News

26-05-2025

خبرنامہ نمبر 4044/2025
نیب بلوچستان کی جانب سے شکایات کنندگان کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد بمقام نیب دفتر شکایات واقع نیب (بلوچستان) کے دفتر شاہراہ گلستان روڈ، کوئٹہ کینٹ صوبہ بلوچستان میں بڑی مالی بد عنوانیوں کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق کھلی کچہری کا انعقادہر ماہ کی آخری جمعرات کو کیا جاتا ہے۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان شکایت کنندگان کو بذات خود سنتے ہیں۔ اس ماہ کھلی کچہری کا انعقاد مورخہ29مئی 2025 بوقت صبح 11:00 تا 01:00 بجے سہ پہرکو نیب (بلوچستان) کے دفتر واقع شاہراہ گلستان روڈ کوئٹہ کینٹ میں کیا جائے گا درخواست کنندگان سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ تحریری شکایات میں مندرجہ ذیل معلومات لازماً مہیا کریں۔
1۔نام بمعہ ولدیت
2۔کاپی قومی شناختی کارڈ
3۔ مکمل پتہ / ایڈریس
4۔ نشان انگوٹھا / دستخط
5۔ رابطہ نمبر موبائل / گھر / ای میل
واضح کیا جاتا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق اب نیب گم نام/ فرضی شکایات پر کاروائی نہیں کرے گا۔ صرف ایسی مصدقہ شکایات جو نیب کے دائرہ کار پر پورا اُتر تی ہوں اُن پرقانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ایسی شکایات پر کاروائی سے قبل شکایات کنندگان سے بیان حلفی اسٹامپ پیپر پر لیا جائے گا۔ہر خاص و عام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ نیب میں شکایات مندرجہ ذیل طریقہ سے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
1۔ بذریعہ ڈاک/ بذات خود اندر نیب دفتر واقع شاہراہ گلستان روڈ کوئٹہ کینٹ
2۔بذریعہ ای میل [email protected]
3۔بذریعہ ڈاک / بذات خوداندر نیب کے دفترشکایات واقع DCآفس انسکمب روڈ کوئٹہ
4۔ بذریعہ کھلی کچہری ڈائریکٹر جنرل سے بالمشافہ ملاقات کے ذریعہ(ہر ماہ کی آخری جمعرات)
مزیدمعلومات کیلئیعلاقائی دفتر شکایات نیب بلوچستان کے فون نمبرز: 9203614 081-، 081-9203468 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 4046/2025
زیارت 26مئی: ڈپٹی کمشنر ذکاء اللہ درانی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر ڈی ایچ او زیارت ڈاکٹر یاسر طاہر، محکمہ صحت کے باقی افسران سمیت ڈبلیو ایچ اور یونیسیف کے نمائندے بھی موجود تھے. ضلع زیارت میں 19 یونین کونسل میں انسداد پولیو مہم کے دوران26660بچوں کو پولیو کے قطرے پلاے جائیں گے. ضلع زیارت میں 139 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے اور اس سلسلے میں 29 فکسڈ سائٹس اور 12 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی نیکہاانسداد پولیو مہم ایک قومی مہم ہے اس کو مکمل کامیابی سے ہمکنار کرانا ہوگا اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور غفلت پر قانونی کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ پولیو ورکر گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو مہم کے قطرے پلائیں، تمام پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے،حکومت کے ساتھ والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ایک بچہ بھی قطروں سے محروم نہ رہ جائے. انہوں نے مزید کہا کہ پولیو جیسی موذی مرض سے ہمارے مستقبل کے معمار ہمیشہ کے لیے اپاہج ہوتے ہیں ان کے خاتمے لیے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو بخوبی کردار ادا کرنا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 4047/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر انسداد پولیو کی قومی مہم (NID) کا باقاعدہ آغاز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین ماجد جوہر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے گئے، ساتھ ہی وٹامن ’اے‘ کے قطرے بھی دیے گئے اور فنگر مارکنگ کے ذریعے مہم کی نشاندہی کی گئی۔تقریب کے دوران ضلعی صحت افسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ضلعی سپورٹ منیجر ڈاکٹر مرشد دشتی، کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر شے صغیر سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے ضرور پلائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے قومی ہدف میں کامیابی حاصل ہو سکے۔ ضلعی چیئرمین ماجد جوہر نے بھی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام طبقات سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ضلعی صحت افسر کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران مقررہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی اور کسی بچے کو محروم نہ رکھنے کے لیے خصوصی نگرانی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر 4048/2025
لورالائی26مئی 2025 پولیو مہم NID کی افتتاحی تقریب کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن،اسسٹنٹ کمشنر بوری اجمل خان مندوخیل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نورعلی کاکڑ اور دیگر آفیسران نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لورالائی میں قومی انسداد پولیو مہم (NID) کا باقاعدہ افتتاح کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لورالائی ڈاکٹر عبدالحمید لوڑی، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر یاسر کتھیران ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر فہیم اوتماخیل اور کمیونٹی کے افراد متعلقہ دیگر آفسران کی موجودگی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے فیلڈ ٹیموں اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور محنت کریں تاکہ لورالائی کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ بلاخوف خطر اپنی زمہ داریاں نبھا سکیں انہوں نے یقین دیانی کروائی کہ ضلع انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے مہم کی کامیابی کیلئے مکمل تعاون فراہم کرینگے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لورالائی ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی نے کہا اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے پلائی جائے گی اس مقصد کیلئے تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کی حفاظتی قطرے اور وٹامن اے پلائیں گے انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ پولیو ویکسین مکمّل طور پر محفوظ اور موثر ہے اور بچوں کو عمر بھر کی معزوری سے بچانے کیلئے انتہائی ضروری ہے انہوں نے علماء کرام سماجی رہنماؤں، اساتذہ کرام، میڈیا کے نمائندوں اور باشعور عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور عوام میں شعور اجاگر کریں یاد رہے ایس این آئی ڈی پولیو مہم 26 مئی سے 30 مئی تک ہونے جارہا ہیں جس کے دوران ضلع لورالائی می بچوں 63307کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 195ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ 8 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 13 فکسڈ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک باآسانی رسائی ممکن ہو۔

خبرنامہ نمبر 4049/2025
گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے ٹیچنگ اسپتال گوادر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، لیبارٹری، ایکس رے روم، او پی ڈی سمیت دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے انہیں اسپتال کی مجموعی کارکردگی، سہولیات، مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مختلف شعبہ جات میں صفائی، مشینری کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 4050/2025
تربت26 مئی 2025: کمشنر مکران اور ڈپٹی کمشنر کیچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دشت، شے حق حیات کی نگرانی میں لیویز فورس نے میرانی ڈیم سے نکالے گئے غیر قانونی پانی کے کنکشنز کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد پائپ لائنز قبضے میں لے کر انہیں مکمل طور پر مسمار کر دیا یہ کارروائی ایس ایچ او بل نگور اور کھڈان کی قیادت میں ایریگیشن محکمہ اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے تعاون سے انجام دی گئی۔ اس مشترکہ آپریشن کا مقصد میرانی ڈیم سے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا، پانی کے وسائل کا تحفظ اور زرعی مقاصد کے لیے پانی کی دستیابی میں بہتری لانا تھا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پانی جیسے قیمتی وسیلے کا غیر قانونی استعمال قابلِ قبول نہیں، اور اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام شہریوں کو ان کے حق کے مطابق پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 4051/2025
استامحمد: پولیو کے خلاف جاری مہم کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک کی ہنگامی مانیٹرنگ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر استامحمد عبدالرزاق خجک نے اسسٹنٹ کمشنر استا محمد محمد رمضان اشتیاق اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری کے ہمراہ آج پولیو کے خاتمے کے لیے جاری پانچ روزہ مہم کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مہم کی مانیٹرنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو ٹیموں کے کام کا جائزہ لیا اور ان سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ اس مہم کو ایک ”جہاد سمجھ کر پوری لگن اور ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معمولی سی لاپرواہی بھی پولیو وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے، جس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب مزید محنت کی ضرورت ہے، کیونکہ ہم پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے قریب ہیں، اور یہ مرحلہ ہماری توجہ، ایمانداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا متقاضی ہے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ہر بچہ اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکے۔پولیو مہم کے دوران شہریوں میں بھی آگاہی مہم جاری ہے تاکہ ہر فرد اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے اور اس قومی کاز میں بھرپور کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر 4052/2025
استامحمد۔۔استامحمد میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر افتتاح کیا تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر استامحمد عبدالرزاق خجک نے آج تحصیل ہسپتال استامحمد میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی اور ایم ایس تحصیل ہسپتال ڈاکٹر عبدالجبار سومرو نے بھی شرکت کی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی نے اپنے محکمے کی جانب سے پولیو مہم کی تیاریوں اور کامیابی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران ہر گھر تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور مہلک مرض ہے جس کے خاتمے کے لیے ہمیں بطور قوم یکجہتی اور محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع استامحمد کی سرحدیں صوبہ سندھ سے ملتی ہیں، جس کے باعث یہاں پولیو کے ممکنہ خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں مزید محنت، لگن اور مربوط حکمت عملی سے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہم اپنے ضلع اور پورے صوبے کو پولیو فری بنا سکیں۔

خبرنامہ نمبر 4053/2025
جعفرآباد۔۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی موجود تھے جنہوں نے پولیو مہم کے حوالے سے کئیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہاکہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے جعفرآباد ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی تاکہ پولیو کی وباء کو جڑ سے ہی ختم کیا جا سکے تمام افسران مانیٹرنگ کے عمل کو سخت کر دیں تاکہ اگر کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جائے تو اس کے متعلق فوری اقدامات کیے جا سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جعفر آباد خالد خان نے پولیو مہم کے دوران پولیو مہم کی مانیٹرنگ بھی کی دورے کے موقع پر بچوں کی فنگر مارکنگ اور ڈور مارکنگ کا بھی مشاہدہ کیا ٹرانزٹ پوائنٹ پر ٹیموں سے ملاقات کی اور تمام امور کے متعلق آگاہی حاصل کی ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر رفیق چھلگری اور ڈی ایچ او کی ٹیم موجود تھی دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے یو سی روجھان جمالی میں آر ایچ سی کا بھی جائزہ لیا ادویات کے متعلق آگاہی حاصل کی ڈپٹی کمشنر خالد خان نے احکامات دیے کہ آر ایچ سی میں لوگوں کو بہتر معنوں میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں عملہ اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں غیر حاضری کے عمل سے اجتناب کریں کیونکہ دور دراز علاقوں سے لوگ یہاں پر علاج معالجہ کی غرض سے آتے ہیں اس لیے وہ ہرگز یہاں سے مایوس ہو کر نہ لوٹیں۔

خبرنامہ نمبر 4054/2025
تربت، 26 مئی 2025: کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ایمرجنسی سروسز، علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کی نگہداشت کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے ٹیچنگ ہسپتال میں صفائی ستھرائی، طبی عملے کی حاضری اور دستیاب سہولیات کا بھی بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور موجود ڈاکٹرز کی ٹیم کو ہدایت کی کہ تمام بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر علاج کی سہولت میسر آ سکے اس موقع پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال نے کمشنر کو ادارے کی موجودہ صورتحال، مسائل اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ضلعی آفیسر صحت بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے کمشنر مکران نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہوں

خبرنامہ نمبر 4055/2025
کوئٹہ، 26 مئی : گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ایک روزہ دورے پر پیر کے روز کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ خضدار کے زخمیوں کی عیادت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین کے لیے دس دس لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ فتنہ? ہندوستان کے دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند اور محب وطن ہیں، اور وہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم اپنے معصوم شہداء کے مقدس خون کے قرضدار ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، اور شہید بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا دوسری جانب، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ہمیشہ بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور یہی جرا?ت ہماری بہادر فورسز اندرونی تخریب کاروں کے خلاف بھی دکھائیں گی۔

خبرنامہ نمبر 4056/2025
لورالائی26مئی 2025 پولیس کی کاروائی 20 کلو آفیون برآمد 2 افراد گرفتار ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج ملک محمد سلیم لہڑی کے ہدایات پر ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کے احکامات پر زیرنگرانی ایس ڈی پی او لورالائی کلیم اللہ کاکڑ ایس آیچ او پولیس تھانہ صادق علی شہید (صدر) لورالائی انسپکٹر فرمان علی کھوسہ کے سربراہی میں پولیس ٹیم نے نے کاروائی کرتے ہوے پیک آپ سے 20 کلو آفیون برآمد کرکے دو افراد فیض اللہ ولد عبداللہ ناصر عزت اللہ ولد فتح خان دوتانی کو گرفتار کرلیا ملزمان کیخلام مقدمہ فرد نمبر 21/025 بجرم کنٹرول آف نارکوٹیکس کا مقدمہ درج کر لیا مزید تفتیش پولیس تھانہ صادق علی شہید لورالائی کررہی ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4057/2025
حب 26مئی: بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع حب میں انسدادپولیو مہم کا آغازکردیاگیاہے افتتاحی تقریب ای پی آء سینٹر حب میں منعقدکی گء ڈپٹی کمشنر حب نثاراحمد لانگو نے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلاکر ضلع بھر میں انسدادپولیو مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسرڈاکٹرنوربخش بزنجوڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسرڈاکٹر شوکت جلبانی اورڈسٹرکٹ این اسٹاف افسر ڈاکٹر نزیر رونجہ ودیگر افسران موجودتھیڈپٹی کمشنر حب کو بریفنگ مں ں بتایا گیا کہ ضلع حب میں 90825 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقررکیاگیاہے ضلع بھر میں انسدادپولیو مہم کیلئے 326 موبائل ٹیمیں 23فکس مراکز 18ٹرانزٹ پوائنٹ 82ایریا انچارج اورUCMO 22 تشکیل دی گء ہیں ضلعی پولیس کی جانب سے پولیو ہیلتھ ورکرزکو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسرنے انتظامی افسر کو بتایا کہ تمام پولیو ٹیموں کو ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کیلئے اوآرایس بھی فراہم کیا گیا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب نثاراحمد لانگو کا کہنا ہیکہ ہانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو عمربھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو ویکسین پلانا ضروری ہے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن پولیو مہم میں شریک ٹیموں کی ایوننگ میٹنگ میں کارکردگی چیک اورپولیو کوریج کو 100فیصدیقینی بنایا جائیگا۔

خبرنامہ نمبر 4058/2025
کو ئٹہ۔ 26 مئی:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کوئٹہشہر میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں جن میں کسٹم فلائی اوور گاہی خان فلائی اوور کے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جاہزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر پی ڈی کسٹم گاہی خان فلائی اوور پروجیکٹ کے علاؤہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اجلاس کو دونوں فلائی اوورز کی موجودہ صورتحال پروجیکٹ مکمل کرنے کی رفتار اور پروجیکٹ کے حوالے سے تیکنیکی مساہل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کی سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان فلائی اوور منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کے فیلڈ آفیسران ریگولر نیادوں پر ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ کام کی رفتار اور میعار میں کوئی کمی بیشی نا رہے انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے اور یہ بہترین کارکردگی اس وقت ہوگی کہ جب ان منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ سے بھی پہلے مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان ایریا میں ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کی جلد ازجلد تکمیل کی اشد ضرورت ہے لہذا کام کی رفتار کو مذید تیز کیا جائے اور ان منصوبوں کے حوالے سے تیکنیکی مسائل کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے صوبائی وزیر نے مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کے رفتار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ ان علاقوں سے منسلک عوام کو مذید تکلیف کا سامنا نا کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ مذکورہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام انجینئر آفیسران محنت اور لگن سے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کریں۔

خبرنامہ نمبر 4059/2025
کوئٹہ 26 مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے آج بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ یہ اقدام پولیو جیسے مہلک مرض کے خاتمے اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ”پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے والدین، کمیونٹی، ہیلتھ ورکرز اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔”اس موقع پر انہوں نے تمام ٹیموں، ورکرز، سی ایچ ڈبلیوز (CHWs) اور عوام کو ایک اہم پیغام بھی دیا کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلوانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔حکام کے مطابق یہ مہم پانچ روز تک جاری رہے گی جس میں ہزاروں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور سیکیورٹی ادارے باہمی تعاون سے سرگرم عمل ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4060/2025
کوئٹہ 26 مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے پولیو کے خاتمے کے قومی مشن کے تحت جاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ پی ای او کوآرڈینیٹر انعام الحق اور ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صفدر زرکون بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ میں موجود ٹیموں سے ملاقات کی، ان کے کام کا جائزہ لیا، اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی خود اپنے ہاتھوں سے پلائے۔ اس موقع پر فنگر مارکنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ٹیموں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے فیلڈ اسٹاف کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر پولیو مہم میں قطرے پلا کر ایک صحت مند مستقبل کو یقینی بنائیں۔حکام نے اعادہ کیا کہ پولیو کے خلاف یہ جنگ تب ہی جیتی جا سکتی ہے جب معاشرہ، صحت کے ادارے اور انتظامیہ یکساں عزم کے ساتھ کام کریں۔

خبرنامہ نمبر 4061/2025
کوئٹہ 25 مئی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی پالیسیوں کی نگرانی اور نفاذ کرنا، عوامی خدمات کی فراہمی، اور قانون کے مطابق کام کرنا سول سرونٹ کی زمہ داریوں میں شامل ہے۔ افسران اپنے شعبے میں پیشہ ورانہ معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے انجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے اسپیشل سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والے افسران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر افسران نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے شرکا کو اپنے تجربات اور سول سروس ڈلیوری کے حوالے سے معلومات فراہم کی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزید کہا کہ صوبے کے مشکل حالات اور مسائل کے باوجود اسپیشل سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی قابل ستائش ہے صوبیکے پاس ہونے والے افسران سول سروس کے دوران محنت، مثبت سوچ اور جذبے کو اپنا کر عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔اپنی محنت اور کارکردگی سے عوام کے مسائل حل اور ان کے مشکلات میں کمی کریں۔ کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے دی گئی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے سرانجام دینا ایک قابل افسر کی پہچان ہے۔سول سروس جوائن کرنے کا مقصد ملک اور قوم کا نام روشن کرنا ہے اپنے شعبوں میں نمایاں بہتری کے ساتھ ساتھ معاشرے کے لیے رول ماڈل ثابت ہو۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ سول سروس خدمات کا بہترین جگہ ہے اپنی محنت، لگن اور مثبت سوچ سے معاشرے میں تبدیلی رونما کر سکتے ہیں جن مشکل حالات میں آپ گزر کر یہاں آئے ہیں وہ قابل تعریف ہے صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے منتخب ہونا ایک خوش ائند امر ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں صرف مواقعوں اور محنت کی ضرورت ہے۔سول سروس کے دوران تمام افسران ذمہ داریوں سے انصاف کریں تاکہ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سرانجام دے کر ملک،صوبے اور قوم کا نام روشن کریں انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر کرنے کے لیے اپنی قابلیت کو بروکار لائیں۔ایک بہترین افسر اپنی قابلیت، محنت، مثبت سوچ اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہوکر ہی معاشرے میں اعلیٰ اعلی مقام حاصل کر سکتا ہے۔ملاقات کے دوران افسران نے کمشنر سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے۔جس کا انہوں کو تفصیلا جوابات دیئے۔

خبرنامہ نمبر 4062/2025
تربت، 26 مئی 2025: کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع کیچ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر ڈاکٹر منیر احمد رند، ڈبلیو ایچ او کے ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹر ارسلان بلوچ، یونیسیف کے کمیونیکیشن آفیسر ذوہیب حسن، ایم این سی ایچ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر لعل جان بلوچ، اور ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ظریف علیان رند نے شرکت کی تقریب سے کمشنر مکران نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ ضلع کیچ کو پولیو سے مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سابقہ کارکردگی لائق تحسین رہی ہے اور توقع ہے کہ اس بار بھی وہ بھرپور محنت، جذبے اور عزم سے خدمات انجام دیں گی انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کا واحد مؤثر ذریعہ بروقت ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حصے کا کردار ادا کرے تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل پا سکیں۔ ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ظریف علیان رند نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع کیچ میں 93,667 بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 392 موبائل ٹیمیں، 11 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 86 فکسڈ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جو ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں خدمات انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ ضلع کیچ میں بھی بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح انسداد پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے ہو چکا ہے، جو 30 مئی 2025 تک جاری رہے گی۔ اس دوران ضلع کیچ کی چاروں تحصیلیں تربت، بلیدہ، دشت، اور تمپ کو مکمل طور پر کور کی جائیں گی۔

خبرنامہ نمبر 4063/2025
سبی 26 مئی :ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت پرائسزکنٹرول میکنزم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی میر بہادر خان بنگلزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر لاؤ سٹاک ڈاکٹر فاروق لونی، محکمہ انڈسٹریز، فوڈ، لیبر کے نمائندے، مرغی،بیف، مٹن کے نمائندے، انجمن تاجران اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں اٹا چینی اور دیگر اشیاء کہ نرخ اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا پرائس کنٹرول میکنزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہانزیب شیخ نے کہا کہ پرائز کنٹرول میکنزم کو مزید موثر بنایا جائے مہنگائی سب سے اہم مسئلہ ہے قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے موثر کاروائی کی جائیانہوں نے کہا کہ پرائز کنٹرول میکنزم حکومت کی جانب سے مارکیٹ میں اشیاء اور خدمات کی قیمتوں کو منظم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے اقدامات ہیں ان کا بنیادی مقصد صارفین کو ضروری اشیاء کی بلند قیمتوں سے بچانا یا پیداواری شعبے کو مستحکم کرنا ہوتا ہے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورد و نوش کے نرخ خصوصی طور پر مرغی کی پیداوار، سپلائی اور ان کی قیمتیں یہ تمام تر تفصیلات دو دن کے اندر اندر فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کے نرخ کے اُتار چڑھاؤ اور مارکیٹ ڈائنامکس پر کڑی نظر رکھی جائے، کاشت کار کے مفادات کو بھی مدِ نظر رکھا جائے ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں پر بلاجھجک کاروائی کی جائے انہوں نے واضح کیا کہ مڈل مین کا کردار ختم کرنا ہوگا تب ہی عوام اور ریٹیلرز کو فائدہ ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 4064/2025
ضلع نصیرآباد کی یونین کونسل 29 میر واہ سے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے والے نے نے بطور ممبر ضلع کونسل نصیر آباد حلف اٹھا لیا حلف اٹھانے کی تقریب اسسٹنٹ کمشنر چھتر آفس میں منعقد ہوئی اس موقع پر الیکشن کمیشن سے بابو مغل خان سیال بابو غلام جان حافظ سعید احمد بنگلزئی میر محمد حیات جتک غلام نبی جتک بھی موجود تھے ریٹرننگ آفیسر اور پریزیڈنگ آفیسر و اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے یونین کونسل 29 میر واہ سے نو منتخب چیئرمین نور محمد جتک سے بطور ممبر ضلع کونسل نصیر آباد حلف لیا واضح رہے کہ چئیرمن نور محمد جتک سے مقابلے میں کسی بھی مقابلے میں کسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے اس طرح یونین کونسل 29 میرواہ سے چیئرمین نور محمد جتک منتخب ہوگئے تھے جس کی آج حلف برداری تھی۔

خبرنامہ نمبر 4065/2025
کوئٹہ: مالی سال بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، اسپیشل سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور محکمہ خزانہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری، محاصل وسائل کے مؤثر استعمال اور مالی نظم و ضبط سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حالیہ اجلاس میں صوبے کی مالی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں قرضوں کے حصول کی پالیسی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا، تاکہ مالی خود کفالت اور کفایت شعاری کی جانب رجحانات عوام میں فروغ پائے۔مختلف غیر ضروری مدات میں مختص فنڈز کو ختم کرنے اور بجٹ کا ترجیحی بنیاد پر ازسرنو تعین کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دی جا ئے اس کے ساتھ ساتھ، صوبے پر موجود قرضوں کے بوجھ کو مرحلہ وار کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نیکہا کہ موجودہ مالی چیلنجز کے تناظر میں کفایت شعاری، شفافیت اور مالیاتی نظم و نسق کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں دستیاب وسائل کا استعمال انتہائی سوچ بچار اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔

خبرنامہ نمبر 4066/2025
لسبیلہ 26 مئی۔:پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے محلہ ریسٹ ہاؤس میں لال محمد کے بیٹے، محمد سمیر کے والد، ابراہیم الٰہی بلوچ کے بہنوئی مرحوم صالح محمد کیانتقال پر انکی رہائشگاہ پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی بیلہ سید شاہجان شاہ کونسلر طارق علی بلوچ پی ایس اظہار علی سومرو ایس ایچ او لسبیلہ وحید علی مگسی سی آئی اے لسبیلہ انچارج عبدالاحد بلوچ ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر پیر سکندر علی شاہ جیلانی معروف ٹرانسپورٹر حاجی محمد حیات بلوچ ٹھیکیدار محمد رحیم حاجی محمد صادق بابو محمد عظیم وڈیرہ کریم بخش رمضان قانون گو و دیگر بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 4067/2025
ضلع26مئی 2025 دکی میں پولیو مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے افتتاح کیا ضلع دکی میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عبد السلام، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی، اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور صحت کے عالمی ومقامی ادارے پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ اس مہلک مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین، کمیونٹی اور محکمہ صحت کے عملے پر زور دیا کہ وہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔بعد ازیں ڈپٹی کمشنر دکی، محمد نعیم خان نے آج ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق احمد اور اسسٹنٹ کمشنر لونی مجیب الرحمٰن بلوچ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ٹیموں کی ٹیلی شیٹس، فنگر مارکنگ اور ڈور چاکنگ کے عمل کا بغور معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے خطرناک مرض کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 4068/2025
نصیرآباد۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ آج کے اس جدید دور میں ڈیجیٹل میڈیا سے انحراف کسی صورت ممکن نہیں ضروری ہے کہ ہم ڈیجیٹل میڈیا کو مثبت پہلو کے اندر رہ کر استعمال کریں اور علاقائی مسائل اجاگر کیے جائیں نوجوان نسل پر لازم ہے کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام میں مزید شعور بیدار کریں تاکہ پاکستان میں بھی ڈیجیٹل میڈیا کی توسط سے مزید کامیابی حاصل کی جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ مرا جمالی میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈیجیٹل میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے حوالے سے یونیورسٹی اور کالجز کی فیمیل سٹاف سٹوڈنٹس کے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ٹرینر نثار احمد ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت دیگر موجود تھے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد نے تمام شرکاء میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے جبکہ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں سوشل میڈیا کو استعمال کرنے سے پہلے اس کے تمام تر نقصانات سے آگاہی انتہائی ضروری ہے صحیح اور غلط کا چناؤ آپ کے ہاتھوں میں ہے غلط قسم سے سوشل میڈیا کے استعمال کے بھیانک نتائج سامنے آ سکتے ہیں ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اپنی بسات کے مطابق عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کریں اور چھان بین کے عمل کو ہر صورت یقینی بنائیں ہم مثبت انداز کو اپنا کر ہی بہتر معنوں میں ڈیجیٹل میڈیا سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4069/2025
اوتھل: پارلیمانی سیکریٹری سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا ہیکہ وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں ضلع لسبیلہ کے عوام کی خدمت کررہے ہیں اور ان کے جائز و بنیادی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اور انشاء اللہ لسبیلہ کی عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے پانی بجلی ہوم سولر صحت و ایجوکیشن کے مسائل حل کیئے جائیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے وڈیرہ کرہم بخش شاہوک کی جانب سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر وڈیرہ کرہم بخش شاہوک نے کہا کہ ہم نواب جام کمال خان عالیانی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں ایک نوجوان قیادت دی ہے جو دور دراز پہاڑی علاقوں میں آکر ہمارے مسائل سن رہے ہیں اور حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں استقبالیے میں شریک دیگرمعززین سابق ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین لسبیلہ قادر بخش جاموٹ،چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ،چیئرمین میونسپل کمیٹی بیلہ سید شاہجہان شاہ،سردارذادہ اخلاق حسن شاہوک،عبداللہ شاہوانی،وائس چیئرمین اوتھل وسیم احمد خاصخیلی ودیگر موجودتھے۔

خبرنامہ نمبر 4070/2025
کوئٹہ26مئی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیوریج کے زہریلے پانی سے کاشت کردہ سبزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن تیسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہا۔ اتھارٹی کی کارروائیوں کے دوران سی پیک روڈ کوئٹہ کے گرد و نواح میں 60 ایکڑ سے زائد اراضی پر زیرِ کاشت اور تیار سبزیاں جن میں پالک، پیاز، پودینا اور گوبھی شامل ہیں تلف کر دی گئیں۔گزشتہ تین روز سے جاری اس مہم کے دوران اب تک مجموعی طور پر تقریباً 150 ایکڑ اراضی پر کاشت کردہ مضر صحت سبزیاں ضائع کی جا چکی ہیں۔ کارروائیوں کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور غیر قانونی کاشتکاری کی حوصلہ شکنی ہے۔ بی ایف اے کے ماہرین کے مطابق سیوریج واٹر سے اگنے والی سبزیوں میں خطرناک کیمیکل جیسے آرسینک، سلفر اور دیگر زہریلے مادے شامل ہوتے ہیں جو کہ انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ ان سبزیوں کا مسلسل استعمال مختلف پیچیدہ بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا ااس حوالے سے کہنا ہے کہ گندے پانی سے سبزی اگانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ عوامی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ذاتی فائدے کے لیے شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی جی بی ایف اے نے مزید کہا کہ کاشتکاروں اور زمینداروں کو بارہا آگاہ کیا گیا ہے کہ سیوریج واٹر صرف غیر خوردنی فصلوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم واضح ہدایت کے باوجود خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مضر صحت سبزیوں کی کاشت اور ناقص خوراک کی تیاری اور فروخت کے خلاف اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔