خبرنامہ نمبر 6738/2025
کراچی، 14 ستمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کے روز ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولہ کی عیادت کے لئے گولہ ہاؤس کراچی پہنچے، وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر سردار کوہیار خان ڈومکی، رکن بلوچستان اسمبلی زرک مندوخیل، سندھ اسمبلی کے رکن امتیاز احمد شیخ، مقبول احمد شیخ، فیاض شیخ اور میر آفتاب خان بگٹی بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے محترمہ غزالہ گولہ کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی خدمت میں پھول پیش کیے وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ غزالہ گولہ کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے انہوں نے کہا کہ غزالہ گولہ نہ صرف بلوچستان اسمبلی بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کی پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی ایک روشن سیاسی روایت کی عکاسی کرتی ہے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یاب فرمائیں تاکہ وہ عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری رکھ سکیں اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کے رفقاء کی آمد اور مزاج پرسی کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر 6739/2025
کوئٹہ، 14 ستمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ یہ عوام کے اعتماد، شمولیت اور مساوات پر مبنی طرزِ زندگی کا نام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ جمہوریت کی اصل روح عوامی شمولیت، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور اداروں کی بالادستی میں پوشیدہ ہے۔ ایک صحت مند جمہوری معاشرہ تب ہی تشکیل پا سکتا ہے جب ہر شہری کو برابر کے مواقع میسر ہوں اور فیصلے عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جائیں۔ مشیر محنت و افرادی قوت نے مزید کہا کہ معاشرتی انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی وہ ستون ہیں جن پر ایک مضبوط اور دیرپا جمہوری نظام استوار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی طاقت سے وجود میں آتی ہے۔ اگر عوام کا اعتماد اور شمولیت قائم رہے تو جمہوریت نہ صرف مضبوط ہوتی ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بھی بنتی ہے۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم جمہوری اقدار کے تحفظ، عوامی شراکت داری کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ایک منصفانہ اور پائیدار جمہوری کلچر پروان چڑھ سکے۔
خبرنامہ نمبر 6740/2025
لورالائی؛14ستمبر 2025 کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے وژن،کوالٹی ایجوکیشن، مڈل سٹینڈرڈ، ثانوی و اعلی ثانوی امتحانات 2025-2026 کی تیاری کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمحمد مدثرکے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے آج درج ذیل سکولز ہیڈ اور اسٹاف کے ساتھ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) فوزیہ درانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹیو شن کلاسز اساتذہ کی نامینیشن کے لئے ہیڈ مسٹریسز نے بھرپور تعاون کا اظہار کیا جس کے لئے بے حد مشکور ہیں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کینٹ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیشن کورٹ گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پہاڑ ی محلہ انشاء اللہ فوری طور پہ ٹیوشن کلاسز کا انعقاد یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔اجلاس کا بنیادی ایجنڈا کلاس ہشتم، نہم اور دہم کے طلباء و طالبات کے لیے سیکنڈ ٹائم رضاکارانہ ٹیوشن مراکز کے قیام اور ان کی مؤثر تنظیم و نگرانی پر مبنی تھا۔ اجلاس میں تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف عملی تجاویز زیرِ غور آئیں، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایسے اضافی تعلیمی مراکز کمزور طلبہ کو خصوصی رہنمائی فراہم کریں گے اور امتحانی نتائج میں بہتری کا باعث بنیں گے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں صبح کے اوقات میں تعلیمی نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ شام کے وقت رضاکارانہ بنیادوں پر ٹیوشن کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔ ان کلاسز کا مقصد کمزور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا اور انہیں بورڈ امتحانات کی بہتر تیاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ کہا ”ہمیں تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ سرکاری اسکولوں کے طلبہ طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مشن اور ویژن ہے۔ بورڈ کے امتحانات میں ہمارے طلبہ کو پہلی پوزیشنز حاصل کرنی چاہئیں۔ سرکاری اساتذہ کو اس اہم قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔”اس سے طلباء کے ٹیلنٹ میں اضافہ ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 6741/2025
کوئٹہ14ستمبر۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم جنوبی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم جنوبی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلم باغ میں 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 6742/2025
اقوام متحدہ کے ادارہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے گریسپ (GRASP) پروجیکٹ کے تحت ضلع کیچ میں کھجور کے کاشتکاروں کے لیے کھجور کی گھٹلی نکالنے والی مشینوں کی تقسیم کے سلسلے میں تربت میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں گریسپ (GRASP) پروجیکٹ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آغا صادق علی کی کوششوں سے کسانوں کو کھجور کی گھٹلی نکالنے والی جدید مشینیں فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عارف کریم، زراعت آفیسر نادل شاہ، بہرام خان، ایف اے او کے نمائندہ رضوان اور اخلاق احمد سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔مزید برآں، ایف اے او کے ڈاکٹر ستار کی کاوشوں سے مال مویشی پالنے والے کسانوں میں چارے کے بیج، دودھ و مکھن کو محفوظ رکھنے کے آلات اور مکھن بنانے کی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ضلع کیچ میں کسانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور لوگوں کو متبادل روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔
خبرنامہ نمبر 6743/2025
کوئٹہ (14 ستمبر.سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ کی ہدایت اور سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (پی ٹی اے) بلوچستان وحید شریف عمرانی کی نگرانی میں صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، بین الصوبائی اور عبوری روٹ کی بسوں کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرک، آئل ٹینکرز، کم عمر ڈرائیورز اور بغیر روٹ پرمٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی اے بلوچستان اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) نے طور ناصر کراس کے مقام پر مشترکہ چیکنگ کی اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 55 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 12زیادہ بھری ہوئی ویگنیں /بسیں,05سرچ لائٹس جبکہ 6 بغیرفٹنس سرٹیفکیٹ اور 17روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی اور 02چھت پر مسافر بٹھانے والی گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر موقع پر چالان کئے گئے۔اس موقع پر سیکریٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بدانتظامی کو بھی بڑھاتی ہے۔ پی ٹی اے بلوچستان اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس مشترکہ طور پر ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔ اوور لوڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر روٹ پرمٹ یا فٹنس سر ٹیفکیٹ کے گاڑی چلانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور باقاعدہ رجسٹرڈ ٹرانسپورٹ ملے۔ اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔
خبرنامہ نمبر 6744/2025
تربت 14 ستمبر:لیویز فورس نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 65 کلوگرام شیشہ (آئس) برآمد کر لیا۔ کارروائی ہیرونک چیک پوسٹ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب لیویز اہلکاروں نے ایک مشکوک زمباد گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ لیویز فورس نے بروقت تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کی جس کے باعث گاڑی رک گئی، تاہم ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا گاڑی کی تلاشی کے دوران 65 کلوگرام شیشہ برآمد ہوا، جسے قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے لیویز فورس کی بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں مزید سختی کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6745/2025
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی ہدایت پر محکمہ صحت کا وفد کوئٹہ کے سنٹرل جیل (ہدا جیل) میں جاری میڈیکل اسکریننگ کیمپ کا جائزہ لینے پہنچا۔ وفد کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری صحت بلوچستان ثاقب کاکڑ نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ صوبائی کوآرڈینیٹر بلوچستان ہیلتھ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم ڈاکٹر ابابگر بلوچ اور صوبائی مینیجر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شیر افگن رئیسانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر جیل کے ایس پی جیل خانہ جات حمید اللہ بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر شیر افگن رئیسانی نے وفد کو کیمپ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا اور قیدیوں کی اسکریننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کیمپ میں قیدیوں اور جیل اسٹاف کی ٹی بی، ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی/ایڈز، ذہنی امراض سمیت 30 سے زائد بیماریوں کی تشخیص اور اسکریننگ کی جا رہی ہے۔وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ پیر 15 ستمبر کو باضابطہ طور پر اسکریننگ کیمپ کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد یہ مہم بلوچستان بھر کے تمام جیل خانہ جات میں باقاعدگی سے شروع کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 6746/2025
کوئٹہ 14 ستمبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری نصف سے زائد آبادی پر مشتمل خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں جنکی صلاحیتوں اور شراکت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بااختیار خواتین پہلے ہی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں لیکن ہم انھیں مزید بااختیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں. مرد اور عورت دونوں کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس ہم آہنگی سے نہ صرف خواتین بلکہ پورے معاشرے کو فائدہ پہنچے گا۔ ایرانی کلچرل سینٹر کی جانب خواتیں کو بااختیار بنانے کی تقریب لائق تحسین ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک ریپبلک آف ایران کے کلچرل سینٹر کے زیر اہتمام ” وویمن ایمپاورمنٹ ایکسپو 2025 ” کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری فیشریز حاجی برکت علی رند، نگران، رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ، سابق وفاقی وزیر رحمت اللہ کاکڑ، نگران ایرانی قونصل جنرل آغا شائقی، ڈائریکٹر جنرل ایرانی کلچرل سینٹر ابوالحسن میری اور ارسلان فیاض سمیت خواتیں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں. جسطرح ایران نے اسرائیل کا جرآت مندانہ مقابلہ کیا، اسی طرح پاکستان نے بھی بھارت کو صرف تین دن کے اندر اپنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ اب اسرائیل اور بھارت دونوں کو کسی بھی مسلمان ملک پر حملہ کرنے سے پہلے ضرور کئی بار سوچیں گے۔ انہوں نے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی یہ تقریب دراصل ایک عادلانہ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے اہم پہلو کو اجاگر کرتی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی اصطلاح یہاں محض رسمی حقوق دینے سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ خواتین کو روایتی احترام دینے سے زیادہ انھیں مساوی انسان کے طور پر تسلیم کرنے کے بارے میں ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ زندگی کے شعبوں میں خواتین کی نمائندگی اور شرکت کو یقینی بنائیں۔ ہمیں یقین ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے نہ صرف مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ یہ ہمیں پورے معاشرے کو بااختیار بنانے کے قابل بنائیں گے۔ ہمارا وژن ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر عورت عزت، احترام اور مساوی حقوق کے ساتھ رہ سکے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خواتین کی جانب لگانے گیے اسٹالز کا معائنہ کیا، ان کی بنائے گئے ثقافتی پروڈکٹس میں دلچسپی لی اور ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا. اختتامی تقریب کے آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین او مہمانانِ گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے.
خبرنامہ نمبر6747/2025
زیارت 14ستمبر:ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑاور اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیر شاہ غلزئی کی ہدایت پر رسالدار ہیڈکوارٹر سنجاوی نورالدین غرشین نے سنجاوی کے علاقے وچ ونی میں کاروائی کرتے ہوئے افغان مہاجر جمعہ خان ولدولی خان کو پورے خاندان سمیت گرفتار کرتے ہوئے افغانستان بھیج دیا کاروائی کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے اس موقع پرنائب رسالدار نورالحق غرشین نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری رہے گا اس سلسلے میں کسی سے بھی رعایت نہیں کی جائے گی قانون کی بالادستی کے لیے آئندہ بھی ایسی کاروائیاں جاری رہے گی.
خبرنامہ نمبر6748/2025
پشین۔14 ستمبر:ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے غیر قانونی و غیر ملکی باشندگان کی وطن واپسی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت 31 اگست کو ختم ہو گئی ہے لیکن اب بھی افغان باشندے وطن واپسی کے لیے آمادہ نہیں ہیں،تاہم حکومت کی طرف سے ان افراد کے خلاف سرچ آپریشن کرنے اور ان کی ہر صورت وطن واپسی کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے،کیونکہ یہ غیر ملکی افراد دہشت گردی،منشیات کی سمگلنگ اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے باعث ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں،اور اس بابت حکومت کے پاس شواہد بھی موجود ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی ملک بدری کوئی امتیازی یا غیر منصفانہ فیصلہ نہیں بلکہ ایک ناگزیر ضرورت ہے،ایک طرف پاکستان چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر چکا ہے،دوسری طرف اب ہمسایہ ملک افغانستان کے حالات بھی کافی بہتر ہو چکے ہیں،تاہم اب حکومت کا غیر قانونی افغان باشندوں کی ملک بدری کا فیصلہ بھی درست،بروقت اور قومی مفادات کے عین مطابق ہے،جو دیگر فوائد سمیت ملکی سلامتی اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا،ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کی جانب سے غیر ملکی باشندگان کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور خطرات سمیت غیر قانونی طور پر مقیم افراد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور مبینہ تعلق کی وجہ سے کیا گیا ہے،جو کہ اسلامی،بنیادی اور اخلاقی اصولوں کے منافی عمل سمیت طویل ریاستی مہمان نوازی اور افغانی روایات کی پامالی بھی ہے،ڈپٹی کمشنر نے اسلامی نکتہ نظر سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے وطن سے محبت ایمان کا تقاضا ہے،اسلام ہمیں نہ صرف والدین،رشتہ داروں اور ہمسایوں سے محبت کا درس دیتا ہے،بلکہ اپنے وطن اپنے علاقے اور اپنی سر زمین سے وفاداری اور محبت کو بھی دین کا حصہ قرار دیتا ہے،جبکہ نبی کریم کی احادیث مبارکہ میں مکہ المکرمہ سے والہانہ محبت کا اظہار اسی حب الوطنی کا ثبوت ہے،جبکہ تاریخ اسلام میں بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں،جہاں ہجرت کرنے والے مسلمانوں نے اپنے وطن واپس آکر اپنی زندگی بسر کی ہے، خاص طور پر فتح مکہ کے بعد جب مکہ میں امن قائم ہو گیا، ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ملک سے نکالنے کی پالیسی اگرچہ تمام غیر ملکیوں پر لاگو ہوتی ہے،لیکن افغانستان سے آئے لوگ صرف زیادہ تعداد کے اعتبار سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں،جبکہ پاکستانی ریاست اور عوام نے 40 برس سے زائد عرصے تک لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے،مگر افسوس کہ وہ اب بھی ریاست پاکستان پر بے بنیاد تنقید اور الزامات عائد کر رہے ہیں،جوکہ اصول مہمان نوازی،افغانی روایات،اسلامی اقدار اور ریاستی پالیسی کے منافی عمل ہیں۔
**
خبرنامہ نمبر6749/2025
کوئٹہ۔ 14 نومبر:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سلیم احمدکھوسہ نے سابق صوبائی وزیر مولوی غلام سرور کا سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر کے ساتھ سرکاری امور پر ایسے نامناسب اور ا فسوسناک رویے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولوی سرور خود ایک وزیر رہے ہیں اُن کو سرکاری امور کا بخوبی علم ہے لیکن جس طرح وہ ایک سینئر سرکاری افسر کے دفتر میں داخل ہو کر بدزبانی اور گالم گلوچ کی وہ انتہائی قابل مذمت ہیاور اس کی ہر فورم پر مذمت ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض کی انجام دئی میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کسی بھی فرد کو اجازت نہیں دی جائینگی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ مولوی سرور موسیٰ خیل کے اس عمل کے خلاف تمام تر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
خبرنامہ نمبر6750/2025
ہرنائی14ستمبر: آج ڈسٹرکٹ کمپلکس ہرنائی میں لیویز دربار کا اہتمام کیا گیا۔ اور مذکورہ لیویز دربار کا انعقاد ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی زیرصدارت ہوا۔ جسمیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی، تحصیلدار ہرنائی سمیت تمام لیویز تھانوں، چیک پوسٹوں اور چوکیوں کے انچارجز اور لیویز فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر دربار میں لیویز ملازمین سے ان کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی، لیویز فورس کے جوانوں نے مختلف تھانوں اور چوکیوں میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف مطالبات پیش کیں، ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے تمام مطالبات پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور تمام لیویز تھانوں، چوکیوں اور چیک پوسٹوں کے لیے اسلحہ، یونیفارم، ٹارچ، سولر پینلز اور بیٹریاں فراہم کرنے کے احکامات دیے۔ امن و امان کی حالیہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آخر میں لیویز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اسنیپ چیکنگ کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چوکس رہیں،انہوں نے کہا کہ لیویز اور نے امن وامان میں ہمیشہ ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے، اور آگے بھی یہی امید ہے کہ وہ ہر صورت میں علاقے میں امن وامان کو بحال رکھیں گے۔ ہم لیویز میں کھاتہ سسٹم نہیں چاہتے ہیں۔اگر کوئی اس میں ملوث پایا گیا۔ تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ لیویز علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے چوبیس گھنٹے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ کسی کو علاقے کا امن خراب کرنے کی احازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے علاقے کی عوام سے بھی اپیل کی کہ لیویز آپ کی فورس ہے، اگر آپ کو روکنے کا اشارہ کرے، اور آپ کی شناخت کا پوچھیں تو برا نہ منائیں، اور ان کو اپنی شناخت کرائیں، آپ کے تعاون سے ہی بہت سارے مسائل حل ہونگے۔