خبرنامہ نمبر 1328/2025
کوئٹہ: یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے فیکلٹی ممبرز کے لیے ایک اہم تربیتی سیشن کا انعقاد نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE)، ایچ ای سی کے تعاون سے کیا گیا۔ تربیتی سیشن 20 فروری 2025 کو مکمل ہوا سیشن کی اختتامی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر NAHE نور آمنہ ملک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر ممتاز بلوچ، اور ڈپٹی رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ سمیت تمام فیکلٹی ممبرز نے شرکت کی۔تربیتی سیشن میں ملک کی مختلف جامعات کے ماہرین نے شرکت کرکے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے فیکلٹی ممبرز کو تربیت فراہم کی۔اختتامی تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے پہلی بار یونیورسٹی آف مکران کے تمام فیکلٹی ممبرز کے لیے کوئٹہ میں ایک مکمل اور جامع تربیتی سیشن کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ مزید چیئرمین ایچ.ای.سی نے اپنے ادارے کی طرف سے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کو مکمل تعاون کا یقین دلایا. مزید ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے NAHE کے ایم ڈی نور آمنہ ملک، چیئرمین ایچ ای سی، اور تمام عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت یہ تربیتی پروگرام کامیاب ہوا۔
خبرنامہ نمبر 1329/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے لیویز فورس کے 381 اہلکاروں کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اہلکار ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر جنرل لیویز کے فیصلے کے مطابق فوری طور پر پولیس میں شمولیت اختیار کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ تمام اہلکار جنہوں نے تاحال پولیس میں رپورٹ نہیں کی ہے، ان کی برطرفی حتمی ہے۔ تاہم، انہیں آخری موقع دیتے ہوئے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اتوار کی شام تک اپنی جوائننگ مکمل کریں، بصورت دیگر ان کی ملازمت ختم کر دی جائے گی اور ماہ فروری کی تنخواہ بھی روک لی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے سختی سے تاکید کی کہ یہ آخری نوٹس ہے اور اس پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر 1330/2025
گوادر: اسسٹنٹ کمشنر (آر او) میر جواد احمد زہری نے بلدیاتی ری الیکشن میں کامیاب ہونے والے کونسلرز سے حلف لے لیا۔ حلف برداری کی تقریب اسسٹنٹ کمشنر آفس گوادر میں منعقد ہوئی، حلف برداری کی تقریب میں نومنتخب کونسلرز نے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کا عہد کیا۔واضح رہے کہ 26 جنوری کو گوادر میں چار خالی نشستوں پر بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے، جن میں سے دو نشستوں پر حق دو تحریک کے امیدوار جبکہ دو نشستوں پر بی این پی مینگل کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے حلف برداری کے موقع پر نومنتخب کونسلرز نے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر 1331/2025
چمن:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی چمن کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے افیسران نے ڈی سی چمن کو تمام اشیاء کی پرانی اور حالیہ قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اجلاس میں تمام اشیاء خوردونوش اور دیگر اشیاء کی پرانے قیمتوں کو ہی برقرار رکھا گیا تاہم چند ایک اشیاء کی قیمتوں میں رد و بدل کر کے تفصیلی نرخ نامہ جاری کر دیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن حبیب احمد بگلزئی نے کہا کہ تمام تاجر برادری اور دکانداران کو سختی سے ان فارم کر دیا جائے کہ سرکاری نرخ نامے ایس او پیز اور سیفٹی پریکاشنز کی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور تاجروں پر سخت جرمانے عائد اور دکانوں کو سیل کرکے سیلز مین کو جیل بھیجا جائے گا ڈی سی چمن نے کہا کہ عوام کو ماہ رمضان کی مقدس مہینے میں تمام سہولیات بہم پہنچانا اور قیمتوں، معیاد، ایس او پیز اور سیفٹی پریکاشنز کا خیال رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات اور ذمہداریوں میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں اور ایس او پیز پر عمل درامد نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی لہذا تمام دکانداران اور تاجر برادری ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو سہولیات پہنچائیں اور مصنوعی مہنگائی ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے مجسٹریٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکانداران سرکاری نرخ نامہ دکان میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔
خبرنامہ نمبر 1332/2025
کوئٹہ۔ 22 فروری:ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ضلع کیچ اور جنوب مغربی ساحلی علاقوں میں شام و رات کے اوقات میں مختلف مقامات پر بوندا باندی اور بارش ہو سکتی ہے۔ اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں 28.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیا۔ سمنگلی میں 13.0 زیارت 9.0 پشین 6.5 مسلم باغ 2.25 قلات، سبی اور بارکھان 4.0 لورالائی 1.0 دالبندین میں 1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح قلات میں سب سے کم درجہ حرارت -01.0 ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 1333/2025
گوادر: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں اسپورٹس ویک کی انعامی تقسیم کی پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت شریف پیش کی گئی۔ اس کے بعد طالبات نے اسپورٹس ویک کے دوران اپنی کاوشوں، محنت اور کامیابیوں پر مبنی تقاریر پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کے دوران طالبات نے ٹیبلو اور ڈرامہ بھی پیش کیے، جو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارت کا بہترین اظہار تھا۔کالج کے اساتذہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کی محنت اور لگن کو سراہا، جبکہ پرنسپل نے کالج کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کالج کی انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے نظم و ضبط اور محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے طالبات کو حصولِ تعلیم میں مزید لگن سے کام لینے اور خواتین کی خودمختاری کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے طالبات کو مستقبل میں کامیابی کے لیے قیمتی مشورے اور حوصلہ افزا الفاظ بھی دیے۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے، جن میں نقد انعامات اور اسنادِ تعریفی شامل تھیں۔ انہوں نے اسپورٹس ویک کے فاتح اور رنر اپ طالبات کے لیے خصوصی نقد انعامات کا اعلان بھی کیا، جس پر طالبات نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر کو ان کی آمد اور تعاون کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
خبرنامہ نمبر 1334/2025
تربت 22 فروری:ضلعی انتظامیہ کیچ اور ایف سی بلوچستان کے اشتراک سے ہفتے کے روز سرکٹ ہاؤس تربت میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل اِبراھیم،کمانڈنگ مکران اسکاؤٹ بریگیڈیئر فیصل، ڈی پی او کیچ راشد الرحمن زہری، ای ڈی سی کیچ مقبول رند،چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ، ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ باہڈ دشتی سمیت محکمہ تعلیم، صحت،بی اینڈ آر، پبلک ہیلتھ اور واپڈا سمیت دیگر محکموں کے سربراہان اور عوامی حلقوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں عوام الناس کی جانب بجلی،تعلیم، صحت اور سرحدی تجارت سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران کی توجہ مبذول کرائی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ایف سی بلوچستان اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان کی جانب سے ان مسائل کے فوری حل کے حوالے سے موقع پر ہی اقدامات اٹھائے گئے ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل اِبراھیم نے عوام الناس کی جانب سے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ ان کے تمام مسائل حل کرنے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیئے ہیں اور مختلف فورمز میں عوامی تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ کے مختلف جگہوں پر کھلی کچہری کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جاسکے۔اس دوران انہوں نے صحت اور تعلیم کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ جات ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں اور اس حوالے سے ہم ہر مہینہ محکمہ تعلیم اور صحت کے افسران کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جاتا ہے تاکہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات لاکر مزید بہتری لائی جاسکے انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں میں غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے کئی غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہیں اور کئی غیر حاضرین کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں کمانڈنٹ مکران اسکاؤٹ بریگیڈیئر فیصل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان سولین اداروں کے ساتھ ملکر عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے ہم نے ضلعی انتظامیہ کیچ کے اشتراک سے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کردیا ہے تاکہ سرکاری محکموں کے ساتھ ملکر عوام کے بنیادی مسائل کا حل یقینی بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جرگوں کے انعقاد سے عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور ان کے مشکلات میں کمی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی شنوائی کے لیے ہمارے دروازے عوام الناس کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور اگر اس حوالے سے کسی کو بھی دقت کا سامنا ہو تو ہم سے کسی بھی وقت رابطے کرسکتے ہیں کھلی کچہری میں وکلاء برادری کی جانب سے امن و امان کی درستگی،سیلاب ایکشن کمیٹی کوشکلات کی جانب سے کیچ کور ندی حفاظتی بند کے نقصان شدہ حصے کی فوری تعمیر اور کیچ کور ندی کے پانی کے رخ کو تبدیل کرنے کے لیے ندی کے اندر درختوں کی کٹائی اور زمین کی لیولنگ کا بھی مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ندی کا پانی حفاظتی بند کو نقصان پہنچا نہ سکے۔کھلی کچہری میں جوسک میں بجلی کے نظام میں بہتری،دشت میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کی فراہمی، سرحدی تجارت میں آسانی پیدا کرنے کے علاوہ مزید بارڈر کراسنگ پوائنٹ کھولنے کے حوالے سے بھی تجاوز دیے گئے
خبرنامہ نمبر 1335/2025
خاران22فروری: ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران میں سالانہ گریجویشن سرمنی اینڈ لٹریچر فیسٹیول (بہار نو) انعقاد کیا گیا، گریجویشن سرمنی اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے مہمان خاص ایم ڈی بی ٹوٹا محمد طارق مینگل، سی ای او ٹی ایف عاصم مشتاق، کمشنر اونر انفارمیشن سابق وزیر میڈم شہینہ خان، سابق ایم ڈی سندھ ایجوکیشن عبدالقدیر قاضی، کمانڈنٹ خاران رائفل بلال شوکت اور ڈائریکٹر بی پی پی پی اے احسان اللہ تھے، اس موقع سی ای او ٹی ایف عاصم مشتاق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران میں ڈیڈھ سال کا سفر نہایت ہی خوشگوار اور مختلف چیلینجز کے ساتھ گزرا، فرزند خاران جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ جس طرح ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کی خاران بنیاد رکھی اور جس طرح ٹی ایف کو اینڈ اوور ٹیک اوور ہوا یہ لمبا سفر ہے، بہرحال اس سفر میں ایم ڈی سی، حکومت بلوچستان، بی ٹوٹا،دی اونر فاونڈیشن، بلوچستان پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کا ٹی ایف کے ساتھ کنٹریبیوشن اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کو رول ماڈل بنانے میں مین کردار رہا ہے، ٹی ایف کا مقصد ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کے پلیٹ فارم پر نہ صرف خاران بلکہ رخشان ڈویژن کے نوجوانوں اور خواتین کو ہنر مند بنا کر روزگار کے مواقع اور پلیٹ فارم مہیا کرنا، آج ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران میں کم از کم سات سو کے قریب کمپیٹینٹ اسٹوڈنٹس کو سرٹیفکیٹ دینے والے ہیں، ہمارا مقصد یہاں تک ختم نہیں ہوا، ہم اس وقت خود کو کامیاب سمجھیں گے جب ہم ان نوجوانوں اور خواتین کو روزگار دیں گے، سی ای او عاصم مشتاق نے چیرمین ٹی ایف ڈاکٹر ظفر اقبال کی محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بی ٹوٹا محمد طارق مینگل نے کہا کہ خاران اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران میرے لئے نیا ہے، اس وقت میں نہ صرف بی ٹوٹا بلکہ وزیر اعلی بلوچستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، بلوچستان میں نوجوانوں میں احساس کمتری اور محرومیت بے روزگاری کی وجہ سے ہے، اگر نوجوانوں کو روزگار دیا جائے تو بلوچستان کے حالات کسی حد بہتر ہو سکتے ہیں، بی ٹوٹا کے ایم ڈی محمد طارق مینگل نے خاران اور رخشان زون کے نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس خلیج کوریا، جرمنی کے مخلتف کمپنیز ہیں جہاں خاران اور رخشان کے نوجوانوں کو روزگار دلا سکتے ہیں، نوجوان آجائیں اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، سابق وزیر کمشنر انفارمیشن سیکریٹری شہینہ خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بذات خود کافی خوش ہوں کہ خاران جیسے دورافتادہ علاقے میں میری بہنیں اور بھائیاں اس طرح ہنر کو لے کر مخلص ہیں، مجھ سے بھی ہوا میں خاران کے نوجوانوں خصوصا اپنے بہنوں کے لیے کرونگا، تا کہ انہیں پلیٹ فارم مہیا ہو اور خود روزگار کر سکیں، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم ڈی سی اویس عنایت میمن، عبدالقدیر قاضی، کمانڈنٹ خاران رائفل بلال شوکت نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ٹریننگ سینٹر خاران کے کوششوں کو سراہایا، ڈائریکٹر کیمپس سید اللہ داد شاہ نے پروگرام کے شروعات میں معزز مہمانوں کو بلوچی دستار اور بلوچی چادر پہنائے، جبکہ میل و فیمیل کیمپس کیمپس کے فرسٹ بیج کے ریگولر اسٹوڈنٹس، NAVTTC Program, Hazza Program اسٹوڈنٹس میں سرٹیفکیٹ تقسیم کر دی گء، اس پروگرام میں انڈیپینڈنٹ ایکسپرٹ (TVET) ڈپٹی ڈائریکٹر B.Tevta غلام رضا بلوچ، میڈم شگفتہ نورین، ڈائریکٹر پروگرامز سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن نثار بانھبن بھی موجود تھے، جبکہ خاران کے مخلتف محکموں کے آفیسرز، سیاسی و قبائلی شخصیات، ادبی و فکری شخصیات، پروفیسرز اسٹوڈنٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جبکہ بک اسٹال اور مختلف ٹریڈ کے اسٹال بھی میل و فیمیل کیمپس میں لگے ہوئے تھے،
خبرنامہ نمبر 1336/2025
باٹنیکل فیکلٹی کے گارڈن میں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کے پی ار او محمد صادق سمالانی ودیگر افسران موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کہا کہ درخت لگانے کی افادیت تسلیم شدہ حقیقت ہے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا انتہائی ضروری ہے شہری اس مہم میں حصہ لیکر کار خیر کا حصہ بنیں۔ درخت لگانا عین عبادت ہے۔ انہوں نیکہا کہ موسمیات تبدیلی کے بعد درخت لگانے کی اہمیت کافی حد تک بڑھ چکی ہے اور اس سلسلے گورنمنٹ کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی درخت لگانے کے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں وائس چانسلر نے کہا کہ درخت ہماری فلاح کے لیے نہایت اہم ہیں اور ماحول کی بہتری میں ان کا کلیدی کردار ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے ماحول کے بہتری کے لیے مل کر کام کریں شجرکاری مہم نہ صرف فضائی الودگی کو کم کرتی ہے بلکہ اس سے زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہوتا ہے درخت انسانوں کے لیے زندگی ضرورت ہے اور ہمیں انہیں اپنے ماحول کا حصہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
خبرنامہ نمبر 1337/2025
کوئٹہ، 22 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر برسوں سے انصاف کے متلاشی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو پلاٹ حوالے کر دئیے گئے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کے مطابق 8 ماہ کے دوران 47 اجلاسوں کے بعد اس اسکیم کے تنازعے کو حل کر لیا گیا اور ہفتہ 22 فروری 2025 کو ایک باضابطہ تقریب میں 250 سے زائد متاثرہ افراد کو ان کے متبادل پلاٹس فراہم کردئیے گئے تفصیلات کے مطابق 2017 میں آشیانہ بلڈرز نے قسطوں پر سستی رہائش فراہم کرنے کے نام پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم متعارف کرائی تھی جس میں سیکڑوں شہریوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لگا دی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ منصوبہ ایک سنگین فراڈ کے طور پر سامنے آیا اور متاثرہ خریداروں کو نہ تو پلاٹس دئیے گئے اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی گئی انصاف کے لیے متاثرین کی مسلسل جدوجہد کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی تھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری اقدامات کرکے متاثرین کو ان کا حق دلائیں جس پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور اس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر صدر کو سونپ دی نے ٹیم معاملے کی جامع تحقیقات کیں اور بلڈرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا جس کے نتیجے میں بلڈرز نے متاثرین کو متبادل زمین فراہم کرنے کی حامی بھری حکومت بلوچستان کی اس مؤثر کارروائی کے بعد ہفتہ 22 فروری کو ایک باضابطہ تقریب میں 250 سے زائد متاثرہ افراد کو ان کے قانونی حق کے مطابق متبادل پلاٹس دے دئیے گئے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق پلاٹس کی باقی ماندہ اقساط کی ادائیگی پر محکمہ ریونیو اس اراضی کی ٹرانسفر و دیگر قانونی امور نمٹائے جائیں گے۔