September 21, 2025
News

20th-September-2025

خبرنامہ نمبر6923/2025 نصیرآباد20ستمبر2025:
صحبت پور۔مواصلات و تعمیرات پختہ بلوچستان کی جانب گامزن ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے روڈ نیٹ ورک اور بلڈنگز کے تعمیراتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا عوامی سہولت کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے نصیرآباد ڈویژن میں کئی منصوبے جاری ہیں ان منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ اور صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر کے احکامات کی روشنی میں چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نصیرآباد زون بشیر ناصر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر ظفر کھوسہ کے ہمراہ صحبت پور تا کشمور روڈ (فیز II) کے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا باریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی امور کا مشاہدہ کیا اور ایگزیکٹو انجینئر روڈز صحبت پور جہانگیر کھوسہ سے منصوبے کے معیار اور تکمیل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔چیف انجینئر نے ہدایت کی کہ حکام بالا کے احکامات کی روشنی میں تمام امور کو معیاری بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی منصوبے کو مقررہ مدت اور پی سی ون کے عین مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولتیں میسر آسکیں۔بعد ازاں بشیر ناصر نے ضلع صحبت پور اور استامحمد میں بلڈنگز کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئرز فدا حسین کھوسہ۔ارسلہ رند، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز صحبت پور عرفان علی، ایگزیکٹو انجینئر استامحمد امتیاز احمد کھوسہ سمیت دیگر فیلڈ اسٹاف بھی موجود تھا۔ دورے کے دوران چیف انجینئر نے دونوں اضلاع میں بلڈنگز کے منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے واضح احکامات دیے اور کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کی تکمیل کے بعد نہ صرف لوگوں کی معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ جدید سہولتیں بھی عوام کو ان کے دروازے پر فراہم کی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دورے کا مقصد صرف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا نہیں بلکہ ان کے معیار کو پرکھنا بھی ہے، کیونکہ غیر معیاری ترقیاتی عمل ناقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے تمام انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنی موجودگی میں تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی یقینی بنائیں اور پی سی ون کے مطابق معیار کو ہر حال میں برقرار رکھیں تاکہ حکومت کے عوام دوست ترقیاتی وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6924/2025
کوئٹہ 20: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان میں بعض غیرضروری ڈیپارٹمنٹس کو ختم کرنا اور مارکیٹ کی ضرورت اور روزگار کے امکانات سے منسلک مضامین کا متعارف کرانا ایک قابل ستائش بصیرت ہے۔ کافی سوچ بچار اور باہمی مشاورت کے بعد دیگر پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کیلئے بھی ہم متعدد قابل تقلید مثال قائم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں. اسی طرح ایک ہی یونیورسٹی میں دو متعلقہ ڈیپارٹمنٹس جیسے جیوفزکس کو جیالوجی، سیسمولوجی (Seismology) کو فزکس، رینیوبل انرجی کو اینوائرمنٹل سائنسز، انتھروپولوجی (Anthropology) کو سوشیالوجی اور کامرس کو انسٹیٹیوٹ آف منجمنت سائنسز میں ضم کرنا بذات خود دانشمندانہ فیصلے ہیں- اس کے برعکس ان ضروری مضامین جیسے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) وغیرہ کا یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ڈیپارٹمنٹ کا آغاز موجودہ تقاضوں اور ابھرتی ہوئی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی ایک انوکھی مثال ہے. ایسے انقلابی اقدامات ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو مؤثر طریقے سے کامیاب اور محفوظ بناتے ہیں۔ گورنر مندوخیل یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور بازئی اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی اور وژن کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ عصرحاضر کے تقاضوں اور یونیورسٹی کے مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وسائل کے استعمال میں بہتری آئیگی اور تعلیم کے شعبے کی بنیاد مضبوط ہوگی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ آجکل اسٹوڈنٹس بھی فیوچر ویلیو اور روزگار کے مواقع پر مبنی کورسز کا انتخاب کرتے ہیں تاہم ہماری یونیورسٹیوں اور ان کے کیمپسز میں ایک تلخ حقیقت موجود ہے کہ بعض ڈیپارٹمنٹس میں اساتذہ کی تعداد طلباء سے زیادہ ہے۔ یہ وسائل کے ضیاع کا باعث ہے۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت مادری زبانوں کی ترقی و ترویج کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے. مادری زبانیں ہماری قومی پہچان ہیں. ان کی حقانیت ماں کی لازوال ممتا کی وجہ سے قائم ہے اور مادری زبان ایک نسل سے دوسری نسل کو وراثت کی منتقلی کا طویل سلسلہ ہے. لیکن پچھلے کئی برس سے کالجز میں بی ایس کورسز شروع کرانے کے بعد یونیورسٹی آف بلوچستان کے لینگویج ڈیپارٹمنٹس اردو، بلوچی، پشتو، براہوی اور فارسی میں طلباء کی تعداد کم ہو چکی ہے لہٰذا ہم تمام لینگویجز کیلئے ایک مشترکہ ” انسٹیٹیوٹ آف لینگویسٹک ” بنا رہے ہیں اس یقین کے ساتھ کہ یہ تمام لینگویجز کے درمیان روابط بڑھانے کا معتبر وسیلہ بھی بنے گا. گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم من حیث القوم ترقی اور ارتقاء کے سفر میں دنیا کی دیگر ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے میں پیچھے رہ چکے ہیں. سردست اس گلوبل ویلیج میں مختلف زبانوں اور گلوبل سیویلائزیشن میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے لہٰذا ہمارے پالیسی میکرز اور دانشوروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی یافتہ زبانوں میں قیمتی علمی و سائنسی مواد کو اپنی مادری زبانوں میں ترجمہ کرانے کیلئے جامع حکمت عملی بنائیں.

خبرنامہ نمبر6925/2025
ڈیرہ بگٹی،20 ستمبر 2025
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں ضلع کے عوام الناس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے پیش نظر اگر کسی خاندان کا کوئی فرد غیر موجود یا کسی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ وابستہ ہے، تو اس کی اطلاع لازمی طور پر 26 ستمبر 2025 تک قریبی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، ایس پی پولیس آفس یا ڈی ایس پی کو فراہم کی جائے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کا کسی کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کا ثبوت موجود ہے تو متعلقہ خاندان کا سربراہ مجاز مجسٹریٹ یا قریبی پولیس تھانے میں اس فرد کے خاندان اور رشتہ داری کے حوالے سے حلفیہ بیان (Affidavit) جمع کرائے۔ بصورت دیگر اگر وہ شخص کسی دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث پایا گیا تو متعلقہ خاندان کو بھی سہولت کار تصور کیا جائے گا مزید کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ان کے نام 4th شیڈول میں شامل کئے جائیں گے، جس کے نتیجے میں جائیداد کی ضبطگی، سرکاری ملازمت سے برطرفی اور ریاستی مراعات ختم کرنے جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ قومی سلامتی اور قانون کی پاسداری میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

خبرنامہ ننبر6926/2025
تربت 20 ستمبر2025: یونیورسٹی آف تربت کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل ااور الحاق شدہ کالجز کے پرنسپلز اورکیوای سی فوکل پرسنز کے درمیان ایک اجلاس گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں منعقد ہوا۔اجلاس کا مقصد الحاق شدہ کالجز میں کیوای سی فوکل پرسنز کے کردار اور ذمہ داریوں کا جائزہ لینا، یونیورسٹی اور الحاق شدہ کالجزکے درمیان روابط کو فروغ دینا اورکالجز میں کوالٹی ایشورنس کے عمل کو مزید موثر بنانا تھا۔تربت یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ کےڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اورمحکمہ ہائرایجوکیشن حکومت بلوچستان کے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر[مکران] پروفیسر برکت اسماعیل نے کالجز میں معیارتعلیم کو مزیدبہتر بنانے کے لیے کوالٹی ایشورنس اقدامات کے موثر نفاذ کی اہمیت کے بارے میں شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ڈاکٹرریاض احمدنے کہا کہ کالجز میں درس وتدریس میں معیارکویقینی بنانے کے لئے کیو ای سی فوکل پرسنز کاکردارانتہائی اہمیت کاحامل ہوتاہے۔ سیشن کے شرکاءکوخوش آمدید کہتے ہوئے پروفیسربرکت اسماعیل نے کالجز میں اے ڈی اور بی ایس پروگرامز کے معیارکومزیدبہتربنانے کے لئےتربت یونیورسٹی اور الحاق شدہ کالجز کے درمیان تعاون بڑھانے اورٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت پرزوردیا۔سیشن کے دوران پروفیسر برکت اسماعیل اور کالجز کے پرنسپلز نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رہنما اصولوں کے مطابق اپنے کالجز میں کیوای سی دفاتر قائم کرنے پرباضابطہ اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کالجزمیں دستیاب وسائل کے علاہ انٹرنیٹ کی سہولیات اور آئی ٹی انفراسٹرکچر سمیت دیگردرپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔اس کے علاوہ ڈاکٹر ریاض احمد نے شرکاء کوکالجزمیں نئے پروگرام شروع کرنے کے لیے این او سی حاصل کرنے کے طریقہ کار، یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی پروگرام الحاق کے مراحل،کیوای سی اکیڈمک کیلنڈر کی تیاری، سیلف اسسمنٹ رپورٹس کی تیاری واسٹرکچر، پروگرام ٹیموں کی تشکیل، ایکریڈیٹیشن کے مراحل اور کوالٹی ایشورنس سے متعلق مختلف سرویز و دستاویزات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اور ترجمان یونیورسٹی اعجاز احمد نے اس بات پر زور دیا کہ الحاق شدہ کالجز اور ان کے تعلیمی پروگرامز سے متعلق معلومات کو یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جانا چاہیے تاکہ اسٹیک ہولڈرز کو بروقت رہنمائی اورمعلومات مل سکے۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ قومی معیار کے مطابق کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دینے اور ملک کے لیے باصلاحیت افرادی قوت تیار کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

خبرنامہ نمبر6927/2025
تربت 20 ستمبر 2025: ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر (کالجز) پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ کی زیر صدارت ایک اہم ہائبرڈ اجلاس منعقد ہوا، جس کی میزبانی گورنمنٹ گرلز کالج تربت کی پرنسپل نے کی۔ اجلاس میں بی ایس اور اے ڈی پی کالجز کے پرنسپلز اور فوکل پرسنز نے شرکت کی اجلاس میں یونیورسٹی آف تربت کے ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد نے تعلیمی معیار اور کالجز کے نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز بلوچ اور اسسٹنٹ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر شریف الدین نے بھی شرکت کی اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز، نصاب کی بہتری، طلبہ کی کارکردگی میں اضافے اور کالجز کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ بی ایس اور اے ڈی پی پروگرامز کے ذریعے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے
پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے اجلاس تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور مستقبل میں ایسے اجلاس تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ خطے میں اعلیٰ تعلیم کو مزید ترقی دی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر6928/2025
تربت،تمپ 20ستمبر 2025 گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تمپ میں ایک جلاس مقامی ایجوکیشن کونسل کے تحت ہیڈمسٹریس شاری بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیڈنگ اسکولز کے PTSMC چیئرمین، اساتذہ اور دیگر ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی اجلاس کا بنیادی مقصد اسکول کی تعلیمی و انتظامی بہتری کے لیے ایک جامع ایکشن پلان کی تشکیل تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسکول کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں اسکول میں شجرکاری مہم کا آغاز، تمام کلاس رومز میں نصاب اور ٹائم ٹیبل نمایاں طور پر آویزاں کرنے، طلبہ کی غیر حاضری کی وجوہات جانچنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے اور ایک اسٹاف کمیٹی کی تشکیل شامل ہیں تاکہ تدریسی و انتظامی معاملات مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں اسکول کے ہیڈ مسٹریس شاری بلوچ نے اسکول کے عمومی نظام کی بہتری کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور زور دیا کہ تدریسی طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، استانیوں کی وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور بنیادی سہولیات مثلاً بس، پانی، بجلی، بیت الخلا اور پنکھوں کی دستیابی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کے دوران تمام استانیوں کی حاضری لازمی ہوگی جبکہ سائنس مضامین میں عملی مظاہرے اور جدید سیکھنے کے طریقوں کو اپنانے سے طلبہ کی دلچسپی اور سیکھنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ مقامی ایجوکیشن کونسل کے تعاون اور باہمی مشاورت کے ساتھ تمپ گرلز ہائی اسکول کو تعلیمی لحاظ سے ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر6929/2025
تربت 20 ستمبر 2025: تدریسی اسپتال تربت میں شعبہ اطفال (Pediatric Department) کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیسف کے نمائندہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پیڈیاٹرک ڈیپارٹمنٹ کی بحالی، توسیع اور نئے ڈھانچے کی تشکیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تدریسی اسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلییدی، سربراہ شعبہ اطفال ڈاکٹر مصباح منیر اور پی ایم اے کیچ کے نمائندہ و کنسلٹنٹ ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر میرین بلوچ شریک ہوئے اجلاس کے شرکاء نے یونیسف سمیت تمام عطیہ دہندگان اور شراکت دار اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحتِ عامہ کے اس اہم شعبے میں ان کی معاونت نہ صرف ایک امید افزا پیش رفت ہے بلکہ خطے کی صحتِ اطفال کے لیے ایک نیا دور متعارف کرائے گی مجوزہ منصوبے کے تحت پیڈیاٹرک ڈیپارٹمنٹ کو ایک جدید اور ہمہ جہت پیڈیاٹرک کمپلیکس میں تبدیل کرنے کا خاکہ تیار کیا گیا ہے، جس میں درج ذیل سہولیات شامل ہوں گی بچوں کے لیے جنرل وارڈ،آئیسولیشن رومز، پیڈیاٹرک آئی سی یو (PICU)،جدید کانفرنس و ٹیچنگ روم۔ فیکلٹی دفاتر، نرسنگ اور ہاؤس آفیسرز کے لیے ڈیوٹی رومز اس موقع پر پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق نے کہا کہ پیڈیاٹرک ڈیپارٹمنٹ کی بحالی و توسیع نہ صرف ادارے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ یہ منصوبہ مکران ڈویژن میں صحتِ اطفال کی معیاری سہولیات کے فروغ کی بنیاد رکھے گا ڈاکٹر مصباح منیر نے یونیسف کے انجینئر رضیق بلوچ کے ہمراہ شعبہ اطفال کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں منصوبے کے تحت توسیع اور ڈھانچاتی ترامیم کے عملی امکانات کا جائزہ لیا گیا یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے کے بعد خطے کے ہزاروں بچوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا، بالخصوص غریب اور نادار طبقات کے لیے یہ منصوبہ ایک نعمت سے کم نہ ہوگا۔ یہ منصوبہ مستقبل میں تحقیقی سرگرمیوں اور میڈیکل تعلیم کے فروغ کے لیے بھی اہم ہوگا۔

خبرنامہ نمبر6930/2025
تربت 20ستمبر2025. ضلعی انتظامیہ کیچ اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے ایف سی ہیڈکوارٹر بٹ بلیدہ میں گزشتہ روز ایک کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ، ونگ کمانڈر بلیدہ اسکاؤٹس، متعلقہ محکموں کے سربراہان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گزشتہ کھلی کچہری کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ عوام نے صحت، تعلیم، پولیس ، لیویز ، پی ایچ ای اور بی اینڈ آر اور دیگر متعلقہ محکموں سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے۔اس دوران عوامی حلقوں کی جانب سے نشاندئی کی گئی کہ علاقے میں صاف پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور بارہا ہدایات کے باوجود پی ایچ ای محکمہ مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ کھلی کچہری میں ایس ڈی او پی ایچ ای کو ہدایت دی گئی کہ مسئلے کو فوری طور پر حل کرکے آئندہ کھلی کچہری میں مثبت رپورٹ پیش کریں۔
اس موقع پر شرکاء نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ بھی اجاگر کیا خصوصاً گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کوشک میں، جس پر ڈپٹی ڈی ای او کو فوری اقدامات اٹھانے اور اسکولوں کے اچانک دورے کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ تعلیمی معیار بہتر ہو سکے۔دریں اثناء منشیات کے پھیلاؤ اور استعمال کے مسئلے روکنے کے لیے عوامی حلقوں کی جانب سے اقدامات اٹھائے کا مطالبہ کیا گیا جس پر پولیس اور لیویز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔اس دوران عوام نے پاک ایران سرحد کی بندش کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ اسے اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے تاکہ مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ آخر میں کھلی کچہری کے منتظمین نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل نوٹ کرلیے گئے ہیں اور ان مسائل کے باقاعدہ حل کے لیے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو باضابطہ طور پر مراسلہ لکھا جائے گا

خبرنامہ نمبر6931/2025
ڈھاڈر۔20ستمبر2025۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی ٹی اے حکام کی جانب سے غیر قانونی گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ پی ٹی اے بلوچستان جان محمد محمد حسنی نے ڈھاڈر پولیس کے ہمراہ بائی پاس پر مختلف ویگنوں، بسوں، گڈز ٹرالروں اور گیس بوزرز کا معائنہ کیا۔ اس دوران غیر قانونی روٹ استعمال کرنے، چھتوں پر مسافر بٹھانے، بغیر نمبر پلیٹ اور کاغذات کے گاڑی چلانے اور غیر رجسٹرڈ ٹرالروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ متعدد گاڑیوں کو موقع پر جرمانے بھی کیے گئے۔اس موقع پر پی ٹی اے حکام نے واضح کیا کہ ایران بارڈر سے نصیر آباد تک گیس بوزرز اور تیل بردار ٹرالروں کی غیر قانونی آمد و رفت صوبے کے لیے بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ یہ گاڑیاں بلوچستان میں نہ تو رجسٹریشن کرواتی ہیں اور نہ ہی متعلقہ فیس ادا کرتی ہیں، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔حکام نے کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن اور انٹری بلوچستان میں لازمی کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی قانونی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ دوسرے صوبوں میں رجسٹرڈ تیل بردار ٹرالروں کو بغیر فیس بلوچستان کے روٹس پر چلنے کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی۔پی ٹی اے حکام نے تمام گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے کاغذات اور پرمٹ مکمل کریں، بصورت دیگر دوران چیکنگ گاڑیوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان کی ہدایات پر صوبے بھر میں غیر قانونی گڈز ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر6932/2025
کوئٹہ 20ستمبر2025۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں ہفتہ کے روز موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اتوار کے روز بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ضلع لسبیلہ میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر6933/2025
کوئٹہ 20اگست۔2025: صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ علی درانی کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کوئٹہ اور ٹریفک پولیس پر مشتمل ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ چورنگی پر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس کارروائی کے دوران درجنوں گاڑیوں کے کاغذات اور پرمٹ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ چیکنگ کے نتیجے میں 27 گاڑیوں کو نامکمل اور کاغذات نہ رکھنے پر چالان کیا گیا جبکہ ان کے دیگر ڈاکومنٹس تحویل میں لے لیے گئے۔ اس موقع پر موجود آر ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ تمام ٹرانسپورٹ مالکان کو اپنی گاڑیوں کے کاغذات، رجسٹریشن، روٹ پرمٹ اور دیگر قانونی تقاضے مکمل رکھنے چاہئیں تاکہ دورانِ چیکنگ کسی قسم کی کارروائی سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اور نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور گاڈی مالکان کو تنبیہ کی گئی کہ وہ اپنی گاڈیوں کے کاغذات اور پرمٹ کی تجدید جلداز جلد کروائیں۔

خبرنامہ نمبر6934/2025
دکی20 ستمبر 2025:
ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے آر ٹی ایس ایم ہیڈ دکی محمد جمیل خان ناصر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DDOE) کے دفاتر کا دورہ کیا۔ دفاتر بند پائے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلی دکی کا معائنہ کیا۔ زیر تعمیر عمارت اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کام بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات میسر ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول غازی خان کا اچانک دورہ کیا جو بند پایا گیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کو طلب کرلیا اور کہا کہ اسکولوں کی بندش کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔ اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کی تعلیم ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلی ٹھٹئی کا دورہ کیا۔ اسکول بند پایا گیا جبکہ زیر تعمیر واش رومز کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سہولیات میں کمی اور اسکول کی بندش پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دکی بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسکول کا معائنہ کیا اور ہیڈ ماسٹر آفس کا بھی جائزہ لیا۔ اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کے معیارِ تعلیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ہدایات دیں۔

خبرنامہ نمبر6935/2025
گوادر20ستمبر2025:
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاسز میں جاکر تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور زیرِ تعمیر گرلز کالج کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
پرنسپل کالج، محترمہ سبین بلوچ نے اے ڈی سی جنرل کو ادارے کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالشکور نے یقین دہانی کرائی کہ طالبات کے بہتر تعلیمی ماحول کے لیے کالج کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر6936/2025
چمن 20 ستمبر 2025:
ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے لیویز فورس کے ہمراہ چمن شہر و اطراف میں نشے کے عادی افراد کیخلاف کارروائی کے دوران پچاس سے زیادہ افراد گرفتار کر لئے.انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر 200 نشے کے عادی مریضوں کی کویٹہ مشرقی بائی پاس ڈرگ رہیبیلیٹیشن سنٹر میں داخل کرائیں گے اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کویٹہ ان تمام مریضوں کی علاج و معالجہ اور دیگر اخراجات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے ڈرگ ایڈیکٹس کو ضلعی انتظامیہ چمن کی کوششوں سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ انھیں کوئٹہ میں ڈرگ ایکٹ سنٹر میں داخل کرائیں گے اس موقع پر لیویز افسر نے کہا کہ ضلع کو ہر قسم کی برائیوں سے پاک کرنے کیلئے خاص کر منشیات اور نشے کے عادی مریضوں سے ہر حال میں پاک کرایا جائے گا اس موقع پر لیویز فورس نے تمام پکڑے گئے نشے کے عادی مریضوں کو سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کویٹہ کے حوالے کئے۔ انھیں ڈرگ ایکٹ رہیبیلیٹیشن سنٹر مشرقی بائی پاس میں داخل کرائیں گے

خبرنامہ نمبر6937/2025
کوئٹہ20 ستمبر2025: ضلعی انتظامیہ نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں پرائس کنٹرول، ممنوعہ پلاسٹک بیگز، قصابوں، دودھ فروشوں اور تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں کیں۔انتظامیہ کی جانب سے 87 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، 13 افراد گرفتار اور 5 کو جیل منتقل کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 125 کلو گرام پلاسٹک تھیلے ضبط، 5 دکانیں سیل اور 13 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئےیہ کاروائیاں اسپنی روڈ، بروری روڈ، سریاب روڈ، گوالمنڈی چوک، میزان چوک، جان محمد روڈ، کواری روڈ، عالمو چوک، کچلاک بازار، نواں کلی، برما ہوٹل، مشرقی بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سٹی) لیاقت علی جتوئی نے عدالت روڈ، مسجد روڈ اور قندہاری بازار میں دودھ فروشوں اور پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں کیں۔اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سریاب) عزت اللہ نے سریاب روڈ پر پرائس کنٹرول اور پلاسٹک بیگز بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) احسام الدین کاکڑ نے قصابوں اور پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (صدر) حسیب سردار نے نواں کلی، جناح ٹاؤن اور عالمو چوک میں کارروائیاں کیں۔ضلعی انتظامیہ کی عوامی سہولت اور قانون کی عملداری کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر6938/2025
چمن 20 ستمبر 2025:
اے سی چمن امتیاز علی بلوچ نے شہر کی مختلف دکانوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں معیار صفائی ستھرائی چیک کیں اس دورے کے دوران انکے ہمراہ نائب تحصیلدار احمد خان اور لیویز فورس کے اہلکاران بھی موجود تھے انہوں شہر کی مختلف دکانوں میں آٹے اور جنرل سٹوروں میں قیمتیں معیار اور صفائی ستھرائی چیک کیں۔
اس موقع اے سی چمن نے کہا کہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور خودساختہ قیمتیں مقرر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے جنرل سٹوروں میں مشروبات اور دیگر اشیاء کی مقررہ تاریخ فروخت اور معیار کا جائزہ لیا انہوں نے دکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سیفثی پریکاشنز اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے آٹا ڈیلروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق
مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر من مانی کرنے والے دکانداروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 6939/2025
لورالائی 20ستمبر2025: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کے احکامات پر ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کے ہدایات پر ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کے زیرنگرانی ایس ایچ او تھانہ شہید محمداشرف ترین سٹی لورالائی محمد انور جلالزئی اور سی آئی اے انچارج لورالائی انسپکٹر ہمایوں ناصر کے سربراہی میں ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد خان باتوزئی، اے ایس آئی گلا نور ناصر، اے ایس آئی محمد خان جعفر اور پولیس ایگل سکواڈ، سی آئی اے ٹیم کی مختلف کاروائیا ں سی ائی اے انچارج لورالائی انسپکٹر ہمایوں ناصر کے سربراہی میں سی آئی اے ٹیم نے پہلےکاروائی کرتے ہوے کار گاڑی سے 51 کلو تاریاک (آفیون) برآمد کرلیا دو ملزمان عزیزاللہ ولد نصراللہ. سیف اللہ ولد رحمت اللہ قوم نورزئی ساکن چمن گرفتار کر لیا دوسری کاروائی میں مشہور منشیات فروش عبدالواسع ولد ملا غنی قوم لونی ساکن نزد کبابش ہوٹل جنکے قبضے سے ایک کلو 10 گرام چرس برآمد کرلیا۔درج بالا ملزمان کیخلاف کنٹرول آف نارکوٹیکس کا مقدمہ درج کرلیا۔لورالائی پولیس ایس ایچ او تھانہ شہید محمداشرف ترین سٹی محمد انور جلالزئی کے سربراہی ایڈیشنل ایس ایچ او محمد خان باتوزئی اور پولیس ایگل سکواڈ ٹیم نے مختلف کاروائیوں کی پسٹل کے زور پر موٹرسائیکل چھینے والے گروہ
حبیب الرحمن ولد انور جان قوم لونی ساکن زنگیوال
لعل محمد عرف واحد عرف لالئی قوم لونی ساکن شاہ کاریز لورالائی کو گرفتار کر لیا جنکے قبضے سے چھینا گیا موٹرسائیکل CG125 اور پسٹل برآمد دوسری کاروائی میں شہر سے موٹرسائیکل چوری کرنے والے چورنذر محمد ولد عبدالحکیم ساکن شاہ کاریز گرفتار قبضے سے 2 موٹرسائیکل برآمدمحمد اعظم عرف جانان ولد نور محمد قوم بابوزئی ساکن اوریاگی لورالائی گرفتار قبضے سے دو چوری شدہ موٹرسائیکل برآمدگرفتار آفراد کیخلاف چوری اور ڈکیتی کے مقدمات درج
لورالائی پولیس نے بوائز ماڈل ہائی سکول لورالائی سے چوری شدہ کمپیوٹر ایل اے ڈی وہ دیگر سامان بھی برآمد کرلیا اور چوروں کو گرفتار کر لیا سی آئی اے لورالائی نے ایک اور کاروائی میں لورالائی شہر میں فحاشی کے غرض سے آنے والے گروہ اور انکے سہولت کار کو گرفتار اور انکے خیلاف فحاشی پھیلانے کی مقدمہ درج کرلیا اس سے پہلے لورالائی پولیس نے ایس ایچ او محمد انور جلالزئی کے سربراہی میں ایک پیک اپ گاڑی سے 790 کلو تاریاک (19من)آفیون برآمد کرلیا تھا اور دوسری کاروائی میں لورالائی پشین رکھنی سے کار گاڑیان پسٹل کے زور پر چھینے والے گروہ کے ریحان ولد محمد آصف ساکن قلعہ سیف اللہ کو گرفتار جنکے رکھنی اور پشین سے چھینی گئی گاڑیاں بھی برآمد کرلیا اور پشین سے چوری شدہ گاڑی پشین لیویز کے حوالے کردیا
تم گرفتار افراد کیخلاف کنٹرول آف نارکوٹیکس، بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے، چوری، ڈکیتی، اور فحاشی کے مقدمات درج کرلیا مزید تفتیش پولیس کررہی ہے

خبرنامہ نمبر6940/2025
موسیٰ خیل 19 ستمبر 2025:
ضلع موسیٰ خیل میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت۔ آج ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) بلال شبیر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبداللہ جان نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں چھ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو ان کے تقرری نامے (تعیناتی آرڈر) تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کا ستون ہے، اور حکومت تعلیم کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے رہی ہے۔ انہوں نے نئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ قومی فریضہ سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور طلباء کی اخلاقی و تعلیمی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبداللہ جان نے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری سے ضلع کے تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نئے اساتذہ اپنی قابلیت اور لگن سے ضلع کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

خبرنامہ نمبر 6941/2025
لورالائی20ستمبر2025: ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے کہا کہ افغان مہاجرین انخلا کے حوالے سے وفاقی وصوبائی حکومت کی پا لیسی کے عین مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھر پور عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مہاجرین اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے کیونکہ تمام فغان مہاجرین کی عزت نفس کا خیال رکھنا اور مکمل تعاون فراہم کرنا صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کا وژن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس لورالائی کے کانفرنس حال میں ٹرانسپورٹ یونین،افغان مہاجرین کے متعبرین اور ضلعی انتظامیہ لکاروں کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کیا انہوں نے مذید کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی رضا کارانہ واپسی اور ڈی پورٹیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں ایا ہےضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں قانون کی بالادستی،سیکیورٹی خدشات اور قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوۓ کی جارہی ہیں چمن بارڈر پر واپس جانے والوں کی سہولیات کے لیے امدادی کیمپس رجسٹریشن پوائنٹس اور ٹرانسپورٹ سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے بتایا کہ افغان مہاجرین کو مکمل انسانی ہمدردی اور اسلامی بھائی چارے کے تحت ان کے وطن روانہ کر رہے ہیں ہر فرد کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ اپنایا جا رہا ہے عارضی قیام گاہوں، کھانے پینے کی اشیاء، طبی سہولیات اور نقل و حمل کے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے حکومت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ہم چاہتے ہیں کہ یہ عمل پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور دیگر ادارے اس عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں میران بلوچ نے مقامی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ اس عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہوضلعی سطح پر قائم کیے گئے ٹرانزٹ کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مہاجرین کو سہولیات دی جارہی ہیں اور ان کی باعزت واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے

خبرنامہ نمبر6942/2025
کوئٹہ 20 ستمبر2025:۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے سب ڈویژن (سٹی) میں سی اینڈ ڈبلیو ڈپارٹمنٹ کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین سی اینڈ ڈبلیو نوشیروان محمد شہی نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو تمام جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مائنز اینڈ منرل کمپلیکس کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، جس میں آرٹ گیلری، ریسٹ ہاؤس، ہال اور دیگر شعبہ جات شامل تھے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹوریٹ آف وومن ڈویلپمنٹ کے جاری منصوبوں کا معائنہ کیا، جہاں ایکسین سی اینڈ ڈبلیو نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے فرانزک لیبارٹری کے قیام کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور اس کے تمام سیکشنز کا دورہ کیا۔اس دوران ایکسین سی اینڈ ڈبلیو نے ترقیاتی منصوبوں میں حائل مختلف مسائل کی نشاندہی کی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے جاری منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ تمام منصوبے شفافیت کے ساتھ مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر منصوبوں کی تکمیل کے دوران کوئی بھی مشکل پیش آئے تو ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر رابطہ کیا جائے تاکہ مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ ترقیاتی اسکیمات کی بروقت تکمیل نہ صرف عوام کو سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ترقی میں بھی اضافہ کرے گی۔

خبرنامہ نمبر6943/2025
کوئٹہ، 20 ستمبر2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر انہوں نے نہ صرف بطور والد اس قومی صحت مہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے بلکہ بطور رہنما قوم کو یہ یقین بھی دلایا ہے کہ ہماری بیٹیوں کی صحت سب سے مقدم ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت کا یہ اقدام ویکسین کے خلاف ہر منفی پراپیگنڈے کا بہترین جواب ہے اور اس سے عوام کو حوصلہ اور اعتماد ملے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کے فروغ کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت قابلِ فخر ہے اور ان کے عملی اقدامات اس عزم کی غمازی کرتے ہیں کہ قوم کی آئندہ نسلوں کو صحت مند مستقبل دیا جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بچوں کو ویکسین لگوانا نہ صرف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ ایک محفوظ اور صحت مند معاشرے کی بنیاد بھی ہے میر سرفراز بگٹی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر6944/2025
قلات 20ستمبر2025:
آل قلات شہید میر عبدالخالق لانگو لیدربال کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتامی میچ میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ نےبطور مہمان خاص شرکت کی اور کوئنگ اسپورٹس کرکٹ کلب کی جانب سے کھلاڑی کے طورپر شامل ہوئے اورشاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے اختتام تک ناٹ آوٹ رہے کیپٹن جمیل بلوچ نے وننگ شاٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کوئنگ اسپورٹس کرکٙٹ کلب کے نام کردیا شائقین کرکٹ اورقلات کے شہری لطف اندوزہوئے ڈی سی قلات نے اختتامی تقریب کے موقع پر ٹورنامنٹ کی ونراوررنر ٹیموں کے کپتانوں میں ٹرافی اورشیلڈتقسیم کیں ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ اورنوجوانوں کی حوصلہ افزائ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے انیوں نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اوراسپورٹس کی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اسپورٹس کلبز کے تعاون سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات کررہی یے بحیثیت ڈپٹی کمشنر وہ اسپورٹس سے وابستہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی یرممکن حوصلہ افزائ کرینگے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ سے علاقے صوبے اورملک کا نام روشن کریں ۔

خبرنامہ نمبر6945/2025
گوادر۔ 20 ستمبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی قیادت اور جی ڈی اے کے شعبہ واٹر کی دن رات محنت کے بعد شادی کور ڈیم سے پانی کی سپلائی جی ڈی اے کی مین ٹرانسمیشن لائن میں شروع ہوگئی ہے۔ تقریباً 83 کلومیٹر طویل اس پائپ لائن کو ساڑھے تین سال بعد فعال بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں روزانہ 20 لاکھ گیلن پانی سسٹم میں شامل ہو رہا ہے، جو شہر میں پانی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے سائیٹ پر پہنچ کر سپلائی کے شروع ہونے کا جائزہ لیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ، سائٹ انجینیئر کامران بھی ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ گوادر میں گزشتہ پونے دو سال سے بارشیں نہ ہونے کے باعث آنکاڑہ ڈیم گزشتہ چار ماہ سے خشک ہو چکا ہے جبکہ سوڈ ڈیم بھی خشک ہونے کے قریب ہے۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے فوری اقدامات کے تحت شادی کور ڈیم پائپ لائن کو بحال کیا، جس سے اب دو ملین گیلن پانی یومیہ سپلائی ہو رہا ہے۔ پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے سنٹسر بورنگ سسٹم اور جی پی اے ڈیسالینیشن پلانٹ کو مکمل کیپسٹی کے ساتھ فعال کرنے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ امید ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

خبرنامہ نمبر6946/2026
سبی 20 ستمبر2025:
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ کی ٹیم کے ہمراہ قومی شاہراہ این-65 پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک اور موٹروے وہیکل آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران ویگن، شہزور، ٹرالرز، گڈز وہیکلز اور گیس باؤزرز سمیت مختلف گاڑیوں کے روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر قانونی دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔ دستاویزات میں کمی یا خلاف ورزی پائی جانے پر متعدد ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ مزید برآں اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں، غیر قانونی جنگلے لگانے، مسافروں کو چھت پر بٹھانے اور دیگر خطرناک اقدامات کے خلاف بھی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران متعدد ڈرائیورز کو سخت وارننگز جاری کرتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ وہ متعلقہ محکمے سے بروقت روٹ پرمٹ حاصل کریں ورنہ مزید سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے واضح کیا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ اور قومی شاہراہ پر محفوظ سفری سہولتیں یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز باقاعدگی سے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوور لوڈنگ اور قوانین سے انحراف کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔