خبرنامہ نمبر 2631/2025 سینٹ پیٹرزبرگ، 19 اپریل: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اپنے ہم منصب گورنر سینٹ پیٹرزبرگ الیگزینڈر بیگلوف (Alexander Beglov) اور گورنر لینن گراڈ اوبلاسٹ ریجن (Aleksandr Drozdenko) سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جو بلوچستان اور سینٹ پیٹرزبرگ کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے ہائیر ایجوکیشن، انفراسٹرکچر، سائنس اینڈ کمیونیکیشن میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پورے خطے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں گوادر کی گہری سمندری بندرگاہ کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے علم کے اشتراک کو فروغ دینے کیلئے پروفیسرز اور طلباء کیلئے اکیڈمک ایکسچینج پروگرام کو لازمی قرار دیا۔ عوام سے عوام کے تعلقات بنانے اور ثقافتی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے گورنر مندوخیل نے بلوچستان میں ایک روسی زبان کے مرکز اور سینٹ پیٹرزبرگ میں بلوچی زبان کے مرکز کے قیام کی تجویز پیش کی۔ دونوں طرف سے رہنماؤں نے مستقبل میں تعاون اور ترقی کے سلسلے کو جاری رکھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
خبرنامہ نمبر 2632/2025
کوئٹہ 19 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دُکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ریاستی ادارے پوری طرح متحرک اور پرعزم ہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سابق ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2633/2025
کوئٹہ 19 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پالیسی متعارف کرائی جارہی ہے جس کا مقصد سوشل میڈیا کو تعمیری مقاصد کے لیے استعمال میں لانا اور نوجوانوں کی درست رہنمائی کو یقینی بنانا ہے یہ بات انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے ملاقات کے دوران کہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دورِ حاضر میں سوشل میڈیا کی طاقت سے انکار ممکن نہیں، تاہم اسے منفی پروپیگنڈے کا ذریعہ بنانے کی بجائے بہتری کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور آگاہی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست سب سے مقدم ہے اور گورننس میں خامیوں کی نشاندہی خوش آئند امر ہے حکومت مثبت تنقید کو قبول کرے گی اور اصلاحاتی عمل کو مزید تقویت دے گی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا صارفین کے تحفظات اور تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کی مثبت تصویر اجاگر کریں اور معاشرتی ہم آہنگی و قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق پالیسی سازی ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ سوشل میڈیا کو مؤثر اور مثبت ذریعہ بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2634/2025
کوئٹہ 19 اپریل 2025: صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو ایک جان لیوا اور مہلک مرض ہے جس سے مستقل نجات صرف اور صرف مسلسل اور جامع حفاظتی اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اسکے سدباب کے لیے ہمیں مشترکہ کوششیں کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نومولود بچوں سے لے کر پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا نہ صرف ایک طبی ضرورت ہے بلکہ یہ ایک قومی فریضہ بھی ہے جس میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے صوبہ بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کہا کہ حکومتِ بلوچستان وفاقی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اور مربوط کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہمات میں شامل رضاکار اور محکمہ صحت کی ٹیمیں نہایت جذبے اور لگن کے ساتھ کام کر رہی ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ ہر پلایا گیا قطرہ ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ایک بھی بچہ اگر پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتا ہے تو یہ نہ صرف اُس کی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خلاف جنگ صرف محکمہ صحت کی نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی اجتماعی جدوجہد ہے۔ اس مشن میں والدین، اساتذہ، علما کرام، میڈیا نمائندگان، سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سمیت پورا پاکستان پولیو فری ہوگا، لیکن اس کے لیے سنجیدہ عزم، بھرپور آگاہی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم کے فیلڈ ورکرز، رضاکاروں، اور صحت عامہ کے تمام اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ قومی ہیرو ہیں، جو ہر موسم، ہر مشکل اور ہر چیلنج کے باوجود بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے میدان عمل میں موجود رہتے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 2635/2025
خضدار 19 اپریل:ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کے ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار کی کاروائی ماحولیاتی آلودگی کاباعث بننے والی 10 ماربل فیکٹریز سیل اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ نے عوامی شکایت پر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے فیکٹریوں کے خلاف لیویز فورس کے ہمراہ قانون تحفظ ماحولیات 2000کی دفعہ 15(2) کے تحت 10 فیکٹریوں کوسیل کردیا۔اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ نے تمام ماربل فیکٹریوں سے محکمہ ماحولیات اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دیے گئے این او سی طلب کی اکثر و بیشتر فیکٹری عملہ موقع پر این او سی پیش نہ کرسکے جبکہ کچھ فیکٹریوں کے این او سی کئی سالوں سیایکسپائر ہوئے تھے جسکی بنا پر 10 فیکٹریوں کو سیل کردیا گیااس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار نے کہا کہ جن کے پاس این او سی ہیں وہ پیش کریں جن کے این او سی کے میعاد ختم ہوئے ہیں وہ ڈی جی ماحولیات سے این او سی حاصل کریں بصورت دیگر فیکٹریز سیل ہی رہے گے۔
خبرنامہ نمبر 2636/2025
دالبندین: ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنعم نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر شیر محمد اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ والدین سے خصوصی اپیل کی گئی کہ وہ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر اس مہلک بیماری سے بچائیں مہم کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
خبرنامہ نمبر 2637/2025
پنجگور 19 اپریل: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خدابدان پنجگور میں ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر پروفیسر برکت اسماعیل اور اسسٹنٹ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر شریف شمبرزئی جانب سے بی ایس اور اے ڈی پی پروگرامز سے منسلک کوآرڈینیٹرز، کنٹرولرز، شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذہ کے لیے ایک اہم تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا تربیتی سیشن کی میزبانی کالج کی پرنسپل پروفیسر فرزانہ حمید اور ان کی ٹیم نے کی۔ تربیت کا مقصد بی ایس اور اے ڈی پی کورسز کی مؤثر نگرانی، امتحانی ضوابط، نتائج کی تیاری اور تدریسی ذمہ داریوں کی بہتر تفہیم فراہم کرنا تھا۔مدرسات محترمہ ہما اکبر اور محترمہ عزیزہ نے اہم موضوعات پر معلوماتی پریزنٹیشنز دیں، جبکہ سوال و جواب کی نشست میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا پروفیسر فرزانہ حمید نے ڈی ایم او مکران پروفیسر برکت اسماعیل اور اے ڈی ایم او پروفیسر شریف شمبزئی سمیت تمام ماہرین تعلیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کی تربیتیں اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں تربیتی ورکشاپ کامیاب رہی اور اساتذہ کی علمی و انتظامی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ مستقبل میں ایسے پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھنے اور فیڈبیک سسٹم کے قیام کی تجویز دی گئی ہے
خبرنامہ نمبر
2638/2025
پنجگور 19باپریل: ڈپٹی کمشنر زاہد احمد لانگو سے پروم سے تعلق رکھنے والے کا ایک نمائندہ وفد نے چیئرمین رسول جان، حاجی سلیمان، اور عارف صالح ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد جیرک بارڈر پر جائین اور ریش پیش علاقوں کے عوام کو سرحد پار تجارت و آمدورفت سے روکنے کے معاملے پر بات تبادلہ خیال ہوا وفدنے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کا ذریعہ معاش بارڈر سے جڑا ہوا ہے، اور ان کی نقل و حرکت پر پابندی نہ صرف معاشی مشکلات پیدا کر رہی ہے بلکہ علاقے میں بے چینی اور احساس محرومی کو بھی جنم دے رہی ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ مقامی باشندوں کو بارڈر تک رسائی دی جائے ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے بات کرکے اس مسئلے کا پُرامن اور قابلِ قبول حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
خبرنامہ نمبر 2639/2025
تربت/مند 19 اپریل:پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز حاجی برکت رند کی کاوشوں سے انٹر کالج مند کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت اس سلسلے میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز، حاجی برکت رند کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں طویل عرصے سے غیر فعال انٹر کالج مند کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کالج کے لیے پرنسپل، نائب قاصد اور چوکیدار کی تقرری عمل میں آ چکی ہے، جبکہ تدریسی سرگرمیوں کا جلد آغاز متوقع ہے محکمہ تعلیم بلوچستان کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطوں کے بعد گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت کے سینئر لیکچرر جناب نجیب گل کو پرنسپل تعینات کر دیا گیا ہے۔ مزید عملے کی تعیناتی کے لیے بھی باضابطہ سفارشات پیش کی جا چکی ہیں۔حاجی برکت رند نے کہا ہے کہ تمام تقرریاں مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی تاکہ ادارے کا معیار بلند ہو۔ عوامی حلقوں نے ان کے اس اقدام کو تعلیمی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔
خبرنامہ نمبر 2640/2025
تربت 19 اپریل: تربت ٹیچنگ ہسپتال میں 28 بستروں پر مشتمل جدید آئی سی یو کے قیام پر کام آخری مراحل میں ہے اور آئندہ ایک ماہ میں مکمل فعال ہونے کا امکان ہے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے جاری کام کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ شعبہ جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت ہسپتال میں 8 بستروں کا عارضی آئی سی یو فعال ہے، جبکہ نئے یونٹ میں نیورو سرجری کے لیے 8 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ بھی شامل ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر سجاد بزدار کریں گے۔ ڈاکٹر بلیدی نے بتایا کہ ایم پی اے مینا مجید کی جانب سے منصوبے کے لیے 1.5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تربت سمیت گرد و نواح کے عوام کو مقامی سطح پر معیاری اور فوری طبی نگہداشت میسر آئے گی.
خبرنامہ نمبر
2641/2025
تربت 19 اپریل2025: ضلع کیچ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جہاں روزانہ درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے۔ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات سے بچانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے پی ڈی ایم اے مکران کو ہدایت دی کہ انجمن تاجران تربت کو فوری طور پر 10 واٹر کولرز فراہم کیے جائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے مکران، ریحان دشتی نے انجمن تاجران کے چیئرمین نثار آدم جوسکی اور اسحاق روشن دشتی کو واٹر کولرز فراہم کیے، جو شہر کے مصروف مقامات پر رکھوائے جائیں گے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عوام دوست اور بروقت فیصلہ ہے جو گرمی کے دنوں میں بڑی سہولت فراہم کرے گا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈا پانی پئیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں.
خبرنامہ نمبر 2642/2025
حب19اپریل:سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات عبدالفتح بھنگر نے ضلع حب لسبیلہ کا ایک روزہ دورہ کیا سیکرٹری جنگلات نے ڈپٹی کمشنر حب کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ضلع حب میں موجود محکمہ جنگلات کی اراضیات کی حد بندی و تحفظ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب نثارلانگو اور محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ افسر خلیل الرحمان کھوسہ تحصیلدار وندرسعیدشاہوانی تحصیلدارحب جہانگیرکاکڑ کنزرویٹرمقبول حسن دشتی ودیگرافسران شریک ہوئے سیکریٹری جنگلات نیڈپٹی کمشنرآفس کیسبزہ زارپر شحرکاری کی اور سونمیانی کی ساحلی پٹی میں قائم گرین بلوچستان پروجیکٹ کی پلانٹیشن سائیٹ کا دورہ کیا دورے کے موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر خلیل الرحمن کھوسہ اور گرین بلوچستان پروجیکٹ ڈام کیانچارج مقبول حسین دشتی نے سیکریٹری کو بریفنگ دی اس موقع پر سیکریٹری جنگلات نے احکامات جاری کئے کہ پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کی جائے اس موقع پرسیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات عبدالفتح بھنگرنیکہا کہ آنیوالی نسلوں کی بقاء اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے جنگلات کی شجر کاری اور درختوں کا تحفظ اہمیت کے حامل ہیں بلوچستان قدرتی وسائل اور منفرد خوبصورتی کی بدولت عالمی شہرت رکغتا یے گرین بلوچستان پراجیکٹ کی بدولت بلوچستان کی ساحلی پٹی کی خوبصورتی اورقدرتی ماحول برقرارکھنے میں مددملے گی۔
خبرنامہ نمبر 2643/2025
پنجگور 19 اپریل2025: ڈپٹی کمشنر پنجگور کے ایک اعلامیہ کے مطابق ضلع پنجگور کے تمام عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی ہدایت کی روشنی پر ڈپٹی کمشنر پنجگور کی زیرِ صدارت ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کھلی کچہری بروز اتوار، مورخہ 20 اپریل 2025 کو صبح 11:00 بجے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پنجگور میں منعقد ہو گی۔اس کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل سننا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔ عوام الناس، شہریوں، معززین علاقہ اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان سے گزارش ہے کہ وہ بروقت شرکت کریں اور اپنے مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔کھلی کچہری میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان موجود ہوں گے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 2644/2025
تربت 19 اپریل 2025:کمشنر مکران کے احکامات پر جعلی رزلٹ کارڈ جمع کروانے والے امیدواروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حالیہ سی آر سی(CRC) اجلاس میں مکران ڈویژن کے اضلاع کیچ، گوادر اور پنجگور سے ایس بی کے (SBK) کے تحت بھرتی ہونے والے امیدواروں کے اصل تعلیمی دستاویزات کی جانچ کی گئی ضلع کیچ کے امیدوار 15 اور 17 اپریل کو جبکہ گوادر اور پنجگور کے امیدوار 16 اپریل کو کمشنر آفس میں پیش ہوئے۔ اس دوران ایک امیدوار کو جعلی رزلٹ کارڈ جمع کروانے پر گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ ایک اور امیدوار کی مشتبہ سند کی مزید چھان بین جاری ہے کمشنر مکران داؤد خان خلیجی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ، صابر علی بلوچ کی نگرانی میں فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر دشت، شیرجان ابراہیم نے پولیس تھانہ تربت میں ایف آئی آر کی درخواست جمع کرائی ڈی ای او صابر علی بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ عارضی آسامیوں کے لیے جعلی اسناد جمع کروانے والے امیدواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور ایسے افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2645/2025
چمن 19اپریل:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی احکامات پر ضلعی انتظامیہ چمن نے ضلع میں ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے ڈی سی چمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ اموات اور خلق خدا کو زخمی اور انگنت نقصانات کا سبب بن رہا ہے انہوں نے کہا ہے کہ عوامی تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات اور ذمہداریوں میں شامل ہے انہوں نے ضلع چمن کے تمام عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ہوائی اور ہر قسم کی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی اور ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے ضلع میں امن وامان کی خاطر عوام سے بھرپور تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی پاسداری سے اور قانون پر عمل پیرا ہونے سے حادثات میں کمی اور محفوظ ماحول بنانے میں مددگار اور معاون ثابت ہو گا۔
خبرنامہ نمبر 2646/2025
تربت19 اپریل2025: ضلع کیچ میں متاثرہ افراد کے لیے پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریلیف سامان کی تقسیم کا آغاز کردیا ہے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے (PDMA) نے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات اور دیگر وجوہات کی بنا پر بے گھر ہونے والے افراد میں ریلیف سامان کی فراہمی شروع کر دی ہے۔اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کیچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی کی نگرانی میں علاقے کیساک کے متاثرین کے لیے خوراک، پانی کے کولر، برتن، بستر، اور دیگر ضروری اشیاء پر مشتمل سامان جمعدار جمیل (انچارج کیساک چیک پوسٹ) کے ذریعے روانہ کیا گیا، جسے منظم انداز میں علاقے میں تقسیم کیا جا رہا ہے ریلیف کی اس فراہمی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے ضلع انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات کو سراہا گیا ہے، اور متاثرہ خاندانوں نے ان امدادی سرگرمیوں کو ایک بڑا ریلیف قرار دیا ہے ضلعی انتظامیہ کیچ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
خبرنامہ 2647/2025کراچی، 19
اپریل:مشیر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور میر اسداللہ خان بلیدی سے ان کے والد سردار زادہ میر بہرام خان بلیدی کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز سینیٹر کہدہ بابر، سابق چیئرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی میر صادق سنجرانی اور سابق ڈی جی نادرا عثمان مبین نے بلیدی ہاؤس کراچی میں فاتحہ خوانی کی اور پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے سردار زادہ میر بہرام خان بلیدی کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔
خبرنامہ نمبر 2648/2025
کراچی 19 اپریل۔سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کراچی میں مشیر حکومت بلوچستان ربابہ بلیدی کی رہائش گاہ پر جا کر انکے والد کے انتقال پر تعزیت کی صادق سنجرانی نے کچھ وقت غمزدہ خاندان کے ساتھ گزرا،سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی مرحوم سینٹر تاج حیدر کے گھر بھی گئے اور سینیٹر تاج حیدر کے اہلخانہ سے انکی وفات پر تعزیت کی اور کہا کہ سینیٹر تاج حیدر کی جمہوری،پارلیمانی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی صادق سنجرانی اور کہدہ بابر نے کچھ وقت غمزدہ خاندان کے ساتھ گزرا۔
خبرنامہ نمبر 2649/2025
قلات19اپریل۔قلات میں گذشتہ روز انسداد پولیو مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ، ایس ایس پی شہزاد اکبر کی خصوصی شرکت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات ڈاکٹر علی اکبر نیچاری و دیگر بھی موجود تھے واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ نے ضلع بھر میں پولیو سے بچاؤ کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں انہوں نے ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی اکبر نیچاری اور محکمہ صحت کے افسران سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو ایک خطرناک اور مہلک مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بنا رہا ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس اہم اقدام میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد بلوچ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم مل کر اس موذی مرض کے خلاف جدوجہد کریں تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل دیا جا سکے انہوں نے مہم کی مؤثر نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ افسران ٹیموں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور اگر کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی سامنے آئے تو اس کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت اصلاح ممکن ہو سکے آخر میں انہوں نے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض نہایت دیانتداری اور خلوص دل سے انجام دیں تاکہ صوبے کو اس مہلک بیماری سے پاک کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے.
خبرنامہ نمبر 2650/2025
نصیرآباد19اپریل:ایگزیکٹو ا نجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد حفیظ الرحمن ہاشمی کی جانب سے عوام کو درپیش پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں نادرا آفس کے قریب میر صادق عمرانی واٹر سپلائی کی چھ انچ پائپ لائن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کے باعث قریبی آبادی کو پانی کی فراہمی متاثر ہو گئی تھی۔ مسئلے کی اطلاع ملتے ہی ایگزیکٹو انجینئر حفیظ الرحمن ہاشمی خود موقع پر پہنچے اور رات گئے تک اپنی نگرانی میں مرمتی کام کو مکمل کروایا انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت پانی کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو،جس کے بعد تکنیکی ٹیم نے مرمت کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا۔مرمت کے بعد اگلے روز صبح سویرے منی واٹر ٹینکرز، گدھا گاڑیوں اور دیگر ذرائع سے قریبی آبادیوں کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر حفیظ الرحمن ہاشمی نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف اور تسلسل سے پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔ علاقے کے مکینوں نے فوری اقدامات اور ذاتی نگرانی پر ایگزیکٹو انجینیئر کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر 2651/2025 زیارت 19 اپریل 2025: الہجرہ ریزیڈنشل اسکول و کالج زیارت کے 21ویں یومِ تاسیس کی پروقار تقریب جناح کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں الہجرہ اسکولز ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برارد عبدالرحمن عثمانی، سردار قاسم خان سارنگزئی، ڈپٹی کمشنر زیارت ذکا اللہ درانی، اساتذہ، والدین، طلباء اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر خوراک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 21واں یومِ تاسیس محض ایک عدد نہیں، بلکہ یہ مسلسل محنت، لگن، اور جدوجہد کی زندہ داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ صرف اینٹوں اور گارے سے بنی ایک عمارت نہیں بلکہ ایک ایسا خاندان ہے جہاں طلباء علم حاصل کرتے ہیں، اقدار اپناتے ہیں، اور زندگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کرتے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم ایک طاقت ہے، اور تعلیم ہی وہ زیور ہے جو انسان کو دنیا میں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔ آپ ہی اس ملک و قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، اس لیے اپنی تعلیم کو سنجیدگی، محنت اور دلجمعی سے جاری رکھیں، اور اپنے اساتذہ کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کا اعتماد اور تعاون اس ادارے کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ادارہ آپ کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا، اور آپ کے مشورے ہمیشہ ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔ اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ اساتذہ اس ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی شب و روز محنت کے بغیر یہ ترقی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ علم کی شمع کو روشن رکھتے ہیں اور طلباء کے دلوں میں آگہی کی روشنی بھرتے ہیں، ان کی شفقت اور خلوص قابلِ تحسین ہے۔ اپنے اختتامی کلمات میں صوبائی وزیر خوراک نے الہجرہ ریزیڈنشل اسکول و کالج زیارت کو شاندار تعلیمی خدمات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ ادارہ علم و آگہی کا گہوارہ بن کر ہمیشہ ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔
خبرنامہ نمبر 2652/2025
کوئٹہ 19 اپریل 2025: پاکستان ادارہ شماریات کے زیر اہتمام چیف سیکرٹری بلوچستان کے کانفرنس ہال میں قیمتوں اور ان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان حافظ عبدالباسط نے کی۔ ورکشاپ میں پاکستان ادارہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر نعیم الظفر (ستارہ امتیاز)، ممبر ادارہ شماریات محمد سرور گوندل (ستارہ امتیاز)، اسلام آباد سے آئے ہوئے متعلقہ افسران، ادارہ شماریات بلوچستان کے سربراہ روح اللہ شاہ، میمونہ بابر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نعیم الظفر نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے حوالے سے ڈیٹا اکٹھا کرنا، اس کا تجزیہ اور استعمال ایک اہم قومی ضرورت ہے۔ ادارہ شماریات، بلوچستان حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ صرف اشیاء کی قیمتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے، اس کی مانیٹرنگ یا کنٹرول کا کام متعلقہ اداروں کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ شماریات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا نظام خودکار (آٹو) ہے، جس کے ذریعے فیلڈ میں موجود نمائندے درست اور شفاف ڈیٹا حاصل کرتے ہیں۔ ان نمائندوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق ادارے کے پاس پاکستان کے تمام اضلاع کا تفصیلی ڈیٹا موجود ہوتا ہے، جسے ضلعی انتظامیہ اپنی منصوبہ بندی میں استعمال کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر نعیم الظفر نے مزید کہا کہ پرائس ڈیٹا کلیکشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے، جو شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ادارہ شماریات نے ملک کے 72 شہروں سے 29 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا ڈیٹا جمع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان، مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے ملک بھر میں سب سے آگے رہا ہے۔ورکشاپ کے اختتام پر محمد سرور گوندل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے حکومتی پالیسی سازی اور مہنگائی کے کنٹرول میں مؤثر مدد مل سکتی ہے
خبرنامہ نمبر 2652/2015کوئٹہ ۔ 19 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایسٹر کے تہوار پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشی، اُمید، ایثار اور نیکی کی فتح کا پیغام لے کر آتا ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام اقلیتوں کے آئینی، سماجی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ہم سب مل کر ہی ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان و پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو مساوات، احترام اور مذہبی آزادی حاصل ہو وزیر اعلیٰ نے ایسٹر کے موقع پر سیکیورٹی اداروں کو عبادت گاہوں اور دیگر تقریبات کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور مکمل تحفظ فراہم کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہےانہوں نے مسیحی برادری کی ترقی، خوشحالی اور ملک و ملت کے استحکام کے لیے نیک تمناؤں اور دعا کا اظہار بھی کیا۔
خبرنامہ نمبر 2653/2015صوبائی وزیر بسردار عبدالرحمن کھیتران نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایسٹر صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ ایک عالمگیر پیغام ہے— اُمید کا، زندگی کی نئی شروعات کا، اور انسانی یکجہتی کا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اقلیتوں کو قومی ترقی کا اہم ستون سمجھتی ہے، اور مسیحی برادری کی خدمات ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔ “تعلیم، صحت، اور سماجی شعبے میں مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی قربانیاں اور ملک سے وفاداری ہمارے معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے،” صوبائی وزیر نے کہا۔لسردار عبدالرحمن کھیتران نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسے مواقع ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے، قریب لانے اور مل کر ایک پُرامن بلوچستان کی تعمیر کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری دُعا ہے کہ یہ ایسٹر ہر گھر میں خوشیاں، امن اور محبت لے کر آئے، اور ہم سب مل کر ایک روشن، مضبوط اور متحد بلوچستان کا خواب شرمندۂ تعبیر کریں۔”