News

22nd-August-2025

خبرنامہ نمبر5732/2025
کوئٹہ 22 اگست ۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پرائمری تعلیم کسی ملک کے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو مستقبل کی تعلیمی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔ شروعات سے پرائمری تعلیم پر توجہ مرکوز کرکے ہم خواندگی کی شرح کو نمایاں طور پر بہتر کر سکتے ہیں، ہماری قلیل مگر بکھری ہوئی منتشر آبادی کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا بہت مشکل کام ہے لہٰذا ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہمیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی خصوصی مدد اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کے بیوٹمز یونیورسٹی میں یونیسف اور ناروے حکومت کے زیر اہتمام بلوچستان میں پرائمری، مڈل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تعلیمی پروگرام کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر یونیسف کی صوبائی سربراہ مریم درویش، وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر ظہور بازئی، پرو وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر میرویس خان کاسی اور پلوشہ جلال زئی سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور اسٹوڈنٹس بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کی تقریب بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مقررین اور ماہرین نے ہمارے صوبے میں پرائمری تعلیم کے بارے میں زمینی حقائق اور حقیقی اعدادوشمار سامنے لائے ہیں جن سے حکومت کو مسقبل کیلئے ایک جامع مستقبل کی حکمت عملی بنانے میں مدد و رہنمائی ملے گی. پرائمری تعلیم کسی ملک کے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو مستقبل کی تعلیمی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔ شروعات سے پرائمری تعلیم پر توجہ مرکوز کرکے ہم خواندگی کی شرح کو نمایاں طور پر بہتر کر سکتے ہیں، اعلیٰ تعلیم کے اندراج میں اضافہ کر سکتے ہیں اور روزگار کے مواقعوں کو بڑھا سکتے ہیں. بلوچستان اگرچہ ملک کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن اس کی بہت قلیل مگر بکھری ہوئی منتشر آبادی کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا بہت مشکل کام ہے لہٰذا ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے وڑن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہمیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی خصوصی مدد اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔ بلوچستان میں پرائمری تعلیم کی حالت تشویشناک ہے۔ یہاں 29 لاکھ ساٹھ ہزار بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں جو ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ تعلیم کے اپنے بنیادی حق سے محروم ہے۔ دیہاتوں میں پرائمری اسکولز بنیادی ڈھانچے سے محروم ہیں، وہاں بجلی کی سہولت سمیسر نہیں ہے، سکولوں میں صاف پینے کا پانی دستیاب نہیں ہے اور سینکڑوں اسکولوں میں صفائی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ ایسے مشکل حالات سیکھنے کے ماحول میں رکاوٹ بنتے ہیں اور والدین کو اپنے بچوں کو وہاں بھیجنے کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ دنیا کے ہر ذی شعور شخص کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ہر بچہ سیکھنے، پڑھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع کا مستحق ہے۔ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان کا کوئی بھی بچہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے اور بنیادی سہولیات محروم نہ رہے۔ ہم سب ملکر علم و شعور کے نئے چراغ روشن کر سکتے ہیں۔ آئیے ہم اپنے بچوں کو معیاری تعلیم اور جدید مہارت سے آراستہ کریں. آخر میں گورنر بلوچستان نے طلباءاور طالبات میں اسناد اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5733/2025
اسلام آباد، 22 اگست ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریوٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، گڈ گورننس کے قیام، امن و امان کی بہتری، تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات اور صوبے کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک غیر معمولی چیلنج ہے اور اس تناظر میں بلوچستان نے پہلا ”کلائمیٹ فنڈ“ قائم کیا ہے تاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی بجٹ سے 14 ارب روپے کی بچت کی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بتایا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت صوبے کے طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اس پروگرام میں سویلین شہداء کے بچوں، ٹرانس جینڈر افراد، اقلیتوں اور محروم طبقات کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ سب کو یکساں تعلیمی سہولتیں مل سکیں۔ نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اخوت کے تعاون سے بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کا پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اسی طرح محکمہ تعلیم میں 16 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ کو مکمل طور پر میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے محکموں میں اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتوں تک بہتر رسائی حاصل ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یوتھ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے اور ”چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام“ کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریوٹ نے بلوچستان حکومت کی گڈ گورننس کے قیام اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ملاقات میں سی ٹی ڈی پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5734/2025
کوئٹہ، 22 اگست ۔ صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی عزم کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خواتین کے لیے خصوصی “پنک بس سروس” جلد شروع کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے گرین بسوں کے ساتھ پانچ خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی ہیں جو جلد ہی کوئٹہ کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ یہ بسیں صرف خواتین کے لیے مختص ہوں گی تاکہ انہیں تعلیم، ملازمت اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے سفر کے دوران ایک محفوظ، آرام دہ اور باوقار ماحول میسر آسکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ٹرانسپورٹ کے مسائل کی وجہ سے اکثر اپنی تعلیم یا روزگار سے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔ اس نئی سہولت کے آغاز سے نہ صرف ان کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ معاشرے میں خواتین کی شمولیت اور خود مختاری کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی بلوچستان کی مجموعی ترقی کی ضامن ہے اور حکومت خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ پنک بس سروس کا آغاز خواتین کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہوگا اور یہ اقدام بلوچستان حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی عملی مثال ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta, August 22, 2025 — Provincial Advisor for Women Development Department, Dr. Rubaba Khan Buledi, has announced that in line with the commitment of the Government of Balochistan, a dedicated “Pink Bus Service” for women will soon be launched in Quetta. She stated that providing safe and quality transport facilities for women remains one of the top priorities of the provincial government.For this purpose, the Transport Department has introduced five special pink buses alongside the green bus service, which will soon be seen operating on the roads of Quetta. These buses will be exclusively reserved for women, ensuring them a safe, comfortable, and dignified environment while traveling for education, employment, and daily activities.Dr. Rubaba Khan Buledi highlighted that women often face transport challenges that force them to compromise on education or professional opportunities. With the launch of this service, not only will their mobility become easier, but women’s participation and empowerment in society will also be further strengthened.She emphasized that the development of women is integral to the overall progress of Balochistan, and the government is committed to providing women with facilities and opportunities in all walks of life. Dr. Buledi added that the initiation of the Pink Bus Service will mark the beginning of a new chapter for women in the province and will stand as a practical example of the government’s vision to safeguard women’s rights and welfare.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5735/2025
کوئٹہ، 22 اگست ۔ حکومت بلوچستان نے لسبیلہ، اوتھل کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے ایک بیان میں کہا کہ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ترجمان نے کہا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ امدادی سرگرمیوں کو فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جا سکے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نعشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ شاہرات پر سفر کرتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5736/2025
کوئٹہ، 22 اگست ۔ پاپولیشن کونسل کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر علی میر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے جنم لینے والے مسائل کے پائیدار حل کے لئے وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی وزیر پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے جو پاپولیشن کونسل کی ایک طویل جدوجہد کا ثمر ہے، آبادی میں توازن سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کا اعلامیہ خوش آئند ہے سماجی و معاشی ترقی کے اشاریوں کے لحاظ سے صوبوں کے درمیان اور صوبوں کے اندر عدم مساوات سے متعلق درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے تاکہ حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے یہ بات انہوں نے پاپولیشن کونسل اور یو این ایف پی اے کے تعاون سے منعقدہ “میڈیا کولیشن برائے آبادی” کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا موضوع “پاکستان میں تولیدی صحت کے منظرنامے میں نئی پیش رفت اور میڈیا کا کردار تھا اجلاس میں ملک کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں میڈیا اداروں کے صحافیوں، مذہبی سکالرز اور طبی ماہرین نے شرکت کی اور خاندانی منصوبہ سازی اور تولیدی صحت میں بہتری کے لیے میڈیا کے موثر کردار پر تبادلہ خیال کیاپاپولیشن کونسل کے ڈپٹی منیجر کمیونیکیشن، اکرام الاحد نے اس موقع پر کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے حالیہ پیش رفت نہایت اہم ہے۔ ان اقدامات میں اسلامی نظریاتی کونسل (CII) کا اعلامیہ، جس میں ماں اور بچے کی صحت کے لیے بچوں کے درمیان مناسب وقفے کو اسلامی تعلیمات کے مطابق قرار دیا گیا، وزیرِ اعظم کی جانب سے آبادی پر اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام، مانعِ حمل ادویات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ اور قومی اسمبلی کی قرارداد شامل ہیں، جس میں آبادی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو قومی چیلنج تسلیم کیا گیا مذہبی نقطہ نظر سے روشنی ڈالتے ہوئے، انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجیس افیئرز (IRCRA) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علامہ تحمید جان الازہری نے اسلامی نظریاتی کونسل کے حالیہ اعلامیے کو ایک سنگِ میل قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ “اسلام نہ صرف اجازت دیتا ہے بلکہ خواتین اور بچوں کی صحت و فلاح کے لیے بچوں کے درمیان مناسب وقفے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے سوسائٹی آف آبسٹیٹریشنز اینڈ گائناکالوجسٹس آف پاکستان کی انفارمیشن سیکرٹری اور پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کی سینئر نائب صدر، ڈاکٹر صائمہ زبیر نے کہا کہ “پاکستان میں زچگی کے دوران اموات کی شرح فی ایک لاکھ زندہ پیدائش پر تقریباً 180 ہے جبکہ نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح فی ہزار پیدائش پر 64 ہے۔ ہر سال تقریباً 38 لاکھ غیر ارادی حمل ہوتے ہیں جو خواتین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ اگر بچوں کی پیدائش میں 24 ماہ کا وقفہ رکھا جائے تو نوزائیدہ اموات میں پچاس فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذہبی حمایت، سیاسی عزم اور مالی سہولت کا امتزاج ایک غیر معمولی موقع ہے، جسے میڈیا کے ذریعے اجاگر کر کے پاکستان کو ایک صحت مند اور پائیدار مستقبل کی جانب لے جایا جاسکتا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5737/2025
نصیرآباد22اگست ۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ روڈ نیٹ ورک کے منصوبوں کا معیاری ہونا انتہائی ضروری ہے، بلیک ٹاپ منصوبوں میں پیشگی ادائیگی کو کبھی بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ پی سی ون کے مطابق منصوبے مکمل کروانے کے لیے انجینئرز کی سائٹ پر موجودگی نہایت ضروری ہے۔ انجینئر اپنی نگرانی میں منصوبے مکمل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات روڈز کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر روڈز نصیرآباد عبدالرحمن خان کاکڑ، ایگزیکٹو انجینئر روڈز صحبت پور جہانگیر خان کھوسہ، ایگزیکٹو انجینئر روڈز استامحمد امتیاز احمد کھوسہ، سب ڈویژنل آفیسران نادر علی پہنور وسیم احمد قدیر احمد اعجاز علی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے احکامات دیے کہ بلیک ٹاپ کے چھوٹے چھوٹے منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ جن منصوبوں میں پیشرفت میں کمی بیشی دیکھی جا رہی ہے، اس جانب خصوصی توجہ دی جائے۔ انجینئر پر لازم ہے کہ وہ مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ تمام روڈز کے کنارے بھی تعمیر کیے جائیں تاکہ سڑکیں دیرپا ثابت ہوں۔پی سی ون پر ہرصورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ڈویژنل انتظامیہ تمام منصوبوں کے معیار کو پرکھنے کے لیے سرپرائز وزٹ کرکے تمام تر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5738/2025
کوئٹہ22اگست ۔ ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم حب، لسبیلہ، آواران، پنجگور، خضدار، قلات، موسیٰ خیل، شیرانی، زیارت، بارکھان، کوہلو،کیچ اور ساحلی علاقوں سمیت چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اورماڑہ میں (16.0)، پسنی میں (6.0) اور لسبیلہ میں (4.0) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 43.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
پریس ریلیز
کوئٹہ 22اگست ۔بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کا اجلاس کمیٹی روم میں چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی عبدالمجید بادینی، کلثوم نیاز بلوچ اور اسفند یار کاکڑ کے علاوہ اسپیشل سیکریٹری اسمبلی عبدالرحمٰن، سیکریٹری اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹر کیو ڈی اے نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے فرائض، کارکردگی، درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ کے صرف دو دفاتر اپنی ملکیت میں ہیں جبکہ باقی دفاتر کرایہ کی عمارتوں میں قائم ہیں۔ دیگر مسائل میں محکموں کے ساتھ اختیارات کی اوورلیپنگ، ڈویژنل سطح تک محدود ڈھانچہ، بجٹ اور عملے کی کمی، لاجسٹک سہولیات کی عدم دستیابی اور بلوچستان ہاوسنگ اتھارٹی کا تاحال فعال نہ ہونا شامل ہیں۔رکن کمیٹی کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی اسکیمیں دیگر محکموں کے مقابلے میں بہتر انداز میں مکمل ہوئی ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی محکمہ کی بھرپور معاونت کرے گی اور اسمبلی کے فلور پر بھی اس کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔اجلاس کے دوسرے حصے میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (QDA) کے امور پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ یہ ادارہ 1978 کے آرڈیننس کے تحت قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد کوئٹہ شہر کی ترقی، عوامی سہولیات، سڑکوں کی تعمیر و توسیع، پانی و نکاسی کے منصوبوں اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے۔ادارے کو درپیش مسائل میں تجاوزات، غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں کی بھرمار، قانونی پیچیدگیاں، مشینری و آلات اور ماہر عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ شدید مالی بحران شامل ہیں۔ کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ متعدد معاملات نیب، ایف آئی اے اور انسداد بدعنوانی کے اداروں میں بھی زیر التواء ہیں۔کمیٹی نے مستقبل کے لائحہ عمل کے طور پر متعلقہ قوانین میں ترامیم، ماسٹر پلان کی تیاری و نفاذ، انسداد تجاوزات سیل کو فعال کرنے، نئی ہاوسنگ اور کمرشل اسکیموں کے اجراء اور غیر قانونی اسکیموں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔اور اس کے مسائل کے حل کے لئے اسمبلی کے فلور پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر5739/2025
کوئٹہ 22 اگست ۔ ایگزیکٹو کمیٹی برائے نیشنل اکنامک کونسل (ECNEC) کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں بلوچستان سے ممبر ایکنک و صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اجلاس کا مقصد جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کی تعمیر کے حوالے سے ایکنک کے ممبران سے مشاورت اور منظوری تھا، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں اور خصوصاً ہسپتال کی تعمیر سے عوام کو اپنے ہی علاقوں میں بیماریوں کا علاج اور دیگر صحت کے سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے لہذا اس حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مفادات کے منصوبوں کی منظوری اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر آبپاشی نے مزید کہا کہ جاری و مجوزہ منصوبوں اور خصوصاً ہسپتال کی مقررہ مدت میں تکمیل سے جہاں عوام کو فائدہ پہنچے گا وہیں اضافی فنڈز کے حصول میں مشکلات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا،اجلاس میں مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کی تعمیر کے حوالے سے شرکاء کو منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال اہک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں ایکیوٹ کیئر، انتہائی نگہداشت اور آوٹ پیشنٹ کلینک شامل ہوں گے، اجلاس میں ہسپتال کی تعمیر پر کل لاگت، تکمیل کی مدت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ہسپتال کی اہمیت، ضرورت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5740/2025
گوادر 22اگست ۔ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ایم پی اے کو جی ڈی اے کے اولڈ ٹاو¿ن بحالی منصوبہ میں حالیہ عرصے میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں، جاری کاموں اور شہر کی صفائی ستھرائی سمیت مختلف اقدامات سے متعلق آگاہی دی گئی۔مولانا ہدایت الرحمٰن نے بروقت اور معیار و پائیداری کے ساتھ مکمل کیے گئے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا اور باقی ماندہ منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر گورنمنٹ گرلز اسکول، بوائز ماڈل اسکول اور کھیلوں کے میدانوں کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں اور نوجوانوں کو کھیلوں کے فروغ میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایم پی اے گوادر نے تجویز دی کہ جی ڈی اے شہر کی مزید خوبصورتی اور ترقی کے لیے نئے منصوبے تیار کرے، جن کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بالخصوص شہر کی داخلی شاہراہ ڈھور چوک سے ملا فاضل چوک تک اور دیمی زر کے انٹرفیس کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر زور دیا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے اس موقع پر بتایا کہ شہر میں مختلف نئے منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے، جن میں جنت بازار، شاہی بازار، کریم بخش وارڈ، ناگمان وارڈ اور دیگر علاقوں میں ترقی، توسیع اور تزئین و آرائش شامل ہیں، جن کی تکمیل سے گوادر کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔ایم پی اے گوادر نے جی ڈی اے اسکول کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھی تجاویز پیش کیں، جن پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ شہر کی صفائی ستھرائی، سبزہ زار اور درخت پودوں کی دیکھ بھال کے لیے بلدیہ گوادر، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ جگہ جگہ کچرا پھینکنے کے بجائے اسے مقررہ جگہ پر جمع کریں، جبکہ کھلے جانوروں کے خلاف مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے تاکہ صفائی اور سبزہ زاروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5741/2025
کراچی، 22 اگست۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے سٹی پٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو ارشد عزیز نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بلوچستان کی ساحلی پٹی اور دیگر قدرتی وسائل سے متعلق سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بلال کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو قدرت نے معدنیات، ساحلی وسائل اور توانائی کے ذخائر سمیت بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان وسائل کو جدید تقاضوں کے مطابق بروئے کار لانے سے نہ صرف صوبے کی عوام کو روزگار اور فلاح و بہبود کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے بلوچستان میں صنعتی شعبے کو ترقی ملے گی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی میں آئل، گیس اور انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے روشن امکانات موجود ہیں۔بلال کاکڑ نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بلوچستان کو ایک پرکشش سرمایہ کاری حب بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کو قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Karachi, August 22: Vice Chairman of the Balochistan Board of Investment and Trade, Bilal Khan Kakar, held a meeting with City Petroleum’s Chief Executive, Arshad Aziz. The meeting focused on exploring the vast investment opportunities along Balochistan’s coastal belt and in its abundant natural resources.Bilal Kakar stated that Balochistan has been blessed with immense natural wealth, including minerals, coastal resources, and energy reserves. Utilizing these resources in line with modern requirements would not only
provide employment and welfare opportunities for the people of the province but also strengthen the national economy.He added that promoting investment would lead to the growth of the industrial sector in Balochistan, an increase in trade activities, and greater confidence among foreign investors. Emphasizing the potential of the province’s coastal belt, Kakar said there are promising opportunities for investment in the oil, gas, and energy sectors, which could play a vital role in meeting the country’s energy needs.Furthermore, he reaffirmed that the Board of Investment is determined to transform Balochistan into an attractive hub for both domestic and international investors, so that the province’s natural resources can serve as a foundation for national development and public prosperity.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5742/2025
تربت 22 اگست۔خواندگی،تعلیم اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے تربت یونیورسٹی اور این سی ایچ ڈی میں شراکت داری پر اتفاق،ایم اویوپردستخط یونیورسٹی آف تربت اور نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد تعلیم اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ ان اقدامات میں “Each One Teach One” خواندگی مہم اور دیگر تعلیمی و سماجی ترقیاتی پروگرام شامل ہیں۔ یہ پروگرام وزیراعظم کے تعلیمی ایمرجنسی 2024کا حصہ ہے۔ایم اویوپردستخط کرنے کی تقریب یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرار، گنگزار بلوچ اور این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد افضل نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، این سی ایچ ڈی کیچ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی عبدالسلام اور فیلڈ آفیسراعجاز احمد بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت این سی ایچ ڈی، یونیورسٹی آف تربت کو خواندگی کے منصوبوں اور پروگراموں پر عملدرآمد کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس شراکت داری کا مقصد طلبہ و طالبات کی مہارتوں اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ ان کے لیے انٹرن شپس اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے تحقیقی مواد کے تبادلے، ورکشاپس اور کانفرنسوں کے انعقاد، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے آغاز، اور طلبہ، فیکلٹی اور عملے کو رضاکارانہ خدمات اور کمیونٹی سروسز میں حصہ لینے کی ترغیب دیں گے۔سمجھوتے کے مطابق، یونیورسٹی آف تربت اور این سی ایچ ڈی تعلیم، سماجی بہتری اور معاشی ترقی کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور
ان پر عملدرآمد کے لیے باہمی تعاون کریں گے، جبکہ پاکستان میں انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 19 اگست 2025 کووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرگل حسن کی صدارت میں منعقدہ تربت یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے سترھویں اجلاس میں وزیراعظم کے خواندگی پروگرام “Each One Teach One” پر عملدرآمد کی باضابطہ منظوری دی گئی تھی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5743/2025
خضدار22اگست ۔ سینیئر ڈرگ انسپیکٹر سید یارمحمدنے ڈرگ انسپیکٹر رشید احمد مینگل کے ہمراہ خضدار ڈسٹرکٹ میں ایک بڑی کاروائی کی جس میں غیر قانونی ادویات قبضے میں لیے گئے۔ ان میں گروسڈ کیپسول کی 400 گولیاں، انڈین کف کول20000 گولیاں، ریلیف2500 ور دیگر ادویات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 20 ہزار کے قریب دیگر غیر ملکی اور غیر رجسٹرڈادویات برامد کرکے اسٹور مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کے صحت سے کھیلنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور غیرملکی ادویات کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔ کیسوں کو صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ ارسال کر دیاگیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 5744/2024
بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے محکمہ صحت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر محمد نواز کبزئی کی زیرِ صدارت آج بروز جمعہ منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین صمد خان گورگیج، شاہدہ رؤف، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبد الرحمن کے علاوہ قانون اور خزانہ محکموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کے بل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کمیٹی نے بل کو حتمی شکل دے دی اور فیصلہ کیا کہ یہ بل آئندہ اجلاس میں ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 5745/2025
گوادر 22 اگست 2025:
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت بس ٹرمینل کی ٹیکسیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مکتوم موسیٰ، ٹرانسپورٹروں، بس یونین کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے کہا کہ ضلع میں تمام اداروں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ٹیکس دینا لازمی ہے، کیونکہ میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹروں کو بس ٹرمینل کے لیے زمین فراہم کی، جس پر انہوں نے ٹرمینل تعمیر کیا، لہٰذا اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اس کے بدلے حکومت کو ٹیکس ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ٹیکس کلیکشن کے لیے واضح ایس او پیز تیار کیے جائیں گے اور ضلع میں کسی بھی ادارے یا انٹیٹی کو اس سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ جب تک شہری، کاروباری حضرات، فیکٹری مالکان اور تجارتی مراکز میونسپل کمیٹی کو ٹیکس ادا نہیں کریں گے، تب تک میونسپل کمیٹی کے پاس اتنے وسائل موجود نہیں ہوں گے کہ وہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر سکے۔ اس لیے سیوک سسٹم کی بقا اور بہتری کے لیے ٹیکس دینا ناگزیر ہے۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ میونسپل کمیٹی اور ٹرانسپورٹرز باہمی مشاورت سے ایک مناسب رقم پر اتفاق کریں، جسے آئندہ اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر5746/2025 نصیرآباد22اگست2025:
نصیرآباد: زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم، غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرکے آبپاشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
محکمہ ایریگیشن نصیرآباد ڈویژن کی جانب سے زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد غلام سرور بنگلزئی کی ہدایت کی روشنی میں آر ڈی 418 سے آر ڈی 558 تک ایک بڑے آپریشن کے دوران کئی غیر قانونی پائپس اور مشینری کو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہٹا دیا گیا۔ان غیر قانونی ذرائع کے ذریعے غیر کمانڈ ایریاز کو سیراب کیا جا رہا تھا، جس سے ٹیل کے کاشتکاروں کے حقوق متاثر ہو رہے تھے۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی ذرائع سے پانی حاصل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آپریشن صوبائی سیکرٹری ایریگیشن اور چیف انجینیئر کنال ناصر مجید کی واضح ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں محکمہ ایریگیشن نصیرآباد ڈویژن کی جانب سے کاشتکاروں کو ان کے جائز حصے کا پانی فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور خاص طور پر ٹیل کے علاقوں میں کسانوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمانڈ ایریا میں غیر قانونی پانی کے استعمال کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آج بھی محکمہ کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی پائپ لائنز اور مشینری کو اکھاڑ دیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی کا کہنا تھا کہ غیر کمانڈ ایریا میں چوری کے ذریعے کاشتکاری کا عمل نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے کمانڈ ایریا خصوصاً ٹیل کے کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ ان تمام غیر قانونی واٹر کورسز اور پائپ لائنز کو مشینری کے ذریعے تلف کیا جا رہا ہے تاکہ اصل حق داروں کو ان کا پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایریگیشن اپنے مشن پر کاربند ہے اور زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کے عمل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر5747/2025
خضدار 22 اگست2025: خضدار میں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ، ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے حوصلہ افزائی کی ، کھیلوں کی مذید سہولیات فراہمی کا اعلان*
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے ضلعی اسپورٹس آفیسر مس رقیہ کی قیادت میں کھلاڑیوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ کھلاڑیوں کے وفد کی قیادت ضلعی اسپورٹس آفیسر مس رقیہ کررہی تھی ۔ اس میٹنگ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے شعبے کو ترقی دینے کے لیئے تعاون حاصل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
بلوچستان گیمز میں خواتین کھلاڑیوں نے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ایونٹ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد اور میٹنگ کی قیادت کرنے والی اسپورٹس آفیسر خضدار، مس رقیہ نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ شعبہ اسپورٹس کو ترقی دینے کے لیئے بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے مذید بڑھ رہے ہیں۔ کھیل ایونٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑی ، اسپورٹس آفیسر مس رقیہ کی قیادت اور کھیلوں کے فروغ کے لیئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔اس ایونٹ میں بچیوں کے علاوہ لڑکوں نے بھی حصہ لیا جن میں عبداللہ اور صدام و دیگر شامل تھے وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان کی کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔یہ ایونٹ خضدار میں انڈور گیمز کے فروغ اور مرد و خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اسپورٹس آفیسر مس رقیہ کی قیادت میں خضدار کے کھیلوں کا شعبہ ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے، اور ڈپٹی کمشنر کے تعاون سے مستقبل میں مزید کامیابیاں متوقع ہیں۔

خبرنامہ نمبر5748/2025
چمن22 اگست 2025
چمن میں بھنگ کی فصل کے خلاف آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری، ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی اور اسسٹنٹ کمشنر صدر امتیاز علی بلوچ نے چمن کے مختلف علاقوں میں بھنگ کی فصل کو تلف کرنے کے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسر ہارون اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عزیز اللہ کاکڑ نے آپریشن کے حوالے سے ڈی سی چمن کو معلومات فراہم کیں ۔ضلعی انتظامیہ، لیویز، ایف سی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی مشترکہ کارروائیوں میں اب تک بڑی مقدار میں بھنگ کی غیر قانونی فصل فصل کو کاٹ اور تلف کیا گیا ہے
اس موقع پر ڈی سی چمن نے کہا کہ اس مہم کا مقصد منشیات کی پیداوار اور فروغ کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک رکھا جائے ڈی سی چمن نے کہا کہ منشیات کی سبب بننے والی اور غیر قانونی فصلات کی کاشت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس کسی قسم کی مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی زندگیوں سے کھلواڑ کی اجازت کسی بھی شرط اور حالت میں کسی بھی گروہ اور شخص کو نہیں ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارؤائی جاری رہے گی ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نشاندہی میں تعاون کریں اور ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔

خبرنامہ نمبر5749/2025
پشین.22 اگست 2025.
ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی زیر صدارت ڈی، سی کمپلیکس ہال میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں محکمہ صحت اور صحت عامہ سے وابسطہ دیگر اداروں کے ضلعی نمائندوں نے شرکت کی،،اس دوران ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں صحت عامہ سے وابسطہ تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات کا حصہ ہے،جس کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے ایک دقیقہ فروگزاشت کیے بغیر موثراقدامات کئے جائیں گے ،جبکہ آئندہ متوقع بارشوں کے تحت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور عوام کو مختلف بیماریوں سے تحفظ دینے کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر تیاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے،تاکہ بروقت مثبت احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ ضلع کے دورآفتادہ علاقوں میں بھی صحت عامہ کی مزید بہتری کے لیے موثر اقدامات اور منصوبہ بندی ناگزیر ہے،جبکہ ہم بہتر انتظامات و اقدامات کے ذریعے ضلع کو ماڈل بنانے میں بھی کامیاب ہو سکتے ہیں،ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے مفاد عامہ کی خاطر معیاری صحت کی مناسب اور بروقت اقدامات کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا اس بابت کسی قسم کا غفلت برتنا قابل برداشت نہیں ہے،دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے تمام شعبہ جات میں عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی سے مجھے قلبی سکون ملتا ہے،اس بابت آئندہ بھی ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے بہترین ابتظامات کی بدولت موجود سہولیات سے عوام مستقل بنیادوں پر مستفید ہوتے رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر5750/2025
خضدار 22 اگست 2025: ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر فرید شاہ اور دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ تقریب میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر فرید شاہ اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ یہ مہم “ایک بیٹی ایک شجر” کے قومی تھیم کے تحت جاری ہے۔ ڈویژنل کنزرویٹو آفیسرز فرید شاہ اور دیگر افسران کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر نے کمپلیکس میں پودے لگائے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ ضلع خضدار میں پہلی بار جیو ٹیگنگ کے ساتھ شجرکاری کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت پودوں کی تصاویر اور کوآرڈینیٹس گوگل ارتھ پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی دیکھ بھال اور افزائش کو شفاف اور جدید انداز میں مانیٹر کیا جا سکے اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، جس میں پودے لگانے کی تاریخ، مقام اور مانیٹرنگ سے متعلقہ معلومات اپ ڈیٹ کی جائیں گی۔
عوامی حلقوں نے جیو ٹیگنگ اور گوگل ارتھ کے ذریعے شجرکاری کی مانیٹرنگ کو ایک انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام شجرکاری مہم کی شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

خبرنامہ نمبر5751/2025
کوئٹہ 22 اگست2025:
رکن اسمبلی زرک مندوخیل سے نکاش عباسی اور حماد علی کی خصوصی ملاقات ، ملاقات میں سیاسی اور علاقائی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع صوبائی اسمبلی کے رکن شیخ زرک مندوخیل نے کہا ہے کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں انہوں نے کہا ہے کہ علاقے کے بنیادی اور درینا مسائل کے حل کے لیے تمام حکمت عملی بروئے کار لارہےہیں زرک مندو خیل نے کہا ہے کہ علاقے میں سب سے اہم اور درینا مسلہ پینے کے پانی کا ہے جس کے حل کے لیے ایک منصوبہ بندی کی گئی ہے مری آباد میں ٹیوب ویلز کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جوکہ 35 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا جس کا جلد ٹینڈر ہوگاانہوں نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے پی بی 42 میں پانی کی قلت کو دور کیا جائے گا زرک مندوخیل نے کہا ہے کہ اس وقت میرے پاس وزارت نہیں ہے اس کے باوجود بھی تمام مسائل کے لیے اقدامات کررہا ہوں جب وزارت مجھے مل جائے گی تو انشاء اللہ تمام مسائل حل کریں گے اس موقع پر علاقے کے سماجی رہنما نکاش عباسی نے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین منصوبہ ہے اس سے ناصرف علاقے کی برسوں پرانی مشکلات کا خاتمہ ہوگا بلکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا،،زرک مندوخیل نے کہا ہے ہے کہ علاقے کے جو نوجوان بے روزگار ہیں ان کو روز گار کے مواقع فراہم کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہےزرک مندوخیل نے کہا ہے کہ اپنے علاقے کے لوگوں کی خدمت کرنا ہی میرا اصل مقصد ہے انہون نے کہا ہے کہ ماضی میں جو اراکین گزرے ہیں انہوں نے علاقے کے مسائل کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ہم جلد ان مسائل کو حل کریں گے۔۔

خبرنامہ نمبر 5752/2025
قلات 22 اگست2025۔ ڈپٹی کمشنر قلات کے ایک حکمنامے کے مطابق حفصہ ترین زوجہ میر محمد ارشاد ذات مینگل سکنہ رو شہر تحصیل و ضلع قلات کا لوکل سرٹیفیکیٹ انکی اپنی درخواست پر منسوخ کردیا گیا ہے۔

خبرنامہنمبر5753/2025
حب 22 اگست2025: ساکران کی یوسیز سے نومنتخب اقلتیی کونسلران کی حلف برداری کی تقریب ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس میں منعقد ہوئی ریٹرنگ آفیسر علی رضا کھوسہ نے گزشتہ دنوں یوسی29 پنڑیاں، یوسی30 حسن پیر سے پیپلزپارٹی کے سنیل کمار آسوانی اور خوشحال داس اور یوسی31 ساکران سے جام گروپ کے گھنشام داس کا مخصوص اقلتیی نشستوں پر بلامقابلہ نومنتخب اقلتیی کونسلران سے حلف لیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر، ڈسٹرکٹ حب کے چیئرمین جاوید احمد جمالی، جام گروپ ساکران کے سینیئر رہنما وڈیرہ عبدالمالک موندرہ، میونسپل کارپوریشن حب کے اقلتیی کونسلر مول چند لاسی، پیپلزپارٹی حب کے اقلتیی ونگ کے مکیش کمار لاسی، وکی کمار اور جام گروپ کے اقلیتی رہنما نارومل ساگر بھی وہاں موجود تھے حلف برداری کی تقریب منتخب ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ حب کے چیئرمین جاوید احمد جمالی نے نومنتخب کونسلران اور وہاں موجود دیگر معززین اور مہمانوں کو مٹھائی کھلاکر مبارکباد پیش کی۔

خبرنامہ نمبر5754/2025
کوئٹہ 22 اگست 2025 :
عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق معزز چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ کی ہدایت کی روشنی میں”ایسٹس ڈیکلریشن برانچ” کا قیام عدالت عالیہ میں فوری طور پر عمل میں لایا گیا ہے۔ ایسٹس ڈکلریشن برانچ بلوچستان بھر کے جوڈیشل افسران کے علاوہ عدالت عالیہ بلوچستان کے تمام افیسروں و اہلکاروں کے ساتھ ساتھ بلوچستان ضلعی عدلیہ کے افیسروں و اہلکاروں کے اثاثہ جات کی تفصیلات کی ریکارڈ کی دیکھ بھال نمٹا ئے گی۔
بلوچستان بھر کے تمام جوڈیشل افیسروں عدالت عالیہ بلوچستان کے افسروں و اہلکاروں و صوبے بھر کے ضلعی عدلیہ کے افیسروں و اہلکاروں کو ایک مہینے کے اندر اپنے تمام منقولہ و غیر منقولہ جائداد اور دیگر اثاثہ جات سے متعلق تفصیلات متعلقہ برانچ میں مقررہ فارم پر جمع کروانے کی خصوصی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ جو کہ 30 دن کے اندر 20 ستمبر 2025 تک جمع کی جائیں گی اس کے علاوہ مندرجہ بالا تمام افسران ائندہ کے لیے سالانہ بنیاد پر ہر سال 30 جون سے پہلے اپنی تمام ایسٹس ڈیکلریشن باقاعدگی سے جمع کرایا کریں گے اور خلاف ورزی کرنے کی صورت میں ان کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت تادیبی کاروائی کا اغاز بھی ہوگا۔

خبرنامہ نمبر5755/2025
تربت22اگست2025:
تربت میں 379 دن اور پسنی میں 354 دن کے طویل خشک موسم کے بعد بالترتیب 21 اور 22 اگست 2025 کو بارش ہوئی جبکہ جیوانی، گوادر، دالبندین، نوکنڈی، قلات اور پنجگور میں ابر آلود موسم برقرار ہے۔اسی طرح بارش سے تربت، پسنی، جیوانی، گوادر، دالبندین، نوکنڈی اور پنجگور میں ابر آلود مسلسل برقرار ہے۔ یاد رہے طویل خشک سالی کے بعدتربت میں 379 دنوں کے بعد 21 اگست 2025 کو 9.50 ملی میٹر بارش ہوئی اسی طرح پسنی میں 354 دنوں کے بعد 22 اگست 2025 کو 6.00 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس سے پہلے
7 اگست 2024 سے 20 اگست 2025 تک ان علاقوں میں مسلسل خشک سالی رہی۔ تاہم اب جیونی، گوادر، دالبندین، نوکنڈی اور پنجگور میں اب بھی موسم ابر آلود ہے اور بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔