذبہ ہی ایک روشن مستقبل کی تشکیل کیلئے طاقت بخشی ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پائیدار امن کا قیام معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے. عدل و انصاف پر مبنی ایک صحتمند معاشرے کے بنیادی اصول بہت واضح ہیں: پائیدار امن، سماجی مساوات، اور معاشی خودمختاری. یہ وہ اصول ہیں جو معاشرے کے ہر فرد کیلئے امید اور یقین کے باعث بنتے ہیں.

خبرنامہ نمبر 7201/2025
لورالائی (28 ستمبر 2025) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انٹی نارکوٹکس فورس لورالائی نے اتوار کے روز دوبندی ایریا میں منشیات کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور منشیات کی کاشت کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی کئی روز سے جاری خفیہ معلومات اور منصوبہ بندی کے بعد عمل میں لائی گئی تاکہ علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ اور فسران نے واضح کیا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ عوامی حلقوں نے بھی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 7202/2025
لورالائی (28 ستمبر 2025) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ حکام نے لورالائی میختر نالی اعظم کے علاقے میں مؤثر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 13 ایکڑ پر کاشت کی گئی ”بنگ چرس” کی فصل کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔اس کارروائی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھی بھرپور معاونت فراہم کی۔ حکام نے بتایا کہ منشیات کی کاشت معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے جس کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے آپریشن معاشرتی بگاڑ اور نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عوامی سطح پر بھی اس کارروائی کو سراہا گیا اور مقامی لوگوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس ناسور کے خلاف اسی طرح کے سخت اور مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر 7203/2025
کوئٹہ، 28 ستمبر:محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی ہدایت کی روشنی میں صوبے کے مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے ساتھ مل کر منشیات کے خاتمے کی مہم 2025 کے تحت بڑی کامیابی حاصل کی۔ اب تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 570 ایکڑ رقبے پر کاشت شدہ چرس و دیگر منشیات کا خاتمہ کیا جا چکا ہے جبکہ صرف آج کے روز 111 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی فصل کو تلف کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 8 ایکڑ ہائبرڈ پوست بھی ختم کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع دکی میں 6.8 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی جہاں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ ضلع لورالائی کے علاقے نالی اعظم، تحصیل میختر میں آج 13 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی منشیات کی فصل کو تباہ کیا گیا جس کے بعد مجموعی طور پر 125.2 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی منشیات کے فصل کو ختم کیا جا چکا ہے۔ یہاں کارروائی میں 2 ٹریکٹر استعمال ہوئے جبکہ کوئی گرفتاری یا ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ ضلع چمن میں 25 ایکڑ رقبے پر کاشت شدہ چرس ختم کر دی گئی اور 4 ایف آئی آر درج ہوئیں۔ ضلع پشین میں 94 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی منشیات کی فصل کو تلف کیا گیا جبکہ 7 ایف آئی آر درج ہوئیں۔ ضلع قلات میں 30 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی لیکن کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ضلع قلعہ عبداللہ میں آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔ کاشنی دوبندی، تاشر بت، ایسنا اور زیمال/تکری ایسنا (برکت) سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 98 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی منشیات کی فصل کو تباہ کیا گیا جن میں سے 20 ایکڑ پانی کی کمی کے باعث خود بخود برباد ہو گئے جبکہ 78 ایکڑ اے این ایف ٹیم نے تلف کیے۔ اس ضلع میں اب تک مجموعی طور پر 289 ایکڑ کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ آج مزید 2 ایف آئی آر درج ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ کارروائی میں 10 ویڈی سائیڈ اسپرے مشینیں، 4 گراس کٹر مشینیں اور 2 ٹریکٹر استعمال ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ اور اے این ایف حکام کے مطابق یہ مہم صوبے کو منشیات کی کاشت سے پاک کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید مشینری اور مربوط حکمت عملی کے تحت یہ آپریشن آئندہ دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔