خبرنامہ نمبر8861/2025
سبی، 24 نومبر 2025: سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات عبد الفتاح بھنگر کی خصوصی ہدایات اور محکمانہ اصلاحاتی وژن کے تحت چنکارا بریڈنگ فارم لہڑی میں مجموعی دیکھ بھال، نظم و نسق اور افزائشِ نسل کے حوالے سے نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ کی نگرانی میں اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف سبی رفیق خجک، ڈی ایف او طارق شاہ اور ان کی پوری ٹیم کی مسلسل نگرانی، انتھک محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں نے اس ترقی میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ چنکارا ایک نہایت خوبصورت اور نایاب ہرن کی نسل ہے جو پاکستان کے خشک اور نیم ریگستانی علاقوں میں پائی جاتی ہے، تاہم غیر قانونی شکار، موسمیاتی تبدیلی، چراگاہوں کی کمی اور قدرتی رہائش گاہوں کے متاثر ہونے کے باعث اس کی تعداد میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد اس کی بقا اور افزائش کے لیے محفوظ اور سائنسی بنیادوں پر قائم بریڈنگ فارمز کی ضرورت محسوس کی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ سبی سے متصل لہڑی بریڈنگ فارم جیسے مراکز نہ صرف چنکارا کی نسل کو محفوظ بنانے میں مددگار ہیں بلکہ ان کا کردار تحقیق، افزائشی رجحانات کے مطالعے، قدرتی ماحول میں ریلیز کے لیے صحت مند جانور تیار کرنے اور جنگلی حیات سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے تک پھیلا ہوا ہے۔چنکارا بریڈنگ فارم لہڑی میں روزمرہ کی نگہداشت خصوصاً خوراک، پانی، صحت کی مسلسل مانیٹرنگ اور باڑوں کی صفائی جدید اصولوں کے مطابق کی جا رہی ہے۔ تاہم حالیہ خشک سالی کے باعث فارم میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کے باوجود ٹیم ممبرز دور دراز علاقوں سے پانی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ جانوروں کی ضروریات میں کوئی کمی نہ آئے۔ محفوظ ماحول، معیاری خوراک اور مسلسل دیکھ بھال کے باعث چنکارا کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جو بڑھ کر 40 تک پہنچ چکی ہے، اور یہ محکمہ وائلڈ لائف کی سنجیدہ کاوشوں اور مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔فارم کے انچارج تھارا خان اور ان کے ساتھی چوبیس گھنٹے جانوروں کی نگرانی میں مصروف رہتے ہیں۔ وہ صحت، خوراک، پانی اور عمومی حالت پر مسلسل نظر رکھتے ہیں جس کا مثبت اثر افزائشِ نسل اور جانوروں کی مجموعی صحت پر ظاہر ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی مقامی کمیونٹی میں جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ نایاب نسلیں مستقبل میں محفوظ رہیں اور قدرتی ماحول کا توازن برقرار رہے۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے واضح کیا ہے کہ چنکارا سمیت صوبے کی تمام جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش اور بہتر انتظام کے لیے کوششیں اسی سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
خبرنامہ نمبر8862/2025
کوئٹہ۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ برقرار ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کے روز صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد و خشک رہے گا، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی متوقع ہے۔
واشک اور پنجگور کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز بھی صوبے کا مجموعی موسم سرد اور خشک رہے گا، اور بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سردی اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا جبکہ شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں رات کے وقت شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ روز کسی بھی مقام پر بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔
خبرنامہ نمبر8863/2025
گوادر: حکومتِ بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی کے تعاون سے میر عبدالغفور کلمتی کرکٹ اسٹیڈیم کے زیر اہتمام انٹر ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ فورس فیسٹیول 2025 کی افتتاحی تقریب سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز جنرل آفیسر کمانڈنگ 44 ڈویژن میجر جنرل حبیب نواز نے کرکٹ بال کو ہٹ لگا کر کیا، جبکہ ڈی جی ڈی اے معین الرحمن نے اس افتتاحی گیند پر بولنگ کرائی۔
تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر پرویز عمرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ایس ایس پی عطا الرحان، علاقائی رہنما میر ارشد کلمتی سمیت دیگر سرکاری افسران، معزز مہمانوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں میجر جنرل حبیب نواز نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول نوجوانوں کی تربیت، کردار سازی اور صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
“چھوٹے شہروں سے بھی بڑے کھلاڑی جنم لیتے ہیں۔”
کھیل نوجوانوں میں محنت، صبر، نظم و ضبط اور باہمی احترام جیسی صفات پیدا کرتے ہیں۔
انہیں یقین ہے کہ گوادر کے کھلاڑی مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، بہترین تربیت اور اساتذہ و کوچز کی رہنمائی سے حاصل ہوتی ہے۔ میجر جنرل حبیب نواز نے تمام منتظمین اور والدین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا وقت دیا۔فیسٹیول کے میزبان ارشد کلمتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کے کھلاڑی ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا چکے ہیں اور اس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم اور گراؤنڈز کی بہتری میں پاک فوج اور جی ٹی اے کا کردار قابلِ تعریف ہے۔تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات اس ایونٹ میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔فیسٹیول 22 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان متعدد کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جبکہ فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ پہلے دن خواتین کی ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا جسے شرکا نے بے حد سراہا۔
خبرنامہ نمبر 8864/2025
کوئٹہ 24 نومبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے خلاف بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حملہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ملک دشمن عناصر عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے وزیر اعلیٰ نے ایف سی جوانوں کی جانب سے بروقت اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی شجاعت نے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی میر سرفراز بگٹی نے وطن پر جان قربان کرنے والے ایف سی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور حملے میں شہید ہونے والے اہلکار ملک کے بہادر سپوت ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں قوم کے حوصلے بلند کرتی ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا وزیر اعلیٰ نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے فورسز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
خبرنامہ نمبر 8865/2025
کویٹہ ۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے خیبرپختونخوا ایف سی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کا پورے ملک کی سکیورٹی فورسز بھرپور عزم و ہمت کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے حملے کو ناکام بنانے اور بروقت کارروائی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا خون ملک و قوم کی بقا کی ضمانت ہے۔
خبرنامہ نمبر 8866/2025
کوئٹہ 24 نومبر 2025:
صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے سچے ہیرو ہیں قوم ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس سانحے میں شہید ہونے والے بہادر سپوتوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے شہداء نے وطن کی حفاظت کے لیے جس بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ دہشتگردی کے ان بزدلانہ حملوں سے قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 8867/2025
نصیرآباد۔۔۔۔۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے فیز تھری کے تحت ضلع نصیرآباد، ضلع صحبت پور، ضلع کچھی اور ضلع جھل مگسی کے لیے میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی کے آرڈرز تقسیم کردئیے۔اس مرحلے میں میڈیکل آفیسرز کی 21، لیڈی میڈیکل آفیسرز کی 8، ڈینٹل سرجن کی ایک جبکہ اسٹاف نرس کی 9 آسامیوں پر مجموعی طور پر 39 مرد و خواتین ڈاکٹرز اور دیگر عملے میں تعیناتی کے آرڈرز تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی اور پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی نے نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر جو بھاری ذمہ داری عائد کی گئی ہے اس کی ادائیگی میں کوتاہی ہرگز نہیں ھونی چاہیے انہوں نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک مقدس فریضہ ہے جس کے لیے بلوچستان حکومت ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں محکمہ صحت کو درپیش ڈاکٹرز اور اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت پُرعزم ہے اور تعیناتی کے آرڈرز کی تقسیم کا یہ عمل اسی تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی بہتر اور بلاامتیاز سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
خبرنامہ نمبر 8868/2025
کوئٹہ۔ 24 نومبر 2025: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی زیرِ صدارت ” بلوچستان زرعی انکم ٹیکس رولز 2025 ” کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزراء میں شامل میر ظہور بلیدی، سردار فیصل خان جمالی، زمینداروں کے نمائندے میر چنگیز خان جمالی، سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی اور سیکرٹری ریونیو وریندر لعل شامل تھے، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جائزہ کمیٹی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی پورے ملک میں کسانوں سے ٹیکس قوانین کے تحت کی جائے گی اور اس حوالے سے ہمارے یہاں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے آفسران و دیگر متعلقہ لوگوں نے بڑی محنت اور ذمہ داری سے زرعی انکم ٹیکس قوانین مرتب کیے جس میں کسانوں کو ٹیکس قوانین کے تحت ڈیجیٹل طریقے سے آسانی کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی ممکن ہوسکے گی، میر محمد صادق عمرانی نے کہا ” زرعی انکم ٹیکس رولز 2025 ” میں ترامیم اور اسمبلی سے منظوری کے بعد زرعی انکم ٹیکس کے وصولی سے صوبے کی آمدنی کے ذخائر اضافہ ہوگا، اس موقع پر سیکرٹری ریونیو وریندر لعل نے شرکاء کو زرعی انکم ٹیکس قوانین 2025 کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کرتے کہا کہ سالانہ 6 لاکھ تک آمدنی حاصل کرنے والے کسانوں پر ٹیکس لاگو نہیں ہے لہٰذا چھ لاکھ سے زائد آمدنی والے کسانوں کو بالترتیب زرعی ٹیکس کی ادائیگی کے نیٹ شامل کیا گیا ہے، اجلاس میں کمیٹی ممبران نے ٹیکس قوانین کے مختلف مندرجات پر غور و خوض اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی آراء سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔
خبر امہ نمبر 8869/2025
تربت۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرِ صدارت سرحدی تجارت کی بحالی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں سرحدی تجارت سے وابستہ کاروباری افراد، نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ نے پاک-ایران سرحدی تجارت کے فروغ اور مقامی تاجروں کی مشکلات کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ سوراپ بارڈر پِلر نمبر 214 کو 7 دسمبر 2025 کو باقاعدہ طور پر کاروباری سرگرمیوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ڈی سی کیچ نے مزید بتایا کہ 1 ستمبر کو ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں بارڈر سے وابستہ کاروباری افراد، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ شامل ہوگی سرحدی مقام کا دورہ کرے گا اور تجارت کی بحالی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لے گا۔انہوں نے کہا کہ تجارت کا آغاز وہیں سے کیا جائے گا جہاں سے سلسلہ منقطع ہوا تھا، اور بعد ازاں بتدریج بارڈر کو مکمل طور پر معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل دوبارہ مضبوط اور منظم انداز میں شروع ہوسکے۔دریں اثناء سرحدی تجارت سے وابستہ کاروباری حضرات نے ڈی سی کیچ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے مقامی معیشت کی بہتری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اہم قدم قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر 8870/2025
لورالائی 25نومبر 2025: ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ کا منشیات کی سر پرستی کرنے اور کرپشن میں ملوث 04 پولیس اہلکاروں پر FIR درج اور گرفتار .لورالائی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے پولیس میں موجود کریمنل عناصر اور منشیات کی پشت پناہی کرنے والے پولیس ملازمین MTO لورالائی حوالدار اسد خان، CIA انچارج سب انسپکٹر ممتاز احمد، ASI عبداللہ باتوزئی اور حوالدار نذیر عرف بابو کے خلاف منشیات کی سرپرستی کرنے اور کرپشن پر FIR درج کروادی گئی ہے اور ان کرپٹ ملازمین کو گرفتار کرکے چار روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔ڈی آئی جی لورالائی نے کہا کہ پولیس میں کریمنل کی سرپرستی کرنے والے اور کرپشن کرنے والے کے لئے پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف مستقبل میں میں بھی نہ صرف محکمانہ کارروائی کی جائے گی بلکہ کریمنل اور فوجداری ایکٹ کے مقدمات درج کرکے ان کو گرفتار کیا جائے گا
اور حوالات کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 8871/2025
لورالائی 24 نومبر 2025:
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کو اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم اور ایس ایس پی ملک اصغر نے منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف حالیہ کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کلی ڈھنڈ میں ایک ایکڑ، شاہ کاریز خدرزئی میں 11 ایکڑ اور غلام حیدر کاریز میں 4 ایکڑ پوست کی فصلیں تلف کی گئیں۔ مجموعی طور پر 15 ایکڑ زمین پر کاشت ختم کی گئی۔
کارروائی کے دوران:
- تین سبمرسیبل موٹریں اور بور بند کیے گئے
- متعدد سولر پلیٹیں ناکارہ بنائی گئیں
- پانی کی فراہمی کے ذرائع کاٹ دیے گئے
اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے بتایا کہ جن زمینداروں نے یہ فصل کاشت کی، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے، ان کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالے جا رہے ہیں اور ان کا سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔
کمشنر ولی محمد بڑیچ نے ان اقدامات کو سراہا اور ہدایت دی کہ انسداد منشیات کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن جاری رکھے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر8873/2025
کوئٹہ، 24 نومبر2025: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے بیوٹمز میں 27 نومبر کو منعقد ہونے والے جاب فیئر 2025 کیلئے آفیشل پارٹنر شپ اختیار کر لی۔ اس سلسلے میں پیر کو بیوٹمز میں ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو پر دستخط بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر ارباب میر وائس کاسی نے کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان کا وژن ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو ترقی اور مواقع فراہم کیے جائیں کیونکہ مستقبل میں یہی نوجوان صوبے کی قیادت سنبھالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم اس جاب فیئر کا حصہ بن رہے ہیں۔ یہ ایونٹ نوجوانوں کی کیرئیر بلڈنگ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور یہ پارٹنرشپ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔اس موقع پر بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر ارباب میر وائس کاسی نے بی بی او آئی ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر صحیح سمت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاب فیئر نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی جانب رہنمائی اور فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرے گا۔قبل ازیں رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر احسن اچکزئی نے جاب فیئر 2025 سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ میں 90 سے زائد کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ نوجوانوں کو 1000 سے زائد ملازمتیں اور انٹرن شپس کی پیشکش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ ادارے کی پارٹنرشپ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
خبرنامہ نمبر8874/2025
نصیرآباد24نومبر2025:
ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کمیٹی جعفرآباد کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پبلک لائبریری اور TVET جعفرآباد کے مجموعی کام، انتظام، ترقی اور شفافیت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لائبریری کے احاطے، فرنیچر، کتابوں اور دیگر اثاثہ جات کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنانے سمیت ضلع کی ضروریات کے مطابق نئی کتابوں، جرائد اور ڈیجیٹل مواد کی خریداری کی سفارشات پیش کی گئیں جبکہ لائبریری کے بجٹ، اخراجات اور فنڈز کے شفاف استعمال پر سخت نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کمیٹی نے لائبریری کے بہتر اور موثر آپریشنز کے لیے عملے کی مقرری اور تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پڑھنے کے رجحان کو فروغ دینے، کمیونٹی انگیجمنٹ بڑھانے اور تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد کو لازمی قرار دیا۔ اسی سلسلے میں سہ ماہی اجلاس منعقد کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ لائبریری کی جدید کاری اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سفارشات مرتب کی گئیں۔اجلاس میں TVET سنٹر کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا کیونکہ WORDS NGO ضلع کے ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سینٹر کا انتظام چلا رہی ہے۔کمیٹی نے TVET پروگراموں کے لیے طلبہ کے انتخاب کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے، تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے سٹارٹ اپ اور مماثل گرانٹ کی تجاویز کا جائزہ اور منظوری دینے جبکہ تمام انتخابی مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ پبلک لائبریری اور TVET سنٹر نوجوانوں کے تعلیمی و معاشی مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان اداروں کی مضبوطی، شفاف نگرانی اور عوامی فائدے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ ہنر مند نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
خبرنامہ نمبر8875/2025
کوہیٹہ 24 نومبر2025:
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار نہایت اہم ہے صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتر ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جاہزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر چیف انجینئر چیف انجینئرز آفیسران کے علاؤہ دیگر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے اجلاس کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی کو مذید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے محکمہ کے جتنے بھی تیکنیکی مسائل ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حاہل رکاوٹیں ختم ہوں انہوں نے کہا کہ صوبے کی آبادی پھیلے ہوئے علاقوں پر مشتمل ہے لہذا ان علاقوں میں رہنے والے افراد کو جتنی بھی زیادہ سہولیات میسر کریں تو ان کے کہی مساہل ان کے دہلیز پر ہی حل ہونگے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تنظیم نو کے بعد تمام انجینئر آفیسران اپنے اپنے جائے تعیناتی پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اس حوالے سے چیف انجینئرز اپنے اپنے متعلقہ زون کی مانیٹرنگ کریں اور کوتاہی برتنے والے انجینئر آفیسران اگر غیر حاضر ہوئے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اسی طرح اگر ٹھیکداران بھی غفلت یا ناقص میٹریل کے استعمال کا مرتکب پائے گئے تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ چیف انجینئرز اور ایس ای جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق متواتر جاہزہ لیں اور اپنی پروگریس رپورٹ ارسال کریں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ تمام جاری منصوبوں پر معیار کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ معیار کے حوالے سے ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور تمام آفیسران بھی یہ یقینی بناہیں کہ جاری اسکیمات کی مانیٹرنگ صحیح انداز سے ہو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی انفراسٹرکچر کی بہتری اور صوبے کے عوام کو جدید سہولیات چاہے روڈز سیکٹر ہو یا بلڈنگ سیکٹر میں ہوں انہیں فراہم کرنا محکمہ مواصلات و تعمیرات کی زمہ داری ہے اور اس زمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانا ہمارا نصب العین ہونا چاہیے
خبرنامہ نمبر8876/2025
کوئٹہ۔ ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تین ڈویژنز سبی، مکران اور نصیر آباد میں “ڈویژن سپورٹس فیسٹیول” 27 نومبر سے 2 دسمبر تک منعقد ہوں گے ڈویژنل سطح پر فیسٹیولز کا مقصد زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلیے کوشاں ہے ایک کے بعد دوسرے ڈویژن میں سپورٹس فیسٹیول منعقد کئے جارہے ہے، ژوب، لورالائی اور قلات ڈویژن سپورٹس فیسٹیول کے بعد اب بلوچستان کے تین اور ڈویژنز میں سپورٹس فیسٹیول کا میلہ سجے گا انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ہر ڈویژن میں کھلاڑیوں کو مواقع دینا محکمہ کھیل کی ترجیح ہے اور ڈویژن سطح پر فیسٹیول کا مقصد انہیں اپنی مہارت دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے، مکران ڈویژن سپورٹس فیسٹیول تربت میں، سبی ڈویژن سپورٹس فیسٹیول سبی میں جبکہ نصیرآباد ڈویژن سپورٹس فیسٹیول نصیرآباد میں منعقد ہوگا اور ہر ڈویژن میں متعلقہ تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی، تینوں سپورٹس فیسٹیولز میں دس مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس، شوٹنگ والی بال، باکسنگ، بیڈمنٹن و دیگر سمیت ثقافتی کھیل ملاکھڑا بھی شامل ہے، اسکول لیول پر طالبات کیلئے بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے جن میں رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ و دیگر گیمز شامل ہے ہر گیم کے اختتام پر کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفیکیٹس دیئے جائیں گے تینوں فیسٹیولز کے اختتام پر اختتامی تقاریب منعقد کی جائیں گی جس میں موسیقی کے ساتھ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر8877/2025
کوئٹہ24 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کیلئے میرا وژن ایک جامع ترقی کا ہے جہاں ہر شہری کو معیاری تعلیم، طبی سہولیات اور معاشی ترقی کے مواقعوں تک رسائی حاصل ہو۔ اس وقت ہمیں عوام کو درپیش تمام اہم مسائل و مشکلات سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ عوام کے منتخب تمام نمائندوں پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنے انتخابی حلقے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں. اسطرح عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اعتماد کی تعمیر، عوام کی شرکت کو فروغ دینے اور نچلی سطح پر اپنے حقوق و اختیارات کا احساس جگانا بھی آپ کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز اور دیگر رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی، پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، راحیلہ حمیدخان درانی، میر شعیب نوشیروانی، حاجی برکت رند، زریں خان مگسی، حاجی محمدخان لہڑی، نسیم الرحمٰن ملاخیل، زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ افیئرز کوآرڈینٹر حیدر خان اچکزئی اور دیگر صوبائی رہنماء اور کیڈرز موجود تھے. وفد نے گورنر بلوچستان کو بلدیاتی امیدواروں کے انتخابات، امیدواروں کی تفصیلات اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے تشکیل دینے والی کمیٹی کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری پارٹی ہمیشہ انصاف، مساوات اور سب کیلئے مواقع کے اصولوں کیلئے کھڑی رہی ہے۔ پارٹی ورکرز کی حیثیت سے آپ ہماری تنظیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ آپ کی لگن، جذبہ اور محنت ہی ہماری کامیابی کو آگے بڑھاتی ہے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے طور پر آپ کو ہماری کمیونٹیز کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ آپ کا تنظیمی فریضہ بنتا ہے کہ اپنی پارٹی کی اقدار کے علمبردار بنیں، اپنے حلقوں باشندوں کے تحفظات سنیں اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انتھک محنت کریں۔
خبرنامہ نمبر8878/2025
کوئٹہ: بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS) کوئٹہ میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 350 طلباء پر مشتمل پہلے بیچ کے لیے Orientation Day گزشتہ روز 20 نومبر 2025 کو منعقد ہوا، جس میں طلباء کو پروگرامز کے اسکوپ، کلینیکل تربیت اور مستقبل کے روزگار کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق بلوچستان میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں یہ اب تک کی سب سے بڑی انڈکشن ہے۔
تقریب کے دوران طلباء کو فزیوتھراپی، لیبارٹری ٹیکنالوجی، امیجنگ ٹیکنالوجی، آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، کارڈیک، ڈینٹل اور دیگر الائیڈ پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیکلٹی اراکین نے تعلیمی نظام، کورس اسٹرکچر اور کلینیکل اٹیچمنٹس پر خصوصی روشنی ڈالی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تمام پروگرامز کی عملی تربیت سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں کرائی جائے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیراحمد لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی شدید کمی کے باعث ہسپتالوں، ڈائگناسٹک مراکز اور ریہیبلیٹیشن یونٹس کو تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS) کوئٹہ کے اس اقدام سے نہ صرف صوبے کے ہیلتھ سیکٹر میں بہتری آئے گی بلکہ نوجوانوں کے لیے باوقار روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
تقریب میں طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ یونیورسٹی اعلامیے کے مطابق نئے داخل شدہ بیچ کی کلاسز 24 نومبر 2025 سے باقاعدہ طور پر شروع ہوں گی۔
خبرنامہ نمبر8879/2025
کوئٹہ۔ 24 نومبر 2025 :
جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے خوشحال خان کاکڑ کی 251-NA سے متعلق الیکشن پٹیشن منظور کرتے ہوئے سید سمیع اللہ کے بطور ریٹر نڈ امید وار جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو کا لعدم قرار دے دیا۔ ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ سید سمیع اللہ کا بطور ریٹر نڈ امیدوار نوٹیفیکیشن منسوخ کیا جائے اور متنازعہ 22 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
خبرنامہ نمبر8880/2025
چمن 24 نومبر 2025:
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالقدوس نے بلوچستان بورڈ کے زیر نگرانی چمن میں جاری مڈل کے امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا ڈی ای او نے امتحانی سپرنٹینڈنٹ اور عملے کو نقل کی روک تھام اور امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے منتظمین اور عملے سے کہا کہ وہ نقل کی روک تھام کو یقینی بنائیں انہوں امتحانی مراکز میں سہولیات پانی طلباء و طالبات کیلئے ڈیسک اور کرسیوں اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف سکولوں کے پرنسپلز سمیت سپروائزری سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سرکاری سکولوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امتحانی عملہ نقل کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے امتحانات کے اختتام تک مستقل مزاجی دکھائیں اور نقل چھوڑنے کے حوالےسے کسی قسم کی غفلت کوتاہی اور نرمی کا مظاہرہ ہر گز نہیں کریں انہوں نے امتحانی سپرنٹینڈنٹ اور عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں اور نقل کی روک تھام اور شفاف امتحانات کو یقینی بنائیں تاکہ طلباء و طالبات محنت کرکے اچھی مستقبل بنانے میں سرخرو ہو سکیں
خبرنامہ نمبر8881/2025
پنجگور۔ 24 نومبر 2025: ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنجگور افتخار ظہیر نے پیر کے روز ٹیچنگ ہسپتال ہیڈکوارٹر پنجگور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد انتظامی امور، مریضوں کی سہولت اور طبی عملے کی موجودگی کا جائزہ لینا تھا۔ ہسپتال میں داخل ہوتے ہی انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی سیکشن اور لیبارٹری کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی موجودگی کی تصدیق کیلئے حاضری رجسٹر چیک کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری میں بعض بے ضابطگیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو تنبیہ کی کہ تمام ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی کے اوقات کی سختی سے پابندی کریں اور مریضوں سے حسنِ سلوک اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال عوامی خدمت کا ادارہ ہے اور یہاں آنے والے ہر مریض کو بہتر سے بہتر سہولت ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر حاضر عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کی تنخواہیں بند کرنے سمیت تادیبی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے کارکردگی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں تاکہ عوامی فلاح اور صحت کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر8882/2025 خضدار 24 نومبر 2025: ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق سا سولی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر محمد نسیم لانگو ایم ایس سول ہسپتال زیری ڈاکٹر میلاد احمد ایکسین پی ایچ ای عبدالروف قمبرانی ایم ایس ٹیچنگ ہاسپیٹل خضدار ڈاکٹر کہور خان اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی اور محکمہ صحت کے دیگر افسران شریک تھے ڈی سی خضدار کو اجلاس میں ضلع کی تمام ہیلتھ یونٹس بی ایچ یوز ڈسپنسریز رورل ہیلتھ سنٹرز اور ضلع میں موجود محکمہ صحت کی کارکردگی ڈاکٹرز اور سٹاف کی پرفارمینس ایمرجنسی و دیگر ادویات آلات مشینری اور دیگر ضروری سہولیات اور سامان کے حوالےسے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اجلاس میں ضلع کی تمام ہیلتھ یونٹس اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات کی فراہمی اور مشینری کے حوالےسے ڈپٹی کمشنر خضدار کو تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ ہسپتالوں میں تمام ڈاکٹرز اور سٹاف اپنی حاضریوں کو یقینی بنائیں اور وقت کی پابندی کریں تا کہ ہم بے سہارا لوگوں کی علاج و معالجہ میں کامیاب ہوں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز قوم کے مسیحا ہوتے ہیں لہذا ڈاکٹرز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی خدمات کو ایمانداری اور دیانتداری سے ادا کریں ۔
خبرنامہ نمبر8884/2025
کوئٹہ24 نومبر:2025: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زور پکڑ رہی ہیں جس کیلئے مختلف سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ کی صدارت مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرین اور دیگر رہنماؤں پر مشترکہ اجلاس ہوا. اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اب تک کیے گئے انتظامات اور پارٹی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل، صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، راحیلہ حمیدخان درانی، میر شعیب نوشیروانی، حاجی برکت رند، زریں خان مگسی، حاجی محمدخان لہڑی، نسیم الرحمٰن ملاخیل، زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ افیئرز کوآرڈینٹر حیدر خان اچکزئی، میر ایڈووکیٹ عطاء اللہ لانگو، یونس بلوچ، محمد انورنسیم کاسی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ شرکاء نے پارٹی کے الیکشن کیمپئن کے منصوبوں، ووٹروں تک رسائی کے اقدامات اور انتخابات میں مضبوط کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے وسائل کی تقسیم پر غور کیا۔ پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کو یقین ہے کہ اس کا ترقیاتی ایجنڈا، جو عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی خوشحالی کو ترجیح دیتا ہے، ووٹرز کے ساتھ گونجے گا اور عوامی ووٹوں میں بدل جائیگا۔ دھیرے دھیرے انتخابی مہم تیز ہو رہی ہے کوئٹہ کے لوگ مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ان کی حمایت کیلئے موثر انتظامات اور بھرپور سرگرمیوں کی توقع کر سکتے ہیں۔ بعدازاں میر سلیم کھوسہ کی قیادت تمام پارلیمنٹرینز اور بلدیاتی انتخابات کیلئے تشکیل دینے والی کمیٹی کے ممبران گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے ملے اور ان کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا.
خبرنامہ نمبر8885/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں محنت اور کارکردگی کے باوجود کرپشن کسی نہ کسی شکل میں سامنے آ جاتی ہے۔ خاص طور پر طالبات اور نوجوان نسل کی سوچ کو مثبت سمت دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نعمت ہے جو کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا، اور ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے وجود میں آیا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی میں ایمانداری اور دیانت کو بنیاد بنائیں۔انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان اور قومی احتساب بیورو بلوچستان کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں صوبائی سطح کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے پاس اسلام جیسا مکمل ضابطۂ حیات موجود ہے جو ہر چیز کا واضح راستہ بتاتا ہے۔ اگر ہم اپنی سوچ اور رویے درست کر لیں تو معاشرہ خود بخود سدھر سکتا ہے۔ بعض اوقات ایک جملہ زندگی بدل دیتا ہے، میری دعا ہے کہ آج کی تقریب میں کہا گیا کوئی ایک لفظ بھی آپ سب کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کرپشن سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت موجودہ حکومت نے اس پورے نظام کو میرٹ پر اور شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں نہ کوئی نوکری بکی ہے، نہ بکنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنایا ہے اور میرٹ کو اولین ترجیح دی ہے۔ جو اساتذہ بھرتی ہو رہے ہیں وہ خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر منتخب کیے جا رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ بلوچستان تعلیم کے شعبے میں ہر قسم کی کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو ایک بہتر، صاف اور مضبوط تعلیمی نظام فراہم کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ مقابلے قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے اشتراک سے منعقد ہوئے، جن کا مقصد نوجوانوں میں دیانت داری، شفافیت، تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان عمران اختر مجید، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد حسین بلوچ، جوائنٹ ڈائریکٹر پروفیسر سادیہ نیاز، پرنسپل گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ سادیہ فاروقی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں دیگر مقررین نے طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوان نسل میں مثبت سوچ، اخلاقی اقدار اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا ملک و قوم کے اثاثہ ہیں۔ بدعنوانی کے خاتمے میں ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسکا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ مقابلوں میں شریک طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اساتذہ اور شرکاء نے ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور نیب بلوچستان کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا ۔ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے کامیاب مقابلوں کے انعقاد پر تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔اس سے قبل تقریب میں مختلف کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوئے جن میں اردو تقریری مقابلہ، انگریزی، تقریری مقابلہ، اردو مضمون نویسی، انگریزی مضمون نویسی، پوسٹر سازی، پینٹنگ، تخلیقی قلم شامل تھے۔ ان مقابلوں میں بلوچستان بھر سے کالجوں کے 53 طلباء و طلبات نے حصہ لیا۔ آخر میں وزیر تعلیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔






