February 22, 2025
News

15-02-2025

خبرنامہ نمبر 1129/2025
کوئٹہ 15فروری:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی پر حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں حکومت بلوچستان نے واقعے کے فوراً بعد مؤثر اقدامات کئے شہداء کی میتوں کی منتقلی اور زخمیوں کا علاج یقینی بنایا گیا تاہم بعض عناصر کی جانب سے حکومت بلوچستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کیے ترجمان بلوچستان حکومت نے واضح کیا کہ شہداء کی میتوں کو پورے احترام کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں بھیجا گیا اور حکومت نے اپنی ذمہ داری مکمل طور پر نبھائی انہوں نے کہا کہ بعض افواہوں کے برعکس ایمبولینسز کے حوالے سے چندے کی باتیں بے بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے حکومت تمام شہداء کو قانون کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کرے گی ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ کوئٹہ میں صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے پہلی بار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صفائی کا عمل آؤٹ سورس کیا گیا ہے اس اقدام کے تحت گزشتہ روز کوئٹہ شہر سے 2300 ٹن کچرا اٹھایا گیا جو کہ ایک نمایاں بہتری ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی یومیہ اوسط صرف 500 ٹن کچرا ہٹانے تک محدود تھی لیکن نئے نظام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بغیر کسی اضافی لاگت کے واضح بہتری آئی ہے حکومت کی ترجیح ہے کہ کوئٹہ شہر کو صاف ستھرا اور جدید بنایا جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی نظام میں شفافیت لانے کے لیے حکومت نے سخت اقدامات کیے ہیں ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ میٹرک امتحانات میں نقل کے خاتمے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تمام محکموں کے افسران امتحانی مراکز کی نگرانی پر مامور ہیں تاکہ امتحانات میں کسی بھی بدعنوانی کو روکا جا سکے بلوچستان کے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی نظام میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے درمیان سوئی میں ایک تاریخی معاہدہ طے پایا ہے جو علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا انہوں نے کہا کہ پی پی ایل علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا اور ڈیرہ بگٹی کے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دی جائے گی معاہدے کے تحت ہر سال 50 طلبہ کو لارنس کالج اور کیڈٹ کالج حسن ابدال میں اسکالرشپ دی جائے گی جبکہ 14 مقامی ڈپلومہ ہولڈرز اور 7 انجینئرز کی بھرتی بھی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ پی پی ایل ہر سال 50 نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے خصوصی تربیت فراہم کرے گا سوئی ماڈل سٹی کے تحت روزانہ 10 لاکھ گیلن صاف پانی عوام کو فراہم کیا جائے گا جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے گیس فلیئرنگ کے مقام کو 10 کلومیٹر دور منتقل کیا جائے گا ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ پی پی ایل ڈیرہ بگٹی کی تمام پرانی سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش کرے گا اور جدید سہولیات فراہم کرے گا انہوں نے کہا کہ پی پی ایل میں تمام بھرتیاں مکمل میرٹ پر ہوں گی اور کسی بھی قسم کی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل رکھنے والے علاقوں کی آمدنی انہی علاقوں پر خرچ کی جائے گی تاکہ مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ یہ معاہدہ سوئی اور بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نوید ہے حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور کسی بھی رکاوٹ کو ترقی کے سفر میں برداشت نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے سفر میں حکومت کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گی بلوچستان کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ حکومت بلوچستان ہر شعبے میں اصلاحات کر رہی ہے، چاہے وہ امن و امان کی بحالی ہو، بنیادی سہولیات کی فراہمی ہو، یا تعلیمی شعبے میں بہتری ہو۔ صوبے کے عوام کو بہتر زندگی دینے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ان اصلاحات کے مثبت اثرات جلد واضح ہوں گے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مفادات کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ترقی و خوشحالی کے اس سفر میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی.

خبرنامہ نمبر 1130/2025
کوئٹہ 15فروری:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ وسطی شمالی اور بالائی علاقوں میں سرد راتیں رہیں گی جبکہ نشیبی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اتوار کو صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور خشک رہے گا جبکہ وسطی اور شمالی اور بالائی علاقوں میں ٹھنڈی راتیں جبکہ نشیبی علاقوں میں گرم دن رہے گا تاہم ضلع چاغی، لورالائی اور اس کے گردونواح میں بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیارت میں (4.25) ملی میٹر بارش ہوئی۔ جبکہ کوئٹہ سریاب (01.4)، پشین (01.0)، کوئٹہ سٹی (01.0)، سمنگلی (0.5)، آر ایم سی (0.4) اور مسلم باغ میں (0.2) بارش ہوئی۔ کوئٹہ شہر میں (03.5/19.5) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 1131/2025
سبی 15فروری:کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد کے زیر اہتمام سبی میلے کے دوسرے روز شام کو میرچاکر خان رند اسٹیڈیم میں آتش بازی اور چراغاں کا لطف اندوز مظاہرہ ہوا جس میں سبی شہر کے بچے، خواتین، نوجوانوں اورملک کے دیگر شہروں سے آ نے والے مہمانوں نے کثیر تعداد میں اس آتش بازی کے نندارے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی شیخ جہانزیب اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ نے کہا کہ سبی میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے صوبے کے لوگ امن پسند، محبت اور مہمان نوازی کے امین ہے انہوں نے کہا کہ سبی میلے میں لوگوں کی مختلف سر گرمیوں میں حصہ لینے سے ہمارے صوبے کے ثقافت اور رویوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ صوبے کے مالداروں اور زراعت سے وابستہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کیونکہ ہمارے صوبے کے اسی فیصد لوگوں کی روزگار زراعت اور مالداری کے شعبے سے وابستہ ہے زراعت اور مال مویشی کا ہمارے صوبے کے معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے

خبرنامہ نمبر 1132/2025
جعفرآباد15فروری:۔نقل کی روک تھام کے لیے بلوچستان بھر میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اسی طرح نصیرآباد ڈویژن میں بھی نقل جیسے ناسور کو روکنے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ محترک ہو گئی ہے اس سلسلے میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ روزانہ کی بنیادوں پر امتحانی سنٹروں کا دورہ کرتے رہیں اور نقل کی روک تھام کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات کریں تاکہ ہماری نئی نسل جو اس وقت نقل جیسے ناسور میں مبتلا ہے ان کے خاتمے کے لیے بہتر حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں جس پر ڈویژن بھر میں ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلداران مصروف عمل ہیں باخبر رہنے کے لئے کمشنر نصیرآباد بذات خود بھی امتحانی مراکز کا دورہ کرتے رہتے ہیں اس سلسلے میں آج کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے ضلع جعفر آباد کے مختلف امتحانی سنٹروں کا دورہ کیا جس میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جعفرآباد،گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج جعفرآباد، سمارٹ سٹی پبلک سکول جعفرآباد، گورنمنٹ سردار صحبت خان گولہ ہائی سکول جعفرآباد، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول روجھان جمالی جعفرآباد شامل ہیں انہوں نے امتحانی سنٹروں کے دورے کے دوران محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات اور دیگر کئی اہم امور کے متعلق باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔اس موقع پر امتحانی سنٹرز میں تعینات سپرنٹنڈنٹس نے کمشنر نصیر آباد کو بورڈ آف ایجوکیشن کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کے متعلق تفصیل سے کمشنر نصیر آباد کو اگائی دی اس موقع پر کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان سنٹروں کے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ حکومت بلوچستان نقل کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے ہیں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ ان کی ہدایت پر ہر ممکن عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اس لیے سنٹرز کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ نقل کی روک تھام کو یقینی بنائیں اور سنٹروں میں معمور عملے پر بھی خصوصی نظر رکھی جائے انہوں نے کہا کہ نقل میں معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی غیر متعلقہ اشخاص کو سنٹرز میں داخلے کی اجازت ہرگز نہ دی جائے تاکہ بچے نقل کے بغیر اپنی ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کریں کیونکہ نقل کر کے جو ڈگری حاصل کی جاتی ہے اس سے نہ صرف وہ خود پریشانی کے شکار ہو نگے بلکہ ان کی وجہ سے ہونہار طلبہ کے ساتھ ناانصافی ھوگی اور اب ایسا ہرگز نہیں ھونا چاہیے کمشنر نے کہاکہ بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو نقل کی وجہ سے دیمک لگ چکی ہے اب اس کا خاتمہ نہایت ضروری ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دے کر قابل اور کار آمد شہری بنائیں جو ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر سکیں وہ اسی صورت میں ممکن ہوگا جب ہمارے بچے اپنی قابلیت کے بل بوتے پر علم کے زیور سے آراستہ ہوں گے.

خبرنامہ نمبر 1133/2025
سبی 15 فروری:سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلہ مویشیاں واسپاں 2025 کا تیسرا روز خواتین کے لیے مخصوص تھا اور اس حوالے سے رنگا رنگ اور شاندار تقریبات کا سلسلہ صرف خواتین کے لیے جاری رہا۔میلے کے تیسرے دن کی مہمان خصوصی بیگم بریگیڈیئر عمر الطاف کمانڈنٹ سبی اسکاوٹس تھیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(فی میل) مصباح فاطمہ کے علاوہ ملٹری و سول آفیسران کی فیملیز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ملک بھر کے مختلف علاقائی و ثقافتی رقص، گھوڑا رقص، نیزہ بازی، ہارس اینڈ کیٹل شو، رم جم شو، جمنا سٹک اور دیگر کئی پروگرام پیش کیے گئے جن کو دیکھنے کے لیے خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی تقریب کے آخر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) مصباح فاطمہ نے مہمان خصوصی بیگم کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس برگیڈیئر عمرالطاف کو سبی میلے کے حوالے سے یاد گاری شیلڈپیش کی۔ بعد ازاں بیگم کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس برگیڈیر عمر الطاف نے زرعی و صنعتی نمائش میں موجود مختلف اسٹالوں کا بھی معائنہ کیا۔ اور محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔

خبرنامہ نمبر 1134/2025
نصیرآباد15فروری:اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ شاعر اپنی قلم کے ذریعے نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کا موجب بنتے ہیں اور لوگوں تک الفاظوں کے سمندر کو کوزے میں بند کرکے بیان کرتے ہیں اور اپنی قلم سے لکھی گئی تحریروں کے ذریعے کتابوں کے سینے سیاہ کر دیتے ہیں تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان سے استفادہ حاصل کر سکیں ضروری ہے کہ نوجوان نسل کتب بینی میں زیادہ سے زیادہ شوق رکھیں تاکہ علم کے خزانوں سے وہ مزین ہو سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں ادبی میلے بیاد آغا نیاز مگسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے رکھی گئی کتابوں کا بھی جائزہ لیا اسسٹنٹ کمشنر مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ مادری زبان انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں آج مادری زبان کا دن منایا جا رہا ہے ہمیں اپنی علاقائی زبانوں پر مہارت رکھنی چاہیے تاکہ ہم دنیا تک اپنے پیغام کو صحیح معنوں میں پیش کر سکیں اس لیے ضروری ہے کہ مادری زبان پر مہارت ہونی چاہیے ہمارے شاعر ادیب ہمیشہ مادری زبان کے ذریعے علاقائی سطح پر لوگوں کے لیے بہترین انداز میں کردار ادا کرتے ہیں اور دینی اور دنیاوی لحاظ سے پرچار کر کے اپنا فریضہ سرانجام دیتے ہیں ہمارے مقامی شاعروں نے ہمیشہ اپنی قلم کے ذریعے نوجوان نسل میں شعور بیدار کیا اور بڑی تعداد میں کتابوں کے اوراق سیاہ کر کے ہمیشہ کے لیے اپنا مثبت پیغام آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کر لیا تاکہ آنے والی تمام نسلیں اپنی رہنمائی کے لیے ان کتابوں کا مطالعہ کریں اور انہیں زندگی میں کسی بھی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل زیادہ سے زیادہ رجحان کتب بینی کی جانب کریں اج کے اس جدید دور میں کتب بینی کا شوق ماند پڑتا جا رہا ہے جو کہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے دور جدت کے ساتھ ساتھ ہمیں کتب بینی کی جانب بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ مشکلات سے نبرد آزما نہ ہونا پڑے۔

خبرنامہ نمبر 1136/2025
تربت 15 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبے بلوچستان کے امتحانات میں نقل کے ناسور کے خاتمے کے لے سیکرٹری لائیو سٹاک طیب لہڑی نے ضلع کیچ کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔جن میں گورنمنٹ ہائی اسکول ہوشاب اور گورنمنٹ ہائی اسکول ہرونک کے امتحانی سنٹر شامل تھے۔اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران محمد بخش، ڈپٹی ڈی او ای (میل) ہوشاب، عبید اللہ بلوچ، ڈپٹی ڈی او ای (فی میل) ہوشاب دلشاد احمد اور محمد بلوچ انکے ہمراہ تھے سیکریٹری لائیو سٹاک نے امتحانی سنٹروں کا اچانک بغیر کسی شیڈول کے دورہ کیا تاکہ امتحانی عمل کی نگرانی کا جائزہ لیا جائے اور امتحانی پروٹوکول کی تعمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے امتحانات کے ہموار انعقاد کو متاثر کرنے والے کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کا بھی جائزہ لیا۔سکریٹری لائیو سٹاک نے امتحانات کے بہتر انعقاد اور نگرانی کے حوالے سے تعلیمی آفیسران، ہیڈ ماسٹر صاحبان، امتحانی عملہ اور سکول مینجمنٹ کی کاوشوں کی تعریف کی انہوں نے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور طلبہ وطالبات کے بیٹھنے کے انتظامات، وینٹیلیشن اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزے لیا۔واضح رہے عوام الناس کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران کے دوروں کی ستائش کی جارہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اس طرح کے دوروں کی وجہ سے سالانہ امتحانات میں شفافیت کو فروغ ملے گا اور میرٹ کے نظام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

خبرنامہ نمبر 1137/2025
تربت15فروری: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز صوبائی سیکرٹری فشریز بلوچستان، ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی نے ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران، عبدالغفور دشتی کے ہمراہ ضلع کیچ کے شہر تربت میں ڈیلٹا اسکول تربت کے میٹرک امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور وہاں پر امتحانی سینٹر میں انتظاما ت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک منظم، صاف اور شفاف امتحانی ماحول کا مشاہدہ کیا۔ جہاں کے طلباء و طالبات بغیر کسی نقل کے اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرکے میٹرک کا امتحان دے رہے تھے۔اس دوران سیکریٹری فشریز جاوید انور شاہوانی نے ڈیلٹا اسکول تربت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلٹا اسکول تربت کی انتظامیہ نے اپنے امتحانات میں مکمل طور پر نقل کی روکھ تھام کرکے ضلع کیچ سمیت بلوچستان بھر کے دیگر اسکولوں کے لیے اپنے ادارے کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا ہے کہ کس طرح بغیر کسی نقل کے ان کے طلباء وطالبات صوبہ بھر کے امتحانات میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کررہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت معیار تعلیم کے فروغ کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں صوئی حکومت کے تمام اعلیٰ افسران بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے دوروں پر ہیں تاکہ محکمہ تعلیم کو نقل سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔واضح رہے ڈیلٹا اسکول میں تعلیم کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں، جس کی بدولت یہاں طلباء کو پورے سال مکمل نصاب پڑھایا جاتا ہے اور امتحانی عمل میں نقل کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی سینٹر میں میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی نگرانی کا حق دیا گیا ہے، جس سے تعلیمی نظام کی ساکھ مزید مستحکم ہوتی ہے۔اس موقع پر پرنسپل مراد اسماعیل بلوچ نے بتایا کہ 2012 سے ہی اسکول میں نقل کے مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ ان کی انتھک محنت اور جدید تدریسی طریقہ کار کی بدولت ڈیلٹا اسکول نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں اپنی ممتاز پہچان بنا لی ہے۔ فارغ التحصیل طلباء اب مختلف سرکاری محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ہر سال سی ایس ایس، پی سی ایس سمیت دیگر امتحانات میں شاندار نتائج کا مظاہرہ کرتے ہیں۔پچھلے سال تربت نے امتحانی کامیابی کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کیا، جہاں ڈیلٹا اسکول کے امیدواروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

خبرنامہ نمبر 1138/2025
تربت 15فروری۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش بلوچ نے امتحانی مرکز گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول تربت کا دورہ کیا اور طالبات کی حاضری اور امیدواروں کی سلپس چیک کیں۔ اس دوران انہوں نے امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ امتحانی مرکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص امتحانی سینٹر کی حدود میں داخل نہ ہوسکے انہوں نے واضح کہا کہ کسی بھی طالب علم کو نقل اور دھوکہ دہی کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو وہاں پر ڈیوٹی پر موجود پولیس کے ذریعے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

خبرنامہ نمبر 1139/2025
نصیر آباد 15 فروری: نصیرآباد کے عوام کے لیے سب سے بڑی خوشخبری بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق خان عمرانی کے ویژن کے تحت ڈیرہ مراد جمالی میں 5050 ایکڑ پر محیط بڑا رہائشی اور کمرشل منصوبہ متعارف کر دیا گیا۔ اس تاریخی الائنمنٹ پالیسی کے تحت پہلی بار عوام کو انتہائی کم قیمت پر زمین کے مالکانہ حقوق دیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں افراد اپنے خوابوں کے گھر اور کاروبار شروع کر سکیں گے۔ یہ اقدام الیکشن میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور نصیرآباد کو جدید شہری ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو رہائشی سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ کاروباری مواقع بھی بڑھیں گے، جس سے علاقائی معیشت کو استحکام ملے گا۔ الاٹمنٹ پالیسی انتہائی مناسب قیمتیں عوام کے لیے بڑا ریلیف حکومت نے زمین کی قیمتیں انتہائی کم رکھ کر عام شہری کے لییآسانی پیدا کی ہے، رہائشی اراضی کی قیمتیں: 1000 سے 5000 زمین الاٹمنٹ کیلئے 60 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے جبکہ 5000 سے 10000 فٹ کے حصول کیلئے قیمت 75 روپے فی مربع فٹ، اسی طرح 10000 سے 20000 فی مربع فٹ 100 روپے اور 20000 فٹ سے زائد زمین کیلئے 500 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے، اس کے علاؤہ کمرشل اراضی کی قیمتیں مین روڈ اور قومی قومی شاہراہ پر 1000 روپے فی مربع فٹ اور اسی طرح لنک روڈ 800 روپے فی مربع فٹ قمیت کا تعین کیا گیا ہے جبکہ گلیوں میں واقع پلاٹس 600 روپے فی مربع فٹ اور دوکانوں کے لیے مخصوص جگہ پر 400 روپے فی مربع فٹ قمیت مقرر کی گئی ہے، واضح رہے مذکورہ بالا پلاٹس کیلئے 18 ماہ کی مدت میں آسان 6 اقساط پر ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں ادائیگی سہ ماہی بنیادوں پر ہوگی مزید برآں زرعی زمین کے لیے الگ پالیسی وضع کی گئی ہے جہاں زرعی زمین لینڈ لیز 2000 کے تحت دی جائے گی، تاکہ کسانوں کو فائدہ ہو۔ خالی زمین اسٹیٹ لینڈ تصور کی جائے گی، جسے حکومتی قواعد کے تحت استعمال کیا جائے گا۔ میر محمد صادق عمرانی کے اس عظیم منصوبے کے حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نصیرآباد میں ترقی کا نیا باب کھلنے جا رہا ہے، یہ اہم منصوبہ نہ صرف رہائشی اور تجارتی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ ڈیرہ مراد جمالی کو جدید شہر بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدل دے گا جہاں ہزاروں بے گھر افراد کو اپنا ذاتی گھر ملے گا۔ کاروبار کو فروغ ملے گا اور جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے جبکہ علاقے میں سرمایہ کاری بڑھنے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگا،اور اسی طرح مقامی معیشت میں بھی تیزی آئے گی، اس ضمن میں صوبائی وزیر میر محمد صادق خان عمرانی کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میرا مشن ہے، ہم نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر رہے ہیں نصیرآباد کے عوام کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنا میری اولین ترجیح ہے یہ تاریخی فیصلہ نصیرآباد کے مستقبل کو روشن بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ اب ہر شخص کم قیمت پر زمین حاصل کر سکے گا، اپنا گھر بنا سکے گا، اور اپنے کاروبار کو فروغ دے سکے گا۔

خبرنامہ نمبر 1140/2025
نصیرآباد 15 فروری۔ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کے احکامات کی روشنی میں تحصیلداروں کی جانب سے ضلع بھر میں جاری میٹر کے امتحانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ضلع بھر کے مختلف بوائز اینڈ گرلز ہائی سکولز میں طلبہ و طالبات کے امتحانات لینے کا عمل جاری رہا تحصیلدار استامحمد علی گوہر مگسی اور تحصیلدار گنداخہ محمد ابراہیم پلال نائب تحصیلدار گامن خان بوہڑ سمیت دیگر نے امتحانی مراکز کا جائزہ لیا انہوں نے سینٹرز کے سپرنٹنڈنٹ سے بھی ملاقات کی اور امتحانی عمل کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی جانب سے سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ بلوچستان بورڈ کے تمام احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ امتحانی عمل تمام مراحل کے ساتھ مکمل کیا جا سکے نقل کے خلاف فوری اور موثر انداز میں کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے نقل نہ صرف ہمارے بچوں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ان کے مستقبل کو بھی تاریک کر دے گا اس لیے نقل کی روک تھام کے لیے موثر انداز میں اقدامات کیے جائیں تمام سپریٹنڈنٹ بچوں کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور سلپس وغیرہ چیک کر کے ہی امیدوار کو سینٹر کے اندر داخل ہونے دیا جائے سینٹرز کے گرد غیر افراد کے داخلے پر سختی سے پابندی کی جائے اس حوالے سے پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی غیر قانونی عمل کے ذریعے بچوں تک نقل نہ پہنچے۔

خبرنامہ نمبر 1141/2025
کوئٹہ، 15 فروری: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو عالمی، قومی اور علاقائی حالات سے مکمل آگاہی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ حقیقت اور پروپیگنڈے میں فرق کر سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں لسبیلہ زرعی یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو صوبے کی سیاسی، سماجی اور جغرافیائی تاریخ سے آگاہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، درپیش چیلنجز اور حکومتی اقدامات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس دور میں نوجوانوں پر سچائی جانچنے کی بھاری اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے بدقسمتی سے بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال، پرتشدد رویوں اور سوشل موبلائزیشن کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خبردار کیا کہ ریاست پاکستان کے خلاف بیرون ملک سے منظم سوشل میڈیا نیٹ ورکس چلائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی کر کے انہیں ریاست مخالف بیانیے کا حصہ بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا موبلائزیشن کے ذریعے ریاست مخالف عناصر کی بھرتیاں کی جاتی ہیں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سہارا لے کر نوجوانوں کو منفی سمت میں دھکیلا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ جب انٹرنیٹ پر بلوچستان کو سرچ کیا جاتا ہے تو بلوچستان کے ساتھ تشدد کا تاثر دیا جاتا ہے جبکہ یہاں ہونے والی ترقی اور مثبت پہلو سرچ انجن میں اولین ترجیح کے طور پر ظاہر نہیں ہوتے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاست کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ادارک ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب اور قوم پرستی کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی میں کوئی فرق نہیں ہے اور ہمیں کنفیوژن سے نکل کر قومی یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے لڑنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بدقسمتی سے سیاسی مفادات کی خاطر حقائق کے برعکس ریاست مخالف مقبول بیانیہ کو ترجیح دی جاتی ہے ہم سب کو سیاسی اور انفرادی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاست کا سوچنا ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خبردار کیا کہ اگر کوئی پرتشدد راستے پر چلے گا تو ریاست اپنا کام کرے گی انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت ریاست کی ہوگی، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ریاست مخالف عناصر کی نرسریاں بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنے شہریوں کو سڑکوں پر بیٹھ کر ریاست توڑنے کی باتیں کرنے کی اجازت نہیں دیتا ریاست کی سلامتی سب سے زیادہ اہم ہے اور کسی بھی سیاسی یا انفرادی مفاد سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غیر متوازن ترقی بلوچستان ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی دہائیوں کے مسائل کو چند سالوں میں حل کرنا ایک مشکل چیلنج ہے مگر حکومت گڈ گورننس کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں روز اول ہم نے یہ واضح کر دیا تھا اور اپنی بات پر قائم ہیں کہ بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی صوبے کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں شفاف بھرتیاں کی گئیں، جس کے نتیجے میں مند جیسے پسماندہ علاقے میں پہلی بار لیڈی ڈاکٹر تعینات ہوئی اور پشین میں ایک غریب سوئپر کی بیٹی بطور ٹیچر منتخب ہوئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ باصلاحیت ہیں اور حکومت ان کے لیے ترقی کے مواقع فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طالب علموں کے لئے صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول دئیے ہیں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام بلوچستان سے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت بینظیر بھٹو اسکالرشپ کے ذریعے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک کے طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بچیاں بھی باصلاحیت ہیں اور خواتین انتظامی افسران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے دور رہیں اور اپنے علم، صلاحیت اور کردار کو ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے اور حکومت اس حوالے سے ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی اس موقع پر طلبہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مختلف موضوعات پر سوالات بھی کئے جس پرمیر سرفراز بگٹی نے تاریخی حقائق و حوالوں پر مشتمل تفصیلی جوابات دئیے