خبرنامہ نمبر 5513/2024
کوئٹہ 18 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا کہنا ہے کہ آج بھی جمہوریت دنیا میں جغرافیائی اور قومی حدود کے باوجود عالمی سطح پر سب سے زیادہ قبول شدہ اور ترجیحی نظام حکومت ہے. جمہوریت کا تصور دراصل عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کے تصور میں پیوست ہے. جمہور کی جمہوریت میں ہی تمام شہریوں کی فعال شرکت، بنیادی حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار اور سماجی انصاف کی پاسداری کو آولیت حاصل ہے لہٰذا یہ جاننا ضروری ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنا کر اور معاشرے کی عظیم اکثریت کی شمولیت کو فروغ دے کر ہم مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کو زیادہ موثر طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشاہدہ سے یہ بات ثابت ہے کہ کثیر القومی ریاستوں اور کثیر الطبقاتی معاشروں میں جمہوریت اپنی امتیازی خصوصیات کی وجہ سے مساوی مواقع اور سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نسبتاً بہتر نظام تصور کیا جاتا ہے. انہوں نے واضح کر دیا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے رویوں کو جمہوری بنانا، عملی زندگی میں جمہوری طرز عمل کو اپنانا اور اختلاف رائے کا احترام کرنا لازمی ہے کیونکہ اپنے قول و فعل کو جمہوری بنانا ایک صحت مند اور تہذیب یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ ایسا کرنے سے، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر کسی کی آواز سنی جائے، دوسروں سے انصاف مانگنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماتحت کو انصاف فراہم بھی کیا جائے اور اجتماعی سطح ہر کسی کو فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لینے کا مساوی موقع ملے. آئیے ہم سب ملکر ایک صحت مند اور استحصال سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے متحد ہو جائیں جہاں ہر کسی کو آگے بڑھنے اور اپنی ذات کا اظہار کرنے کے یکساں مواقع اور سہولیات میسر ہوں.
خبرنامہ نمبر 5514/2024
کوئٹہ 18 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل آج بروز بدھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سابق صوبائی وزیر سردار سرفراز خان ڈومکی مرحوم کی تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے ضلع سبی کی تحصیل لہڑی چلے گئے. گورنر کے ہمراہ سینیٹ آف پاکستان کے سابق چیئرمین اور صوبائی اسمبلی کے رکن صادق سنجرانی، حاجی برکت رند اور زرک خان مندوخیل تھے. ڈسٹرکٹ سبی پہنچنے پر گورنر جعفرخان مندوخیل غمزدہ لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے مرحوم کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحوم سردار سرفراز خان ڈومکی کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی.
خبرنامہ نمبر 5515/2024
نصیرآباد۔۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ نے آج ڈیرہ مراد جمالی میں اوچ پاور پلانٹ کی جانب سے مفاد عامہ میں جاری امور کے حوالے سے اوچ پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر ایڈمن آفیسر اوچ پاور پلانٹ طارق جمالی نے ان کا استقبال کیا اور عوام کے مفاد میں کئے گئے امور کے متعلق تفصیل سے آگاہی فراہم کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے پی اے منظور شیرازی اور اختر منگی بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ نے اوچ پاور پلانٹ کی جانب سے مفاد عامہ میں کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹراما سینٹر طبی سہولیات کی فراہمی میں معاونت سمیت دیگر امور میں جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ خوش آئندہ ہیں نصیر آباد کی عوام آج بھی اوچ پاور پلانٹ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے مستفید ہورہی ہے مگر ضروری ہے کہ ٹراما سینٹر کی تزئین و آرائش سمیت دیگر ایکسرے مشینری کو فعال بنانے ایل آر بی ٹی یونٹ کو دورباہ فنگشنل کرنے سپورٹس کی سرگرمیوں کی بحالی شہر میں اسٹریٹ لائٹس لگانے اور بنائے گئے ویٹنگ سینٹرز پر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اس کے علاواہ تعلیمی امور میں بھی معاونت کی اشد ضرورت ہے جس پر اوچ پاور پلانٹ کے ایڈمن آفیسر طارق جمالی نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ جن مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ حکام بالا سے اس بابت ضرور بات کی جائے گی اور بہت جلد ڈیرہ مراد جمالی میں ایل آر بی ٹی یونٹ کو پھر سے فعال کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو بینائی کے حوالے سے جو مشکلات درپیش ہیں ان کا تدارک کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5516/2024
نصیرآباد۔۔کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان نے ضلع نصیر آباد میں محکمہ مواصلات و تعمیرات روڈز کے جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے تمام منصوبوں کا باریک بینی کے ساتھ معائنہ کیا انہوں نے بلیک ٹاپ روڈز گوٹھ محمد خان بگٹی محمد عمر بگٹی تا گنہوربگٹی لمبائی 4.5کلو میٹر۔بلیک ٹاپ روڈ لیاقت عمرانی تا ہیرو بگٹی 2.5کلو میٹر بلیک ٹاپ روڈ بابو خیر اللہ جتک1.5کلو میٹر۔بلیک ٹاپ روڈ ٹیمپل شاخ گوٹھ ٹلن عمرانی تا گوٹھ پرل عمرانی 3کلومیٹر بلیک ٹاپ روڈ امام داد لوہر 2.4کلومیٹر بلیک ٹاپ روڈ این 65 تا ٹول پلازہ باری شاخ بلیک ٹاپ روڈ میر حسن تا ڈیرہ مراد جمالی 15 کلومیٹر بلیک ٹاپ روڈ ربی ٹو تا پرکانی پل 11 کلومیٹر سمیت دیگر منصوبوں کا دورہ کیا ایگزیکٹو انجنیئر روڈ عبدالرحمن کاکڑ نے تمام زیر تعمیر اور مکمل ہونے والے منصوبوں کے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی اس موقع پر سب ڈویژن آفیسر نادر علی پہنور سب انجنیئرز اصغر علی چنہ خالد علی عمرانی ارشاد علی عمرانی و دیگر گورنمنٹ کنٹریکٹرز سرفراز خان بگٹی حاجی کریم لہڑی سونو کمار اور محسن رخشانی بھی موجود تھے۔ کمشنر معین الرحمن خان نے کہا کہ مکمل ھونے والے منصوبوں کے تعمیراتی امور میں کافی کمی بیشی سامنے آئیں ہیں جسے بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے اس موقع پر انہوں نے انجنیئرز کو ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ جب تک سامنے آنے والی کمی بیشی کو دور نہ کیا جائے پی سی ون کے مطابق ان منصوبوں کی تعمیر نہ کی جائے اس وقت تک سیکورٹی میں رکھی گئی رقم کو جاری نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ انجنئیرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق تکمیل مدت تک مکمل کروانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں روڈز کے تعمیرات کے وقت کوشش کی جائے کہ روڈز کی لیونگ پر اپنی ا نجنیئرنگ کی مہارت کو خاطر ملحوظ رکھ کر مکمل کروائیں تاکہ بارشوں کے ایام میں پانی روڈ پر کھڑا نہ رہے جس سے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں اس وقت کئی مقامات پر بارشوں کی وجہ سے روڈز کو نقصان پہنچا ہے جسے فوری طور پر تعمیر و مرمت کا کام شروع کریں تاکہ مزید روڈ کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ تمام روڈز کو پی سی ون کے مطابق تعمیر کروایا جائے شولڈرز کے کاموں پر خصوصی توجہ دیں غیر معیاری کام نہ صرف عوام کے لیے نقصان دہ عمل ہے بلکہ یہ انجینئرز کی کارکردگی کو بھی متاثر کرسکتا ہے ڈویژنل انتظامیہ کی بھرپور کوشش رہے گی کہ عوام کے مفاد عامہ میں جاری ترقیاتی امور کی بار بار نگرانی کی جائے تاکہ منصوبے معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں جس کے لیے ضروری ہے کہ انجنیئرز اپنی نگرانی میں تعمیراتی کام کروائیں ٹھیکیداروں کی جانب سے سامنے آنے والی کمی کوتاہیوں کو بروقت دور کیا جائے غیر معیاری تعمیراتی عمل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 5517/2024
کوئٹہ 18ستمبر۔کاسی روڈ پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے کے خلاف میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کرکے قبضہ چھڑا لیا۔کمشنر کوئٹہ ڈیویژن/ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات کے خصوصی احکامات پر کانسی روڈ پر واقع میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سرکاری کوارٹر پر قبضہ چھڑانے کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) وقار کاکڑ کی سربراہی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے اسٹیٹ آفیسر ذوالفقار علی، ٹیکسیشن آفیسر رمضان شاہ، اینٹی انکروچمنٹ انچارچ علی رضا درانی، ٹیکس سپرنٹنڈنٹ شاہد علی، سپیشل مجسٹریٹ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کے ہمراہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی اراضی سے قبضہ ختم کروا کر قبضہ میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیاگیا اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو)وقار کاکڑ کو انکوائری افیسر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ کمشنر کوئٹہ ڈیویژن/ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ملازمین جن کی ملی بھگت سے قبضہ گروپ کے حوالے کیا تھا کے ان کے خلاف بھی انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔سرکاری اراضی اور املاک پر قبضہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 5518/2024
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے دارالعلوم سیکنڈری پبلک اسکول اور مدرسہ جامع اسلامیہ مطلع العلوم کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے تعلیمی معیار اور تدریسی طریقہ کار کاتفصیلی جائزہ لیا۔دارالعلوم سیکنڈری پبلک اسکول کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے تعلیمی ماحول، کلاس رومز، اور ریڈنگ کلچر کا بغور مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء کی محنت کی تعریف کی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر کا واضح پروگرام ہے کہ ضلع بھر میں کوئی بھی اسکول اساتذہ کی کمی کی وجہ سے بند یا غیر فعال نہیں ہوگا اور اسکولوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کے اقدامات سے بہت سے غیر فعال اسکول دوبارہ فعال ہو چکے ہیں۔مدرسہ جامع اسلامیہ مطلع العلوم کے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے زیر تعلیم بچوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے مدرسہ کے منتظمین اور طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ہر بچے کو تعلیم کا حق ہے، اور اس حق کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر عبدالحمید انقلابی بھی موجود تھے، جن کی خدمات اور کارکردگی کو ڈپٹی کمشنر نے سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا، تاکہ ضلع میں تعلیم کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5519/2024
گوادر/پسنی، 18 ستمبر 2024: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی احکامات اور تعاون سے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ قدیر لقمان کی کوششوں سے، پسنی کے سوشل ویلفیئر آفس کے لیے عارضی طور پر ایک سرکاری عمارت فراہم کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر آفیسر پسنی (خواتین) لیلیٰ دوستین اور (میل) تصدق اسلم کے ساتھ سینئر اسٹاف برکت بلوچ بھی موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر قدیر لقمان اور ان کی ٹیم نے خصوصی طور پر ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ کا شکریہ ادا کیا، جن کی معاونت سے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے پسنی میں ایک عمارت سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے حوالے کی۔ اس عمارت میں جلد ہی تکنیکی اور ووکیشنل کلاسز کا آغاز کیا جائے گا، جن میں سلائی کڑھائی، بیوٹیشن، دستکاری اور دیگر ہنر سکھائے جائیں گے۔اس اقدام سے نہ صرف مقامی کمیونٹی کو نئی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا، بلکہ معاشرتی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی یہ مشترکہ کوششیں پسنی میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولیں گی۔