کوئٹہ، 15 دسمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں بینکوں اور املاک پر ہونے والے مسلح حملوں کے واقعات پر سی ٹی ڈی اور پولیس کے بروقت، پیشہ ورانہ اور جرات مندانہ رسپانس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی نے ممکنہ طور پر دیگر بڑے جانی و مالی نقصان کو روک لیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران شہید ہونے والے سی ٹی ڈی کانسٹیبل درا خان کی بے مثال جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید دودا نعیم نے جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان نچھاور کی جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے شہید درا خان جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا قوم ان کے خون کی مقروض ہے میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں شہید ہونے والے شہری دکاندار پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ریاست پوری قوت، عزم اور یکسوئی کے ساتھ ملک دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کے روز معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی راجہ مطلوب طاہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے راجہ مطلوب طاہر کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بااصول، نڈر اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار کے حامل صحافی تھے، جبکہ ذاتی طور پر وہ ہمارے نہایت قریبی اور اچھے دوست بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ مطلوب طاہر نے اپنی پوری زندگی ذمہ دار اور سچ پر مبنی صحافت کے لیے وقف کیے رکھی، اور یہ ان کی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اپنی زندگی کے آخری روز تک بلوچستان میں پیشہ ورانہ صحافتی خدمات سرانجام دیتے رہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور حقائق کو جرات و دیانت کے ساتھ پیش کیا۔ ان کی وفات سے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ ذاتی طور پر مجھے بھی ایک مخلص دوست کی جدائی کا گہرا صدمہ پہنچا ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور اصولی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور راجہ مطلوب طاہر مرحوم اس روایت کے مضبوط امین تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے نمازِ جنازہ میں ممتاز اینکر پرسن سلیم صافی ، وسیم بادمی ، یاسر شامی سمیت صحافیوں سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔






