24th-January-2026

خبرنامہ نمبر 514/2026
کوئٹہ، 24 جنوری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران محکمہ صحت میں ایک خاموش مگر مؤثر انقلاب برپا کیا گیا ہے جس کے ثمرات اب براہِ راست عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے کنٹریکٹ بنیادوں پر تقریباً 3000 ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل مکمل کیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں 164 بیسک ہیلتھ یونٹس (BHUs) کو فعال بنایا جا چکا ہے ان اقدامات سے وہ علاقے بھی مستفید ہو رہے ہیں جہاں ماضی میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے عام بلوچستانی کو اب اس کے قریب بنیادی طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں جو ایک بڑی پیش رفت ہے انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدامات محض اعداد و شمار نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں عملی بہتری کی علامت ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ محکمہ ٔ صحت میں اصلاحات کا یہ سلسلہ یہاں نہیں رکے گا بلکہ صحت کی سہولیات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر شہری کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت دستیاب ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر 515/2026
لورالائی 24 جنوری:کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا عمل تسلسل کے ساتھ مؤثر انداز میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی لورالائی کے عملہ صفائی نے مختلف زونز میں خصوصی صفائی مہم چلاتے ہوئے شہر کے متعدد علاقوں کو صاف کیا۔
صفائی مہم کے دوران خالو زون گورنمنٹ کالج عالم جان ٹپ، باران زون ایکسائز دفتر ٹپ، ہزارہ محلہ، ڈاکٹر صالح کالونی، دوبیگاٹ محلہ سمیت دیگر علاقوں میں گلیوں، سڑکوں اور نالیوں سے کچرا اور گندگی صاف کی گئی۔
اسی طرح شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے سلیم داد کمپلینٹ زون اور عجب زون میں نالیوں کی صفائی بھی مکمل کی گئی، جس سے نکاسیٔ آب کے نظام میں بہتری آئی۔ شہر کے مختلف علاقوں سے جمع ہونے شہر سے دور مقررہ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق صفائی مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی لورالائی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور صفائی کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔
دریں اثنا شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنکشن نالہ لیویز لین سے براستہ تحصیل روڈ اور جیل کے ساتھ خان صدیق گلی تک فوری طور پر صفائی کی جائے، تاکہ ان علاقوں میں گندگی اور نالوں کی صفائی کا مسئلہ بھی جلد حل ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر 516/2026
گوادر/پسنی: اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے آج پسنی شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال اور کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیروں پر اسسٹنٹ کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پسنی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام ڈمپنگ پوائنٹس سے کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو تعفن اور ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری نے پسنی کے شہریوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنا گھریلو کچرا گلی محلوں یا سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے صرف مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس پر ہی جمع کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کے استعمال شدہ (واش) پانی اور گٹر کے ناکارہ پانی کے لیے باقاعدہ نکاسیٔ آب کا نظام قائم کیا جائے، تاکہ گندا پانی سڑکوں پر نہ بہے اور راہگیروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی اور صحتِ عامہ کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 517/2026
کوئٹہ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ)، خضدار، کیچ (تربت)، چاغی (تفتان، نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، کوئٹہ، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی اور آواران اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ معتدل بارش متوقع ہے۔پیش گوئی کے دوران گوادر، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔اسی طرح کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ اضلاع میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، حرمزئی، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ اور گلستان کے علاقوں میں پیر سے منگل کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ اضلاع میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔برفباری والے علاقوں میں پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات اٹھائیں۔

خبرنامہ نمبر 518/2026
کوئٹہ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز صوبے کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا۔ چاغی اور واشک اضلاع میں رات کے وقت جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔اتوار کے روز گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی)، کیچ (تربت)، چاغی (تفتان، نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، خضدار، خاران، نوشکی اور واشک اضلاع میں شام اور رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ موسمی نظام آدھی رات کے بعد شدت اختیار کرے گا اور صوبے کے بیشتر مغربی اور شمالی اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں موسم شدید سے انتہائی سرد رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی 14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 519/2026
کوئٹہ: 24 جنوری- صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہر سال 24 جنوری کو عالمی یومِ تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد تعلیم کی اہمیت، مساوی تعلیمی مواقع اور معیاری تعلیم کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے اور تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور خودمختاری کی بنیاد ہوتی ہے۔ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو افراد کو شعور، معاشروں کو استحکام اور ریاستوں کو مضبوط بناتی ہے انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ تعلیم ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ علم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ بلوچستان جیسے پسماندہ خطے میں معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تاکہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے روشن مستقبل کی ضمانت دی جا سکے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری، اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم تک یکساں رسائی یقینی بنا کر نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان تعلیم دوست پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف شرحِ خواندگی میں اضافہ کرے گی بلکہ نوجوانوں کو باصلاحیت، باکردار اور ذمہ دار شہری بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی آخر میں صوبائی وزیر خوراک نے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ ایک روشن، پُرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 520/2026
کوہلو 24 جنوری ۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کوہلو محمد طیب اقبال نے پولیس تھانہ لاسے زئی کا دورہ کیا اور پولیس تھانہ تمبو کی حدود میں واقع تمبو ڈیم پر سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایس پی کو تھانہ کی مجموعی کارکردگی، نفری کی حاضری، ریکارڈ کی جانچ اور سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی شیر محمد مری اور ریڈر ایس پی سہراب کھیتران و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایس پی نے تمبو ڈیم پر تعینات نفری کو الرٹ رہنے، گشت مؤثر بنانے اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کیں۔ ایس پی محمد طیب اقبال نے افسران و اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیس اہلکار پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری سے ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ، سرکاری و حساس تنصیبات کی سیکیورٹی اور جرائم کی روک تھام پولیس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کے لیے مسلسل نگرانی، تربیت اور فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے دوران الرٹ رہیں، نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ۔اس لیے شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جاسکے ۔

خبرنامہ نمبر 522/2026
حالیہ شدید برف باری کے بعد ضلعی انتظامیہ چمن نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بوغرہ ٹاپ اور چمن تا توبہ اچکزئی سمیت اہم رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے، جس سے عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے بوغرہ ٹاپ اور توبہ اچکزئی روڈ کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے روڈ کلیئرنس آپریشن میں مصروف افسران اور عملے کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی سہولت کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔
ڈی سی چمن نے بتایا کہ شدید برف باری کے باعث توبہ اچکزئی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے بھاری مشینری کی مدد سے دو دن کے اندر راستہ بحال کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ قلعہ عبداللہ کل دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی مشینری اور گریڈر کے ذریعے روڈ کلیئرنس آپریشن کا آغاز کرے گی۔ڈپٹی کمشنر چمن نے واضح کیا کہ عوام کی آمد و رفت کو جاری رکھنا اور ان کی جان و مال کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 523/2026
گوادر: محکمۂ تعلیم حکومت بلوچستان ضلع گوادر کے زیرِ اہتمام کنٹریکٹ اساتذہ (فیز IV) کے تقرری آرڈرز کی تقسیم کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ تھے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M&E) اسکولز بلوچستان و کوآرڈینیٹر زیرو نان فنکشنل اسکولز مکران و نصیرآباد ڈویژن منیر احمد نودیزئی، چیئرمین ضلعی کونسل گوادر شیخ مختار، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن گوادر عبدالوہاب مجید، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) زراتون بی بی، محمد کریم ڈپٹی ڈویژنل ڈائریکٹر مکران، فرزانہ ڈی ڈی او ای گوادر، مہناز ڈی ڈی او ای پسنی، عبدالرحیم ڈی ڈی او ای جیونی، محمد حسن ڈی ڈی او ای گوادر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں نئے تعینات کنٹریکٹ اساتذہ کو تقرری پر دلی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور معاشرتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔مقررین نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی فراہم کریں، محنت، لگن اور جذبۂ خدمت کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دیں اور اسکولوں کے تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنائیں تاکہ معاشرے میں ایک مثبت اور صحت مند فکری فضا قائم ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے فیز IV کے تقرری عمل کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کرنے پر محکمۂ تعلیم کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ اور معزز مہمانان نے ایجوکیشن افسران کے ہمراہ نئے تعینات اساتذہ میں تقرری آرڈرز تقسیم کیے۔

خبرنامہ نمبر 524/2026
ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر زیارت ساجدالرحمان کوڑو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انسانیت اور فرض شناسی کی ایک قابلِ تحسین مثال قائم کی۔گزشتہ شب ملتان میں وفات پانے والی زندرہ کی ایک خاتون کا جنازہ، جو راستے بند ہونے کے باعث لورالائی کی جانب سے لایا جا رہا تھا، شدید برف باری اور منفی 15 ڈگری کے قریب درجہ حرارت میں کوتل سڑی کے مقام پر مشکلات کا شکار ہو گیا۔ جنازے کے ساتھ خواتین اور بچے بھی موجود تھے، جو سخت سردی اور خطرناک حالات میں بے بس نظر آ رہے تھے۔
ایسے نازک اور کٹھن حالات میں اسسٹنٹ کمشنر زیارت اور ان کی ٹیم نے آدھی رات حوصلے، ہمت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جنازہ ایمبولینس کو شدید پھسلن اور برف باری کے باوجود باحفاظت کوتل سڑی سے گزارا۔ سڑک شیشے کی مانند پھسلن کا شکار تھی، ایمبولینس کو رسیوں اور چینز کے ذریعے کھینچا گیا، حتیٰ کہ راستے میں کئی بار رسیاں بھی ٹوٹیں، مگر انسانی عزم نے ہار نہ مانی۔آخرکار مرحومہ کو بحفاظت ان کے آبائی گاؤں زندرہ پہنچا دیا گیا۔ یہ برف میں لپٹا ہوا آخری سفر تھا، جسے انسانیت، ہمدردی اور فرض شناسی نے منزل تک پہنچایا—زیارت کی سرد رات میں ایک ایسا عمل جو دل کو چھو گیا۔مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج صبح 10 بجے زندرہ کے قبرستان میں ادا کی گئی۔لواحقین نے ضلعی انتظامیہ زیارت، اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video